قرآن مجید کی روشنی میں مسئلہ امیدواری کا حل اور مودودی صاحب کے شبہات کا ازالہ قرآن مجید میں (جس کی شان ’’تِبْیَانًا لِّکُلِّ شَیْئٍ‘‘ اور ’’بَیِّنَاتٍ مِّنَ الْہُدٰی‘‘ ہے) ایک آیت بھی ایسی نہیں جس سے منصب حکومت کی طلب کا ناجائز ہونا ثابت ہوتا ہو۔ بلکہ اس میں ایسی صاف اور صریح آیتیں موجود ہیں جن سے واضح طور پر ثابت ہے کہ طمع دنیاوی سے پاک ہو کر رضائے الٰہی حاصل کرنے کے لئے منصب حکومت کی طلب جائز بلکہ سنت انبیاء علیہم السلام ہے۔

ان میں سے پہلی آیت یہ ہے

’’اِجْعَلْنِیْ عَلٰی خَزَائِنِ الْاَرْضِ اِنِّیْ حَفِیْظٌ عَلِیْمٌ‘‘ (یوسف) (ترجمہ) ’’مجھے ملک کے خزانوں پر حاکم مقرر کر دے، میں حفاظت کرنے والا، جاننے والا ہوں۔‘‘

یوسف علیہ السلام نے بادشاہِ مصر سے فرمایا کہ مجھے ملک کے خزانوں پر بطور حاکم مقرر کر دے۔ اگر منصب حکومت کی طلب ناجائز ہوتی تو یوسف علیہ السلام کیوں طلب فرماتے اور اگر یہ حکم شریعت محمدیہ میں منسوخ ہوتا تو اللہ تعالیٰ اس پر انکار فرما دیتا مگر ایسا نہیں ہوا اس لئے ہماری شریعت میں بھی یہ حکم بدستور باقی رہا۔

جب مودودی صاحب سے اس آیت کریمہ کا کوئی معقول جواب نہ ہو سکا تو بادلِ نخواستہ فرماتے ہیں ’’حضرت یوسف علیہ السلام کا یہ واقعہ محض استثنائی نظیر ہے۔ عام قانون یہی ہے کہ ایک خدا ترس آدمی کو خود برتری اور بالا دستی کا طالب نہ ہونا چاہئے۔‘‘

ناظرین کرام غور فرمائیں کہ عام قانون کے لئے قرآن مجید میں ایسا ایک لفظ بھی نہیں پایا جاتا جس سے طلب منصب کی ممانعت مفہوم ہوتی ہو اور استثناء کی نظیر میں پوری آیت موجود ہے۔ شاید مودودی صاحب اس معمہ کو حل کر سکیں۔ پھر یہ کہ جس کلیہ سے کسی فرد کو خاص کر لیا گیا وہ عام کب رہا؟ اسے عام قانون کہنا مودودی صاحب کی جدت طبع نہیں تو اور کیا ہے؟

آگے چل کر مودودی صاحب نے صورتِ استثنا کی تفصیل بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ اگر کوئی صالح شخص یا گروہ یہ دیکھے کہ ملک میں کوئی صالح آدمی یا گروہ اس کے سوا موجود نہیں اور اس بات کا اندیشہ ہے کہ اگر اس نے خود آگے بڑھ کر زمام کار ہاتھ میں نہ لی تو خدا کی زمین کا انتظام فساق و فجار یا کفار و مشرکین کے ہاتھ میں چلا جائے گا تو اس وقت اس صالح شخص یا گروہ کے لئے جائز بلکہ لازم ہے کہ اپنے آپ کو منصب حکومت کے لئے خود بخود پیش کر دے۔ یوسف علیہ السلام کا مطالبہ ایسے ہی حالات میں ہوا تھا۔ اگر ہمارے ملک میں بھی یہ صورتِ حالات پیدا ہو جائے تو ہم بھی صلحاء کے لئے امیدواری کو جائز قرار دیں گے۔

بے بنیاد عمارتیں اسی طرح منہدم ہوا کرتی ہیں اور بناوٹی اصول کا یہی عبرتناک انجام ہوتا ہے۔ ناظرین کرام نے دیکھا کہ مودودی صاحب کے کلیہ کی نزاکت ایک خفیف سے معارضہ کی بھی تاب نہ لا سکی اور ان کے مستقل اسلامی اصول کا عموم و شمول استثناء کی نذر ہو کر خصوص کی شکل میں تبدیل ہو کر رہ گیا یعنی مودودی صاحب نے اس آیت کے پیشِ نظر ایک صورت میں طلب حکومت کے جواز کو تسلیم کر لیا اور یہ مان گئے کہ ہمارے عدم جواز کے حکم میں عموم و شمول نہیں۔

اگر مودودی صاحب اس کے ساتھ ہی ہماری پیش کردہ حدیث ’’من طلب قضاء المسلمین‘‘ کے مطابق اس بات کو بھی تسلیم کر لیتے کہ احساسِ ذمہ داری اور حکومت کی اہلیت رکھتے ہوئے فوائد دنیوی سے بے نیاز اور حرص و طمع سے پاک ہو کر اپنے نفس کی جانب سے اقامت حق کے بارہ میں وثوق کامل کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی طرف سے توفیق طلب کرتے ہوئے رضائے الٰہی کی خاطر بھی منصب حکومت کا خواہش مند اور امیدوار ہونا جائز ہے۔ جیسا کہ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ خلافت کے خواہش مند ہوئے اور حضرت سعد بن عبادہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے اندر امیدوارئ خلافت کی بو پائی گئی اور اس میں ان کا کیا حرج تھا۔ کتاب و سنت کی کون سی نص انہیں اس قول سے روکتی تھی اور شرعی نقطۂ نظر سے اس میں کیا قباحت لازم آتی تھی۔ بجز اس کے کہ اس صورت میں مولائے کائنات سیدنا علی مرتضیٰ اوررئیس الانصار سیدنا سعد بن عبادہ رضی اللہ تعالیٰ عنہما کا دامن، ان پر عائد کردہ معصیت کے بدنما داغوں سے پاک ہو جائے۔ اگر مودودی صاحب کے نزدیک ان پاک بازوں کا ارتکاب معصیت سے پاک ہونا ہی شرعاً قبیح ہے تو وہ شوق سے اپنی ضد پر اڑے رہیں لیکن کوئی حق پسند مسلمان ان کے اس نظریہ کو قبول نہیں کر سکتا۔

آخر میں مودودی صاحب کا یہ کہنا کہ ’’اگر خدا نخواستہ ہمارے ملک میں بھی یہ صورت حالات پیدا ہو جائے (جو یوسف علیہ السلام کے زمانہ میں تھی) تو ہم بھی صلحا کے لئے امیدواری کو جائز قرار دیں گے۔‘‘ ان کا کھلے لفظوں میں اعترافِ شکست اور عوام کی آنکھوں میں دھول ڈالنا ہے۔

جن لوگوں نے مودودی لٹریچر کا مطالعہ کیا ہے ان سے یہ امر مخفی نہیں کہ مودودی صاحب کے نزدیک ان کے ملک میں وہ صورتِ حال پیدا ہو چکی ہے۔ ان کے خیال میں اسلام ومسلمین جاہلیت (کفر و شرک کے اثرات) کا شکار ہو چکے ہیں۔ وہ صرف انہی لوگوں کو مسلمان اور صالح سمجھتے ہیں جو ان کے مقررہ معیار کے مطابق اور ان کے گروہ (اسلامی جماعت) میں شامل ہوں۔ اسی صورتِ حالات کو محسوس کر کے انہوں نے اپنے گروہ صالحین کو الیکشن کے میدان میں کھڑا کیا ہے اور وہ پوری قوت سے اس اندیشہ کا اعلان کر رہے ہیں کہ اگر وہ صالحین (جماعت اسلامی) نے آگے بڑھ کر زمام کار ہاتھ میں نہ لی تو خدا کی زمین کا انتظام فساق و فجار کے ہاتھ میں چلا جائے گا اور نظام صالح برپا کرنے کا موقع ہاتھ سے جاتا رہے گا۔

ان حقائق کی روشنی میں ناظرین کرام غور فرمائیں کہ مودودی صاحب کا یہ آخری جملہ ان کی اعترافِ شکست اور ابلہ فریبی کا آئینہ ہے یا نہیں؟

دوسری آیت ملاحظہ فرمایئے

’’رَبِّ ہَبْ لِیْ مُلْکًا لَّا یَنْبَغِیْ لِاَحَدٍ مِّنْم بَعْدِیْ۔‘‘ (ص) (ترجمہ) ’’اے میرے رب مجھے ایسا ملک دے جو میرے بعد کسی کے لائق نہ ہو۔‘‘

یہ سلیمان علیہ السلام کی دعا ہے۔ وہ نبی ہو کر اللہ تعالیٰ سے ملک عظیم کے طالب ہیں اور ظاہر ہے کہ انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام کے نفوسِ قدسیہ نفسانی خواہشات اور شیطانی اثرات سے پاک ہوتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے سلیمان علیہ السلام کی اس دعا کو قرآن مجید میں بیان فرما کر اس پر انکار نہیں فرمایا۔ لہٰذا امت محمدیہ (علیٰ صاحبہا الصلوٰۃ والسلام) کے لئے جائز ہے کہ وہ سنت سلیمانی کے مطابق پاک باطنی اور نیک نیتی کے ساتھ منصب حکومت طلب کرے۔

مودودی صاحب نے اس آیت کریمہ کے متعلق جو کچھ لکھا ہے اس سے ان کی قرآن فہمی اور اجتہادی بصیرت پر بہت اچھی روشنی پڑتی ہے۔ فرماتے ہیں

’’سورئہ ص کا تیسرا رکوع نکال کر دیکھ لیجئے۔ وہاں سلسلۂ کلام خود بتا رہا ہے کہ حضرت سلیمان علیہ السلام نے یہ دعا فرمانروا ہونے کے بعد کی ہے نہ کہ اس سے پہلے اور اس کا مدعا یہ نہ تھا کہ خدایا مجھے بادشاہ بنا دے بلکہ یہ تھا کہ مجھے ایسی طاقت بخش جو میرے سوا کسی اور فرمانروا کو حاصل نہ ہو۔ چنانچہ اس کے جواب میں اللہ تعالیٰ نے جو کچھ ان کو دیا وہ یہ تھا کہ ان کے لئے ہوا اور شیاطین کو مسخر فرما دیا۔‘‘ (انتخابی جدوجہد ص ۲۹)

مودودی صاحب کا مطلب یہ ہے کہ چونکہ یہ دعا فرمانروا ہونے کے بعد کی گئی ہے اس لئے اس کا مدعا یہ نہیں ہو سکتا کہ ’’خدایا مجھے فرمانروا کر دے‘‘ لیکن میں ان سے دریافت کرتا ہوں کہ ایک ایسا مردِ متقی جس کا ہدایت پر ہونا دلیل قطعی سے ثابت ہو، جب اپنی ہر نماز میں سورئہ فاتحہ پڑھتے ہوئے وہ اپنے رب سے یہ دعا کرے کہ

’’اِہْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِیْمَ‘‘ (اے میرے رب مجھے سیدھی راہ دکھا)

تو کیا مودودی صاحب اس موقع پربھی یہ کہیں گے کہ چونکہ یہ دعا ہدایت پانے کے بعد کی گئی ہے اس لئے اس کا یہ مدعا نہیں کہ خدایا مجھے ہدایت کر۔ شاید مودودی صاحب کے نزدیک ایک نعمت حاصل ہونے کے بعد اس کے لئے دعا کرنا جائز نہیں۔

رہا یہ شبہ کہ حاصل شدہ چیز کے لئے دعائے حصول بداہۃً بے معنی اور تحصیل حاصل ہے تو اس کا جواب یہ ہے کہ یہاں دراصل دو چیزیں ہے۔ ایک ’’نعمت‘‘ دوسری ’’زیادتیٔ نعمت‘‘۔ زیادتی ایک ایسا امر ہے جس کی کوئی حد متعین نہیں کی جا سکتی۔ کسی نعمت کے حصول کے بعد جب بھی اس کے لئے دعا ہو گی تو اس سے زیادتی (۱) مراد ہو گی۔

اس دعائے ہدایت کو لے لیجئے۔ مبادیاتِ اسلام سے ہدایت کا آغاز ہوتا ہے اور اللہ تعالیٰ کی ذات و صفات کے عرفان تک وہ مدارج پہنچتے ہیں۔ پھر چونکہ ذات و صفات باری کے لئے کوئی حد نہیں اس لئے اس کی معرفت کے درجات بھی کہیں ختم نہیں ہوتے۔ اسی وجہ سے اس کی راہیں بھی بے شمار ہیں۔ لہٰذا مومن متقی جب بھی یہ دعا کرتا ہے کہ

تو اس سے مرتبۂ ہدایت ہی کی طلب مقصود ہوتی ہے مگر اس مرتبۂ ہدایت کی جو اس سے پہلے اسے حاصل نہ تھا۔

بالکل اسی طرح حضرت سلیمان علیہ السلام کی دعا کو بھی سمجھ لیجئے کہ وہ فرمانروا ہونے کے بعد بھی فرمانروائی طلب کر رہے ہیں۔ مقصد یہ ہے کہ اے میرے رب تو نے جس درجہ کی فرمانروائی مجھے عطا فرمائی ہے، اس سے زیادہ بلند پایہ فرمانروائی عطا فرما۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے ان کی یہ قبول فرمائی اور شیاطین و جنات کو بھی ان کا تابع فرمان بنا دیا۔ اب بتایئے! یہ حکومت و فرمانروائی کی طلب ہوئی یا نہیں؟

مودودی صاحب سلیمان علیہ السلام کی اس دعا کے متعلق فرماتے ہیں ’’اس کا مدعا یہ نہ تھا کہ خدایا مجھ کو بادشاہ بنا دے بلکہ یہ تھا کہ مجھے ایسی طاقت بخش جو میرے سوا کسی اور فرمانروا کو حاصل نہ ہو۔‘‘

مطلب یہ ہے کہ سلیمان علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ سے حکومت طلب نہ کی تھی بلکہ ایک ایسی طاقت کا سوال کیا تھا جو سب فرمانرواؤں کی طاقت سے بڑھ کر ہو۔

مودودی صاحب اس مقام پر خود غلطی کا شکار ہوئے ہیں یا انہوں نے دوسروں کو مغالطہ کا شکار کرنے کی کوشش فرمائی ہے۔ انہوں نے اپنے اس بیان میں حکومت و بادشاہت کو طاقت سے الگ اور اس سے متغائر ایک جداگانہ چیز تسلیم کیا ہے۔

میں نہیں سمجھ سکتا کہ مودودی صاحب قوتِ فرمانروائی کو حکومت و بادشاہت سے الگ کر کے کس چیز کو بادشاہت و حکومت سمجھتے ہیں۔

دنیا جانتی ہے کہ فرمانروائی، حکومت اور بادشاہوں کی حقیقت، طاقت فرمانروائی اور قوتِ نافذہ کے سوا کچھ نہیں۔ مودودی صاحب ایک جگہ خود بھی اس کی تصریح کر چکے ہیں وہ اسی انتخابی جدو جہد کے صفحہ ۴ پر امیدواری کے عیوب بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں

’’امیدواری اپنی اصل حقیقت کے اعتبار سے حکومت کی ہوس، طاقت کی حرص اور اقتدار کے لالچ کا دوسرا نام ہے۔‘‘

اس عبارت سے معلوم ہوا کہ طاقت و حکومت ایک ہی چیز ہے کیونکہ اگر حکومت طاقت سے علیحدہ کوئی چیز ہو تو حکومت کی امیدواری کو طاقت کی حرص کہنا کیونکر صحیح ہو گا۔

اب اس عقدہ کو مودودی صاحب کی مستقل قوتِ اجتہادیہ ہی حل کرے گی کہ سلیمان علیہ السلام نے ’’طاقت‘‘ طلب کی تھی، حکومت طلب نہیں کی۔

اہل فہم نے کتاب و سنت کی روشنی میں فقہاء کرام کی تصریحات کو بھی اچھی طرح سمجھ لیا ہو گا کہ انہوں نے ’’یحرم‘‘ ’’ولا یجوز‘‘ فرما کر اسی طلب قضا کے عدم جواز پر نص فرمائی ہے جو اقتدار پسندی اور طمع دنیوی پر مبنی ہو ورنہ جو طلب غرض صحیح کے تحت دنیوی مفاد سے بالا تر ہو، فقہا کے نزدیک ہرگز ناجائز نہیں۔ دیکھئے صاحب در مختار فرماتے ہیں

’’استحب الشافعیۃ والمالکیہ طلب القضاء لحامل الذکر نشر العلم‘‘ (شافعیہ اور مالکیہ نے گمنام شخص کے لئے علم دین کی نشر و اشاعت کے واسطے طلب قضا کو مستحب جانا ہے۔‘‘ (شامی جلد ۴ صفحہ ۳۴۱)

جب گمنام کے لئے مستحب ہے تو مشہور کے واسطے جائز تو ضرور ہوئی۔

اب فقہائے احناف کی طرف آیئے۔ حضرت علامہ شیخ محی الدین البرکوی رحمۃ اللہ علیہ نے (جن سے علامہ شامی رد المحتار میں جابجا خوشہ چینی فرماتے ہیں) اپنی مشہور کتاب ’’طریقہ محمدیہ‘‘ میں اور اس کے شارح علامہ ابو سعید خادمی علیہ الرحمۃ نے ’’بریقہ محمودیہ شرح طریقہ محمدیہ‘‘ میں ’’حب ریاست‘‘ اور طلب جاہ و اقتدار کے مسئلہ میں طویل و بسیط کلام فرمایا ہے۔ وہ ایسی حب ریاست جسے مقاصد حسنہ کے حصول کا وسیلہ بنایا جائے، کے متعلق تحریر فرماتے ہیں

فہٰذا ان خلا عن المحظور کالریاء والتلبیس وترک الواجب والسنۃ فجائز بل مستحب (لان کل ما یکون وسیلۃ الی مشروع فمشروع قال اللّٰہ تعالٰی حکایۃ عن الصالحین وَاجْعَلْنَا لِلْمُتَّقِیْنَ اِمَامًا) ونحو قول سلیمان علیہ السلام رَبِّ ہَبْ لِیْ مُلْکًا لَّا یَنْبَغِیْ لِاَحَدٍ مِّنْم بَعْدِیْ ومن الاصول المقررۃ ان شریعۃ من قبلنا شریعۃ لنا اذا قصہ اللّٰہ او اخبر بہ الرسول بلا نکیر۔ الخ (بریقۂ محمودیہ شرح طریقہ محمدیہ جلد ثانی ص ۶۶) (ترجمہ) ’’ریاست و اقتدار کی وہ خواہش (جسے مقاصد حسنہ کے حصول کا وسیلہ بنایا جائے) اگر ممنوعاتِ شرعیہ مثلاً ریاء، تلبیس اور ترک واجب و سنت سے خالی ہو تو جائز بلکہ مستحب ہے۔ اس لئے کہ جو چیز جائز کام کا وسیلہ ہو وہ بھی جائز ہے۔ اللہ تعالیٰ نے صالحین کے قول کی حکایت کرتے ہوئے فرمایا ’’وَاجْعَلْنَا لِلْمُتَّقِیْنَ اِمَامًا‘‘ اے اللہ تو ہمیں پرہیز گاروں کا سردار بنا دے اور جیسے سلیمان علیہ السلام کا یہ قول ہے ’’رَبِّ ہَبْ لِیْ مُلْکًا لَّا یَنْبَغِیْ لِاَحَدٍ مِّنْم بَعْدِیْ‘‘ اے میرے رب مجھے ایسا ملک دے جو میرے بعد کسی کے لائق نہ ہو۔ یہ ثابت شدہ اصول ہے کہ جب اللہ تعالیٰ ہم سے پہلی شریعت کا کوئی حکم قرآن مجید میں بیان فرمائے یا رسول کریم ﷺ اس کی خبر دیں اور اس پر انکار نہ فرمائیں تو وہ حکم بعینہٖ ہماری شریعت کا حکم ہے۔‘‘

اس کے بعد فرماتے ہیں (والا) ای وان لم یخل عن المحظور (فلا) یجوز فضلاً عن الاستحباب (ترجمہ) ’’اور اگر وہ خواہش، ممنوعاتِ شرعیہ سے خالی نہ ہو تو پھر جائز بھی نہیں چہ جائیکہ مستحب ہو۔‘‘

علامہ محی الدین محمدالبرکوی اور ابو سعید خادمی کی ان تصریحات نے طلب امارت کے مسئلہ کو آفتاب سے زیادہ روشن کر دیا اور مودودی صاحب کی تمام عرق ریزی و جانکاہی پر پانی پھیر دیا جس سے ان کے تمام دعویٰ و دلائل کی تردید اور ہمارے مسلک کے ایک ایک حرف کی تائید ہو رہی ہے۔ اس اقتباس کو پڑھ کر ناظرین پر واضح ہو گیا ہو گا کہ ہم نے جو طلب امارت کی تقسیم کی تھی، وہ بالکل حق ہے۔ نیز آیت کریمہ ’’رَبِّ ہَبْ لِیْ مُلْکًا لَّا یَنْبَغِیْ لِاَحَدٍ مِّنْم بَعْدِیْ‘‘ کے جو معنی ہم نے بیان کئے ہیں، وہی صحیح ہیں اور مودودی صاحب کی تاویل باطل ہے۔ نیز آیت کریمہ ’’وَاجْعَلْنَا لِلْمُتَّقِیْنَ اِمَامًا‘‘ طلب منصب کی مثبت ہے۔ مودودی صاحب کے بیان کردہ مطالب صحیح نہیں۔

امید ہے کہ اگر ناظرین کرام ہمارے اس پورے مضمون کو اچھی طرح سمجھ کر پڑھ لیں گے تو ان پر مودودی صاحب کے نظریات، اجتہادی بصیرت اور دعاویٰ و دلائل کی حقیقت بالکل بے نقاب اور واضح ہو جائے گی۔ اب ہم اس بحث کو یہیں ختم کرتے ہیں۔ ان شاء اللہ تعالیٰ اس کتاب کے دوسرے حصہ میں مودودیت کے بقیہ خدو خال کا اظہار اور اس کے اصول و نظریات کا ابطال ہدیۂ ناظرین کریں گے۔

وَمَا عَلَیْنَا اِلاَّ الْبَلاَغُ الْمُبِیْن

مودودی صاحب کی کجروی قال اللّٰہ تعالٰی، ہُوَ الَّذِیْ اَنْزَلَ عَلَیْکَ الْکِتٰبَ مِنْہُ اٰیَاتٌ مُّحْکَمَاتٌ ہُنَّ اُمُّ الْکِتَابِ وَاُخَرُ مُتَشَابِہَاتٌط فَاَمَّا الَّذِیْنَ فِیْ قُلُوْبِہِمْ زَیْغٌ فَیَتَّبِعُوْنَ مَا تَشَابَہَ مِنْہُ ابْتِغَائَ الْفِتْنَۃِ وَابْتِغَائَ تَاْوِیْلِہٖ۔ وَمَا یَعْلَمُ تَاْوِیْلَہٗ اِلَّا اللّٰہُ۔ وَالرَّاسِخُوْنَ فِی الْعِلْمِ یَقُوْلُوْنَ اٰمَنَّا بِہٖ کُلٌّ مِّنْ عِنْدِ رَبِّنَا وَمَا یَذَّکَّرُ اِلَّا اُو لُوا الْاَلْبَابِ۔ رَبَّنَا لَا تُزِغْ قُلُوْبَنَا بَعْدَ اِذْ ہَدَیْتَنَا وَہَبْ لَنَا مِنْ لَّدُنْکَ رَحْمَۃً اِنَّکَ اَنْتَ الْوَہَّابُ۔ (اٰل عمران) اس آیت کے تحت صاحب تفسیراتِ احمدیہ پارہ نمبر تین میں فرماتے ہیں ’’آیت کے معنی یہ ہیں کہ کتاب اللہ دو قسم کی آیات پر مشتمل ہے۔ محکمات اور متشابہات۔ آیاتِ محکمات وہ ہیں جو احتمال اور اشتباہ سے محفوظ ہوں اور وہ اصل کتاب ہیں اور متشابہات وہ ہیں جن میں اشتباہ اور احتمال پایا جاتا ہے۔ ایسی آیات کو محکمات پر حمل کیا جائے گا اور محکمات کی طرف متشابہات کو لوٹایا جائے گا۔ مثلاً ’’اَلرَّحْمٰنُ عَلَی الْعَرْشِ اسْتَوٰی‘‘ میں احتمال اور اشتباہ پایا جاتا ہے اور اس کے ظاہر معنی کی بنا پر اللہ تعالیٰ کے لئے جہت اور مکان ثابت ہوتا ہے لیکن ہم اسے محکم کی طرف لوٹائیں گے اور اسی پر حمل کریں گے اور وہ آیت محکمہ اللہ تعالیٰ کا قول ’’لَیْسَ کَمِثْلِہٖ شَیْئٌ‘‘ ہے جس میں کوئی اشتباہ اور احتمال نہیں پایا جاتا۔ ایسا کرنے سے ہم کسی شبہ میں مبتلا نہ ہوں گے اور اس حقیقت کو سمجھنے میں ’’اِسْتَوٰی عَلَی الْعَرْشِ‘‘ بمعنی جلوس نہیں بلکہ بمعنی غلبہ اور استیلا ہے کیونکہ بیٹھنا اجسام کی صفت ہے اور اللہ تعالیٰ کی شان ’’لَیْسَ کَمِثْلِہٖ شَیْئٌ‘‘ ہے۔

اس آیت قرآنیہ میں اللہ تعالیٰ نے یہ بھی فرما دیا کہ متشابہات کا علم (استقلالی) صرف اللہ تعالیٰ کو ہے۔ نیز یہ کہ اہل زیغ فتنہ اٹھانے کے لئے آیاتِ متشابہات کے پیچھے لگتے ہیں اس لئے اہل حق آیات متشابہات کے پیچھے کبھی نہیں پڑتے اور انہیں محکمات کی طرف لوٹا دیتے ہیں۔‘‘(صفحہ ۱۲۶ تفسیراتِ احمدیہ)

لیکن امت مسلمہ کے لئے یہ کتنا عظیم المیہ ہے کہ اس زمانے میں لوگ محکمات کو متشابہات کی طرف لوٹانے لگے ہیں بلکہ محکم کو متشابہ قرار دینے لگے ہیں۔ یہ حقیقت اظہر من الشمس ہے کہ محکماتِ قرآن ہی ام الکتاب ہیں اور وہ ایسے واضح ہیں کہ ان میں کسی قسم کے احتمال اور اشتباہ کی گنجائش نہیں۔ خصوصاً وہ امور جنہیں قرآن کے بنیادی اصول ہونے کی حیثیت حاصل ہو۔ اگر وہ بھی مشتبہ اور محتمل قرار پائیں تو اسلام اور قرآن میں محکم کا وجود ہی باقی نہ رہے گا۔ حالانکہ کتاب اللہ کی اصل اور دین کی بنیاد صرف محکمات ہیں۔ اب جو شخص محکمات میں اشتباہ غلط فہمی کے وقوع کا مدعی ہے، درحقیقت وہ قرآن اور اسلام کی بنیادوں کو منہدم کرنے کے در پے ہے۔ مودودی صاحب نے قرآن کی چار بنیادی اصطلاحیں ذکر کیں اور چاروں کے متعلق کہا کہ

’’لفظ الٰہ‘‘ کو قریب قریب بتوں اور دیوتاؤں کا ہم معنی بنا دیا گیا ’’رب‘‘ کو پالنے والا اور پوسنے والا یا پروردگار کا مترادف ٹھہرایا گیا۔ عبادت کے معنی پوجا اور پرستش کئے گئے۔ دین کو دھرم اور مذہب کے مقابلہ کا لفظ قرار دیا گیا۔ طاغوت کا ترجمہ بت یا شیطان کیا جانے لگا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ قرآن کا اصل مدعا ہی سمجھنا لوگوں کے لئے مشکل ہو گیا۔

آگے چل کر غلط فہمی کے نتائج کا عنوان قائم کر کے لکھتے ہیں

’’پس یہ حقیقت ہے کہ محض ان چار بنیادی اصطلاحوں کے مفہوم پر پردہ پڑ جانے کی بدولت قرآن کی تین چوتھائی سے زیادہ تعلیم بلکہ اس کی حقیقی روح نگاہوں سے مستور ہو گئی ہے۔‘‘ (قرآن کی چار بنیادی اصطلاحیں از ابوالاعلیٰ طبع پنجم جولائی ۱۹۶۱ء صفحہ نمبر ۱۲، ۱۳)

مودودی صاحب کو معلوم ہونا چاہئے کہ قرآن کی بنیادیں آیات محکمات ہیں۔ جن چیزوں کووہ قرآن کی بنیادی اصطلاحیں قرار دے رہے ہیں وہ سب ام الکتاب ہونے کی حیثیت سے محکمات ہیں اور محکم میں کسی اشتباہ اور غلط فہمی کے لئے گنجائش نہیں۔ یہ ان کی کجروی ہے کہ محکمات کو متشابہات قرار دے رہے ہیں۔ مودودی صاحب کے نزدیک ان الفاظ کے ایسے تراجم کئے گئے کہ ان اصطلاحوں کے مفہوم پر پردہ پڑ گیا جس کی بدولت قرآن کی تین چوتھائی سے زیادہ تعلیم بلکہ اس کی روح حقیقی لوگوں کی نگاہوں سے مستور ہو کر رہ گئی۔

کیا مودودی صاحب یہ بتا سکتے ہیں کہ لفظ ’’رب‘‘ کا ترجمہ پالنے پوسنے والا یا پروردگار اور اسی طرح لفظ ’’عبادت‘‘ کے معنی پوجا اور پرستش اور طاغوت کا ترجمہ بت یا شیطان کرنے والے کون لوگ ہیں۔ ان شاء اللہ تعالیٰ ہم آگے چل کر اس تلخ حقیقت کو واضح کریں گے اور بتائیں گے کہ مودودی صاحب نے عہد فاروقی ہی سے روحِ قرآن کا صفایا کر دیا۔

سرِ دست ہم انہیں یہ بتانا چاہتے ہیں کہ انہوں نے قرآن کی بنیادی اصطلاحوں کے متعلق طویل مضمون میں جو کچھ کہا ہے وہ کوئی نئی بات نہیں۔ الٰہ، رب، عبادت اور دین کے متعلق جتنی آیات مودودی صاحب نے لکھ کر اپنے مضمون کو طویل کیا ہے، ان سب کا خلاصہ یہ ہے کہ حاکم حقیقی، مالک حقیقی اور مطاعِ حقیقی اللہ کے سوا کوئی نہیں۔ کوئی مسلمان جس نے اصطلاحی کلماتِ اربعہ کے تراجم مودودی صاحب کے نظریہ کے خلاف کئے ہیں، اس بات کا قائل نہیں کہ اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی حقیقی حاکم یا مالک و مطاع حقیقی موجود ہے بلکہ امت مسلمہ کا ہر فرد اعتقاداً اور عملاً اللہ تعالیٰ ہی کو حاکم، مالک اور مطاعِ حقیقی جانتا اور مانتا ہے اور کسی مسلمان سے یہ حقیقت مخفی نہیں کہ لا طاعۃ لمخلوق فی معصیۃ الخالق۔ رہا معصیت کا صدور تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ اس نے محکماتِ قرآن میں کسی اشتباہ یا احتمال کی بنا پر کسی غلط فہمی میں مبتلا ہو کر معصیت کا ارتکاب کیا ہے بلکہ بشری کمزوریوں کی بنا پر اس سے معصیت کا صدور ہوا جسے قرآن کے بارے میں غلط فہمی پر محمول کرنا انتہائی غلط فہمی کی دلیل ہے۔

مودودی صاحب کی نظر میں فاروقِ اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی لا علمی اب ہم اس تلخ حقیقت کو مودودی صاحب پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ رب کا ترجمہ پروردگار یا پالنے والا اور اسی طرح عبادت کے معنی پرستش اور بندگی اور طاغوت کا ترجمہ بت اور شیطان کرنے والے ان کے بھی مقتدا اور پیشوا شاہ ولی اللہ محدث دہلوی، شاہ رفیع الدین دہلوی اور مولوی محمود الحسن دیوبندی ہیں۔ ملاحظہ ہوں ان کے تراجم۔

صرف یہی نہیں بلکہ سیدنا فاروقِ اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے طاغوت کا ترجمہ شیطان کیا ہے۔ دیکھئے بخاری جلد ۲ صفحہ ۶۵۹

قال عمر الجبت السحر والطاغوت الشیطان

حوالہ جات منقولہ بالا بالخصوص سیدنا فاروقِ اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے قول کو سامنے رکھ کر یہ حقیقت واضح ہو جاتی ہے کہ مودودی صاحب کے نزدیک فاروقِ اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہی کے دور میں قرآن مجید کی تین چوتھائی سے زیادہ تعلیم بلکہ اس کی حقیقی روح لوگوں کی نگاہوں سے مستور ہو چکی تھی جو چودہ سو برس کے بعد اب مودودی صاحب کو نظر آئی ہے۔ فَاعْتَبِرُوْا یَا اُولِی الْاَبْصَارِ

سید احمد سعید کاظمی امروہوی غفرلہٗ