ایک اشکال اور اس کا حل اس مقام پر ایک اشکال پیدا ہوتا ہے جس کا جواب نہایت ضروری ہے۔ وہ یہ کہ قرآن و حدیث میں کئی جگہ جنت کے درختوں کا سایہ مذکور ہے۔ اگر درختوں کی جگہ کسی چیز کا سایہ نہیں ہو سکتا تو جنت میں وہاں درختوں کا سایہ کیسے ہو گا؟
اس کا جواب امام فخر الدین رازی، علامہ ابو سعود اور حافظ ابن حجر عسقلانی نے دیا ہے جو ان ہی کی عبارات سے ہم نقل کر کے ہدیۂ ناظرین کرتے ہیں ۱۔ امام رازی رحمۃ اللہ علیہ تفسیر کبیر میں آیۂ مبارکہ ’’وَدَانِیَۃً عَلَیْہِمْ ظِلاَ لُہَا‘‘ کے تحت ارقام فرماتے ہیں (السوال الثانی) الظل انما یوجد حیث توجد الشمس فان کان لا شمس فی الجنۃ فکیف یحصل الظل ہناک۔ (والجواب) المردان اشجار الجنۃ تکون بحیث لوکان ہناک شمس لکانت تلک الاشجار مظللۃ منہا۔ انتہٰی(تفسیر کبیر جلد ۸ ص ۳۹۶ مطبوعہ مصر) ترجمہ: آیت میںدوسرا سوال یہ ہے کہ سایہ وہیں پایا جاتا ہے جہاں سورج ہو۔ جنت میں جب سورج نہیں تو درختوں کا سایہ کیسے ہو گا؟ (الجواب) مراد یہ ہے کہ جنت کے درخت اس حیثیت سے ہوں گے کہ اگر وہاں سورج ہو تو وہ اس کی وجہ سے سایہ دار ہو جائیں۔ (انتہیٰ) (تفسیر کبیر)
۲۔ علامہ ابو سعود اسی آیت کریمہ کے تحت فرماتے ہیں علٰی معنی انہ لوکان ہناک شمس موذیۃ لکانت اشجارہا مظلۃ علیہم مع انہ لا شمس ثمۃ ولا قمر۔ انتہٰی (تفسیر ابو سعود بہامش کبیر جلد ۸ ص ۳۹۶ مطبوعہ مصر) ترجمہ: (جنت کے درختوں کے سائے جنتیوں پر جھکے ہوں گے) یہ کلام اس معنی پر محمول ہے کہ اگر وہاں دھوپ کی تکلیف ہو تو وہ درخت جنتیوں پر اپنے سائے ڈالنے لگیں۔ باوجود اس کے کہ وہاں نہ سورج ہے نہ چاند (جس کی وجہ سے سایہ ہو) انتہیٰ۔(تفسیر ابو سعود)
۳۔ حافظ ابن حجر عسقلانی فتح الباری میں فرماتے ہیں (فی ظلہا) ای فی نعیمہا وراحتہا ومنہ قولہم ’’عیش ظلیل‘‘ وقیل معنی ظلہانا حیتہا واشار بذالک الی امتدادہا ومنہ قولہم انا فی ظلک ای فی نا حیتک قال القرطبی والمحوج الی ہٰذا التاویل ان الظل فی عرف اہل الدنیا ما یقی من حر الشمس واذا ہا ولیس فی الجنۃ شمس ولا اذی۔ انتہٰی (فتح الباری ج ۶ ص ۲۵۱ مطبوعہ مصر) ترجمہ: حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا جنت میں ایک درخت ہے جس کے ظل میں کوئی شخص سوار ہو کر سو برس تک چلتا رہے تو اسے قطع نہ کر سکے۔ اس حدیث میں ’’فی ظل‘‘ کے معنی ہیں ’’فی نعیمہا وراحتہا‘‘ (یعنی اس کی نعمتوں اور راحتوں میں) اور اسی معنی سے اہل عرب کا یہ قول ماخوذ ہے ’’عیش ظلیل‘‘ (نعمت و راحت والی زندگی) اور بعض نے کہا کہ یہاں ’’ظل‘‘ بمعنی ’’ناحیہ‘‘ ہے (یعنی گرد و نواح) فرمایا یعنی وہ درخت اتنا بڑا اور لمبا ہو گا کہ اس کے گرد و نواح کی مسافت سو برس تک بھی کسی سوار سے طے نہ ہو سکے گی اور اسی معنی سے اہل عرب کا یہ قول ماخوذ ہے ’’انا فی ظلک‘‘ یعنی میں تیرے گرد و نواح (قرب و جواب) حفظ و امان میں ہوں۔ قرطبی نے کہا
اس تاویل کی ضرورت اس لئے ہوئی کہ اہل دنیا کے عرف میں ظل وہ ہے جس کے ذریعہ سورج کی گرمی اور اس کی تکلیف سے بچاؤ حاصل کیا جائے۔ جنت میں نہ سورج ہو گا نہ اس کی تکلیف (اس لئے وہاں اس سے بچاؤ کے لئے کسی چیز کے سایہ کی ضرورت ہی نہیں۔ انتہیٰ (فتح الباری)
الحمد للّٰہ! جنت میں کسی سایہ دار چیز کا سایہ نہ ہونا آفتاب سے زیادہ روشن ہو گیا۔ اب ہمارے اس بیان کو بیان سابق سے ملا کر نتیجہ ذہن نشین کر لیجئے کہ حضور ﷺ نے جو ’’حتی رأیت ظلی وظلکم‘‘ فرمایا یہ اس واقعہ کا بیان ہے جو مدینہ منورہ میں مسجد نبوی میں عین نمازِ فجر کے درمیان پیش آیا تھا جس میں حضور ﷺ کے سامنے حقیقی جنت و دوزخ کا پیش کیا جانا مذکور ہے۔ اس وقت حضور اور صحابہ مسجد نبوی میں تھے اور دوزخ و جنت حضور کے پیش نظر تھے۔ ظاہر ہے کہ اس وقت حضور ﷺ نے جو چیز دیکھی وہ مسجد نبوی میں ہو گی یا دوزخ میں یا جنت میں اس کے علاوہ اور کسی جگہ کچھ دیکھنا مذکور نہیں۔ اگر حضور نے اپنا اور صحابہ کا سایہ مسجد نبوی میں دیکھا تو یہ ممکن نہیں۔ اس لئے کہ وہ فجر کا وقت تھا۔ اس وقت کسی سایہ دار چیز کا سایہ ظاہر نہیں ہوتا۔
اور اگر بفرض محال مان بھی لیا جائے کہ اس وقت سایہ ظاہر تھا تو اسے تمام ظاہرین دیکھ رہے ہوں گے۔ حالانکہ یہ دیکھنا حضور ﷺ کے لئے خاص تھا۔ جیسا کہ الفاظ حدیث ’’حتٰی رأیت ظلی و ظلکم‘‘ (یہاں تک کہ میں نے اپنا اور تمہارا ظل دیکھا) میں لفظ ’’حتٰی‘‘ (یہاں تک) سے ظاہر ہے کیونکہ حتیٰ بیان غایت کے لئے آتا ہے اور یہ غایت جنت و دوزخ دیکھنے کی ہے۔ جس طرح ’’مُغَـیّـا‘‘ (جنت و دوزخ کا دیکھنا) حضور کے ساتھ خاص ہے اسی طرح اس کی غایت (ظلی و ظلکم) کا دیکھنا بھی حضور ﷺ کے ساتھ مختص ہو گا۔ لہٰذا ثابت ہو گیا کہ نمازِ فجر کے وقت کسی کا سایہ نہ تھا اور حضور ﷺ نے اپنا اور صحابہ کا ظل مسجد نبوی میں ہرگز نہیں دیکھا۔
اس کے بعد دو چیزیں رہیں، دوزخ اور جنت۔ بیانِ سابقہ میں ہم دلائل سے ثابت کر چکے ہیں کہ سایہ روشنی میں ظاہر ہوتا ہے اور جہنم سیاہ اور تاریک ہے اس لئے اس میں بھی سایہ ظاہر نہیں ہو سکتا۔ اب رہی جنت تو اس کے متعلق بھی ہم نے آیاتِ قرآنیہ و عبارات مفسرین سے ثابت کر دیا ہے کہ جنت میں کسی سایہ دار چیز کا سایہ ظاہر نہیں ہوتا۔ اب بتایئے کہ اگر ’’ظلی و ظلکم‘‘ میں ظل کے معنی سایہ ہیں تو وہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے کہاں دیکھا؟ لہٰذا تسلیم کر لیجئے کہ یہاں سایہ کے معنی مراد نہیں بلکہ وہی ’’شخص‘‘ کے معنی مراد ہیں جو اس سے قبل دلائل و براہین کی روشنی میں ہم ثابت کر چکے ہیں اور حدیث کے واضح معنی یہ ہیں کہ میں نے دوزخ و جنت کو دیکھا یہاں تک کہ (جنت میں) اپنے اور تمہارے اشخاصِ کریمہ کو بھی دیکھا۔ غایت ما فی الباب یہ کہ جنت و دوزخ کو ان کے وجود مثالی پر محمول کر دیا جائے تب بھی ’’ظلی و ظلکم‘‘ سے اشخاص مثالیہ مراد ہوں گے۔ جسمانی تاریک سایہ اس تقدیر پر بھی ثابت نہیں ہو سکتا۔ وللّٰہ الحجۃ البالغۃ۔
انصاف کیجئے یہ تینوں حدیثیں جو مخالفین نے حضور سید عالم نور مجسم ﷺ کا جسمانی سایہ ثابت کرنے کے لئے پیش کی ہیں اگر واقعی ان کے دعویٰ کی مثبت ہوتیں تو وہ جلیل القدر علماء محدثین و مفسرین جن کے اسمائِ گرامی ہم عرض کر چکے ہیں، کس طرح حضور کے سایہ کی نفی کرتے۔ شاید آپ کہہ دیں کہ یہ حدیثیں ان سے مخفی رہیں تو میں عرض کروں گا کہ یہ امر ہرگز قابل تسلیم نہیں کہ ایسے ماہرین حدیث ائمہ دین سے آپ کی پیش کردہ حدیثیں مخفی رہی ہوں۔ دیکھئے آپ کی پیش کردہ حدیث ’’حتٰی رأیت ظلی و ظلکم‘‘ کو امام جلال الدین سیوطی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی کتاب خصائص کبریٰ میں لکھا مگر اس کے باوجود اسی خصائص کبریٰ میں حضور ﷺ کے سایہ نہ ہونے کا باب منعقد کیا اور روایات و عبارات علماء سے اپنے دعویٰ کو ثابت و مؤید کیا اور حضور ﷺ کے جسمانی سایہ سے پاک ہونے کو آفتاب سے زیادہ روشن کر دکھایا ہے۔
معلوم ہوا کہ مخالفین کی پیش کردہ احادیث سے ائمہ حدیث بے خبر نہ تھے۔
پھر یہ کہ آج سے پہلے کسی نے ان حدیثوں سے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کا سایہ ثابت نہیں کیا۔ حتیٰ کہ علامہ ابن قیم کو بھی جرأت نہ ہوئی حالانکہ ان سے پہلے اکابر محدثین متقدمین کے وہ تمام ارشادات ان کے سامنے موجود تھے جن میں حضور ﷺ کے نورِ خاص ہونے کی وجہ سے حضور کے سایہ نہ ہونے پر استشہاد کیا گیا ہے۔ جیسے حکیم ترمذی متوفی ۲۵۵ھ عبد اللہ بن مبارک متوفی ۱۶۴ ھ، امام راغب اصفہانی متوفی ۴۵۰ ھ، حافظ رزین محدث متوفی ۵۲۰ ھ، علامہ ابن سبع محدث متوفی ھ، قاضی عیاض متوفی ۵۴۴ ھ، علامہ ابن جوزی محدث متوفی ۵۸۷ ھ، مولانا جلال الدین رومی متوفی ۶۷۰ ھ، علامہ احمد نسفی صاحب تفسیر مدارک متوفی ۷۰۱ ھ، یہ سب علماء اعلام علامہ ابن قیم متوفی ۷۵۲ ھ سے متقدم ہیں اور ان سب نے حضور ﷺ کے جسمانی سایہ کی نفی فرمائی ہے لیکن علامہ ابن قیم نے حدیث ’’ظلی و ظلکم‘‘ سے حضور ﷺ کا جسمانی سایہ ثابت کر کے ان حضرات کا رد نہیں کیا۔
علیٰ ہٰذا القیاس علامہ ابن قیم کے بعد ہونے والے اجلہ محدثین امام جلال الدین سیوطی متوفی ۹۱۱ ھ، امام قسطلانی متوفی ۹۲۳ ھ، علامہ حسین بن محمد دیار بکری متوفی ۹۶۶ ھ، امام ابن حجر مکی متوفی ۹۷۳ ھ، علامہ شہاب الدین خفا جی متوفی ۱۰۶۹ ھ، علامہ زرقانی متوفی ۱۱۲۲ ھ، علامہ سلیمان جمل، علامہ ابراہیم، علامہ برہان الدین حلبی وغیرہم نے ابن قیم کی کتاب حادی الارواح میں حدیث ’’ظلی و ظلکم‘‘ دیکھنے کے باوجود حضور ﷺ کے جسمانی سایہ کا قول نہیں کیا اور بدستور حضور ﷺ کو نور اور بے سایہ مانتے رہے اور اسی مسلک کا بیان اپنی تصانیف جلیلہ میں کرتے رہے۔ جیسا کہ ہم ان کے بیانات سابقاً نقل کر چکے ہیں۔ معلوم ہوا کہ یہ تینوں حدیثیں متقدمین و متاخرین میں سے کسی کے نزدیک بھی حضور سید عالم ﷺ کے تاریک جسمانی سایہ کی دلیل نہیں۔ والحمد للّٰہ علٰی احسانہٖ۔
ان میں سے تیسری آیت میں تو کوئی لفظ ایسا نہیں جس کا ترجمہ ’’سایہ‘‘ ہو۔ اس آیت کے معنی صرف یہ ہیں کہ ’’زمین و آسمان کی ہر چیز اور زمین پر چلنے والی تمام مخلوق اور کل ملائکہ اللہ تعالیٰ کے لے سجدہ کرتے ہیں۔‘‘
غور فرمایئے۔ دعویٰ یہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ کے جسم اقدس کا تاریک سایہ تھا اور دلیل یہ ہے کہ ’’تمام آسمان والے اور زمین پر چلنے والی سب چیزیں اور کل فرشتے اللہ تعالیٰ کے لئے سجدہ کرتے ہیں۔‘‘ جس کلام کا ایک لفظ بھی دعویٰ پر منطبق نہ ہو اسے دلیل سمجھنا حماقت نہیں تو اور کیا ہے؟
رہیں پہلی دو آیتیں، تو ان کا مفہوم یہ ہے کہ زمین و آسمان کی سب چیزیں اور ان میں سایہ دار اجسام کے سائے (۱) اللہ تعالیٰ کے لئے سجدہ کرتے ہیں۔
دیکھئے تفسیر خازن میں ہے (یَتَفَیَّؤُا ظِلاَ لُہٗ) یعنی من جسم قائم لہ ظل۔ (جلد رابع ص ۷۷)
اسی طرح تفسیر معالم التنزیل میں ہے (اِلٰی مَا خَلَقَ اللّٰہُ مِنْ شَیْئٍ) من جسم قائم لہ ظل۔ (جلد رابع ص ۷۷)
اور اگر بفرض محال مان بھی لیا جائے کہ ان آیتوں سے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے جسم اقدس کا سایہ ثابت ہے تو پھر تمام بے سایہ چیزوں کا سایہ ثابت ہو گا۔ ملائکہ، حورانِ بہشت، چاند، سورج اور تمام حسی حقیقی انوار کا سایہ ماننا پڑے گا۔ جب یہ بداہۃً باطل ہے تو معلوم ہوا کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے سایہ کا ثبوت بھی اسی طرح باطل محض ہے۔
ہاں، اگر یہاں ظل سے ایک عام معنی مراد لے لئے جائیں یعنی اجسام کثیفہ کا تاریک سایہ اور اجسام لطیفہ نورانیہ کی چمک اور شعاعیں تو یہ ہمارے مسلک کے منافی نہیں۔ کیونکہ ہم اس سے قبل احادیث صحیحہ سے حضور سید عالم ﷺ کے جسم اقدس کی چمک سے دیواروں کا روشن ہو جانا ثابت کر چکے ہیں۔ لہٰذا ان آیات سے ہمارے مسلک کی تائید ہو گی اور یہ آیات حضور ﷺ کے لئے تاریک سایہ کی بجائے روشنی اور نورانیت کی مؤید قرار پائیں گی۔ فالحمد للّٰہ علٰی ذٰلک۔
بفضلہ تعالیٰ معترضین کے تمام شکوک و شبہات کا تارِ عنکبوت سے زیادہ کمزور ہونا اظہر من الشمس ہو گیا ………… اورامام اہل سنت، مجدد ملت حضور پُر نور اعلیٰ حضرت بریلوی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے رسالہ مبارک ’’نفی الفئ عمن بنورہٖ انار کل شئ‘‘ پر وارد کئے ہوئے جملہ اعتراضات ھبائً منثورًا ہو گئے اور یہ حقیقت آفتاب سے زیادہ روشن ہو گئی کہ اعلیٰ حضرت رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی تصانیف جلیلہ کی پھبتیاں اڑانا اور ان پر اعتراض کرنا گویا سورج کا منہ چڑانا اور چاند پر تھوکنا ہے جس کا انجام ذلت اور ندامت کے سوا کچھ نہیں۔
وصلی اللّٰہ تعالٰی علٰی خیر خلقہٖ ونور عرشہٖ سیدنا و مولانا محمد واٰلہٖ وصحبہٖ وبارک وسلم تسلیمًا کثیرًا کثیرًاo