مسئلہ امیدواری کی توضیح اور اس میں مودودی صاحب سے ہمارے اختلاف کی نوعیت مودودی صاحب کے دلائل پر تبصرہ کرنے سے پہلے ضروری ہے کہ اس مسئلہ کی توضیح اور نوعیت اختلاف کی تنقیح کر دی جائے۔

اربابِ غرض کا اپنے اغراض فاسدہ کی خاطر اسمبلی کی ممبری یا حکومت کے کسی عہدہ کا امیدوار بن کر کھڑا ہونا بالاتفاق ناجائز اور فرمانِ خدا و رسول کے خلاف ہے۔ اس میں کوئی اختلاف نہیں اور اس میں بھی شک نہیں کہ دنیوی حرص و طمع کی خاطر، یا احساسِ ذمہ داری سے بے پروا ہو کر اللہ تعالیٰ سے توفیق و تائید طلب کئے بغیر محض اپنی ذات پر وثوق و اعتماد کر کے منصب حکومت کا طالب و امیدوار ہونا بھی شرعاً مذموم ہے لیکن اگر کوئی مردِ متقی (جو حکومت کا کاروبار چلانے کی پوری اہلیت رکھتا ہو) محض اس لئے حکومت میں کسی ذمہ دار منصب کا طالب ہوتا ہے کہ خوفِ خدا کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو اچھی طرح محسوس کر کے عدل و انصاف کے مطابق حکومت کے فرائض انجام دینا اس کے نزدیک موجب رضائے الٰہی اور باعث اجر عظیم ہے۔ کوئی دنیاوی حرص و طمع اس کے دل میں نہیں۔ وہ اپنے نفس پر اقامت عدل کے بارے میں پورا وثوق رکھتا ہے اور اس کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی طرف سے توفیق و تائید کا بھی طالب ہے تو ہم اس کی اس طلب و امیدواری کو جائز بلکہ بمقتضائے حدیث شریف ’’انما الاعمال بالنیات‘‘ مستحسن و موجب اجر و ثواب سمجھتے ہیں اور مودودی صاحب اس کو قطعاً حرام و ناجائز، نیز اسلام کے مستقل اصول کے خلاف اور فرمانِ خدا و رسول کی مخالفت قرار دیتے ہیں۔

رہی یہ بات کہ ایسا آدمی کہاں مل سکتا ہے جو تمام صفاتِ مذکورہ کا جامع ہو اور وہ سب شرائط اس میں پائے جاتے ہوں جو اوپر بیان کئے گئے۔

اس زمانہ کا حال دنیا پر روشن ہے کہ ظاہری تقدس کے باوجود بھی باطنی پاکیزگی مفقود ہے۔ ہر طرف حرص و ہوا، خود ستائی، نفس پرستی کا دور دورہ ہے۔ تو اس کا جواب یہ ہے کہ اگر یہ صحیح ہے کہ اس زمانہ میں ایسا آدمی نہیں مل سکتا تو مودودی صاحب صالح نمائندے کہاں سے لائیں گے؟ ان شرائط کے بغیر تو شرعاً کوئی نمائندہ صالح نہیں ہو سکتا اور اس سے یہ حقیقت بھی عیاں ہو جاتی ہے کہ مودودیوں کے ظاہری پردئہ صالحیت میں بھی باطنی پاکیزگی مفقود ہے اور ان کی گلبانگ صالحیت، نغمہ خود ستائی سے زیادہ نہیں۔

ہمارے بیانِ سابق میں مودودی صاحب کے اس اعتراض کا جواب بھی آ گیا ہے کہ

یہ چیز بجائے خود اس امر کی دلیل ہے کہ جو شخص یا گروہ امیدوار بن کر اٹھ رہا ہے وہ حکومت کی بھاری ذمہ داریوں کی بجائے اس کے فوائد و منافع پر نظر رکھتا ہے ورنہ ظاہر ہے کہ جس کی نظر فوائد کے بجائے اس کام کی ذمہ داری پر ہو اور جسے احساس ہو کہ خدا اور خلق کے سامنے اس کی کیسی سخت جواب دہی اس کو کرنی پڑے گی، وہ اس بارِ عظیم کو خود اٹھانے کا خواہش مند نہیں ہو سکتا۔ (انتخابی جدو جہد صفحہ ۴۰)

اس کا مطلب یہ ہے کہ منصب حکومت کی طلب اور اس کی خواہش صرف اس وجہ سے ہوتی ہے کہ طلب کرنے والے کی نظر اپنی جواب دہی اور حکومت کی ذمہ داریوں پر نہیں بلکہ اس کے فوائد و منافع پر ہے۔

میں عرض کروں گا کہ اپنی جواب دہی اور حکومت کی ذمہ داریوں پر نظر رکھتے ہوئے عدل و انصاف سے حکومت کرنا رضائے الٰہی کا موجب ہے یا نہیں؟ ہر ادنیٰ سمجھ والا انسان بھی اس کا جواب اثبات میں دے گا۔ پھر میری سمجھ میں نہیں آتا کہ رضائے الٰہی کا حصول، طلب حکومت کے لئے وجہ وجیہ کیوں نہیں ہو سکتا؟ اور یہ ممکن نہیں کہ ایک مردِ مومن حکومت کے دنیاوی فوائد و منافع سے بے نیاز ہو کر داد پروری اور عدل گستری کے ذریعے صرف رضائے الٰہی حاصل کرنے کی غرض سے منصب حکومت کا طالب و خواہشمند ہو۔ کیا مودودی صاحب کے نزدیک اسلام میں اتنی پاکیزگی اور روحانیت بھی نہیں کہ جن لوگوں کی فطرت میں اسلام پوری طرح راسخ ہو چکا ہے وہ اس کی بدولت اپنی اس خواہش اور امیدواری کے دامن کو دنیاوی حرص و طمع سے پوری طرح پاک رکھ سکیں۔

ممکن ہے یہاں مودودی صاحب پھر یہی فرمائیں کہ چونکہ اس زمانہ میں ایسے لوگ نہیں پائے جاتے جو اپنے دامن طلب کو حرص و طمع کے داغ سے بچا سکیں اس لئے ہم نے یہ مستقل اصول مقرر کیا ہے کہ کسی امیدوار کو کوئی عہدہ نہ دیا جائے۔ لیکن میں ان کی خدمت میں پھر عرض کروں گا کہ بھاڑ میں جھونکیئے اس پر فتن زمانہ کو اور آگ لگایئے، اس زمانہ کے طالع و حریص جاہ امید واروں کو۔ ہمیں اس سے کیا بحث! یہ بات تو آپ ان لوگوں سے فرمایئے جو اس زمانہ کے کسی امیدوار کے حمایتی ہوں۔ ہمیں ان سے کیا غرض۔

ہمارا مقصد تو اس ساری بحث و تمحیص سے صرف یہ ہے کہ ان صحابہ کرام کو آپ کی زد سے بچا لیا جائے، جنہیں آپ نے مستقل مزعومہ و مخترعہ اسلامی اصول کے تحت رگڑ کر فرمانِ خدا و رسول کا مخالف قرار دے دیا ہے۔ مانا کہ اس زمانہ میں ایسے لوگ کمیاب بلکہ نایاب ہیں لیکن کیا عہد رسالت میں بھی ایسے لوگ نہ تھے۔ کیا حضور ﷺ کی روحانیت سے بھی یہ بات بعید تھی کہ حضور ﷺ کے صحابہ رضی اللہ تعالیٰ عنہم اجمعین، حضور ﷺ کے شرفِ صحبت سے فیضیاب ہو کر طلب امارت کے دامن کو حرص و طمع کے داغوں سے بچا سکیں۔

حضرت سعد بن عبادہ کے متعلق مودودی صاحب کی شدید غلط فہمی اور اس کا ازالہ مودودی صاحب کی یہ عبارت آپ پڑھ چکے ہیں کہ

اس پورے گروہ میں صرف حضرت سعد بن عبادہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ ایک شخص تھے جن کے اندر امیدواری کی بو پائی جاتی تھی مگر سب کو معلوم ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین میں سے کسی نے بھی ان کا ساتھ نہ دیا۔ نہ ان کی روش کو پسند کیا اور مرتے دم تک وہ منفرد ہی رہے۔

مودودی صاحب نے جس انداز سے حقیقت کو چھپانے کی کوشش کی ہے۔ وہ انہی کا حصہ ہے۔ کیا مودودی صاحب ثابت کر سکتے ہیں کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے حضرت سعد بن عبادہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا ساتھ اس لئے نہیں دیا کہ وہ خلافت کے امیدوار تھے؟ اگر امیدواری کی بنا پر صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے ان کا ساتھ چھوڑا ہوتا تو حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی خلافت کو انہوں نے کیسے تسلیم کر لیا؟ وہ تو خود آپ کی تصریحات کے مطابق اخیر تک اس کے خواہش مند رہے۔

مودودی صاحب کو معلوم ہونا چاہئے کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین جو ان کی خلافت پر راضی نہ ہوئے اور اس معاملہ میں ان کا ساتھ نہ دیا، اس کی وجہ صرف یہ تھی کہ رسول اللہ ﷺ نے امر خلافت کو قریش میں متعین فرمایا تھا اور سعد بن عبادہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ قریش سے نہ تھے۔

ملاحظہ فرمایئے بخاری شریف جلد ثانی ص ۱۰۵۸ ’’ان ہٰذا الامر فی قریش‘‘ حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ یہ امر خلافت قریش میں منحصر ہے۔

اگر آپ کے خیال کے مطابق صحابہ کرام نے انہیں اس لئے چھوڑا ہوتا کہ وہ خلافت کے امیدوار تھے تو سقیفہ بنی ساعدہ میں (جہاں حضرت سعد کی خلافت کے لئے انصار کا اجتماع ہوا تھا اور صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی قیادت میں مہاجرین وہاں پہنچے تھے) حضرت سعد کے خلاف کوئی ایک صحابی تو ان کی امیدواری کو بطور دلیل پیش کرتا مگر ایسا نہیں ہوا بلکہ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے حضرت سعد کو مخاطب کر کے فرمایا

ولقد علمت یا سعد ان رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم قال و ’’انت قاعد‘‘ قریش ولاۃ ہٰذا الامر۔ الخ (تاریخ الخلفاء للسیوطی ص) ’’اور اے سعد تمہیں معلوم ہے، تمہارے سامنے رسول اللہ ﷺنے فرمایا تھا کہ خلافت قریش کے لئے ہے۔

اس تفصیل سے بخوبی واضح ہو گیا کہ سید الانصار حضرت سعد بن عبادہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے خلاف مودودی صاحب کا یہ بیان قطعاً غلط اور ان پر یہ اتہام ہے کہ ان کی امیدواری کی وجہ سے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین میں سے کسی نے بھی ان کا ساتھ نہ دیا اور وہ مرتے دم تک منفرد ہی رہے۔

مودودی صاحب نے اپنے اس بیان میں صرف اسی پر اکتفا نہیں کیا کہ حضرت سعد کی عزت و وقعت امت مسلمہ کی نگاہوں میں کم کر دی بلکہ انہیں اسلام کے اس مستقل اصول کا مخالف بھی قرار دے دیا کہ حکومت میں ذمہ داری کا کوئی منصب اس کے امیدوار کو نہ دیا جائے۔ اگر حضرت سعد رضی اللہ تعالیٰ عنہ اس اصول کے قائل ہوتے تو ان میں امیدواری کی بو پیدا ہی نہیں ہو سکتی تھی۔

مسئلہ امیدواری میں مودودی صاحب کے دلائل اور ان پر تنقید مودودی صاحب کا دعویٰ ہے کہ حکومت میں ذمہ داری کا کوئی منصب کسی ایسے شخص کو دینا جو خود اس کا طالب ہو، اسلام کے مستقل اصول کے خلاف اور شرعاً ناجائز ہے۔ اسی طرح ایسے منصب کے لئے کسی کا امیدوار اور خواہش مند ہونا بھی فرمانِ خدا و رسول کے قطعاً خلاف ہے۔

چونکہ آپ ایک عظیم الشان ’’ترجمان القرآن‘‘ ہیں اور ساتھ ہی مجتہد اعظم بھی، اس لئے نہایت ضروری تھا کہ آپ قرآن مجید کی کسی آیت کا ایسا ترجمہ فرمائیں جس سے یہ بات قطعی طور پر پایہ ثبوت کو پہنچ جائے کہ اس قسم کی امیدواری انسان کو جہنم رسید کر دیتی ہے۔ لہٰذا قطعاً ناجائز، حرام اور خدا و رسول کے فرمان کی صریح مخالفت ہے۔

اس اہم ضرورت کے پیشِ نظر آپ کافی عرصہ تک غور و خوض فرماتے رہے کہ کون سی ایسی آیت کا ترجمہ کیا جائے جس سے کم از کم فوری طور پر ہی یہ ضرورت پوری ہو سکے۔ بلکہ سورئہ قصص کی ایک آیت کو تختۂ مشق بنا ہی ڈالا۔ سنیئے ارشاد ہوتا ہے، قرآن شریف میں صاف فرمایا گیا

تِلْکَ الدَّارُ الْاٰخِرَۃُ نَجْعَلُہَا لِلَّذِیْنَ لَا یُرِیْدُوْنَ عُلُوًّا فِی الْاَرْضِ وَلاَ فَسَادًا وَالْعَاقِبَۃُ لِلْمُتَّقِیْنَ۔ (القصص) ’’وہ آخرت کا گھر (یعنی جنت) ہم ان لوگوں کے لئے رکھیں گے جو زمین میں خود بڑائی نہیں چاہتے اور نہ فساد کا ارادہ رکھتے ہیں اور عاقبت صرف خدا ترس لوگوں کے لئے ہے۔‘‘ (انتخابی جدو جہد ص ۷، ۸)

اس آیت کریمہ کے لفظ ’’عُلُوًّا‘‘ سے مودودی صاحب نے حکومت کی امیدواری اور خواہش مندی مراد لی ہے۔ مگر میں نہیں سمجھتا کہ ’’عُلُوًّا‘‘ کے بعد فساد کا لفظ جب خود اس کی تفسیر کرتے ہوئے اسے سرکشی ظلم اور تکبر کے معنی میں متعین کر رہاہے اور مفسرین کرام اس کے معنی یہی بیان کر رہے ہیں تو پھر مودودی صاحب نے محض اپنی رائے سے اس کی تفسیر کرنے کی جرأت کیسے فرمائی؟ اور اگر ان کے نزدیک ’’عُلُوًّا‘‘ سے مراد محض برتری اور بلندی ہی ہے تو اس کی امیدواری کا ناجائز ہونا خود ان کے نزدیک بھی صحیح نہیں۔ دیکھئے وہ خود اپنی ایک تقریر میں اپنی جماعت کو مخاطب کر کے فرماتے ہیں

’’آپ حضرات یہ بات اچھی طرح ذہن نشین کر لیں کہ آپ دراصل امت وسط بننے کے امیدوار ہیں۔ آپ کا مقصود یہ ہے کہ اس مقام بلند کو حاصل کریں۔ اتنے بڑے منصب کی امید واری کے لئے اٹھ کھڑا ہونا اور نہ پھر اس کی عظمت کو محسوس کرنا، نہ اس کے لئے اپنے آپ کو تیار کرنا ایک عظیم الشان بے خبری ہے۔‘‘ (ترجمان القرآن بابت مارچ، اپریل ۱۹۴۴ء جلد ۲۴ عدد ۳،۴)

مانا کہ اس عبارت میں منصب حکومت وغیرہ کا کوئی ذکر نہیں مگر جو آیت موددی صاحب نے لکھی ہے اس میں بھی تو اس قسم کا کوئی ذکر موجود نہیں۔ پھر انہوں نے اسے منصب حکومت اور اسمبلی کی ممبری پر کیسے چسپاں فرما دیا؟

ان کی عبارت اسی لئے تو نقل کی گئی ہے کہ اگر وہ اپنی ضد پر اڑے رہیں اور ’’عُلُوًّا‘‘ کو محض برتری اور مطلق بلندی ہی محمول فرمائیں تو اس کا امیدوار انہوں نے اپنی ساری جماعت کو بنا دیا ہے اور یقینا وہ خود بھی اس کے امیدواروں میں ہیں۔ اس لئے مودودی صاحب اور ان کی جماعت کو چاہئے کہ وہ اس آیت کو دوسروں کے سامنے پیش کرنے سے پہلے اپنے اوپر پڑھ کر دم کر لیں۔

اس کے بعد مودودی صاحب نے تین حدیثیں نقل کی ہیں اور ان سے یہ ثابت کرنے کی کوشش فرمائی ہے کہ منصب حکومت کی امیدواری جائز نہیں۔

پہلی حدیث حضرت عبد الرحمن بن سمرہ کے متعلق ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ان سے فرمایا لا تسال الامارۃ فانـک ان اعطیتـہا عن غیر مسئلۃ اعنت علیہا وان اعطیتہا عن مسئلۃ وکلت الیہا۔ (بخاری و مسلم) (ترجمہ) ’’حکومت کی طلب نہ کر۔ اگر وہ تجھے بے طلب دی گئی تو خدا کی طرف سے تیری مدد کی جائے گی اور اگر وہ تیرے مانگنے سے تجھے دی گئی تو تجھ کو اس کے حوالے کر دیا جائے گا۔‘‘

دوسری حدیث بروایت حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نقل کی ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا تجدون خیر الناس اشدہم کراہیۃ ہٰذا الامر حتّٰی یقع فیہ۔(بخاری و مسلم) (ترجمہ) ’’تم لوگ ایسے شخص کو بہترین اشخاص میں سے پاؤ گے جو حکومت کے منصب سے کراہیت رکھتا ہو یہاں تک کہ وہ مجبوراً اس میں مبتلا کر دیا جائے۔

تیسری حدیث حضرت ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی روایت سے پیش کی ہے۔ وہ فرماتے ہیں کہ میں اپنے رشتہ داروں میں سے دو آدمیوں کے ساتھ نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا۔ ان دونوں صاحبوں نے حضور ﷺ سے عرض کی کہ ہم کو حکومت میں کسی منصب پر مقرر فرمایا جائے۔ اس کے جواب میں آنحضرت ﷺ نے جو کچھ ارشادفرمایا، اس کے مختلف فقرے مختلف روایات میں وارد ہوئے ہیں۔ بخاری و مسلم کی ایک روایت میں ہے، آپ نے فرمایا

انا واللّٰہ لا نولی علٰی ہٰذا العمل احد اسئالہ ولا احدا حرص علیہ (ترجمہ) ’’خدا کی قسم، ہم اس حکومت کے منصب پر کسی ایسے شخص کو مقرر نہیں کرتے جو اس کا طالب ہو اور نہ ایسے شخص کو جو اس کا حریص ہو۔‘‘

دوسری روایت میں ہے ’’لا نستعمل علٰی ہٰذا عملنا من ارادہ‘‘ (ترجمہ) ’’ہم اپنی حکومت کے کسی کام میں ایسے شخص کو استعمال نہیں کرتے جو اس کی خواہش رکھتا ہو۔‘‘

ابو داؤد میں آپ کے یہ الفاظ ہیں ’’ان اخونکم عندنا من طلبہ‘‘ (ترجمہ) ’’ہمارے نزدیک سب سے بڑا خائن وہ شخص ہے جو اس چیز کا طالب ہو۔‘‘

مودودی صاحب نے ان روایات میں عموم و شمول سمجھ کر صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم اجمعین کی امیدواری خلافت کو بھی ناجائز اور خلافِ قرآن و حدیث قرار دیا ہے۔ انہوں نے اس بات کی بھی پروا نہیں کی کہ اس صورت میں حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کی خلافت بھی شرعاً ناجائز ہو جائے گی۔

ہمارے نزدیک مودودی صاحب کی مراد قطعاً باطل و مردود ہو جائے گی۔ دلائل شرعیہ کی روشنی میں روایات منقولہ کا صحیح اور صاف مطلب یہ ہے کہ جس طالب امارت میں شرائط طلب نہ پائی جائیں، وہ اس کی طلب نہ کرے، نہ ایسے طالب کو ہم کوئی عہدہ دیں گے۔ اس قسم کے امیدوار کو اگر کوئی منصب حاصل ہو بھی جائے تو اللہ تعالیٰ کی توفیق و تائید اس کے شامل حال نہیں ہوتی بلکہ وہ اس منصب کے حوالے کر دیا جاتا ہے اور حرص و طمع کے ساتھ منصب حکومت طلب کرنے والا ہمارے نزدیک سب سے بڑا خائن ہے۔

کیا یہ ممکن نہیں کہ جب طالبین منصب کو رسول اللہ ﷺ نے طلب سے منع فرما کر یہ ارشاد فرمایا کہ ہم طالب و حریص کو یہ منصب نہیں دیتے۔ ان کی باطنی کیفیت پر حضور ﷺ نورِ نبوت سے مطلع ہو گئے ہوں اور حضور ﷺ نے یہ دریافت فرما لیا ہو کہ یہ لوگ ابھی اس قابل بھی نہیں ہوئے کہ ان کی طلب پر وہ عہدہ انہیں دے دیا جائے اور یہ ارشاداتِ مقدسہ ان لوگوں کے لئے شمع ہدایت کا کام دیں جو حرص و طمع سے اندھے ہو کر مناصب حکومت کو حاصل کرنے کی جدو جہد کریں گے۔

ہم نے بیانِ سابق میں اس امر کی وضاحت کر دی ہے کہ ہماری اس بحث کا تعلق موجودہ زمانہ کے امیدواروں سے نہیں۔ ہمارا مقصد صرف یہ ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم خصوصاً سیدنا علی کرم اللہ وجہہ کے مقدس دامن سے ان بدنما داغوں کا ازالہ کر دیں جو مودودی صاحب نے لگائے ہیں۔ ہمارے اس دعویٰ پر کہ طلب امارت کی شرائط کے ساتھ رضائے الٰہی کی خاطر حکومت کا عہدہ طلب کرنا جائز ہے، حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا عمل ہی ثبوت کے لئے کافی تھا لیکن مودودی صاحب اسے خلافِ قرآن و حدیث سمجھ کر اس کے حجت ہونے کے منکر ہیں اس لئے ہم رسول اللہ ﷺ کے فرمان سے یہ ثابت کرتے ہیں کہ طلب منصب کی دو قسمیں ہے۔ ایک وہ جس میں شرائط طلب پائے جائیں وہ جائز ہے اور ایسے طالب منصب کے لئے جنت کا وعدہ ہے۔ دوسری وہ جو ان شرائط سے خالی ہو، اس کی بنیاد حرص و طمع، ظلم و جور کے سوا کسی چیز پر نہ ہو، ایسی طلب ناجائز ہے اور اس طالب کے لئے نارِ جہنم کی وعید ہے۔ ملاحظہ فرمایئے

عن ابی ہریرۃ قال قال رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم من طلب قضاء المسلمین حتّٰی ینالہ ثم غلب عدلہ جورہ فلہ الجنۃ ومن غلب جورہ عدلہ فلہ النار۔ رواہ ابو داؤد (مشکوٰۃ شریف ص ۳۲۴) (ترجمہ) ’’جس نے قضاء مسلمین کا عہدہ طلب کیا، یہاں تک کہ اسے پا لیا۔ پھر اس کا عدل اس کے جور پر غالب آ گیا تو اس کے لئے جنت ہے اور جس کا ظلم اس کے عدل پر غالب آ گیا تو اس کے لئے دوزخ ہے۔‘‘

اس حدیث میں عہدئہ قضاء طلب کرنے والے کے لئے (جبکہ وہ ظلم سے بچ کر عدل و انصاف کرے) جنت کا وعدہ ہے۔ اگر عہدء قضا کی طلب مطلقاً ناجائز و حرام اور فرمانِ خدا و رسول کے خلاف ہوتی تو ہر حال میں اس پر وعدہ جنت کے بجائے جہنم کی وعید ہوتی۔

مودودی صاحب اس حدیث کے متعلق رقمطراز ہیں ’’یہاں جواز و عدم جواز یا کراہت و استحباب کی بحث ہے ہی نہیں۔‘‘(انتخابی جدو جہد ص ۲۵)

سبحان اللہ! جب کوئی جواب نہ بن پڑا تو آپ نے جواز و عدم جواز کی بحث ہی کو سرے سے اڑا دیا۔

خوب ہو گا کہ نہ سر ہو گا نہ سودا ہو گا

کیا مودودی صاحب فرما سکتے ہیں کہ جن حدیثوں سے انہوں نے طلب منصب کو مطلقاً ناجائز ثابت کرنے کی کوشش کی ہے، ان میں جواز و عدم جواز یا استحباب کی بحث ہے؟

ناظرین کرام غور فرمائیں کہ مودودی صاحب ایک جگہ جواز و عدم جواز کی بحث کو مفید مطلب سمجھ کر تسلیم کر لیتے ہیں اور دوسری جگہ خلافِ مدعا جان کر اس کا انکار فرما دیتے ہیں۔ فیا للعجب!

بہ بیں تفاوت راہ از کجا ست تا بکجا

اب میں بتاؤں کہ شارحین حدیث نے اس حدیث کی کیا تشریح فرمائی ہے۔ علامہ طیبی شارح مشکوٰۃ اس حدیث کی شرح میں فرماتے ہیں

وقد یختلج انہ قد سبق من طلب القضاء وکل الی نفسہ فکیف قسمہ فی ہٰذا الحدیث الی من غلب عدلہ ومن غلبہ جورہ وحاصل مایوجہ بہ الکلام ان المراد بالطلب ہہنا ما یکون للحق واثقًا من نفسہ اقامۃ وطالباً للتوفیق والتائید من اللّٰہ ومثلہٗ لا یکون موکولا الی نفسہ والذی غلب جورہ عدلہ اشارہ الی من لا یکون حالہ کذالک وہو یکون موکولا الٰی نفسہ فیغلب جورہ عدلہ۔ انتہٰی (ترجمہ) ’’یہاں یہ خلجان پیدا ہوتا ہے کہ جب اس سے پہلے حدیث میں یہ گزر چکا ہے جس نے عہدئہ قضا طلب کیا اس کو اس کے نفس کے حوالے کر دیا جاتا ہے۔ تو پھر اس طلب کو باعتبار غلبۂ عدل و غلبۂ جور قسموں (فلہ الجنۃ ولہ النار) کی طرف کیسے منقسم فرمایا۔ اس کا جواب یہ ہے کہ اس حدیث میں (جس طلب پر وعدئہ جنت ہے اس سے) وہی طلب مراد ہے جس میں طالب کو اقامت حق میں اپنے نفس کی جانب سے پورا اطمینان ہو اور بایں ہمہ وہ طالب توفیق و تائید الٰہی بھی ہو۔ اس جیسے شخص کو منجانب اللہ اس کے نفس کے حوالہ نہیں کیا جاتا (بلکہ وہ مؤید من اللہ ہوتا ہے) اور جس طلب میں وعید جہنم ہے، اس سے وہ طلب مراد ہے جس میں طالب کو وہ اقامت حق پر اپنے نفس کی طرف سے وثوقِ کامل نہ ہو (بلکہ وہ اقامت حق سے عاجز ہو یا کسی رعایت و مروت میں ارتکاب ظلم کا اندیشہ رکھتا ہو) نیز وہ توفیق و تائید ایزدی کا طالب بھی نہ ہو۔ الفاظ حدیث ’’والذی غلب جورہ عدلہ‘‘ (جس کا ظلم اس کے عدل پر غالب ہو جائے) ایسے ہی شخص کی طرف اشارہ کر رہے ہیں جس کا حال ایسا نہ ہو (جیسا کہ طالب توفیق کا ہوتا ہے) اور اس کو اس کے نفس کے حوالے کر دیا جاتا ہے تو اس کا ظلم اس کے عدل پرغالب ہو جاتا ہے (یعنی بجز ظلم کے اس سے عدل کا صدور ہی نہیں ہوتا)‘‘

الحمد للّٰہ! علامہ طیبی رحمۃ اللہ علیہ نے اس حدیث کا وہی مطلب بیان کیا ہے جو ہم عرض کر چکے تھے۔ علامہ موصوف نے طلب قضا کی دو قسمیں بیان فرما کر ان تمام شکوک و اوہام کا ازالہ فرما دیا جو مودودی صاحب کے بیان سے پیدا ہوئے تھے اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین خصوصاً حضرت علی مرتضیٰ کرم اللہ وجہہ کی ذواتِ قدسیہ سے وہ الزامات بھی کلیۃً دور کر دئیے جو مودودی صاحب نے ان پر عائد کئے تھے۔

میں اچھی طرح سمجھتا ہوں کہ مودودی صاحب کی اجتہادی نگاہِ بصیرت جس میں حضرت علی کرم اللہ تعالیٰ وجہہ الکریم کے عمل کا کوئی وزن قائم نہیں ہو سکتا، علامہ طیبی کے کلام کو کیا وقعت دے سکتی ہے؟ لیکن اہل حق بھی ایسے شخص کی رائے کو پرپشہ کے برابر بھی نہیں سمجھتے جو مولائے کائنات پر فرمانِ خدا و رسول کی مخالفت کا الزام لگاتا اور ان کی رائے کو حقیر سمجھتا ہے۔

بہر کیف یہ امر آفتاب نصف النہار کی طرح واضح ہو گیا کہ طلب امارۃکے ناجائز ہونے پر مودودی صاحب نے جو روایات پیش کی ہیں ان میں عموم نہیں بلکہ ان کا ایک خاص محل ہے یعنی شرائط طلب مفقود ہونے کی صورت میں حرص و طمع اور دنیاوی مفاد کی خاطر طلب قضاء جائز نہیں۔ احادیث میں ایسی مثالیں بہت مل سکتی ہیں جن میں الفاظ عموم ہونے کے باوجود محل خاص مراد ہے۔ یہاں چند حدیثیں بیان کی جاتی ہیں۔ شاید مودودی صاحب انہیں سمجھنے کی کوشش کریں۔

۱۔ من سکن البادیۃ جفا ومن اتبع الصید غفل ومن اتی السلطان افتتن۔ (رواہ احمد والترمذی والنسائی مشکوٰۃ شریف) (ترجمہ) ’’جس نے دیہاتی سکونت اختیار کی وہ قسی القلب ہو گیا اور جس نے شکار کا پیچھا کیا وہ (اطاعت الٰہی سے) غافل ہو گیا اور جو بادشاہ کے پاس آیا وہ فتنہ میں مبتلا ہو گیا۔‘‘ ۲۔ ایاکم والظن فان الظن اکذب الحدیث وفی روایۃ ولا تنافسوا متفق علیہ۔ (ترجمہ) ’’تم اپنے آپ کو ظن سے بچاؤ اس لئے کہ ظن اکذب الحدیث ہے اور ایک روایت میں ہے کہ تم رغبت نہ کرو۔‘‘ ۳۔ ان المیت لیعذب ببکاء اہلہٖ الیہ۔ (ترجمہ) ’’بے شک میت پر اہل میت کے رونے کی وجہ سے عذاب ہوتا ہے۔‘‘

کیا مودودی صاحب کے نزدیک ان حدیثوں میں بھی عموم و شمول ہے؟ کیا وہ تمام صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم اور سلف صالحین جو دیہات میں سکونت پذیر رہے، معاذ اللہ سب قسی القلب ہو گئے تھے یا جن اکابر ملت نے کبھی شکار کر لیا، مودودی صاحب انہیں لہو و لعب کا مرتکب اور اطاعت الٰہی سے غافل سمجھتے ہیں۔ کیا وہ بزرگانِ ملت جو شرعی ضرورتوں کے پیشِ نظربادشاہوں کے پاس گئے، مبتلائے فتنہ ہو گئے؟ کیا مودودی صاحب بتا سکتے ہیں کہ ہر قسم کا ظن (خواہ وہ کسی مومن کے حق میں حسن ظن ہی کیوں نہ ہو) اکذب الحدیث ہے؟ اور ’’ولا تنافسوا‘‘ کے تحت ہر قسم کا تنافس ممنوع ہے۔ اگر یہاں عموم صحیح ہو تو آیت قرآنی ’’وَفِیْ ذٰلِکَ فَلْیَتَنَافَسِ الْمُتَنَافِسُوْنَ‘‘ کے کیا معنی ہوں گے؟ کیا یہ بات کسی طرح صحیح ہو سکتی ہے کہ ہر میت کو (خواہ وہ کیسا ہی متقی کیوں نہ ہو) اس پر اس کے اہل کے رونے کی وجہ سے ضرور عذاب ہوتا ہے۔

غالباً کوئی معمولی سمجھ والا انسان بھی ان حدیثوں میں عموم و شمول کا قائل نہیں ہو سکتا پھر میری سمجھ میں نہیں آتا کہ استحالہ شرعی کے باوجود مودودی صاحب اپنی پیش کردہ حدیثوں میں عموم و شمول کے کیسے قائل ہو گئے۔

یہاں مودودی صاحب یہ ضرور کہیں گے کہ اس فتنہ کے زمانہ میں اگر طلب حکومت کو پوری طرح بند نہ کیا جائے تو حکومت کے ذمہ دار عہدے نااہلوں سے محفوظ نہیں رہ سکتے۔

اس کے جواب میں گزارش ہے کہ شریعت مطہرہ کے حکم خاص کو عام کر دینا آپ کے اختیار میں نہیں۔ اگر آپ نے ایسا کیا تو یہ ادعائے تشریع ہو گا جس کا دروازہ نبی کریم ﷺ کے بعد بند ہے۔ پھر یہ کہ مسائل دینیہ کو کسی زمانہ میں بھی کسی اعتبار سے ناکافی سمجھنا، انہیں ناقابل عمل قرار دینا ہے۔ ملحدین زمانہ آج کل یہی کہہ رہے ہیں کہ اسلام و قرآن کے احکام آج سے تیرہ سو برس پہلے قابل عمل ہوں گے مگر اس دور کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لئے وہ کسی طرح کافی نہیں ہو سکتے۔

امیدواری کے بالعموم ناجائز ہونے کو اگر آپ اسلام کا مستقل اصول قرار دینے کے بجائے اسے اپنے ’’انتخابی دستور‘‘ کا ایک اصول بنا لیتے جیسا کہ عام طور پر انجمنیں اور جماعتیں قواعد و ضوابط کے ضمن میں اپنے اصول و آئین وضع کر لیتی ہیں تو اس صورت میں متوقع مفاسد کا انسداد بھی ہو جاتا اور ہمیں اس مسئلہ میں آپ کے ساتھ کوئی اختلاف بھی نہ رہتا۔

آگے چل کر مودودی صاحب نے حضرت علی اور حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہما کی کمزوریاں بیان کرتے ہوئے حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے آخری وقت کے وہ الفاظ نقل کئے ہیں جو انہوں نے حضرت عثمان اور حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہما کو مخاطب کر کے ارشاد فرمائے تھے۔

وما یمنعنی منک یا عثمان الا عصبیتک وحب قومک وما یمنعنی منک یا علی الا حرصک علیہا وانک احدی القوم ان ولیتہا ان تستقیم علی الحق المبین الصراط المستقیم۔ (الامامۃ والسیاسۃ لابن قتیبہ ص ۲۳) (انتخابی جدو جہد ص ۲۸) (ترجمہ) ’’اے عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ مجھے تم کو اپنا جانشین تجویز کرنے سے کوئی چیز نہیں روکتی مگر یہ کہ تم اپنے خاندان (بنی امیہ) کے لئے تعصب رکھتے ہو اور ان کی محبت میں گرفتار ہو اور اے علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ تم کو اپنا جانشین بنانے سے مجھے کوئی چیز نہیں روکتی مگر یہ کہ تم اس کے خواہش مند ہو ورنہ حق یہ ہے کہ اس پورے گروہ میں سب سے بڑھ کر تم ہی ایسے آدمی ہو کہ اگر منصب خلافت پر مقرر کئے جاؤ تو ٹھیک ٹھیک حق اور راہِ راست پر قائم رہو گے۔‘‘

مطلب یہ ہے کہ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو منصب خلافت کے لئے ان کی اس کمزوری کی وجہ سے تجویز نہ کیا کہ وہ اپنی قوم (بنی امیہ) کے لئے تعصب رکھتے تھے اور ان کی محبت میں گرفتار تھے اور حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ باوجودیکہ ان کی نظر میں سب سے زیادہ خلافت کے اہل تھے اور منصب خلافت پر قائم کئے جانے کے بعد وہ ٹھیک ٹھیک حق مبین اور صراطِ مستقیم پر قائم رہتے مگر ان میں کمزوری یہ تھی کہ وہ منصب خلافت کے خواہش مند اور اس پر حریص تھے اس لئے حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے انہیں بھی منصب خلافت کے لائق نہ سمجھا۔

مودودی صاحب کا یہ اندازِ بیان ان کے اس مقصد کو واضح کر رہا ہے کہ وہ مقولہ کو نقل کر کے لوگوں کے ذہن میں اپنے اس نظریہ کی پختگی پیدا کرنا چاہتے ہیں کہ منصب حکومت کے خواہش مند کو (خواہ اس میں کتنے ہی اہل کیوں نہ پائے جائیں اور وہ اس کا کتنا ہی حقدار کیوں نہ ہو، کسی حال میں وہ منصب دینا جائز نہیں)

لیکن قابل غور یہ امر ہے کہ اگر یہاں جواز و عدم جواز کی بحث کو تسلیم کر لیا جائے تو اس مقولہ کی رو سے جس طرح منصب حکومت کے خواہش مند کو وہ منصب دینا ناجائز ثابت ہوگا۔ بالکل اسی طرح اپنی قوم کے لئے عصبیت رکھنے والے اور ’’محب خاندان‘‘ کو بھی حکومت کا کوئی عہدہ دینا ناجائز ثابت ہو جائے گا۔ نتیجہ واضح ہے کہ مودودی صاحب کے نظریات کی بنا پر جیسے حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی خلافت ناجائز قرارپا چکی ہے۔ ویسے ہی حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی خلافت بھی ناجائز قرار پائے گی اور یہ حقیقت ہے کہ مودودی صاحب حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو خلافت کا اہل نہیں سمجھتے۔ ان کے نزدیک حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی خلافت کے زمانہ میں اسلام کا اجتماعی نظام صحیح معنی میں اسلامی نہ تھا بلکہ اس میں جاہلیت (کفر و شرک) کی آمیزش ہو چکی تھی۔ دیکھئے وہ تجدید و احیاء دین میں صاف لکھتے ہیں

’’اور دوسری طرف حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ جن پر اس کارِ عظیم (خلافت) کا بار رکھا گیا تھا ان تمام خصوصیات کے حامل نہ تھے جو ان کے جلیل القدر پیش روؤں کو عطا ہوئی تھیں اس لئے جاہلیت کو اسلامی نظام اجتماعی کے اندر گھس آنے کا راستہ مل گیا۔‘‘ (تجدید و احیائے دین ص ۲۲)

ناظرین کرام غور فرمائیں کہ اس عبارت میں کس دلیری سے مودودی صاحب نے حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی نااہلی بیان فرمائی ہے اور کس انوکھے طرز میں ان کی خلافت کو جاہلیت میں تبدیل کر دیا۔

مودودی صاحب کی نظر میں خلافت راشدہ کا عبرتناک انجام موددودی صاحب نے تجدید و احیاء دین کے صفحہ ۲۲ پر خلافت راشدہ کا ذکر کرتے ہوئے صرف حضرت ابو بکر و حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما کو کامل لیڈر (۱) قرار دیا ہے۔ حضرت عثمان اور حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہما کی خلافت کو خلافت راشدہ نہیں کہا۔ اس لئے ان کے نزدیک حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی خلافت سرے سے جائز ہی نہ تھی۔ پھر وہ خلافت راشدہ کیسے ہوتی؟ اور حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ ان کے نزدیک خلافت کے اہل نہ تھے۔ اسی لئے انہوں نے حضرت عثمان کی خلافت کے چند ابتدائی سالوں میں وہ نقشہ تسلیم کیا ہے جو نبی ﷺ نے قائم فرمایا تھا۔ باقی تمام دور عثمان ان کے خیال میں جاہلیت کی نظر ہو گیا کیونکہ جب بقول ان کے اسلامی نظام میں جاہلیت گھس آئی تو اسلام یقینا رخصت ہو گیا۔ اس لئے کہ جاہلیت کے ساتھ اسلام کا اجتماع کسی طرح ممکن ہی نہیں۔ اس صورت میں مودودی صاحب کے نزدیک خلافت راشدہ کا جو عبرتناک انجام ہوا وہ ظاہر ہے کہ چند ابتدائی سالوں کے علاوہ خلافت عثمان کا سارا دور جاہلیت کی بھینٹ چڑھ گیا اور لطف یہ ہے کہ اس وقت سے لے کر آج تک جاہلیت کا وہ طوفان بڑھتا ہی رہا۔ حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اس کو روکنے کے لئے اپنا سر دیا مگر بے کار رہا۔ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جان قربان کی مگر کچھ نہ ہوا۔ حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی خلافت کے چند ابتدائی سالوں کے بعد اسلامی نظام جاہلیت کی لپیٹ میں آ گیا اور اب تک جاہلیت کے زیر اثر ہے۔ اب مودودی صاحب اس کو از سرِ نو اصلی صورت میں قائم کر کے مہدویت کے فرائض انجام دیں گے۔

یہ حقیقت ہے کہ مودودی نظریات کی روشنی میں اس خلافت علی منہاج النبوت کہ جس کی بنیادوں پرانہوں نے بزعم خود اپنی تحریک کو قائم کیا ہے۔

مجھے حیرت ہے کہ مودودی صاحب اتنی سیدھی اور صاف بات کو بھی نہ سمجھ سکے کہ اگر حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے نزدیک خلافت کے خواہش مند کو خلافت دینا ناجائز ہوتا تو وہ ان چھ آدمیوں میں حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو کیسے شامل (۱) کر لیتے جن کی طرف امر خلافت کو مفوض فرمایا تھا۔ کیا ان کی نظر سے بخاری شریف کی یہ حدیث بھی نہیں گزری

عن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ قال ما اجد احق بہٰذا الامر من ہٰؤُلاء النفر الذین تو فٰی رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم وہو عنہم راض فسمی علیا وعثمٰن والزبیر وطلحۃ وسعدًا وعبد الرحمٰن۔رواہ البخاری۔ مشکٰوۃ ص ۵۶۵ (ترجمہ) ’’حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے (آخری وقت میں) فرمایا کہ ان لوگوں سے زیادہ خلافت کا حق دار کون ہو سکتا ہے جن کے راضی ہونے کی صورت میں رسول اللہ ﷺ نے وفات فرمائی۔ پھر حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے علی، عثمان، زبیر، طلحہ، سعد اور عبدالرحمن (رضی اللہ عنہم اجمعین) کا نام لیا۔ اس حدیث کو بخاری نے روایت کیا۔‘‘

ہمارے نزدیک حضرت عثمان اور حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہما کو منصب خلافت کے لئے تجویز کرنے میں حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا اپنی ہچکچاہٹ ظاہر کرنا ان دونوں حضرات میں کسی کمزوری کے احساس کی بنا پر نہ تھا بلکہ اس احساسِ ذمہ داری اور خوفِ خدا پر مبنی تھا جو ایک عظیم الشان پرہیزگار، متقی امیر المومنین ہونے کی حیثیت سے ان کے شایانِ شان تھا ورنہ وہ جانتے تھے کہ عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے دل میں اپنی قوم کے لئے عصبیت و محبت کا جذبہ کسی نفسانی خواہش کی بنا پر نہیں بلکہ وہ ’’رُحَمَائُ بَیْنَہُم‘‘ کا مظہر کامل ہیں اور ان کی اس عصبیت و محبت کا دار و مدار اللہ تعالیٰ کے اس فرمان پر ہے کہ تم ذوی القربیٰ کے ساتھ صلہ رحمی اور احسان کرو۔ اسی طرح حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی خواہش بھی ان کے نزدیک طمع نفسانی اور خواہشات دنیوی کی بنا پر نہ تھی۔ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ خوب سمجھتے تھے کہ علی مرتضیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ محض رضائے الٰہی کی خاطر منصب خلافت کے خواہش مند ہیں۔ اگر انہیں ان دونوں بزرگوں میں ذرہ برابر کمزوری نظر آتی تو وہ ان چھ صحابہ رضی اللہ تعالیٰ عنہم میں حضرت عثمان اور حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہما کو ہرگز شامل نہ کرتے جنہیں خلافت کا معاملہ سونپا تھا کیونکہ ایسا کرنا فاروقِ اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے احساسِ ذمہ داری، خوفِ خدا، حزم و احتیاط اور ان کی سیاسی بصیرت کے قطعاً منافی تھا۔ پھر حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ اپنے اس مقولہ میں ان مطلب پرست اور اقتدار پسند لوگوں کے لئے رشد و ہدایت کا ایک پیغام بھی دے گئے جو حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی عصبیت قومی اور حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی امیدواریٔ خلافت کو آڑ بنا کر اپنی نفسانی خواہشات کو پورا کرنے والے ہوں گے۔

مختصر یہ ہے کہ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے نزدیک حضرت عثمان کی عصبیت و محبت قومی ان کے حق میں کوئی کمزوری تھی نہ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی امیدواریٔ خلافت فرمانِ خدا و رسول کی خلاف ورزی بلکہ دونوں مقدس ہستیوں کا جذبۂ محبت و طلب، تعمیل ارشادِ ایزدی اور تحصیل رضائے الٰہی پرمبنی تھا۔ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ان کی نامزدگی خلافت میں اپنے قول سے اپنی ہچکچاہٹ ظاہر کر کے ایک طرف تو اپنے احساسِ ذمہ داری کا اظہار کر دیا اور دوسری طرف خلافِ شرع قومی عصبیت رکھنے والوں اور طمع دنیوی کی خاطر منصب حکومت کے امیدواروں کو تنبیہ فرما دی کہ تم اپنی اس ناجائز قومی عصبیت اور حب ریاست کی وجہ سے منصب حکومت کے اہل نہیں ہو سکتے۔ پھر ان دونوں بزرگوں کو مستحقین خلافت میں شامل کر کے عملی طور پر دونوں کی پوزیشن کو واضح کر دیا تاکہ کسی دشمن کو ان پر ناجائز عصبیت اور دنیاوی حرص کی خاطر طلب خلافت کا الزام لگانے اور انہیں خدا و رسول ﷺ کے فرمان کا مخالف کہنے کا موقع نہ ملے۔