تعدد طرق کا ایراد جس طرح حدیث کی قوت و صحت کے اظہار اور تائید و تقویت کے لئے ہوتا ہے اسی طرح کبھی حدیث کے معلّل اور ضعیف ہونے کو ظاہر کرنے کے لئے بھی طرق متعددہ وارد کئے جاتے ہیں، جیسا کہ سننِ نسائی میں امام نسائی رحمۃ اللہ علیہ نے کیا ہے امام نسائی نے عللِ حدیث کو واضح کرنے کے لئے طرق متعددہ وارد کئے ہیں جس حدیث میں وہ کوئی علت انقطاع یا ارسال یا کسی قسم کا اضطراب و اختلاف پاتے ہیں تو وہ اسے ظاہر کرنے کے لئے اس حدیث کے طرق متعددہ وارد کردیتے ہیں جن سے وہ علل خفیہ ظاہر ہوجاتے ہیں۔ حدیث شراحہ ’’عن الشعبی عن علی‘‘ بھی اسی قبیل سے ہے اس میں علت انقطاع پائی جاتی ہے اس کے دیگر طرق متعددہ میں بھی وہم و غلط موجود ہے اس لئے اس کی متعدد اسانید اس کے لئے موجب تقویت نہیں ہوسکتیں۔ اس کی علتِ انقطاع وضعف بہر صورت ظاہر ہے لہٰذا اصولِ محدثین کے مطابق وہ قابلِ استدلال نہیں۔ روایت ’’شعبی عن علی‘‘ کے بارے میں ہماری یہ تمام گفتگو محدثین کے قواعد موضوعہ کی بنیاد پر تھی لیکن محققین، محدثین و ائمۂ مجتہدین کے مطابق ہمارا مسلک یہی ہے کہ حدیثِ شراحہ (بروایۃ شعبی عن علی) ثابت ہے لیکن اس کے باوجود ’’جمع بین الجلد والرجم‘‘ پر اس سے استدلال ضعف سے خالی نہیں اس لئے کہ یہاں اس امر کا احتمال ہے کہ حضرت علی کرم اللہ وجہ الکریم نے شراحہ کو بحکم کتاب اللہ اس لئے کوڑے مارے ہوں کہ انہیں اس کے محصنہ ہونے کا علم نہ تھا اس کے بعد جب انہیں علم ہوا کہ یہ محصنہ ہے تو بحکمِ سنت ِ رسول اللہﷺ اُسے رجم فرمایا۔ اس کی نظیر ایک حدیث میں ہے جسے ابوداؤد نے اپنی سنن میں حضرت جابر سے روایت کیا کہ رسول اللہﷺ نے ایک شخص مستوجب حد کو سو کوڑے مارے پھر حضورﷺ کو خبر دی گئی کہ یہ محصن (شادی شدہ) ہے تو حضورﷺ نے اسے رجم کا حکم دیا۔ (سنن ابی داؤد ص ۶۰۹) اس مقام پر یہ شبہ وارد کرنا صحیح نہیں کہ کوڑے مارنے میں رسول اللہﷺ سے ایسی خطا ہوئی کہ اس کا ازالہ بھی نہ ہوسکا۔ کیونکہ یہ ہوسکتا ہے کہ مستوجب حد نے اپنے محصن ہونے کا اظہار نہ کیا ہو اور اس سے پہلے کہ اس کے محصن ہونے کی خبر حضور کو دی جائے، وحی خفی کے ذریعہ اُسے کوڑے مارنے پر من جانب اللہ حضور مامور ہوگئے ہوں اور اس میں یہ حکمت ہو کہ آئندہ اس قسم کا کوئی واقعہ پیش آئے تو سنت ِ نبویہ میں اس کے لئے نمونہ موجود ہو۔ شراحہ کے واقعہ کا اسی نوعیت پر محمول ہونا کسی دلیلِ شرعی کے خلاف نہیں۔ اس احتمال ناشی عن الدلیل کے ہوتے ہوئے جمع بین الجلد والرجم کا دعویٰ اس سے ثابت کرنا یقینا ضعیف ہے۔

تیسرا اختلاف: منکرین رجم کی پانچویں بنیاد کے ضمن میں تیسرا اختلاف یہ مذکور ہوا کہ کچھ لوگ یہ کہتے ہیں کہ ثیب شیخ زانی کے لئے جلد اور رجم دونوں سزائیں ہیں اور ثیب، یعنی جوان شادی شدہ کیلئے صرف رجم ہے جلد نہیں۔ میں عرض کروں گا کہ اس قول کی کوئی دلیل کتاب اللہ میں ہے، نہ سنت رسول اللہﷺ میں۔ اسی لئے علامہ نووی نے اس کے متعلق کہا ’’وہذا مذہب باطل لا اصل لہ‘‘ یعنی یہ مذہب (کتاب اللہ و سنت رسول اللہ کی روشنی میں) باطل ہے اس کی کوئی اصل نہیں۔ (نووی علی مسلم جلد ۲ ص ۶۵) چوتھا اختلاف اس ضمن میں شرائط احصان سے متعلق مذکور ہوا جس کا خلاصہ حسب ذیل ہے۔ ’’احصانِ رجم‘‘ کی سات شرطیں متقدمین علمائے احناف نے بیان کیں۔ عقل؍۱، بلوغ ؍۲، حریت ؍۳، نکاح ؍۴، پھر نکاح صحیح ساتھ دخول ؍۵ اور صفتِ احصان میں زوجین کا ایک دوسرے کے مثل ؍۶ ہونا اور اسلام ؍۷ (المبسوط شمس الائمہ سرخسی جلد ۵، ص ۳۹) و (فتح القدیر جلد ۵ ص ۲۲) یہاں متاخرین کا قول یہ ہے کہ خاص احصان کے لئے صرف دو شرطیں ہیں اسلام اور نکاح صحیح کے ساتھ ایسی عورت کے ساتھ دخول جو اس کی مثل ہو۔ عقل اور بلوغ کو علی الخصوص احصان کی شرط قرار نہیں دیتے بلکہ یہ دونوں صفتیں ان کے نزدیک عقوبتِ رجم کی اہلیت کے لئے شرط ہیں اور حریت کو وہ تکمیل عقوبت کی شرط مانتے ہیں۔ اسلام کی شرط میں مالکیہ حنفیہ کے ساتھ متفق ہیں اسی طرح عطا، نخعی، شعبی، مجاہد اور سفیان ثوری سب کے نزدیک احصانِ رجم کے لئے اسلام شرط ہے۔ امام ابویوسف، امام شافعی اور امام احمد بن حنبل، احصانِ رجم کے لئے اسلام کو شرط قرار نہیں دیتے۔ ان حضرات کی دلیل یہ ہے کہ رسول اللہﷺ نے دو یہودیوں کو رجم فرمایا۔ اسلام کو احصان کی شرط قرار دینے والے علماء اس کا یہ جواب دیتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے انہیں بحکم توراۃ رجم فرمایا تھا اور حکم توراۃ کے مطابق رجم کے لئے احصان شرط نہ تھا۔ ان علماء کی دلیل حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کی یہ حدیث ہے ’’من اشرک باللّٰہ فلیس بمحصن‘‘ (نصب الرایہ جلد ۳ ص ۴۲۷) یہ حدیث مرفوعاً اور موقوفاً دونوں طرح روایت کی گئی ہے۔ اس حدیث کو اسحق بن راہویہ نے اپنی مسند میں روایت کیا اور دارقطنی نے بھی روایت کیا اور یہ کہا کہ اس کا موقوف ہونا اصح ہے۔ اس حدیث سے اسلام کو احصان کے لئے ضروری قرار دینے والے علماء کی تائید ہوتی ہے اور یہی قول درست معلوم ہوتا ہے اس کے علاوہ احناف کے نزدیک شرائط احصان میں زوجین کی تساوی بھی ضروری ہے جس پر حسبِ ذیل احادیث سے وہ استدلال کرتے ہیں۔ ’’قال رسول اللہﷺ لا تحصن المسلم الیہودیۃ ولا النصرانیۃ ولا الحرالامۃ ولا الحرۃ العبد‘‘ یعنی یہودی یا نصرانی عورت اور اسی طرح باندی کسی مسلمان آزاد کے نکاح میں آجانے سے اُسے محصن نہیں بناتی اسی طرح (مسلمان) آزاد عورت غلام سے نکاح کرے تو وہ غلام اسے محصنہ نہیں بناتا۔ رسول اللہﷺ نے حضرت ابی بن کعب کو فرمایا تم یہودیہ سے نکاح نہ کرو وہ تمہیں محصن نہیں بناسکتی۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے حذیفہ بن یمان سے فرمایا۔ یہودیہ کو چھوڑو یعنی اس سے نکاح نہ کرو وہ تمہیں محصن نہیں بناسکتی۔ حسن بصری نے فرمایا۔ باندی آزاد مرد کو محصن نہیں بناسکتی۔ یہ تمام احادیث جن میں بعض مرفوع ہیں بعض موقوف اور بعض مقطوع، متعدد محدثین نے روایت کیں مثلاً ابوداؤد (فی المراسیل) ابن ابی شیبہ (فی المصنف) طبرانی (فی المعجم) دار قطنی (فی السنن) بیہقی (فی المعرفۃ) ابن عدی(فی الکامل) وغیرہم۔ شمس الائمہ سرخسی نے (مبسوط جلد ۹ ص ۴۱) اور حافظ زیلعی نے (نصب الرایہ جلد ۳ ص ۴۲۸) پرنقل کیا اور اجلہ ائمۂ احناف نے ان سے استدلال کیا۔ یہ سب احادیث ’’احصانِ رجم‘‘ میں تساوی زوجین کی مثبت ہیں جن صورتوں میں یہ تساوی منفی ہوگی۔ وہاں۔ ۱۔ رجم کا اثبات نہ ہوسکے گا۔ یہ قول ان تمام احادیث کے عین مطابق ہے جن میں رسول اللہﷺ نے حکم فرمایا ’’ادرؤا الحدود عن المسلمین ما استطعتم فان کان لہ مخرج فخلوا سبیلہ فان الامام ان یخطی فی العفو خیر من ان یخطی فی العقوبۃ (ترمذی جلد اول ۱۷۱ و مستدرک حاکم جلد ۴ ص ۳۸۴) اس حدیث کا خلاصہ یہ ہے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے ارشاد فرمایا کہ مسلمانوں سے حدود کو دفع کرو جہاں تک تم طاقت رکھتے ہو اگر ان کے لئے کوئی نکلنے کا موقع ہو تو تم اس کا راستہ چھوڑ دو یعنی حد نہ لگاؤ کیوں کہ امام کا معاف کردینے میں خطا کرنا اس سے بہتر ہے کہ وہ سزا دینے میں خطا کرے۔ (۲) حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا ادفعوا الحدود ما وجدتم لہا مدفعا: دفع کرو حدود کو جب تک تم ان کو دفع کرنے کا موقع پاؤ۔ (۳) حضرت علی کرم اللہ وجہہ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا ادرؤا الحدود بالشبہات شبہات کی وجہ سے حدود کو دفع کرو۔ (۴) عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے فرمایا ادرؤا الحدود بالشبہات ادفعواالقتلعن المسلمین مااستطعتم انتہیٰ (نیل الاوطار جلد ۷، ص ۱۱۰) یعنی شبہات کی وجہ سے حدود کو دفع کرو جہاں تک تم سے ہوسکے مسلمانوں سے قتل کو دفع کرو۔ (۵) حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے فرمایا لئن اخطی فی الحدود بالشبہات احب الی من ان اقیمہا بالشبہات (رواہ ابن شیبہ) اگر شبہات کی وجہ سے حد نہ لگانے میں مجھ سے خطا ہوجائے تو یہ میرے نزدیک اس سے بہتر ہے کہ شبہات کے ساتھ میں کسی پر حد قائم کردوں۔ احصان کے ضمن میں اسلام اور تساوی زوجین کے قول کی تائید کے لئے جو احادیث منقول ہوئیں اور شبہات کی وجہ سے حتی الامکان مسلمانوں سے حدود دفع کرنے میں جو احادیث نقل کی گئیں ان کی بعض اسانید میں ضعف و انقطاع یا ارسال کے ساتھ کلام کیا گیا لیکن سنت مشہورہ اور تعامل مومنین سے ان کے مضمون کی تائید ہوتی ہے اس لئے ان سے استدلال و احتجاج اہل علم و تحقیق کے نزدیک صحیح ہے۔ کسی خبر واحد کی سند کے صحیح یا ضعیف ہونے پر فی الواقع اس کے ثبوت یا عدم ثبوت کا قطعی حکم آج تک کسی محدث نے نہیں لگایا کیوں کہ ثقہ بلکہ اوثق سے بھی غیر صحیح اور غیر ثابت قول کا صادر ہوجانا ممکن ہے اسی طرح غیر ثقہ بلکہ متہم بالکذب سے بھی قول صحیح اور ثابت کا صدور محال نہیں (دیکھیئے شرح الفیہ للعراقی ج ۱ ص ۱۵) محدثین کے قواعدِ موضوعہ صحت و ضعف کا معیار ضرور ہیں مگر وہ معیار ظنی ہے قطعی نہیں اور اس کی بنیاد بھی علمائے محدثین و محققین پر صرف اعتماد ہے اس لئے کہ لائق اعتماد علماء کا قول اور ان کا تعامل یکسر نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ احادیث منقولہ بالا کا مضمون صحیح بخاری کی حسبِ ذیل حدیث کی روشنی میں ملاحظہ فرمائیں۔ حضرت ماعز بن مالک اسلمی کا واقعہ بروایت ابی ہریرہ مرفوعاً امام بخاری نے اپنی صحیح میں روایت کیا جس کا خلاصہ یہ ہے کہ حضرت ماعز بن مالک نے مسجد نبوی میں حضورﷺ کے سامنے آکر بلند آواز سے ’’انی زنیت‘‘ (بے شک میں نے زِنا کیا) رسول اللہﷺ نے اپنا چہرہ مبارک ان سے پھیر لیا۔ اس قصہ کی روایت کو حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ نے طرق متعددہ کثیرہ سے اصحاب طرق کے حوالے سے وارد کیا اور سب کی زیادات کو ترتیب وار جمع کرلیا۔ علامہ ابن حجر فرماتے ہیں۔ ماعز بن مالک نے چار مرتبہ اپنے نفس پر شہادت دی اور رسول اللہﷺ نے ہر مرتبہ ان سے اعراض فرمایا اور ہر بار انہیں واپس کیا۔ حضورﷺ نے ان سے ایسے سوالات فرمائے جو اس بات کی روشن دلیل ہیں کہ حضورﷺ نے اس بات کی پوری کوشش فرمائی کہ کسی شبہ کی بناء پر حد رجم کو ان سے دفع کردیا جائے مثلاً حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے دریافت فرمایا کیا تجھے جنون ہے؟ انہوں نے عرض کیا نہیں۔ حضورﷺ نے ان کی قوم کے لوگوں سے تحقیق فرمائی کہ انہیں جنون ہے یا نہیں؟ حافظ ابن حجر کے مطابق اس کا مقصد یہی تھا کہ اگر یہ کہہ دیا جائے کہ انہیں جنون ہے تو ان سے حد کو دفع کردیا جائے۔ حافظ ابن حجر نے قاضی عیاض کا قول نقل کرتے ہوئے کہا کہ حضورﷺ کا یہ سوال اس لئے بھی ہوسکتا ہے کہ اس سوال کے بعد شاید وہ اپنے اقرارِ گناہ سے رجوع کرلیں اور ان کے رجوع کو قبول کرکے رجم کی حد ان سے دفع کردی جائے۔ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ان سے پوچھا کہ کیا مُحصن یعنی شادہ شدہ ہے؟ انہوں نے عرض کی ہاں۔ اس سوال کا مقصد بھی یہی تھا کہ اگر وہ غیر شادی شدہ ہوتے تو ان کی حد سو کوڑے تھی اور رجم ان کی سزا نہ تھی۔ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے پوچھا کہ کیا تونے شراب پی تھی؟ عرض کیا نہیں۔ یہ سوال بھی اس لئے تھا کہ ممکن ہے انہوں نے شراب کے نشے میں زِنا کا اقرار کرلیا ہو اور فی الواقع اُن سے یہ فعل سرزد نہ ہوا ہو۔ پھر حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اُن سے فرمایا کہ شاید تونے اسے چوما ہو اور دبوچا ہو اور اسی کو تو نے (لفظ زِنا سے تعبیر کرتے ہوئے) ’’زنیت‘‘ کہہ دیا ہو؟ حالانکہ اس پر حد نہیں انہوں نے عرض کیا نہیں۔ اس کے بعد حضورﷺ نے ان سے اور بھی اسی قسم کے اہم سوالات فرمائے جن کا مقصد صرف یہی ہوسکتا ہے کہ ان سے اس جرم کے صدور میں کوئی ادنیٰ شبہ بھی نکل آئے تو اس کی بناء پر ان سے حد رجم کو دفع کردیا جائے۔ ان سوالات کے بعد بھی جب کوئی شبہ نہ نکلا تو حضور علیہ الصلٰوۃ والسلام نے ان سے پوچھا ’’اتدری مالزناء‘‘ کیا تم جانتے ہو زِنا کیا ہے؟ انہوں نے عرض کیا ہاں میں جانتا ہوں (حضور!) میں نے اس سے وہ حرام کام کیا جو کوئی شخص اپنی بیوی سے حلال کام کرتا ہے۔ اس سوال کا مقصد بھی یہی تھا کہ اگر وہ یہ کہہ دیتے کہ حرمت زِنا کا مجھے علم نہیں تب بھی ان کی جان بچانے کا راستہ نکل سکتا تھا جب یہ شبہ بھی باقی نہ رہا اور انہیں رجم سے بچانے کی کوئی سبیل باقی نہ رہی تو حضور علیہ الصلٰوۃ والسلام نے انہیں رجم کرنے کا حکم دے دیا اور انہیں رجم کردیا گیا۔ لیکن اس سوال و جواب، تفتیش و تحقیق، اعراض و تردید، تعریض و تلقین اور رجوع عن الاقرار کا موقع اسی وقت تک ہے جب تک کہ شبہات کا احتمال باقی رہے اور جب یہ احتمال منقطع ہوگیا اور کسی شبہ کی کوئی گنجائش باقی نہ رہی تو امام کے لئے قطعاً جائز نہیں کہ وہ حد قائم کرنے میں بلا وجہ شرعی تامل کرے۔ اس پر فرض ہے کہ بلا تامل حد قائم کردے۔ جیسا کہ اس حدیث میں صراحۃً موجود ہے۔ فرجم: بلا تاخیر حضورﷺ نے انہیں رجم فرمادیا یا اسی وقت انہیں رجم کرنے کا حکم دے دیا اور وہ رجم کردیئے گئے۔ بہر نوع شبہات کا احتمال منقطع ہونے سے پہلے شبہات کا تجسس اور تحقیق و تثبیت کا ضروری ہونا، اور اگر کوئی شبہ سامنے آجائے اور دور نہ ہوسکے تو اس کی بناء پر حد کو دفع کردینا کسی واقعی شبہ کے ہوتے ہوئے حد کو دفع کرنے کی کوشش کرنا، سنت مشہورہ کی روشنی میں بالکل واضح ہوگیا۔ اسی حقیقت کو واضح کرنے کے لئے اس مقام پر حافظ ابن حجر فرماتے ہیں کہ اس واقعہ میں انہیں بار بار لوٹانے کا جو ذِکر وارد ہوا ہے اس میں انہیں اقرارِ زِنا سے رجوع کرنے کا اشارہ فرمایا گیا اور اس بات کا اشارہ بھی کیا گیا کہ اگر وہ اکراہ کا دعویٰ کریں یا زِنا کے معنی بتانے میں ان سے کوئی خطا واقع ہوجائے تو ان کی بات قبول کرلی جائے گی اور حد رجم ان سے دفع ہوسکے گی۔ آخر میں اس حدیث سے احکام کا استنباط کرتے ہوئے حافظ ابن حجر نے بہت سے ا حکام کا ذِکر فرمایا۔ مثلاً (۱) یہ کہ اس حدیث سے ثابت ہوا کہ مسلمان کو جان سے مارنے کے لئے ایسا ثبوت ضروری ہے جو ہر قسم کے شبہات سے پاک ہو۔ (۲) مسلمان کی جان بچانے میں پوری کوشش کرنا۔ (۳) انہیں بار بار لوٹانا، اقرارِ زِنا سے رجوع کی طرف اشارہ تھا اور اس بات کی طرف بھی اشارہ تھا کہ اگر وہ اکراہ کا عویٰ کریں یا زِنا کے معنیٰ سمجھنے میں خطاء کے مدعی ہوں یا عورت کی شرمگاہ کے سوا مباشرت کا دعویٰ کریں یا اس کے علاوہ کوئی اور ایسی بات کہیں جس سے حد دفع ہوسکے تورجم کی سزا ان سے دفع کی جاسکتی ہے۔ (۴) ماعز بن مالک جیسے شخص سے امام کا منہ پھیرنا لینا درست ہے جس کا اقرار شبہات کا احتمامل رکھتا ہے۔ (۵) زِنا کا اقرار کرنے والے سے تصریح کے بغیر اشارہ کرنا کہ وہ اپنے اقرار سے رجوع کرلے۔ (۶) امام کے لئے جائز ہے کہ موجب حد جرم کااقرار کرنے والے کو ایسی تلقین کرے جس سے اس کی حد دفع ہوجائے۔ بخوف طوالت ہم نے اختصار سے کام لیا ہے تاہم سنت ِ مشہورہ کی چند جھلکیاں جو بطورِ نمونہ ہم نے پیش کی ہیں ان سے یہ حقیقت اچھی طرح روشن ہوگئی کہ مسلمان سے شبہات کی بناء پر حدود کو دفع کرنے کی جو احادیث ہم وارد کرچکے ہیں، ان کی سندوں میں کسی نے کیسا ہی کلام کیوں نہ کیا ہو، مگر سنت ِ نبوی کی روشنی میں ان کا انکار نہیں کیا جاسکتا۔ فقہا و محدثین، ائمہ دین سب کا قول یہی ہے کہ ا مام ابن ہمام نے فتح القدیر میں فرمایا ولا شک ان ہذا الحکم وہودرء الحد مجمع علیہ الخ (فتح القدیر جلد ۵ ص ۷) یعنی اس میں شک نہیں کہ حد دفع کرنے کا یہ حکم مجمع علیہ ہے جس پر سب علماء امت متفق ہیں۔ مختصر یہ کہ عدم تساوی زوجین کی مذکورہ صورتوں میں ایجابِ رجم کے قائلین کا متعلقہ احادیث کو یکسر نظر انداز کردینا بعید عن الصواب ہے۔ اس کے برعکس امام ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کا ان احادیث کے مطابق ’’عدم تحقق احصان کی بنیاد پر ’’نفی رجم‘‘ کا قول اختیار فرمانا حدیث ’’ادرؤا الحدود عن المسلمین مااستطعتم‘‘ اور سنت مشہورہ میں اسی ضمن کی روشنی میں کمال حزم و احتیاط پر مبنی ہونے کے باعث اقرب الی الصواب بلکہ عین صواب معلوم ہوتا ہے۔ اور اس قول سے مسائل دینیہ و احکامِ فقہیہ کے استنباط میں امام ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کی انتہائی بالغ نظری اور کتاب و سنت کے علوم میں اعلیٰ درجہ کی بصیرت تامہ پر روشنی پڑتی ہے۔ وللّٰہ الحجۃ السامیۃ یہاں تک ہمارا خطاب اسلامی ذہنیت سے تھا اس کے بعد چند باتیں ہم مغربیت زدہ اذہان کو مخاطب کرکے کہنا چاہتے ہیں۔ یہ حضرات کہتے ہیں کہ رجم اور کوڑوں کی سزا نہایت سخت بلکہ وحشت و بربریت کے مترادف ہے جو انسانوں کے لئے زیب نہیں دیتی۔ دوسری بات یہ بھی کہی جاتی ہے کہ ایک ہی جرم کی مختلف سزائیں عقل کے خلاف ہیں یعنی غلام باندی سے یہ جرم سرزد ہوتو اس کی سزا صرف پچاس کوڑے ہیں اور غیر شادی شدہ آزاد کی سزا سو کوڑے ہیں اور شادی شدہ آزاد کی سزا رجم ہے جب تینوں قسم کے مجرموں کا ایک ہی جرم ہے تو سب کے لئے ایک ہی سزا ہونی چاہیے۔ اس کا جواب یہ ہے کہ عقلِ سلیم کا تقاضا یہ ہے کہ سزا میں جرم اور مجرم دونوں کا لحاظ رکھا جائے اور یہ لحاظ شریعت ِ محمدی میں رکھا گیا ہے۔ واقعی رجم اور کوڑوں کی سزا سنگین ہے لیکن اس کا سنگین ہونا جرم کے لحاظ سے ہے۔ یہ وہ جرم ہے جو انسانی عزت و ناموس کو پارہ پارہ کر دیتا ہے جس شخص میں کچھ بھی انسانی غیرت ہوگی، وہ محسوس کرے گا کہ اس جرم کا ارتکاب انسانیت پر ایسی شدید وحشت و بربریت کا مظاہرہ ہے جس کا تصور بھی قابلِ برداشت نہیں، اس لئے اس کی سزا بھی رجم اور کوڑوں کی صورت میں سنگین اور شدید مقرر فرمائی گئی لیکن ساتھ ہی سزا دینے میں کمال احتیاط کو بھی ملحوظ رکھا گیا اور ثبوتِ جرم کے لئے ایسی کڑی شرطیں مقرر کی گئیں کہ جن کے ہوتے ہوئے جرم ثابت ہونے میں کوئی شبہ باقی نہ رہے اور کسی بے گناہ پر یہ سنگین حد جاری نہ ہونے پائے۔ یہ بات بھی پیشِ نظر رہے کہ سزا کا بنیادی مقصد جرائم کا انسداد ہے اگر کسی بھاری جرم کی سزا ہلکی ہو تو سزا کا مقصد پورا نہیں ہوسکتا۔ البتہ اگر سنگین جرائم کی سنگین سزائیں لوگوں کو دی جائیں تو جرائم کا انسداد ہوگا اور معاشرہ برائیوں سے پاک ہوسکے گا۔ رہی دوسری بات کہ ایک ہی جرم کی مختلف سزائیں عقل کے خلاف ہیں تو میں ابھی عرض کرچکا ہوں کہ عقلِ سلیم کے مطابق سزا دینے میں جرم اور مجرموں دونوں کا لحاظ ضروری ہے۔ رجم اور کوڑوں کی صورت میں سنگین سزا جرم کے لحاظ سے مقرر فرمائی گئی اور اس سنگین سزا کی نوعیت یا کمی بیشی کا اختلاف مجرموں کے لحاظ سے رکھا گیا۔ بے شک غلام اور آزاد اور شادی شدہ تینوں سے ا یک ہی جرم سرزد ہوا مگر ہر مجرم کی حیثیت دوسرے سے مختلف ہے۔ اس لئے ان کی سزا میں نوعیت یا کمی بیشی کا تفاوت رکھا گیا۔ ہر شخص جانتا ہے کہ غلام اپنے مالک کے سامنے بے اختیار ہونے کی وجہ سے اپنی اصلاح حال کے لئے ساز گار ماحول نہیں پاتا۔ غلامی کی قید اس کے لئے مانع رہتی ہے اور برے کام اس کی عادت بن جاتے ہیں اس بناء پر اس کے لئے برائی سے بچنا دشوار ہوجاتا ہے لہٰذا اس کی سزا آزاد شخص کی سزا سے نصف یعنی پچاس کوڑے مقرر ہوئے۔ بخلاف کنوارے آزاد خود مختار انسان کے جو غلامی کی قید میں مقید نہیں تعلیم و تربیت اور تہذیب و اخلاق کے لئے اس کا ماحول ساز گار ہے لیکن اس کے باوجود اس نے اپنے آپ کو حسن خلق اور علم و عمل کی دولت سے محروم رکھا اور سرکشی کی راہ اختیار کرکے بدکاری کا مرتکب ہوا تو اس کا جرم غلام کے مقابلہ میں زیادہ سنگین قرار پائے گا اور اس کی سزا غلام کی سزا سے زیادہ ہوگی۔ اسی بناء پر اس کے لئے سو کوڑے مقرر فرمائے گئے۔ تاہم وہ آزاد، خود مختار انسان ہونے کی وجہ سے ابھی ’’حصن‘‘ نکاح میں نہیں آیا۔ اس لئے اس کا جرم فی نفسہٖ سنگین ہونے کے باوجود اس مسلمان آزاد انسان کے جرم سے ہلکا ہے جو ’’حصن نکاح‘‘ میں داخل ہوکر ’’محصن‘‘ ہوگیا اور شادی شدہ ہونے کے بعد اس نے جرم کا ارتکاب کیا اور وہ سرکشی میں آزاد کنوارے شخص سے بھی آگے نکل گیا۔ اس لئے اسکی سزا رجم قرار پائی جو انتہائی سنگین ہے اور اسی مجرم کے لحاظ سے مقرر کی گئی ہے۔ ایسا شخص معاشرہ کے لئے ناسور کی حیثیت رکھتا ہے جسے ذلیل ترین جرم کی پاداش میں ذلیل و خوار اور سنگسار کرکے ختم کردینا ہی حکمت و مصلحت کے عین مطابق ہے۔ مختصر یہ کہ ہر مجرم کی حیثیت چونکہ مختلف تھی اس لئے ہر ایک کی سزا اس کے حسبِ حال مقرر فرمائی گئی۔ عقلِ سلیم کی روشنی میں عدل و انصاف کا تقاضا یہی تھا جسے شریعتِ اسلامیہ نے پورا کردیا۔

سید احمد سعید کاظمی غفرلہٗ مہتمم جامعہ اسلامیہ عربیہ انوارالعلوم ملتان