ہماری اس تحقیق سے حسب ذیل امور دلائل کی روشنی میں واضح ہو گئے (۱) نماز تراویح کو تراویح کہنا اس دعوے کی روشن دلیل ہے کہ آٹھ رکعت تراویح کا قول باطل اور بیس رکعت صحیح اور درست ہے۔ (۲) نمازِ تراویح کا وقت بعد نمازِ عشاء اول سے آخر تک ہے یعنی نمازِ عشاء کے بعد رات میں جس وقت بھی نمازِ تراویح پڑھی جائے، جائز ہے۔ (۳) رسول اللہ ﷺ نے نمازِ تراویح رات کے تینوں حصوں میں سے ہر حصہ میں پڑھی اور تمام رات بھی تراویح پڑھنے میں گزار دی۔ (۴) نماز تہجد حضور ﷺ نے سونے سے پہلے اول شب میں کبھی نہیں پڑھی۔ (۵) نمازِ تہجد کا وقت نمازِ عشاء کے بعد سو کر اٹھنے سے پہلے نہیں ہوتا۔ (۶) قیام اللیل اور صلوٰۃ لیل عام ہے اور صلوٰۃ تہجد خاص۔ (۷) جس طرح صلوٰۃ لیل اور تہجد ایک نہیں اسی طرح صلوٰۃ تہجد اور صلوٰۃ تراویح بھی ایک نہیں۔ اس لئے کہ تہجد کا وقت نمازِ عشاء کے بعد نیند سے اٹھنے کے بعد ہے اور صلوٰۃ تراویح کا وقت اول شب سے اخیر شب تک ہے۔ (۸) صلوٰۃ لیل اور صلوٰۃ تہجد رمضان اور غیر رمضان تمام اوقات میں مشروع ہے اور صلوٰۃ تراویح صرف ماہِ رمضان المبارک کے ساتھ مخصوص ہے۔ غیر رمضان میں شرعاً تراویح مشروع نہیں۔ (۹) رسول اللہ ﷺ نے نمازِ تراویح جماعت کے ساتھ صرف تین دن پڑھی ہے اور بس۔ (۱۰) صلوٰۃ تہجد ابتدائے اسلام میں ہجرت سے پہلے ہی مشروع ہو گئی تھی اور صلوٰۃ تراویح مدینہ منورہ میں ۲ ھ میں صیام رمضان کی فرضیت کے ساتھ مشروع ہوئی۔ (۱۱) صلوٰۃ تہجد ابتدائے اسلام میں فرض تھی اس کے بعد نفل ہو گئی اور صلوٰۃ تراویح کسی وقت بھی فرض ہو کر مشروع نہیں ہوئی۔ (۱۲) اگر کسی شخص نے نمازِ عشاء پڑھی اور پھر وہ تمام رات بیدار رہ کر نوافل پڑھتا رہا تو وہ تہجد گزار نہیں اس لئے کہ تہجد کا وقت سونے سے پہلے نہیں ہوتا۔ (۱۳) اگر کسی نے تہجد کے وقت میں تراویح پڑھ لی تو اگرچہ اس تراویح کا نام صلوٰۃ نہیں رہا لیکن صلوٰۃ تہجد کے قائم مقام ضرور ہے۔ (۱۴) صلوٰۃ تہجد نفل کے علاوہ غیر نفل نماز پڑھنے سے بھی ادا ہو جاتی ہے۔ اس کے بعد یہ امر بھی یاد رکھنے کے قابل ہے کہ نمازِ تراویح میں جماعت شرط نہیں بلکہ افضل و اولیٰ ہے
دیکھئے مبسوط سرخسی ج ۲ ص ۱۴۴، افضل الثانی انہا تؤدی بجماعۃ ام فرادٰی کے تحت فرماتے ہیں ’’وقال عیسی بن ابان وبکار بن قتیبۃ والمزنی من اصحاب الشافعی واحمد بن عمر ان رحمہم اللّٰہ تعالٰی الجماعۃ احب وافضل ہو المشہور عن عامۃ العلماء رحمہم اللّٰہ تعالٰی وہو الاصح والاوثق۔‘‘ عیسیٰ بن ابان اور بکار بن قتیبہ اور مزنی نے کہا جو اصحاب شافعی سے ہیں اور احمد بن عمران کا بھی یہی قول ہے کہ تراویح میں جماعت احب اور افضل ہے اور عامہ علماء سے بھی یہی مشہور ہے اور یہی اصح اور اوثق ہے۔
اس عبارت سے دو باتیں ثابت ہوئیں۔ ایک یہ کہ صحت تراویح کے لئے جماعت شرط نہیں بلکہ تراویح جماعت کے ساتھ ہو تو افضل اور اولیٰ ہے۔ دوسرے یہ کہ نمازِ تراویح نمازِ تہجد کی غیر ہے کیونکہ نمازِ تہجد میں جماعت احب اور اولیٰ نہیں۔ اس کے بعد حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی اس حدیث پر کلام کرتا ہوں جو صحیحین میں مروی ہے اور جس حدیث کو غیر مقلدین بیس رکعت تراویح کے خلاف آٹھ رکعت تراویح کے ثبوت میں بڑے شد و مد سے پیش کیا کرتے ہیں۔ وہو ہٰذا ’’ما کان رسول اللّٰہ ا یزید فی رمضان ولا فی غیرہٖ علٰی احدٰی عشر رکعۃ۔‘‘ غیر مقلدین کا بیان یہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے رمضان اور غیر رمضان میں گیارہ رکعت سے زیادہ نماز کبھی نہیں پڑھی۔ ان گیارہ رکعت میں تین وتر ہوتے تھے اور آٹھ نفل رمضان میں وہ آٹھ نفل جماعت کے ساتھ تراویح شمار ہوتے تھے۔ غیر رمضان میں بھی بغیر جماعت کے وہی آٹھ رکعتیں تہجد ہوتی تھیں۔ ہمارے بیان سابق سے غیر مقلدین کے اس بیان کی حقیقت واضح ہو گئی اور وہ یہ کہ ہم نے دلائل سے ثابت کر دیا کہ رسول اللہ ﷺ نے تراویح ہمیشہ اول لیل میں پڑھی۔ اگرچہ فراغت کبھی نصف شب میں ہوئی اور کبھی تمام شب میں لیکن نمازِ تراویح کا آغاز رسول اللہ ﷺ نے ہر دفعہ اول رات میں فرمایا اور صلوٰۃ تہجد حضور ﷺ نے عمر شریف میں کبھی ایک مرتبہ بھی اول شب میں ادا نہیں فرمائی بلکہ ہمیشہ آخر شب میں حضور ﷺ تہجد پڑھتے تھے۔ معلوم ہوا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی یہ حدیث نمازِ تراویح کے متعلق نہیں بلکہ صلوٰۃ تہجد کے متعلق ہے۔ اس لئے کہ نمازِ تراویح صرف رمضان میں ہوتی ہے اور حدیث میں رمضان اور غیر رمضان کی نماز کا ذکر ہے۔ رمضان اور غیر رمضان میں رات کی تراویح نہیں بلکہ نماز تہجد ہے۔
ثابت ہوا کہ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا حضور ﷺ کی صلوٰۃ تہجد کو بیان فرما رہی ہیں نہ کہ حضور ﷺ کی صلوٰۃ تراویح کو۔ ہمارے اس دعویٰ کی دلیل اس حدیث کا آخری حصہ ہے جس میں حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا رسول اللہ ﷺ سے عرض کرتی ہیں کہ ’’اتنام قبل ان توتر؟‘‘ حضور ﷺ کیا آپ وتر پڑھنے سے پہلے سو جاتے ہیں؟ حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا ’’یا عائشۃ تنام عینی ولا ینام قلبی‘‘ اے عائشہ ہماری آنکھ سوتی ہے دل نہیں سوتا۔ یہ امر مخالفین کے نزدیک بھی مسلم ہے۔ ان گیارہ رکعتوں میں تین وتر اور آٹھ نفل ہوتے ہیں اور یہ آٹھ اور تین پوری گیارہ رکعتیں حضور ﷺ ایک ساتھ پڑھتے تھے۔ جب وتر سے پہلے حضور ﷺ کا خواب استراحت فرمانا اس حدیث سے ثابت ہوا تو وہ آٹھ نفل جو وتر کے ساتھ ہی حضور ﷺ پڑھتے تھے ان سے پہلے بھی حضور ﷺ کا نیند فرمانا ثابت ہو گیا۔ معلوم ہوا کہ حضور ﷺ کی یہ گیارہ رکعت والی نماز تراویح نہیں بلکہ تہجد اور وتر کی نماز ہے۔ اس لئے کہ نیند سے بیدار ہو کر جو نماز پڑھی جائے وہی نماز تہجد ہے۔ حدیث کے اس آخری حصے سے یہ امر روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ غیر مقلدین جس نماز کو صلوٰۃ تراویح کہتے ہیں وہ صلوٰۃ تہجد ہے چنانچہ شاہ عبد العزیز محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ فتاویٰ عزیزی ج اول ص ۱۱۹ مطبوعہ مجتبائی میں اسی گیارہ رکعت والی حدیث کے متعلق فرماتے ہیں کہ ’’روایت محمول بر نماز تہجد است کہ در رمضان وغیر رمضان یکساں بود۔ غالباً بعد دیازدہ رکعت مع الوتر می رسد دلیل برایں حمل آں است کہ راوی ایں حدیث ابو سلمہ است درتتمہ ایں روایت می گوید ’’قالت عائشۃ رضی اللّٰہ عنہا فقلت یا رسول اللّٰہ ﷺ اتنام قبل ان توتر قال یا عائشۃ ان عینی تنامان ولا ینام قلبی۔‘‘ کذا رواہ البخاری و مسلم ظاہر است کہ نوم قبل از وتر در نماز تہجد متصور می شود نہ غیر آں‘‘ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کی گیارہ رکعت والی روایت نمازِ تہجد پر محمول ہے۔ اس لئے کہ نمازِ تہجد رمضان اور غیر رمضان میں یکساں تھی جس کا عدد وتر کے ساتھ غالباً گیارہ تک پہنچتا تھا۔
اس روایت کے تہجد پر محمول ہونے کی دلیل یہ ہے کہ راوی حدیث ابو سلمہ اس روایت کے تتمہ میں کہتے ہیں کہ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا فرماتی ہیں کہ میں نے حضور ﷺ سے عرض کیا یا رسول اللہ ﷺ کیا آپ وتر پڑھنے سے پہلے سو جاتے ہیں؟ فرمایا، اے عائشہ! ہماری آنکھیں سوتی ہیں دل نہیں سوتا۔ اس حدیث کو بخاری اور مسلم نے اس طرح روایت کیا ہے اور ظاہر ہے کہ وتر سے پہلے سونا صلوٰۃ تہجد ہی میں متصور ہو سکتا ہے نہ اس کے غیر میں۔ علامہ ابن حجر عسقلانی بھی گیارہ رکعت والی نماز کو صلوٰۃ تہجد اور وتر قرار دیتے ہیں۔ چنانچہ فتح الباری ج ۳ ص ۱۶ پر ہے ’’وظہرلی ان الحکمۃ فی عدم الزیادۃ علٰی احدٰی عشرۃ ان التہجد والوتر مختص بصلٰوۃ اللیل۔‘‘ الخ
الحمد للّٰہ! ہم نے روشن دلیلوں سے یہ ثابت کر دیا کہ گیارہ رکعت والی حدیث سے صلوٰۃ تہجد مراد ہے اور تہجد اور تراویح دو مختلف نمازیں ہیں۔ اب ہم ثابت کرتے ہیں کہ نماز تراویح بیس رکعت ہے۔
(۱) وعن ابن عباس ان النبی ا کان یصلی فی رمضان عشرین رکعۃ سوی الوتر رواہ ابن ابی شیبۃ فی مصنفہٖ والطبرانی فی الکبیر وعند البیہقی وعبد بن حمید والبغوی وزاد البیہقی فی غیر جماعۃ بعد قولہٖ فی رمضان وضعفہٗ شرح النقایۃ ج اول ص ۱۰۴ و سنن بیہقی ج ۲ ص ۴۹۶ (۲) وعن السائب بن یزید قال کنا نقوم فی زمن عمر بعشرین رکعۃ والوتر رواہ البیہقی فی المعرفۃ باسناد صحیح(شرح النقایہ ص ۱۰۴ ج ۱) (۳) عن یزید بن رومان قال کان الناس یقومون فی زمن عمر بن الخطاب فی رمضان بثلاث وعشرین رکعۃ (موطا امام مالک شرح النقایہ ج اول ص ۱۰۴ ج ۲ ص ۴۹۶ و سنن بیہقی) (۴) عن ابی بن کعب ان عمر بن الخطاب امرہٗ ان یصلی باللیل فی رمضان قال ان الناس یصومون النہار ولا یحسنون ان یقرء وا فلو قرأت علیہم باللیل فقال یا امیر المؤمنین ہٰذا شیء لم یکن فقال قد علمت ولٰـکنہ حسن فصلّٰی بہم عشرین رکعۃ۔ (رواہ ابن منیع کنز العمال ج ۴ ص ۲۸۴ حدیث ۵۷۸۷) (۵) عن السائب بن یزید قال کانوا یقومون علٰی زمن عمر فی شہر رمضان بعشرین رکعۃ رواہ البیہقی فی السنن باسناد صحیح (فتح الباری ج ۲ ص ۲۰۴ کتاب صلوٰۃ التراویح عینی جزو 1 طبع جدید ص ۱۲۷ جامع الرضوی المعروف بصحیح البھاری ج ۳ ص ۵۹۸) (۶) وعن ابی عبد الرحمٰن السلمی ان علیا دعا القراء فی رمضان فامر رجلا یصلی الناس عشرین رکعۃ وکان علی یوتر بہم (رواہ البیہقی فی سننہ، منہاج السنۃ لابن تیمیہ جزو رابع ص ۲۲۴ مطبوعہ مصر) (۷) وعن شبرمۃ بن شکل وکان من اصحاب علی انہٗ کان یؤمہم فی رمضان فیصلی خمس ترویحات عشرین رکعۃ۔ رواہ البیہقی (۸) رویٰ عبد الرزاق فی المصنف عن داؤد بن قیس وغیرہٖ عن محمد بن یوسف عن السائب بن یزید ان عمر بن الخطاب رضی اللّٰہ عنہ جمع الناس فی رمضان علٰی ابی بن کعب وعلٰی تمیم الداری علٰی احدٰی وعشرین رکعۃ۔ (عینی جزو ۱۱ طبع جدید ص ۱۲۷) (۹) روی الحارث بن عبد الرحمٰن عن السائب بن یزید قال کان القیام علٰی عہد عمر بثلٰث وعشرین رکعۃ۔ (۱۰) وروی محمد بن نصر من روایۃ یزید بن خصیفۃ عن السائب بن یزید انہم کانوا یقومون فی رمضان بعشرین رکعۃ فی زمان عمر بن الخطاب رضی اللّٰہ عنہ (عینی جزو ۱۱ طبع جدید ص ۱۲۷) فی قیام اللیل لمحمد بن نصر۔ (۱۱) عن یحی بن سعید ان عمر بن الخطاب امر رجلا یصلی بہم عشرین رکعۃ رواہ ابن ابی شیبۃ فی مصنفہ واسنادہ مرسل قوی (مصنف ابن ابی شیبہ او جز المسالک ج ۱ ص ۳۹۷) (۱۲) واخرج محمد بن نصر عن محمد بن کعب القرظی کان الناس یصلون فی زمان عمر بن الخطاب رضی اللّٰہ عنہ فی رمضان عشرین رکعۃ (او جز المسالک ص ۳۹۸ الحدیث) (۱۳) عن السائب بن یزید الصحابی قال کانوا یقومون علٰی عہد عمر رضی اللّٰہ تعالٰی عنہ بعشرین رکعۃ وعلٰی عہد عثمان رضی اللّٰہ مثلہٗ رواہ البیہقی باسناد صحیح (عینی ج ۷ طبع جدید ص ۱۷۸ شرح النقایہ ج اول ص ۱۰۴) (۱۴) وعن ابی الحسناء (۱) ان علی بن ابی طالب امر رجلا یصلی بالناس خمس ترویحات عشرین رکعۃ (رواہ البیہقی وصاحب کنز العمال ج ۴ ص ۲۸۴ حدیث ۵۷۹ و بیہقی ج ۲ ص ۴۹۷) (۱۵) واخرج ابن ابی شیبۃ عن ابی الحسن ان علیا امر رجلا یصلی بہم فی رمضان عشرین رکعۃ۔ (او جز المسالک ج ۱ ص ۳۹۸) (۱۶) روٰی محمد بن نصر بسندہٖ عن الاعمش عن زید بن وہب قال کان عبد اللّٰہ بن مسعود یصلی لنا فی شہر رمضان قال الاعمش کان یصلی عشرین رکعۃ ویوتر بثلٰث قالہ العینی۔ (اوجز المسالک ج ۱ ص ۳۹۸ عینی جز ۱۱ ص ۱۲۷ مطبوعہ جدید) (۱۷) واخرج ابن ابی شیبۃ عن حسن بن عبد العزیز ان ابیا رضی اللّٰہ تعالٰی عنہ کان یصلی بہم فی رمضان بالمدینۃ عشرین رکعۃ۔ (او جز المسالک ج ۱ ص ۳۹۸) (۱۸) عن نافع عن ابن عمر کان ابن ابی ملیکۃ یصلی بنا فی رمضان عشرین رکعۃ رواہ ابن ابی شیبۃ فی مصنفہ واسنادہ صحیح (او جز المسالک ج ۱ ص ۳۹۸) (۱۹) روٰی محمد بن نصر من طریق علاء قال ادرکتہم فی رمضان یصلون عشرین رکعۃ وثلاث رکعات الوتر (فتح الباری ج ۴ ص ۲۰۴) (۲۰) عن ابی الخصیب قال کان یؤمنا سوید بن غفلۃ فی رمضان فیصلی خمس ترویحات عشرین رکعۃ (رواہ البیہقی واسنادہ حسن بیہقی از او جز المسالک ص ۳۹۷) (۲۱) عن سعید بن عبید ان علی ابن ربیعۃ کان یصلی بہم فی رمضان خمس ترویحات ویوتر بثلاث اخرجہ ابن ابی شیبۃ واسنادہ صحیح۔ (او جز المسالک ص ۳۹۸) (۲۲) وروی محمد بن نصر عن شتیر بن شکل انہٗ کان یصلی فی رمضان عشرین رکعۃ والوتر۔ (او جز المسالک ج ۱ ص ۳۹۸) (۲۳) اخرج ابن ابی شیبۃ بسندہٖ عن ابی البختری انہٗ کان یصلی خمس ترویحات فی رمضان ویصلی بثلٰث کذا فی اٰثار السنن (او جز المسالک ج ۱ ص ۳۹۸) (۲۴) وعن الحارث انہٗ کان یؤم الناس فی رمضان بعشرین رکعۃ (او جز المسالک ج ۱ ص ۳۹۸) ان احادیث کا ترجمہ حسب ذیل ہے
۱۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ وتر کے علاوہ رمضان میں بیس رکعت پڑھتے تھے۔ ۲۔ سائب بن یزید صحابی سے مروی ہے کہ ہم حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے زمانے میں بیس رکعت اور وتر پڑھتے تھے۔ ۳۔ یزید بن رومان سے روایت ہے کہ لوگ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے زمانے میں تیئیس رکعت پڑھتے تھے یعنی بیس تراویح اور تین وتر۔ ۴۔ سید القراء حضرت ابی بن کعب رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے انہیں امر فرمایا کہ وہ لوگوں کو رمضان شریف کے مہینے میں رات کی نماز پڑھایا کریں۔ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا اے ابی بن کعب لوگ دن میں روزہ رکھتے ہیں اور قرأت بخوبی ادا نہیں کر سکتے۔ لہٰذا کیا اچھا ہوتا کہ آپ ان پر (امام صلوٰۃ ہونے کی حالت میں) قرأت فرما دیا کرتے۔ حضرت ابی بن کعب نے عرض کیا اے امیر المومنین یہ ایسی چیز ہے جو پہلے نہ تھی (یعنی اہتمام خاص کے ساتھ تراویح کی جماعت اس سے پہلے نہ ہوتی تھی) حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا میں اس بات کو اچھی طرح جانتا ہوں لیکن یہ کام اچھا ہے۔ پس حضرت ابی بن کعب نے لوگوں کو بیس رکعت نماز تراویح پڑھائی۔ ۵۔ حضرت سائب بن یزید سے روایت ہے انہوں نے فرمایا کہ لوگ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے زمانہ میں ماہِ رمضان المبارک میں بیس رکعت پڑھتے تھے۔ ۶۔ حضرت عبد الرحمن سلمی سے روایت ہے کہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم نے رمضان شریف کے مہینے میں قرآن کے قاریوں کو بلایا اور ان میں سے ایک کو بیس رکعت پڑھانے کا حکم دیا اور حضرت علی خود وتر پڑھاتے تھے۔ ۷۔ حضرت شبرمہ بن شکل سے روایت ہے جو حضرت علی مرتضیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے اصحاب سے تھے کہ وہ رمضان شریف میں لوگوں کی امامت کرتے تھے اور پانچ ترویحے (بیس رکعت نماز) پڑھا کرتے تھے۔ ۸۔ عبد الرزاق نے اپنی مصنف میں داؤد بن قیس وغیرہ سے، محمد بن یوسف سے، سائب بن یزید سے روایت کی کہ عمر بن خطاب رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے لوگوں کو رمضان میں ابی بن کعب اور تمیم داری رضی اللہ تعالیٰ عنہما پر اکیس رکعت ادا کرنے پر جمع کیا۔ ۹۔ حارث بن عبد الرحمن نے سائب بن یزید سے روایت کیا کہ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے زمانۂ خلافت میں لوگوں کا قیام تیئیس رکعت پر تھا۔ ۱۰۔ محمد بن نصر نے یزید بن خصیفہ کی روایت سے حضرت سائب بن یزید سے روایت کیا کہ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے زمانہ میں لوگ رمضان شریف میں بیس رکعت پڑھا کرتے تھے۔ ۱۱۔ یحییٰ بن سعید سے روایت ہے کہ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ایک شخص کو حکم دیا کہ وہ لوگوں کو بیس رکعت تراویح پڑھایا کرے۔ ۱۲۔ محمد بن نصر نے محمد بن کعب قرظی سے روایت بیان کی ہے کہ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے زمانے میں لوگ بیس رکعت پڑھتے تھے۔ ۱۳۔ حضرت سائب بن یزید سے روایت ہے کہ لوگ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے زمانے میں بیس رکعت پڑھتے تھے اور حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے زمانے میں بھی اسی طرح پڑھتے تھے۔ ۱۴۔ ابو الحسنا رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ حضرت علی ابن ابی طالب نے ایک شخص کو حکم دیا کہ وہ لوگوں کو ’’پانچ ترویحے‘‘ بیس رکعت پڑھائے۔ ۱۵۔ ابن ابی شیبہ نے ابو الحسن سے روایت کی کہ حضرت علی نے ایک شخص کو حکم دیا کہ وہ لوگوں کو رمضان میں بیس رکعت پڑھائے۔ ۱۶۔ محمد بن نصر نے اپنی سند سے بواسطہ اعمش زید بن وہب سے روایت کی کہ حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ رمضان کے مہینہ میں ہمیں نماز پڑھاتے تھے۔ اعمش نے کہا کہ بیس رکعت پڑھاتے تھے اور تین وتر پڑھتے تھے۔ ۱۷۔ ابن ابی شیبہ نے حسن بن عبد العزیز سے روایت کی کہ حضرت ابی بن کعب رضی اللہ تعالیٰ عنہ مدینہ منورہ میں رمضان شریف میں لوگوں کو بیس رکعت پڑھاتے تھے۔ ۱۸۔ حضرت نافع حضرت عبد اللہ بن عمر سے روایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابن ابی ملیکہ صحابی رمضان شریف میں ہمیں بیس رکعت پڑھاتے تھے۔ ۱۹۔ محمد بن نصر حضرت عطا کی حدیث روایت کرتے ہیں۔ انہوں نے فرمایا کہ میں نے ان کو اس حال میں پایا کہ وہ رمضان شریف میں بیس رکعت تراویح اور تین وتر پڑھتے تھے۔ ۲۰۔ ابو الخصیب سے روایت ہے کہ سوید بن غفلہ رمضان شریف میں ہماری امامت فرماتے تھے تو پانچ ترویحے ’’بیس رکعت‘‘ پڑھاتے تھے۔ ۲۱۔ سعید بن عبید سے روایت ہے کہ علی ابن ربیعہ رمضان شریف میں لوگوں کو پانچ ترویحے اور تین وتر پڑھاتے تھے۔ ۲۲۔ محمد بن نصر شیتر بن شکل سے روایت کرتے ہیں کہ وہ رمضان شریف میں بیس رکعتیں اور وتر پڑھاتے تھے۔ ۲۳۔ ابن ابی شیبہ نے اپنی سند سے ابو البختری سے روایت کیا کہ وہ رمضان شریف میں پانچ ترویحے پڑھاتے تھے اور تین وتر۔ ۲۴۔ حارث سے روایت ہے کہ وہ رمضان شریف میں بیس رکعت کے ساتھ لوگوں کی امامت کرتے تھے۔
احادیث پر غیر مقلدین کے اعتراضات ۱۔ بیس رکعت تراویح کے ثبوت میں مصنف ابن ابی شیبہ کے حوالے سے حضرت ابن عباس کی جو حدیث مرفوع پیش کی گئی ہے وہ صحیح نہیں کیونکہ اس کا راوی ابو شیبہ ابراہیم بن عثمان جو امام ابو بکر ابن شیبہ کا دادا ہے باتفاق ائمہ حدیث ضعیف ہے۔ ۲۔ یہ حدیث، حدیث عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے مخالف ہے جس میں رمضان وغیر رمضان میں گیارہ رکعت تراویح پڑھنے کا ثبوت ہے۔ ۳۔ مؤطا امام مالک سے یزید بن رومان کی جو حدیث نقل کی جاتی ہے کہ حضرت عمر کے زمانے میں لوگ تیئیس رکعتیں پڑھتے تھے اس کی سند صحیح نہیں بلکہ منقطع ہے اس لئے کہ یزید بن رومان نے حضرت عمر کا زمانہ نہیں پایا۔ نیز یہ کہ اس حدیث میں اس بات کا ذکر نہیں کہ لوگ خود بخود تیئیس رکعتیں پڑھتے تھے یا حضرت عمر نے ان کو حکم دیا تھا۔ ۴۔ حضرت عمر خود تیئیس رکعت والی جماعت میں شامل نہیں ہوتے تھے بلکہ ان کے اس فعل پر اعتراض کرتے ہوئے فرماتے تھے ’’التی تنامون عنہا افضل من التی تقومونہا‘‘ یعنی رات کے جس حصے میں تم سو جاتے ہو وہ اس سے بہتر ہے جس میں تم نماز پڑھتے ہو۔ ۵۔ بیس رکعت والی حدیثیں حضرت جابر کی اس حدیث کے بھی خلاف ہیں جس میں ابن حبان اور ابن خزیمہ نے آٹھ رکعت تراویح کو روایت کیا ہے۔ بیس رکعت والی حدیثیں موطا امام مالک کی اس حدیث کے بھی خلاف ہیں جس میں مذکور ہے کہ حضرت عمر نے ابی بن کعب اور تمیم داری جیسے لوگوں کو گیارہ رکعت تراویح پڑھانے کا حکم دیا۔ ۶۔ علمائے احناف اور دیگر علمائے مقلدین نے بھی بیس رکعت والی حدیثوں کو ضعیف اور گیارہ رکعت والی کو صحیح تسلیم کیا ہے۔ ۷۔ امام مالک کے متعلق عینی میں مذکور ہے کہ انہوں نے اپنے لئے گیارہ رکعات پسند کیں۔
اعتراضاتِ مذکورۃ الصدر کے جوابات حسب ذیل ہیں ۱۔ یہ صحیح ہے کہ ابن ابی شیبہ نے اپنی مصنف میں حضرت ابن عباس سے بیس رکعت تراویح کے متعلق جو مرفوع حدیث روایت کی ہے اس کا راوی ابو شیبہ ابراہیم بن عثمان ضعیف ہے مگر ایسا ضعیف نہیں کہ اس کی روایات کو بالکل نظر انداز کر دیا جائے۔
شاہ عبد العزیز محدث دہلوری رحمۃ اللہ علیہ فتاویٰ عزیزی ج ۱ ص ۱۱۹ پر فرماتے ہیں حالانکہ ابو شیبہ جد ابو بکر آں قدر ضعف ندارد کہ روایت او مطروح مطلق ساختہ شود یعنی جد ابو بکر ابو شیبہ اس قدر ضعف نہیں رکھتا کہ اس کی روایت کو مطلقاً نظر انداز کر دیا جائے۔ ہاں اگر کوئی حدیث ضعیف کسی حدیث صحیح کے معارض ہو تو البتہ ساقط ہو گی لیکن حدیث مذکور کسی حدیث صحیح کے ساتھ معارض نہیں۔ حضرت شاہ عبد العزیز محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ اسی فتاویٰ عزیزی ج ۱ ص ۱۱۹ پر فرماتے ہیں آ رے اگر معارض او حدیث صحیح می شد البتہ ساقط می گشت ’’وقد سبق ان یتوہم معارضا لہٗ اعنی حدیث ابی سلمۃ عن عائشۃ المتقدم ذکرہٗ لیس معارضا لہٗ بالحقیقۃ فبقی سالما۔‘‘
یعنی اگر اس کے معارض کوئی حدیث صحیح ہوتی تو وہ ضرور ساقط ہوتی۔ حالانکہ سابقاً گزر چکا ہے کہ ابو سلمہ سے حضرت عائشہ کی جس متقدم الذکر حدیث کے معارض ہونے کا وہم کیا جاتا ہے وہ حقیقتاً اس کے معارض نہیں لہٰذا حدیث (ابن عباس) معارضت سے سالم رہی۔
علاوہ ازیں حدیث مرفوع ضعیف اگر فعل صحابہ سے مؤید ہو تو وہ اپنے مؤید ہونے کی حیثیت سے ضرور قابل احتجاج ہوتی ہے۔ یہی شاہ عبد العزیز صاحب رحمۃ اللہ علیہ اسی حدیث ابن عباس کے تحت فرماتے ہیں ’’کیف وقد تأید بفعل الصحابۃ کما رواہ البیہقی فی سننہٖ باسناد صحیح۔‘‘ ۱ھ یعنی یہ حدیث مرفوع کیونکر ساقط ہو سکتی ہے حالانکہ اس کی تائید فعل صحابہ سے ہو چکی ہے۔ جبکہ بیہقی نے اپنے سنن میں سند صحیح کے ساتھ صحابہ کرام کا بیس رکعتیں پڑھنا روایت کیا ہے۔
بالخصوص ایسی صورت میں جب کہ وہ فعل صحابہ روایات کثیرہ سے ثابت ہو اور سوائے ایک گروہ قلیل کے جمہور امت علمائے مجتہدین نیز ائمہ اربعہ سب کا مذہب اس کے موافق ہو۔ جیسا کہ ہم اس سے پہلے ۲۴ احادیث اور عبارات علماء و فقہا اس حدیث کی تائید اور تقویت میں پیش کر چکے ہیں۔
۲۔ بیس رکعت تراویح کی احادیث کو گیارہ رکعت والی حدیث کے معارض سمجھنا قلت تدبر پر مبنی ہے جس کی وجوہ حسب ذیل ہیں
٭ راوی حدیث ابو سلمہ نے حضرت صدیقہ سے رسول اللہ ﷺ کی جس صلوٰۃ لیل کے متعلق سوال کیا تھا اس سے مراد ان کی صلوٰۃ تہجد تھی اور مقصد یہ تھا کہ اے ام المومنین آپ یہ بتائیں کہ رمضان شریف میں حضور ﷺ کی نماز تہجد کا کیا حال تھا یعنی غیر رمضان کی صلوٰۃ تہجد سے کچھ زیادہ ہوتی تھی یا مساوی حضرت عائشہ نے جواب دیا حضور ﷺ کی نماز تہجد رمضان اور غیر رمضان میں گیارہ رکعت سے زیادہ نہ ہوتی تھی۔ رہا یہ امر کہ اس حدیث میں وہ کون سا قرینہ ہے جس کی وجہ سے ہم اس نماز کو صلوٰۃ تہجد پر محمول کریں تو اس کا جواب شاہ عبد العزیز محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ اور مولانا عبد الحی لکھنوی مرحوم کی عبارت منقولہ سے ہم دے چکے ہیں کہ اس حدیث کے آخر میں وارد ہے کہ حضرت عائشہ نے حضور ﷺ سے پوچھا اتنام قبل ان توتر کیا آپ وتر پڑھنے سے پہلے سو جاتے ہیں؟ معلوم ہوا کہ اس نماز سے پہلے سو جاتے تھے اور ظاہر ہے کہ صلوٰۃ لیل میں نماز سے پہلے سو جانا صلوٰۃ تہجد ہی کے ساتھ خاص ہے۔ ثابت ہوا کہ یہ سوال و جواب مطلق صلوٰۃ لیل سے متعلق نہیں بلکہ خاص صلوٰۃ تہجد سے متعلق ہے۔ اس صورت میں گیارہ رکعت اور بیس رکعت والی احادیث کے مابین کوئی تعارض نہیں رہتا کیونکہ وہ بیس رکعتیں نماز تراویح میں ہیں جو ماہ رمضان کے ساتھ خاص ہیں اور حضرت عائشہ کی حدیث میں نمازِ تہجد کا ذکر ہے جو رمضان اور غیر رمضان دونوں میں یکساں طور پر مشروع ہے۔
٭ حضرت عائشہ صدیقہ نے حضور ﷺ کی صلوٰۃ لیل کی زیادتی کو جو گیارہ رکعت پر منحصر کیا ہے وہ ان کے اپنے علم کے مطابق ہے اور یہ اس امر کے منافی نہیں کہ حضرت عائشہ کے علاوہ کسی دوسرے کے نزدیک اس کا عدد گیارہ سے زیادہ ثابت ہو جائے۔
٭ اگر بیس رکعت کی حدیثوں کو گیارہ رکعت والی حدیث کے معارض قرار دیا جائے تو جس طرح بیس اور گیارہ میں تعارض ہے اسی طرح گیارہ اور تیرہ میں بھی تعارض ہو گا اور سولہ اور سترہ کے ساتھ بھی گیارہ کا عدد معارض قرار پائے گا حالانکہ خود حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے بخاری شریف ج اول کتاب الصلٰوۃ باب یقرأ فی رکعتی الفجر میں روایت ہے ’’عن عائشۃ رضی اللّٰہ عنہا قالت کان رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم یصلی باللیل ثلٰث عشرۃ رکعۃ ثم یصلی اذا سمع النداء بالصبح رکعتین خفیفتین۔‘‘
یعنی حضرت عائشہ فرماتی ہیں رسول اللہ ﷺ رات کو تیرہ رکعت پڑھتے تھے۔ غیر مقلدین تیرہ رکعت والی حدیث کے جواب میں کہا کرتے ہیں کہ ان تیرہ میں دو فجر کی سنتیں شامل ہیں لیکن بخاری شریف کی اس حدیث نے ان کے اس جواب کا قلع قمع کر دیا یعنی غیر مقلدین کہا کرتے ہیں حضور ﷺ قیام کے وقت پہلے دو خفیف رکعتیں پڑھا کرتے تھے حضرت عائشہ نے کبھی ان کا ذکر کیا، کبھی نہ کیا۔ اس کا جواب یہ ہے کہ ان دو رکعتوں کا بھی خفیف ہونا انہیں معاذ اللہ کالعدم نہیں کر دیتا۔ دیکھئے اسی حدیث بخاری میں فجر کی دو رکعتوں کا بھی خفیف ہونا مذکور ہے لیکن وہ کالعدم نہیں اور آج تک امت مسلمہ ان دو رکعتوں کو پڑھتی ہے۔ غیر مقلدین بھی ضرور پڑھتے ہوں گے۔ پھر سمجھ میں نہیں آتا کہ قیام لیل کی خفیف دو رکعتیں کالعدم قرار پائیں اور گیارہ پر حصر کر دیا جائے۔ اگر حضور ﷺ کی وہ پہلی دو رکعتیں کالعدم نہیں تو گیارہ پر صلوٰۃ لیل کا حصر یقینا تیرہ اور سولہ کے معارض رہے گا۔
اس حدیث میں اس امر کی تصریح موجود ہے کہ حضور ﷺ کی یہ تیرہ رکعتیں فجر کی سنتوں کے علاوہ ہوتی تھیں۔ نیز امام احمد نے اپنی زیادات علی المسند میں حضرت علی سے روایت کیا ہے کہ حضور ﷺ رات میں فرض نماز کے سوا سولہ رکعتیں پڑھتے تھے جیسا کہ عینی ج ۷ ص ۲۰۳ پر ہے ’’واما حدیث علی بن ابی طالب فرواہ احمد فی زیادتہ علی المسند من روایۃ ابی اسحٰق عن عاصم بن ضمرۃ عن علی قال کان رسول اللّٰہ ﷺ یصلی من اللیل ست عشرۃ رکعۃ سوی المکتوبۃ واسنادہ حسن‘‘ اس کے علاوہ ابن مبارک نے کتاب الزہد والرقاق میں ایک مرسل حدیث میں روایت کیا ہے ’’کان یصلی من اللیل سبع عشرۃ رکعۃ‘‘ کہ حضور رات میں سترہ رکعتیں پڑھتے تھے۔
اب دریافت طلب امر یہ ہے کہ حضرت عائشہ کی گیارہ رکعت والی حدیث بیس رکعت والی حدیثوں ہی سے معارض ہے یا تیرہ، سولہ اور سترہ رکعت والی حدیثوں سے بھی اس کو معارض قرار دیا جائے گا۔وہی تطبیق جو غیر مقلدین گیارہ اور تیرہ وغیرہ والی حدیثوں میں کرتے ہیں۔ بفضلہ تعالیٰ علمائے اہل سنت نے اس سے بہتر تطبیق گیارہ اور بیس رکعت والی احادیث کے درمیان کی ہے جس کا تھوڑا سا بیان ناظرین کرام پڑھ چکے ہیں اور اس کی بقیہ تفصیل حسب ذیل ہے
حضرت عائشہ کی گیارہ رکعت والی حدیث حضور ﷺ کے غالب احوال پر محمول ہے اور بیس رکعت والی حدیث تراویح رمضان کے ساتھ خاص ہے اور مطلب یہ ہے کہ حضور ﷺ رمضان اور غیر رمضان میں اکثر و بیشتر گیارہ رکعتیں ہی پڑھا کرتے تھے البتہ بعض اوقات رمضان میں حضور ﷺ نے بیس رکعت تراویح بھی پڑھی ہیں۔ مولانا عبد الحی لکھنوی التعلیق الممجد علی موطا امام محمد میں ص ۱۴۲ حاشیہ نمبر ۱۱ پر فرماتے ہیں
اذ لا شک فی صحۃ حدیث عائشۃ وضعف حدیث ابن عباس لٰـکن الاخذ بالراجح وترک المرجوح انما یتعین اذا تعارضا تعارضا لا یمکن الجمع وہٰہنا الجمع ممکن بان یحمل حدیث عائشۃ علٰی انہ اخبار عن حالہ الغالب کما صرح بہ الباجی فی شرح الموطا وغیرہ ویحمل حدیث ابن عباس علٰی انہ کان ذٰلک احیانا یعنی اس میں شک نہیں کہ حضرت عائشہ کی حدیث صحیح ہے اور حضرت ابن عباس کی حدیث ضعیف ہے لیکن ضعیف کو چھوڑ کر صحیح کو لینا صرف اسی وقت متعین ہو سکتا ہے جب دونوں میں ایسا تعارض ہو کہ تطبیق نہ ہو سکے اور یہاں تطبیق ممکن ہے بایں طور کہ حضرت عائشہ کی حدیث کو اس بات پر محمول کیا جائے کہ وہ حضور ﷺ کے غالب حال سے خبر دے رہی ہیں جیسا کہ اس کی تصریح باجی نے شرح موطا میں اور ان کے علاوہ دوسرے علماء محدثین نے بھی کی ہے اور حضرت ابن عباس کی حدیث کو اوقات پر محمول کیا جائے۔
اور یہ ظاہر ہے اس لئے کہ بیس رکعتیں صرف رمضان میں پڑھی گئی ہیں اور گیارہ رکعتیں رمضان اور غیر رمضان تمام سال کی راتوں میں پڑھی گئی ہیں۔
تقریباً اسی مفہوم کی عبارت زرقانی شرح مؤطا امام مالک ص ۲۲۲ ج اول پر بھی مرقوم ہے جمع الوسائل میں ملا علی قاری کا بھی یہی قول ہے علاوہ ازیں حضور ﷺ کی صلوٰۃ لیل کے متعلق حضرت عائشہ کی روایات میں ایک اور اختلاف ہے جس کو علامہ ابن حجر نے فتح الباری ج ۳ ص ۱۶ پر بیان کیا ہے
ویؤیدہ ما وقع عند احمد وابی داؤد من روایۃ عبد اللّٰہ ابن ابی قیس عن عائشۃ بلفظ کان یوتر باربع وثلٰث وثمان و ثلٰث و عشر و ثلٰث ولم یکن یوتربا کثر من ثلٰث عشرۃ ولا انقص من سبع وہٰذا اصح ما وقفت علیہ من ذٰلک وبہٖ یجمع بین ما اختلف عن عائشۃ من ذٰلک واللّٰہ اعلم قال القرطبی اشکلت روایات عائشۃ علٰی کثیر من اہل العلم حتّٰی نسب بعضہم حدیثہا الی الاضطراب وہٰذا انما یتم لو کان الراوی عنہا واحدا او اخبرت عن وقت واحد والصواب ان کل شئ ذکرتہ من ذٰلک علٰی اوقات متعدد و احوال مختلفۃ بحسب النشاط وبیان الجواز واللّٰہ اعلم۔ یعنی اس کی تائید امام احمد اور ابو داؤد کی اس روایت سے بھی ہوتی ہے جو بروایت عبد اللہ بن ابی قیس حضرت عائشہ سے ان لفظوں سے مروی ہے کہ حضور ﷺ وتر فرماتے۔ چار اور تین کے ساتھ اور چھ اور تین کے ساتھ اور آٹھ اور تین کے ساتھ اور دس اور تین کے ساتھ اور حضور ﷺ کا وتر کبھی دس اور تین سے زیادہ نہ ہوتا تھا اور سات سے کم نہ ہوتا تھا اور جس پر میں واقف ہوا ہوں یہ ان سب سے زیادہ صحیح ہے اور اس کے ساتھ ان روایات کے درمیان تطبیق ہو سکتی ہے جو اس بارے میں حضرت عائشہ سے مختلف طور پر وارد ہوئی ہیں۔ واللّٰہ اعلم۔ امام قرطبی نے فرمایا کہ حضرت عائشہ کی روایتیں اکثر اہل علم پر نہایت مشکل ہو گئیں۔ یہاں تک کہ بعض نے ان کی حدیث کو اضطراب کی طرف منسوب کر دیا اور یہ (حضرت عائشہ کی روایت کو اضطراب کی طرف منسوب کرنا) اس وقت تمام ہو سکتا تھا جب کہ حضرت عائشہ سے ان سب کا راوی ایک ہی ہوتا یا وہ ایک ہی وقت کے متعلق خبر دیتیں اور صحیح یہ ہے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے اس باب میں جو کچھ بھی ذکر کیا ہے وہ سب بحسب النشاط اور بیان جواز اوقات متعددہ اور احوال مختلفہ پر محمول ہے۔ واللّٰہ اعلم۔ یہی مضمون عینی ج ۷ ص ۲۰۵ پر مسطور ہے۔
ان عبارات کی روشنی میں یہ امر آفتاب سے زیادہ روشن ہو گیا کہ گیارہ رکعت والی حدیث دوام اور استمرار پر محمول نہیں بلکہ اوقات متعددہ اور احوال غالبہ پر مبنی ہے۔ وللّٰہ الحمد۔
’’غیر مقلدین آٹھ رکعت تراویح کے ثبوت میں محمد بن نصر مروزی کی کتاب قیام اللیل کے حوالہ سے ایک یہ حدیث بھی پیش کیا کرتے ہیں کہ حضرت ابی ابن کعب نے رمضان میں حضور ﷺ کی خدمت میں حاضر ہو کر عرض کیا کہ یا رسول اللہ ﷺ آج رات کو ایک بات ہو گئی۔ آپ نے فرمایا، کون سی بات ہو گئی اے ابی؟ حضرت ابی نے عرض کیا، میرے گھرانے کی عورتوں نے کہا کہ ہم لوگ قرآن نہیں پڑھتے ہیں پس ہم لوگ تمہارے پیچھے نماز پڑھیں گے اور تمہاری اقتداء کریں گے تو میں نے ان کو آٹھ رکعتیں اور وتر پڑھائے۔ آنحضرت ﷺ نے یہ سن کر سکوت فرمایا۔
غیر مقلدین کی ذہنیت بھی عجیب ہے۔ انہیں جہاں آٹھ رکعتیں نظر آئیں تو فوراً تراویح پر محمول کر دیا۔
رمضان شریف میں نمازِ تراویح کی جماعت کا مشروع ہونا اور مردوں عورتوں کے لئے نماز تراویح پڑھنے کا جواز فریقین کے نزدیک مسلم ہے لہٰذا رمضان شریف میں تراویح کی نماز پڑھا دینا کوئی ایسی بات نہیں جس میں کسی قسم کی ندرت پائی جائے حالانکہ ابی بن کعب کے کلام سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ رسول اللہ ﷺ کے سامنے ایک ایسا واقعہ بیان کر رہے ہیں جس میں ان کے نزدیک انتہائی ندرت پائی جاتی ہے اور وہ اسے اپنے نزدیک بہت ہی نادر الوقوع سمجھتے ہیں کیونکہ وہ حضور ﷺ سے عرض کرتے ہیں ’’یا رسول اللّٰہ کان اللیلۃ شئ‘‘ یا رسول اللہ ﷺ آج رات ایک بات ہو گئی ہے۔ حضور نے فرمایا، ابی وہ کون سی بات ہو گئی ہے؟ حضرت ابی نے گزشتہ رات آٹھ رکعت نماز پڑھانے کا واقعہ بیان کیا۔ حضرت ابی کا حضور ﷺ کی خدمت میں عرض کرنا یا رسول اللہ ﷺ آج رات ایک بات ہو گئی، صاف ظاہر کرتا ہے کہ وہ ایسی نئی بات ہے جو اسی رات میں ہوئی اس سے پہلے نہیں ہوئی تھی۔ ثابت ہوا کہ یہ نماز تراویح نہیں بلکہ نمازِ تہجد کی جماعت ہے جو بعض ائمہ کے نزدیک تداعی کے ساتھ بلا کراہت جائز ہے اور امام ابو حنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بغیر تداعی کے بلا کراہت جائز قرار دیتے ہیں اور تداعی کے ساتھ مکروہ سمجھتے ہیں اس لئے کہ جمہور صحابہ اور سلف صالحین سے نماز تہجد کی جماعت تداعی اور اہتمام خاص کے ساتھ منقول نہیں۔
علاوہ ازیں اس حدیث کی سند میں عیسیٰ ابن جاریہ ہے جس کے متعلق ابن معین نے کہا ’’عندہ مناکیر‘‘ اور نسائی نے کہا منکر الحدیث ’’وجاء عنہ متروک‘‘ صرف ابو زرعہ نے ’’لابأس بہٖ‘‘ کہا ہے جو ابن معین اور نسائی کی جرح شدید کے مقابلہ میں کچھ وقعت نہیں رکھتا۔ (میزان الاعتدال)
غیر مقلدین حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی حدیث سے بھی آٹھ رکعت تراویح ثابت کرتے ہیں ’’عن جابر رضی اللّٰہ تعالٰی عنہ قال صلّٰی بنا رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم فی رمضان ثمان رکعات ثم اوتر۔‘‘ حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے وہ فرماتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے ہمیں رمضان میں آٹھ رکعتیں پڑھائیں پھر وتر۔
اس کا جواب یہ ہے کہ اگر بالفرض اس حدیث کو صحیح تسلیم کر لیا جائے تو اس سے صرف اتنا ثابت ہو گا کہ حضرت جابر نے آٹھ رکعت بیان فرمائیں لیکن آٹھ کے عدد پر حصر کا قول نہیں کیا جو آٹھ سے زیادہ عدد کے منافی اور معارض ہو اور عدم حصر کی وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ حضرت جابر بعد میں آئے ہوں اور حضور ﷺ ان کے آنے سے قبل زائد رکعات پڑھ چکے ہوں۔ نیز اس امر کا بھی احتمال ہے کہ حضور ﷺ نے پہلے یا بعد میں آٹھ کے علاوہ زائد رکعات پڑھی ہوں جن کی نفی حضرت جابر کے قول سے ثابت نہیں ہوتی۔
علاوہ ازیں حضرت جابر صرف ایک رات کا واقعہ اور وہ بھی اپنے علم کے مطابق بیان کر رہے ہوں اس میں بقیہ دو راتوں میں بیس عدد رکعات تراویح کی نفی اس حدیث میں کہاں ثابت ہوئی۔ اس کے بعد عرض ہے کہ یہ حدیث صحیح نہیں ہے۔ کسی محدث نے اس کو صحیح نہیں کہا۔ اس کی سند میں بھی عیسیٰ بن جاریہ ہے جس کے متعلق ہم میزان الاعتدال سے نقل کر چکے ہیں کہ وہ منکر الحدیث تھا۔
رہا یہ شبہ کہ علامہ ذہبی نے اس کی سند کو وسط کہا ہے ہرگز اس کی صحت کی دلیل نہیں ہو سکتا اس لئے کہ وسط کے معنی دنیا کی کسی لغت یا اصطلاح میں صحیح نہیں۔ وسط کے معنی ہیں درمیانی، اور اس میں کئی احتمال ہیں۔صحت، حسن، ضعف سب کا درمیانی مراد ہو سکتا ہے لیکن عیسیٰ بن جاریہ کے حق میں خود علامہ ذہبی کا اسے منکر الحدیث ہونے کو نقل کرنا اس بات کی روشن دلیل ہے کہ لفظ وسط سے ان کی مراد درمیانہ درجہ کی ضعیف ہے۔
اس مقام پر یہ کہنا کہ علامہ ابن حجر نے التزام کیا ہے کہ فتح الباری میں کوئی ایسی حدیث نہیں لائی جائے گی جو صحیح یا حسن کے درجہ سے کم ہو اور چونکہ حدیث جابر فتح الباری میں موجود ہے اس لئے وہ صحیح نہیں تو حسن ضرور ہو گی انتہائی ابلہ فریبی اور سخن پروری ہے۔