لفظ ’’زِنا‘ کے معنیٰ لغتِ عرب میں ضیق ہیں اور ضیق تنگی کو کہتے ہیں عام اس سے کہ وہ تنگی جسمانی ہو یا غیر جسمانی مثلاً ذہنی یا قلبی اور شرع و عرفِ عام میں عاقل و بالغ کا غیر مملوکہ یا غیر منکوحہ سے وطی کرنا زِنا کہلاتا ہے۔ جس کی کئی صورتیں ہیں مثلاً بحالت اکراہ یا بحالت لا علمی یا بصورتِ اشتباہ، اسی طرح غلام یا باندی کی بدکاری اور اس کے علاوہ آزاد شادی شدہ مرد یا عورت کا یہ جرم، غیر شادی شدہ آزاد مرد یا عورت کی حرام کاری سب پر زنا کے معنیٰ صادق ہیں لیکن ’’مأۃ جلدۃ‘‘ کا حکم ہر ایک صورت پر عائد نہیں ہوتا اور اس عائد نہ ہونے کو آج تک کسی نے بھی خلافِ قرآن قرار نہیں دیا پھر سمجھ میں نہیں آتا کہ شادی شدہ آزاد زانی اور زانیہ پر بھی اگر ’’مائۃ جلدۃ‘‘ کا حکم عائد نہ ہو اور دلیل شرعی کی روشنی میں اس کی سزا رجم قرار پائے تو اسے کیوں خلافِ قرآن کہا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں کوئی مانے یا نہ مانے ہم دلیل شرعی کی روشنی میں کہیں گے کہ آنکھ، کان، زبان، ہاتھ، پاؤں، دل اور شرمگاہ سب سے زنا کا فعل سرزد ہوسکتا ہے لیکن حدِ شرعی صرف شرم گاہ کے زنا کے ساتھ مخصوص ہے۔ ہمارے دلائل کی روشنی میں منکرین رجم کی یہ تیسری بنیاد بھی منہدم ہوگئی کہ ’’اَلزَّانِیَۃُ‘‘ کے عموم میں ہر قسم کا زنا شامل ہے اور ہر زنا کی سزا سو کوڑے ہیں۔ (۴) منکرین رجم کے مغالطہ کی چوتھی بنیاد یہ ہے کہ قرآن کریم میں شادی شدہ باندیوں کی سزا محصنات کی سزا کا نصف مقرر کی گئی ہے جیسا کہ سورۂ نساء میں فرمایا ’’فَعَلَیْہِنَّ نِصْفُ مَا عَلَی الْمُحْصَنٰتِ مِنَ الْعَذَابِ‘‘ یعنی شادی شدہ باندیوں کی سزا محصنات کی سزا کا نصف ہے اور ظاہر ہے کہ محصنات آزاد شادی شدہ عورتیں ہیں اگر ان کی سزا رجم ہو تو باندیوں کی سزا رجم کا نصف ہوگی حالانکہ رجم قابلِ تنصیف نہیں معلوم ہوا کہ حدِّ رجم ناقابل عمل اور اسلام کے خلاف ہے۔ اس کا ازالہ یہ ہے کہ سورئہ نساء کی اس آیت میں ’’المحصنٰت‘‘ سے شادی شدہ نہیں بلکہ آزاد کنواری عورتیں مراد ہیں جن کی سزا سورئہ نور میں سو کوڑے بیان کی گئی ہے شادی شدہ باندیوں کی سزا، اس کا نصف یعنی پچاس کوڑے ہیں۔ خلاصہ یہ ہے کہ شادی شدہ باندیوں کی سزا اور غیر شادی شدہ باندیوں کی سزا رجم نہیں، صرف پچاس کوڑے ہیں۔ رجم کی سزا آزاد شادی شدہ مرد و عورت کے لئے مخصوص ہے معلوم ہوا کہ سورۂ نساء کی اس آیت سے رجم کے ناقابل عمل اور غیر اسلامی ہونے پر استدلال غلط فہمی پر مبنی ہے۔ اس اجمال کی تفصیل یہ ہے کہ لفظ ’’محصنٰت‘‘ کا مصدر، احصان ہے جس کا مادہ حصن ہے، حصن قلعہ کو کہتے ہیں جو حفاظت کے لئے ہوتا ہے۔ احصان چار چیزوں سے ہوسکتا ہے (۱) اسلام (۲) حُر ّیت (۳) نکاح (شادی شدہ ہونا) (۴) عفت، کفر کی وجہ سے کافر کو جو تکالیف پیش آسکتی ہیں اسلام ان سب تکالیف سے حفاظت کرتا ہے غلامی کی تکالیف سے حر ّیت حصن کا کام دیتی ہے۔ نکاح ایک حصار ہے جو عزت و ناموس کو محفوظ رکھتا ہے۔ عفت و بکارت بھی گویا شرم و حیاء کا ایک قلعہ ہے جو بداخلاقی سے روکتا ہے۔ قرآن مجید میں لفظ ’’محصنٰت‘‘ چاروں قسم کے احصان کے معنیٰ میں وارد ہے۔ یعنی ’’محصنٰت‘‘ سے مراد مسلمان عورتیں؍۱، آزاد کنواری ؍۲ عورتیں، شادی شدہ؍۳ عورتیں اور عفیفہ؍۴ عورتیں ہیں۔ چنانچہ سورۂ نور میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ’’وَالَّذِیْنَ یَرْمُوْنَ الْمُحْصَنٰتِ‘‘ اس آیت میں محصنٰت سے مسلمان ؍۱ آزاد پاک دامن عورتیں مراد ہیں۔ سورہ نساء میں محرمات کے ضمن میں فرمایا ’’وَالْمُحْصَنٰتُ مِنَ النِّسَائِ‘‘ یہاں محصنٰت سے شادی شدہ عورتیں مراد ہیں اس کے بعد غیر شادی شدہ آزاد عورتوں کے معنیٰ میں بھی ’’المحصنٰت‘‘ کا لفظ قرآن مجید میں آیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ’’وَمَنْ لَّمْ یَسْتَطِعْ مِنْکُمْ، طَوْلاً اَنْ یَّنْکِحَ الْمُحْصَنٰتِ الْمُؤْمِنٰتِ فَمِنْ مَّا مَلَکَتْ اَیْمَانُکُمْ‘‘ (سورہ نساء ۲۵) یعنی تم میں سے جو شخص آزاد غیر شادی شدہ ایمان والی عورت سے نکاح کرنے کی طاقت نہ رکھے تو اس کے لئے جائز ہے کہ وہ مسلمان باندی سے نکاح کرلے اس مقام پر ’’المحصنٰت‘‘ کا لفظ آزاد کنواری عورتوں کے معنیٰ میں وارد ہوا ہے اس کے علاوہ صرف عفیفہ پاکدامن کے معنیٰ میں بھی لفظ ’’محصنٰت‘‘ قرآن پاک میں موجود ہے ارشاد ہوا ’’مُحْصَنٰتٍ غَیْرَ مُسَافِحٰتٍ وَّلاَ مُتَّخِذَاتِ اَخْدَانٍ‘‘ یعنی وہ باندیاں عفیفہ پاکدامن ہوں۔ نہ ظاہر بدکار ہوں نہ پوشیدہ، یہاں لفظ محصنٰت سے صرف پاکدامن باندیاں مراد ہیں۔ خلاصہ یہ کہ آیت کریمہ ’’وَمَنْ لَّمْ یَسْتَطِعْ مِنْکُمْ طَوْلاً اَنْ یَّنْکِحَ الْمُحْصَنٰتِ الْمُؤْمِنٰتِ‘‘ میں ’’المحصنٰت‘‘ کے معنیٰ آزاد کنواری عورتیں ہیں کیوں کہ اس آیت میں آزاد کنواری مسلمان عورتوں ہی سے نکاح کرنے کی طاقت نہ رکھنے والوں کو مسلمان باندیوں سے نکاح کی اجازت دی گئی ہے اس کے بعد فرمایا گیا کہ اگر وہ باندیاں نکاح میں آجانے کے بعد بدکاری کریں ’’فَعَلَیْہِنَّ نِصْفُ مَا عَلَی الْمُحْصَنٰتِ مِنَ الْعَذَابِ‘‘ تو ان پر اس سزا کا نصف ہے جو آزاد کنواری عورتوں کے لئے ہے۔ نظمِ قرآن کی ترتیب سے یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ یہاں ’’المحصنٰت‘‘ سے مراد آزاد کنواری عورتیں ہیں جن کا ذِکر اسی آیت میں نکاح کی طاقت نہ رکھنے والوں کے ساتھ لفظ ’’المحصنٰت‘‘ میں آچکا ہے ان ہی کی سزا یعنی سو کوڑوں کا نصف پچاس کوڑے باندیوں کی سزا بیان فرمائی گئی ہے۔ اس آیت کریمہ سے آزاد شادی شدہ عورتوں یا مردوں کے حق میں حدِّ رجم کی نفی ثابت نہیں ہوتی بلکہ شادی شدہ باندیوں کی سزا پچاس کوڑے ثابت ہوتی ہے جس کا انکار آج تک کسی مسلمان نے نہیں کیا۔ خلاصہ یہ کہ منکرین رجم کے مغالطہ کی چوتھی بنیاد بھی منہدم ہوگئی اور وہ اس آیت مبارکہ سے رجم کی نفی ثابت نہ کرسکے۔ (۵) منکرین رجم کے مغالطہ کی پانچویں بنیاد یہ ہے کہ قائلین رجم کے درمیان اختلاف ہے کوئی کہتا ہے کہ رجم کے ساتھ سو کوڑے بھی مارے جائیں گے کسی کے نزدیک صرف رجم کیا جائے گا۔ کوڑوں کی سزا نہیں دی جائے گی۔ یہ اختلاف اس بات کی دلیل ہے کہ رجم کو یقینی طور پر اسلامی سزا قرار دینا صحیح نہیں ۔ اس کا ازالہ یہ ہے کہ رجم سے پہلے کوڑے مارنے میں اختلاف ضرور ہے لیکن رجم میں کوئی اختلاف نہیں لہٰذا اس اختلاف کو رجم کے یقینی اور قطعی ہونے کے خلاف پیش کرنا قطعاً باطل ہے۔ اس نوعیت کے کئی اور بھی اختلافات ہیں مگر رجم کے قطعی اور یقینی ہونے پر وہ بالکل اثر انداز نہیں مثلاً آزاد غیر شادی شدہ زانی کو سو کوڑے مارنے کے بعد سال بھر کے لئے جلا وطن کرنا یا شادی شدہ شیخ زانی کے لئے رجم سے پہلے سو کوڑے مارنا اور اسی قسم کے جوان کو کوڑے مارے بغیر رجم کردینا، علاوہ ازیں شرائط احصان میں بھی اختلاف ہے۔ المحلی لابن حزم میں ہے کہ (۱) حضرت ابوبکر اور حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے محصن کو زِنا کی سزا میں رجم کیا کوڑے نہیں مارے۔ ابراہیم نخعی، زہری، اوزاعی، سفیان ثوری، امام ابوحنیفہ، مالک، شافعی، ابوثور، احمد بن حنبل، ان کے اصحاب، سب کا یہی قول ہے۔ (۲) حضرت علی بن ابی طالب سے روایت ہے کہ انہوں نے زِنا کی سزا میں ایک عورت کو سو کوڑے مارے اور رجم بھی کیا۔ ابی بن کعب سے بھی اس طرح منقول ہے۔ حسن بصری کا قول بھی یہی ہے۔ (۳) حضرت ابوذر سے منقول ہے کہ شادی شدہ بوڑھے کی سزا سو کوڑے ہیں اور رجم ہے اور اگر وہ جوان ہو تو صرف رجم ہے کوڑے نہیں لگائے جائیں گے۔ دیکھئے! ان تمام اقوال میں رجم کا ثبوت ہر جگہ موجو دہے پھر ان اقوال کو رجم کے خلاف پیش کرنا کیوں کر صحیح ہوگا؟ اس کے بعد ایک اور اختلاف مذکور ہے وہ یہ کہ ایک گروہ آزاد غیر شادی شدہ کو سو کوڑوں کی سزا کے بعد سال بھر کے لئے اس کی جلاوطنی کو بھی حد میں شامل کرتا ہے دوسرا گروہ اسے حد نہیں مانتا۔ ظاہر ہے کہ یہ اختلاف بھی منکرین رجم کے لئے مفید نہیں۔ خلاصہ یہ کہ منکرینِ رجم نے جس اختلاف کو رجم کے قطعی ہونے کے خلاف پیش کیا ہے اس سے ان کا مدعا قطعاً ثابت نہیں ہوتا اور رجم کے قطعی ہونے کی حیثیت بدستور باقی رہتی ہے لہٰذا ان کے مغالطہ کی پانچویں بنیاد بھی منہدم ہوگئی۔ منکرینِ رجم کے مغالطہ کی اس پانچویں بنیاد کے ضمن میں جن اختلافات کا ذِکر آگیا ہے ہم چاہتے ہیں کہ اس بحث میں ضمناً ان پر بھی ایک جامع اور مختصر تبصرہ کرتے چلیں تاکہ قولِ راجح سامنے آجائے مگر ہمارا یہ کلام طروًا للباب ہوگا منکرینِ رجم اس کے مخاطب نہ ہو ںگے۔
یہاں حسب ذیل اختلافات ہیں (۱) پہلا اختلاف یہ ہے کہ امام شافعی، احمد بن حنبل، اوزاعی وغیرہم نفی سنۃ (سال بھر کی جلاوطنی) کو بھی حد میں شامل کرتے ہیں۔ ان کی دلیل وہ احادیث ہیں جن میں ایسے لوگوں کے لئے سال بھر کی جلاوطنی کا حکم وارد ہے۔ مثلاً حضرت عبادہ بن صامت سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا لوگو! (یہ حدیث) مجھ سے سن لو (تین مرتبہ اسی طرح فرماکر ارشاد فرمایا کہ ’’اللہ تعالیٰ نے بدکار عورتوں کے لئے ایک سبیل مقرر فرمادی وہ یہ کہ کنوارہ کنواری کے ساتھ (بدفعلی) کرے تو (ان دونوں میں سے ہر ایک کیلئے) سو کوڑے ہیں اور ایک سال کی جلاوطنی اور شادی شدہ، شادی شدہ کے ساتھ (بدفعلی کرے) تو دونوں میں سے ہر ایک کے لئے) سو کوڑے اور سنگسار کرنا ہے۔ (مسلم جلد ۲ ص ۶۵) اسی طرح دیگر احادیث میں بھی غیر شادی شدہ کے لئے سو کوڑوں کے بعد نفی سنۃ یا تغریبِ عام کے الفاظ وارد ہیں جن کے معنیٰ ہیں سال بھر کے لئے جلا وطن کرنا۔ رسول اللہﷺ سے غیر شادی شدہ کو سو کوڑوں کی سزا کے بعد عملی طور پر بھی جلا وطن کرنا ثابت ہے۔ حضرات خلفائے راشدین اور دیگر صحابۂ کرام نے بھی ایسے مجرموں کو ایک سال کے لئے جلا وطن کیا۔ لیکن امام ابوحنیفہ اور بعض دیگر ائمہ سال بھر کی اس جلاوطنی کو حد میں شامل نہیں مانتے ان کا مؤقف یہ ہے کہ آزاد غیر شادی شدہ کی حد صرف سو کوڑے ہیں۔ ان کی دلیل یہ ہے کہ اگر تغریب عام، یا نفی سنۃ کو بھی حد کا جز مانا جائے تو لازم آئے گا کہ قرآن مجید میں ’’مائۃ جلدۃ‘‘ کی جو حد بیان کی گئی ہے وہ کامل نہیں بلکہ ناقص ہے۔ رہا یہ امر کہ احادیث میں سال بھر کی جلاوطنی مذکور ہے تو ان ائمہ کا قول اس کے بارے میں یہ ہے کہ اگر اس کو حد پر محمول کیا جائے تو اس کا حکم سورۂ نور کی آیت ’’مائۃ جلدۃ‘‘ سے منسوخ ہوگیا۔ ورنہ یہ سیاست اور مصلحت پر محمول ہے اور حاکم وقت کے لئے جائز ہے کہ اگر وہ مصلحت سمجھے تو (بطور حد نہیں بلکہ) تعزیراً ایسے لوگوں کو سال بھر کے لئے جلا وطن کردے۔ تغریبِ عام کو تعزیر پر محمول کرنے کی تائید حضرت عمر کے ایک قول سے بھی ہوتی ہے۔ جب انہوں نے ربیعہ بن اُمیہ بن خلف کو شرب خمر کی وجہ سے خیبر کی طرف جلا وطن کیا، اور اس جلاوطنی کی حالت میں وہ ہر قل کے پاس پہنچ کر مرتد ہوگیا تو حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا ’’لا اغرب بعدہ مسلماً‘‘ یعنی اس کے بعد میں کسی مسلمان کو جلا وطن نہیں کروں گا۔ اس حدیث کو (امام بخاری کے استاد) عبدالرزاق نے روایت کرتے ہوئے فرمایا ’’اخبرنا معمر عن الزہری عن ابن المسیب قال غرب عمر الحدیث‘‘ (نصب الرایہ للحافظ الزیلعی جلد ۳، ص ۳۳۱) حضرت عمر کا یہ فرمانا کہ ’’میں اس کے بعد کسی مسلمان کو جلا وطن نہیں کروں گا‘‘ ہر مسلمان کو شامل ہے خواہ اس پر زِنا کے جرم میں سو کوڑوں کی حد بھی لگ چکی ہو۔ ایسی صورت میں جلا وطنی کواگر حد میں شامل مانا جائے تو لازم آئے گا کہ حضرت عمر نے ربیعہ بن امیہ کے بعد ترکِ حدکا بھی اعلان کردیا۔ معلوم ہوا کہ جلا وطنی حد میں شامل نہیں تھی۔ رسول اللہﷺ، خلفائے راشدین اور دیگر صحابہ کرام نے محض تعزیراً جلاوطنی کا حکم دیا تھا۔ اور اگر جلاوطنی کے نسخ کا قول کیا جائے تو وہ بھی مستبعد نہیں ہوگا کیوں کہ عبادہ بن صامت کی اس حدیث کے اوّل میں غیر شادی شدہ کے لئے سو کوڑوں اور سال بھر کی جلاوطنی کا حکم مذکور ہے اور اسی کے آخر میں شادی شدہ کے لئے سو کوڑوں اور رجم کا حکم وارد ہے۔ جلا وطنی کو حد میں شامل کرنے والے ا کثر آئمہ جیسے امام شافعی اور احمد بن حنبل وغیرہما شادی شدہ کی حد صرف رجم قرار دیتے ہیں سو کوڑوں کو حد میں شامل نہیں کرتے اور کہتے ہیں کہ شادی شدہ کے حق میں سو کوڑوں کا حکم منسوخ ہوگیا ہے۔ علامہ نوی، حافظ ابن حجر اور ابن کثیر وغیرہم اور ان سے پہلے ائمہ مجتہدین شافعی، مالک، احمد بن حنبل، سب کے نزدیک شادی شدہ کی حد صرف رجم ہے۔ اس لئے سو کوڑوں کی سزا کو وہ منسوخ قرار دیتے ہیں۔ ایسی صورت میں کہا جاسکتا ہے کہ آخر حدیث کا حکم منسوخ ہونا مستبعد نہیں تو اوّل حدیث میں جلا وطنی کا حکم منسوخ ہوجانا کیونکر مستبعد ہوسکتا ہے؟ (۲) دوسرا اختلاف یہ ہے کہ بعض علماء کے نزدیک شادی شدہ مستوجبِ رجم کو رجم سے پہلے سو کوڑے بھی مارے جائیں گے اس کے بعد رجم کیا جائے گا حسن بصری، ابن راہویہ وغیرہما علماء کا قول یہی ہے۔ ان کی پہلی دلیل وہی حدیث عبادہ بن صامت ہے جو اختلاف نمبر ایک میں مذکور ہوئی جس میں رسول اللہﷺ سے مروی ہے۔ والثیب بالثیب جلد مائۃ والرجم یعنی شادی شدہ مرد اور شادی شدہ عورت کی سزا یہ ہے کہ ان دونوں میں سے ہر ایک کے لئے سو کوڑے ہیں اور رجم ہے۔ اور دوسری دلیل یہ ہے کہ شعبی نے حضرت علی سے روایت کیا کہ انہوں نے ایک عورت (شراحہ) کو جمعرات کے دِن کوڑے مارے اور جمعہ کے دِن اسے رجم کیا اور فرمایا ’’جلد تہا بکتاب اللّٰہ ورجمتہا بسنۃ رسول اللّٰہ‘‘ یعنی کتاب اللہ کے حکم سے میں نے اسے کوڑے مارے اور سنتِ رسول ﷺ کے حکم سے اسے رجم کیا۔ اور جمہور علماء کا مذہب یہ ہے کہ رجم کے ساتھ کوڑوں کی سزا جمع نہیں کی جائیگی۔ امام زہری، ابراہیم نخعی، امام ابوحنیفہ، مالک، اوزاعی، شافعی، سفیان ثوری اور احمد بن حنبل وغیرہم سب کا یہی قول ہے۔ ان کی دلیل وہ احادیث ہیں جن سے واضح طور پر ثابت ہوتا ہے کہ رسول اللہﷺ نے رجم کے علاوہ کوڑوں کی سزا نہیں دی مثلاً (۱) حدیث عسیف (اجیر) جو صحاح ستہ میں موجود ہے کہ غیر شادی شدہ اجیر نے اپنے آجر کی زوجہ سے زِنا کیا تو رسول اللہﷺ نے اس اجیر کے لئے (بطور حد) سو کوڑوں کا حکم دیا اور (تعزیراً) سال بھر کے لئے جلاوطن فرمادیا لیکن جس عورت کے ساتھ اس نے زِنا کیا تھا اس کے بارے میں فرمایا ’’اے انیس! تم اس عورت کے پاس جاؤ اگر وہ اقرار کرلے تو اسے رجم کردو۔‘‘ حضرت انیس اس کے پاس گئے تو اس نے اقرار کرلیا اس کے بعد رسول اللہﷺ نے اسے رجم کرنے کا حکم دیا وہ رجم کردی گئی اس حدیث میں بھی صرف رجم ثابت ہے۔ کوڑے ثابت نہیں۔ (۲) اسی طرح حضرت ماعز کی حدیث میں بھی صرف رجم کا ثبوت ہے کوڑے ثابت نہیں۔ (۳) علیٰ ہذا حدیث غامدیہ اور جہینیہ میں صرف رجم کا ثبوت ہے حالانکہ یہ تمام احادیث طرق متعددہ کثیرہ سے مروی ہیں مگر کسی طریق میں رجم کے ساتھ کوڑے ثابت نہیں ہوئے لہٰذا جمہور علماء کے مطابق ان تمام احادیث سے ثابت ہوگیا کہ رجم کے ساتھ کوڑوں کا جمع نہ کرنا ہی رسول اللہﷺ کی سنتِ مشہورہ ہے اور اسی سنت کو وہ جمع بین الجلد والرجم کے اس حکم کا ناسخ قرار دیتے ہیں جو حدیث عبادہ بن صامت والثیب بالثیب جلد مائۃ والرجم کے الفاظ میں وارد ہوا ہے جسے بعض علماء نے اپنے قول کی تائید میں پیش کیا تھا۔ حدیث عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ کی ایک تاویل شمس الائمہ سرخسی رحمۃ اللہ علیہ نے نقل کی ہے جس کا خلاصہ یہ ہے کہ ثیب کی دو قسمیں ہیں ایک ثیب محض (کوئی عورت یا مرد جو نکاح صحیح کے بغیر کبھی مباشرت کر چکا ہو) دوسرا ثیب محصن (کوئی عورت یا مرد جس نے نکاح صحیح کے ساتھ کبھی مباشرت کی ہو) پہلی قسم کے ثیب کی حد جلد ہے۔ دوسری قسم کے ثیب کی حد رجم ہے۔ انتہیٰ (مبسوط سرخسی ۹ ص ۳۷) یعنی یہ نہیں کہ جلد اور رجم دونوں کو جمع کردیا جائے اور ایک قول یہ ہے کہ قسم اوّل کا ثیب بکر میں شامل ہے اور ’’الثیب بالثیب جلد مائۃ والرجم‘‘ میں لفظ ’’ثیب‘‘ سے مراد صرف ثیبِ محصن ہے سنت ِ مشہورہ سے اس حدیث کو منسوخ ماننے کی بنیاد یہی قول ہے۔ جمہور کی تائید حضرت عبداللہ بن عباس کی تفسیر سے بھی ہوتی ہے جسے امام بخاری نے سورۂ نساء کی آیت ’’اَوْیَجْعَلَ اللّٰہُ لَہُنَّ سَبِیْلاً‘‘ کے تحت صحیح بخاری میں تعلیقاً وارد کیا۔ دیکھئے بخاری شریف میں ہے قال ابن عباس… لہن سبیلا یعنی الرجم للثیب والجلد للبکر (صحیح بخاری جلد ۲ ص ۶۵۷) یعنی عبداللہ بن عباس نے کہا کہ (بدکار) عورتوں کے لئے اللہ کی مقرر کی ہوئی سبیل یہ ہے کہ شادی شدہ کے لئے رجم ہے اور کنواری کے لئے کوڑے ہیں شادی شدہ کے لئے رجم کے ساتھ کوڑوں کا ذِکر نہیں اور غیر شادی شدہ کے لئے کوڑوں کے ساتھ جلا وطنی بھی مذکور نہیں۔ ثابت ہوا کہ ثیب کی حد صرف رجم ہے۔ اس میں کوڑے شامل نہیں اور بکر کے لئے صرف کوڑے ہیں۔ اس کی حد میں جلا وطنی شامل نہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ثیب اور بکر کے لئے جو سبیل مقرر فرمائی وہی حد ہے اور اسی کو عبداللہ بن عباس نے بیان فرمادیا۔ اس کے علاوہ جمہور کے قول کی تائید حضرت ابوبکر صدیق اور حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہما کے عمل سے بھی ہوتی ہے امام زہری نے روایت کیا ’’ان ابا بکر و عمر رضی اللّٰہ عنہما رجما ولم یجلدا (المحلی لا بن حزم جلد ۱۱ ص ۲۳۳ یعنی حضرت ابوبکر اور حضرت عمر نے رجم کیا اور کوڑے نہیں مارے۔ بہر نوع دلائل کی روشنی میں جمہور کا قول کہ رجم اور جلد کو جمع نہیں کیا جائے گا۔ بے غبار ہے۔ رہی وہ حدیث جو امام شعبی نے حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم سے روایت کی کہ انہوں نے ایک عورت (شراحہ) کو ایک دِن کوڑے مارے اور دوسرے دِن اُسے رجم کیا اور فرمایا کہ میں نے کتاب اللہ کے حکم سے کوڑے مارے اور سنت ِ رسول ﷺ کے حکم سے رجم کیا۔ تو میں عرض کروں گا کہ امام بخاری نے اپنی صحیح میں حدیث براویت سلمہ بن کہیل اس طرح وارد کی ہے۔ قال سمعت الشعبی یحدث عن علی رضی اللّٰہ عنہ حین رجم المرأۃ یوم الجمعۃ قال رجمتہا بسنۃ رسول اللہﷺ انتہیٰ (بخاری ج ۲ ص ۱۰۰۶ سلمہ بن کہیل نے کہا کہ میں نے شعبی سے سنا وہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم سے حدیث بیان کرتے تھے جب انہوں نے جمعہ کے دِن (شراحہ) عورت کو رجم کیا تو فرمایا کہ میں نے اسے رسول اللہﷺ کی سنت کے مطابق رجم کیا ہے۔ اس حدیث میں کوڑے مارنے کا ذِکر نہیں ہے اس لئے رجم کے ساتھ کوڑے مارنا اس حدیث سے ثابت نہیں ہوا۔ پھر یہ کہ اس حدیث کی سند مطعون ہے حافظ ابن حجر اسی حدیث کے تحت فرماتے ہیں قدطعن بعضہم کالحازمی فی ہذا الاسناد بان الشعبی لم یسمعہ من علی رضی اللّٰہ انتہیٰ (فتح الباری جلد ۱۲ ص ۹۹) یعنی امام حازمی جیسے بعض محدثین نے اس حدیث کی سند میں طعن کیا کہ شعبی نے یہ حدیث حضرت علی سے نہیں سنی۔ یہی حافظ ابن حجر تہذیب التہذیب میں لکھتے ہیں وقال الحاکم فی علومہ ولم یسمع من عائشۃ ولا ابن مسعود ولا من اسامۃ بن زید ولا من علی انمارأہ رؤیۃ انتہیٰ (تہذیب التہذیب جلد ۵ ص ۶۸) یعنی امام حاکم نے (اپنی کتاب) علوم الحدیث میں کہا کہ (شعبی نے) نہ تو عائشہ صدیقہ، نہ ابن مسعود، نہ اسامہ بن زید اور نہ حضرت علی سے سنا، حضرت علی کو صرف ایک مرتبہ دیکھا تھا۔ امام بدرالدین عینی بھی حدیث مذکور کے تحت فرماتے ہیں وقال الحازمی لم تثبت الائمۃ سماع الشعبی عن علی رضی اللّٰہ عنہ (عمدۃ القاری جلد ۱۱ ص ۱۵۰ طبع قدیم) خود امام بخاری نے بھی صحیح بخاری میں ایک اور حدیث بروایت شعبی عن علی تعلیقا بصیغۃ تمریض وارد کرکے حازمی و دیگر ائمہ حدیث کی تائید کردی کہ شعبی کی سماع حضرت علی سے ثابت نہیں وہ روایت حسب ذیل ہے۔ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں ویذکر عن علی وشریح ان جائت ببینۃ من بطانۃ اہلہا۔ الحدیث (بخاری جلد ۱ ص ۴۷) یہاں ’’عن علی‘‘ سے مراد ’’عن الشعبی عن علی‘‘ ہے۔ جیسا کہ دارمی نے روایت کیا اور اس کے سب راوی ثقہ ہیں۔ اس کے باوجود امام بخاری کا اس پر جزم نہ کرنا، اور تمریض کے صیغہ سے اسے تعبیر کرنا صرف اس امر پر مبنی ہے کہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم سے شعبی کی سماع میں انہیں تردد ہے۔ حافظ ابن حجر فتح الباری میں اسی مقام پر فرماتے ہیں ’’وصلہ الدارمی کماسیاتی ورجالہ ثقات وانمالم یجزم بہ للتردد فی سماع الشعبی عن علی انتہیٰ (جلد اوّل ص ۳۳۷) یہی بات امام بدرالدین عینی نے عمدۃ القاری میں فرمائی (دیکھئے جلد ۱۱ ص ۱۵۰) اس مقام پر یہ اشکال پیدا ہوا کہ جب امام بخاری کے نزدیک بھی حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم سے امام شعبی کی سماع میں تردد ہے تو انہوں نے بروایت ’’شعبی عن علی‘‘ کی حدیث کو کتاب الحدود میں مسنداً کیسے وارد کیا۔ امام دارقطنی وغیرہ نے اس اشکال کو یہ کہہ کر دور کیا کہ شاید امام بخاری کے نزدیک حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم سے امام شعبی نے صرف وہی ایک حدیث سنی اسی بنا پر دوسری روایت کو امام بخاری نے ’’ویذکر عن علی‘‘ کہہ کر بصیغہ تمریض وارد کیا۔ چنانچہ حافظ ابن حجر نے دارقطنی کا قول نقل کرتے ہوئے فرمایا ’’وبان الشعبی سمع ہذا الحدیث من علی قال ولم یسمع عنہ غیرہ‘‘ (فتح الباری جلد ۱۲، ص ۹۹) یعنی دار قطنی نے کہا کہ شعبی نے حضرت علی سے صرف یہی حدیث (مسند) سنی۔ اس کے علاوہ اور کوئی حدیث ان سے نہیں سنی۔ یہی بات علامہ عینی نے ذِکر کی (دیکھئے عمدۃ القاری جلد ۱۱ ص ۱۵۰) خلاصہ یہ کہ امام دارقطنی کے مطابق امام بخاری کی رائے یہی ہے کہ شعبی نے حضرت علی سے اس ایک حدیث کے سوا اور کوئی حدیث نہیں سنی جب کہ محمد بن سعد (ابن سعد) متوفیٰ ۲۳۰ ھ جن کی ولادت اور وفات امام بخاری کی ولادت اور وفات سے پہلے ہے۔ شعبی کے لئے حضرت علی کی رویت مانتے ہوئے ان کی سماع مطلقاً ثابت نہیں کرتے اسی طرح امام حاکم نیشا پوری متوفیٰ ۴۰۵ ھ اور حافظ ابوبکر حازمی ۵۸۴ ھ و دیگر ائمہ حدیث حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم سے شعبی کی سماع کا مطلقاً انکار کرتے ہیں ایسی صورت میں امام بخاری اور دار قطنی کا عندیہ قوی نہیں ہوسکتا، جب تک خود شعبی سے یہ بات ثابت نہ ہوجائے کہ میں نے ایک حدیث شراحہ کے سوا اور کوئی حدیث حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم سے نہیں سنی اور ظاہر ہے کہ شعبی کا ایسا کوئی قول پیش نہیں کیا جاسکتا۔ لہٰذا اس حدیث سے ’’جلد مع الرجم‘‘ کے اثبات پر استدلال صحیح نہیں ہوسکتا۔ پھر یہ کہ ’’شعبی عن علی‘‘ حدیث معنعن ہے اور اس کے مقبول ہونے کی شرط امام مسلم کے نزدیک معاصرۃ ہے امام بخاری کے نزدیک لقاء ہے (ولومرۃ) اور بعض محدثین کے نزدیک اخذ و سماع (ولومرۃ) امام بخاری اور دار قطنی شعبی کے لئے حضرت علی کی معاصرۃ لقاء اور اخذ و سماع (ولومرۃ) تینوں کے قائل ہیں اس کے باوجود وہ روایت شعبی عن علی کو ’’ویذکر‘‘ سے تعبیر کرکے محض اس لئے ضعیف قرار دے رہے ہیں کہ ان کی رائے میں شعبی نے حضرت علی سے ایک حدیث کے سوا کچھ نہیں سنا۔ میں عرض کروں گا کہ اس رائے کی بنیاد پر حدیث کو ضعیف قرار دینا اس امر کی دلیل ہے کہ حدیث معنعن کے مقبول ہونے کی شرطیں اور تینوں معیار ان کے نزدیک صحیح نہیں۔ شاید آپ کہیں کہ امام بخاری اور دار قطنی کی رائے ان کے تبحر علمی اور اجتہادی بصیرت پر مبنی ہے تو مجھے اس سے اختلاف نہیں لیکن میں اتنا ضرور عرض کروں گا کہ اگر یہی حسنِ ظن ان ائمہ مجتہدین اور اُمنائے دین کے حق میں بھی کرلیا جاتا، جن کی فقہ اور اجتہاد پر عمل کرنے والے روئے زمین پر پھیلے ہوئے ہیں اور دنیا بھر کی آبادی کا ۴؍۳ حصہ ان پر مشتمل ہے تو اکثر فروعی اور اجتہادی مسائل میں باہمی جدال اور نفرت و حقارت کا خاتمہ ہوجاتا اور جمہور امت مسلمہ میں اخوت و محبت، اتفاق و اتحاد اور یک جہتی کی راہیں ہموار ہوجاتیں۔ اس کے بعد یہ امر بھی قابلِ غور ہے کہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم سے بواسطہ شعبی حدیث شراحہ کے راویوں نے اس کے متن کو کمی و بیشی سے روایت کیا ہے صحیح بخاری کی روایت میں صرف رجم مذکور ہے۔ جلد کا کوئی ذِکر نہیں اور علی بن الجعد کی روایت میں کوڑے مارنے کا ذِکر بھی وارد ہے۔ اسی طرح سند میں بھی کمی بیشی پائی جاتی ہے امام بخاری نے اس کی سند میں شعبہ کے بعد کہیل اور شعبی کا ذِکر کیا اور اسماعیل نے روایت علی بن جعد میں عن شعبۃ عن سلمۃ ومجالد کہا۔ حافظ ابن حجر فرماتے ہیں ذکر الدار قطنی ان قعنب بن محرز رواہ عن وہب بن جریر عن شعبۃ عن سلمۃ عن مجالد وہو غلط والصواب سلمۃ ومجالد یعنی دار قطنی نے ذِکر کیا کہ قعنب بن محرز نے اس حدیث کو وہب بن جریر عن شعبۃ عن سلمۃ عن مجالد روایت کیا اور وہ غلط ہے (اس کے بجائے) سلمہ ومجالد درست ہے۔ اس کے بعد حافظ ابن حجر نے فرمایا کہ اس حدیث کو عصام بن یوسف نے شعبہ سے روایت کرتے ہوئے کہا عن سلمۃ عن الشعبی عن عبدالرحمن بن ابی لیلیٰ عن علی اسی دار قطنی نے ذِکر کیا عن حسین بن محمد عن شعبۃ اور قعنب کی روایت مذکورہ میں ہے عن الشعبی عن ابیہ عن علی حافظ ابن حجر فرماتے ہیں ’’وجزم الدار قطنی بان الزیادۃ فی الاسنادین وہم‘‘ دارقطنی نے اس بات پر جزم اور وثوق کیا کہ ان دونوں اسنادوں میں زیادتی وہم ہے (فتح الباری جلد ۱۲ ص ۹۹) یعنی پہلی سند میں شعبی اور حضرت علی کے درمیان عن عبدالرحمٰن بن ابی لیلی اور دوسری سند میں ’’عن ابیہ‘‘ وہم ہے ان اسانید میں رواۃ کی کمی بیشی، رد و بدل، غلط اور وہم موجود ہے جو محدثین کے قواعد و ضوابط موضوعہ کے مطابق صحتِ حدیث میں قادح ہے۔ اس میں شک نہیں کہ کسی حدیث کا طرق کثیرہ سے مروی ہونا اس کی تقویت کا موجب ہوتا ہے اسانید حدیث کو جمع کرنا محدثین کے نزدیک بڑی اہمیت رکھتا ہے۔ متابعات و شواہت کی معرفت کے لئے طرقِ روایت کا تتبع نہایت ضروری ہے اسی تتبع کو اصطلاح محدثین میں اعتبار کہتے ہیں۔ تمام طرقِ روایت اور جملہ اسانید کو جمع کرنے کے بعد متنِ حدیث کے سب الفاظ سامنے آجاتے ہیں اور اس کے معنیٰ سمجھنے میں کوئی دشواری نہیں ہوتی۔ اسانید کثیرہ و طرق عدیدہ سے حدیث کا قوی ہونا ظاہر ہوجاتا ہے اس غرض سے بعض محدثین کوشش کرتے ہیں کہ اپنی مرویات کی اسانید زیادہ جمع کردیں جیسا کہ صحیح مسلم میں امام مسلم کا طریقہ کار یہی ہے اور امام بخاری نے بھی اپنے مخصوص انداز میں اپنی مرویات کو ان کے طرق و اسانید متعددہ کے ساتھ بار بار وارد کیا جس کی وجہ سے متنِ حدیث کے الفاظ میں بھی تفاوت پایا جاتا ہے جیسا کہ حدیث ’’اِنَّمَا الْاَعْمَالُ بِالنِّیَاتِ‘‘ کو امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی صحیح میں سات جگہ وارد کیا ہے اور متنِ حدیث کے الفاظ میں ہر جگہ تفاوت موجود ہے سند یا متن کا یہ تفاوت و اختلاف کسی ضعف و اضطراب کا موجب نہیں بلکہ وہ ان احادیث کی قوت میں اضافہ کا سبب ہے جس کی وجہ سے ان طرقِ اسانید کی صحت و قوت ہے۔