نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلیٰ رَسُوْلِہِ الْکَرِیْم ط
رسالہ ’’تدبر‘‘ لاہور نومبر ۱۹۸۱ ء کے بعض صفحات کی فوٹو سٹیٹ کاپی مولانا سید محمود احمد رضوی مدیر ’’رضوان‘‘ نے چند روز قبل مجھے لاہور سے بھیجی ساتھ ہی اس کے جواب کا مطالبہ بھی فرمایا۔ فقیر باوجود علالت اور ضعف شدید کے تدریس و تالیف کے علمی مشاغل میں شب و روز مصروف ہے اس لئے مذکورہ اوراق پڑھنے کا موقع نہ ملا لیکن مولانا رضوی ممدوح کے مطالبۂ جواب کا خیال آیا تو فقیر نے سطحی نظر سے ان اوراق کو دیکھا اور علامہ رضوی ممدوح کے ارشاد کی تعمیل میں جواب لکھ دیا جو ہدیۂ ناظرین ہے۔ رسالہ ’’تدبر‘‘ کے اوراق مذکورہ میں کسی غیر معروف شخص کا لکھا ہوا مضمون ہے جس کا عنوان ہے ’’رجم کی سزا روایات کی روشنی میں‘‘ جس کے نیچے لکھا ہے (یہ مضمون رجم کی بحث کی وضاحت کے لئے مولانا امین احسن اصلاحی کے ایما سے لکھا گیا ہے۔) صاحبِ مضمون نے ایک ذیلی عنوان قائم کرتے ہوئے لکھا۔ (۱) رجم کا ماخذ سورۂ مائدہ کی آیت محاربہ ہے۔ مضمون نویس لکھتا ہے کہ نبیﷺ کے زمانہ میں جرم زِنا کی سزا کے نفاذ کے بارے میں جو روایات حدیث کی کتابوں میں ملتی ہیں ان سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ نے اس جرم کے مرتکبین میں سے بعض کو رجم کی سزا دی ہے اور بعض کو سو۱۰۰ کوڑے اور جلا وطنی (نفی) کی۔ محض سو کوڑے کی سزا کا تذکرہ عہد رسالت میں رجم کے واقعات سے متعلق کسی روایت میں بھی نہیں ملتا۔ اس وجہ سے یہ سوال فطری طور پر پیدا ہوتا ہے کہ زِنا کے جرم میں سو کوڑے کی سزا اگر سورۂ نور کی آیت جلد کے تحت دی گئی تو اس کے ساتھ ’’نفی‘‘ کی اس سزا کا ماخذ کیا ہے؟ اس سوال کی تحقیق کے لئے جب ہم قرآن کی طرف رجوع کرتے ہیں تو ہمیں اس کے بین الدفتین صرف ایک ہی مقام پر اس سزا کا تذکرہ ملتا ہے اور وہ سورۂ مائدہ کی آیت محاربہ ہے۔ قرآن مجید کے الفاظ یہ ہیں۔ اِنَّمَا جَزٰٓؤُا الَّذِیْنَ یُحَارِبُوْنَ اللّٰہَ وَرَسُوْلَہٗ وَیَسْعَوْنَ فِی الْاَرْضِ فَسَادًا اَنْ یُّقَتَّلُوْآ اَوْ یُصَلَّبُوْآ اَوْ تُقَطَّعَ اَیْدِیْہِمْ وَاَرْجُلُھُمْ مِّنْ خِلاَفٍ اَوْ یُنْفَوْا مِنَ الْاَرْضِ ط (مائدہ پ ۶، ۳۳) ترجمہ: ’’جو لوگ اللہ اور اس کے رسول سے بغاوت کرتے ہیں اور زمین میں اس لئے سرگرم ہیں کہ فساد برپا کریں ان کی سزا تو بس یہ ہے کہ عبرتناک طریقہ سے قتل کردیئے جائیں یا سولی پر لٹکادیئے جائیں یا ان کے ہاتھ پاؤں مخالف سمتوں سے کاٹ ڈالے جائیں یا وہ ملک بدر کردیئے جائیں۔‘‘ اس آیت کی روشنی میں جرمِ زِنا کی سزا کے بارے میں روایات پر غور کیجئے تو یہ بات صاف واضح ہوتی ہے کہ نبیﷺ کے زمانے میں زِنا کے جو مجرم حکومت کی گرفت میں آئے وہ محض زناہی کے مجرم نہیں تھے بلکہ اس کے ساتھ فساد فی الارض اور محاربہ کے مجرم بھی تھے۔ ان میں سے بعض کے شرو فساد کی تفصیلات اگرچہ حدیث کی کتابوں میں بیان نہیں ہوئیں لیکن نفی کی سزا اس بات کا واضح قرینہ ہے کہ ان کے جرم کی نوعیت یہی تھی۔ انتہیٰ مضمون نویس نے یہاں جو فطری سوال اٹھایا ہے کہ زِنا کی سزا میں سو کوڑے کی سزا اگر سورۂ نور کی آیت جلد کے تحت دی گئی تو اس کے ساتھ سال بھر کی جلاوطنی کی سزا کا ماخذ کیا ہے اور اس کی تحقیق میں اس نے آیت محاربہ کے الفاظ ’’اَوْیُنْفَوْا مِنَ الْاَرْضِ‘‘ کو اس کا ماخذ قرار دیا ہے اس فطری سوال کی علت اس کے قول کے مطابق صرف یہ ہے کہ جلاوطنی کے ذِکر کے بغیر محض سو کوڑوں کی سزا بعض روایات میں ملتی ہے تو مضمون نویس کا یہ فطری سوال یقینا غیر فطری ہو کر رہ جائے گا۔ سردست ہم یہ تین حدیثیں ایسی پیش کرتے ہیں جن میں محض سو کوڑوں کی سزا مذکور ہے جلاوطنی کی سزا مذکور نہیں۔ ۱: عن ابن عباس رضی اللّٰہ عنہما ان رجلا من بکر بن لیث اتی النبی ﷺ فاقرانہ زنی بامرأۃ اربع مرات فجلدہ مائۃ وکان بکراثم سئلہ البینۃ علی المرأۃ فقالت کذب واللّٰہ یا رسول اللّٰہ فجلدہ حد الغریۃ (ابوداؤد ص ۶۱۳) ترجمہ: عبداللہ بن بن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ قبیلہ بکر بن لیث کا ایک شخص بارگاہِ نبوت میں حاضر ہوا اور اس نے چار مرتبہ اقرار کیا کہ اس نے ایک عورت سے زِنا کیا ہے تو اس کو سوکوڑے مارے گئے اور وہ غیر شادی شدہ تھا۔ پھر اس عورت کے خلاف گواہ طلب فرمائے تو عورت نے کہا یا رسول اللہ! قسم بخدا اس نے جھوٹ بولا تو حضورﷺ نے اس شخص کو حدقذف کے کوڑے لگوائے۔ (۲) عن سعید بن سعد بن عبادۃ ان سعد بن عبادۃ اتی النبی ﷺ برجل کان فی الحی مخرج سقیم فوجد علی امۃ من امائہم یخبث بہا فقال النبی ﷺ خذوالہ عثکا لافیہ مائۃ شمراخ فاضربوہ ضربۃ (سنن ابن ماجہ ص ۱۸۸ و مشکوٰۃ ۳۱۲) ترجمہ: سعد بن عبادۃ رضی اللہ عنہ حضورﷺ کی خدمت میں ایک ایسے شخص کو لائے جو قبیلہ میں رہتا تھا۔ ناقص الخلقت اور بیمار تھا۔ اہل قبیلہ کی ایک باندی کے ساتھ بدکاری کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔ حضورﷺ نے فرمایا ایک بڑی شاخ لاؤ جس میں سو چھوٹی شاخیں ہوں اور وہ اسے ایک دفعہ مارو۔ ۳: عن سہل بن سعد رضی اللہ عنہ عن النبی ﷺ ان رجلا اتاہ فاقر عندہ انہ زنیٰ بامرأۃ سماہالہ فبعث رسول اللہﷺ الی المرأۃ فسالہا عن ذلک فانکرت ان تکون زنت فجلدہ الحدوترکہا ترجمہ: سہل بن سعد رضی اللہ عنہ رسول اللہﷺ سے روایت کرتے ہیں کہ ایک شخص حضورکی خدمت میں حاضر ہوا اور اس نے اقرار کیا کہ میں نے ایک عورت سے زِنا کیا اور حضور کے سامنے اس عورت کا نام بھی لیا تو رسول اللہﷺ نے قاصد بھیج کر اس عورت کو بلوایا اور اس واقعہ کے بارے میں اس سے دریافت فرمایا تو اس نے اپنے جرمِ زِنا کا صاف ا نکار کردیا حضورﷺ نے اس مرد کو سو کوڑے لگوائے اور اس عورت کو چھوڑ دیا۔ (ابوداؤد ص ۶۱۳) ان تینوں حدیثوں میں زِنا کی سزا میں محض سو کوڑوں کی سزا کا ذِکر ہے۔ جلاوطنی کا کوئی تذکرہ نہیں۔ اسی نوعیت کی کچھ اور روایات طبرانی وغیرہ میں بھی موجود ہیں۔ مضمون نویس کے فطری سوال کی علت تو ساقط ہوگئی اور ان تینوں حدیثوں کی روشنی میں اس کی بنیاد منہدم ہوکر رہ گئی۔ لہٰذا اب یہ سوال فطری نہ رہا بلکہ قطعاً غیر فطری ہوکر رہ گیا اور اس کا لازمی نتیجہ یہ نکلا کہ آیت محاربہ میں ’’اَوْیُنْفَوْا مِنَ الْاَرْضِ‘‘ کو زانی کی سزا جلاوطنی ’’نفی‘‘ کا ماخذ قرار دینا قطعاً غلط ہوگیا۔ مضمون نویس نے اسی جملہ ’’اَوْ یُنْفَوْا مِنَ الْاَرْضِ‘‘ کو آگے چل کر اس بات کا واضح قرینہ بتایا کہ رجم کا ماخذ ’’اَنْ یُّقَتَّلُوْا‘‘ ہے اور محض اس لئے اس نے زِنا کی سزا میں رجم کئے جانے والوں کو بلا دلیل جرائم محاربہ کا مرتکب، بدکردار، بدمعاش اور غنڈہ وغیرہ ثابت کرنے کی ناکام کوشش کی ہے لیکن اب تو اسے تسلیم کرلینا چاہیے
وہ شاخ ہی نہ رہی اب جس پہ آشیاں تھا
مضمون نویس کے اس سارے مضمون کا خلاصہ یہ ہے کہ زِنا کی سزا محض سو کوڑے ہیں کیوں کہ سورۂ نور کی آیت جلد میں یہ سزا واضح طور پر مذکور ہے۔ رجم اور جلا وطنی زِنا کی سزا نہیں کیونکہ ان دونوں سزاؤں کو زِنا کی سزا قرار دینے کے لئے قرآن مجید میں کوئی ماخذ موجود نہیں گویا قرآن مجید میں جو حکم صراحۃً مذکور نہ ہو وہ حکم شرعی نہیں ہوسکتا۔ مضمون نویس نے جب یہ دیکھا کہ غیر شادی شدہ زانی کی سزا احادیث میں سو کوڑے اور جلاوطنی مذکور ہے اور اسی طرح شادی شدہ زانی کی سزا رجم بکثرت احادیث میں وارد ہے تو اس نے اس بات کی کوشش کی کہ ان دونوں سزاؤں کو کسی نہ کسی طرح کھینچ تان کر جرمِ زِنا کی بجائے جرمِ محاربہ سے متعلق کردیا جائے۔ آیت محاربہ میں بھی اگرچہ جلاوطنی کا ذِکر وارد ہے لیکن رجم کا ذِکر وہاں بھی نہیں اس لئے یہ کوشش کی گئی کہ کسی طرح ’’اَنْ یُّقَتَّلُوْا‘‘ کے مفہوم میں رجم کو شامل کردیا جائے اور کہہ دیا جائے کہ زانی کی جلاوطنی زِنا کی سزا نہیں بلکہ یہ محاربہ کی سزا ہے اور تقتیل عبرت ناک قتل کو کہتے ہیں۔ رجم بھی عبرتناک سزا ہونے کی وجہ سے اس کے مفہوم میں شامل ہے۔ لہٰذا زِنا کے جو مجرم رجم کئے گئے ان کا یہ رجم زِنا کی سزا نہ تھا بلکہ محاربہ کی سزا تھا۔ چونکہ یہ بات اس وقت تک قابلِ قبول نہیں ہوسکتی جب تک کہ رجم کیے جانے والے زانیوں کو جرائم محاربہ کا مرتکب ثابت نہ کیا جائے لہٰذا اس مقصد کو پورا کرنے کے لئے اوپر سے نیچے تک ا ور ایڑی سے چوٹی تک کا زور اس بات کو ثابت کرنے کے لئے لگادیا گیا کہ زِنا کے مرتکب جو رجم کئے گئے وہ صرف زِنا کے مرتکب نہ تھے بلکہ جرائم محاربہ کے بھی مرتکب تھے۔ لہٰذا ان کا رجم کیا جانا زِنا کی سزا میں نہ تھا۔ صرف محاربہ اور فساد فی الارض کے جرائم کی سزا میں تھا۔ مختصر یہ کہ جلاوطنی اور رجم دونوں کو زِنا کی سزا تسلیم کرنے سے انکار کردیا گیا اور اس کی بنیاد یہی قائم کی گئی کہ ان کو زِنا کی سزا قرار دینے کے لئے قرآن مجید میں کوئی ماخذ موجود نہیں۔ مضمون نویس نے اپنی بنیادیں منہدم ہوتے دیکھ کر اپنی ناکامی کا منظر دیکھ لیا ہوگا۔ مضمون نویس اپنے اس مقصد میں کہاں تک کامیاب ہوا ہے آگے چل کر اسے سب کچھ نظر آجائے گا۔ یہاں سب سے پہلے ہم یہ بیان کرنا چاہتے ہیں کہ اس بات میں کسی مسلمان کو ادنیٰ تردد بھی لاحق نہیں ہوسکتا کہ دین متین کے تمام اصول و فروع اور شریعت مطہرہ کے جملہ احکام کا اصل ماخذ قرآن مجید ہی ہے لیکن ہر حکم کو قرآن حکیم سے اخذ کرنا ہر شخص کا کام نہیں۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن کے الفاظ اور ان کے معانی رسول اللہﷺ پر نازل فرمائے اور اس کتاب مبین کو ہرشیٔ کے لئے تبیان بناکر رسول اللہﷺ پر نازل فرمایا۔ قرآن مجید کا ’’تَفْصِیْلاً لِّکُلِّ شَیْئٍ‘‘ ہونا اولاً و ابتداً رسول کریم ہی کے حق میں ہے بعض لوگوں نے یہ سمجھ لیا کہ کتاب اللہ کا بیان ’’تبیان‘‘ اور ’’تَفْصِیْلاً لِّکُلِّ شَیْئٍ‘‘ ہونا ہر شخص کے لئے یکساں طور پر ہے۔ یہ غلط ہے اگر ایسا ہوتا تو ’’یُعَلِّمُہُمُ الْکِتَابَ وَالْحِکْمَۃَ‘‘ اور’’لِتُبَیِّنَ لِلنَّاسِ مَانُزِّلَ اِلَیْہِمْ‘‘ کے کیا معنی ہوں گے؟ حقیقت یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب کا مکمل علم اور اس کا بیان رسول اللہﷺ کو عطا فرمایا اور دوسروں کو اس کا علم سکھانا اور اس کے معانی کا بیان کرنا منصب رسالت قرار دیا بیشک اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو تدبر فی القرآن کی دعوت دی ہے لیکن یہ تدبر اور تفقہ رسول اللہﷺ کی تعلیم و تبین اور بیان و تبیان کی روشنی اور اس کی حدود میں رہ کر ہوگا۔ کسی کے لئے یہ اجازت نہیں کہ وہ اپنی ناقص عقل اور کج مج رائے سے قرآن میں تدبر کرنے کے لئے بیٹھ جائے نبی کے علم و عقل اور فہم و خرد کا مقابلہ کوئی نہیں کرسکتا۔ لوگوں کے عقول متفاوت اور آراء ناقص ہیں۔ اگر ہر شخص براہِ راست قرآن فہمی کے لئے بیٹھ جائے تو وہ وادیٔ ضلالت میں کہاں کہاں ٹھوکریں کھائے گا اور گمراہی کے کون کون سے گڑھے میں گرے گا۔ اس لئے سب کو یہی حکم ملا کہ ’’مَا اٰتٰکُمُ الرَّسُوْلُ فَخُذُوْہُ وَمَانَہَا کُمْ عَنْہُ فَانْتَہُوْا‘‘ رسول جو کچھ حکم دے دیں، لے لو اور جس چیز سے روک دیں، اس سے رک جاؤ ’’اَطِیْعُوا اللّٰہَ وَالرَّسُوْلَ‘‘ اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرو چونکہ اللہ کی اطاعت کا معیار صرف اطاعت رسول ہے اس لئے ارشاد ہوا ’’مَنْ یُّطِعِ الرَّسُوْلَ فَقَدْ اَطَاعَ اللّٰہَ‘‘ اللہ تعالیٰ نے حضورﷺ کے اسوۂ حسنہ ہی کی اقتداء اور حضور ہی کی اتباع اور پیروی کا حکم دیا جس کی حکمت یہی ہے کہ رسول اللہ سے بے نیاز ہوکر قرآن سمجھنے کی کوشش کرنے والوں کو گمراہی سے بچایا جائے ورنہ وہ ہدایت کی بجائے گمراہی کی راہیں اختیار کرلیں گے اور حق کی بجائے باطل کو اپنا مدعا بنالیں گے اور قرآن اس طرح اضحو کہ اور بازیچہ اطفال بن کر رہ جائے گا۔ جن لوگوں نے قرآن سمجھنے کے لئے نبی کریمﷺ کی سنت، آپ کے اسوۂ مقدس اور تعلیمات مبارکہ کو معیار قرار دے کر اس معیار کے مطابق قرآن کے معانی سمجھے انہی کو تفقہ فی الدین حاصل ہوا وہی مجتہدین اور ائمہ ہدیٰ قرار پائے۔ اگر ان حضرات کے اجتہادی اقوال میں اختلاف بھی ہوا تو وہ محض جزوی اور فروعی اختلاف تھا جو امت کے لئے توسع اور تیسر کا ذریعہ بن کر رحمت ہی قرار پایا لیکن وہ لوگ جنہوں نے تعلیمِ نبوت کے اس معیار کو نظر انداز کردیا اور قرآن میں ’’اَفَلاَ یَتَدَبَّرُوْنَ القُرْاٰنَ‘‘ کو دیکھ کر تعلیمات نبویہ اور سنت ِ رسالت سے بے نیاز ہوتے ہوئے محض اپنی عقل ناقص کے ذریعہ قرآن میں غور و خوض کیا اور اپنے زعم باطل میں یہ سمجھے کہ تدبر فی القرآن کا فریضہ ہم نے پورا کردیا۔ وہ ’’ضَلُّوْا فَاَضَلُّوْا‘‘ کا مصداق بنے۔ خود بھی گمراہ ہوئے اور دوسروں کو بھی گمراہ کیا۔ قرآن مجید کی روشنی میں تدبر فی القرآن کا فریضہ اسی وقت سرانجام دیا جاسکتا ہے جب کہ حضورﷺ کی تعلیمات، آپ کی سیرتِ طیبہ، سنت ثابتہ اور احادیث صحیحہ کو سامنے رکھ کر معانی قرآن کو سمجھنے کی کوشش کی جائے۔ اسوۂ حسنہ اور سنت نبویہ کی حدود سے آزاد رہ کر تدبر فی القرآن کے مدعی بتائیں کہ وہ حدیث کا انکار کرکے اسلام کی بنیادی تعلیمات کہاں سے حاصل کریں گے اور بنیادوں کے بغیر وہ دین کی عمارت کس چیز پر کھڑی کریں گے۔ کلمہ شہادت کے بعد دین کی پہلی بنیاد اقامت صلوٰۃ ہے اسوۂ رسول اللہﷺ اور سنت نبویہ کی حدود سے باہر نکل کر وہ نماز کیسے پڑھیں گے؟ بے شک کعبہ اللہ تعالیٰ کا وہ پہلا گھر ہے جو مکہ میں لوگوں کے لئے بنایا گیا جو نہایت برکت والا اور جہاں والوں کے لئے مرکز ِ ہدایت ہے لیکن سارے قرآن میں اس کے قبلہ صلوٰۃ ہونے کی صراحت کہیں نہیں پائی جاتی۔ اس کے قبلہ صلوٰۃ ہونے کا صریح ماخذ اسوۂ حسنہ، سنت ِ نبویہ، اجماعِ امت اور تعامل مومنین کے سوا کچھ نہیں۔ معلوم ہوا کہ منکر حدیث کے لئے اقامت ِ صلوٰۃ تو درکنار نماز کے لئے کھڑا ہونا بھی ممکن نہیں۔ اسی طرح نمازوں کا پانچ ہونا، ان کی رکعتوں کی تعداد، نماز پڑھنے کا طریقہ، افعال صلوٰۃ کی ترتیب سب کا ماخذ صریح صرف احادیث ِ نبویہ ہیں۔ یہی حال باقی احکام شرعیہ کا ہے، مقادیر زکوٰۃ مناسک ِ حج، احکامِ صیام و جہاد فی سبیل اللہ کے ماخذ ِ صریحہ سنت ِ ثابتہ کے سوا کہیں موجود نہیں۔ اس کے بعد میں عرض کروں گا کہ رجم کا ماخذ آیت محاربہ کو قرار دینا تحریف معنوی ہے۔ زانی کے رجم کا ماخذ سورۂ مائدہ کی ایک اور آیت ’’فِیْہَا حُکْمُ اللّٰہ‘‘ ہے۔ یہاں ’’حکم اللّٰہ‘‘ سے مراد قطعاً اور یقینا رجم ہے اور اس مرادی معنیٰ پر عہد رسالت سے لیکر آج تک تواتر قائم ہے اور رجم جرمِ زِنا بعد الاحصان کے سوا کسی اور جرم کی سزا نہیں۔ یہاں ’’حکم اللّٰہ‘‘ کے معنی متواتر صرف رجم ہیں اور عہد رسالت سے لیکر آج تک یہی معنی تواتر سے منقول ہوتے چلے آئے ہیں۔ اس مقام پر اگر یہ شبہ وارد کیا جائے کہ ’’فِیْہَا حُکْمُ اللّٰہ‘‘ کے معنی رجم کے علاوہ قود یعنی قصاص بھی منقول ہیں تو میں عرض کروں گا کہ اس شبہ کا منشاء کم فہمی کے سوا کچھ نہیں۔ ہمارا مؤقف یہ ہے کہ حضورﷺ نے بحیثیت حَکَم تورات کے حکم کے مطابق ان یہود کے رجم کا فیصلہ فرمایا۔ اس پر اللہ تعالیٰ نے آیت نازل فرمائی ’’وَکَیْفَ یُحَکِّمُوْنَکَ وَعِنْدَہُمُ التَّوْرٰۃُفِیْہَا حُکْمُ اللّٰہ‘‘ وہ آپ کو کیسے حَکَم بناتے ہیں حالانکہ ان کے پاس تورات ہے اس میں اللہ کا حکم موجود ہے اس تقدیر پر ’’حکم اللّٰہ‘‘ کے معنی رجم کے سوا کچھ نہیں۔ زِنا بعد الاحصان کے مسئلہ میں یہودیوں کا رسول اللہﷺ کو حَکَم بنانا احادیث مشہورہ متواترۃ المعنیٰ سے ثابت ہے۔ بخاری، مسلم، ترمذی، ابوداؤد اور ان کے علاوہ بے شمار محدثین نے یہودیوں کے زِنا بعد الاحصان کے مقدمہ میں حضورﷺ کو حَکَم بنایا اور حضورﷺ کا بحکم تورات انہیں رجم کئے جانے کا فیصلہ صادر فرمانا اسانید صحیحہ کثیرہ سے روایت کیا ہے۔ چونکہ اس واقعہ کا تعلق ہی زنا بعدالاحصان سے ہے اس لئے یہاں ’’حکم اللّٰہ‘‘ کے معنی سب نے لفظ رجم ہی بیان کئے ہیں اس مقام پر ’’فِیْہَا حُکْمُ اللّٰہ‘‘ کے معنی رجم کے سوا کسی نے کچھ بیان نہیں کئے نہ ہی یہاں کوئی اور معنی ہوسکتے ہیں کیونکہ بدکار یہودی مرد اور عورت کا یہ واقعہ اپنے ثبوت کے اعتبار سے شہرت بلکہ قطعیت کے درجہ تک پہنچ چکا ہے لہٰذا اس سے متعلق ’’حکم اللّٰہ‘‘ کے معنی رجم ہی قطعی اور یقینی قرار پائے اور ’’حکم اللّٰہ‘‘ کے معنی جو ’’قود‘‘ منقول ہیں تو یاد رکھیئے کہ یہودیوں کے زِنا بعد الاحصان سے متعلق واقعہ منقولہ بالا سے قود کے معنی کا کوئی دُور کا تعلق بھی نہیں وہ ایک الگ واقعہ ہے کہ بنونضیر کے یہودی، یہود بنی قریظہ کے آدمی کو قتل کرکے اس کا قود یعنی قصاص نہ دیتے تھے حالانکہ تورات میں قود کا حکم صراحۃً موجود ہے بعض روایات کے مطابق اس مقدمہ میں بھی یہودیوں نے رسول اللہﷺ کو حَکَم بنایا اور حضورﷺ نے بحکم تورات قود کا فیصلہ صادر فرمایا۔ اس دوسرے واقعہ کے مطابق ’’حکم اللّٰہ‘‘ کے معنی قود ہی ہوسکتے ہیں اسی کے پیشِ نظر حضرت قتادہ نے ’’حُکْمُ اللّٰہ‘‘ کے معنی قود بیان کر دیئے جس سے ہمارے مؤقف پر قطعاً کوئی زد نہیں پڑتی۔ کیوں کہ زنا بعد الاحصان کے جرم میں حَکَم ہونے کی حیثیت سے دونوں کو بحکم تورات رجم کی سزا دینے کا واقعہ یقینا صحیح اور ثابت ہے اور جیسا کہ ابھی عرض کیا گیا اس واقعہ میں ’’حکم اللّٰہ‘‘ کے مرادی معنی صرف رجم ہیں۔ بادی النظر میں یہاں ایک الجھن پیدا ہوتی تھی کہ آیت کریمہ ’’وَکَیْفَ یُحَکِّمُوْنَکَ وَعِنْدَہُمُ التَّوْرٰۃُفِیْہَا حُکْمُ اللّٰہ‘‘ کے مضمون کا مصداق یہودیوں کے زِنا بعد الاحصان کے مقدمہ میں رسول اللہﷺ کو حَکَم بنانے کا واقعہ جب متعین اور متحقق ہوگیا تو اب یہودیوں کے مقدمہ قود کے اس دوسرے واقعہ کو بھی آیت قرآنیہ کے تحت لانے کا کیا جواز ہے؟ اسی الجھن کو دور کرنے کے لئے امام ابوبکر جصاص احکام القرآن میں فرماتے ہیں۔ وقدروی عن الحسن فی قولہ تعالٰی (فیہا حکم اللّٰہ) بالرجم لانہم اختصموا الیہ فی حد الزنا وقال قتادہ فیہا حکم اللّٰہ بالقود لانہم اختصموا فی ذلک وجائز ان یکونوا تحاکموا الیہ فیہما جمیعا من الرجم والقود حسن بصری سے ’’فیہا حکم اللّٰہ‘‘ کے معنی رجم منقول ہیں اس لئے کہ یہودیوں نے حد زنا کے بارے میں حضورﷺ کو حَکَم بنایا تھا اور قتادہ نے کہا کہ ’’فیہا حکم اللّٰہ‘‘ سے مراد قود ہے کیوں کہ یہودیوں نے قود کے بارے میں حضورﷺ کو حَکَم مانا تھا اور یہ بات جائز ہے کہ قود اور رجم دونوں مقدموں میں انہوں نے رسول اللہﷺ کو حَکَم بنایا ہو۔ انتہیٰ (احکام القرآن جلد ۲ ص ۵۳۲) قود کے مقدمہ میں ’’حکم اللّٰہ‘‘ کے معنی تو وہی متعین ہیں اور رجم کے مقدمہ میں ’’فیہا حکم اللّٰہ‘‘ کے معنی صرف رجم ہوں گے۔ کسی دوسرے معنی کا احتمال نہ ہوگا۔ واضح رہے کہ تورات کے حکم کو ’’حکم اللّٰہ‘‘ فرمانا اس بات کی قطعی دلیل ہے کہ وہ حکم (رجم ہو یا قود) منسوخ نہیں ہوا بلکہ حضورﷺ کے مبعوث ہونے کے بعد ہماری شریعت کا حکم قرار پاگیا۔ پہلی شریعتوں کے جو احکام کتاب و سنت میں مذکور ہوں وہ سب ہماری شریعت کے ا حکام مانے جائیں گے جب تک ان کا منسوخ ہونا ثابت نہ ہو۔ شرائع سابقہ کا کوئی منسوخ حکم ہماری شریعت میں ’’حکم اللّٰہ‘‘ کے الفاظ سے تعبیر نہیں کیا گیا لہٰذا حُکمِ رجم کو صرف تورات کا حکم دے کر اسے منسوخ نہیں کیا جاسکتا۔ اسی بنا پر نبی کریمﷺ نے شادی شدہ یہودی زانی اور زانیہ کو رجم کی سزا دیکر اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں عرض کیا ’’اللہم انی اول من احی سنۃ اماتوہا‘‘ اے اللہ میں وہ پہلا شخص ہوں جس نے اس سنت کو زندہ کردیا جسے یہودیوں نے مردہ بنادیا تھا۔ (احکام القرآن جلد ۲ ص ۵۳۳، قرطبی پ ۶ ص ۱۷۷) اور صحیح مسلم میں ہے کہ رسول اللہﷺ نے ایک یہودی پر تورات سے حجت قائم فرماکر اللہ تعالیٰ کو مخاطب کرکے رب کریم سے عرض کیا ’’اللہم انی اول من احی امرک اذا اماتوہ‘‘ (مسلم جلد ۲ ص ۷۰) اے ا للہ! میں وہ پہلا شخص ہوں جس نے تیرے حکم کو زندہ کردیا جب کہ ان یہودیوں نے اسے مردہ کر چھوڑا تھا۔ افسوس! اللہ کے اس حکم کو مردہ کرنے کے لئے آج یہودیت کا وہی کردار اپنایا جارہا ہے۔ مضمون نویس نے عہد رسالت میں زِنا کی سزا پانے والے ہر مجرم کو جرائم محاربہ کا مجرم قرار دے کر سب کو آیت محاربہ کے تحت لاکر کھڑا کردیا ہے اور کوئی دلیل اس پر قائم نہیں کرسکا۔ بجز اس کے کہ جن زانیوں کو سو کوڑے کے ساتھ جلا وطنی کی سزا دی گئی وہ آیت محاربہ کے حکم میں اس لئے شامل ہیں کہ ’’اَوْیُنْفَوْا مِنَ الْاَرْضِ‘‘ محاربہ ہی کے مجرموں کی سزا ہے۔ میں عرض کروں گا کہ جلاوطنی یقینا جرم محاربہ کی سزا ہے لیکن اس سے یہ کہاں ثابت ہوا کہ وہ جرم زِنا کی سزا نہیں قتل کی سزا قاتل کے لئے بھی ہے اور باغی کے لئے بھی۔ جرم دو ہیں مگر دونوں کی سزا ایک ہے اسی طرح جلاوطنی بھی ایک سزا ہے جو محارب کے لئے بھی ہے اور زانی کے لئے بھی۔ ایسی صورت میں زانی کے لئے جلاوطنی کی سزا اس کے محارب ہونے کی دلیل کیسے بن سکتی ہے۔ اسی طرح شادی شدہ زانی کو پتھروں سے قتل کرکے ’’اَنْ یُّقَتَّلُوْا‘‘ کے تحت لاکر کس طرح محاربین میں شامل کیا جاسکتا ہے جبکہ یہ ثابت ہوگیا کہ ایک ہی قسم کی سزا دو قسم کے مجرموں کے لئے بھی قرآن مجید میں وارد ہے معلوم ہوا کہ فساد کی جس بنیاد پر مضمون نویس نے جو فاسد عمارت کھڑی کی تھی وہ بنیاد ہی باقی نہیں رہی۔ مضمون نویس نے صحیح بخاری سے شیبانی کا ایک قول نقل کیا ہے کہ میں نے عبداللہ بن ابی اوفیٰ سے رجم کے متعلق پوچھا تو انہو ں نے کہا رسول اللہﷺ نے کیا ہے۔ میں نے پوچھا سورۂ نور سے پہلے یا اس کے بعد؟ تو انہوں نے فرمایا مجھے معلوم نہیں… بعض نے سورۃ نور کی بجائے سورۂ مائدہ کا ذِکر کیا ہے۔ امام بخاری نے فرمایا ’’والاول الاصح‘‘ پہلی بات زیادہ صحیح ہے۔
چہ دلاور است دزدے کہ بکف چراغ دارد
مضمون نویس کا مقصد تو یہ تھا کہ رجم کا ماخذ مائدہ کی آیت محاربہ کو قرار دینے میں سلف کو بھی اپنا ہمنوا ثابت کرے مگر امام بخاری نے ’’والاول الاصح‘‘ کہہ کر منہ پر طمانچہ ماردیا ا ور بتادیا کہ مائدہ کے بجائے سورۂ نور اصح ہے۔ اور اگر مام بخاری کے قول سے قطع نظر کرکے ہم یہ تسلیم بھی کرلیں کہ نور کی بجائے مائدہ ہی اصح ہے تو بھی مضمون نویس کا مدعا ثابت نہیں ہوتا۔ صحیح بخاری میں لفظ مائدہ ہے آیت محاربہ کا تو کوئی ذِکر نہیں۔ اسی مائدہ میں ’’فِیْہَا حُکْمُ اللّٰہ‘‘ بھی موجود ہے اور وہ یقینا رجم کا ماخذ ہے جیسا کہ ہم تفصیلاً بیان کرچکے ہیں۔ آگے چل کر مضمون نویس نے امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ پر صریح بہتان باندھا کہ عہد رسالت میں رجم کے پیش آنے والے واقعات کو امام بخاری نے اسی مخصوص نوعیت کے پیشِ نظر اپنی الجامع الصحیح میں سورۂ مائدہ کی آیت محاربہ کے تحت لیا ہے یعنی امام بخاری کے نزدیک بھی رجم صرف محاربہ کی سزا ہے۔ زِنا کی سزا نہیں۔ میں عرض کروں گا کہ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ پر یہ افتراء عظیم ہے اگر ایسا ہوتا تو کتاب التفسیر میں سورۂ مائدہ کی اس آیت محاربہ کے تحت رجم کے ان واقعات کو وارد کرکے فرمادیتے کہ جن لوگوں کو رجم کیا گیا انہیں جرمِ زِنا کی سزا میں رجم نہیں کیا گیا بلکہ جرائم محاربہ کی سزا میں ان کو رجم کیا گیا تھا لیکن امام بخاری نے ایسا نہیں کیا بلکہ اس کے برعکس کتاب التفسیر میں آیت محاربہ کے تحت ایک طویل حدیث وارد کی جس میں ان مرتدین و محاربین کا ذِکر وارد ہے جن کے بارے میں آیت محاربہ نازل ہوئی۔ اس حدیث کے ابتدائی حصہ میں حضرت ابوقلابہ کا یہ قول امام بخاری نے وارد کیا کہ ’’ماعلمت نفساً حل قتلہا فی الاسلام الارجل زنا بعد احصان اوقتل نفسا بغیر نفس اوحارب اللّٰہ ورسولہ ﷺ‘‘ آیت محاربہ کے بارے میں صرف یہی ایک حدیث امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے وارد کی ہے اور اسی کے ابتدائی حصہ میں حضرت ابوقلابہ کا قول مذکور روایت کرکے معتراض کی ساری بنیاد کو منہدم کردیا اور بتادیا کہ قتل کی سزا محاربہ کے لئے خاص نہیں بلکہ زِنا بعدالاحصان کی سزا بھی قتل ہے۔ بیشک امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے کتاب المحاربین میں رجم کے واقعات وارد کئے ہیں مگر اس سے یہ نتیجہ نکالنا کہ امام بخاری زِنا بعدالاحصان کی سزا رجم کو نہیں مانتے بلکہ رجم ان کے نزدیک محاربہ کی سزا ہے قطعاً بے بنیاد، غلط اور باطل محض ہے اور یہ بھی صحیح نہیں کہ آیت محاربہ کے تحت امام بخاری نے رجم کے واقعات کو وارد کیا۔ حقیقت یہ ہے کہ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی الجامع الصحیح میں کتاب المحاربین کا جو عنوان قائم کیا ہے وہ حسب ذیل ہے ’’کتاب المحاربین من اہل الکفر والردۃ‘‘ اس عبارت میں ’’من اہل الکفر والردۃ‘‘ محاربین کا بیان ہے یعنی امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک کفار اور مرتدین محاربین ہیں۔ اس عنوان کے بعد امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے آیت محاربہ کو لاکر صرف چار حدیثیں وارد فرمائیں اور ان چاروں حدیثوں میں قبیلہ عکل اور بنی عرینہ کے انہیں مرتدین کا ذِکر ہے جو مدینہ میں آکر مسلمان ہوگئے تھے جنہیں مدینہ طیبہ کی آب و ہوا موافق نہ آئی اور حضورﷺ نے انہیں صدقہ کے اونٹوں میں بھیج دیا۔ یہ لوگ وہاں اونٹوں کا دودھ اور پیشاب پیتے رہے یہاں تک کہ تندرست ہوکر موٹے تازے ہوگئے اور مرتد ہوکر حضور کے چرواہوں کو قتل کرکے اونٹوں کو چراکر لے گئے۔ حضورﷺ کے حکم سے ان کے ہاتھ پاؤں کاٹے گئے اور لوہے کی سلاخیں گرم کرکے ان کی آنکھوں میں (ترمذی جلد ایک صفحہ نمبر گیارہ کی روایت کے مطابق) اسی طرح ڈالی گئیں جس طرح انہوں نے گرم سلاخیں حضورﷺ کے چرواہوں کی آنکھوں میں ڈ الی تھیں اور مقام حرہ کی گرم پتھریلی زمین پر پیاسے تڑپ تڑپ کر مر گئے۔ (بخاری جلد ۲ صفحہ ۵) رجم یا جلد کے واقعات امام بخاری نے آیت محاربہ کے تحت وارد نہیں کئے بلکہ آگے چل کر آیت کریمہ ’’وَلَا تَقْرَبُوا الزِّنَا‘‘ کا مستقل عنوان قائم کرکے مختلف ابواب میں رجم اور جلد کے واقعات وارد کئے اور رجم کی اکثر احادیث میں مجرم کے شادی شدہ (محصن) ہونے کا ذِکر بھی روایت کیا بلکہ خود امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے ’’رجم المحصن‘‘ کا باب قائم کرکے حضرت ماعز کے رجم کی حدیث وارد کی جس میں ان کے متعلق ’’وقداحصن‘‘ کے الفاظ موجود ہیں۔ بلکہ رجم سے متعلق تقریباً ہر حدیث میں مجرم کے محصن یعنی شادی شدہ ہونے کا ذِکر روایت کیا۔ افسوس ہے کہ مضمون نویس نے ان روشن حقائق سے اس طرح آنکھیں بند کرلیں جیسے چمکتے ہوئے سورج کے سامنے کوئی آنکھ میچ لے۔ رہا یہ امر کہ رجم کے واقعات کو کتاب المحاربین کے عنوان سے کیا مناسبت ہے؟ تو میں عرض کروں گا کہ جرم محاربہ کی سزائیں اللہ تعالیٰ کی طرف سے مقرر کی ہوئی حدود ہیں جیسا کہ جرم زِنا کی سزائیں یعنی رجم اور کوڑوں کی حدود بھی اللہ تعالیٰ ہی کی طرف سے مقرر کی گئی ہیں۔ ’’محاربہ‘‘ اور ’’زِنا‘‘ دونوں کی سزائیں ’’حد‘‘ ہونے میں ایک دوسرے سے مناسبت رکھتی ہیں صحیح بخاری میں کسی حدیث کو کسی عنوان کے تحت ذِکر کرنے کے لئے اتنی مناسبت کافی ہے۔ اور یہ بھی ممکن ہے کہ خود امام بخاری یا ناسخین صحیح بخاری سے تساہل ہوا ہو جیسا کہ امام ابن حجر عسقلانی ’’کتاب المحاربین‘‘ کے عنوان پر اشکال وارد کرتے ہوئے فرماتے ہیں۔ وفی کونہافی ہذا موضع اشکال واظنہا مما انقلب علی الذین نسخوا کتاب البخاری من لمسودۃ والذین یظہرلی ان محلہا بین کتاب الدیات وبین استتابۃ المرتدین (فتح الباری ج ۱۲، ص ۹۱) یہی بات امام بدرالدین عینی نے فرمائی۔ (عمدۃ القاری ج ۱۲، ص ۱۴۳) یہ حضرات اپنے تبحر علمی کے باوجود سہو و نسیان سے مستثنیٰ نہ تھے ان کی ادنیٰ سی فروگزاشت کو بے بنیاد دعویٰ کی دلیل بنالینا محروم القسمتی ہے۔ اس کے بعد مضمون نویس نے حضرت ماعز بن مالک رضی اللہ عنہ کے متعلق لکھا ہے ’’اس شخض کے متعلق متناقض روایات ہیں۔ بعض سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ بڑا بھلا مانس آدمی تھا اور بعض سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ ایک نہایت بدخصلت غنڈہ تھا۔ حضور کا اسے رجم کی سزا دینا اس کے بدکردار ہونے کی دلیل ہے۔‘‘ تعجب ہے کہ دعویٰ تو یہ تھا کہ اس کا بدکردار ہونا اس کے رجم کی علت ہے۔ اب یہ کہا جارہا ہے کہ اس کا رجم کیا جانا اس کے بدکردار ہونے کی دلیل ہے ۔ دعویٰ کو دلیل بنالیا ہے اور یہ نہ سمجھا کہ یہ ’’مصادرۃ علی المطلوب‘‘ ہے جو دعویٰ کو لے بیٹھتا ہے۔ اگر اس کے متعلق روایات میں واقعی تناقض ہے تو کسی ایک روایت سے بھی استدلال کرنے کا حق نہیں پہنچتا۔ مضمون نویس کو کیا حق پہنچتا ہے کہ ’’مصادرۃ علی المطلوب‘‘ کو وجہ ترجیح قرار دے کر کسی روایت سے استدلال کرے۔ مضمون نویس نے بار بار تناقض و تعارض کا دعویٰ کرتے ہوئے حضرت ماعز پر تین الزام لگائے ہیں۔ ایک یہ کہ ماعز نے حضور کی خدمت میں خود حاضر ہوکر اپنے جرم کا اقرار نہیں کیا بلکہ اپنے قبیلہ والوں کے اصرار پر کسی بڑی سزا سے بچنے کے لئے اس نے اپنے جرم کا اقرار حضور کے سامنے کرلیا تھا۔ دوسرا یہ کہ اس کا کردار بدخصلت غنڈوں کا کردار تھا۔ حضور اور صحابہ جب جہاد کو جاتے تو وہ بدمعاشوں کی طرح عورتوں کا تعاقب کرتا۔ تیسرا یہ کہ بعض روایات میں اس کی توبہ کا ذِکر ہے مگر دوسری روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ حضور نے اس کی مغفرت کی دعا کی نہ اس کی نمازِ جنازہ پڑھی یہ اس بات کی شہادت ہے کہ وہ کٹر منافق تھا۔ عام طور پر اس کے بارے میں لوگوں کا تاثر یہ تھا کہ اس کی شامت نے اس کا پیچھا نہیں چھوڑا اور وہ اپنے انجام کو پہنچ گیا۔ مضمون نویس کے تینوں الزام غلط اور بے بنیاد ہیں۔ اب ہم ترتیب وار ان باتوں پر کلام کرتے ہیں۔ (۱) کسی روایت میں یہ وارد نہیں ہوا کہ ماعز بن مالک رضی اللہ عنہ کی قوم نے ان پر حضور کی خدمت میں حاضر ہونے کے لئے اصرار کیا۔ نہ آج تک یہ ثابت ہوسکا کہ ان کی قوم کا کوئی فرد یا قوم کے علاوہ کوئی بھی مسلمان انہیں غنڈہ یا بدکردار سمجھتا تھا۔ نہ آج تک یہ ثابت ہوسکا کہ ان کی زندگی میں ان کے متعلق کسی مسلمان نے کسی قسم کی بدگمانی کا اظہار کیا ہو۔ ان کے رجم ہونے کے بعد جن لوگوں نے بدگمانی کا اظہار کیا رسول اللہﷺ نے سختی سے ان پر انکار فرمایا اور صاف صاف فرمادیا کہ وہ مومن تھے ان کے حق میں بدگمانی کا اظہار غیبت ہے جو مردہ گدھے کا گوشت کھانے سے بھی زیادہ بُرا ہے جس کی تفصیل آگے چل کر ہم بیان کریں گے۔ مضمون نویس کا یہ کہنا کہ ماعز اپنی قوم کے اصرار پر حضور کی خدمت میں حاضر ہوا اور اس نے کسی بڑی سزا سے بچنے کے لئے قوم کے مجبور کرنے پرحضور کریم کے سامنے اپنے جرم کا اقرار کیا، غلط اور بے بنیاد ہے۔