مسئلہ توحید محتاجِ دلیل نہیں ذاتِ باری اور توحید خداوندی کا مسئلہ ایسا نہ تھا جس کو ثابت کرنے کے لئے استدلال کی ضرورت پیش آتی جیسا کہ ہم پہلے عرض کر چکے ہیں کہ فطرتِ انسانی کا اصل مقتضا یہی تھا کہ وہ صانع حقیقی اور معبود برحق کو تسلیم کرنے میں ادنیٰ تامل کو بھی گوارا نہ کرتا لیکن بسا اوقات اصل فطرت کے اپنے حال پر رہنے کے باوجود خارجی اسباب کی بنا پر متعلقاتِ فطرت میں تبدیلی پیدا ہو جاتی ہے جس طرح ایک تندرست آدمی غلبہ مرض سے مغلوب ہو کر بعض طبعی تقاضوں سے متنفر ہونے لگتا ہے۔ ہم رات دن دیکھتے ہیں کہ مریض کی طبیعت ازالہ مرض کی خواہاں ہوتی ہے۔ اس کے باوجود مریض علاج سے جی چراتا ہے۔ یہ امر واقعی ہے کہ شیرنی طبیعت سلیمہ کو پسند ہے لیکن غلبہ صفراء کی وجہ سے وہ پسندیدہ چیز آدمی کو تلخ محسوس ہونے لگتی ہے۔ علیٰ ہٰذا علم و ادب انسان کا فطری مقتضا ہے لیکن بری صحبت کے اثرات اس طبعی تقاضے سے انسان کو متنفر کر دیتے ہیں۔

دلائل توحید کی حکمت ارواح منکرین کا بھی یہی حال ہے کہ اس عالم قید و بند میں اگر وہ اپنے ماحول سے ایسی متاثر اور مغلوب ہوئیں کہ ان کا جوہر معرفت جہالت سے تبدیل ہو گیا۔ جو روحیں عالم ارواح میں بلٰی کہہ کر اپنے رب کی ربوبیت کا اقرار کر کے یہاں آئی تھیں وہ اس دنیا میں اس کی نفی پر دلائل سوچنے لگیں اور یقین و معرفت کی دولت سے محروم ہو کر شکوک و شبہات کی ذلت میں مبتلا ہو گئیں۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں انہیں بھٹکی ہوئی روحوں کے لئے اپنی ذات و صفات اور وحدانیت کے اثبات پر دلائل و براہین قائم فرما کر ان کی اصل فطرت کے تقاضے کو پورا فرمایا۔

دلائل قرآن غور سے دیکھا جائے تو سارا قرآن دلائل توحید سے بھرپور ہے ان میں بعض دلائل آفاقی ہیں جن کا تعلق آفاق عالم سے ہے اور بعض انفسی ہیں جو براہِ راست نفس انسانی سے متعلق ہیں۔ بعض دلائل توحید مخاطبین کی فہم کے لحاظ سے صرف اقناعی ہیں اور بعض قطعی، قرآن مجید کا یہ معجزانہ اندازِ بیان خاص طور پر قابل توجہ ہے کہ ایک ہی دلیل اقناعی بھی ہے اور برہانِ قطعی بھی۔ انشاء اللہ آگے چل کر ہم ان کی وضاحت کریں گے۔ سر دست قرآن مجید سے وجودِ باری تعالیٰ پر ایک دلیل نقل کرتے ہیں۔

وجود باری تعالیٰ پر قرآنی دلیل اللہ تعالیٰ جل شانہٗ ارشاد فرماتاہے ’’اَلَّذِیْ خَلَقَ سَبْعَ سَمٰوٰتٍ طِبَاقًاط مَا تَرٰی فِیْ خَلْقِ الرَّحْمٰنِ مِنْ تَفٰوُتٍ فَارْجِعِ الْبَصَرَ ہَلْ تَرٰی مِنْ فُطُوْرٍ ثُمَّ ارْجِعِ الْبَصَرَ کَرَّتَیْنِ یَنْقَلِبْ اِلَیْکَ الْبَصَرُ خَاسِئًا وَّہُوَ حَسِیْرٌ‘‘(س: ملک، آیت: ۳، ۴) ’’جس نے پیدا کئے سات آسمان تہہ بہ تہہ۔ کیا دیکھتا ہے تو رحمن کے پیدا کرنے میں کچھ فرق۔ پھر دوبارہ نگاہ کر کہیں نظر آتی ہے تجھے کوئی دراڑ۔ پھر بار بار لوٹا کر دیکھ لوٹ آئے گی تیری طرف تیری نگاہِ در ماندہ ہونے کی حالت میں تھک ہار کر‘‘

شکوک و شبہات کا ازالہ نظام عالم کی جس ہمواری اور ترتیب کو اللہ تعالیٰ نے اس آیت کریمہ میں بیان فرمایا ہے وہ نہ صرف ذاتِ باری تعالیٰ اور اس کے صفاتِ کمالیہ علم و قدرت اور صنعت و حکمت ہی کی دلیل ہے بلکہ اس نے منکرین وجود باری کے شکوک وشبہات کا بھی ازالہ کر دیا۔ منکرین وجود باری آج تک یہ کہتے چلے آئے کہ تمام موجودات کا ظہور کسی صانع کے بغیر محض اتفاقی طور پر ہو گیا ہے۔ یہ نظم ارتباط جو ہمارے مشاہدے میں آتا ہے محض اتفاقی ہے۔ کسی خالق اور صانع کی خلقت اور صنعت کا نتیجہ نہیں۔

تربیتی نظام اتفاقی نہیں ہو سکتا نفسیاتِ انسانی کے پیش نظر مضمون آیت کی روشنی میں اس کا ازالہ اس طرح ہوتا ہے کہ انسان جب کسی نظام میں ہمواری اور ترتیب کا مشاہدہ کرتا ہے تو وہ طبعاً یہ سمجھنے پر مجبور ہوتا ہے کہ یہ خود بخود قائم نہیں ہوا بلکہ کسی نے اسے قائم کیا ہے اور جہاں کہیں یہ نظم و ضبط مفقود ہو تو انسان سمجھ لیتا ہے کہ یہ ناہمواری اور عدم ارتباط ایک قضیہ اتفاقیہ ہے۔

کوہ و بیابان کا مسافر جب کسی صحرا میں ریت کے ناہموار ٹیلوں سے گزرتا ہے اور کوہستان میں چلتے ہوئے بے ترتیب پڑے ہوئے پتھر اس کے سامنے آتے ہیں تو بے اختیار اس کے ذہن میں یہ تصور آتا ہے کہ محض اتفاقی طور پر ہواؤں کے چلنے کی وجہ سے ناہموار صورت میں یہ ریت کے ٹیلے پیدا ہو گئے ہیں اور یہ پتھر بارشوں کے باعث پہاڑوں سے ٹوٹ کر بے ترتیبی کے ساتھ ادھر ادھر آ پڑے ہیں۔

نظام مرتب وجود مرتب کی دلیل ہے اس کے بر خلاف اگر وہ ایک عالی شان عمارت سے گزرے اور اس کی تعمیر بہترین ترتیب پر اسے نظر آئے اور وہ اس میں ہر قسم کے ساز و سامان کو قرینے کے ساتھ دیکھے تو اس کا ذہن ہرگز اس بات کو قبول نہ کرے گا کہ یہ بہترین نظم و ترتیب اور ہر چیز کا سلیقے کے ساتھ اپنی جگہ پایا جانا خود بخود ہو گیا ہے اور محض اتفاقی طور پر یہ بہترین عمارت حوادثِ کونیہ کے نتیجے کے طور پر از خود تعمیر ہو گئی ہے اور اس کا ساز وسامان ہواؤں کے چلنے اور بارشوں کے ہونے کی وجہ سے اتفاقی طور پر یہاں پہنچ گیا ہے بلکہ وہ یہی سمجھنے پر مجبور ہو گا کہ اس عالی شان مکان کی تعمیر و تزئین اس کے جملہ لوازمات اور کل ساز وسامان کسی دانشور منتظم کی تنظیم و تعمیر کا نتیجہ ہے۔

ایک شبہ کا ازالہ اس بیان سے یہ شبہ بھی دور ہو گیا کہ صحرا، کوہستان اور دیگر مقامات پر جو بے ترتیب اشیاء نظر آتی ہیں اگر انہیں تخلیق ایزدی سے خارج قرار دے کر قضیہ اتفاقیہ کے تحت سمجھ لیا جائے تو غالباً درست ہو گا۔

ازالہ شبہ کی توضیح یہ ہے کہ ترتیب کبھی حسی ہوتی ہے کبھی معنوی۔ اگر کہیں حسی ترتیب نہ پائی جائے تو ہم سمجھ لیں گے کہ مرتب محسوس مفقود ہے لیکن اس مقام پر ترتیب معنوی اور اس کے موجد سے ہمارے پاس اس تصور کو کوئی تعلق نہ ہوگا۔ لہٰذا ریت کے بے ترتیب ٹیلوں اور ناہموار پتھروں کو دیکھ کر ہم ان کی بے ترتیبی کو امور اتفاقیہ کے تحت یقینا لاسکیں گے لیکن ترتیب معنوی کو اس حکم میں شامل کرنا ہرگز درست نہ ہو گا۔ نہ اس کے موجد کی نفی متصور ہو سکے گی بلکہ غور کرنے سے معلوم ہو گا کہ بعض اشیاء کی ظاہری بے ترتیبی میں اللہ تعالیٰ نے یہ حکمت مضمر فرمائی ہے کہ انسان جب اس قسم کی غیر مرتب اشیاء کو دیکھے گا تو نفسیاتی طور پر اس کا ذہن فوراً اس طرف منتقل ہو گا کہ ترتیب کا نہ ہونا مرتب کے نہ ہونے کی علامت ہے جس کا لازمی نتیجہ اور قطعی مفاد یہ ہے کہ انسان ترتیب کو پا کر مرتب کے وجود کو تسلیم کرنے کا داعیہ اپنے باطن میں محسوس کرے گا اور یہ سمجھے گا کہ جس طرح ترتیب حسی مرتب محسوس کے وجود کی دلیل ہے اسی طرح ترتیب معنوی مرتب غیر محسوس کے موجود ہونے پر دلالت کرتی ہے۔ خلاصہ یہ کہ بے ترتیب اشیاء بھی عقل مند انسان کے لئے وجود باری تعالیٰ کی دلیل ہیں اور کیوں نہ ہوں جب کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں ہر شے کو اپنی معرفت کی دلیل قرار دیا ہے۔

ترتیب محسوس اور ترتیب معنوی اس مقام پر اتنی بات کہہ دینا بے محل نہ ہو گا کہ بعض اشیاء میں جو ظاہری بے ترتیبی پائی جاتی ہے درحقیقت اس کے پس پردہ ایک زبردست ترتیبی نظام موجود ہے۔ کیونکہ بے ترتیبی کا یہ تغیر جن اسباب سے متعلق ہے وہ سب اصول حکمت اور قوانین قدرت کے ماتحت ہیں۔ مثلاً ہواؤں کا چلنا، پانی کا برسنا، موسموں کا بدلنا، شب و روز کا گزرنا، سورج کا نکلنا اور ڈوبنا، چاند کا اپنی منازل کو طے کرنا بہترین و مناسب ترتیب اور مضبوط و مستحکم نظام کے ساتھ ہے اور یہ سب اصول و قوانین اور سارا نظام بجائے خود دلائل قدرت کا ایک وسیع ترین سلسلہ ہے۔ لہٰذا ہر چیز خواہ مرتب نظر آئے یا غیر مرتب اسے وجود باری تعالیٰ کی دلیل سمجھنا فطرت سلیمہ کا مقتضا ہے اور ظاہری بے ترتیبی میں نظم و ترتیب کی بے شمار حقیقتوں کو مضمر جاننا عقل و خرد کے تقاضوں کی تکمیل ہے۔ قرآن مجید کے مطالعہ سے معلوم ہو گا کہ دلائل معرفت میں غور و تدبر کی تاکید اسی حقیقت پر مبنی ہے۔

نظام عالم پر گہری نظر مضمون آیت کو اس تفصیل کے ساتھ ذہن نشین کر کے نظام عالم پر گہری نظر ڈالیئے اور دیکھئے کہ وہ کیسا مضبوط نظام ہے۔ جواہر و اعراض کس طرح باہم مربوط ہیں۔ عناصر کا امتزاج کس شان سے ہے۔ موالید ثلاثہ میں کیا تعلق ہے۔ اشیاء عالم کی اوضاع و اشکال، ہیئات و مفاد پر اثرات و خواص اور مختلف اوصاف کو ملاحظہ فرمائیے پھر ان میں ایک خاص قسم کے تناسب پر نظر کیجئے۔ آپ کی ہر نظر معرفت اور یقین کے جواہر اپنے دامن میں لے کر واپس آئے گی۔ بلا تامل آپ کہیں گے کہ یہ سب کچھ خالق کائنات ہی کے علم و حکمت اور قدرت و صنعت کے جلوے ہیں۔

روح و مادہ وجودِ ممکنات کا مبداء نہیں ہو سکتے قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے اپنی ذات و صفات اور کمالاتِ الوہیت پر اس قسم کی بے شمار دلیلیں قائم فرمائی ہیں جن کو سمجھ لینے کے بعد کوئی شخص ایک آن کے لئے بھی یہ تصور قبول نہیں کر سکتا کہ عالم ممکنات روح اور مادہ کی مخفی قوتوں اور خاصیتوں کا نتیجہ ہے اور حوادث کونیہ کے باعث اتفاقاً یہ نظام عالم قائم ہو گیا ہے بلکہ اس کی فطرت سلیمہ زبانِ حال سے پکارے گی کہ ’’صُنْعَ اللّٰہِ الَّذِیْ اَتْقَنَ کُلَّ شَیْئٍ اِنَّہٗ خَبِیْرٌم بِمَا تَفْعَلُوْنَ۔‘‘ (س: نمل، آیت: ۸۸)

وہ مادہ جس میں نہ حس ہے نہ حیات، نہ شعور ہے نہ ادراک اور وہ روح جس کا دامن احتیاج (مادہ پرستوں کے نزدیک) ہر مرحلہ پر بے شعور مادہ سے بندھا ہوا ہے۔ دنیائے علم و عقل کا مبداء حیات موجودات کا سرچشمہ اور کائنات کے نظام محکم کا مرکز قرار پائے۔ علم و خرد کی روشنی میں جہالت اور حماقت نہیں تو اور کیا ہے۔

توحید کے معنی وجود باری تعالیٰ کے اثبات کے بعد اصل موضوع ’’توحید‘‘ کی طرف آیئے۔ مگر اس سے پہلے لفظ ’’توحید‘‘ اور اس کے معنی کے چند امور ذہن نشین کر لیجئے۔

التوحید فی اللغۃ یگانہ کردن و بہ یگانگی وصف نمودن وعلم التوحید علم یعرف بہ انہا لوجود غیر اللّٰہ تعالٰی ولیست الاشیاء الا مظاہرہ تعالٰی ومجالیہ والموحدون طائفۃ لا یرون غیر الحق عز شانہ وجل برہانہ ولا یعلمون وجود الغیر الحق تعالٰی وان حقیقۃ الوجود ہوا اللّٰہ سبحانہ (دستور العلماء ص ۳۶۱ ج ۱) سید شریف جرجانی فرماتے ہیں التوحید فی اللغۃ الحکم بان الشیء واحد والعلم بانہ واحد وفی اصطلاح اہل الحقیقۃ تجرید الذات الالٰہیۃ عن کل ما یتصور فی الافہام ویتخیل فی الاوہام والاذہان۔ التوحید ثلاثۃ اشیاء معرفۃ اللّٰہ تعالٰی بالربوبیۃ والاقرار بالوحدانیۃ ونفی الانداد عنہ جملۃ۔ (رسالۃ تعریف الاشیاء للسید الشریف الجرجانی ص ۳۱)

مراتب توحید شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں مراتب توحید چار ہیں (۱) صفت وجوب وجود کو اللہ تعالیٰ کے ساتھ خاص کرنا کہ اس کے سوا کوئی واجب الوجود نہیں (۲) ہر شے کا خالق اللہ تعالیٰ کو جاننا یہ دونوں مرتبے مشرکین عرب یہود و نصاریٰ سب کے نزدیک مسلم ہیں۔ (۳) ہر شے کا مدبر صرف اللہ تعالیٰ کو سمجھے (۴) اس کے سوا کسی دوسرے کو مستحق عبادت نہ جانے یہ دونوں مرتبے آپس میں لازم و ملزوم ہیں۔ اخیر کے دونوں مرتبوں میں لوگوں نے اختلاف کیا ہے جن میں بڑے گروہ تین ہیں، اول نجومی، دوم مشرکین، سوم نصاریٰ (حجۃ اللہ البالغہ ملخصًا)

حقیقت شرک اقول: حقیقت یہ ہے کہ مراتب اربعہ مذکورہ بلکہ جمیع صفات الوہیت و کمالاتِ ربوبیت میں ایسا تلازم ہے کہ ایک کا دوسرے کے ساتھ پایا جانا عقلاً واجب ہے اور واجب عقلی کا انتفاء ممتنع لذاتہ ہے۔ لہٰذا جس نے ان میں سے کسی ایک کو دوسرے سے الگ جانا اس نے بابِ توحید میں امر ممتنع بالذات کو ممکن اعتقاد کیا اور یہی شرک ہے قرآن مجید میں دلائل توحید اور ’’واحد‘‘ و ’’اَحد‘‘ کا استعمال قرآن مجید میں توحید باری تعالیٰ کا دعویٰ اور اس کے دلائل بکثرت پائے جاتے ہیں۔ بعض آیات میں لفظ واحد اور کہیں لفظ احد بھی وحدانیت الٰہیہ کے بیان میں وارد ہے۔ ارشاد ہوتا ہے ’’وَاِلٰـہُکُمْ اِلٰـہٌ وَّاحِدٌ لَا اِلٰـہَ اِلاَّ ہُوَ الرَّحْمٰنُ الرَّحِیْمُ‘‘ (س: البقرۃ) اور سورئہ اخلاص میں ہے ’’قُلْ ہُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ اَللّٰہُ الصَّمَدُ‘‘ مطلقاً وصف کیلئے لفظ احد کا استعمال اللہ تعالیٰ کے ساتھ مختص ہے۔ غیر اللہ کے لئے مطلقاً اس کا استعمال نہیں۔ بعض لوگوں نے ’’احاد‘‘ کو احد کی جمع کہا ہے مگر محققین نے اس کا انکار کیا۔ (کما فی تیسیر الباری)

واحد کے اقسام خمسہ لفظ واحد کثیر الاستعمال ہے اور متعدد معانی میں مستعمل ہوتا ہے۔ ان سب کا احصاء پانچ اقسام میں ممکن ہے۔ واحد جنسی، واحد نوعی، واحد اتصالی، واحد عددی، واحد حقیقی۔ واحد جنسی میں جہت وحدت جنس ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ جنس سے پاک ہے اور واحد نوعی میں جہت وحدت نوع ہے۔ نوع جنس اور فصل سے مرکب ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ ترکیب سے پاک ہے مبرا ہے۔ واحد بالاتصال میں جہت وحدت اتصال ہے۔ اللہ تعالیٰ اتصال و انفصال دونوں سے پاک ہے۔ واحد عددی میں بھی جہت وحدت خارج عن الذات ہے جس کی تعریف میں علماء ہندسیین کہا کرتے ہیں ’’الواحد نصف الاثنین‘‘ یہاں تو وحدت کا مدار ہی اثنین پر ہے۔ جب تک ’’دو‘‘ نہ کہیں پھر دو کا آدھا نہ مانیں اس وقت تک ایک کے معنی مفہوم نہیں ہوتے۔ معلوم ہوا کہ اربعہ اولیٰ میں وحدتِ عارضی ہے جو اللہ تعالیٰ کے شایانِ شان نہیں۔ البتہ واحد حقیقی ایسا واحد ہے جس میں صفت وحدت عارضی نہیں بلکہ ذاتی اور مستقل ہے۔ اس لئے کہ واحد حقیقی وہ ہے جس کا وصف وحدت بمقتضائے ذات ہو یعنی واحد کی ذات وحدت کی مقتضی ہو اور وہ صرف اللہ تعالیٰ کی ذات مقدسہ ہے۔

قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ کی وحدانیت پر ایک ایسی دلیل بھی قائم کی گئی ہے جو عوام کے لئے اقناعی اور خواص کے لئے برہانِ قطعی ہے اور وہ یہ ہے

’’لَوْ کَانَ فِیْہِمَا اٰلِہَۃٌ اِلَّا اللّٰہُ لَفَسَدَتَا‘‘ (س: الانبیاء، آیت: ۲۲)

اقناعی و خطابی کا بیان اس آیت کریمہ کا دلیل خطابی و اقناعی ہونا کسی طویل تقریر کا محتاج نہیں۔ مشہور مقولہ ہے ’’دو بادشاہ در یک اقلیمے نہ گنجند‘‘ چنانچہ یہ امر بالکل ظاہر ہے کہ اگر زمین و آسمان میں متعدد خدا ہوتے تو ان کے آپس میں دنیوی باشاہوں کی طرح اختلاف پیدا ہو جاتا اور اختلاف کے بعد جنگ و جدال تک نوبت پہنچ جاتی۔ اور ایسی صورت میں نظم و نسق درہم برہم ہو کر رہ جاتا۔ یہی مضمون قرآن مجید کی دوسری آیتوں میں بھی مذکور ہے۔

(۱) وَمَا کَانَ مَعَہٗ مِنْ اِلٰہٍ اِذًا لَّذَہَبَ کُلُّ اِلٰہٍمبِمَا خَلَقَ وَلَعَلَا بَعْضُہُمْ عَلٰی بَعْضٍ (س: المؤمنون، آیت: ۹۱) ’’اور نہیں ہے ساتھ اس کے کوئی خدا (اگر ایسا ہوتا تو) اس وقت لے جاتا ہر ایک خدا اس چیز کو جسے پیدا کیا ہے اس نے اور ان میں سے ہر ایک دوسرے پر چڑھائی کرتا۔‘‘ (۲) قُلْ لَّوْ کَانَ مَعَہٗ اٰلِہَۃٌ کَمَا یَقُوْلُوْنَ اِذًا لاَّبْتَغَوْا اِلٰی ذِی الْعَرْشِ سَبِیْلًا۔ (س: بنی اسرائیل، آیت: ۴۲) ’’کہہ دیجئے اگر ہوتے اللہ کے ساتھ اور معبود جیسا یہ کافر کہتے ہیں تو اس وقت ڈھونڈتے وہ صاحب عرش کی طرف کوئی راستہ!‘‘

خلاصہ یہ کہ ایک ملک میں بیک وقت ایک سے زیادہ بادشاہوں کے پائے جانے کی صورت میں تغالب و تمانع کا پایا جانا ایسا امر عادی ہے جس میں غور و فکر کے بعد انسانوں کو علم حقیقی حاصل ہو جاتا ہے کہ اس عالم کے باوجود اس کے نظام مشاہد میں اللہ تعالیٰ کے ساتھ کوئی دوسرا خدا ہرگز شریک نہیں اور یقین کا مقتضا یہ ہے کہ انسان اللہ تعالیٰ کو مطلقاًوحدہٗ لا شریک لہٗ اعتقاد کر کے موحد کامل بن جائے۔

برہان تمانع کا خلاصہ اسی آیت میں برہان قطعی کی طرف بھی اشارہ موجود ہے جس کا خلاصہ یہ ہے کہ اگر دو خداؤں کا وجود فرض کیا جائے تو ہر ایک کی قدرت تمام مقدورات پر عام ہو گی۔ اس لئے دونوں میں سے ہر ایک مثلاً زید میں حرکت اور سکون پیدا کرنے پر قادر ہو گا۔ اب اگر ان میں سے ایک نے زید میں حرکت اور دوسرے نے سکون پیدا کرنا چاہا اور دونوں اپنے اپنے ارادہ میں کامیاب ہو گئے تو اجتماع ضدین لازم آئے گا اور یہ محال عقلی ہے اور اگر دونوں ناکام رہے تو یہ بھی عقلاً محال ہے کیونکہ ہر ایک کا مقصد دوسرے کو ناکام کرنا ہے۔ ایسی صورت میں ایک کی ناکامی دوسرے کی کامیابی پر موقوف ہو گی۔ لہٰذا دونوں کا ناکام ہونا دونوں کے کامیاب ہونے پر موقوف رہے گا اور ظاہر ہے کہ یہ عقلاًممتنع لذاتہ ہے اور دونوں میں سے ایک کامیاب ہو گیا اور دوسرا ناکام رہا تو جو ناکام ہو گا وہ خدا نہیں ہو سکتا کیونکہ خدا کا ناکام ہونا ممتنع بالذات اور محال عقلی ہے۔

تعدد اٰلہہ اور ان کا اتفاق محال ہے اگر اس مقام پر یہ شبہ پیش کیا جائے کہ ممکن ہے کہ ایک سے زیادہ خدا ہوں اور آپس میں اس بات پر متفق ہو گئے ہوں کہ ہم میں سے کوئی ایسا ارادہ نہ کرے گا جو دوسرے کے خلاف ہو تو اس کا جواب یہ ہے کہ یہ امکان اتفاق اس تمانع کے امکان کو مستلزم ہے جس کا محال ہونا ہم ابھی دلیل سے ثابت کر چکے ہیں اور ظاہر ہے کہ مستلزم محال خود محال ہوتا ہے۔ لہٰذا ان کا متفق ہونا بھی محال ہو گا۔ البتہ اگر کسی دلیل سے اتفاق کا وجوب ثابت ہو جاتا تو واقعی یہ دلیل ساقط ہو جاتی لیکن وجوب اتفاق پر آج تک کوئی دلیل قائم نہیں ہوئی نہ آئندہ ہو سکتی ہے۔

دلیل اقناعی بھی حصول تعین کا موجوب ہو سکتی ہے اس تقریر سے یہ شبہ بھی دور ہو گیا کہ آیت کریمہ ’’لَوْ کَانَ فِیْہِمَا اٰلِہَۃٌ اِلَّا اللّٰہُ لَفَسَدَتَا‘‘ کو حجت اقناعیہ ماننے کی صورت میں یہ دلیل ظنی ہو جائے گی جس میں یقین منتفی ہو گا اور یہ بات کلام الٰہی کے شایانِ شان نہیں۔ اس کا جواب ہمارے بیان سابق میں واضح طور پر آ گیا ہے جس کا خلاصہ یہ ہے کہ اصطلاحی الفاظ میں تو ہم نے اسے دلیل خطابی سے ضرور تعبیر کیا ہے مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ محض ظنی ہے جس کا کوئی تعلق علم یقین کے ساتھ نہیں بلکہ ہم صاف لفظوں میں کہہ چکے ہیں کہ اس ’’حجت اقناعی‘‘ میں غور و خوض کرنے سے علم یقینی حاصل ہوتا ہے اور اس میں شک نہیں کہ ملازمت عقلیہ میں علم یقینی منحصر نہیں بلکہ وہ امور عادیہ اور قرائن واضحہ جن میں عقلی تلازم نہیں پایا جاتا۔ بسا اوقات علم یقینی کا موجب ہوتے ہیں جیسے زید کی موت کا ہمیں علم یقینی حاصل ہو جاتا ہے۔ جب ہم یہ دیکھتے ہیں کہ زید عرصۂ دراز سے شدید ترین مہلک مرض میں مبتلا ہے اور اچانک اس کے گھر سے رونے پیٹنے کی آوازیں بلند ہوئیں اور غسل و کفن کا سامان مہیا ہونے لگا تو اگرچہ ہم نے اپنی آنکھوں سے اس کو مرتے ہوئے نہیں دیکھا لیکن اس کے گھر ’’وازیداہ‘‘ کی آوازیں سننے اور تجہیز و تکفین کا سامان دیکھنے کے بعد ہمیں اس کی موت کا علم یقینی حاصل ہو گیا۔ معلوم ہوا کہ علم یقینی کے لئے ملازمت عقلیہ ہی ضروری نہیں بلکہ امور عادیہ بھی علم یقینی کا موجب ہو سکتے ہیں۔

اعجاز قرآن یہ قرآن مجید ہی کا معجزانہ اندازِ بیان ہے کہ ایک آیت عامۃ الناس کے لئے حجت اقناعی بھی ہے اور وہی آیت ان خواص کے لئے جو اہل عقل و دانش ہیں، برہانِ قطعی کی شان بھی اپنے اندر رکھتی ہے۔ مختصر یہ کہ اللہ تعالیٰ نے ہر ایک کے لئے اس کی فہم کے مطابق دلائل توحید بیان فرمائے۔

توحید کے فوائد ہم سابقاً عرض کر چکے ہیں کہ معرفت الٰہیہ انسان کی روح کا فطری تقاضا ہے اور توحید کے بغیر معرفت خداوندی متصور نہیں۔ لہٰذا توحید کا سب سے پہلا فائدہ یہ ہے کہ اس کے ذریعے انسان کے فطری مقتضا کی تکمیل ہو گئی دوسرے یہ کہ ہر شخص کی زندگی کی عمارت اس کے عقیدہ کی بنیاد پر قائم ہوتی ہے۔ فسادِ عقیدہ زندگی کی تمام عمارت کو فاسد کر دیتا ہے۔ ہر قوم کی تہذیب اور اس کا معاشرہ اس وقت تک اصلاح پذیر نہیں ہو سکتا، جب تک کہ اس کا عقیدہ صالح اور درست نہ ہو۔ پھر یہ کہ انسانیت کا جوہر عقیدئہ توحید کے بغیر نہیں نکھرتا۔ توحید معرفت کا موجب ہے اور خدا کی معرفت خوفِ الٰہی کا سبب ہوتی ہے اور خوفِ خداوندی ارتکابِ معاصی سے باز رکھتا ہے۔

انسانیت کا مرکز توحید اور وسیلہ رسالت ہے اقوام عالم کی تہذیب و تمدن اور معاشرے میں اصولی اور بنیادی اختلافات کی سب سے بڑی وجہ توحید باری کے عقیدے میں اختلاف کا پایا جانا ہے۔ بنی نوع انسان کو ایک مرکز پر لانے کا کوئی طریقہ اس سے بہتر نہیں ہو سکتا کہ انہیں معبود واحد کی وحدانیت کے اعتقادی مرکز پر جمع کر دیا جائے لیکن فطرت انسانی محض عقل کی روشنی میں اس مرکز وحدت تک پہنچنے میں کسی ایسی دلیل کی محتاج تھی جو صحیح معنی میں اسے منزلِ مقصود تک پہنچا دے اور تمام بنی نوع انسان کے لئے ایسی کامل اور قطعی دلیل حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کی ذاتِ گرامی ہے۔ دوسرے لفظوں میں یوں کہیئے کہ رسالت توحید کی دلیل ہے اور اس میں شک نہیں کہ کلمہ طیبہ ’’لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ‘‘ دعویٰ ہے اور ’’مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰہ‘‘ اس کی دلیل ہے اور اس دلیل کو دعوے سے اتنا قرب ہے کہ دونوں کے درمیان واؤ عاطفہ تک کی گنجائش نہیں۔ معلوم ہوا کہ قربِ الٰہی کا ذریعہ صرف قربِ مصطفائی ہے اور توحید کا وسیلہ محض رسالت ہے۔

بمصطفیٰ برساں خویش را کہ دیں ہمہ اوست اگر بہ او نہ رسیدی تمام بو لہبی است!