ایک اعتراض اور اس کا جواب جب بھی حضور ﷺ کی نورانیت کا مسئلہ سامنے آتا ہے تو منکرین صاف کہہ دیتے ہیں کہ یہاں علم و ہدایت کا نور مراد ہے، جسمانی نور سے کیا تعلق ہے؟ پھر ان آیات کا معارضہ کرتے ہیں جن میں علم و ہدایت، قرآن و تورات اور اسلام و ایمان کو نور کہا گیا ہے۔

جواباً عرض ہے کہ علم و ہدایت کی نورانیت تو حسب مراتب و درجات ہر اہل علم اور ہدایت یافتہ شخص کو حاصل ہے۔ حضور ﷺ کی شانِ اقدس تمام عالم سے بلند و بالا اور افضل و اعلیٰ ہے اس لیے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی ذاتِ مقدسہ اور کمالاتِ مبارکہ کو عوام کی ذات و صفات پر قیاس نہیں کیا جا سکتا۔ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کو جو صفت ملی ہے وہ دوسروں کی بہ نسبت اکمل و اتم ہے۔ اسی طرح عین کا قیاس معنی پر اور وصف کا قیاس ذات پر قیاس مع الفارق ہے۔ اس اجمال کی تفصیل یہ ہے کہ نور از قبیل معانی بھی ہوتا ہے اور از قبیل اعیان بھی۔

اول جیسے قرآن، ایمان، علم، ہدایت وغیرہ امور جواز قبیل معانی ہیں۔ دوم جیسے چاند، سورج وغیرہ کہ یہ از قبیل اعیان ہیں جو چیزیں ذات اور عین نہیں بلکہ محض معنی اور صفت کے قبیل سے ہیں ان کے لئے جب لفظ نور بولا جائے گا تو اس کے معنی اس چیز کے حسب حال ہوں گے یعنی وصفی اور معنوی نورانیت اور جو چیزیں ’’عین اور معنی‘‘ ذات اور صفت سب کی جامع ہوں گی ان کے لئے جب لفظ نور کا اطلاق ہو گا تو اس سے وہی نورانیت مراد ہو گی جو ان چیزوں کے حسب حال اور شایانِ شان ہے یعنی عین اور معنی دونوں قسم کی جامع نورانیت۔ لہٰذا قرآن و تورات، اسلام و ایمان، علم و ہدایت ان سب چیزوں کے لئے جو لفظ نور قرآن و حدیث میں وارد ہوا ہے اس سے وصفی اور معنوی نورانیت کے معنی مراد ہوں گے کیونکہ یہ سب چیزیں از قبیل اوصاف و معانی ہیں اور ظاہر ہے کہ معنی کا عین اور وصف کا ذات ہونا محال ہے۔ ہاں، ایسی چیز جو ’’ذات و وصف‘‘ دونوں کی حامل اور ’’عین و معنی‘‘ دونوں کی جامع ہو اس کی نورانیت بھی ہر دو قسم کی نورانیت کی جامع ہو گی۔ (الا اذا قام الدلیل علٰی خلافہ)

چونکہ حضور نبی کریم ﷺ ذات اور وصف دونوں کے جامع ہیں۔ عین اور معنی دونوں چیزیں علیٰ وجہ الکمال حضور ﷺ کی ذاتِ پاک میں پائی جاتی ہیں اس لئے حضور ﷺ کے لئے جو لفظ ’’نور‘‘ قرآن و حدیث میں وارد ہوا ہے اس سے مراد وہی نور ہو سکتا ہے جو عینی و معنوی، ذاتی و وصفی ہر قسم کی نورانیت کا جامع ہو۔ جس کا ماحصل ہے کہ حضور ﷺ اسلام و ایمان، ہدایت و قرآن، علم و عرفان تمام انوار معانی و اوصاف کے حامل ہیں اور اس کے علاوہ جملہ انوار اعیان یعنی ذات و عین کے قبیل سے جس قدر نور ہیں ان سب کے بھی حضور جامع ہیں۔ اس تفصیل کو ذہن نشین کر لینے کے بعد ہر شخص سمجھ جائے گا کہ منکرین کا معارضہ قطعاً باطل ہے۔

یہ جامع نورانیت جو ہم نے حضور ﷺ کے لئے ثابت کی ہے اس کی تائید مزید دیگر احادیث سے بھی ہوتی ہے اور اکابر علماء دین محدثین و محققین کرام کی واضح عبارات بھی حضور ﷺ کے لئے اسی قسم کی جامع نورانیت کی مثبت ہیں جن میں حضور ﷺ کی جسمانی نورانیت کا روشن بیان ہے اور یہ تصریح موجود ہے کہ حضور نور تھے اس لئے آپ کا سایہ نہ تھا۔ علاوہ ازیں منکرین کے پیشواؤں اور مقتداؤں کی تحریریں بھی اس کی مثبت و مؤید ہیں۔ اس سے ہمیں بحث نہیں کہ ان کا اعتقاد کیا ہے؟ وہ حضور ﷺ کو اپنے جیسا بشر مانتے ہیں یا اس میں کچھ تبدیلی کرنے لگے ہیں لیکن اس میں شک نہیں کہ ان کی واضح تحریریں ہمارے بیان کی زبردست تائید کرتی ہیں۔ جیسا امداد السلوک ص ۸۵، ۸۶ سے مولوی رشید احمد صاحب گنگوہی کا بیان ہم نقل کر چکے ہیں اور ان شاء اللہ آئندہ بھی نشر الطیب وغیرہ کے اقتباسات ہدیۂ ناظرین کریں گے۔

پہلے ہم ان احادیث کو ذکر کرتے ہیں جن سے حضور ﷺ کی حسی عینی اور جسمانی نورانیت ثابت ہوتی ہے۔ حدیث ۱: عن الحسن بن علی رضی اللّٰہ تعالٰی عنہما قال سألت خالی ہند بن ابی ہالۃ (ربیب النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم) وکان وصافًا عن حلیۃ النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم وانا اشتہی ان یصف الی منہا شیئًا اتعلق بہ فقال کان رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم فخما مفخما یتلأ لؤ وجہہ تلأ لؤ القمر لیلۃ البدر۔ ترجمہ: سیدنا امام حسن علیہ السلام فرماتے ہیں کہ میں نے اپنے ماموں (نبی اکرم ﷺ کے ربیب) ہند بن ابی ہالہ سے جو حضور ﷺ کے بہترین وصاف تھے، حضور ﷺ کا حلیہ مبارک دریافت کیا۔ میرا دل چاہتا تھا کہ وہ حلیہ مقدسہ سے کچھ بیان کریں اور میں اس سے پوری طرح متعارف ہو جاؤں تو انہوں نے فرمایا کہ حضور ﷺ عظیم اور معظم تھے۔ آپ کا چہرہ انور ایسا چمکتا اور روشنی دیتا تھا جیسے چودھویں کا چاند چمکتا ہے۔ اسی حدیث میں آگے چل کر فرماتے ہیں ’’لہ نور یعلوہ‘‘ حضور کی بینی مبارک کا نور بینی مبارک پر یا آپ کی ذات مقدسہ کا نور ذات پاک پر غالب رہتا۔‘‘ (شمائل ترمذی ص ۲)

اسی حدیث کی شرح میں علامہ شیخ ابراہیم بیجوری فرماتے ہیں ومعنٰی یتلا لؤیضیٔ ویشرق کاللؤلؤ وقولہ تلأ لؤ القمر لیلۃ البدر ای مثل تلالؤ القمر لیلۃ البدر (انتہٰی) (شرح شمائل مطبوعہ مصر ص ۲۳) ترجمہ: یتلالؤ کے معنی روشن ہونے اور چمکنے کے ہیں جیسے موتی چمکتا ہے اور تلألؤ القمر لیلۃ البدر کے معنی یہ ہیں کہ حضور ﷺ کا چہرہ انور اس طرح چمکتا تھا جیسے چودہویں رات میں چاند چمکتا ہے۔

حدیث ۲: عن جابر بن سمرۃ قال رأیت رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم فی لیلۃ اضحیان وعلیہ حلۃ حمراء فجعلت انظر الیہ والی القمر فہو عندی احسن من القمر۔ ترجمہ: حضرت جابر بن سمرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے ایک دفع چاندنی رات میں حضور ﷺ کو اس حال میں دیکھتا کہ آپ پر سرخ رنگ کا (دھاری دار) حلہ تھا۔ میں حضور ﷺ کو بھی دیکھتا اور چاند پر بھی نظر کرتا تو حضور ﷺ میرے نزدیک چاند سے زیادہ حسین تھے۔ (شمائل ترمذی ص ۲)

علامہ شیخ ابراہیم بیجوری اس حدیث کے تحت فرماتے ہیں وفی روایۃ فی عینی بدل عندی والتقیید بالعندیۃ فی الروایۃ الاولٰی لیس للتخصیص فان ذالک عند کل احد راہ کذالک۔ ترجمہ: اور ایک روایت میں ’’عندی‘‘ کی بجائے ’’فی عینی‘‘ آیا ہے۔ روایت اولیٰ میں ’’عندی‘‘ کی قید تخصیص کے لئے نہیں ہے یعنی یہ مطلب نہیں کہ میرے ہی نزدیک حضور چاند سے زیادہ حسین تھے بلکہ فی الواقع ہر دیکھنے والے کے نزدیک حضور ﷺ چاند سے زیادہ حسین تھے۔

اس کے بعد علامہ بیجوری اسی حدیث کی شرح کرتے ہوئے فرماتے ہیں وانما کان صلی اللّٰہ علیہ وسلم احسن لان ضوء ہ یغلب علٰی ضوء القمر بل وعلٰی ضوء الشمس ففی روایۃ لابن المبارک وابن الجوزی لم یکن لہٗ ظل ولم یقم مع شمس قط الاغلب ضوئہ علٰی ضوء الشمس ولم یقم مع سراج قط الا غلب ضوء ہ علی ضوء السراج۔ انتہٰی۔ ترجمہ: اور حضور ﷺ چاند سے زیادہ حسین اس لئے تھے کہ حضور ﷺ کی روشنی چاند کی روشنی بلکہ سورج کی روشنی پر بھی غالب رہتی تھی۔ کیونکہ سیدنا ابن مبارک اور علامہ ابن جوزی محدث کی روایت میں آیا ہے کہ حضور ﷺ کا سایہ نہ تھا اور حضور ﷺ سورج کے سامنے کبھی کھڑے نہیں ہوئے مگر حضور کی روشنی سورج کی روشنی پر غالب ہو جاتی تھی۔ اسی طرح چراغ کے سامنے حضور کبھی کھڑے نہیں ہوئے مگر چراغ کی روشنی پر بھی حضور ﷺ کی روشنی غالب رہتی تھی۔(المواہب اللدنیہ علی الشمائل المحمدیہ مطبوعہ مصر ص ۳۰)

حدیث ۳: عن ابی اسحاق قال سال رجل البراء بن عازب اکان وجہ رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم مثل السیف قال لابل مثل القمر۔ (بخاری جلد اول ص ۵۰۲۔ شمائل ترمذی ص ۳) ترجمہ: ابو اسحٰق سے روایت ہے حضرت براء بن عازب رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے ایک شخص نے سوال کیا کہ حضور ﷺ کا چہرہ مبارک تلوار کی طرح تھا؟ انہوں نے فرمایا نہیں بلکہ چاند کی طرح تھا۔

اس حدیث کے تحت حضرت شیخ ابراہیم بیجوری فرماتے ہیں قولہ اکان وجہ رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم مثل السیف ای فی الاستنارۃ والاستطالۃ فالســــوال عنہما معا وقولہ قال لابل مثل القمر ای لیس مثل السیف فی الاستنارۃ والاستطالۃ بل مثل القمر المستدیر الذی ہو انور من السیف۔(مواہب اللدنیہ شرح شمائل محمدیہ مطبوعہ مصر ص ۳۰) ترجمہ: یعنی ’’کیا حضور ﷺ کا چہرہ انور روشنی اور لمبائی میں تلوار کی طرح تھا؟‘‘ اس کلام میں روشنی اور لمبائی دونوں کے متعلق سوال ہے۔ حضرت براء بن عازب نے دونوں باتوں کا جواب دیتے ہوئے فرمایا کہ چہرہ انور روشنی اور لمبائی میں تلوار کی طرح نہ تھا بلکہ گول چاند کی طرح نورانی تھا جو تلوار سے کہیں زیادہ انور اور روشن ہے۔ انتہیٰ

حدیث ۴: عن ابن عباس رضی اللّٰہ تعالٰی عنہما قال کان رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم افلج الثنیتین اذا تکلم رأی کالنور یخرج من بین ثنایاہ۔ (شمائل ترمذی ص ۳) ترجمہ: حضرت عبد اللہ ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے وہ فرماتے ہیں کہ حضور ﷺ کے مبارک دانتوں کے درمیان جھریوں سے نور یا نور کی مانند کوئی چمک دار چیز نکلتی ہوئی دیکھی جاتی تھی۔

شیخ ابراہیم بیجوری رحمۃ اللہ علیہ اس حدیث کے تحت فرماتے ہیں ای رؤی شیئٌ لہٗ صفاء یلمع کالنور یخرج من بین ثنایاہ ویحتمل ان یکون الکاف زائدۃ للتفـخیـم ویکون الخارج حینئذ نورًا حسیا معجزۃ لہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم۔ (انتہٰی)(مواہب اللدنیہ شرح شمائل محمدیہ ص ۳۴) ترجمہ: حدیث کے معنی یہ ہیں کہ نور کی طرح صاف شفاف چیز چمکتی ہوئی دیکھی جاتی تھی جو حضور ﷺ کے نورانی دانتوں کے درمیان سے نکلتی تھی اور یہاں یہ احتمال بھی ہے کہ ’’کالنور‘‘ میں کاف زائدہ ہو تفخیم کے لئے بڑھا دیا گیا ہو۔ اس تقدیر پر نور حسی تھا جو حضور ﷺ کے دندان مبارک کے درمیان بطور ظہور معجزہ چمکتا تھا۔ انتہیٰ

حدیث ۵: عن عائشۃ رضی اللّٰہ تعالٰی عنہا ان رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم دخل علیہا مسرورًا تبرق اساریر وجہہ۔(بخاری ج اول ص ۵۰۲) ترجمہ: حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے وہ فرماتی ہیں کہ حضور ﷺ خوش اور مسرور ہو کر میرے پاس تشریف لائے۔ درآں حالیکہ حضور ﷺ کی پیشانی اقدس کے خطوط چمک رہے تھے۔

حدیث ۶: عن کعب بن مالک قال فلما سلمت علی رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم وہو یبرق وجہہ من السرور وکان رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم اذا سر استنار وجہہ حتی کانہ قطعۃٌ من القمر۔ (بخاری جلد اول ص ۵۰۲) ترجمہ: کعب بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ جب میں نے حضور ﷺ پر سلام عرض کیا تو چہرہ انور فرحت و سرور سے چمک رہا تھا اور حضور ﷺ جب خوش ہوتے تھے تو چہرہ انور ایسا چمکنے لگتا تھا گویا کہ وہ چاند کا ٹکڑا ہے۔

فتح الباری وغیرہ شروح بخاری اٹھا کر دیکھئے تمام شراح کرام ان احادیث سے حضور نبی کریم ﷺ کے حقیقی حسی نور کو ثابت مان رہے ہیں اور واقعہ یہ ہے کہ ایسی چمکتی ہوئی روشن حدیثوں کے ہوتے ہوئے کوئی ایسا شخص جس کے دل میں نور ایمان کی ادنیٰ جھلک بھی موجود ہے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی جسمانیت مقدسہ کے لئے نور حسی کا انکار نہیں کر سکتا اور ہم پہلے عرض کر چکے ہیں کہ اس نورانیت کا مقتضی سایہ نہ ہونا ہے۔ اسی لئے محدثین کرام نے حضور ﷺ کے نور ہونے کو حضور ﷺ کے سایہ نہ ہونے کی دلیل قرار دیا ہے۔

لیجئے حضور کی نورانیت مقدسہ پر چند اور حدیثیں یاد آ گئیں جن کو سن کر مومنین کے دل انوار ایمان سے چمک اٹھیں گے۔

مواہب اللدنیہ میں امام قسطلانی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں وقال ابو ہـریرۃ واذا ضحک صلی اللّٰہ علیہ وسلم یتلألؤ فی الجدر رواہ البزاز والبیہقی ای یضیٔ فی الجدر بضم الجیم والدال جمع جدار وہو الحائط ای یشرق نورہ علیہا اشراقًا کاشراق الشمس علیہا۔ انتہٰی۔ (مواہب اللدنیہ جلد اول ص ۲۷۱) ترجمہ: حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا، حضور ﷺ جب ہنستے تھے تو حضور کا نور دیواروں پر چمکتا تھا اس حدیث کو امام بزاز اور بیہقی نے روایت کیا۔ امام قسطلانی حدیث کے معنی بیان فرماتے ہیں کہ حضور ﷺ کا نور دیواروں پر ایسا چمکتا اور روشن ہوتا تھا جیسے سورج کی روشنی دیواروں پر پڑتی ہے اور چمکتی ہوئی نظر آتی ہے انتہیٰ خصائص کبریٰ میں ہے حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا فرماتی ہیں، میں کپڑا سی رہی تھی، ہاتھ سے سوئی گر پڑی۔ چراغ گل ہونے کی وجہ سے اندھیرا تھا۔ سوئی تلاش کرنے کے باوجود نہ ملی۔ اتنے میں حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام تشریف لے آئے۔ حضور ﷺ کے چہرہ انور سے ایسا نور نکلا کہ سوئی ظاہر ہو گئی۔

مطالع المسرات میں علامہ ابن سبع سے منقول ہے کان النبی صلی اللّٰہ تعالٰی علیہ وسلم یضیٔ البیت المظلم من نورہٖ۔ تاریک گھر حضور کے نور سے روشن ہو جاتا تھا۔

یہ حدیثیں کتب احادیث و سیر میں اتنی کثرت سے موجود ہیں کہ ان کا احصاء ممکن نہیں۔ ان کے بعد بھی اگر کوئی شخص حضور کو نور حقیقی نہیں مانتا تو سمجھ لیجئے کہ وہ نور ایمان سے بالکل خالی ہے۔

ایک شبہ اور اس کا ازالہ ان روایات میں حضور ﷺ کے لئے جو برق تلألؤ، استنارہ اور نور وغیرہ کے الفاظ وارد ہوئے ہیں ان سے محض رنگ کی صفائی اور حسن و جمال کا بیان مقصود ہے۔ اسی طرح ’’قطعۃ من القمر‘‘ یا ’’مثل القمر‘‘ سے بھی محض خوبصورتی کا اظہار مقصود ہے۔ حسی روشنی اور چمک کے معنی مراد نہیں۔ شعراء عرب بلکہ ہر زبان کے ادباء اپنے محبوبوں کے حسن و جمال کا تذکرہ اسی قسم کے الفاظ میں کیا کرتے ہیں اور ان کے ظاہری معنی مراد نہیں ہوتے بلکہ وہ الفاظ از قبیل استعارات ان روایات و احادیث میں بھی وارد ہیں۔

جواباً عرض کروں گا کہ بدعقیدگی اور گمراہی کی اصل بنیاد یہی ہے کہ حضور ﷺ کو عامۃ الناس کے زمرہ میں شمار کر لیا جائے۔ معاذ اللہ حضور ﷺ کے کمال کی نفی کرنے کے لئے حضور کا قیاس اپنے اوپر کر لینا اہل سنت کے نزدیک بدترین جہالت ہے۔

معمولی سمجھ والا انسان بھی اتنی بات سمجھ سکتا ہے کہ اگر صرف رأیت اسدا کہا جائے تو لفظ اسد رجل شجاع سے استعارہ ہو سکے گا لیکن جب کوئی رأیت اسدا یفترس کہے تو پھر اسد سے حیوان مفترس ہی مراد ہو گا اور اسے بہادر آدمی کے لئے استعارہ قرار دینا درست نہ ہو گا۔

ہماری پیش کردہ احادیث میں بھی ایسے الفاظ موجود ہیں جن کے ہوتے ہوئے معترض کا استعارہ صحیح نہیں ہوتا۔ دیکھئے ۱۔ دندانہائے مبارک کے درمیان سے نور نکلتا ہوا دیکھا جاتا ۲۔ بینی اقدس کے نور کا بینی مبارک پر غالب ہوتا ہوا معلوم ہونا ۳۔ پیشانی اقدس کے خطوط کی چمک کا مشاہدہ ۴۔ نور اقدس سے دیواروں کا روشن ہو جانا

ایسے امور ہیں جو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی اس چمک اور نور کے حسی اور جسمانی ہونے کو اس وضاحت کے ساتھ متعین کر رہے ہیں جس کے بعد معترض کے استعارہ کا شائبہ تک باقی نہیں رہتا۔

پھر اجلۂ شارحین حدیث مثلاً حافظ ابن حجر عسقلانی امام بدر الدین عینی، امام قسطلانی علامہ زرقانی، شیخ ابراہیم بیجوری علیہم الرحمۃ والرضوان کا ان احادیث کی شرح میں یضیٔ، یشرق، یبرق، یلمع جیسے چمکتے ہوئے الفاظ ارقام فرمانا حقیقت کو اور واضح کر رہا ہے۔ اس پر بھی آپ مطمئن نہ ہوں تو امام جلال الدین سیوطی رحمۃاللہ علیہ کی خصائص کبریٰ دیکھ لیجئے۔ انہوں نے اس میں حضور ﷺ کے سایہ نہ ہونے کا ایک مستقل باب مقرر کیا اور فرمایا اخرج الحکیم الترمذی عن ذکوان ان رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم لم یکن یری لہ ظل فی شمس ولا قمر قال ابن سبع من خصائصہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم ان ظلہ کان لا یقع علی الارض وانہ کان نورًا فکان اذا مشٰی فی الشمس او القمر لا ینظر لہ ظل قال بعضہم ویشہد لہٗ حدیث قولہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم فی دعائہٖ واجعلنی نورًا۔ (خصائص کبریٰ جلد اول صفحہ ۶۸) ترجمہ: حکیم ترمذی نے حضرت ذکوان سے اخراج کیا کہ سورج اور چاند کی روشنی میں رسول اللہ ﷺ کا سایہ نہ دیکھا جاتا تھا۔ ابن سبع (محدث) نے فرمایا کہ رسول اللہ ﷺ کے خصائص سے یہ بات ہے کہ حضور کا سایہ زمین پر نہیں پڑتا تھا اور یہ کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نور تھے۔ اس لئے جب حضور ﷺ سورج یا چاند کی روشنی میں چلتے تو حضور کا سایہ نظر نہ آتا تھا۔ بعض علماء (محدثین) نے فرمایا کہ حضور کے سایہ نہ ہونے کی شہادت حضور کی یہ حدیث بھی دیتی ہے جس میں حضور ﷺ کی یہ دعا وارد ہے کہ ’’واجعلنی نورًا‘‘ (یا اللہ مجھے نور کر دے)

دیکھئے محدثین نے حضور کی حدیث ’’واجعلنی نورًا‘‘ سے حضور کے نور ہونے پر استدلال کیا اور حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے لئے ایسی نورانیت ثابت کی جو حضور کے سایہ نہ ہونے کی دلیل ہو اور وہ حدیث ذکوان کے لئے شاہد قرار پائے۔

اسی طرح زرقانی شریف میں ہے ولم یکن لہٗ صلی اللّٰہ علیہ وسلم ظل فی شمس ولا قمر لانہٗ کان نورًا کما قال ابن سبع وقال رزین لغلبۃ انوارہٖ قیل وحکمۃ ذٰلک صیانتہٗ عن ان یطأ کافر علٰی ظلہٖ۔ ترجمہ: اور نہ تھا حضور ﷺ کے لئے سایہ سورج میں اور نہ چاند میں اس لئے کہ حضور نور تھے۔ جیسا کہ ابن سبع (محدث) نے کہا، امام رزین نے فرمایا کہ سایہ نہ ہونا حضور کے غلبہ انوار کی وجہ سے تھا۔ بعض علماء نے کہا کہ اس کی حکمت حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کو اس بات سے بچانا ہے کہ کسی کا پاؤں حضور ﷺ کے سایہ پر نہ پڑے۔ آگے چل کر فرماتے ہیں (رواہ الترمذی الحکیم عن ذکوان) ابی صالح السمان الذیات المدنی او ابی عمر والمدنی مولٰی عائشۃ رضی اللّٰہ عنہما وکل منہما ثقۃ من التابعین فہو مرسل لٰکن روی ابن المبارک وابن الجوزی عن ابن عباس لم یکن للنبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم ظل ولم یقم مع الشمس قط الا غلب ضوء ہ ضوء الشمس ولم یقم مع سراج قط الا غلب ضوئہ ضوء السراج (و قال ابن سبع کان صلی اللّٰہ علیہ وسلم نورا فکان اذا مثٰی فی الشمس والقمر لا یظہر لہٗ ظل) لان النور لا ظل لہٗ (قال غیر ویشہد لہٗ قولہٗ صلی اللّٰہ علیہ وسلم فی دعائہٖ) لما سأل اللّٰہ تعالٰی ان یجعل فی جمیع اعضائہٖ وجہاتہٖ نورًا ختم بقولہٖ (واجعلنی نورًا) ای والنور الا ظل لہٗ وبہٖ یتم الاستشہاد۔ انتہٰی۔ (زرقانی مطبوعہ مصر جلد ۴ ص ۲۲۰) ترجمہ: حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے سایہ نہ ہونے کی اس حدیث کو ترمذی حکیم نے ذکوان سے روایت کیا۔ یہ ذکوان ابو صالح سمان روغن فروش مدنی ہیں یا ابو عمرو مدنی جو ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے آزاد کردہ غلام ہیں۔ (ان میں سے کوئی بھی ہو بہرحال) یہ دونوں ثقہ ہیں تابعین سے لہٰذا حدیث مرسل ہو گی (کیونکہ اس میں صحابی کا ذکر نہیں) لیکن حضرت ابن مبارک اور علامہ ابن جوزی نے حضرت ابن عباس (صحابی) رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت کیا کہ حضور ﷺ کا سایہ نہ تھا اور حضور ﷺ سورج کے سامنے کبھی کھڑے نہ ہوئے لیکن حضور کی روشنی سورج کی روشنی پر غالب ہو جاتی تھی اور حضور ﷺ کبھی چراغ کے سامنے کھڑے نہ ہوتے تھے مگر حضور کی روشنی چراغ کی روشنی پر غالب ہو جاتی تھی اور ابن سبع (محدث) نے کہا کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نور تھے۔ اس لئے حضور جب سورج یا چاند کی روشنی میں چلتے تو حضور کا سایہ ظاہر نہ ہوتا تھا کیونکہ نور کا سایہ نہیں ہوتا اور ان کے علاوہ دوسرے علماء محدثین نے فرمایا کہ گواہی دیتا ہے حضور کے سایہ نہ ہونے پر حضور کا وہ قول مبارک جو حضور کی دعا میں ہے، جب حضور ﷺ نے اللہ تعالیٰ سے سوال کیا کہ اللہ تعالیٰ حضور علیہ الصلوٰۃوالسلام کے تمام اعضاء میں اور جمیع جہات میں نور کر دے تو حضور ﷺ نے اپنی دعا کو اس قول پر ختم فرمایا ’’واجعلنی نورًا‘‘ یعنی مجھے بالکل نور کر دے۔ یہ جملہ حضور ﷺ کے سایہ نہ ہونے پر اس لئے شہادت دیتا ہے کہ نور کا سایہ نہیں ہوتا اور اسی کے ساتھ یہ استشہاد تمام اور پورا ہو جاتا ہے۔

بالکل یہی عبارت زرقانی جلد ۵ ص ۲۴۹ پر ہے اور اس میں اس مضمون کے بعد ابن سبع کی کتاب شفاء الصدور سے مزید اتنا کلام نقل کیا ہے ’’فلم یکن فیہ قمل لانہ نورا‘‘ یعنی حضور ﷺ کے لباس مبارک میں جوں بھی اس لئے نہ پڑتی تھی کہ حضور نور تھے۔ حضور ﷺ کے سایہ نہ ہونے کا یہی مضمون امام قسطلانی شارح صحیح بخاری نے مواہب اللدنیہ میں بھی نہایت اہتمام کے ساتھ ارقام فرمایا، ملاحظہ کیجئے

مواہب اللدنیہ جلد ۱ ص ۲۸۰ اور مفردات امام راغب میں ہے وروی ان النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کان اذا مشٰی لم یکن لہٗ ظل (مفردات امام راغب اصفہانی مطبوعہ مصر ص ۳۱۷) ترجمہ: مروی ہے کہ جب حضور ﷺ چلتے تو حضور کا سایہ نہ ہوتا۔

حکیم ترمذی اور ان کی کتاب نوادر الاصول کے متعلق کشف الظنون میں مرقوم ہے ’’نوادر الاصول فی معرفت اخبار الرسول لابی عبد اللّٰہ محمد بن علی ابن شیر المؤذن الحکیم الترمذی المتوفی شہید ۲۵۵ ھ خمس خمسین ومأتین … وہو المقلب بسلوۃ العارفین وبستان الموحدین کشف الظنون جلد ۲ ص ۶۱۵ مطبوعہ مصر۔ ترجمہ: نوادر الاصول فی معرفۃ الرسول ابو عبد اللہ محمد بن علی ابن شیر مؤذن حکیم ترمذی کی کتاب ہے جو ۲۵۵ھ میں فوت ہوئے جن کا لقب سلوۃ العارفین اور بستان الموحدین ہے۔ انتہیٰ۔

امام المحدثین قاضی عیاض رحمۃ اللہ علیہ شفاء شریف میں ارقام فرماتے ہیں وما ذکر من انہٗ لا ظل لشخصہٖ فی شمس ولا قمر لانہٗ کان نورًا۔

شفا قاضی عیاض جلد ۱ ص ۲۴۲، ۲۴۳ اس کی شرح میں علامہ شہاب الدین خفا جی نسیم الریاض میں فرماتے ہیں ’’ومن دلائل نبوتہٖ صلی اللّٰہ تعالٰی علیہ وسلم (ما ذکر) بالبناء للمجہول والذی ذکرہ ابن سبع (من انہٗ) بیان ما الموصولۃ (لا ظل لشخصہٖ) ای جسدہ الشریف اللطیف اذا کان (فی شمس ولا قمر) مما ترٰی فیہ الظلال لحجب الاجسام ضوء النیرین ونحو ہما وعلل ذٰلک ابن سبع بقولہٖ (لانہٗ) صلی اللّٰہ تعالٰی علیہ وسلم (کان نورًا) والانوار شفافۃ لطیفۃ لاتحجب غیرہا والانوار لا ظل لہا کما ہو مشاہد فی الانوار الحقیقیۃ وہٰذا رواہ صاحب الوفاء عن ابن عباس رضی اللّٰہ تعالٰی عنہما قال لم یکن لرسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم ظل ولم یقم مع شمس الا غلب ضوء ہٗ ضوء ہا ولا مع سراج الا غلب ضوء ہٗ ضوء ہٗ وقد تقدم ہٰذا والکلام علیہ ورباعیتنا فیہ وہی۔

ماجر لظل احمد اذیال فی الارض کرامۃ کما قد قالوا ہٰذا عجب وکم بہٖ من عجب والناس بظلہٖ جمیعًا قالوا

وقالوا ہٰذا من القیلولۃ وقد نطق القراٰن بانہ النور المبین وکونہٗ بشرا لا ینا فیہ کما توہم فان فہمت فہو نور علٰی نور فان النور ہو الظاہر لنفسہ المظہر لغیرہٖ تفصیلہٗ فی مشکٰوۃ الانوار للغزالی۔(نسیم الریاض جز ۳ ص ۳۱۹ مطبوعہ مصر) ترجمہ: اور حضور ﷺ کے دلائل نبوت سے جو کچھ ذکر کیا گیا یعنی محدث ابن سبع نے ذکر کیا، یہ ہے کہ جب حضور ﷺ سورج یا چاند کی روشنی میں چلتے تھے تو حضور کے شخص کریم یعنی لطیف جسم مبارک کاسایہ نہ پڑتا تھا۔ ان سایوں میں سے جو روشنی میں اس وجہ سے دیکھے جاتے ہیں کہ اجسام (کثیفہ) چاند سورج وغیرہ کی روشنی کے لئے حاجب ہو جاتے ہیں اور بن سبع محدث نے حضور ﷺ کے سایہ نہ ہونے کی دلیل یہ بیان کی کہ حضور ﷺ نور تھے اور شفاف لطیف انوار اپنے غیر کے لئے حاجب نہیں ہوتے اور انوار کا سایہ نہیں ہوتا جیسا کہ حسی حقیقی انوار میں اس کا مشاہدہ کیا جاتا ہے اور اس کو صاحب وفا نے حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت کیا ہے۔ انہوں نے فرمایا کہ حضور ﷺ کا سایہ نہ تھا اور حضور سورج کی روشنی میں کھڑے نہ ہوتے تھے مگر اس کی روشنی پر بھی حضور ﷺ کی روشنی غالب ہو جاتی تھی۔ جیسا کہ پہلے بیان ہو چکا اور اس پر کلام بھی ہو چکا اور ہماری یہ رباعی بھی مذکور ہو چکی کہ احمد مجتبیٰ ﷺ کے سایہ کے دامن حضور کی کرامت و فضیلت کی وجہ سے زمین پر نہ کھینچے گئے (یعنی حضور کا سایہ زمین پر واقع نہ ہوا) جیسا کہ محدثین نے فرمایا ہے۔ یہ بات تعجب کی ہے اور کس قدر تعجب کی ہے کہ زمین پر ان کا سایہ نہ ہونے کے باوجود سب لوگ ان کے سایہ میں پناہ لیتے اور آرام کرتے ہیں۔ رباعی کے آخری مصرعہ کا آخری لفظ ’’قالوا‘‘، ’’قیلولہ‘‘ سے مشتق ہے جس کے معنی ہیں دوپہر کو آرام کرنا۔

اور بے شک قرآن پاک ناطق ہے کہ حضور ﷺ ’’نور مبین‘‘ ہیں اور حضور ﷺ کا بشر ہونا آپ کے نور ہونے کے ہرگز منافی نہیں جیسا کہ وہم کیا گیا۔ پس اگر تو سمجھے وہ تو ایسے نور ہیں جو سب نوروں پر غالب ہے کیونکہ نور اسے کہتے ہیں جو خود ظاہر ہو اور اپنے غیر کو ظاہر کرنے والا ہو۔ اس کی پوری تفصیل امام غزالی کی کتاب مشکوٰۃ الانوار میں ہے۔ انتہیٰ۔ (نسیم الریاض جلد ۳ ص ۳۱۹ مطبوعہ مصر) اور سیرۃ حلبیہ میں ہے

وانہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم اذا مشٰی فی الشمس او فی القمر لا یکون لہٗ ظل لانہٗ کان نورًا۔ انتہٰی (سیرۃ حلبیہ مطبوعہ مصر جلد ۳ ص ۴۲۲) بے شک حضور ﷺ جب سورج یا چاند کی روشنی میں چلتے تھے تو حضور ﷺ کا سایہ نہ ہوتا تھا اس کی وجہ یہ تھی کہ حضور ﷺ نور تھے اور نور کا سایہ نہیں ہوتا۔ انتہیٰ

تفسیر مدارک میں ہے وقال عثمان رضی اللّٰہ تعالٰی عنہ ان اللّٰہ ما اوقع ظلک علی الارض لئلا یقع انسان قدمہٗ علٰی ذالک۔ انتہٰی (تفسیر مدارک مطبوعہ مصر جلد ۲ ص ۱۰۳) حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے عرض کیا، حضور! اللہ تعالیٰ نے آپ کا سایہ زمین پر نہ گرنے دیا تاکہ کوئی شخص اس پر اپنا پاؤں نہ رکھ دے۔ انتہیٰ

تفسیر عزیزی میں حضرت شاہ عبد العزیز محدث دہلوی رحمۃ اللہ فرماتے ہیں، وسایۂ ایشاں برزمین نیفتاد۔ انتہیٰ (تفسیر عزیزی پ ۳۰ ص ۲۱۹) حضور ﷺ کا سایہ زمین پر نہ پڑتا تھا۔

حضرت شاہ عبد الحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ مدارج النبوۃ میں فرماتے ہیں وعثمان بن عفان رضی اللہ تعالیٰ عنہ گفت کہ سایہ شریف تو برزمین نمی افتد کہ مبادا برزمین نجس افتد۔ انتہیٰ (مدارج النبوۃ جلد دوم ص ۱۶۱) حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے براء صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے متعلق بارگاہِ نبوت میں عرض کیا کہ حضور آپ کا سایہ زمین پر نہیں پڑتا۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ ناپاک زمین پر واقع ہو جائے۔ جب اللہ تعالیٰ نے آپ کے سایہ کی اس قدر حفاظت کی تو آپ کے حرم محترم کو ناشائستگی میں کیونکر ملوث ہونے دے گا؟ انتہیٰ

یہی شاہ عبد الحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ اسی مدارج النبوۃ میں دوسری جگہ ارشاد فرماتے ہیں ونبو دمر آنحضرت را ﷺ سایہ نہ در آفتاب و نہ در قمر رواہ الحکیم الترمذی عن ذکوان فی نوادر الاصول و عجب است ازیں بزرگان کہ ذکر نہ کردند چراغ را ونوریکے از اسمائے آنحضرت است ﷺ ونور را سایہ نمی باشد۔ انتہیٰ (مدارج النبوۃ جلد اول) اور نہ تھا حضور کا سایہ نہ سورج میں نہ چاند میں۔ اس کو حکیم ترمذی نے نوادر الاصول میں حضرت ذکوان سے روایت کیا اور ان بزرگوں سے تعجب ہے کہ (اس موقعہ پر) انہوں نے چراغ کا ذکر نہیں کیا اور نور حضور ﷺ کے اسمائے مبارکہ سے ہے اور نور کا سایہ نہیں ہوتا۔

امام ابن حجر مکی رحمۃ اللہ علیہ افضل القریٰ میں فرماتے ہیں ومما یؤید انہٗ صلی اللّٰہ علیہ وسلم صار نورا انہٗ کان اذا مشٰی فی الشمس والقمر لا یظہر لہٗ ظل لانہٗ لا یظہر الا للکثیف وہو صلی اللّٰہ علیہ وسلم قد خلصہ اللّٰہ من سائر الکثافات الجسمانیۃ وصیرہٗ نورا صرفا لا یظہر لہ ظل اصلا۔ انتہٰی (افضل القریٰ مطبوعہ مصر) اور جو چیز اس بات کی تائید کرتی ہے کہ حضور ﷺ نور خالص ہوں گے۔ یہ ہے کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام جب سورج یا چاند کی روشنی میں چلتے تھے تو حضور ﷺ کا سایہ ظاہر نہ ہوتا تھا کیونکہ سایہ صرف جسم کثیف کا ظاہر ہوتا ہے اور جب حضور ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے تمام جسمانی کثافتوں سے خالص کر کے ایسا نور محض بنا لیا تھا جس کا سایہ اصلاً ظاہر نہ ہوتا تھا۔ انتہیٰ

مجمع بحار الانوار میں ہے من اسمائہٖ صلی اللّٰہ علیہ وسلم النور قیل من خصائصہٖ صلی اللّٰہ علیہ وسلم انہٗ اذا مشٰی فی الارض فی الشمس والقمر لا یظہر لہٗ ظل۔ انتہٰی (مجمع بحار الانوار مطبوعہ نول کشور لکھنؤ جلد سوم ص ۴۰۲)

حضور کے اسمائے مبارکہ سے ایک اسم پاک ’’النور‘‘ ہے۔ کہا گیا ہے کہ حضور ﷺ کے خصائص سے یہ بات تھی کہ حضور ﷺ جب سورج یا چاند کی روشنی میں زمین پر چلتے تھے تو حضور ﷺ کا سایہ نہ ہوتا تھا۔ انتہیٰ

علامہ سلیمان جمل فتوحات احمدیہ شرح ہمزیہ میں فرماتے ہیں لم یکن لہٗ صلی اللّٰہ علیہ وسلم ظل فی شمس ولا قمر۔ انتہٰی

حضور ﷺ کا سایہ نہ ہوتا تھا نہ سورج کی روشنی میں نہ چاند کی روشنی میں۔ انتہیٰ علامہ حسین بن دیار بکری کتاب الخمیس میں فرماتے ہیں لم یقع ظلہٗ علی الارض ولا رؤی لہٗ فی شمس ولا قمر۔ انتہٰی(کتاب الخمیس النوع الرابع)

حضور کا سایہ زمین پر نہ دھوپ میں پڑتا تھا، نہ چاندنی میں۔