حضور اکرم ﷺ کا سایہ ہونے کی دلیلیں دلیل اول: ایک عامۃ الورود واقعہ میں تمام صحابہ کا سکوت دلیل ہے کہ حضور کا سایہ تھا (ملخص از مکتوب میرزا ریاض احمد صاحب لاہوری بحوالہ ماہنامہ تجلی دیوبند)
جائزہ: ہم بیان کر چکے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کے سایہ نہ ہونے کی دلیل قرآن و حدیث کی وہ نصوص ہیں جن سے حضور ﷺ کی کمال نورانیت اور لطافت ثابت ہوتی ہے۔ ناظرین کرام پڑھ چکے ہیں کہ نبی کریم ﷺ کے جسمانی نور سے دیواریں روشن ہو جاتی تھیں تو جب ان آیتوں کی تلاوت شب و روز صحابہ کرام کرتے تھے اور ان حدیثوں کو روایت کرنے والے بھی صحابہ کرام حضور ﷺ کے لئے نورانیت کے قائل ہیں اور حسی حقیقی نورانیت کے لئے سایہ نہ ہونا لازم ہے تو جس نے حضور ﷺ کو نور حسی حقیقی کہا اس نے حضور ﷺ کے جسم اقدس سے سایہ کی نفی کی۔ یاد رکھیئے، لوازم بینہ محتاج بیان نہیں ہوا کرتے۔ ملزوم کا ذکر ہی لازم کا ذکر ہوتا ہے۔ اگر میں کہوں کہ سورج نکل آیا تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ میں نے وجود نہار سے سکوت اختیار کیا یا میں نے کسی کو بنی آدم کہا تو اس سے یہ نتیجہ نکالنا ہرگز درست نہیں کہ میں اس کے انسان ہونے سے ساکت ہوں۔ کسی کو صالح کہنا اس کے مومن ہونے سے سکوت اختیار کرنا نہیںبلکہ اس کے ایمان کا اقرار ہے۔ دیکھئے قرآن و حدیث میں کہیں نہیں آیا کہ اللہ تعالیٰ واجب الوجود ہے۔ نہ کسی صحابی نے اللہ تعالیٰ کو واجب الوجود کہا۔ پھر اگر کوئی سادہ لوح یہ کہہ دے کہ قرآن و حدیث اور تمام صحابہ کرام اللہ تعالیٰ کے واجب الوجود ہونے سے ساکت ہیں تو یہ اس کی نادانی ہو گی کیونکہ جب قرآن و حدیث میں اللہ تعالیٰ کو سبحان کہا گیا اور تمام صحابہ اللہ تعالیٰ کی سبحانیت کے قائل ہیں تو اس کا لازمی نتیجہ یہ ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے واجب الوجود ہونے کا اقرار کر رہے ہیں۔ کیونکہ سبحان کے لئے واجب الوجود ہونا لازم ہے۔ پس اسی طرح حضور ﷺ کے نور حقیقی ہونے کی وجہ سے حضور ﷺ کے لئے سایہ نہ ہونا لازم ہے اور ملزوم کا اقرار لازم کا اقرار ہوتا ہے اس لئے صحابہ کرام کو اس مسئلہ میں ساکت کہنا صحیح نہیں۔
رہا یہ امر کہ حضور ﷺ کو بے سایہ دیکھ کر کافر ایمان کیوں نہ لائے تو اس کا جواب یہ ہے کہ جو لوگ ایمان لانے والے نہ تھے وہ اس سے بھی بڑے عظیم و جلیل معجزات دیکھ کر ایمان نہیں لائے۔ کسی کے ایمان نہ لانے سے حضور ﷺ کے کسی کمال یا معجزہ کی نفی نہیں ہو سکتی۔
لوگوں کو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے سایہ نہ ہونے پر تعجب ہے اور میں عرض کروں گا کہ حضور ﷺ کی نورانیت ثابت ہو جانے کے بعد حضور کا سایہ تعجب کی بات ہے۔ ہر شخص جانتا ہے کہ کثیف چیز کا سایہ ہرگز تعجب کا باعث نہیں ہوتا۔ البتہ اگر کسی لطیف نورانی چیز کا سایہ پڑنے لگے تو ہر شخص کو تعجب ہو گا جبکہ حضور نبی کریم ﷺ کی نورانیت و لطافت اظہر من الشمس تھی تو اب سایہ نہ ہونے پر کیا تعجب رہا۔
اس کے بعد اتنی بات اور عرض کر دوں کہ ہمارے پیش کردہ بیس سے زیادہ ائمہ اعلام نے جب حضور ﷺ کے جسم اقدس سے سایہ کی نفی کر دی تو اس کے بعد تمام علمائے امت کا سکوت اس امر کی روشن دلیل ہے کہ یہ مسلک حق ہے اور جو استشہاد اس بارے میں کیا گیا ہے صحیح ہے ورنہ ایک غلط استدلال اور باطل عقیدہ کے سامنے آ جانے کے بعد کسی اہل حق کے لئے سکوت جائز نہیں ہو سکتا۔
احادیث ثبوتِ ظل اب ان احادیث پر کلام کرتا ہوں جنہیں مخالفین نے حضور ﷺ کے جسمانی سایہ کے ثبوت میں پیش کیا ہے۔ وہ تین حدیثیں ہے جو ناظرین کرام اس مضمون کے شروع میں پڑھ چکے ہیں۔ ان میں ایک حدیث مسند امام احمد کی ہے اور دوسری مجمع الزوائد کی۔ یہ دونوں حدیثیں ایک ہی واقعہ کے بیان میں وارد ہیں۔ وہ واقعہ ناظرین کرام کے سامنے آ چکا ہے جو ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے مروی ہے کہ حجۃ الوداع سے واپسی کے وقت اثناء سفر میں حضرت صفیہ کا اونٹ بیمار ہو گیا۔ حضرت زینب کے پاس ضرورت سے زائد اونٹ تھا۔ حضور ﷺ نے حضرت زینب سے فرمایا کہ تم ایک اونٹ صفیہ کو دے دو۔ انہوں نے کہا، حضور! اس یہودیہ کو میں اپنا اونٹ دے دوں؟ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام اس بات پر حضرت زینب سے ناراض ہو گئے اور ان سے بات چیت چھوڑ دی۔ یہ واقعہ حجۃ الوداع سے واپسی کے موقع پر سفر میں ذی الحجہ کے آخری دنوں میں پیش آیا تھا اور باقی ایام سب اسی حالت میں گزرے۔ حتیٰ کہ ماہِ محرم اور ماہِ صفر اور اس کے بعد ربیع الاول شریف کے چند دن بھی اسی ناراضگی کے حال میں بسر ہوئے۔ حضرت زینب فرماتی ہیں، میں نے سمجھا حضور ﷺ کو اب میری کوئی حاجت نہیں اس لئے میں نے اپنا بستر اور چارپائی وغیرہ سامان اٹھا دیا۔ اسی اثناء میں میَں ایک دن بیٹھی ہوئی تھی کہ اچانک ٹھیک نصف النہار کے وقت میں نے حضور ﷺ کے ظل مبارک کو اپنی طرف آتے ہوئے دیکھا۔
مخالفین کے مبلغ علم پر حیرت ہوتی ہے کہ انہیں جہاں لفظ ظل نظر آیا فوراً اس کے معنی جسم کے تاریک سایہ کے سمجھ لئے۔ ایسی ذہنیت والوں سے تعجب نہیں کہ وہ حدیث مبارک ’’سبعۃ یظلہم اللّٰہ بظلہ‘‘ (سات آدمی ایسے ہوں گے جن پر قیامت کے دن اللہ تعالیٰ اپنا سایہ ڈالے گا) اور اسی طرح دوسری حدیث ’’یوم لا ظل الا ظلہٗ‘‘ (قیامت کے دن اللہ تعالیٰ کے سایہ کے سوا کسی کا سایہ نہ ہو گا) پڑھ کر اللہ تعالیٰ کے لئے بھی جسمانی تاریک سایہ ثابت کر دیں۔ معاذ اللہ ثم معاذ اللہ
سابقاً عرض کر چکا ہوں کہ مسند امام احمد اور مجمع الزوائد کی دونوں کتابوں میں یہی ایک واقعہ مروی ہے، حادی الارواح کی حدیث کا جواب ان شاء اللہ آخر میں پیش کروں گا۔ پہلے اسی واقعہ کی دو حدیثوں کا جواب عرض کرتا ہوں جس کے چار مقدمے ہیں۔ ان شاء اللہ تعالیٰ ترتیب وار ہر مقدمہ کے دلائل لکھوں گا جنہیں پڑھ کر ناظرین کرام پر واضح ہو جائے گا کہ مخالفین کا استدلال ’’اِنَّ اَوْہَنَ الْبُیُوْتِ لَبَیْتُ الْعَنْکَبُوْتِ‘‘ سے بھی گیا گزرا ہے۔
امر اول ظل کے معنی کا بیان اور اس بات کا ثبوت کہ لفظ ’’ظل‘‘ لغت عرب میں ’’شخص‘‘ اور ’’جسم‘‘ کے معنی میں بھی مستعمل ہے۔
امر دوم ظل اور فیٔ کے معنی میں فرق ہے۔
امر چہارم موسم گرما میں نصف النہار کے وقت ظل اور فیٔ کا وجود نہیں ہوتا۔
امر اول ظل کے معنی کا بیان اور ظل بمعنی شخص اور جسم کا ثبوت صاحب منتہی الارب لفظ ظل کے تحت فرماتے ہیں: راحت (۱)، نعمت (۲) و خیال کہ از داد پری و جز آں پیدا شود۔ (۳) واسپ مسلمہ بن عبد الملک و ارجمندی (۴) واستواری (۵) و ریشہ (۶) وپرزئہ جامہ (۷) وشب (۸) یا بہرہ از شب (۹) و کالبدد (۱۰)، شخص ہر چیز (۱۱) یا پوشش آں (۱۲) و اول جوانی (۱۳) (منتہی الارب جلد ۳ ص ۷۸)
۲۔ اسی طرح تاج اللغت میں لفظ ظل کے معنی بیان کرتے ہوئے ارقام فرمایا ونیز خیائے کہ دیدہ میشود از جن وجز آں۔ (۱) ونام اسپ (۲) مسلمہ بن عبد الملک وعزت (۳) وغلبہ (۴) وریشہ (۵) وتار جامہ (۶) کہ از دوختن دوطرف جامہ ظاہر شوو زمخشری گوید ہٰذا ثوب مالہٗ ظل آگے چل کر فرماتے ہیں ظل کل شئ شخص آں چیز یا پردہ (۸) آں۔ انتہیٰ (تاج اللغت فصل الظاء)
۳۔ القاموس المحیط میں ہے الظل بالکسر نقیض الضح او ہو الفئ (۲) او ہو بالغداۃ (۳) والفئ بالعشی جمع ظلال و ظلول و اظلال (۴) والجنۃ ومنہ ولا الظل ولاالحرور (۵) و الخیال من الجن وغیرہ یرٰی (۶) وفرس مسلمۃ بن عبد الملک (۷) والعز (۸) والمنعہ والزئبر (۹) واللیل (۱۰) اوجنحہ (۱۱) ومن کل شی شخصہ (۱۲) او کنہ (۱۳) ومن الشباب (۱۴) اولہ من القیظ شدتہ ومن السحاب ماورای الشمس منہ (۱۷) او سوادہ ومن النہار (۱۸) لونہ اذا غلبتہ الشمس (۱۹) وہو فی ظلہ فی کنفہ (انتہٰی) (القاموس المحیط جلد رابع ص ۱۰ فصل الظاء مطبوعہ فتح الکریم بمبئی)
ظل بالکسر روشنی کی نقیض ہے یا ظل بمعنی فیٔ (سایہ) ہے یا ظل صبح کو ہوتا ہے اور فیٔ شام کو ہوتا ہے۔ جمع ظلال، ظلول اور اظلال ہے اور ظل جنت کو بھی ظل کہتے ہیں جو ظاہر ہوتا ہے اور مسلمہ بن عبد الملک کے گھوڑے کو بھی کہتے ہیں۔ ظل کے معنی عزت بھی ہیں اور ظل کے معنی قوت اور غلبہ کے بھی ہے اور ظل کپڑے کے تاگے کو بھی کہتے ہیں جو سینے کی وجہ سے دونوں طرف نظر آتا ہے۔ ظل کے معنی رات بھی ہیں اور ظل رات کی تاریکی کو بھی کہتے ہیں اور ہر چیز کے شخص اور بدن کو بھی ظل کہتے ہیں یا کسی شے کے پردے یا لباس کو بھی ظل کہتے ہیں اور بادل کے اس حصہ کو بھی ظل کہتے ہیں جو سورج کو ڈھانک لے اور بادل کی سیاہی کو بھی ظل کہا جاتا ہے اور دن کے رنگ کو بھی ظل کہتے ہیں۔ جب سورج اس پر غالب ہو جائے۔ عرب کا محاورہ ہے وہو فی ظلہٖ اس کے معنی ہیں فی کنفہٖ یعنی وہ فلاں شخص کے ظل میں ہے۔ اس کی پناہ اور حفاظت میں ہے۔ انتہیٰ (القاموس المحیط)
۴۔ اسی طرح اقرب الموارد میں بھی تمام معانی مرقومہ بالا لکھے ہیں اور ساتھ ہی یہ بھی لکھا ہے ’’ومن کل شئ شخصہ‘‘ ہر چیز کے شخص اور بدن کو بھی ظل کہتے ہیں۔ (اقرب الموارد جلد دوم ص ۷۳۱)
۵۔ مجمع بحار الانوار میں علامہ شیخ محمد طاہر رحمۃ اللہ علیہ ص ۳۳۳ پر ظل کے معنی جسم کے لکھ کر اس کے آگے ص ۳۳۴ پر فرماتے ہیں ’’وظلہم شخوصہم‘‘ یعنی ان کے ظلال ان کے اشخاص یعنی اجسام مراد ہیں۔ (مجمع بحار الانوار ج ۲ ص ۳۳۳، ۳۳۴ مطبوعہ نولکشور)
ناظرین کرام کو معلوم ہو گیا کہ کتب لغت میں ظل بمعنی سایہ ہی نہیں بلکہ اس کے اور بھی بہت سے معنی ہیں اور ان معانی میں ظل بمعنی شخص بھی وارد ہے یعنی شخص اور جسم کو بھی لغت عرب میں ظل کہا جاتا ہے اور ان معنی کی تائید میں بعض مفسرین کی عبارات بھی ہدیۂ ناظرین کی جاتی ہیں۔ دیکھئے تفسیر مظہری میں ہے
۱۔ ویمکن ان یقال المراد بمن فی السمٰوٰت والارض حقائق من فیہا واراواح الملٰئکۃ والمؤمنین وبظلالہم اشخاصہم وقوالبہم کما عبر رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم فی دعائہ الظاہر بالسواد والباطن بالخیال حیث قال فی سجودہ سجدلک سوادی و خیالی وہٰذا التاویل اولٰی مما سبق لان الظلال التی تری فی ضح الشمس عبارۃ عن سواد موضع لم یصل الیہ ضوء الشمس لحجاب جثۃ الشیٔ وذٰلک امر عدمی لا وجود لہا وکیف یسند الیہا السجود۔(تفسیر مظہری جلد ۵ پارہ ۱۳ سورئہ رعد ص ۱۸۵) ترجمہ: اور ممکن ہے کہ کہا جائے کہ من فی السمٰوٰت والارض سے وہ حقائق مراد ہیں جو آسمانوں اور زمینوں میں پائے جاتے ہیں اور فرشتوں اور مومنین کی روحیں اور ان کے ظلال سے ان کے اشخاص اور قوالب مراد ہیں جیسا کہ حضور ﷺ نے اپنی دعا میں ظاہر کو سواد اور باطن کو خیال سے تعبیر فرمایا چونکہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اپنے سجدے میں یہ الفاظ ارشاد فرمائے ’’سجدلک سوادی و خیالی‘‘ اے اللہ تعالیٰ تیرے لئے میرے سواد اور خیال (ـظاہر و باطن) نے سجدہ کیا۔
اور یہ تاویل یعنی ظلال سے اشخاص اور قوالب مراد لینا پہلی تاویل سے اولیٰ ہے اس لئے کہ وہ سائے جو سورج کی روشنی میں نظر آتے ہیں وہ عبارت ہیں اس جگہ کی سیاہی سے جہاں کسی جسم کثیف کے حاجب ہونے کی وجہ سے سورج کی روشنی نہیں پہنچتی اور ظاہر ہے کہ یہ سیاہی جسے ہم ظل کہہ رہے ہیں محض ایک امر عدمی ہے جس کے لئے کوئی وجود نہیں تو ایسی صورت میں اس کی طرف سجدے کی اسناد کیونکر صحیح ہو گی۔ انتہیٰ (تفسیر مظہری)
دیکھئے صاحب تفسیر مظہری نے صاف اور واضح لفظوں میں ظل کے معنی شخص اور قالب کے بیان کئے ہیں۔ اسی طرح تفسیر معالم التنزیل میں ہے
۲۔ وقیل ظلالہم ای اشخاصہم یعنی آیت قرآنیہ ’’یَتَفَیَّؤُا ظِلَالُہُمْ‘‘ میں اس کے اجسام مراد ہیں اور یہاں ظل بمعنی سایہ نہیں بلکہ بمعنی شخص اور بدن ہے۔ انتہیٰ(تفسیر معالم التنزیل پ ۱۳ ص ۱۱)
یہی مضمون تفسیر روح المعانی میں ہے۔ صاحب روح المعانی فرماتے ہیں ۳۔ ومن الناس من فسر الظلال فی قرأۃ العامۃ بالاشخاص لتکون علی نحو قرأۃ عیسی وانشد والاستعمال الظلال فی ذٰلک قول عبدۃ
اذا نزلنا نصبنا ظل اخبیۃ ونار للقوم باللحم المراجیل
فانہ انما تنصب الاخبیۃ لا الظل الذی ہو الفئ وقول الاخر یتبع افیاء الظلال عشیۃ فانہ اراد افیاء الاشخاص۔ (انتہٰی) ص ۱۵۷ پ ۱۴ ترجمہ: اور عامہ قرآن کی قرأت میں جو لفظ ظلال آیا ہے بعض لوگوں نے اس کی تفسیر اشخاص کے ساتھ کی ہے تاکہ یہ قرأت عیسیٰ کی قرأت کے موافق ہو جائے اور انہوں نے ظلال بمعنی اشخاص کی تائید میں عبدہ کا یہ قول پیش کیا ہے۔
جب ہم اترے تو ہم نے خیموں کے ظل یعنی خیموں کے اشخاص و اجسام کو نصب کیا اور قوم کے لئے گوشت کی ہانڈیاں پکنے لگیں۔
وجہ استشہاد یہ ہے کہ جو چیز نصب کی جاتی ہے وہ خیمے ہوتے ہیں۔ ان کا ظل جسے سایہ کہتے ہیں نصب نہیں کیا جاتا۔ لہٰذا ثابت ہوا کہ یہاں ظل بمعنی شخص ہے۔ اسی طرح ایک دوسرے شاعر کے قول سے ظل بمعنی شخص پر انہوں نے استدلال کیا اور وہ قول یہ ہے
وہ پیچھے آتا ہے افیاء ظلال کے شام کے وقت
افیاء فیٔ کی جمع ہے جس کے معنی ہیں سایہ۔ اب اگر ظلال کے معنی بھی سایہ ہوں تو سایہ سائے کی طرف مضاف ہو جائے گا۔ یہ درست نہیں لہٰذا یہ کہنا پڑے گا کہ یہاں ظلال بمعنی اشخاص ہے اور مصرعہ کے معنی یہ ہیں کہ وہ شام کے اشخاص و اجسام کے سایوں کے پیچھے آتا ہے۔ اس تقریر پر واضح ہو گیا کہ آیت کریمہ میں ظلال بمعنی اشخاص ہے۔
ایک اعتراض اور اس کا جواب صاحب روح المعانی نے اس مقام پر امام راغب اصفہانی کا تعاقب نقل کیا ہے۔ لہٰذا یہ استدلال مجروح ہے۔
جواباً عرض کروں گا کہ نظر صحیح سے کام لیا جائے تو امام راغب اصفہانی کا تعاقب صحیح نہیں ہے کیونکہ انہوں نے رفعنا ظل اخبیۃ کے معنی کئے ہیں رفعنا الاخبیۃ فرفعنا بہ ظلہا اور ظاہر ہے کہ اس صورت میں لفظ ظل حشو محض اور بالکل بے فائدہ ہو کر رہ جاتا ہے۔ جو تاویل فساد کلام کا موجب ہو وہ خود فاسد ہے۔ اس لئے یہ تعاقب درست نہیں۔ علیٰ ہٰذا القیاس دوسرے قول میں وہ خاص کی اضافت عام کی طرف بتا رہے ہیں۔ اہل علم سے مخفی نہیں کہ اضافت کا فائدہ تخصیص و تعریف مضاف ہے یا تخفیف لفظٰ اس اضافت میں تخفیف لفظی تو متصور ہی نہیں۔ رہی تخصیص تو وہ تحصیل حاصل ہو گی۔ اس لئے کہ مضاف اضافت سے پہلے ہی خاص ہے۔ لہٰذا اضافت بے فائدہ رہی اور یہ بھی فساد کلام ہے۔ معلوم ہوا کہ امام راغب اصفہانی کا تعاقب صحیح نہیں اور دونوں قولوں میں ظل بمعنی شخص ہی مستعمل ہے۔ جس کی تائید تفسیر مظہری، تفسیر معالم التنزیل، مجمع بحار الانوار اور لغت کی معتبر کتابوں سے ہوتی ہے۔ جن کی روشن اور واضح عبارات ہم ابھی نقل کر چکے ہیں۔
امر دوم ظل اور فیٔ کے معنی میں فرق مصباح المنیر میں ہے (الظل) قال ابن قتیبۃ یذہب الناس الی ان الظل والفئ بمعنی واحد ولیس کذالک بل الظل یکون غدوۃ وعشیۃ والفئ لایکون الا بعد الزوال فلا یقال لما قبل الزوال فئ وانما سمی بعد الزوال فیئا لانہ ظل فاء من جانب المغرب الٰی جانب المشرق والفئ الرجوع وقال ابن السکیت الظل من الطلوع الی الزوال والفئ من الزوال الی الغروب وقال ثعلب الظل للشجرۃ وغیرہا بالغداۃ والفئ بالعشی وقال رؤبۃ بن العجاج کل ما کانت علیہ الشمس فزالت عنہ فہو ظل وفئ وما لم یکن علیہ الشمس فہو ظل ومن ہنا قیل الشمس تنسخ الظل والفئ ینسخ الشمس وجمع الظل ظلال واظلۃ وظلل۔ (مصباح المنیر مطبوعہ مصر ج دوم ص ۳۶۳) ترجمہ: ابن قتیبہ نے کہا کہ بعض لوگ اس طرف گئے ہیں کہ ظل اور فیٔ ایک معنی میں ہیں حالانکہ ایسا نہیں ہے بلکہ ظل صبح اور شام دونوں وقت ہوتا ہے اور فیٔ صرف بعد الزوال ہوتا ہے۔ لہٰذا قبل الزوال سایہ کو فیٔ نہیں کہا جاتا اور سایہ بعد الزوال کو اس لئے فیٔ کہا جاتا ہے کہ فیٔ کے معنی رجوع کے ہیں اور وہ سایہ جسے فیٔ کہا جاتا ہے وہ مغرب سے مشرق کی جانب رجوع ہوتا ہے۔ ابن سکیت کا قول ہے کہ طلوع سے زوال تک جو سایہ ہوتا ہے اسے ظل کہا جاتا ہے اور زوال کے بعد سے غروب تک فیٔ ہوتا ہے اور ثعلب نے کہا ظل درخت وغیرہ کے اس سایہ کو کہتے ہیں جو دوپہر سے پہلے ہوتا ہے اور فیٔ اسے کہتے ہیں جو دوپہر کے بعد ہوتا ہے اور روبہ بن عجاج نے کہا کہ ہر وہ سایہ جو سورج ڈھلنے کے بعد ہو وہ ظل اور فیٔ ہے اور جو سورج ڈھلنے سے پہلے ہو وہ ظل ہے اور یہی منتہیٰ ہے اس قول کا کہ سورج ظل کو منسوخ کر دیتا ہے اور فیٔ سورج کو یعنی اسے خط استوا سے زائل کر دیتا ہے اور ظل کی جمع ظلال اور اظلہ اور ظلل ہے۔ انتہیٰ (مصباح المنیر)
اس عبارت کا خلاصہ یہ ہے کہ بعض علماء کے نزدیک سایہ قبل الزوال ’’ظل‘‘ ہے اور بعد الزوال ’’فیٔ‘‘ ہے اور بعض کا قول ہے کہ قبل الزوال ’’ظل‘‘ اور ’’فئی‘‘ ہے اور بعد الزوال ’’ظل‘‘ اور ’’فیٔ‘‘ ہے۔ پہلے قول پر ’’ظل‘‘ اور ’’فیٔ‘‘ متبائن ہیں اور دوسرے قول پر ’’ظل‘‘ عام اور ’’فیٔ‘‘ خاص تبائن کا قول اکثر علماء نے کیا ہے۔ چنانچہ تفسیر خازن و معالم جلد ۴ ص ۷۷ اور کتاب التعریفات للسید الشریف الجرجانی مطبوعہ مصر ص ۷۳ اور جمہرۃ اللغۃ مطبوعہ دائرۃ المعارف جلد اول حیدر آباد دکن کی عبارات سے واضح ہے۔
امر سوم موسم گرما ناظرین کرام کو یاد ہو گا کہ حضرت زینب رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے حضور کی شکر رنجی کا واقعہ حجۃ الوداع سے واپسی کے موقع پر اثناء سفر میں پیش آیا تھا چنانچہ مسند امام احمد میں عفان راوی کا قول جزم کے ساتھ موجود ہے کہ ولا اظنہ الا قال فی حجۃ الوداع مسند امام احمد جلد ۶ ص ۱۳۲ اور یہ شکر رنجی ذی الحجہ کے آخری ایام سے لے کر ربیع الاول شریف کے چند دنوں تک رہی۔ جیسا کہ مسند امام احمد اور مجمع الزوائد کی حدیثوں میں اس کی تصریح موجود ہے اور مجمع الزوائد میں بغیر کسی شک کے ایاما من شہر ربیع الاول کے الفاظ وارد ہیں۔ دیکھئے مجمع الزوائد جلد چہارم طبع قاہرہ ص ۳۲۳، تنظیم اہل حدیث لاہور ۸ جنوری ۴ء از مکتوب مولانا ابو داؤد محمد صادق صاحب گوجرانوالہ۔
بالاٰخر ایک دن حضرت زینب نے نصف النہار کے وقت حضور ﷺ کے ظل کریم کو اپنی طرف آتے ہوئے دیکھا تو یہ دن یقینا ربیع الاول ہی کے دنوں میں ہے اور کسی پڑھے لکھے مسلمان سے یہ بات پوشیدہ نہیں کہ حجۃ الوداع ۱۰ ھ میں ہوا اور ۱۱ ھ میں ۱۲؍ ربیع الاول شریف مطابق ۱۱؍ جون کو حضور ﷺ کی وفات ہوئی۔ دیکھئے رحمۃ للعٰلمین مؤلفہ قاضی سلیمان منصور پوری جلد ۲ ص ۴۷۲ اور تاریخ اسلام مؤلفہ شوق امرتسری ص ۳۲۱
حضور ﷺ کی وفات حسرت آیات ۱۲ ربیع الاول ۱۱ ھ بروز دو شنبہ مطابق ۱۱ جون ۶۳۲ء بوقت چاشت واقع ہوئی۔ اس وقت آپ کی عمر تریسٹھ برس اور پانچ یوم کی تھی۔ (تاریخ اسلام ص ۳۲۱ رحمۃ اللعٰلمین ج ۲ ص ۴۷۲)
اسی حساب سے ثابت ہو گیا کہ جس دن حضرت زینب حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ظل کریم کو دیکھنے کا واقعہ بیان فرما رہی ہیں وہ جون کے مہینہ کا دن تھا جو خاص گرمی کا موسم ہے۔
ایک شبہ کا ازالہ اگر اس مقام یہ شبہ وارد کیا جائے کہ علامہ شبلی نعمانی کے بیان سے حضور ﷺ کی تاریخ وصال یکم ربیع الاول مطابق ۳۱ مئی ظاہر ہوتی ہے تو میں جواباً عرض کروں گا کہ اول تو ۳۱ مئی بھی گرمی کا زمانہ ہے۔ دوسرے یہ کہ اس قول پر مخالفین کی پیش کردہ دونوں حدیثیں بالکل ساقط الاعتبار ہو جائیں گی کیونکہ جب یکم ربیع الاول کو حضور ﷺ کا وصال ہو گیا تو اسی ماہِ ربیع الاول کے چند دنوں تک شکر رنجی باقی رہنا اور اس کے بعد ایک دن حضرت زینب کا ظل رسول کو دیکھنا سب کچھ غلط ہو جائے گا۔ لہٰذا علامہ شبلی کا قول کسی طرح پیش کردہ حدیثوں کے مطابق نہیں ہو سکتا۔ اگر شبلی کے قول کو مانا جائے تو حدیثوں کو چھوڑنا پڑے گا اور حدیثوں کو تسلیم کیا جائے تو شبلی صاحب کے قول سے کنارہ کرشی کرنا ہو گی۔
امر چہارم موسم گرما میں دوپہر کو سایہ نہیں ہوتا گرمی کے زمانہ میں دوپہر کے وقت کسی جانب انسان کا جھکا ہوا سایہ نہ ہونا ایسا روشن اور ظاہر امر ہے جس پر کسی دلیل کی حاجت نہیں لیکن اس کے باوجود آخر میں حجت کے لئے ہم اپنے اس بین دعوے پر بھی دلیل قائم کئے دیتے ہیں تاکہ منکرین کے لئے کوئی عذر بارد باقی نہ رہے۔ دیکھئے منجد میں ہے ۱۔ ومشیت علی ظلی او انتعلت ظلی ای مشیت وقد انتصف النہار فلم یکن لی ظل (المنجد طبع قاھرہ ص ۴۹۶) ترجمہ: ’’مشیت علٰی ظلی‘‘ اور ’’انتعلت ظلی‘‘ کے معنی یہ ہیں کہ میں چلا اس حال میں کہ نصف النہار کا وقت ہو گیا اس لئے میرا سایہ نہیں تھا۔ ۲۔ مصباح اللغات میں ہے ’’ومشیت علٰی ظلی او انتعلت ظلی‘‘ ترجمہ: میں چلا اس حال میں کہ دوپہر ہو چکی تھی اس لئے میرا سایہ نہ تھا۔ (مصباح اللغات ص ۵۰۱) ۳۔ اذا مشیت وقد انتصف النہار فی القیظ فلم یکن لی ظل۔(اقرب الموارد جلد ۲ ص ۷۳۱ طبع قاہرہ) ترجمہ: ’’مشیت علٰی ظلی‘‘ اور ’’انتعلت فی ظلی‘‘ اس وقت کہا جاتا ہے جب کوئی شخص موسم گرما میں دوپہر کے وقت چلے تو کہتا ہے کہ چونکہ میں دوپہر کے وقت چلا اس لئے میرا سایہ نہیں تھا۔ انتہیٰ ۴۔ کرمانی شرح بخاری میں ہے قائم الظہیرۃ ای نصف النہار وہو استواء حالۃ الشمس وسمی قائم لان الظل لا یظہر حینئذ فکانہٗ قائم واقف۔(کرمانی حاشیہ ۱۲ بخاری جلد اول ص ۳۱۰ مطبوعہ اصح المطابع) ترجمہ: ’’قائم الظہیرہ‘‘ نصف النہار کو کہتے ہیں اور وہ سورج کے خط استواء پر ہونے کی حالت میں ہے۔ دوپہر کو قائم اس لئے کہتے ہیں کہ اس وقت سایہ ظاہر نہیں ہوتا۔ تو گویا وہ ایک جگہ کھڑا اور ٹھہرا ہوا ہے۔ انتہیٰ
ناظرین کرام بیان سابق میں پڑھ چکے ہیں کہ سایہ دو قسم کا ہے۔ ایک ظل اور دوسرا فیٔ۔ ظل وہ سایہ ہے جو اول نہار میں قبل الزوال ہوتا ہے اور فیٔ وہ سایہ ہے جو بعد از زوال غروب تک رہتا ہے۔
نصف النہار کا وقت چونکہ درمیان میں ہوتا ہے اس لئے اس وقت نہ ظل ہوتا ہے نہ فیٔ بلکہ چلنے والے کا سایہ اس وقت اس کے پاؤں میں ہوتا ہے جسے وہ پامال کرتا ہوا چلتا ہے اور گرمی کے دنوں میں کسی جانب جھکے ہوئے سائے کا وجود نہیں ہوتا۔ لہٰذا یہ ممکن ہی نہیں کہ کسی آنے والے کے جسم سے پہلے اس کا سایہ نظر آ جائے۔
ایسی صورت میں ماہنامہ تجلی (۱) دیوبند کا یہ لکھنا کہ ام المومنین فرماتی ہیں ’’پس ایک دن دوپہر کے وقت دفعۃً رسول اللہ تشریف لے آئے اور میں نے پہلے ان کا سایہ ہی دیکھا۔‘‘
قطعاً غلط اور باطل محض ہے بلکہ اس واقعہ کی دونوں روایتوں میں لفظ ظل بمعنی شخص ہے۔ جیسا کہ ہم کتب لغت و تفاسیر سے ابھی وہ عبارات نقل کر چکے ہیں اور ام المومنین حضرت زینب رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے اس قول کے معنی یہ ہیں کہ ’’میں ایک دن دوپہر کے وقت بیٹھی ہوئی تھی کہ ناگہاں میں نے حضور نبی اکرم ﷺ کی ذاتِ مقدسہ کو اپنی طرف آتے ہوئے دیکھا۔‘‘
الحمد للّٰہ! مسند امام احمد اور مجمع الزوائد کی دونوں حدیثوں پر کلام ختم ہوا اور دلائل کی روشنی میں حق واضح ہو گیا۔ اہل علم منصف مزاج حضرات سے امید ہے کہ وہ ہماری اس تحقیق اور محنت کی قدر کریں گے اور جن کے دلوں میں زیغ ہے ان سے انصاف کی کوئی امید نہیں۔ حق واضح کر دینا ہمارا فرض تھا جس سے ہم سبکدوش ہو گئے۔ وللّٰہ الحجۃ السامیۃ۔
تیسری حدیث ’’ظلی و ظلکم‘‘ اس کے بعد تیسری حدیث پر کلام کرتا ہوں جو علامہ ابن قیم کی حادی الارواح سے مخالفین نے حضور ا کا تاریک جسمانی سایہ ثابت ہونے کیلئے پیش کی ہے۔ حدیث اور اس کا ترجمہ ابتدائے بیان میں ہم واضح طور پر لکھ چکے ہیں۔ اعادہ کی حاجت نہیں۔
علامہ ابن قیم نے یہ حدیث حضور ﷺ کا سایہ ثابت کرنے کے لئے نہیں لکھی بلکہ دوزخ و جنت کا وجود ثابت کرنے کے لئے ارقام فرمائی ہے اور یہ بتایا ہے کہ دوزخ و جنت پیدا ہو چکی ہیں جس کی دلیل یہ حدیث ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کی اس دیوار پر جو قبلہ کی جانب واقع ہوئی ہے فجر کی نماز میں جنت اور دوزخ دونوں کو دیکھا، صرف یہی نہیں بلکہ ان کی اشیاء اور جنتیوں اور دوزخیوں کو بھی ملاحظہ فرمایا۔
طبرانی میں حضرت سمرۃ بن جندب رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا ما رایتم من شئ فی الدنیا لہ لون ولا نبئتم بہ فی الجنۃ ولا فی النار الا لقد صور لی من قبل ہٰذا الجدار منذ صلیت لکم صلٰوتی ہٰذہ فنظرت الیہ مصور فی جدار المسجد۔ انتہٰی (کنزالعمال جلد ۴ ص ۱۷۸)
تم نے دنیا میں کوئی ایسی چیز نہیں دیکھی جس کا کوئی رنگ ہو اور نہ تمہیں جنت و دوزخ میں کسی چیز کے ہونے کی خبر دی گئی لیکن وہ سب چیزیں اور تمام دوزخی اور جنتی سب اس قبلہ کی سمت میں ظاہر کر دئیے گئے جس وقت سے میں نے تمہیں یہ اپنی نماز پڑھائی ہے تو میں نے ہر چیز کی صورت دیوار مسجد میں دیکھ لی۔
جب حضور ﷺ نے دوزخ و جنت کی ہر چیز کو دیکھ لیا تو اپنے آپ کو صحابہ کرام کو بھی یقینا دیکھا کیونکہ حضور اور آپ کے صحابہ کرام بھی تو جنتی ہیں۔ معلوم ہوا کہ یہاں بھی ظل کے معنی جسم کے تاریک سایہ کے نہیں بلکہ وہی ’’شخص‘‘ اور ’’جسم‘‘ کے معنی ہیں جو ہم پہلے ثابت کر آئے ہیں اور ’’رأیت ظلی وظلکم‘‘ کے معنی یہ ہیں کہ میں نے اپنے آپ کو اور تم سب کو دیکھا اور یہ بات کوئی تعجب انگیز نہیں کہ حضور ﷺ اور آپ کے صحابہ دنیا میں ہوتے ہوئے جنت میں کیسے موجود تھے؟ دیکھئے شب معراج جب حضور ﷺ پہلے آسمان پر پہنچے اور آدم علیہ السلام سے ملاقات کی اور ان کے دائیں بائیں ان کی نیک اور بد اولاد کو دیکھا تو نیکوں میں حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اپنے آپ کو بھی دیکھا۔ امام شعرانی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں ورای رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم صورتہ ہناک فی اشخاص السعداء فشکر اللّٰہ تعالٰی وعلم عند ذالک کیف یکون الانسان فی مکانین۔ (الیواقیت والجواہر جلد ۲ ص ۳۴ مطبوعہ مصر) ترجمہ: حضور ﷺ نے نیکوں کی ذاتوں میں اپنی صورت مبارکہ بھی دیکھی اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور اس وقت حضور ﷺ نے عین الیقین کے ساتھ جان لیا کہ ایک انسان کس طرح دو جگہوں میں ہوتا ہے۔ انتہیٰ (الیواقیت)
لہٰذا یہ کوئی تعجب کی بات نہیں۔ جس طرح حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام آسمان اول پر اشخاص سعداء سے باہر بھی تھے اور ان کے اندر بھی اپنے آپ کو ملاحظہ فرما رہے تھے اسی طرح اس موقعہ پر بھی حضور اور آپ کے صحابہ جنت سے باہر بھی تھے اور جنت میں بھی حضور اپنے ساتھ اپنے صحابہ کرام کو دیکھ رہے تھے۔
معلوم ہوا کہ ’’ظلی و ظلکم‘‘ سے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام اور صحابہ کرام کا جسمانی سایہ مراد نہیں بلکہ ذواتِ قدسیہ مراد ہیں اور حدیث کے معنی وہی ہیں جو ہم ابھی بیان کر چکے ہیں کہ میں نے جنت میں اپنے آپ کو بھی دیکھا اور تمہیں بھی دیکھا۔
مخالفین کی بے بصری پر حیرت کمالاتِ رسالت کے منکرین کی بے بصری موجب حیرت ہے۔ ان لوگوں نے ظلی و ظلکم کی حدیث سے حضور ﷺ کا جسمانی سایہ ثابت کرتے وقت اتنی بات بھی نہ سوچی کہ اگر اس حدیث سے حضور کا سایہ ثابت ہوا تو یا مسجد نبوی میں ہو گا یا دوزخ میں یا جنت میں۔ کیونکہ یہ واقعہ عین نمازِ فجر کا ہے جس وقت حضور اور صحابہ کرام مسجد نبوی میں تھے۔ ذرا غور کرنے سے یہ بات واضح ہو سکتی ہے کہ تینوں جگہوں میں سے ایک جگہ پر بھی اس وقت سایہ کا وجود ممکن نہ تھا کیونکہ نمازِ فجر کا وقت آخر شب کی ہلکی سیاہی کا وقت ہوتا ہے۔ اس وقت کسی سایہ دار چیز کا سایہ ظاہر نہیں ہوتا اور جنت میں بھی کسی جنتی کا سایہ نہیں ہو سکتا کیونکہ جنت میں ہر وقت ایسا سایہ رہتا ہے جیسے طلوع فجر اور طلوع آفتاب کے درمیانی وقت میں سایہ ہوتا ہے اور سایہ میں کسی کا سایہ نظر نہیں آتا۔ اس لئے جنت میں بھی سایہ دیکھنا متصور نہیں۔ اب تیسری جگہ دوزخ ہے تو مجھے امید نہیں کہ مخالفین دوزخ میں حضور کا سایہ مانتے ہوں اور اگر خلاف امید ان کا مسلک فی الواقع یہی ہے تو انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ سایہ ہمیشہ روشنی میں ہوتا ہے اور دوزخ کی آگ دنیاوی آگ کی طرح روشن نہیں بلکہ وہ سیاہ اور تاریک ہے۔ دیکھئے ترمذی جلد ۲ ص ۸۳، مشکوٰۃ جلد ۲ ص ۵۰۳
اور ظاہر ہے کہ سیاہی اور تاریکی میں سایہ نہیں ہوتا۔ اب مخالفین بتائیں کہ حتی رأیت ظلی وظلکم کے معنی جو آپ کرتے ہیں کہ میں نے اپنا اور تمہارا سایہ دیکھا یہ معنی کیسے درست ہو سکتے ہیں؟
اگرچہ میرا یہ بیان محتاجِ دلیل نہیں لیکن ہر قسم کا تردد زائل کرنے کے لئے دلائل پیش کرتا ہوں اور ساتھ ہی بعض شکوک و شبہات کے جوابات بھی عرض کروں گا تاکہ اتمام حجت کا حق ادا ہو جائے۔
دنیا والوں کے عرف عام میں سایہ اسے کہتے ہیں جو سورج کی گرمی اور تکلیف سے بچائے لیکن جنت کے متعلق اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں فرماتا ہے لَا یَرَوْنَ فِیْہَا شَمْسًا وَّلَا زَمْہَرِیْرًا نہ اس میں سورج کی گرمی معلوم ہو گی نہ زمہریر کی سردی
جب وہاں سورج کی گرمی اور اس کی تکلیف و اذیت نہیں تو اس سے بچنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا جس کے لئے سایہ کی ضرورت ہو۔
ہاں! البتہ اس میں ایسا سایہ ضرور ہے جو ہر طرف پھیلا ہوا ہے جس میں کسی سایہ دار چیز کا سایہ نظر نہیں آتا۔ دیکھیئے سورئہ واقعہ میں ہے ’’وَظِلٍّ مَّمْدُوْدٍ‘‘ یعنی جنتی جنت میں ایسے سایہ میں ہوں گے جو ہر طرف پھیلا ہوا، دائم اور غیر منقطع ہو گا۔ تفسیر مدارک میں اسی آیت کے تحت فرمایا (وظل ممدود) ممتد منبسط کظل ما بین طلوع الفجر وطلوع الشمس (انتہٰی) (تفسیر مدارک جلد ۴ ص ۱۶۳ مطبوعہ مصر) یعنی جنتی جنت کے ایسے سایہ میں ہوں گے جو لمبا اور ہر طرف پھیلا ہوا ہو گا جیسے صبح صادق اور طلوع آفتاب کے درمیانی وقت میں طویل، ہلکا اور چاروں طرف پھیلا ہوا خوشگوار سایہ ہوتا ہے۔
تفسیر نیشا پوری میں ہے: (او ظل ممدود) ای ممتد منبسط کظل الطلوع والغروب لا یتقلص ویحتمل ان یراد انہ دائم باق لا یزول ولا تنسخہ الشمس والعرب تقول لکل شیء طویل لا ینقطع انہ ممدود۔ انتہٰی۔(تفسیر نیشا پوری پ ۲۷ ص ۸۹ مطبوعہ مصر) ترجمہ: اور ظل ممدود سے مراد یہ ہے کہ جنت کا سایہ دراز اور ہر طرف پھیلا ہوا ہو گا جیسے طلوع اور غروب کے وقت ہر طرف پھیلا ہوا ہلکا دراز اور خوشگوار سایہ ہوتا ہے وہ سایہ ایسا ہو گا کہ نہ سمٹے گا اور نہ سکڑے گا اور اس امر کا بھی احتمال ہے کہ ’’ظل ممدود‘‘ سے یہ مراد لیا جائے کہ جنت کا سایہ ایسا دائم و باقی ہے جو کبھی زائل نہ ہو اور سورج بھی اسے منسوخ نہ کرے گا کیونکہ وہاں سورج کا وجود ہی نہ ہو گا اور اہل عرب ہر ایسی طویل چیز کو ممدود کہتے ہیں جو کبھی منقطع نہ ہو۔ انتہیٰ
قرآن کریم کی ان دونوں آیتوں اور مفسرین کی تصریحات کی روشنی میں ثابت ہو گیا کہ جنت میں ہر طرف طویل و دائم اور غیر منقطع سایہ پھیلا ہوا ہے اور سایہ کی جگہ کسی کا سایہ نظر نہیں آتا۔ لہٰذا اچھی طرح واضح ہو گیا کہ ’’رأیت ظلی وظلکم‘‘ کے یہ معنی ہرگز درست نہیں ہو سکتے کہ میں نے (جنت میں) اپنا اور تمہارا سایہ دیکھا۔