اتنی بات تو قابل قبول ہو سکتی تھی کہ فتح الباری کی اکثر و بیشتر روایات یا وہ احادیث جن کے راویوں پر ائمہ جرح و تعدیل کی جرح کتب متجرحہ میں مصرح نہیں صحیح یا حسن ہیں لیکن محض اپنی ضد پوری کرنے کے لئے آنکھیں بند کر کے علی الاطلاق اس کی ہر روایت پر مہر تصدیق ثبت کر دینا اور ائمہ حدیث کی جرح شدید کے باوجود اس کی حدیث کو صحیح یا حسن قرار دینا کسی اہل علم کے نزدیک صحیح نہیں ہو سکتا۔

ابن حجر تو بخاری کے شارح ہیں۔ خود امام بخاری ارشاد فرماتے ہیں کہ میں نے التزام کیا ہے کہ صحیح بخاری میں سوائے صحیح حدیث کے کوئی غیر صحیح روایت داخل نہ کروں گا لیکن اس کے باوجود اس میں بھی بعض ایسی روایات موجود ہیں جو صحیح نہیں۔ اگرچہ ان کا وجود نادر ہے یہی وجہ ہے کہ شارحین کو امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کے اس قول کی تاویل کرنی پڑی ہے۔ دیکھئے مقدمہ فتح الباری ج اول ص ۱۳ پر حافظ ابن حجر نے علاوہ نووی کا کلام نقل کیا ہے ’’وعلٰی ہٰذا فیحمل قولہٗ ما ادخلت فی الجامع الا ما صح ای مما سقت اسنادہٗ واللّٰہ تعالٰی اعلم۔ ۱ ھ کلامہٗ

یعنی اس تقدیر پر امام بخاری کا یہ قول کہ میں نے اپنی جامع صحیح بخاری میں صرف وہی حدیثیں داخل کی ہیں جو صحیح ہیں اس امر پر محمول ہو گا کہ جن کی سند میں نے بیان کی ہے۔ واللہ تعالیٰ اعلم۔ علامہ نووی کا کلام ختم ہوا۔ اس کے بعد متصلاً علامہ ابن حجر فرماتے ہیں ’’وقد تبین مما فصلنا بہٖ اقسام تعالیقہٖ انہٗ لا یفتقر الٰی ہٰذا نحمل وان جمیع ما فیہ صحیح باعتبار انہٗ کلہٗ مقبول لیس فیہ ما یرد مطلقًا الا النادر‘‘ مقدمہ فتح الباری ج اول ص ۱۳ یعنی تعلیقات بخاری کی جو تقسیم ہم نے بیان کی ہے اس سے یہ بات بھی ظاہر ہو گئی کہ امام بخاری رحمۃاللہ علیہ کے قول مذکور کو مما سقت اسنادہ پر حمل کرنے کی کوئی ضرورت نہیں اور یہ امر بھی واضح ہو گیا کہ بخاری کی تمام حدیثیں اس اعتبار سے صحیح ہیں کہ وہ سب مقبول ہیں۔ ان میں کوئی حدیث ایسی نہیں ہے جسے مطلقاً رد کر دیا جائے سوائے نادر (حدیثوں) کے۔

حیرت ہے کہ جو لوگ توثیق رواۃ پر صحت حدیث کو موقوف سمجھتے ہیں ان کے نزدیک حدیث جابر محض فتح الباری میں درج ہو جانے کی وجہ سے کیونکر صحیح ہو گئی حالانکہ اس کے راوی پر اہل نقد و نظر ائمہ حدیث کی جرح شدید موجود ہے جیسا کہ ہم تفصیل سے نقل کر چکے ہیں جس طرح ڈوبتا ہوا آدمی تنکے کا سہارا تلاش کرتا ہے بالکل اسی طرح غیر مقلدین حدیث جابر کے فتح الباری میں آ جانے کو دلیل صحت قرار دے رہے ہیں۔ بہرحال یہ قول صحت حدیث کے دلائل میں ایک شاندار اضافہ ہے۔

اس کے بعد یہ عرض کرنا بھی ضروری ہے کہ غیر مقلدین بعض علماء احناف و شوافع کے اقوال بھی پیش کیا کرتے ہیں کہ علامہ عینی اور علامہ زیلعی اور علامہ ابن حجر رحمہم اللہ تعالیٰ نے عمدۃ القاری، فتح الباری، نصب الرایہ وغیرہ میں حدیث جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے رمضان شریف کی تین راتوں کی نماز کا آٹھ رکعت ہونا ثابت کیا ہے۔

اس کا جواب یہ ہے کہ کسی امر مجمل کی تفسیر اور شیٔ مبہم کے بیان میں فقہا محدثین کا کوئی روایت لانا اس امر کو مستلزم نہیں کہ ان کے نزدیک اس روایت کا مضمون صحیح اور واجب القبول بھی ہے۔ حضرات محدثین کا دستور ہے کہ وہ ایک امر مجمل کے بیان میں متعدد روایات وارد کر دیتے ہیں۔ اسی طرح فقہا کرام ایک مسئلہ کے متعلق بعض اقوال لے آتے ہیں مگر ان روایات و اقوال کا مضمون کسی علت کے باعث واجب القبول نہیں ہوتا۔

اگرچہ اہل علم کے لئے یہ بات محتاجِ بیان نہیں مگر اتمام حجت کے لئے اس کی دلیل میں غیر مقلدین کے پیشوا اور مقتدا علامہ شوکافی کا قول پیش کرتا ہوں جو نیل الاوطار میں اسی حدیث کے تحت مرقوم ہے ’’واما العدد الثابت عنہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم فی صلاتہٖ فی رمضان فاخرج البخاری وغیرہٗ عن عائشۃ انہا قالت ما کان النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم یزید فی رمضان ولا فی غیرہٖ علی احدٰی عشرۃ رکـعــۃ فاخرج ابن حبان فی صحیحہٖ من حدیث جابر انہٗ صلی اللّٰہ علیہ واٰلہٖ وسلم صلّٰی بہم ثمان رکعات ثم اوتر۔‘‘ نیل الاوطار ج ۳ ص ۵۷

علامہ شوکافی فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کی صلوٰۃ رمضان کے متعلق جو عدد حضور ﷺ سے ثابت ہے وہ حضرت عائشہ کی اس حدیث میں ہے جسے امام بخاری نے روایت کیا ہے۔ حضرت عائشہ فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ رمضان اور غیر رمضان میں گیارہ رکعت سے زیادہ نہیں پڑھتے تھے اور ابن حبان نے اپنی صحیح میں حضرت جابر کی حدیث سے روایت کیا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے صحابہ کرام کو آٹھ رکعتیں پڑھائیں اور پھر وتر پڑھے۔ اس کے بعد علامہ شوکافی نے بیہقی کی بیس رکعت والی حدیث نقل کی پھر فرمایا ’’والحاصل ان الذی دلت علیہ احادیث الباب وما یشابہہا وہو مشروعیۃ القیام فی رمضان والصلٰوۃ فیہ جماعۃ وفرادٰی فقصر الصلٰـوۃ الـمـسمـاۃ بالتـراویح علٰی عدد معین وتخصیصہا بقراٰۃ مخصوصۃ لم یرد بہٖ سنۃ۔‘‘ انتہٰی نیل الاوطار ج ۲ ص ۵۸

یعنی کلام کا حاصل یہ ہے کہ جس چیز پر احادیث باب اور ان کے مشابہ احادیث نے دلالت کی وہ قیام رمضان اور فی رمضان کی مشروعیت ہے۔ جماعت سے ہو یا تنہا۔ لہٰذا جس نماز کا نام تراویح ہے اسے عدد معین پر ٹھہرا دینا اور اسے قرأت مخصوصہ کے ساتھ خاص کر دینا ایسی بات ہے جس کے ساتھ سنت وارد نہیں ہوئی۔ دیکھئے جس موقع پر عینی، فتح الباری، نصب الرایہ وغیرہ میں حضرت عائشہ کی گیارہ رکعت والی اور حضرت جابر کی (وتر کے علاوہ) آٹھ رکعت والی حدیث وارد ہوئی ہے بالکل اسی موقع پر نیل الاوطار میں یہ دونوں حدیثیں وارد ہیں لیکن اس کے باوجود علامہ شوکافی فرماتے ہیں کہ نمازِ تراویح کو عدد معین پر ٹھہرا دینا ایسی بات ہے جس کے ساتھ سنت وارد نہیں ہوئی یعنی تراویح میں عدد معین کا قول کرنا خلافِ سنت ہے۔ لہٰذا جس طرح حضور ﷺ کی تراویح کے عدد ثابت کے بیان میں ان دونوں حدیثوں کا شوکافی کے کلام میں وارد ہونا عدد معین (آٹھ رکعت) کا مثبت نہیں بالکل اسی طرح علامہ عینی، حافظ ابن حجر اور علامہ زیلعی کے کلام میں بھی حدیث عائشہ و حدیث جابر کا وارد ہونا آٹھ رکعت تراویح کی دلیل نہیں ہو سکتا۔ علامہ شوکافی نے ’’لم یرد بہٖ سنۃ‘‘ کہہ کر غیر مقلدین کے استدلال کا خاتمہ کر دیا کیونکہ آٹھ رکعت تراویح کے ثبوت میں غیر مقلدین کی تمام پونجی یہی دو حدیثیں تھیں لیکن شوکافی صاحب نے واضح کر دیا کہ ان دونوں حدیثوں سے آٹھ رکعت کا عدد معین ثابت نہیں ہوتا۔ والحمد للّٰہ علٰی احسانہٖ۔

اہل بصیرت سے یہ امر مخفی نہیں کہ حضرات ائمہ مجتہیدین خصوصاً ائمہ اربعہ رضی اللہ تعالیٰ عنہم اجمعین علم و فضل، تقویٰ و طہارت اور انابت الی اللہ کے اس بلند مقام پر فائز ہیں جس کا تصور اس زمانے میں کسی بڑے سے بڑے اہل علم اور متقی کے متعلق بھی نہیں کیا جا سکتا اور اس میں بھی شک نہیں کہ ان ائمہ کرام کا صحیح مسلک وہی تھا جس پر ان کے جانشین اور ان کے بعد ان کے جمہور مقلدین و متبعین عمل پیرا ہیں۔

ایسے جلیل القدر خیار امت ائمہ اعلام کا مبارک گروہ درحقیقت مسلمانوں کا وہ طائفہ مقدسہ ہے جسے بفحوائے آیۂ کریمہ ’’فَلَوْ لَا نَفَرَ مِنْ کُلِّ فِرْقَۃٍ مِّنْہُمْ طَائِفَۃٌ لِّیَتَفَقَّہُوْا فِی الدِّیْنِ وَلِیُنْذِرُوْا قَوْمَہُمْ اِذَا رَجَعُوْا اِلَیْہِمْ لَعَلَّہُمْ یَحْذَرُوْنَ۔‘‘ (توبہ) تمام امت مسلمہ کی قیادت و سیادت کا شرف حاصل ہے اور ان ائمہ ہدیٰ کے متبعین و مقلدین کی جماعت مسلمانانِ عالم کا وہ سوادِ اعظم ہے جس کا مذہب و مسلک آیت کریمہ ’’وَیَتَّبِعْ غَیْرَ سَبِیْلِ الْمُؤْمِنِیْنَ نُوَلِّہٖ مَا تَوَلّٰی وَنُصْلِہٖ جَہَنَّمَ وَسَائَتْ مَصِیْرًا۔‘‘ (نساء) کی روشنی میں مدارِ نجات اور معیارِ صداقت ہے اور ان کے راستے سے انحراف موجب ضلالت و غوائت اور جہنم رسید ہونے کا باعث ہے۔

لیکن شر ذمہ قلیلہ و طائفہ حقیرہ کے معدودے چند افراد ہر زمانے میں اللہ تعالیٰ کے ان مقدس اور محبوب بندوں کو ازراہِ عناد ہدف تیر ملامت بناتے رہے ہیں چنانچہ اب بھی غیر مقلدین کا گروہ قلیل حضرات مجتہدین ائمہ اربعہ خصوصاً امام الائمہ سیدنا امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ وعنہم اجمعین اور ان کے مقلدین و متبعین کے حق میں زبان طعن دراز کر رہا ہے۔ کبھی انہیں اہل رائے کہا جاتا ہے کبھی ان کے مسائل مذہبیہ کو احادیث صحیحہ کے خلاف قرار دے کر انہیں مطعون کیا جاتا ہے اور بسا اوقات یہ کہہ دیا جاتا ہے کہ ان کے استدلال کی بنیاد احادیث ضعیفہ اور اقوال مرجوحہ ہیں۔

مگر واقعہ یہ ہے کہ ان معترضین نے آج تک ان ائمہ ہدیٰ کے اصول کو نہیں سمجھا۔ کاش یہ لوگ تعصب سے دور رہ کر ان کے قواعد مذہب اور اصول استدلال کو سمجھ لیتے تو شاید اس دریدہ دہنی کی جرأت نہ کرتے۔ اس مختصر رسالے میں اتنی گنجائش نہیں کہ ہم ان تمام امور پر تفصیلی بحث کریں۔ البتہ صرف ایک امر کو اختصار کے ساتھ بیان کرتے ہیں اور وہ یہ کہ سیدنا امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کسی ایسی حدیث سے استدلال نہیں کیا جو ان کی نظر میں ضعیف ہو اور اس کی تقویت دیگر احادیث یا اقوال صحابہ ان کے اعمال یا اہل علم کے تعامل یا کسی دوسری دلیل شرعی سے نہ ہو گئی ہو اور محدثین کرام اس پر متفق ہیں کہ حدیث ضعیف طرق مذکورہ میں سے کسی طریقہ سے مؤید و معتمد ہو جائے تو وہ قابل احتجاج ہے۔

کما لا یخفٰی علی من لہٗ ادنٰی معرفۃ فی فن الحدیث باب تراویح میں رسول اللہ ﷺ کا رمضان شریف میں بیس رکعت تراویح پڑھنا اگرچہ بسند ضعیف ثابت ہے لیکن چونکہ اس کا مضمون تعامل صحابہ اور اقوال علماء اور جمہور امت کے توافق سے مؤید ہو چکا ہے اس لئے اس سے دلیل لانا اصول محدثین کے موافق بھی صحیح اور درست ہے بلکہ میں تو یہاں تک عرض کروں گا کہ بیس تراویح کی حدیث مرفوع مذکور کے ثابت الاصل اور مستدل بہ ہونے کا قول کرنا ضروری ہے۔ ورنہ ان تمام صحابہ، سلف صالحین، ائمہ مجتہدین اور جمہور علماء امت مسلمہ کو سنت نبوی کے مخالفین میں شمار کرنا پڑے گا جن کا عمل اس حدیث کے مطابق ہونا غیر مقلدین کے نزدیک بھی مسلم ہے۔

علم حدیث کے ماہرین سے یہ امر مخفی نہیں کہ کسی حدیث کا فی الواقع ثابت الاصل اور صحیح ہونا صحت اسناد پر موقوف نہیں۔ ممکن ہے کہ صحت اسناد کے باوجود کوئی حدیث واقع میں صحیح نہ ہو۔ (کما قال ابن الصلاح)

جب صحت اسناد پر صحت حدیث موقوف نہیں تو ضعف اسناد پر ضعف حدیث کا مدار کیونکر ہو سکتا ہے۔ ملاعلی قاری رحمۃ اللہ علیہ موضوعات کبیر ص ۱۵ میں اسی موضوع پر اثنائے کلام میں فرماتے ہیں ’’فلا مطمح للقطع فی مقام الاسناد لتجویز العقل ان یکون الصحیح فی نفس الامر ضعیفا او موضوعًا والموضوع صحیحا مرفوعا الا الحدیث المتواتر فانہٗ فی افادۃ العلم الیقینی یکون مقطوعا ولذا قال الزرکشی بین قولنا لم یصح وقولنا موضوع بون بین فان الوضع اثبات الکذب وقولنا لم یصح انما ہو اخبار عن عدم الثبوت ولا یلزم منہ اثبات العدم۔‘‘

مقام اسناد میں یقین کے لئے امید کا کوئی موقع نہیں یعنی محض سند کے پیش نظر کسی حدیث کو یقینی طور پر صحیح کہہ دینا ہرگز درست نہیں ہو سکتا۔ کیونکہ عقلاً جائز ہے کہ کوئی صحیح حدیث ضعیف یا موضوع ہو اور اسی طرح حدیث موضوع حقیقۃً صحیح مرفوع ہو۔ سوائے حدیث متواتر کے کہ وہ علم یقینی کا فائدہ دینے میں قطعی ہے۔ اسی لئے علامہ زرکشی نے فرمایا کہ ہمارے قول ’’لم یصح‘‘ اور موضوع میں بڑا فرق ہے۔ اس لئے کہ وضع، اثبات کذب ہے اور ’’لم یصح‘‘ صرف عدم ثبوت کی خبر دیتا ہے اور اس سے اثبات عدم لازم نہیں آتا۔

اسی طرح ابن قیم جوزیہ نے ایک حدیث کے متعلق کہا ’’وان صحح بعض الناس سندہٗ فالحس تشہد بوضعہٖ‘‘ یعنی اگرچہ بعض لوگوں نے اس حدیث کی سند کو صحیح قرار دیا ہے لیکن قوتِ حاسہ اس کے موضوع ہونے کی شہادت دیتی ہے۔ معلوم ہوا کہ محض سند پر ثبوت و وضع کا مدار نہیں۔

اہل علم کے نزدیک تو یہ امر بھی قابل انکار نہیں ہو سکتا کہ بصیرت کاملہ رکھنے والے علمائے راسخین کسی حدیث کے موضوع اور غیر موضوع ہونے کی معرفت حاصل کرنے کے لئے سند کے محتاج نہیں ہوتے۔

دیکھئے ملا علی قاری موضوعات کبیر ص ۸۹ پر فرماتے ہیں ’’وقد سئل ابن القیم الجوزیۃ ہل یمکن معرفۃ الحدیث الموضوع بضابطۃ من غیر ان ینظر فی سندہٖ فقال ہٰذا سوال عظیم القدر وانما یعرف ذٰلک من یطلع فی معرفۃ سنن الصحیحۃ وخلطت بلحمہٖ ودمہٖ وصار لہٗ فیہا ملکۃ واختصاص شدید بمعرفۃ السنن والاٰثار ومعرفۃ سیرۃ رسول اللّٰہ علیہ الصلٰوۃ والسلام وہدیہٖ فیما یأمر بہٖ وینہٰی عنہ ویخبر عنہ ویدعو الیہ ویحبہ ویکرہہٗ ویشرعہٗ للامۃ بحیث کانہٗ مخالط لہٗ علیہ الصلٰوۃ والسلام بیـن اصحـابہ الکرام فمثل ہٰذا یـعـرف من احوالہٖ وہدیہٖ وکلامہٖ واقوالہٖ وافعالہٖ وما یجوز ان یخبر بہٖ وما لا یجوز مالا یعرفہٗ غیرہٗ وہٰذا شان کل متبوع مع تابعہٖ۔ ۱ھ

ابن قیم جوزیہ سے دریافت کیا گیا کیا یہ ممکن ہے کہ حدیث موضوع کو کسی ضابطہ کے ساتھ معلوم کر لیا جائے اس کے بغیر کہ اس کی سند میں نظر کی جائے تو انہوں نے جواب دیا کہ یہ ایک عظیم الشان سوال ہے۔ سند دیکھے بغیر کسی حدیث کے موضوع ہونے کو وہی شخص جان سکتا ہے جو معرفت سنن صحیحہ کے بلند مقام پر فائز ہو اور سنن صحیحہ کی معرفت اس کے گوشت اور خون کے ساتھ مخلوط ہو گئی ہو اور اسے ان کی معرفت میں عظیم ملکہ پیدا ہو گیا ہو اور معرفت سنن و آثار و معرفت سیرت و خصلت رسول اللہ ﷺ میں اختصاص شدید حاصل ہو چکا ہو اور حضور ﷺ کے امر و نہی، اخبار و دعوت، حب کراہت اور امت مرحومہ کے لئے احکام مشروعہ سے متعلق تمام امور میں حضور ﷺ کی سیرت و خصلت مبارکہ سے پوری طرح واقف ہو اور اس کو یہ حیثیت حاصل ہو جائے کہ گویا وہ صحابہ کرام کی معیت میں نبی کریم ﷺ کی ذاتِ مقدسہ کے ساتھ اختلاط کامل رکھتا ہے تو اس جیسا آدمی حضور ﷺ کے احوال اور کلام مبارک اور تمام اقوال و احوال مبارکہ کو صحیح معنی میں پہچان سکتا ہے اور اچھی طرح سمجھ سکتا ہے کہ کون سی چیزوں کے متعلق حضور ﷺ کا خبر دینا جائز ہے اور کون سی چیزوں سے خبر دینا حضور ﷺ کے حق میں جائز نہیں۔ یہ امور اس قبیل سے ہیں جسے مذکورہ بالا اوصاف سے متصف ہونے والے علماء راسخین و کاملین کے سوا کوئی دوسرا شخص نہیں جان سکتا اور ہر متبوع کی اپنے تابع کے ساتھ یہی شان ہوتی ہے۔

ایسی صورت میں اگر امام اعظم جیسا اہل بصیرت انسان دلائل و قرائن کی روشنی میں حق کو باطل سے ممتاز کر کے حق کو قبول کر لے اور باطل سے کنارہ کر لے تو کیا وہ کسی ذی شعور کے نزدیک مستحق طعن ہو سکتا ہے۔

بنا بریں اگر بفرض محال یہ تسلیم ہی کر لیا جائے کہ امام ابو حنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے بعض مسائل فقہیہ صحیح حدیثوں کے خلاف ضعیف حدیثوں پر مبنی ہیں تو کیا یہ ممکن نہیں کہ وہ احادیث جو محدثین کے نزدیک صحیح الاسناد ہیں۔ امام ابو حنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی نگاہِ بصیرت میں نصوص قرآنیہ، اقوال صحابہ کرام، تعامل اہل علم و دیگر دلائل شرعیہ کی موجودگی میں فی الواقع غیر صحیح اور ناقابل احتجاج ہوں۔ علیٰ ہٰذا القیاس جن احادیث کو محدثین نے اپنے مقرر کردہ معیار کے مطابق ضعیف اور ناقابل احتجاج قرار دیا ہے امام ابو حنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے اصول و معیار کے موافق وہ احادیث فی الواقع صحیح اور قابل احتجاج ہوں مگر اس بیان سے یہ نہ سمجھ لیا جائے کہ ہمارے نزدیک علم الاسناد بے معنی ہے۔ اسناد کا مقصد کذب و افتراء اور وضع احادیث کے طوفان کو روکنا اور اس باب میںدجل و فریب کی راہوں کو بند کرنا ہے نہ یہ کہ اسناد کے سامنے تمام دلائل قرآنیہ اور قرائن و شواہد قطعیہ کو پس پشت ڈال کر فہم و فراست کو بھی بالائے طاق رکھ دیا جائے۔

حجیت و عدم حجیت حدیث میں سند کے علاوہ تمام دلائل شرعیہ سے بے نیاز ہو جانا کسی طرح جائز نہیں ہو سکتا۔ روایت کو درایت کے ساتھ ملحوظ نہ رکھنا انتہائی نادانی اور سخت حماقت کی دلیل ہے۔

سمجھ میں نہیں آتا کہ بکثرت احادیث بعض محدثین کے نزدیک صحیح ہیں اور بعض کے نزدیک غیر صحیح۔ اسی طرح بے شمار رواۃ حدیث بعض ارباب نقد و نظر کی رائے میں مجروح اور غیر ثقہ ہیں اور بعض کے نزدیک معدل و ثقہ لیکن اس اختلاف رائے کی وجہ سے کسی ایک کو بھی موردِ الزام قرار نہیں دیا جاتا۔ خدا جانے امام ابو حنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے معترضین کا کیا بگاڑا ہے کہ یہ لوگ ان کے حق میں طعن و تشنیع سے باز نہیں آتے۔

علم حدیث سے ذوق رکھنے والے حضرات خوب جانتے ہیں کہ امام بخاری، امام مسلم، امام ابو داؤد وغیرہ محدثین کرام کے مابین صحت حدیث کے شرائط میں اختلاف شدید ہے۔ ایک حدیث ابو داؤد کے نزدیک صحیح ہے مگر امام بخاری اس کی صحت کے قائل نہیں۔ اس صورت میں اگر امام بخاری اس حدیث سے استدلال نہ کریں تو انہیں حدیث صحیح کا مخالف قرار نہیں دیا جا سکتا۔ دیکھئے امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی صحیح بخاری کو حمد الٰہی سے شروع نہیں کیا حالانکہ ابن ماجہ کی صحیح حدیث میں وارد ہے ’’کل امر ذی بال لم یبدأ فیہ بالحمد فہو اقطع‘‘ (جو مہتم بالشان کام حمد الٰہی سے شروع نہ کیا جائے وہ نا تمام ہے) ’’رواہ ابن حبان وابو عوانۃ فی صحیہما وقال ابن الصلاح ہٰذا حدیث حسن بل صحیح‘‘ (عینی ج ۱ ص ۱۵)۔ لیکن صحت حدیث کے باوجود امام بخاری نے اس پر عمل نہیں کیا جس کا ایک جواب یہ بھی دیا گیا ہے کہ یہ حدیث امام بخاری کی شرط پر نہیں اس لئے انہوں نے اس پر عمل نہیں کیا عینی میں ہے ’’الاول ان الحدیث لیس علٰی شرطہٖ‘‘ (عینی ج ۱ ص ۱۲) پہلا جواب یہ ہے کہ یہ حدیث امام بخاری کی شرط پر نہیں۔ اگرچہ علامہ عینی نے اس پر اور اس کے علاوہ تمام جوابات پر اعتراضات کیے ہیں لیکن ظاہر پرستوں نے یہ امر بہرحال تسلیم کر ہی لیا کہ جو حدیث کسی محدث کی شرط پر نہ ہو وہ اس پر عمل نہیں کیا کرتا لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے حق میں آج تک اس اصول کو تسلیم نہیں کیا گیا۔ کیا اس سے بڑھ کر بھی تعصب اور عناد کی کوئی مثال پیش کی جا سکتی ہے؟

تعجب ہے کہ غیر مقلدین امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ پر احادیث صحیحہ کے ترک کا الزام لگاتے ہیں حالانکہ امام بخاری اور امام مسلم جیسے جلیل القدر محدثین نے بکثرت ایسی احادیث کو چھوڑ دیا جو ان کے مقرر کردہ شرائط کے مطابق بالکل صحیح ہیں۔ حتیٰ کہ دیگر محدثین مثلاً دار قطنی وغیرہ نے بعض اوقات شیخین پر الزام بھی عائد کیا کہ فلاں حدیث ان کے مجوزہ معیار کے موافق صحیح ہے پھر انہوں نے اسے کیوں ترک کیا جس کے جواب میں آج تک یہی کہا جاتا ہے کہ اگرچہ وہ حدیثیں شیخین کی شرط پر صحیح ہیں لیکن یہ دونوں بزرگ (بخاری و مسلم) فن حدیث میں وہ نگاہِ دور بین رکھتے ہیں جس سے ان احادیث میں انہیں کوئی ایسی بات نظر آئی جس کی وجہ سے اپنی صحیحین میں ان احادیث کو درج نہیں کیا تو کیا یہ ممکن نہیں کہ شیخین سے زیادہ اہل بصیرت مثلاً امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنی نگاہِ اجتہاد اور نورِ فراست کی روشنی میں صحیحین کی بعض احادیث میں کوئی امر معلوم کر لیا ہو جس کی بنیاد پر ان سے استدلال کرنا پسند نہ فرمایا پھر ان پر طعن کرنا اپنی عاقبت خراب کرنا نہیں تو اور کیا ہے؟

غیر مقلدین امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے حق میں کچھ بھی کہیں لیکن اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ محدثین متاخرین مثلاً امام بخاری امام مسلم و غیرہما رضی اللہ عنہم اجمعین امام موصوف کے خوشہ چیں اور ان کے واسطہ در واسطہ شاگردوں سے مستفیض ہیں۔ نیز یہ کہ ان محدثین کی اسانیدکیسی ہی عالی کیوں نہ ہوں لیکن فقاہت و درایت میں امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی اسانید کا مقابلہ نہیں کر سکتیں اور یہ کہ امام ابو حنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ خود تابعی اور کبار تابعین کے دور میں ہونے کی وجہ سے عہد رسالت سے بہت قریب ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ امام صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی سند حضور رسالت مآب ﷺ تک پہنچنے میں چار واسطوں سے متجاوز نہیں ہوتی اور اکثر و بیشتر صرف دو واسطوں (ایک تابعی اور ایک صحابی) سے آپ کی سند رسول اللہ ﷺ تک پہنچ جاتی ہے۔ ظاہر ہے کہ تابعین کا دور مشہود لہ بالخیر ہے اس لئے ان کی اکثریت ثقہ ہے اور صحابی کے ثقہ ہونے میں تو آج تک کسی نے کلام ہی نہیں کیا۔ ’’الصحابۃ کلہم عدول فی الروایۃ‘‘ اس لئے امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کی اسانید و روایات کو ضعیف اور ناقابل احتجاج کہنا گویا آفتاب کا منہ چڑانا ہے۔ ثلاثیات بخاری کے مقابلے میں ثنائیات بلکہ واحدانیات ابو حنیفہ کو نظر انداز کر دینا دنیا میں کتمانِ حق کی بد ترین مثال ہے۔

اب ہم امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کی چند اسانید پیش کرتے ہیں جن سے ناظرین کرام کو ہمارے بیان کی تصدیق ہو جائے گی۔

اسانید امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ (۱) روٰی ابو حنیفۃ عن حماد عن ابراہیم النخعی عن علقمۃ عن عبد اللّٰہ بن مسعود قال کان رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم یعلمنا معشر الصحابۃ الاستخارۃ۔ (شرح مسند امام اعظم ص ۹) (۲) روٰی ابو حنیفۃ عن حماد عن ابراہیم عن الاسود عن عائشۃ عن رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم انہٗ قال ان اللّٰہ تعالٰی یکتب للانسان الدرجۃ العلیا فی الجنۃ۔ (الحدیث شرح مسند ص ۸) (۳) روٰی ابو حنیفۃ عن حماد عن ابراہیم عن الاسود بن یزید ان عمر بن الخطاب دخل علی النبی صلی اللّٰہ تعالٰی علیہ وسلم۔ (الحدیث شرح مسند ص ۵) (۴) روٰی ابو حنیفۃ عن عطاء ابن یسار عن ابن عمر عن النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم انہ نہٰی عن بیع الولاء۔ (ص ۱۰۴ شرح مسند) (۵) روٰی ابو حنیفۃ عن عطاء ابن یسار عن ابی سعید الخدری قال قال رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم ان اللّٰہ وملٰئکتہ یصلون علی الذین یصلون الصفوف ولا یقطعونہا۔ (ص ۱۰۴ شرح مسند) (۶) روٰی ابو حنیفۃ عن الزہری عن انس ان رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم احتجم وہو صائم۔ (ص ۱۰۴) (۷) روٰی ابو حنیفۃ عن عطاء عن ابی ہریرۃ قال کان لرسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم قلنسوۃ بیضاء شامیۃ۔ (ص ۷۷ شرح مسند) (۸) روٰی ابو حنیفۃ عن عطیۃ بن سعد الکوفی عن ابی سعید الخدری قال قال رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم لا یشکر اللّٰہ من لا یشکر الناس۔ (ص ۱۴۴ شرح مسند) (۹) روٰی ابو حنیفۃ عن عبد اللّٰہ بن دینار عن ابن عمر قال سمعت رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم الوتر اول اللیل مسخطۃ الشیطان۔ الحدیث (ص ۱۱۵ شرح مسند) (۱۰) روٰی ابو حنیفۃ عن انس ابن مالک قال قال رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم طلب العلم فریضۃ علٰی کل مسلم۔ (الحدیث ص ۲۸۵ شرح مسند) (۱۱) روٰی ابو حنیفۃ عن انس قال قال رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم الدال علی الخیر کفاعلہٖ۔ (ص ۲۸۵ شرح مسند)

اسانید مذکورہ میں صحابہ کرام کے علاوہ دیگر رواۃ کی توثیق کتب معتبرہ سے پیش کرتا ہوں کیونکہ صحابہ کرام کے عادل اور ثقہ ہونے میں تمام امت مسلمہ متفق ہے۔ (۱) عطا ابن یسار … ثقۃ فاضل۔ تقریب التہذیب ص ۳۶۲ (۲) محمد بن مسلم بن عبید اللّٰہ بن عبد اللّٰہ بن شہاب بن عبد اللّٰہ بن الحارث بن زہرہ بن کلاب القرشی الزہری وکنیتہ ابو بکر الفقیہ الحافظ متفق علی جلالتہٖ واتقانہٖ وثبتہٖ وہو من رؤوس الطبقۃ الرابعۃ۔ (تقریب التہذیب ص ۴۷۰) (۳) حماد بن ابی سلیمان کے تحت مرقوم ہے قال معمر ما رأیت افقہُ من ہٰؤلاء الزہری وحماد وقتادۃ وقال بقیۃ قلت لشعبۃ حماد بن ابی سلیمان قال کان صدوق اللسان۔ (تہذیب التہذیب ج ۳ ص ۱۶) (۴) ابراہیم بن سوید النخعی قال العجلی ثقۃ وذکرہ ابن حبان فی الثقات۔ (تہذیب التہذیب ج اول ص ۱۲۷) (۵) علقمہ قال اسحٰق بن منصور عن ابن معین ثقۃ وقال ابن المدینی اعلم الناس بعبد اللّٰہ علقمۃ والاسود و عبیدۃ والحارث۔(تہذیب التہذیب ج ہفتم ص ۲۷۷) (۶) عطیہ وکان ثقۃ ان شاء اللّٰہ تعالٰی ولہٗ احادیث صالحۃ۔(تہذیب التہذیب ج ہفتم ص ۲۲۶) (۷) عبد اللّٰہ بن دینار قال صالح بن احمد عن ابیہ ثقۃ مستقیم الحدیث وقال ابن معین و ابو زرعۃ وابو حاتم ومحمد بن سعدو النسائی ثقۃ۔ (تہذیب التہذیب ج پنجم ص ۲۰۲) (۸) اسود بن یزید قال ابو طالب عن احمد ثقۃ من اہل الخیر وقال اسحٰق عن یحیٰی ثقۃ وقال ابن سعد کان ثقۃ ولہٗ احادیث صالحۃ۔ (تہذیب التہذیب ج اول ص ۳۴۳)

اس مقام پر دو باتیں خاص طور پر ملحوظ رہیں ایک یہ کہ معاصر کا عنعنہ مطلقاً سماع پر محمول ہوتا ہے اور امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی ملاقات اپنے مشائخ سے بلا شبہ ثابت ہے لہٰذا آپ کی اسانید میں عنعنہ یقینا سماع پر محمول ہے۔

دوسری یہ کہ بقول علامہ ابن حجر عسقلانی امام ابو حنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے صحابہ کرام کی ایک جماعت کو پایا ہے اور ابن سعد نے بسند معتبر روایت کیا کہ امام ابو حنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے حضرت انس بن مالک صحابی رسول ﷺ کو دیکھا۔ اس وقت وہاں کے شہروں میں حضرت انس کے علاوہ بھی متعدد صحابہ کرام بقید حیات تھے اور ابن حجر مکی نے شرح مشکوٰۃ میں فرمایا کہ امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے آٹھ صحابہ کرام کو پایا جن میں حضرت عبد اللہ بن ابی اوفی، حضرت سہل بن سعید، حضرت ابو الطفیل بھی شامل ہیں۔ حضرت انس کے زمانہ میں امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی عمر کم از کم نو دس سال تھی۔ مذکورہ بالا دونوں باتوں کے ذیل میں جو کچھ عرض کیا گیا وہ شرح مسند امام اعظم لملا علی القاری ص ۲۸۴ اور ص ۲۸۵ سے منقول ہے۔

اس کے بعد یہ عرض کرنا بھی ضروری ہے کہ سیدنا امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی اسانید کے اس نقشہ سے حسب ذیل امور واضح ہیں۔

۱۔ امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ عنہ خود بلا واسطہ بھی صحابی سے روایت کرتے ہیں اگرچہ وہ روایات ہم تک شاذ و نادر ہی پہنچی ہوں۔ ۲۔ امام اعظم اور صحابی کے درمیان تین واسطے ہیں اور اکثر و بیشتر صرف ایک یا دو۔ ۳۔ امام صاحب کی سند زیادہ سے زیادہ چار واسطوں سے رسول اللہ ﷺ تک پہنچتی ہے اور اگر امام صاحب خود صحابی سے روایت کریں تو ظاہر ہے کہ امام صاحب اور رسول اللہ ﷺ کے درمیان ایک ہی واسطہ ہوتا ہے۔ ۴۔ امام صاحب کے مشائخ رواۃ حدیث نہایت افضل و ثقہ بہترین فقیہ اور اعلیٰ درجہ کی روایت سے متصف ہیں۔ ۵۔ امام اعظم رضی اللہ عنہ کے عام رواۃِ حدیث خصوصاً حضرت حماد رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی افضلیت و فقاہت اس واقعہ سے بہت زیادہ روشن ہو جاتی ہے جسے حضرت ابن عیینہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے بیان فرمایا اور صاحب فتح القدیر امام ابن ہمام و دیگر محققین کرام نے اسے نقل کیا ہے۔ ملاحظہ فرمائیے فتح القدیر مطبوعہ مصر ج اول ص ۲۷۰

وذٰلک انہٗ اجتمع مع الاوزاعی بمکۃ فی دار الحناطین کما حکی ابن عیینۃ قال الاوزاعی مابالکم لا ترفعون عند الرکوع والرفع منہ فقال لاجل انہٗ لم یصح عن رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم فیہ شیء فقال الاوزاعی کیف لم یصح وقد حدثنی الزہری عن سالم عن ابیہ ان رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کان یرفع یدیہ اذا افتتح الصلٰوۃ وعند الرکوع وعند الرفع منہ فقال ابو حنیفۃ حدثنا حماد عن ابراہیم عن علقمۃ والاسود عن عبد اللّٰہ بن مسعود ان النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کان لا یرفع یدیہ الا عند افتتاح الصلٰوۃ ثم لا یعود لشیء من ذٰلک فقال الاوزاعی احدثک عن الزہری عن سالم عن ابیہ وتقول حدثنی حماد عن ابراہیم فقال ابو حنیفۃ کان حماد افقہ من الزہری وکان ابراہیم افقہ من سالم وعلقمۃ لیس بدون عن ابن عمر فی الفقہ وان کان لابن عمر صحبۃ ولہٗ فضل صحبۃ فالاسود لہٗ فضل کثیر وعبد اللّٰہ فعبد اللّٰہ فرجح بفقہ الرواۃ کما رجح الاوزاعی بعلو الاسناد وہو المذہب المنصور عندنا انتہٰی۔ خلاصہ و ترجمہ: وہ واقعہ یہ ہے کہ امام ابو حنیفہ امام اوزاعی کے ساتھ مکہ معظمہ میں خوشبو فروشوں کی حویلی میں جمع ہوئے۔ جیسا کہ ابن عیینہ نے بیان کیا ہے۔ امام اوزاعی کہنے لگے آپ لوگوں کا کیا حال ہے کہ رکوع کرتے اور رکوع سے اٹھتے ہوئے آپ رفع یدین نہیں کرتے۔ امام ابو حنیفہ نے جواب دیا ہم رفع یدین اس لئے نہیں کرتے کہ اس بارہ میں رسول اللہ ﷺ سے کوئی شے صحیح روایت نہیں ہوئی۔ امام اوزاعی نے فرمایا کیسے صحیح نہیں ہوئی، حالانکہ مجھ سے زہری نے حدیث بیان کی اور زہری نے سالم سے اور سالم نے اپنے والد ماجد حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نماز شروع فرماتے وقت رفع یدین فرماتے تھے اور اسی طرح رکوع میں جاتے وقت اور رکوع سے اٹھتے وقت۔ اس کے جواب میں امام اعظم ابو حنیفہ نے فرمایا کہ ہم سے حماد نے حدیث بیان فرمائی۔ حماد نے ابراہیم نخعی سے اور ابراہیم نخعی نے علقمہ اور اسود سے اور ان دونوں نے حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت کیا کہ رسول اللہ ﷺ صرف نماز شروع فرماتے وقت رفع یدین فرماتے تھے۔ پھر اس کے بعد اس سے کسی شے کے لئے رفع یدین کا اعادہ نہ فرماتے تھے۔ امام اوزاعی نے فرمایا میں آپ سے وہ حدیث بیان کر رہا ہوں جو بطریق زہری عن سالم عن عبد اللہ بن عمر مروی ہے اور آپ میرے سامنے وہ حدیث پیش کر رہے ہیں جو بطریق حماد عن ابراہیم روایت ہے۔ امام ابو حنیفہ نے فرمایا، حماد زہری سے زیادہ فقیہ تھے اور ابراہیم نخعی کو سالم سے کہیں زیادہ فقاہت حاصل تھی اور علقمہ فقہ میں ابن عمر سے کم نہیں اگرچہ عبد اللہ بن عمر کو صحابیت کا شرف حاصل ہے ان کی صحابیت کی فضیلت مسلم، مگر اسود کے لئے بھی فضل کثیر ثابت ہے اور عبد اللہ بن مسعود کا کیا کہنا وہ تو عبد اللہ بن مسعود ہیں جو عبادلہ متعارفہ میں سب سے افضل ہیں۔ امام ابو حنیفہ نے یہ جواب دے کر فقہ رواۃ کے ساتھ اپنی حدیث کو راجح کر دیا جیسا کہ امام اوزاعی نے علو اسناد کے ساتھ اپنی حدیث کو راجح کیا تھا اور ہمارے نزدیک فقہ رواۃ کے ساتھ حدیث کا راجح ہونا ہی مذہب منصور ہے۔

یہی واقعہ کفایہ شرح ہدایہ میں بھی مرقوم ہے اور اس میں یہ الفاظ ہیں ’’فسکت الاوزاعی‘‘ یعنی جب امام صاحب نے اپنی حدیث کی ترجیح فقہ رواۃ کے ساتھ ثابت کی تو امام اوزاعی خاموش ہو گئے۔ ملاحظہ فرمایئے کفایۃ شرح ھدایہ ج اول ص ۲۷۱ مطبوعہ مصر۔

رہا یہ امر کہ بعض متعصبین نے امام ابو حنیفہ اور ان کے بعض رواۃ پر جرح کی ہے تو اس کا مختصر جواب یہ ہے کہ جس جرح کی بنیاد محض تعصب ہو اس کا وزن اہل انصاف کے نزدیک پرکاہ کے برابر بھی وقعت نہیں رکھتا۔ متعصبین کے ہاتھوں سے تو کوئی بڑے سے بڑا جلیل القدر امام اور محدث آج تک محفوظ نہیں رہا پھر کسی کو بھی معتبر نہ مانیئے۔ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کی جلالت شان سب کے نزدیک مسلم ہے مگر ان کی صحیح بخاری کے راویوں کو مجروح کئے بغیر نہیں چھوڑا گیا۔ یقین نہ ہو تو ایک مختصر سا نقشہ اس کا بھی ملاحظ ہو۔

(۱) احمد بن بشیر الکوفی ابو بکر مولی عمرو بن حریث المخزومی ’’قال النسائی لیس بذالک القوی وقال عثمان الدارمی متروک‘‘ (۲) احمد بن شبیب بن سعید الحبطی ’’قال ابو الفتح الازدی منکر الحدیث‘‘ مقدمہ فتح الباری ج ۲ ص ۱۱۲ (۳) احمد بن عاصم البلخی قال ابو حاتم الرازی مجہول (قلت) روی عنہ البخاری حدیثًا واحدًا فی کتاب الرقاق وہو فی روایۃ المستملی وحدہ۔ مقدمہ فتح الباری ج ۲ ص ۱۱۳ (۴) اسماعیل بن ابی اویس عبد اللّٰہ بن عبد اللّٰہ بن اویس بن مالک بن ابی عامر الاصبحی روی لہ الباقون سوی النسائی فانہ اطلق القول بضعفہٖ وروی عن سلمۃ بن شبیب مایوجب طرح روایتہ واختلف فیہ قول ابن معین فقال مرۃ لابأس بہٖ وقال مرۃ ضعیف وقال مرۃ کانہ یسرق الحدیث ہو وابوہ (ص ۱۱۷) (۵) اسید بن زید الجمال قال النسائی متروک، وقال ابن معین حدث باحادیث کذب و ضعفہ الدار قطنی، وقال ابن عدی لا یتابع علی روایتہٖ، وقال ابن حبان یروی عن الثقات المناکیر ویسرق الحدیث، وقال البزار احتمل حدیثہ مع شیعیۃ شدیدۃ فیہ، وقال ابو حاتم رایتہم یتکلمون فیہ، قلت لم ارلا حد فیہ توثیقًا (ص ۱۱۷) (۶) اوس بن عبد اللّٰہ الربعی ابو الجوزاء، ذکرہ ابن عدی فی الکامل و حکی عن البخاری انہ قال فی اسنادہٖ نظر و یختلفون فیہ ثم شرح ابن عدی مراد البخاری فقال یرید انہ لم یسمع من مثل ابن مسعود و عائشۃ وغیرہما لانہ ضعیف عندہٗ قلت اخرج البخاری لہ حدیثًا واحدًا من روایتہ عن ابن عباسٍ قال کان اللات رجلایلت السویق وروی لہ الباقون (ص ۱۱۷ج ۲) (۷) زکریا بن یحیٰی بن عمر بن حصین بن حمید بن منہب الطائی ابو السکین من شیوخ البخاری تکلم فیہ الدار قطنی فقال مرۃ لیس بالقوی وقال مرۃ متروک وقال الحاکم یخطئی فی احادیث وقال الخطیب ثقۃ۔ (ص ۱۲۸) مقدمہ فتح الباری ج ۲ (۸) سلمۃ بن رجاء التمیمی ابو عبد الرحمٰن الکوفی قال ابن معین لیس بشیء وضعفہ النسائی (ص ۱۳۱، ج ۲) (۹) عبد ربہ بن نافع الکنانی ابو شہاب الخیاط الکوفی نزیل المدائن قال یعقوب بن شیبۃ تکلموا فی حفظہ وقال النسائی لیس بالقوی۔ (ص ۱۴۰ ج ۲) (۱۰) یحیٰی بن ابی زکریا النسانی الواسطی ابو مروان ضعفہٗ ابو داؤد وقال ابن معین لا اعرف حالہٗ وقال ابو حاتم لیس بالمشہور وبالغ ابن حبان فقال لا تجوز الروایۃ عنہٗ (قلت) اخرج لہ البخاری حدیثًا واحدًا عن ہشام عن ابیہ عن عائشۃ فی الہدیۃ وقد توبع علیہ عندہ ( ص۱۷۱، ج ۲) (۱۱) الحرث بن عبید ابو قدامہ مشہور بکنیتہ وباسمہ ضعفہٗ ابن معین (۱۲) الحرث بن عمیر المکی اصلہٗ من البصرۃ وثقۃ الجمہور وشذلازدی فضعفہٗ وتبعہ الحاکم وبالغ ابن حبان فقال ان احادیثہ موضوعۃ ولیس لہ فی الصحیح سوی موضع واحد فی او اخر الحج الخ (ص ۱۷۶ ج ۲)

اس میں شک نہیں کہ بعض محدثین نے ان کی توثیق بھی کی ہے اور ہمارے نزدیک وہ توثیق بالکلیہ ساقط الاعتبار نہیں مگر ان غیر مقلدین پر سخت تعجب اور افسوس ہے جو صحیح بخاری کے مجروح رواۃ کو معتبر مانتے ہیں مگر امام ابو حنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی اسانید اور ان کے مذہب کی مؤید احادیث کے راویوں کے حق میں خفیف جرح اور معمولی کلام کو بھی توثیق پر مقدم رکھ کر زبان طعن و تشنیع دراز کرتے اور مسلمانوں کے سوادِ اعظم گروہ احناف اور جمہور امت مسلمہ کی دل آزاری کرتے ہیں۔