یہی عبارت ’’نور الابصار فی مناقب آل بیت النبی الاطہار‘‘ میں ہے۔ عارف کامل حضرت مولانا جلال الدین رومی قدس سرہ العزیز مثنوی شریف دفتر پنجم میں فرماتے ہیں
چوں فناش از فقر پیرایہ شود او محمد ﷺ وار بے سایہ شود
مولانا بحر العلوم نے اس کی شرح میں ارقام فرمایا در مصرع ثانی اشارہ بمعجزئہ آں سرور ﷺ است کہ سرور را سایہ نمی افتاد۔ انتہیٰ (شرح بحر العلوم) مصرع ثانی میں سرورِ عالم ﷺ کے معجزہ کی طرف اشارہ ہے کہ حضور ﷺ کا سایہ نہ پڑتا تھا۔ انتہیٰ
حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں وبکشف صریح معلوم گشتہ است کہ خلقت آں سرور ﷺ ناشی ازیں امکان است کہ بصفات اضافیہ تعلق دارد نہ امکانیکہ در سائر ممکنات عالم کائن است ہر چند بدقت نظر صحیفۂ ممکنات عالم را مطالعہ نمودہ می آید وجود آں سرور آنجا مشہور نمی گردد بلکہ منشاء خلقت و امکان او علیہ واٰلہ الصلوٰۃ والسلام در عالم ممکنات نباشد بلکہ فوق ایں عالم باشد ناچار اور اسایہ نبود، ونیز درعالم شہادت سایۂ ہر شخص لطیف ترست وچوں لطیف تر ازوی در عالم نباشد اور اسایہ چہ صورت دارد علیہ وعلیٰ اٰلہ الصلوٰۃ والتسلیمات۔ انتہیٰ (مکتوب امام ربانی جلد سوم مطبوعہ نول کشور لکھنؤ ص ۱۸۷) ترجمہ: اور کشف صریح سے معلوم ہوا کہ آں سرور عالم ﷺ کی خلقت اس امکان سے ناشی ہے جو صفات اضافیہ سے تعلق رکھتاہے نہ اس امکان سے جو تمام عالم ممکنات میں ہے۔ جس قدر بھی دقت نظر سے صحیفۂ ممکنات عالم کا مطالعہ کیا جائے آں سرور ﷺ کا وجود مبارک وہاں (امکان ممکنات سے متصف ہو کر) ظاہر نہیں ہوتا۔ (حتیٰ کہ) حضور ﷺ کی خلقت و امکان کا منشاء عالم ممکنات میں بالکل نہیں پایا جاتا بلکہ منشاء خلقت محمدی اس عالم امکان سے بالا تر ہے۔ لہٰذا ناچار حضور ﷺ کا سایہ نہ تھا۔
نیز عالم شہادت میں ہر شخص کا سایہ اس سے لطیف تر ہوتا ہے جب حضور ﷺ سے لطیف تر عالم میں کوئی چیز نہیں ہو سکتی تو حضور ﷺ کا سایہ کیونکر ہو سکتا ہے؟ انتہیٰ
اس کے بعد اسی مکتوبات جلد سوم کے مکتوب صد و بست و دوم کے آخر میں فرماتے ہیں ممکن چہ بود کہ ظل واجب باشد واجب را تعالیٰ چرا ظل بود کہ ظل موہم تولید مثل است و مبنی برشائبہ عدم کمال لطافت اصل ہرگاہ محمد رسول اللہ ﷺ را از لطافت ظل نبود خدائے محمد را چگو نہ ظل باشد۔ انتہیٰ (مکتوبات امام ربانی جلد سوم ص ۳۳۷)
ترجمہ: کیسے ممکن ہے کہ واجب کا سایہ ہو واجب تعالیٰ کے لئے تو سایہ کا ہونا ممکن ہی نہیں۔ اس لئے کہ سایہ تولید مثل کا وہم پیدا کرتا ہے اور عدم لطافت اصل کا مظہر ہے۔ جب کمال لطافت کی وجہ سے محمد رسول اللہ ﷺ کا سایہ نہ تھا تو خدائے محمد کا سایہ کیونکر ہو سکتا ہے؟ انتہیٰ
حضور سید عالم ﷺ کے لئے حسی حقیقی نورانیت کے ثبوت میں ناظرین کرام ہمارے دلائل پڑھ چکے ہیں۔ اب ایک چھوٹی سی عبارت مولوی اشرف علی صاحب تھانوی کی بھی ملاحظہ فرما لی جائے۔ ان کے عقیدے سے ہمیں بحث نہیں۔ سر دست الزاماً علی الخصم نشر الطیب کی ایک عبارت ہدیۂ ناظرین ہے
’’جب آپ ہنستے تھے تو دیواروں پر چمک پڑتی تھی۔‘‘ نشر الطیب ص ۱۶۰
ناظرین غور فرمائیں کہ یہ عبارت حضور ﷺ کے لئے حسی حقیقی نورانیت کی مثبت ہے یا نہیں؟ اگر گنجائش ہوتی تو دیوبند کا فتویٰ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے سایہ نہ ہونے کے بارہ میں فتاویٰ دیوبند سے نقل کیا جاتا لیکن اہل انصاف کو اب مزید کسی حوالہ کی ضرورت نہیں رہی۔ الحمد للّٰہ! حق آفتاب سے زیادہ روشن ہو گیا۔
ہم نے اس کتاب میں جن علماء امت اور مصنفین کے اقوال و روایات پیش کئے ہیں اور جن کتابوں سے عبارات نقل کی ہیں ان کے اسماء گرامی حسب ذیل ہیں علماء مصنفین ۱۔ حکیم ترمذی ۲۔ حافظ رزین ۳۔ ابن مبارک ۴۔ محدث ابن سبع ۵۔ ابراہیم بیجوری ۶۔ قاضی عیاض ۷۔ مولانا روم ۸۔ علامہ حسین بن محمد دیار بکری ۹۔ محدث ابن جوزی ۱۰۔ صاحب سیرۃ شامی ۱۱۔ صاحب سیرۃ حلبیہ ۱۲۔ امام جلال الدین سیوطی ۱۳۔ امام راغب اصفہانی ۱۴۔ علامہ شیخ محمد طاہر ۱۵۔ علامہ شہاب الدین خفا جی ۱۶۔ امام قسطلانی ۱۷۔ امام زرقانی ۱۸۔ الشیخ عبد الحق دہلوی ۱۹۔ حضرت مجدد الف ثانی ۲۰۔ علامہ بحر العلوم لکھنوی ۲۱۔ شاہ عبد العزیز محدث دہلوی ۲۲۔ امام نسفی ۲۳۔ علامہ سلیمان جمل ۲۴۔ علامہ ابن حجر مکی
ان کے علاوہ دو مولوی مخالفین کے جن میں ایک مولوی رشید احمد صاحب گنگوہی اور دوسرے مولوی اشرف علی صاحب تھانوی ہیں۔
اور جن کتابوں سے ہم نے اپنے بیان کے دلائل کو اخذ کیا ہے ان کے نام حسب ذیل ہیں ۱۔ نوادر الاصول فی بیان اخبار الرسول ۲۔ سیرۃ حلبیہ ۳۔ خصائص کبریٰ ۴۔ مفردات امام راغب ۵۔ مجمع بحار الانوار ۶۔ نسیم الریاض ۷۔ شفاء قاضی عیاض ۸۔ زرقانی ۹۔ مدارج النبوۃ ۱۰۔ مکتوبات امام ربانی ۱۱۔ تفسیر عزیزی ۱۲۔ مدارک ۱۳۔ مثنوی شریف ۱۴۔ شرح بحر العلوم ۱۵۔ افضل القریٰ ۱۶۔ مواہب اللدنیہ ۱۷۔ شمائل ترمذی الموذج اللبیب اور ان کے علاوہ دیگر کتب معتبرہ سے روشن دلائل اخذ کر کے ناظرین کے سامنے پیش کر دیئے ہیں۔ لیجئے ایک نظر دیوبند کا فتویٰ بھی دیکھتے چلیئے
عزیز الفتاویٰ میں ہے آنحضرت ﷺ کا سایہ نہ تھا سوال: ۱۴۴۶ وہ حدیث کون سی ہے جس میں یہ ہے کہ رسول مقبول ﷺ کا سایہ زمین پر واقع نہیں ہوتا تھا؟ الجواب: امام سیوطی نے خصائص کبریٰ میں آنحضرت ﷺ کا سایہ زمین پر واقع نہ ہونے کے بارے میں یہ حدیث نقل فرمائی ہے
اخرج الحکیم الترمذی عن ذکوان ان رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم لم یکن یری لہٗ ظل فی شمس ولا قمر۔ الخ اور تواریخ حبیب الٰہ میں مفتی عنایت احمد رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ آپ کا بدن نور تھا۔ اسی وجہ سے آپ کا سایہ نہ تھا۔ مولوی جامی رحمۃ اللہ علیہ نے آپ کا سایہ نہ ہونے کا خوب نکتہ لکھا ہے۔ اس قطعہ میں
قـطـعــہ پیغمبر ما نداشت سایہ تاشک بدل یقین نیفتد یعنی ہر کس کہ پروا دست پیداست کہ پا زمین نیفتد
فقط واللہ تعالیٰ اعلم۔ کتبہ عزیز الرحمن عفی عنہ (عزیز الفتاویٰ جلد ہشتم ص ۲۰۲)
ایک شبہ اور اس کا جواب فتاویٰ دیوبند سے فتویٰ منقولہ بالا نقل کرتے وقت ایک دوست نے شبہ وارد کیا کہ میں نے دیوبند ہی کے کسی مجموعہ فتاویٰ میں اس فتویٰ کے خلاف فتویٰ دیکھا ہے۔
فقیر نے جواباً عرض کیا کہ ان حضرات کے فتووں کا اختلاف کوئی نئی بات نہیں۔ نہ ہمیں اس سے کوئی بحث ہے۔ ہم تو صرف یہ بتانا چاہتے ہیں کہ جن لوگوں نے محض اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ کی طرف سے اس مسئلہ کو منسوب کیا، وہ اعلیٰ حضرت پر افتراء کرتے ہیں۔ دراصل ان کے مقتداء بھی ایسے فتوے دیتے چلے آئے اور انہوں نے اس حقیقت کو تسلیم کیا کہ واقعی حضور ﷺ کا بدن مبارک نور تھا جس کی وجہ حضور ﷺ کا سایہ زمین پر نہ پڑتا تھا اور عارف جامی جیسے حضرات کا بھی یہ مسلک ان کے نزدیک مسلم ہے۔ اب اگر وہ اس کے خلاف لکھیں تو مورد الزام وہ خود بنتے ہیں۔ جس کا جواب ان کے اپنے ذمہ ہے کہ جس بات کو وہ اہل حق کا مسلک مان چکے ہیں اس کا انکار کیوں کرتے ہیں؟
ایک اور اعتراض اور اس کا جواب اس مقام پر ایک یہ اعتراض بھی ہو سکتا ہے کہ اگر واقعی حضور ﷺ کا جسم مبارک نور تھا تو حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی اس حدیث کے کیا معنی ہوں گے کہ نبی کریم ﷺ میرے حجرہ مبارکہ میں رات کی نماز پڑھتے تھے۔ چراغ نہ ہونے کی وجہ سے اندھیرا ہوتا تھا اور حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام جب سجدہ میں جاتے تو میرے پاؤں کو اپنے مبارک ہاتھ سے دبا دیتے اور میں اپنے پاؤں سکیڑ لیتی تب حضور ﷺ سجدہ فرماتے۔
اس کا جواب یہ ہے کہ اس حدیث سے یا اس قسم کی بعض دیگر روایات سے نورِ اقدس کے وجود کی نفی ہرگز ثابت نہیں بلکہ غایت ما فی الباب نور مبارک کے ظہور کی نفی ہو گی اور نفی ظہور نفی وجود کو مستلزم نہیں۔ ہم پہلے عرض کر چکے ہیں کہ نور دو قسم کا ہے حسی اور معنوی۔ دیکھئے علم ادراک نور معنوی ہے لیکن جب عدم التفات کا حال طاری ہوتا ہے تو اس وقت نور علم کا ظہور نہیں ہوتا مگر اس کے وجود کی نفی آپ نہیں کر سکتے کیونکہ تصدیق اور ایمان بھی علم ہے۔ جب مومن مصدق پر نیند، بے ہوشی یا اس کے علاوہ کسی قسم کے التفات از قبیل ذہول وغیرہ کا غلبہ ہوتا ہے تو ظہور علم کی نفی ہو گی وجود کی نفی نہیں ہو سکتی۔ ورنہ علم کی نفی سے تصدیق کی نفی ہو جائے گی کیونکہ وہ تصدیق کا منقسم ہے اور تصدیق ہی عین ایمان ہے تو معاذ اللہ ان سب حالتوں میں مومن کے ایمان کی نفی ہو گی۔ حالانکہ یہ قطعاً باطل ہے۔ پس جس طرح نور معنوی بعض احوال میں ظاہر نہیں ہوتا مگر موجود ہوتا ہے اسی طرح بمقتضائے حکمت ایزدی کسی وقت نور حسی بھی ظاہر نہ ہو تو اس کا وجود منتفی ہو گا۔ دیکھئے اسی حدیث میں نور اقدس کے عدم ظہور سے دین کے کئی مسئلے پیدا ہو گئے۔ مثلاً اگر نمازی پوری طرح مطمئن ہے تو اندھیرے میں نماز کا جواز ثابت ہوا۔ پھر یہ کہ نمازی کے سامنے عورت کا جانب قبلہ میں معترض ہونا مفسد صلوٰۃ نہ رہا۔ تیسرے یہ کہ نمازی اگر بحالت نماز عورت کے جسم کو ہاتھ لگا دے تو وضو اور نماز دونوں صحیح ہیں۔ اگر اس وقت حضور ﷺ کا نور بالقوۃ نہ ہو جاتا تو یہ مسائل کیسے مدون ہوتے؟ یاد رکھیئے حضور کی ادائیں دین ہیں۔ اسی لئے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے لَقَدْ کَانَ لَکُمْ فِیْ رَسُوْلِ اللّٰہِ اُسْوَۃٌ حَسَنَۃٌ الغرض بربنائے حکمت جیسے نورِ معنوی کا عدم ظہور جائز ہے اسی طرح حکمت کے پیش نظر نور حسی کا عدم ظہور بھی یقینا جائز اور ممکن ہے۔ مگر اس کا عدم وجود نور پر استدلال کرنا بے نوری کی دلیل نہیں تو اور کیا ہے؟
حرفِ آخر الحمد للّٰہ! ہم نے نہایت بسط و تفصیل کے ساتھ بیان کر دیا کہ حضور ﷺ کا جسم پاک ایسا نورانی اور لطیف تھا کہ اس کا سایہ زمین پر نہ پڑتا تھا۔ نفی سایہ کے بیان سے ہم فارغ ہو گئے۔ البتہ حدیث ذکوان کے متعلق ابھی کچھ عرض کرنا باقی ہے۔ فاقول وبہ التوفیق۔
اس میں شک نہیں کہ حدیث ذکوان ضعیف ہے لیکن ایسی نہیں کہ بالکل ساقط الاعتبار ہو چہ جائیکہ اسے موضوع کہا جائے۔ اس لئے اگر یہ حدیث بالکل ساقط الاعتبار یا موضوع ہوتی تو وہ جلیل القدر ائمہ حدیث جن کی عبارات ہم اپنے بیان میں نہایت بسط و تفصیل کے ساتھ نقل کر آئے ہیں۔ ہرگز اس کو حضور ﷺ کے سایہ نہ ہونے کی تائید میں پیش نہ کرتے۔
اہل علم خوب جانتے ہیں کہ جن احادیث ضعیفہ کو محدثین نے مجروح کر کے چھوڑ دیا اور کسی معتبر محدث نے ان سے کوئی استدلال نہیں کیا نہ کسی مسئلہ کی تائید میں انہیں پیش کیا ان سے استدلال کرنا ضرور محل نظر ہے لیکن جن احادیث ضعیفہ سے اہل علم نے استدلال کیا یا انہیں کسی مسئلہ کی تائید میں پیش کیا انہیں علی الاطلاق ساقط الاعتبار قرار دینا کسی طرح جائز نہیں ہو سکتا کیونکہ ایسی صورت میں وہ تمام محدثین اور علمائے اعلام موردِ طعن قرار پائیں گے جنہوں نے ان احادیث کو کسی مسئلہ شرعیہ کی دلیل یا اس کا مؤید قرار دیا ہے اور اگر اس بارے میں کوئی شخص ان تمام اجلۂ محدثین کے خلاف اپنے خیال کو صحیح سمجھتا ہے تو یہ اس کی جرأت عظیمہ ہے جو اہل انصاف کے نزدیک کسی طرح مقبول اور پسندیدہ نہیں ہو سکتی۔
علاوہ ازیں ابواب فضائل و مناقب میں ضعاف کا معتبر ہونا ایک حقیقت ثابتہ ہے جس کا انکار محض تعصب و اعتساف ہے۔ اس کے بعد یہ بھی عرض کر دوں کہ رسول اللہ ﷺ کے سایہ نہ ہونے کی اصل دلیل ہمارے نزدیک وہ آیاتِ قرآنیہ مرقومہ بالا ہیں جن میں حضور ﷺ کو نور فرمایا گیا ہے۔ نیز احادیث مذکورۃ الصدر میں جن سے حضور ﷺ کے لئے ہم کامل نورانیت ثابت کر چکے ہیں اور یہ سایہ نہ ہونے کی روایات، ان آیات و احادیث کے مضمون کی مؤید ہیں۔ ایسی صورت میں ان کا ضعف کسی حال میں بھی ہمارے لئے مضر نہیں۔
اگر آپ اعتراض کریں کہ جب حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کا سایہ نہ ہونا قرآن و حدیث سے ثابت ہے تو اس کا منکر تمہارے نزدیک خارج از اسلام ہونا چاہئے تو اس کا جواب یہ ہے کہ ہماری پیش کردہ نصوص چونکہ دوسرے معنی کی بھی متحمل ہیں اس لئے ان کا یہ حکم قطعی نہیں لہٰذا منکر کو ہم خارج از اسلام نہیں کہہ سکتے۔
ہاں، اس میں شک نہیں کہ دوسرا احتمال چونکہ ضعیف ہے اس لئے وہ ہمارے استدلال سے مانع نہیں ہو سکتا۔ لہٰذا باب مناقب میں ان سے ہمارا دعویٰ بھی ثابت ہو جائے گا اور عدم قطعیت کی وجہ سے اس کا منکر کافر بھی نہ ہو گا۔
پھر یہ کہ فقہاء اور اہل علم جس حدیث ضعیف سے کسی مسئلہ پر استدلال کریں یا اسے کسی مسئلہ شرعیہ کا مؤید قرار دیں تو اس میں فی الجملہ قوت پیدا ہو جاتی ہے۔ کما لا یخفی علی الذکی۔
چونکہ اس حدیث کو بھی علماء محدثین نے حضور ﷺ کے سایہ نہ ہونے کی دلیل یا اس کا مؤید قرار دیا ہے اس لئے اس میں ایسی قوت پیدا ہو گئی جس کی وجہ سے اسے بالکلیہ ساقط الاعتبار کہنا درست نہیں۔
علاوہ ازیں یہ حدیث صرف ذکوان سے نہیں بلکہ سیدنا عبد اللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے بھی مروی ہے۔ جیسا کہ زرقانی علی المواہب میں ہے فہو مرسل لکن روی ابن مبارک وابن جوزی عن ابن عباس رضی اللّٰہ تعالٰی عنہما لم یکن للنبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم ظل۔ الحدیث (زرقانی جلد رابع مطبوعہ مصر ص ۲۲۰) اور زرقانی علی المواہب کے متعلق آپ کے علامہ شبلی نعمانی سیرۃ النبی میں ارقام فرماتے ہیں زرقانی علی المواہب، یہ مواہب اللدنیہ کی شرح ہے اور حقیقت یہ ہے کہ سہیلی کے بعد کوئی کتاب اس جامعیت اور تحقیق سے نہیں لکھی گئی۔ آٹھ جلدوں میں ہے اور مصر میں چھپ گئی ہے۔ (سیرۃ النبی مؤلفہ شبلی نعمانی جلد اول طبع پنجم ص ۳۷)
لہٰذا اس حدیث کو مرسل کہہ کر پیچھا چھڑانا ممکن نہیں۔ ہاں، بعض رواۃ کی جہت سے اس کا ضعف مسلم ہے لیکن یاد رہے کہ اس حدیث کی صرف ایک روایت نہیں بلکہ ایک سے زیادہ روایتوں سے یہ حدیث مروی ہے۔ جیسا کہ زرقانی کی منقولہ عبارت سے ثابت ہے لیکن تائید مزید کے لئے آپ کے علامہ شبلی نعمانی کی ایک عبارت اور بھی پیش کئے دیتا ہوں۔ دیکھئے وہ لکھتے ہیں
ضعیف روایتوں میں ہے کہ آنحضرت ﷺ کا سایہ نہ تھا یعنی زمین پر جسم اقدس کا سایہ نہیں پڑتا تھا لیکن محدثین کے نزدیک یہ روایتیں صحت سے خالی اور ناقابل اعتبار ہیں۔ (سیرۃ النبی مؤلفہ شبلی نعمانی جلد دوم ص ۱۹۸)
شبلی صاحب نے اس عبارت میں دو جگہ ’’ضعیف روایتوں‘‘ اور یہ ’’روایتیں‘‘ لکھ کر اس بات کو تسلیم کر لیا کہ حضور ﷺ کے سایہ نہ ہونے کا مضمون ایک سے زیادہ کئی روایتوں میں آیا ہے۔ مانا کہ وہ سب ضعیف ہیں لیکن بہرحال وہ ایک روایت نہیں بلکہ کئی روایتیں ہیں۔ اس کے باوجود بھی انہیں ناقابل اعتبار کہنا ستم ظریفی نہیں تو کیا ہے۔ فن حدیث سے تھوڑی سی واقفیت رکھنے والا بھی جانتا ہے کہ ضعیف روایت طرق متعددہ سے مروی ہو تو اسے علی الاطلاق ناقابل اعتبار نہیں کہہ سکتے اور علمائے محدثین کی عبارات تو ہم پہلے ہی نقل کر چکے ہیں جن کو پڑھ کر ہمارے ناظرین کرام کو محدثین کا مسلک معلوم ہو گیا ہو گا۔
ایک معمہ عبارت منقولہ بالا میں شبلی صاحب نے حضور ﷺ کے سایہ نہ ہونے کی روایتوں کی سند کا وجود تو مان لیا۔ یہ اور بات ہے کہ صحت کی نفی اور ضعف کا اثبات کیا لیکن بہرنوع سند کو ضرور تسلیم کیا کیونکہ صحیح یا ضعیف ہونا دراصل سند ہی کی صفت ہے۔ اگر سند کا وجود نہ ہو تو صحت و ضعف کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
لیکن یہی شبلی صاحب اس سے پہلے ص ۱۹۷ میں ارقام فرما چکے ہیں ’’عام طور سے مشہور ہے کہ آپ کے سایہ نہ تھا لیکن اس کی کوئی سند نہیں۔‘‘(سیرۃ النبی مؤلفہ شبلی نعمانی جلد دوم ص ۱۹۷)
اب یہ معمہ شبلی صاحب یا ان کے مقلدین ہی حل فرمائیں گے کہ حضور ﷺ کے سایہ نہ ہونے کی جب کوئی سند ہی نہیں تو آپ کس چیز کو صحت سے خالی اور ضعیف قرار دے رہے ہیں؟
جن مودودیت زدہ لوگوں نے ازراہِ تعصب حضور ﷺ کے سایہ نہ ہونے کی حدیث کو مرسل اور ضعیف کہہ کر بالکل ساقط الاعتبار قرار دے دیا نہ تعدد روایات کا اعتبار رکھا نہ اجلہ فضلائے امت کے مسلک کو دیکھا گویا جلیل القدر محدثین کے مسلک کو قرآن و حدیث کے خلاف سمجھا ان کی خدمت میں نہایت اخلاص کے ساتھ گزارش ہے کہ اس مقام پر ذرا مودودی صاحب کے ارشادات ہی ملاحظہ فرما لئے ہوتے۔ آپ کے مودودی صاحب نے ایک مرسل اور ضعیف حدیث سے پردہ کے بارہ (باب احکام) میں استدلال کیا مگر استاذ ناصر الدین نے جب ان کی گرفت کی تو مودودی صاحب نے ان کو وہی جوابات دیئے جو ایک زمانہ سے ہم آپ کی خدمت میں پیش کرتے آتے ہیں۔ خدارا عناد کو چھوڑ کر ذرا انصاف کیجئے۔ شرعی مسائل میں یہ جانب داری اچھی نہیں، وہاں تو احکام کا معاملہ ہے اور یہاں محض مناقب کا مسئلہ ہے۔ اگر اب بھی آپ اپنی ضد پر اڑے رہے تو یہ حق پسندی نہ ہو گی۔ مودودی صاحب کے بیان سے چند اقتباسات پیش کرتا ہوں۔ انہیں غور سے پڑھ لیجئے۔ ماننا نہ ماننا آپ کی مرضی پر موقوف ہے۔ وہ ترجمان القرآن میں فرماتے ہیں
اولاً یہ بات اصحاب علم سے پوشیدہ نہیں ہے اور فاضل استاذ سے بھی پوشیدہ نہ ہو گی کہ ایک ضعیف حدیث اگر کسی مضمون کے بیان کرنے میں منفرد ہو تو اس کے ضعف سند کی وجہ سے اس کا حکم بھی ضعیف ہو جاتا ہے لیکن اگر متعدد ضعیف احادیث ایک مضمون کے بیان کرنے میں متفق ہوں تو چاہے ان میں سے ہر ایک فرداً فرداً بلحاظ اسناد کتنی ہی ضعیف ہو ان کا مشترکہ مضمون قوی ہو جاتا ہے۔ استاذ محترم نے میری نقل کردہ ایک حدیث کے ضعف پر کلام کیا ہے مگر اس بات کو نظر انداز کر دیا ہے کہ ان ضعیف احادیث کی مجموعی شہادت سے ان کے مشترک مضمون کو قوت حاصل ہوتی ہے یا نہیں؟
ثانیاً حدیث ضعیف کے معنی لازماً یہی نہیں ہیں کہ وہ جھوٹی اور موضوع ہے۔ اس میں صدق اور کذب دونوں کا احتمال ہوتا ہے۔ کذب کا احتمال یہ تقاضا ضرور کرتا ہے کہ اس حکم کے معاملہ میں احتیاط برتی جائے جو اس میں بیان کیا گیا ہو۔ پھر جب کہ اسی حکم کا ذکر متعدد دوسری ضعیف احادیث میں بھی ہو تو اس کا احتمال صدق کا پہلو زیادہ راجح ہو جاتا ہے۔ ہم چاہے یہ نہ کہہ سکیں کہ ان احادیث سے فلاں فعل کا واجب یا حرام ہونا ثابت ہوتا ہے لیکن یہ تو ضرور کہہ سکتے ہیں کہ فلاں فعل شرع پسندیدہ ہے یا ناپسندیدہ اور فلاں فعل کرنا چاہئے یا نہ کرنا چاہئے۔ کم از کم اس سے شریعت کے رجحان کا پتہ ضرور چلتا ہے۔
ثالثاً یہ بات بھی فاضل استاذ سے پوشیدہ نہ ہو گی کہ فقہا کی تلقی بالقبول احادیث کے ضعف میں نہیں بلکہ اس قوت میں اضافہ کرتی ہے۔(ترجمان القرآن لاہور جنوری ۱۹۶۰ء ص ۲۴)
اس کے بعد ص ۲۵ پر فرماتے ہیں ’’فاضل استاذ درست کہتے ہیں کہ یہ حدیث مرسل ہے اس لئے ضعیف ہے لیکن صرف مرسل اور ضعیف ہونے سے یہ لازم نہیں آتا کہ خبر بالکل جھوٹی اور ساقط الاعتبار ہی ہو۔‘‘ اس کے بعد ص ۲۶ پر فرماتے ہیں جہاں تک قرآن اور سنت صحیحہ کے خلاف دعویٰ ہے اس کے متعلق تو میں بعد میں عرض کروں گا لیکن یہاں اتنی بات عرض کئے بغیر میں نہیں رہ سکتا کہ ابن جریر اور قتادہ نہ تو قرآن سے اس قدر ناواقف ہیں کہ ایک چیز اس کے خلاف ہو مگر انہیں اس کا احساس نہ ہو اور نہ وہ ایسے جری ہیں کہ جان بوجھ کر ایک مخالف قرآنی بات نبی ﷺ کی طرف منسوب کر دیں۔ ایسا دعویٰ کرنے سے پہلے استاذ ناصر الدین کو اپنی جگہ اچھی طرح غور کر لینا چاہئے تھا کہ وہ کیا فرما رہے ہیں۔
آگے چل کر ص ۳۳ پر فرماتے ہیں کہ اس کے متعلق استاذ موصوف کا پہلا اعتراض یہ ہے کہ یہ مرفوع نہیں بلکہ موقوف ہے یعنی نبی ﷺ کا قول و فعل نہیں بلکہ ایک صحابیہ کا فعل ہے۔ مگر کیا استاذ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ آثارِ صحابہ ناقابل احتجاج ہیں اور ان سے کوئی رہنمائی حاصل نہیں ہوتی یا ان کا مطلب یہ ہے کہ عورتوں کے معاملہ میں شریعت کا منشاء معلوم کرنے کے لئے امہات المؤمنین کا عمل کوئی معتبر ذریعہ نہیں۔
مودودی صاحب کے اس بیان کی روشنی میں حسب ذیل امور واضح ہو گئے ۱۔ حدیث ذکوان جس میں حضور ﷺ کے جسمانی سایہ کی نفی ہے۔ باوجود مرسل اور ضعیف ہونے کے فی الجملہ قوت رکھتی ہے۔ اس لئے کہ دیگر روایات اس مضمون کی مؤید ہیں۔ جیسا کہ ہم بالتفصیل عرض کر چکے ہیں۔ ۲۔ محض ضعف کی وجہ سے اس حدیث کو جھوٹا اور موضوع کہنا جائز نہیں۔ اس کی روشنی میں کم از کم شریعت کا یہ رجحان تو ظاہر ہو گیا کہ حضور ﷺ کا سایہ نہ تھا۔ ۳۔ محدثین کا اس حدیث کو حضور ﷺ کے سایہ نہ ہونے کے ثبوت یا اس کی تائید میں پیش کرنا اس کے ساقط الاعتبار ہونے کی تردید کرتا ہے۔
مخلصانہ گزارش اپنے مخالفین کی خدمت میں ایک دفعہ پھر گزارش کروں گا اور مخلصانہ عرض کروں گا کہ حضور سید عالم ﷺ کو نور مان کر حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے جسم اقدس سے سایہ کی نفی کرنے میں حسب ذیل اعلام امت ہمارے مقتدا ہیں جن کی چمکتی ہوئی عبارات کتب معتبرہ سے ہم نقل کر چکے ہیں اور بنظر سہولت اکثر کتابوں کے صفحات بھی تحریر کر دئیے ہیں ۱۔ حکیم ترمذی ۲۔ حافظ رزین ۳۔ ابن مبارک ۴۔ ابن جوزی ۵۔ ابراہیم بیجوری ۶۔ قاضی عیاض ۷۔ مولانا عارف رومی ۸۔ علامہ حسین بن محمد دیار بکری ۹۔ محدث ابن جوزی ۱۰۔ صاحب سیرۃ شامی ۱۱۔ صاحب سیرۃ حلبیہ علامہ برہان الدین حلبی ۱۲۔ امام جلال الدین سیوطی ۱۳۔ امام راغب اصفہانی ۱۴۔ علامہ شیخ محمد طاہر ۱۵۔ علامہ شہاب الدین خفا جی ۱۶۔ امام قسطلانی ۱۷۔ امام زرقانی ۱۸۔ الشیخ عبد الحق محدث دہلوی ۱۹۔ حضرت مجدد الف ثانی ۲۰۔ علامہ بحر العلوم عبد العلی لکھنوی ۲۱۔ شاہ عبد العزیز محدث دہلوی ۲۲۔ امام نسفی ۲۳۔ علامہ سلیمان جمل ۲۴۔ علامہ ابن حجر مکی علیہم الرحمۃ والرضوان
اگر ہمارے خلاف حضور ﷺ کی نورانیت کی نفی اور جسمانی سایہ کے ثبوت میں ایسے ہی محققین اعلام امت کے صریح اور واضح اقوال آپ کے پاس ہیں تو ازراہِ کرم قائلین کے اسمائِ گرامی کے ساتھ اسی طرح دکھایئے جیسے ہم نے مسلم بزرگانِ دین کے ارشادات اور ان کے اسمائِ مبارکہ کی فہرست آپ کے سامنے پیش کی ہے۔
اولٰئک اٰبائی فجئنا فجاہم اذا جمعتنا یا جریر المجامع
ورنہ برائے کرم غور فرمایئے کہ کیا ان اعلام امت نے معاذ اللہ قرآن و حدیث کے خلاف اپنی طرف سے ایک جھوٹی بات حضور ﷺ کی طرف منسوب کر دی۔ آپ کے خیال میں یہ حضرات قرآن و حدیث سے ایسے ہی ناواقف تھے کہ ایک خلاف واقعہ امر کو انہوں نے حضور ﷺ کی طرف نہایت شد و مد کے ساتھ منسوب کر دیا اور انہیں اس کا احساس تک نہ ہوا۔
مجدد الف ثانی پھر سب سے زیادہ عجیب بات یہ ہے کہ مجدد الف ثانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے بھی حضور ﷺ کو نور مان کر حضور کے جسم اقدس کے سایہ کی بار بار نفی فرمائی اور نہایت لطیف و نفیس اندازِ بیان میں اس نورانی مضمون کو ادا فرمایا۔
حضرت مجدد الف ثانی کو تمام دیوبندی اور خصوصاً مودودی قسم کے لوگ بھی مجدد مانتے ہیں اور وہ یہ بھی تسلیم کرتے ہیں کہ مجدد کا کام یہ ہے کہ دین میں لوگوں کی پیدا کی ہوئی خرابیوں کا ازالہ کرے۔ مسلمانوں کے غلط اور فاسد خیالات کی تردید اور عقائد حقہ کی ترویج و تائید مجدد کے فرائض تجدید کا جزو لا ینفک ہے لیکن اس کے باوجود ہمارے ناظرین کرام نے دیکھ لیا کہ مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ نے حضور اکرم نور مجسم ﷺ کی نورانیت کا عقیدہ ظاہر فرمایا اور جسم اقدس کے سایہ کی نفی فرمائی جو اس امر کی روشن دلیل ہے کہ حضور ﷺ کے نور ہونے کا اعتقاد اور جسم اقدس کے سایہ کی نفی کا مسلک ہی حق ہے اور اس کا انکار کرنا شرعی نقطۂ نظر سے قطعاً غلط اور فاسد ہے۔
الحمد للّٰہ! حدیث ذکوان پر کلام ختم ہوا اور مسئلہ ظِلِّ نبی ﷺ کی نفی کے پہلو کا مکمل جائزہ ناظرین کرام کے سامنے آ گیا۔ اب دلائل اثبات پر کلام شروع کرتا ہوں۔ علیہ توکلت وبہٖ استعین