مکالمہ کاظمی و مودودی اور ہمارے دیگر مضامین سے اہل بصیرت پر مودودی صاحب کے مشن کی حقیقت واضح ہو گئی ہے لیکن بعض بھولے بھالے مسلمان جو ابھی تک ان کی ہمنوائی کر رہے ہیں اور ان کی تحریک کے ظاہری حسن و جمال پر شیفتہ و فریفتہ نظر آتے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کی نگاہیں ابھی ان ہفت رنگ پردوں سے متجاوز نہیں ہوئیں جس کو نظام اسلامی و خدا ترسی، ایمانداری، کتاب و سنت کی پیروی، حکومت الٰہیہ، اخلاقی تزکیہ اور صالحیت وغیرہ کے نظر فریب نقوش سے مزین کر دیا گیا ہے جس وقت مودودیت اپنے اصلی خدو خال کے ساتھ ان کے سامنے بے نقاب ہو گی۔ ان شاء اللہ اسی دم وہ اس سے متنفر ہو جائیں گے اور بے ساختہ کہہ اٹھیں گے
خود غلط بود آنچہ ما پندا شتیم
شدید ضرورت ہے کہ عامۃ المسلمین کو اس فتنہ سے بچانے کے لئے جس قدر جلد ہو سکے پوری پوری اور ٹھوس کوشش کی جائے کیونکہ کچھ مدت گزرنے کے بعد اگر لوگوں کے دلوں میں مودودیت راسخ ہو گئی تو پھر ان کو اس سے نفرت دلانا اور بچانا ایسا ہی دشوار ہو جائے گا جیسا کہ فتنۂ مرزائیت کے جڑ پکڑ جانے کی وجہ سے مسلمانوں کو اس سے بچانے اور اسلام میں واپس لانے میں دشواریاں حائل ہیں اور ہم بڑے سے بڑے اقدام پر بھی کامیابی کی منزل سے ہم کنار نہیں ہوتے۔
مسلمانوں کی فطرت مسلمان اپنی اسلامی فطرت کی وجہ سے ہمیشہ اسلام اور اسلامیات کا دلدادہ رہا ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ وہ عہد رسالت سے بُعد یا صحیح اسلامی تعلیم کی کمی کے باعث کسی ایسے دشمن اسلام کے فریب کا شکار ہو جائے جس نے اسے اسلامی رنگ کے جال میں پھانس رکھا ہو لیکن اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ مسلمان نے جب بھی کسی کی آواز پر لبیک کہا، یہ سمجھ کر کہا کہ بلانے والا اسے اسلام ہی کی طرف بلا رہا ہے۔
تاریخ اسلام شاہد ہے کہ ساڑھے تیرہ سو برس کے عرصہ میں جس شخص نے بھی امت مسلمہ کو اپنے اغراض و مقاصد کے لئے استعمال کیا اس نے اس کے سامنے بظاہر اسلام اور اسلامیات ہی کو رکھا۔
خوارج نے ’’اِنِ الْحُکْمُ اِلَّا لِلّٰہِ‘‘ (حکومت الٰہیہ) کا جھنڈا بلند کر کے مسلمانوں کے گروہ عظیم کو علی مرتضیٰ کرم اللہ تعالیٰ وجہہ سے بغاوت اور قتال و جدال پر آمادہ کیا اور مسلمانوں میں وہ شدید خونریزی کرائی جس کی سرخی سے اسلامی دنیا کی سرزمین قیامت تک داغدار رہے گی۔
روافض نے حب اہل بیت رسول اللہ ﷺ کی آڑ میں اپنا کام کیا۔ معتزلہ نے عدل و توحید کا حسین نقشہ امت مسلمہ کو دکھایا۔ چکڑالویوں نے قرآن کے نام پر مسلمانوں کو پکارا۔ غیر مقلدوں نے حدیث کی طرف دعوت دی۔ وہابیوں، دیوبندیوں نے توحید کے نعرے لگا کر امت مسلمہ پر شرک کے فتوے لگائے اور اتباعِ سنت و ردِّ بدعت کے پردہ میں خارجیت و نجدیت کا پرچار کیا۔ مشرقی نے اسلامی عسکری تنظیم اور تربیت جہاد کے خوشنما جال میں مسلمانوں کو پھانس کر گمراہ کرنے کی کوشش کی۔
مودودی صاحب بھی اسی راہ پر چل رہے ہیں۔ اسلامی جماعت، اسلامی نظام، تقویٰ، طہارت اور صالحیت کے خوبصورت الفاظ جو ابھی تک شرمندہ معنی نہیں ہو سکے۔ مسلمانوں کو اپنا آلہ کار بنانے کے لئے استعمال کئے جا رہے ہیں اور بھولے بھالے مسلمان جو اس پُر آشوب دور میں فی الواقع اسلامی قیادت اور صحیح رہنمائی کے خواہش مند ہیں، اپنے دینی جذبات سے مجبور ہو کر محض لفظی اسلام اور فرضی نظام قرآن کی طرف دوڑ رہے ہیں۔ مگر انہیں معلوم نہیں کہ چشمۂ ہدایت کی مضطربانہ جستجو میں جس چیز کو انہوں نے آب سمجھ رکھا ہے، وہ آب نہیں بلکہ سراب ہے۔
اس گئے گزرے دور میں بھی (جس کے متعلق مودودی صاحب کا خیال ہے کہ اس وقت نہ خالص اسلام ہے، نہ مخلص مسلمان، دونوں میں جاہلیت (کفر و شرک) کی آمیزش ہو چکی ہے) ہم دیکھتے ہیں کہ مسلمان، اسلام اور اسلامیات کے نام پر بڑی سے بڑی قربانی کرنے کے لئے آمادہ ہے۔ حصولِ پاکستان سے پہلے مسلم لیگ کی کامیابی اسی جذبۂ قربانی کی رہین منت تھی بلکہ خود قیام پاکستان، مسلم قوم کے اسی دینی جذبہ کا نتیجہ ہے۔
مسلم لیگ کا نصب العین پاکستان تھا اور پاکستان کی بنیاد ’’لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ‘‘ قرار دی گئی۔ اگر ایسا نہ ہوتا تو مسلم لیگ کامیاب ہوتی نہ پاکستان قائم ہو سکتا۔
کروڑوں مسلمان جب اسلام اور ’’لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ‘‘ کی روح پرور صداؤں کے سہارے اپنے قائدین کے پیچھے حصولِ پاکستان کی دشوار گزار گھاٹیوں کو آنکھیں بند کئے ہوئے طے کر رہے تھے۔ جب اس راہ میں لاکھوں نفوس کو قربان کرتے ہوئے منزلِ مقصود پر پہنچے اور آنکھیں کھولیں تو پاکستان کا متعینہ احاطہ ضرور نظر آیا مگر ’’لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ‘‘ کی بنیادوں کو آج تک ان کی نگاہیں تلاش کر رہی ہیں۔
اس ماحول میں مسلمان کا موقف بالکل وہی تھا جو شدید پیاس کی حالت میں پانی تلاش کرتے ہوئے ریگستان میں پہنچنے کے بعد ایک پیاسے کا ہوتا ہے۔ اس وقت اگر پانی کی شکل میں اسے زہر دکھا دیا جائے تو وہ اس کی طرف بھی لپکے گا اور اسے حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔
مودودی صاحب نے (جو پہلے ہی سے اس تاک میں بیٹھے ہوئے تھے کہ کوئی ایسا موقعہ ہاتھ آئے کہ امت مسلمہ کو اپنے مخصوص اغراض و مقاصد اور اقتدار حاصل کرنے کے لئے آلہ کار بنایا جائے) موقعہ کو غنیمت جان کر بروقت اسلامی نظام کا نعرہ لگا دیا اور اپنے حواریین کی اعانت سے ملک کے طول و عرض میں ایک ہڑبونگ مچا دی، جس کا لازمی نتیجہ نفسیاتی اصول کے مطابق یہی ہو سکتا تھا کہ وہ مسلمان جو خالص اسلامی حکومت قائم ہونے کے لئے بے مثال قربانیاں دے کر بھی ناکام رہے، مودودی صاحب کے اسلامی نعروں سے متاثر ہو گئے اور فی الجملہ ان کی تحریک کی تائید کرنے لگے۔
اگر بعض اہل بصیرت کے سامنے مودودی صاحب کچھ نہ کچھ کھل گئے ہوتے تو یقینا ان کی تحریک بہت آگے بڑھ جاتی۔ مگر ملک کے اکثر اہل نظر پہلے سے ان کے اصلی روپ میں انہیں دیکھ چکے تھے اور بعض لوگوں نے اس کشمکش کے دور میں ان کے مد و جذر سے انہیں پہچاننے کی کوشش کی، اس لئے ابھی تک انہیں حسب منشا کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ تاہم اس بات کی شدید ضرورت ہے کہ عامۃ المسلمین پر یہ حقیقت واضح کر دی جائے کہ مودودی صاحب کو جس مرض کی دوا سمجھا جا رہا ہے وہ فی الواقع اس کی دوا نہیں۔ اگر آپ لوگ صحیح معنی میں اسلامی نظام کے حامی ہیں اور اپنی حکومت کو اسلامی بنیادوں پر قائم کرنا چاہتے ہیں تو صحیح العقیدہ مسلمانوں کی مرکزی تنظیم کا کام پوری قوت سے کیجئے اور ایوانِ حکومت میں ایسے لوگوں کو بھیجئے جو حقیقتاً اسلام دوست اور اسلامی نظام کے حامی ہوں۔
مودودی صاحب اپنے منہ لاکھ میاں مٹھو بنیں یا ان کے حواری انہیں کتنا ہی بلند پایہ صالح، متقی اور مجدد و مجتہد بلکہ امیر الصالحین اور امام المہدی بنا ڈالیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ مودودی صاحب اور ان کے مشن کو جمہور مسلمانوں کے مذہب سے دور کا واسطہ بھی نہیں۔
مودودی صاحب کی تحریک کا پس منظر مودودی صاحب نے اپنی تحریک کی بنیاد حکومت الٰہیہ پر قائم کی ہے۔ حکومت الٰہیہ کے لفظ میں مسلمانوں کے لئے جو بے پناہ جاذبیت ہے محتاجِ بیاں نہیں۔
اگرچہ وہ قیام پاکستان کے بعد حکومت الٰہیہ کا لفظ کبھی اتفاقیہ ہی بول جاتے ہیں اور اب نئے ماحول میں بتقاضائے مصلحت انہوں نے اسی پرانے چولہ پر ’’اسلامی نظام‘‘ کا عبائے جدید پہن لیا ہے اور بجائے حکومت الٰہیہ کے، نظام اسلامی کا نعرہ لگا رہے ہیں لیکن جب کبھی بادِ مخالف کے جھونکے سے اس عبا کا دامن اٹھ جاتا ہے تو حکومت الٰہیہ کا وہ پرانا چولہ صاف نظر آنے لگتا ہے۔ یقین نہ ہو تو ۱۳؍ جنوری ۱۹۵۱ء کے ’’کوثر‘‘ میں مودودی صاحب کے ایک مضمون کے ضمن میں نمایاں طور پر دیکھ لیجئے ’’حکومت الٰہیہ اور اسلام‘‘
جمہور مسلمان ابھی تک اس حقیقت سے بے خبر ہیں کہ جس حکومت الٰہیہ کی شاہراہِ عمل ایک ایسی (۱) مستقل قوتِ اجتہادیہ سے تعمیر کی جائے جو مجتہدین سلف میں سے کسی ایک کے علوم و منہاج کی پابند نہ ہو (خواہ وہ مجتہدین سلف امام اعظم ابو حنیفہ، امام شافعی، امام مالک، امام احمد بن حنبل ہوں یا ان کے علاوہ کوئی اور امام ہو) اور جس کے بانی کی نظر میں امت (۲) مسلمہ کے بڑے سے بڑے جلیل القدر الٰہیین (اللہ والے اور خدا پرست لوگ) اسلام کے مستقل اصول کی خلاف ورزی کرنے والے ہوں۔ نیز اس کے خیال میں شاہ ولی اللہ اور ان سے پہلے کے مجتہدین و مجددین کی اجتہادی بصیرت بھی ناکافی ـ(۳) ہو۔
حتیٰ کہ امام غزالی (۱)، مجدد الف ثانی اور شاہ ولی اللہ جیسے لوگ اس کے نزدیک ناقص اور غلط کار ہوں، اس کی بنیاد کس چیز پر قائم ہو گی۔
اگر آپ اس حکومت الٰہیہ کی جڑ بنیاد تلاش کرنا چاہتے ہیں تو آیئے ہم آپ کو بتائیں۔ امام ابو عبد الرحمن احمد بن شعیب نسائی اپنی مشہور تصنیف کتاب خصائص امیر المؤمنین علی ابن ابی طالب مطبوعہ مصر ص ۳۲ پر ارقام فرماتے ہیں
عن عبد اللّٰہ بن ابی رافع ان الحروریۃ لما خرجت وہم مع علی ابن ابی طالب رضی اللّٰہ عنہ فقالوا لاحکم الا للّٰہ قال علی رضی اللّٰہ عنہ کلمۃ حق ارید بہا الباطل الحدیث
حضرت عبد اللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بن ابی رافع فرماتے ہیں کہ جب حروریہ خوارج نے خروج کیا اور وہ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ساتھ تھے تو انہوں نے کہا کہ اللہ کے سوا حکم کسی کے لئے نہیں ہے۔ حضرت علی مرتضیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ان کے جواب میں فرمایا کہ بات حق ہے مگر کہنے والے کی مراد باطل ہے۔
مسلمانوں کو اچھی طرح سمجھ لینا چاہئے کہ یہ وہی نعرہ ہے جو آج سے تقریباً تیرہ سو برس پہلے حضرت علی مرتضیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے دشمنوں نے ان کے مقابلے میں لگا یا تھا۔ آج ہمیں بھی اس کے جواب میں وہی کہنا چاہئے جو مولائے کائنات سیدنا علی مرتضیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا تھا کہ بات حق ہے مگر کہنے والوں کی مراد صحیح نہیں۔
ہمارے ناظرین کو تعجب ہو گا کہ خوارج تو حضرت علی مرتضیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے کھلے دشمن تھے۔ مودودی صاحب نے حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ساتھ کیا مخالفت کی ہے کہ ان کی تحریک کو تحریک خارجیت کی نشاۃ ثانیہ کہا جائے۔ لیکن چند سطور پڑھنے کے بعد یہ امر ان پر خود بخود روشن ہو جائے گا کہ اس تعجب کی وجہ صرف یہ ہے کہ ابھی تک انہوں نے گہری نظر سے مودودیت کا مطالعہ نہیں کیا۔ ذیل کی عبارات کو ذرا غور سے پڑھیئے
منصب حکومت اور اس میں ذمہ دار عہدہ کو حاصل کرنے کی خواہش و امیدواری کے متعلق مودودی صاحب لکھتے ہیں امیدواری اپنی اصل حقیقت کے اعتبار سے حکومت کی ہوس، طاقت کی حرص اور اقتدار کے لالچ کا دوسرا نام ہے۔ یہ چیز بجائے خود اس امر کی دلیل ہے کہ جو شخص یا گروہ امیدوار بن کر اٹھ رہا ہے، وہ حکومت کی بھاری ذمہ داریوں کے بجائے اس کے فوائد و منافع پر نظر رکھتا ہے۔ ورنہ ظاہر ہے کہ جس کی نظر فوائد کے بجائے اس کام کی ذمہ داریوں پر ہو اور اسے احساس ہو کہ خدا اور خلق کے سامنے اس کی کیسی سخت جواب دہی اس کو کرنی پڑے گی وہ اس بارِ عظیم کو خود اٹھانے کا خواہش مند نہیں ہو سکتا۔ اِلَّا یہ کہ یہ بوجھ اس پر ڈال دیا جائے۔
لہٰذا امیدواری فی نفسہٖ ایک ایسی علامت ہے جس سے پتہ چل جاتا ہے کہ جس شخص میں یہ چیز پائی جاتی ہے اس کا نفس احساسِ ذمہ داری سے خالی اور حرص و طمع کے جذبات سے لبریز ہے۔ (انتخابی جدوجہد ص ۴)
اے کاش! مودودی صاحب اس حرص و ہوس، لالچ اور طمع کے دائرہ کو صرف ’’ارباب غرض امیدواروں‘‘ اور ’’اقتدار پسند خواہش مندوں‘‘ تک محدود رکھتے، اسے ضابطہ کلیہ اور مستقل اصول نہ قرار دیتے تو اس کے ذیل میں وہ پاک باطن اکابر امت نہ آتے جنہوں نے ہر قسم کے اغراض دنیوی سے بالا تر ہو کر محض رضائے الٰہی حاصل کرنے کے لئے منصب حکومت کی امیدواری کی یا اس کے خواہشمند ہوئے مگر مودودی صاحب نے اسے اسلام کا ایک مستقل اصول قرار دے دیا جس کی زد سے کوئی بھی نہیں بچ سکتا
ناوک نے تیرِ صید نہ چھوڑا زمانے میں تڑپے ہیں مرغ قبلہ نما آشیانے میں
’’اسلام اسی وجہ سے امیدواری کا مخالف ہے۔ اس نے یہ مستقل اصول قائم کیا ہے کہ حکومت میں ذمہ داری کا کوئی منصب کسی ایسے شخص کو نہ دیا جائے جو خود اس کا طالب ہو۔‘‘ (انتخابی جدوجہد ص ۷)
اس عبارت میں مودودی صاحب نے صرف طلب منصب کو اسلام کے مستقل اصول کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ اب یہ مودودی صاحب ہی کی زبان سے سنیئے کہ اسلام کے اس مستقل اصول کی خلاف ورزی کرنے والوں میں کون کون سی ہستیاں شامل ہیں۔ ارشاد فرماتے ہیں
’’اس پورے گروہ میں صرف حضرت سعد بن عبادہ ایک ایسے شخص تھے جن کے اندر امیدواری کی بو پائی جاتی تھی مگر سب کو معلوم ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین میں سے کسی نے بھی ان کا ساتھ نہ دیا، نہ ان کی روش کو پسند کیا اور مرتے دم تک وہ منفرد ہی رہے۔‘‘ (انتخابی جدو جہد ص ۲۷)
آگے چل کر صفحہ ۲۸ پر حضرت علی مرتضیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے متعلق فرماتے ہیں
’’پھر جو روایات آپ کے دعوائے خلافت کے ثبوت میں پیش کی جاتی ہیں ان سے بھی یہ ثابت نہیں ہوتا کہ آپ نے اس منصب کو حاصل کرنے کے لئے کوئی جدوجہد کی تھی بلکہ صرف اتنا ثابت ہوتا ہے کہ آپ اس کے خواہش مند تھے۔‘‘
اس کے بعد مودودی صاحب نے اس سے زیادہ کھلے لفظوں میں حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو خلافت پر حریص اور اس کا خواہش مند قرار دیا ہے۔ چنانچہ اسی صفحہ ۲۸ پر حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے آخری وقت کا ایک مقولہ نقل فرمایا ہے جس کے الفاظ حسب ذیل ہیں
وما یمنعنی منک یا علی الا حرصک علیہا ’’اور اے علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ تمہیں اپنا خلیفہ تجویز کرنے سے مجھے کوئی چیز نہیں روکتی مگر یہ کہ تم (اس پر حریص اور) اس کے خواہش مند ہو۔‘‘
مودودی صاحب کی ان عبارات کو، ان کے مستقل اصول اور حرص و ہوس، لالچ اور طمع کے حکم سے ملایئے تو نتیجہ واضح ہے کہ حضرت سعد بن عبادہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت علی مرتضیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ دونوں حرص و ہوس اور لالچ و طمع میں گرفتار اور اسلام کے مستقل اصول کے مخالف تھے۔
اگر مودودی صاحب کے دل میں ان بزرگوں کی ذرہ برابر بھی وقعت ہوتی تو وہ اپنے اس نظرئیے پر نظرثانی کرتے اور جن دلائل کی روشنی میں انہوں نے یہ نظریہ قائم کیا تھا، ان میں غور کر کے اس بات کو سمجھنے کی کوشش کرتے کہ یہ بزرگ جن کی موجودگی میں سارا قرآن کریم نازل ہوا اور ان کی تمام عمر رسول اللہ ﷺ کی ہمراہی میں گزری، جن کو آقائے نامدار ﷺ نے اپنی مبارک زبان سے نجوم ہدایت فرمایا اور ان کے حق میں ’’علیکم بسنتی وسنۃ الخلفاء الراشدین المہدیین‘‘ ارشاد فرما کر امت مسلمہ کو ان کی سنت پر عمل کرنے کا حکم دیا، وہ کس طرح اسلام کے مستقل اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والے ہو سکتے ہیں اور اس نظر کے مطابق انہیں کیونکر حریص اور لالچی قرار دیا جا سکتا ہے؟ اور یہ بات ان کی شان کے لائق کب ہو سکتی ہے کہ ان کے نفوسِ قدسیہ احساسِ ذمہ داری سے خالی ہوں۔
مگر مودودی صاحب کو ان چیزوں پر غور کرنے کی ضرورت ہی کیا تھی؟ وہ تو اپنے مقابلہ میں کسی کو کچھ سمجھتے ہی نہیں۔ انہوں نے آگے چل کر ایک سیشن جج کی صورت میں حضرت سعد بن عبادہ انصاری اور حضرت علی مرتضیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہما کی اس امیدواری کے خلاف نہ صرف بلکہ آخری فیصلہ صادر فرما دیا۔ جس کی اپیل حکومت الٰہیہ میں بھی نہ ہو سکے۔
آخری فیصلہ کن بات اس مسئلہ میں یہ ہے کہ اگر صحابہ کرام یا بزرگانِ سلف میں سے کسی کا عمل ایک طرف ہو اور اللہ اور رسول کے صاف صاف ارشادات دوسری طرف تو ہمارے لئے یہ کسی طرح جائز نہیں کہ خدا اور رسول کے فرمان کو چھوڑ کر کسی بزرگ کے عمل کو اپنے لئے قانونِ زندگی قرار دیں۔
جس کا جو عمل بھی فرمانِ خدا و رسول سے مختلف ہو وہ ایک لغزش ہے نہ کہ حجت ان بزرگوں کی خوبیاں اور خدمات اتنی تھیں کہ ان کی لغزشیں معاف ہو جائیں گی مگر ہم سے زیادہ بد قسمت کون ہو گا؟ اگر ہم اپنے گناہوں کے ساتھ اگلے پچھلے بزرگوں کی لغزشیں بھی چن چن کر اپنی زندگی میں جمع کر لیں۔
دیکھا آپ نے مودودی صاحب کا زورِ بیان اور حاکمانہ انداز کس جرأت اور بے باکی سے حضرت سعد بن عبادہ اور حضرت علی مرتضیٰ کو فرمانِ خدا کا مخالف قرار دے رہے ہیں اور ان کے عمل کو لغزش بتا رہے ہیں۔ مودودی صاحب کی نوک قلم سے بھی لغزش نہیں ہو سکتی اور علی مرتضیٰ اور سعد بن عبادہ رضی اللہ تعالیٰ عنہما کا دل و دماغ عمر بھر لغزش میں مبتلا رہ سکتا ہے۔ العیاذ باللّٰہ والیہ المشتکی
حضور سید عالم ﷺ نے علاماتِ قیامت بیان فرماتے ہوئے سچ فرمایا تھا ولعن اٰخر ہذہ الامۃ اولہا۔ (رواہ الترمذی۔ مشکوٰۃ شریف ص ۴۷۰) ’’اس امت کے پچھلے لوگ، پہلے لوگوں کے حق میں طعن و تشنیع کریں گے۔‘‘
مودودی صاحب نے عملاً اس حدیث کی تصدیق فرمائی اور خوارج کی طرح صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم، خصوصاً حضرت علی مرتضیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو فرمانِ خدا و رسول کا مخالف کہہ کر اپنی اصلیت ظاہر کر دی۔
پھر انہوں نے اسی پر اکتفا نہیں کیا کہ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو لالچی، حریص، فرمانِ خدا و رسول کا مخالف قرار دے کر چھوڑ دیا بلکہ درحقیقت ان کی خلافت کی جڑ کاٹ دی۔
ابھی آپ پڑھ چکے ہیں کہ مودودی صاحب نے اسلام کا مستقل اصول بتایا ہے کہ حکومت میں کوئی ذمہ دار منصب کسی ایسے شخص کو نہ دیا جائے جو اس کا خواہش مند اور امیدوار ہو اور یہ بھی آپ نے انہی کی زبان سے سن لیا کہ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ منصب خلافت کے طالب اور اس کے خواہش مند تھے۔ اسی جرم کی پاداش میں تو وہ حضرت علی مرتضیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے عمل کو فرمانِ خدا و رسول سے مختلف اور لغزش قرار دے چکے ہیں۔
حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا خلیفہ ہونے تک امیدوار خلافت رہنا ایک ایسی حقیقت ہے جس کا انکار نہیں کیا جا سکتا۔ اجمالاً مودودی صاحب اسے تسلیم کر چکے ہیں اور تفصیل دیکھنی ہو تو تاریخ الخلفاء میں حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا بیان پڑھ لیجئے۔ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں
فلما قبض تذکرت فی نفسی قرابتی و سابقتی وسالفتی وفضلی وانا اظن ان لا یعدل بی جب حضرت عمررضی اللہ تعالیٰ عنہ کا وصال ہونے لگا تو میں نے اپنے دل میں غور کیا اور اپنی قرابت حضور ﷺ کے ساتھ اور اسلام میں اپنی سبقت اور اعمال اور دیگر فضیلتوں میں دیکھا تو مجھے خیال پیدا ہوا کہ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ میری خلافت میں اعتراض نہ فرمائیں گے۔
حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جب خلافت کے معاملہ کو چھ آدمیوں کے سپرد کر دیا اور وہ لوگ انتخاب کے لئے بیٹھے تو حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے دل میں پھر خلافت کی خواہش پیدا ہوئی۔ جیسا کہ ان کے بیان سے ظاہر ہے۔ فرماتے ہیں ’’فلما اجتمع الرہط ظننت ان لا یعد لو ابی‘‘ (جب وہ لوگ انتخابِ خلیفہ کے لئے جمع ہوئے تو میں نے گمان کیا کہ یہ لوگ میری خلافت میں دریغ نہ کریں گے۔)
مگر عبد الرحمن بن عوف رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جب حضرت عثمان کے ہاتھ پر بیعت کر لی تو انہیں حقیقت حال کا علم ہوا اور انہوں نے پھر اپنے امر میں غور فرمایا چنانچہ فرماتے ہیں ’’فنظرت فی امری فاذا اطاعتی قد سبقت بیعتی واذا میثاقی قد اخذ لغیری‘‘ (جب حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ہاتھ پر بیعت ہو چکی) تو میں نے اپنے امر پر غور کیا۔ اس وقت مجھے معلوم ہوا کہ میری بیعت، میری اطاعت پر غالب آ گئی اور مجھ سے جو وعدہ لیا گیا تھا وہ دوسرے کی اطاعت کے واسطے لیا گیا تھا۔
بالآخر حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ہاتھ پر بیعت کر لی۔ جب حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ شہید ہو گئے تو حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے دل میں پھر خلافت کی خواہش پیدا ہوئی۔ دیکھئے حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں
’’فلما اصیب نظرت فی امری فاذا الخلیفتان اللذان اخذہا بعہد رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم الیہما بالصلٰوۃ قد مضیا وہذ الذی قد اخذ لہ المیثاق قد اصیب فبا یعنی اہل الحرمین واہل ہذین المصرین فوثب فیہا من لیس مثلی ولا قرابتہ کقرابتی ولا علمہ کعلمی ولا سابقتہ کسابقتی وکنت احق بہا منہ۔‘‘(تاریخ الخلفاء ص ۱۲۵) ’’پھر جب حضرت عثمان کی شہادت ہو گئی تو میں نے سوچا کہ وہ دونوں خلیفہ جن کی خلافت پر رسول اللہ ﷺ نے ان سے نماز پڑھوا کر ہم سے عہد لیا تھا، گزر گئے اور جن کے لئے مجھ سے وعدہ لیا گیا تھا، وہ بھی چل بسے۔ (اب میرے سوا خلافت کا حق دار کون ہو سکتا ہے) چنانچہ اہل حرمین اور کوفہ و بصرہ والوں نے میرے ہاتھ پر بیعت کر لی۔ اب اس امر خلافت میں ایک ایسا شخص کود پڑا (یعنی امیر معاویہ) جو نہ قرابت میں میری مثل ہے نہ علم میں، نہ سبقت اسلام میں کسی بات میں بھی وہ میری مثل نہیں اور میں ہر طرح اس سے زیادہ خلافت کا حق دار ہوں۔
حضرت علی کے بیان سے جو اقتباسات ہم نے یہاں درج کئے ہیں ان سے ظآہر ہے کہ ان کے دل میں ابتداء امر سے خلافت کی خواہش تھی اور یہ خواہش ان کے ہاتھ پر بیعت خلافت کئے جانے تک ان کے دل میں باقی رہی۔ اس تفصیل کو ذہن نشین کرنے کے بعد اس امر کا فیصلہ ناظرین کرام خود فرمائیں کہ جب حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ خلافت کے خواہش مند تھے (جیسا کہ مودودی صاحب خود تسلیم کر چکے ہیں) اور مودودی شریعت میں خلافت کے امیدوار کو خلافت دینا جائز نہیں تو جن لوگوں نے ان کے ہاتھ پر بیعت کر کے انہیں منصب خلافت دیا، وہ سب ناجائز فعل کے مرتکب اور اسلام کے مستقل اصول کے مخالف ہوئے یا نہیں؟ اور اس صورت میں حضرت علی کی خلافت اسلام کے مستقل اصولوں کے خلاف اور ناجائز قرار پائی یا نہیں؟
اب آپ ہی بتایئے کہ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے خلاف مودودی صاحب اس سے بڑھ کر کون سا محاذِ جنگ قائم کریں گے؟
یہی تھی وہ حقیقت جس سے ہم عامۃ المسلمین کو آگاہ کرنا چاہتے تھے۔ امید ہے کہ اب ان کا تعجب کافی حد تک رفع ہو گیا ہو گا اور اس بیان کو پڑھ کر مودودیت کی جڑ بنیاد (۱) ان کے ہاتھ آ گئی ہو گی۔
خارجیت کی نشأۃ اولیٰ اور ثانیہ کی دو رنگی کا سبب آپ کو معلوم ہو گا کہ جب حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی طرف سے عمرو بن العاص رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت علی مرتضیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی طرف سے حضرت ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ تعالیٰ عنہ حَکَم مقرر ہوئے اور طرفین نے اس کو منظور کر لیا تو خوارج (جو حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے گروہ میں شامل تھے) یہ کہہ کر باغی ہو گئے کہ ’’لا حکم الا للّٰہ‘‘ یعنی حکم تو صرف اللہ کے لئے ہے۔ آپ (علی مرتضیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ) نے بندوں کا حکم کیسے منظور کر لیا؟ اسی بنیاد پر انہوں نے تحریک خارجیت کو قائم کیا اور مسلمانوں کے سامنے حکومت الٰہیہ کا جاذبِ نظر نقشہ رکھ دیا۔
ان کا قول بھی یہی تھا کہ اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں صاف طور پر اعلان فرما رہا ہے کہ ’’ان الحکم الا للّٰہ‘‘ فرمانِ خدا و رسول کے خلاف حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا عمل حجت نہیں ہو سکتا۔
چونکہ اس زمانہ میں حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی مخالفت کا بازار گرم تھا اور ایک بڑی فوجی طاقت ان سے نبرد آزما تھی اس لئے وہ ماحول ہی کچھ ایسا تھا کہ اس دور کے حکومت الٰہیہ والے علی الاعلان حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے جدال و قتال کے میدان میں آ گئے۔ مگر اس زمانہ کا ماحول اس سے بالکل مختلف ہے۔ خصوصاً ایسی صورت میں کہ مودودی صاحب اسی گروہِ عظیم کو اپنا آلہ کار بنانے کے لئے حکومت الٰہیہ کا نعرہ لگا رہے ہیں جو خلفائے ثلاثہ رضی اللہ تعالیٰ عنہم کے بعد حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہی کے زمانۂ خلافت کو حکومت الٰہیہ کا دور سمجھتا ہے۔
اندریں حالات مودودی صاحب کی سیاسی مصلحتیں انہیں کب اجازت دے سکتی ہیں کہ وہ واضح طور پر بالکل وہی رنگ اختیار کریں جو ان کے سلف نے اختیار کیا تھا۔ اسی لئے انہوں نے اپنی عبارت میں بہت ہی پیچ و تاب کھایا ہے اور بار بار رنگ بدلنے کی کوشش کی ہے۔ کلام کا مدو جذر ان کی طبیعت کے اتار چڑھاؤ کو اچھی طرح واضح کر رہا ہے۔
مد شدید کا یہ عالم ہے کہ بے ساختہ مولائے کائنات کو فرمانِ خدا و رسول کا مخالف کہہ رہے ہیں اور جذر کی یہ کیفیت ہے کہ (بالکل غیر ارادی طور پر) بزرگوں، خوبیاں، خدمات اور معافی کے الفاظ بول کر اپنے مخالفانہ جذبہ کو چھپانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں لیکن یاد رہے کہ