اظہارِ حقیقت کی حکمت اس حقیقت کے اظہار کی حکمت یہ ہے کہ انبیاء سابقین کی امتوں نے اپنے رسولوں کے حق میں ان کے کمالات و معجزات کی بنا پر بعض ایسے امور کو ان کے لئے ثابت مان لیا جن سے ان کی الوہیت لازم آئے۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کی امت کو اس سوء اعتقاد سے بچانے کے لئے اس حقیقت کو ظاہر فرما دیا اور اس کی بکثرت مثالیں قرآن مجید میں موجود ہیں جنہیں بخوفِ طوالت ہم ذکر نہیں کرتے۔

اس کے علاوہ ’’مِنَ الْاَمْرِ شَیْئٌ‘‘ کے الفاظ بھی اس بات کی قطعی دلیل ہیں کہ یہاں مطلقاً ہر شے کے اختیار کی نفی نہیں کی گئی کیونکہ ’’لَیْسَ لَکَ مِنَ الْاَمْرِ شَیْئٌ‘‘ میں ’’لَکَ‘‘ لَیْسَ کی خبر ہے اور ’’شَیْئٌ‘‘ اس کا اسم ہے اور ’’مِنَ الْاَمْرِ‘‘ صفت متقدمہ ہونے کی وجہ سے ’’شَیْئٌ‘‘ سے حال واقع ہوا ہے اور ’’اَوْ یَتُوْبَ عَلَیْہِمْ‘‘ الامر پر معطوف ہے یا بتقدیر ان اس کا عطف شَیْئٌ پر ہے۔ دونوں صورتوں میں حاصل کلام یہ ہے کہ ’’لَیْسَ لَکَ شَیْئٌ‘‘ حال ’’کَوْنِہٖ مِنَ الْاَمْرِ (اَلْمَعْہُوْدِ) اَوِ التَّوْبَۃِ عَلَیْہِمْ اَوْ تَعْذِیْبِہِمْ‘‘ یعنی اللہ تعالیٰ ان پر رحم فرمائے۔ تو آپ کے لئے ان کی تعذیب کا امر نہیں اور اگر امر الٰہی ان کے حق میں تعذیب ہو تو اس کے خلاف آپ کے لئے ان پر رحم فرمانے کا امر ثابت نہیں یا اسے ’’لِیَقْطَعَ طَرَفًا‘‘ یا ’’فَیَنْقَلِبُوْا خَائِبِیْنَ‘‘ پر معطوف مان کر ’’لَیْسَ لَکَ مِنَ الْاَمْرِ شَیْئٌ‘‘ کو جملہ معترضہ قرار دے دیا جائے اسی طرح ’’اَوْ‘‘ کو بمعنی ’’حَتّٰی‘‘ یا ’’اِلَّا اَنْ‘‘ کہا جائے۔ بہرصورت آیۂ کریمہ کا مفاد وہی ہے جو عرض کیا گیا کہ ہماری مشیت کے خلاف ہمارے فعل کے منافی اور ہمارے امر کے معارض آپ کے لئے کچھ ثابت نہیں۔

امر تشریعی کا امر الٰہی کے خلاف نہ ہونا منکرین سنت کو معلوم ہونا چاہئے کہ امر تشریعی امر الٰہی کے خلاف نہیں ہوتا بلکہ اس کا تحقق وحی الٰہی سے ہوتا ہے اور اسی لئے وہ امر بعینہٖ امر خداوندی قرار پاتا ہے۔ عہد رسالت سے لے کر آج تک ساری امت مسلمہ کے نزدیک اس آیت کریمہ کے یہی معنی ہیں۔ اب اگر منکرین سنت یہ سمجھتے ہیں کہ یہاں حضور ﷺ سے مطلقاً ہر شے کے اختیار کی نفی کی گئی ہے تو وہ قرآن مجید ہی کو حکم مان لیں۔ قرآن جو فیصلہ صادر کرے اسے تسلیم کر لیں۔

رسول اللہ ﷺ کے اختیارات میں قرآنی فیصلہ قرآن فرماتا ہے، ’’وَمَا کَانَ لِمُؤْمِنٍ وَّلَا مُؤْمِنَۃٍ اِذَا قَضَی اللّٰہُ وَرَسُوْلُہٗ اَمْرًا اَنْ یَّکُوْنَ لَہُمُ الْخِیَرَۃُ مِنْ اَمْرِہِمْ۔‘‘ (احزاب) اس آیت مبارکہ میں ’’اِذَا قَضَی اللّٰہُ وَرَسُوْلُہٗ‘‘ کے الفاظ امت مسلمہ کے اس دعوے کی دلیل ہیں کہ اللہ تعالیٰ اور رسول دونوں کی یہی شان ہے کہ ان کے حکم اور اختیار کے سامنے کسی مومن اور مومنہ کے لئے کوئی اختیار باقی نہیں رہتا۔ قرآن کی دوسری آیت میں وارد ہے ’’وَامْرَاَۃً مُّـؤْمِنَـۃً اِنْ وَّہَبَتْ نَفْسَـہَا لِلنَّبِیِّ اِنْ اَرَادَ النَّبِیُّ اَنْ یَّسْتَنْکِحَہَا خَالِصَۃً لَّکَ مِنْ دُوْنِ الْمُؤْمِنِیْنَ۔‘‘ (احزاب) اس آیت کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے امرأۃ واہبہ کے ساتھ نکاح کرنے کا خصوصی اختیار اپنے رسول ﷺ کو عطا فرمایا۔

کلام پاک کی تیسری آیت میں ارشاد ہوتا ہے ’’تُرْجِیْ مَنْ تَشَائُ مِنْہُنَّ وَتُؤْوِیْ اِلَیْکَ مَنْ تَشَائُج وَمَنِ ابْتَغَیْتَ مِمَّنْ عَزَلْتَ فَلاَ جُنَاحَ عَلَیْکَ۔‘‘ (احزاب)

ازواجِ مطہرات میں سے جسے حضور چاہیں، علیحدہ رکھیں اور جسے چاہیں اپنی طرف جگہ دیں۔ جنہیں علیحدہ رکھا تھا ان میں سے کسی کو طلب فرمائیں۔ آپ پر کوئی گناہ نہیں۔

ان آیات کو سامنے رکھنے کے بعد یہ حقیقت اچھی طرح واضح ہو جاتی ہے کہ ’’لَیْسَ لَکَ مِنَ الْاَمْرِ شَیْئٌ‘‘ سے اسی امر معہود کی نفی مراد ہے جو امر الٰہی کے معارض اور مشیت ایزدی کے خلاف اور حکم خداوندی کے منافی ہو۔ مخالفین سنت کا اس سے حضور ﷺ کے حق میں مطلقاً اختیار کی نفی ثابت کرنا اس قرآنی فیصلہ کی روشنی میں قطعاً باطل ہے۔

بحث رجم … منکرین سنت کے دلائل کا تجزیہ مخالفین سنت حکم ’’رجم‘‘ کو خلافِ قرآن کہتے ہیں اور اس کے متعلق ان کا کہنا یہ ہے کہ جب قرآن میں اس کا کوئی ذکر نہیں تو یہ زیادت علی القرآن ہونے کی وجہ سے یقینا قرآن کے معارض ہو گا اسے حکم خداوندی قرار دینا خدا تعالیٰ پر افترا اور بہتان ہے پھر یہ قرآن مجید کی نص ’’اَلزَّانِیَۃُ وَالزَّانِیْ فَاجْلِدُوْا کُلَّ وَاحِدٍ مِّنْہُمَا مِائَۃَ جَلْدَۃٍ‘‘ (نور) کے عموم کے بھی صریحاً منافی ہے نہ شرعاً اس رجم پر کوئی دلیل قائم ہے۔

بلکہ اگر رجم محصن کو حکم قرآنی قرار دیا جائے تو قرآن کی روشنی میں وہ کسی طرح درست نہیں ہو سکتا۔ اس کی دلیل یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے سورئہ نساء میں شادی شدہ زانیہ باندی کی سزا بیان فرماتے ہوئے ارشاد فرمایا ’’فَاِذَا اُحْصِنَّ فَاِنْ اَتَیْنَ بِفَاحِشَۃٍ فَعَلَیْہِنَّ نِصْفُ مَا عَلَی الْمُحْصَنَاتِ مِنَ الْعَذَابِ۔‘‘ محصنات خاوند والی عورتوں کو کہتے ہیں جیسا کہ خود قرآن پاک میں فرمایا ’’وَالْمُحْصَنَاتُ مِنَ النِّسَائِ‘‘ اور احصان کے معنی شادی شدہ ہونے کے ہیں۔ اس کی دلیل اسی آیت میں موجود ہے۔ ’’فَاِذَا اُحْصِنَّ‘‘ یعنی جب وہ باندیاں خاوند والی ہو جائیں۔ ثابت ہوا کہ محصنات خاوند والی عورتیں ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے محصنات کی نصف سزا شادی شدہ باندیوں کے لئے مقرر فرمائی۔ اب اگر محصن یا محصنہ مرتکب زنا کی سزا رجم ہو تو اس کی تنصیف کیسے ہو گی۔ لہٰذا ماننا پڑے گا کہ زنا کی سزا ہر صورت میں سو کوڑے ہی ہیں جن کا نصف پچاس ہوتے ہیں اور وہی پچاس کوڑے ارتکابِ زنا کرنے والی شادی شدہ باندی کی سزا ہے۔

علاوہ ازیں انسان کو سنگسار کرنا اس مہذب دور میں انتہائی وحشت بربریت اور بے رحمی کا مظاہرہ ہے جو روح اسلامی کے قطعاً منافی ہے۔

اس کے جواب میں سب سے پہلے ہم مخالفین سنت کے دلائل کا تجزیہ کرتے ہیں۔ اس کے بعد ترتیب وار ہر جزو کا جواب ہدیہ ناظرین کریں گے۔ استدلال مذکور کا تجزیہ کرنے کے بعد حسب ذیل اجزاء سامنے آتے ہیں

(۱) حکم رجم چونکہ قرآن میں مذکور نہیں ہے اس لئے وہ زیادت علی القرآن ہے اور جو چیز قرآن پر زائد ہو وہ مردود اور ناقابل قبول ہو گی۔ (۲) ’’اَلزَّانِیَۃُ وَالزَّانِیْ‘‘ عام ہے اور اس کے عموم میں محصن و غیر محصن سب شامل ہیں۔ لہٰذا سب کی سزا ’’مائۃ جلدۃ‘‘ قرار پائے گی۔ شادی شدہ کے لئے رجم کی سزا ماننا عموم آیت کے معارض ہونے کی وجہ سے باطل قرار پائے گا۔ (۳) ثبوت رجم پر شرعاً کوئی دلیل قائم نہیں اس لئے اسے حکم شرعی تسلیم کرنا باطل محض ہو گا۔ (۴) اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں شادی شدہ زنا کرنے والی باندیوں کی جو سزا بیان فرمائی ہے وہ محصنات کے عذاب کا نصف ہے۔ اب اگر محصنہ کی سزا رجم قرار دی جائے تو اس کی تنصیف ناممکن ہونے کی وجہ سے یہ آیت ناقابل عمل ہو گی اور یہ صراحۃً باطل ہے۔ (۵) انسان کو سنگسار کرنا انتہائی بے رحمی اور مہذب معاشرہ میں وحشت و بربریت کا مظاہرہ ہے جو اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔

ہر جزو کا علی الترتیب جواب اس تجزیہ کے بعد ہر جزو کا جواب علی الترتیب ہدیہ ناظرین ہے

(۱) حدیث میں قرآن سے کسی مضمون کے زائد ہونے کو قرآن کے خلاف کہنا اصل فاسد ہے جس پر منکرین سنت نے رجم محصن کے انکار کی بنیاد رکھی ہے اگر ان کی یہ بات تسلیم کر لی جائے تو میں ان سے دریافت کروں گا کہ اوقاتِ صلوٰۃ، تعدادِ رکعات، ہیئت اقامت صلوٰۃ کا بیان قرآن مجید میں کہاں وارد ہے؟

کیا یہ سب کچھ احادیث اور تعامل مسلمین سے ثابت نہیں؟ پھر اپنی اسی اصل فاسد کی بنا پر ان سب امور کو بھی (جو درحقیقت قرآن کی تفسیر ہیں) قرآن کے خلاف کہہ دیجئے اور اگر کوئی بے باک اس کو خلافِ قرآن کہنے کی جرأت کر بیٹھے تو پھر اسی کو بتانا ہو گا کہ قرآنی آیت ’’اَقِیْمُوا الصَّلٰوۃَ‘‘ پر عمل کرنے کی کیا صورت ہے؟

پہلی دلیل کا جواب، زائد علی القرآن اور معارض قرآن میں فرق منکرین حدیث اگر ایسی چیز کو قرآن کے معارض کہیں جو زائد علی القرآن ہو اور وحی الٰہی نہ ہو تو ان کی یہ بات کسی حد تک قابل قبول ہو سکتی ہے لیکن سنت نبوی میں جو احکام زائد علی القرآن پائے جاتے ہیں وہ وحی الٰہی کا غیر نہیں بلکہ وہ سب وحی الٰہی ہیں۔ قبل ازیں ہم قرآن مجید ہی سے اس دعوے کو ثابت کر چکے ہیں کہ خدا کی وحی قرآن میں منحصر نہیں بلکہ حدیث بھی وحی الٰہی ہے جس کے بغیر تعلیم کتاب ممکن نہیں۔

حدیث نبوی کے وحی خداوندی ثابت ہو جانے کے بعد یہ بات قطعاً باطل ہو جاتی ہے کہ حدیث میں جو بات قرآن سے زائد ہو وہ قرآن کے معارض ہے۔ ایک ادنیٰ عقل رکھنے والا انسان بھی اس بات کو بآسانی سمجھ سکتا ہے کہ اگر ایک وحی میں کوئی ایسا حکم نازل ہو جائے جو دوسری وحی میں نہیں ہے تو اسے اس دوسری وحی کے منافی قرار دینا صحیح نہیں۔ ورنہ قرآن مجید کی وہ سب سورتیں اور آیتیں ایک دوسرے کے معارض ہو جائیں گی جن میں متغائر احکام وارد ہیں کیونکہ یہ بات ظاہر ہے کہ جمیع احکام قرآنیہ ایک ہی سورت یا آیت میں مذکور نہیں۔ ایسی صورت میں آیات و سورئہ قرآنیہ کو باہم متخالف و متعارض تسلیم کرنا پڑے گا جو بداہۃً باطل ہے۔ بالکل اسی طرح ان احادیث کا بھی قرآن کے خلاف ہونا باطل محض ہے جن میں بعض ایسے احکام وارد ہوئے جو قرآن مجید میں مذکور نہیں۔

زیادۃ یا تغائر کا تعارض کو مستلزم نہ ہونا مخالفین سنت نے آج تک اس حقیقت کو نہیں سمجھا کہ ایک چیز کا دوسری چیز پر زائد ہونا یا ان دونوں کا باہم متغائر ہونا ان کے متعارض ہونے کو مستلزم نہیں۔ تعارض تو اسی وقت ہو گا جب کہ ایک کا صدق دوسرے کے کذب کو مستلزم ہو یا ایک کے اثبات سے دوسرے کی نفی لازم آئے۔

قرآن کی ہر آیت وحی الٰہی ہے لیکن اکثر آیاتِ قرآنیہ ایسی ہیں کہ ایک آیت میں جو حکم وارد ہے دوسری میں وہی حکم زیادۃ تفصیل کے ساتھ وارد کیا گیا۔ مثلاً سوئہ نور میں فرمایا ’’اِنَّمَا الْمُؤْمِنُوْنَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا بِاللّٰہِ وَرَسُوْلِہٖ‘‘

اس آیت میں مومنین کا حصر ان لوگوں میں کیا گیا جو اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول پر ایمان لائے۔ اس کے سوا اور کوئی تفصیل یہاں مذکور نہیں لیکن سورئہ نساء میں فرمایا ’’وَمَنْ یَّکْفُرْ بِاللّٰہِ وَمَلٰئِکَتِہٖ وَکُتُبِہٖ وَرُسُلِہٖ وَالْیَوْمِ الْاٰخِرِ فَقَدْ ضَلَّ ضَلٰلاًم بَعِیْدًا۔‘‘

یہاں ملائکہ، کتب و رسل اور یوم آخر کے بیان کو زیادہ کیا گیا۔ اس زیادت کی وجہ سے مخالفین سنت کے نزدیک یہ دونوں آیتیں متعارض ہوں گی؟

علیٰ ہٰذا القیاس وہ آیات بھی بکثرت ہیں جن میں متغائر احکام نازل ہوئے۔ مثلاً ایک آیت میں وارد ہوا ’’فَمَنْ شَہِدَ مِنْکُمُ الشَّہْرَ فَلْیَصُمْہُ‘‘ تم میں سے جو رمضان کے مہینے میں حاضر ہو وہ ماہِ مبارک میں روزے رکھے۔

دوسری آیت میں ارشاد فرمایا ’’فَمَنْ کَانَ مِنْکُمْ مَّرِیْضًا اَوْ عَلٰی سَفَرٍ فَعِدَّۃٌ مِّنْ اَیَّامٍ اُخَرَ‘‘ جو شخص مسافر یا مریض ہونے کی وجہ سے رمضان میں روزہ نہ رکھ سکا وہ رمضان کے علاوہ دوسرے ایام میں روزے رکھے۔

دونوں آیتیں خدا کی وحی ہیں اور ہر ایک کا حکم دوسرے سے متغائر ہے۔ مخالفین سنت کو چاہئے کہ ان دونوں آیتوں کو بھی باہم متعارض کہیں۔

مخالفین سنت کا زعم باطل اور اگر مخالفین سنت اپنی بات پر مصر ہوں کہ جو بات قرآن میں مذکور نہیں وہ بہر صورت قرآن کے مخالف ہے تو میں ان کی خدمت میں عرض کروں گا کہ آپ لوگوں نے اپنے زعم باطل میں معارفِ قرآن، نظام ربوبیت وغیرہ جس قدر مضامین لکھے ہیں آپ کے نزدیک وہ معانی قرآن کا بیان اور مطالب قرآن کی تفسیر ہیں۔

حالانکہ ان میں سے کوئی ایک بات بھی قرآن میں مذکور نہیں بلکہ ہر بات قرآن کے خلاف ہے۔ اس کے باوجود بھی آپ انہیں قرآن کے معارض قرار دینے کی بجائے بیان معانی کتاب اور تفسیر قرآن سمجھتے ہیں لیکن اس تفسیر و توضیح کو جو خود صاحب قرآن حضرت محمد رسول اللہ ﷺ نے وحی الٰہی سے بیان فرمائی اسے قرآن کے معارض اور اللہ تعالیٰ پر افتراء اور بہتان قرار دیتے ہیں۔ فَاِلَی اللّٰہِ الْمُشْتَکٰی

دوسری دلیل کا جواب مخالفین کی دوسری دلیل کا جواب یہ ہے کہ شریعت محمدیہ علیٰ صاحبہا الصلوٰۃ والتحیۃ میں رجم محصن کا منقول ہونا تواتر معنوی کے درجہ تک پہنچ گیا ہے اور اس کی شہرت میں تو کلام کی گنجائش ہی نہیں۔ تعجب ہے کہ منکرین سنت جس تواتر اور تعامل مومنین کی بنا پر قرآن مجید کے کلام الٰہی ہونے کا اقرار کرتے ہیں اسی تواتر و تعامل مومنین سے ایسے احکام شرعیہ بھی ثابت ہیں جنہیں زائد از قرآن کہہ کر قرآن مجید کے معارض کہا جا رہا ہے۔ اسی قسم کے لوگوں کے حق میں اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں ارشاد فرمایا ’’وَمَنْ یُّشَاقِقِ الرَّسُوْلَ مِنْم بَعْدِ مَا تَبَیَّنَ لَہُ الْہُدٰی وَیَتَّبِعْ غَیْرَ سَبِیْلِ الْمُؤْمِنِیْنَ نُوَلِّہٖ مَا تَوَلّٰی وَنُصْلِہٖ جَہَنَّمَج وَسَائَ تْ مَصِیْرًا۔‘‘

رسول اللہ ﷺ کے ساتھ شقاق و اختلاف کی یہی صورت ہے کہ حضور ﷺ کی سنن کریمہ و احادیث شریفہ کے ساتھ اختلاف کیا جائے۔ اسی شقاق و اختلاف کو اللہ تعالیٰ نے ’’غَیْرَ سَبِیْلِ الْمُؤْمِنِیْنَ‘‘ سے تعبیر فرمایا ہے اور اسے اختیار کرنے والوں کے حق میں ’’نُوَلِّہٖ مَا تَوَلّٰی وَنُصْلِہٖ جَہَنَّمَج وَسَائَ تْ مَصِیْرًا‘‘ کی وعید شدید نازل فرمائی۔

ابتدائے اسلام سے اب تک امت مرحومہ کا سنن کریمہ پر عمل پیرا ہونا اور عہد رسالت سے لے کر آج تک رجم محصن کو حکم شرعی تسلیم کرنا ایک ایسی حقیقت ثابتہ ہے جس کا انکار مسلم تو کیا غیر مسلم بھی نہیں کر سکتا۔ حیرت ہے کہ مخالفین سنت نے اس تعامل مسلمین کی راہ (سبیل مومنین) سے اعراض ہی نہیں کیا بلکہ اسے قرآن کے معارض و منافی قرار دے کر پورے دین اور تمام احکام شرعیہ کو پس پشت ڈال دیا۔

رجم کا عقوبت زنا ہونا انبیاء علیہم السلام اور تمام ادیان سماویہ کا اجماعی مسئلہ ہے رجم کا زنا کی سزا ہونا صرف امت محمدیہ کے نزدیک نہیں بلکہ امم سابقہ اور جماہیر انبیاء کرام و شرائع سماویہ کے نزدیک بھی مسلم ہے اور یہ مسئلہ تمام ادیانِ سماویہ اور امم سابقہ و انبیاء سابقین علیہم السلام کا اجماعی و اتفاقی مسئلہ ہے۔ اسی لئے شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ’’واعلم انہ کان من شریعۃ من قبلنا القصاص فی القتل والرجم فی الزنا والقطع فی السرقۃ فہٰذہ الثلث کانت متوارثۃ فی الشرائع السماویۃ واطبق علیہا جماہیر الانبیاء والامم۔ (حجۃ اللہ البالغہ ج ۲ ص ۵۸ طبع مصر، الحدود)

مسئلہ رجم کا تمام شرائع سابقہ، ادیان سماویہ اور امم ماضیہ و جماہیر انبیاء سابقین علیہم السلام کے نزدیک اتفاقی ہونا پھر امت محمدیہ کا اسے بالاتفاق تسلیم کرنا اور اس پر عمل پیرا رہنا کیا اس امر کی قطعی دلیل نہیں کہ تعامل مسلمین و سبیل مومنین ازروئے قرآن کریم یہی ہے کہ رجم کو زنا کی سزا اعتقاد کیا جائے۔

اور ظاہر ہے کہ قرآن مجید کتب سابقہ و شرائع سماویہ پر ’’مُہَیْمِنْ‘‘ ان کا نگہبان اور محافظ ہے جس کا مفاد یہ ہے کہ کتب سابقہ و شرائع سماویہ کے وہ تمام احکام جو متوارث چلے آئے ہیں اور ان کے حق میں کسی دلیل شرعی سے نسخ ثابت نہیں ہوا قرآن مجید اور شریعت محمدیہ میں موجود ہیں۔ اختلافِ نوعیت اور اجمال و تفصیل کا فرق بجائے خود ہے لیکن اس میں شک نہیں کہ قرآن کا ’’مُہَیْمِنْ‘‘ ہونا اس امر کی روشن دلیل ہے کہ جمیع احکام مذکورہ سابقہ خواہ کسی نوعیت میں ہوں اجمال یا تفصیل کے ساتھ قرآن میں موجود ہیں۔ یہ علیحدہ امر ہے کہ جو مسائل قرآن میں مجمل تھے حدیث نے ان کی تفسیر کر دی۔ بہرنوع ہماری مقدس کتاب اور ہماری شریعت ’’مُہَیْمِنْ‘‘ ہونے کی وجہ سے سب کی جامع اور ان پر نگہبان و نگران ہے۔

اس حقیقت کی وضاحت کے بعد اگر یہ کہہ دیا جائے کہ ’’اَلزَّانِیَۃُ وَالزَّانِیْ‘‘ کے عموم کی تخصیص اس وحی الٰہی نے کر دی جس میں رجم کا حکم نازل کیا گیا۔ جس طرح ایک آیت دوسری آیت کے لئے مخصص ہو سکتی ہے اسی طرح غیر متلو وحی بھی دوسری وحی کے لئے مخصص قرار پا سکتی ہے۔ متلو اور غیر متلو کا فرق یہاں اثر انداز نہیں ہوتا کیونکہ اس باب میں جو چیز اصل ہے وہ وحی الٰہی ہے متلو ہو یا غیر متلو۔

ازروئے قرآن مائۃ جلدۃ کا حکم عام نہیں منکرین سنت کا یہ دعویٰ کہ ’’اَلزَّانِیَۃُ وَالزَّانِیْ‘‘ میں عموم قطعی ہے اور ہر زانی اور زانیہ کا حکم مائۃ جلدۃ ہے خود قرآن کی روشنی میں باطل محض اور مردود ہے۔ منکرین سنت بتائیں کہ شادی شدہ باندی جو زنا کی مرتکب ہو ’’اَلزَّانِیَۃُ وَالزَّانِیْ‘‘ کے عموم میں داخل ہے یا نہیں؟ برتقدیر ثانی انہوں نے خود اپنے قول کی تکذیب کر دی اور برتقدیر اول ان کے حق میں مائۃ جلدۃ کی بجائے اس کا نصف عذاب ہونا آپ کے قول کو مردود قرار دے رہا ہے۔ ظاہر ہے کہ نصف مائۃ مائۃ نہیں۔ پھر آپ ہی بتائیں کہ مائۃ جلدۃ کا حکم ہر زانی اور ہر زانیہ کے لئے کس طرح عام رہا؟

اگر یہ کہا جائے کہ ’’فَعَلَیْہِنَّ نِصْفُ مَا عَلَی الْمُحْصَنَاتِ‘‘ نے پہلی آیت ’’اَلزَّانِیَۃُ وَالزَّانِیْ‘‘ کو خاص کر دیا تو میں عرض کروں گا جس وحی میں اللہ تعالیٰ نے رجم کا حکم نازل فرمایا اس نے آیت سابقہ کے عموم کو اسی طرح خاص کر دیا جیسا کہ آپ نے ’’فَعَلَیْہِنَّ نِصْفُ مَا عَلَی الْمُحْصَنَاتِ‘‘ سے تخصیص کا قول کیا ہے اور یہ بات ہم پہلے عرض کر چکے ہیں کہ رجم محصن کے حکم شرعی کی نقل تواتر معنوی سے کم نہیں۔ ایسی صورت میں اگر روایات رجم بھی عموم آیت کے لئے مخصص ہو جائیں تو کون سا استحالہ لازم آتا ہے؟

تیسری دلیل کا جواب منکرین سنت کی تیسری دلیل یہ ہے کہ ثبوت رجم پر کوئی شرعی دلیل قائم نہیں۔ اس لئے وہ باطل ہے۔ اس کا مفصل جواب بیان سابق میں آ چکا۔

ہم نے ابھی عرض کیا کہ (۱) ’رسول اللہ ﷺ کا اس پر عمل فرمانا‘ (۲) رجم تواتر سے منقول ہے۔

’’عہد رسالت سے لے کر آج تک اس کا تواتر کے ساتھ منقول ہونا‘‘ جیسا کہ ابو بکر رازی نے کہا۔ ملاحظہ ہو تفسیر کبیر جلد ۶ ص ۳۱۴ کہ رجم کو ابو بکر و عمر و جابر بن عبد اللہ، ابو سعید خدری و ابو ہریرہ، بریدہ اسلمی و زید بن خالد اور ان کے ماسوا بے شمار صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے روایت کیا اور صحابہ کرام سے تابعین نے تابعین کے بعد بغیر کسی انقطاع کے ہر زمانہ کے کثیرین اجلہ خیار امت عقوبت زنا میں رجم کو نقل کرتے آئے اور نقل و روایت کا یہ سلسلہ آج تک برابر چلا آ رہا ہے۔ خوارج کے انکار سے اس کا معارضہ قطعاً باطل ہے۔ اولاً اس لئے کہ وہ اس کے اہل نہیں کہ ان کے اقرار یا انکار کو دین متین میں کوئی اہمیت دی جائے ثانیاً اس لئے کہ جس قوت بلکہ تواتر کے ساتھ رجم کا ثبوت منقول ہے اس کا تصور بھی انکار خوارج کی نقل میں نہیں ہو سکتا۔ محض تاریخی روایت کی حیثیت سے خوارج کا انکار نقل کیا گیا ہے اور ظاہر ہے کہ ایسا کمزور طریق نقل اس تواتر پر اثر انداز نہیں ہو سکتا جسے ہم ثبوت میں پیش کر چکے ہیں۔

(۳) ’اسلام کی پوری تاریخ میں اس پر تعامل مسلمین کا پایا جانا‘ صرف یہی نہیں بلکہ (۴) ’جماہیر انبیاء علیہم السلام، امم سابقہ وشرائع سماویہ سب کا اجماع و اتفاق‘ حتیٰ کہ (۵) ’باوجود تحریف و تبدیل کے توراۃ میں آیت رجم کا ہونا‘ ایسے امور ہیں کہ ان میں سے ہر ایک ثبوت رجم میں مستقل دلیل ہے لیکن حیرت ہے کہ منکرین سنت کو ان میں سے کوئی ایک دلیل بھی نظر نہیں آتی۔

چوتھی دلیل کا جواب مخالفین سنت کی چوتھی دلیل یہ ہے کہ اگر شادی شدہ مرد یا عورت کے لئے زنا کی سزا رجم ہو تو وہ اللہ تعالیٰ کے قول ’’فَعَلَیْہِنَّ نِصْفُ مَا عَلَی الْمُحْصَنَاتِ‘‘ کے خلاف ہو گی اس لئے کہ آیت میں اللہ تعالیٰ نے شادی شدہ باندیوں کی سزا ’’محصنات‘‘ کی سزا سے نصف مقرر فرمائی ہے اور یہ اسی صورت میں ہو سکتی ہے جب کہ محصنات (یعنی آزاد شادی شدہ عورتوں) کی سزا رجم کے بجائے سو کوڑے ہوں۔ کیونکہ سو کوڑوں کی تنصیف پچاس کوڑوں کے ساتھ ممکن ہے مگر رجم کی تنصیف کسی طرح ممکن نہیں۔ معلوم ہوا کہ رجم کا قول قرآن پاک کے خلاف اور اس کے معارض ہے۔

اس کا جواب یہ ہے کہ یہاں ’’محصنات‘‘ سے شادی شدہ عورتیں مراد نہیں بلکہ ’’کنواری، آزاد عورتیں‘‘ مراد ہیں اور آیت کریمہ ’’فَعَلَیْہِنَّ نِصْفُ مَا عَلَی الْمُحْصَنَاتِ مِنَ الْعَذَابِ‘‘ کا مطلب یہ ہے کہ باندیاں جب تک منکوحہ ہونے کے باوجود فاحشہ ہونے کی مرتکب ہوں تو ان پر ’’کنواری، آزاد عوررتوں‘‘ کے عذاب کا نصف (عذاب) ہے اور ’’کنواری، آزاد عورتوں‘‘ کا عذاب مائۃ جلـدۃ (سو کوڑے) ہیں۔ لہٰذا ’’فَعَلَیْہِنَّ نِصْفُ مَا عَلَی الْمُحْصَنَاتِ مِنَ الْعَذَابِ‘‘ سے پچاس کوڑے مراد ہوئے۔ یہاں رجم کا موقع ہی نہیں جہاں تنصیف کا استحالہ موجب اعتراض ہو سکے۔

احصان تزویج میں منحصر نہیں رہا یہ امر کہ ’’محصنات‘‘ صرف شادی شدہ عورتوں کو کہا جاتا ہے کنواری عورتیں محصنات نہیں ہو سکتیں تو میں عرض کروں گا کہ یہ قطعاً غلط ہے کہ احصان تزویج میں منحصر ہو بلکہ تزویج کے علاوہ اسلام، عفاف اور حریت سے بھی احصان ثابت ہو جاتا ہے کیونکہ ’’احصان‘‘ کے اصل معنی ’’منع‘‘ ہیں ’’عورت‘‘ اسلام، عفاف، حریت اور تزویج (سب کے ساتھ) محصنہ ہو سکتی ہے۔ لسان العرب میں ہے ’’واصل الاحصان المنع۔ والمرأۃ تکون محصنۃ بالاسلام والعفاف والحریۃ والتزویج۔‘‘ (لسان العرب ج ۱۳ ص ۱۲۰)

اسی طرح تاج العروس شرح قاموس جلد ۹ ص ۱۷۹، مجمع بحار الانوار جلد اول ص ۲۷۳، مفردات امام راغب ص ۱۲۰ و دیگر کتب معتبرہ فی اللغۃ میں یہ تصریحات موجود ہیں۔ نیز کتب تفاسیر بھی ان تصریحات سے مملو ہیں۔

روح المعانی میں اسی آیت کے تحت ہے ’’نصف ما علی المحصنٰت ای الحرائر الابکار‘‘ (پ ۵ ص ۱۰)

امام فخر الدین رازی رحمۃ اللہ علیہ نے بھی اسی طرح فرمایا ملاحظہ ہو تفسیر کبیر جلد سوم ص ۲۹۸ پھر یہ کہ خود قرآن مجید میں لفظ ’’محصنات‘‘ غیر شادی شدہ عورتوں کے لئے وارد ہے۔ اسی آیت کے ابتدائی حصے میں اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا ’’وَمَنْ لَّمْ یَسْتَطِعْ مِنْکُمْ طَوْلاً اَنْ یَّنْکِحَ الْمُحْصَنَاتِ الْمُؤْمِنَاتِ فَمِنْ مَّا مَلَکَتْ اَیْمَانُکُمْ مِّنْ فَتَیَاتِکُمُ الْمُؤْمِنَاتِ۔‘‘ یعنی تم میں سے جو شخص حرائر (آزاد) ایمان والی عورتوں سے نکاح کی طاقت نہ رکھتا ہو تو آپس کی مملوکہ ایمان والی باندیوں سے نکاح کر لے۔ یہاں ’’المحصنات‘‘ سے قطعاً غیر شادی شدہ آزاد عورتیں ہی مراد ہیں۔ غیر شادی شدہ اس لئے کہ یہاں ان سے نکاح کرنے کا ذکر ہے۔ شادی شدہ خاوند والی سے نکاح نہیں ہو سکتا اور آزاد اس لئے کہ ان کے بجائے باندیوں سے نکاح کا حکم دیا جا رہا ہے۔ تعجب ہے کہ منکرین سنت کو قرآن کریم کی یہ روشن تصریح بھی نظر نہ آئی ورنہ وہ ’’فَعَلَیْہِنَّ نِصْفُ مَا عَلَی الْمُحْصَنَاتِ مِنَ الْعَذَابِ‘‘ سے استدلال کی جرأت نہ کرتے۔

پانچویں دلیل کا جواب مخالفین سنت کی پانچویں دلیل یہ ہے کہ انسان کو سنگسار کرنا اس مہذب معاشرہ میں سخت بے رحمی اور بربریت کا مظاہرہ ہے۔ اس کے جواب میں بجز اس کے کیا کہا جائے کہ جس قوم کی اصطلاح میں بے حیائی کا نام تہذیب ہو اس کے نزدیک فاحشہ کی سزا بے رحمی اور وحشت و بربریت ہی کہلائے گی۔

اے کاش! یہ لوگ اس حقیقت کو سمجھتے کہ انسان کا شادی شدہ ہونا اس کی عزت و ناموس کی حفاظت کی ضمانت ہے اور ’’احصان بالتزویج‘‘ گویا اس کی پاک دامنی کے لئے ایک حصن حصین اور مضبوط قلعہ ہے۔ ایسا محصن جب فحاشی کا مرتکب ہو کر کسی کی آبرو ریزی کرتا ہے تو صرف یہ نہیں کہ اس نے انسانی عفت کے درآب دار کو شکستہ کر ڈالا بلکہ اس سے پہلے اس نے خود اپنے حصار عفت کو سنگ ہائے معصیت سے ریزہ ریزہ کر دیا ایسے شخص کی سزا سنگ ساری سے کم ہونا اسلامی معاشرہ میں انسانی ناموس کے ساتھ سخت بے رحمی اور انتہائی وحشت و بربریت کا مظاہرہ ہے۔