قرآن کے علاوہ وحی کا ثبوت کلام الٰہی کو غور سے دیکھئے۔ آپ کو ایسی روشن آیات ملیں گی جن سے الفاظ قرآن کے علاوہ بھی وحی کا ثبوت ملتا ہے۔ دیکھئے قرآن مجید میں ہے ’’وَاِذْ اَسَرَّ النَّبِیُّ اِلٰی بَعْضِ اَزْوَاجِہٖ حَدِیْثًا۔‘‘ (الاٰیۃ)

نبی کریم ﷺ نے اپنی کسی زوجہ مطہرہ سے ایک راز کی بات فرمائی جس کو انہوں نے افشاء کر دیا۔ ’’وَاَظْہَرَہُ اللّٰہُ عَلَیْہِ‘‘ اور اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ ﷺ پر اس بات کو ظاہر فرما دیا (کہ آپ کی بیوی نے آپ کا راز فاش کر دیا) اللہ تعالیٰ کے اظہار کے بعد حضور ﷺ نے اس پاک بیوی سے فرمایا کہ تم نے فلاں بات کی اطلاع دوسری بیوی کو دے کر ہمارا راز کھول دیا حالانکہ تمہیں منع بھی کر دیا تھا۔ وہ متعجب ہو کر کہنے لگیں آپ کو کس نے بتایا؟ حضور ﷺ نے فرمایا ’’نَبَّأَنِیَ الْعَلِیْمُ الْخَبِیْرُ‘‘ مجھے خدائے علیم و خبیر نے بتایا۔ آپ سارے قرآن کو پڑھ جایئے یہ تو آپ کو ملے گا کہ ’’وَاَظْہَرَہُ اللّٰہُ عَلَیْہِ‘‘ اللہ تعالیٰ نے اس کو نبی کریم ﷺ پر ظاہر فرما دیا لیکن وہ کیا بات تھی اور کن لفظوں میں اس بات کو اللہ تعالیٰ نے حضور ﷺ پر ظاہر فرما دیا قرآن پاک میں یہ بات آپ کو کہیں نہ ملے گی۔ ثابت ہوا کہ الفاظ قرآن کے علاوہ بھی اللہ تعالیٰ اپنے رسول ﷺ پر وحی فرماتا ہے۔

اس مقام پر یہ کہنا کہ علیم و خبیر سے اللہ تعالیٰ مراد نہیں گویا قرآن کی تکذیب ہے کیونکہ ’’وَاَظْہَرَہُ اللّٰہُ عَلَیْہِ‘‘ قرآن ہی میں موجود ہے۔ نیز یہاں یہ بات بھی باطل محض ہے کہ اللہ تعالیٰ کے کسی بندہ کی خبر بھی گویا اللہ تعالیٰ ہی کی خبر ہوتی ہے کیونکہ ایسی صورت میں اس واقعہ میں کوئی ایسی اہمیت نہیں پائی جاتی جس کی بناء پر اسے اہتمام شان کے ساتھ قرآن مجید میں ذکر فرمایا جائے۔ مختصر یہ کہ قرآن کی یہ آیت اس دعوے کی روشن دلیل ہے کہ وحی الٰہی الفاظ قرآن کے علاوہ بھی ہوتی ہے۔

عصمت و زَلَّت زَلَّات انبیاء علیہم السلام کے پیش نظر جو غلط فہمی حجیت حدیث کے بارے میں معترضین کو واقع ہوئی اس کا ازالہ عصمت و زلت کے معنی سمجھے بغیر ناممکن ہے۔ زلت سے پہلے عصمت پر کلام کرنا مناسب معلوم ہوتا ہے۔ اس مختصر مضمون میں تفصیلی بحث کا موقع نہیں اس لئے جامع اور مختصر الفاظ میں بعض کتب معتبرہ کی ان عبارات کا خلاصہ ہدیۂ ناظرین ہے جو عصمۃ کی تعریف اور ا س کے معنی کی وضاحت میں وارد ہیں پیش نظر تمام عبارات کا مفاد حسب ذیل ہے۔

عصمت نبوت عصمت ایک لطف خداوندی ہے جو ’’نبی‘‘ کے شامل حال رہتا ہے۔ ایک ملکہ نفسانیہ ہے جسے اللہ تعالیٰ اپنے نبی کی ذات میں پیدا کرتا ہے جو نبی کی ذات مقدسہ میں ’’عدم خلق معصیت‘‘ کا سبب بن جاتا ہے جس کے باعث باوجود قدرت و اختیار کے نبی سے گناہ سرزد نہیں ہو سکتا۔

چونکہ نبی کی ذات میں معصیت مخلوق نہیں ہوتی اور عنایت ایزدی سے اس کے حق میں ہمیشہ دفع شر ہوتا رہتا ہے یہاں تک کہ اس کی قدرت ’’طاعت‘‘ کے ساتھ مختص ہو جاتی ہے اس لئے یہ کہنا بھی درست ہو گا کہ ’’فَلاَ یُخْلَـقُ لَہٗ قُـدْرَۃُ الْمَعْصِیَّۃِ‘‘۔

اللہ تعالیٰ کا ہر قسم کی برائیوں سے اپنے نبیوں کو محفوظ رکھنا اس صفاء جوہر کی وجہ سے ہے جو ان کے ساتھ مختص ہے نیز ان کے فضائل جسمیہ و نفسیہ کی وجہ سے جو عطیہ خداوندی ہے۔ پھر اللہ تعالیٰ کی نصرت خاص اور ان کو ثابت قدم رکھنے اور ان پر سکینہ نازل فرما کر ان کے قلوب کو کجروی سے بچا کر ہمیشہ کے لئے اپنی توفیق کو ان کے شامل حال فرمانا ’’عصمت نبوت‘‘ ہے۔ (ملاحظہ ہو مسائرہ اور اس کی شرح مسامرہ جلد ۲ ص ۸۱، شرح عقائد نسفی ص ۷۳، مفردات امام راغب اصفہانی ص ۲۴۱، مجمع بحار الانوار جلد ۳ ص ۳۹۳، تعریف الاشیاء للسید شریف الجرجانی ص ۶۵، دستور العلماء جلد ۲ ص ۳۲۵، اقرب الموارد جلد ۲ ص ۳۹۱)

عصمت نبوت قرآن سے ثابت ہونا عصمت نبوت کا یہ مفہوم قرآن مجید میں بے شمار مقامات پر موجود ہے اور بکثرت آیاتِ قرآنیہ سے یہ دعویٰ ثابت ہے جن آیات میں اطاعت و اتباع رسول کا حکم دیا گیا ہے اور اسوئہ رسول اللہ ﷺ کی اقتداء کا امر وارد ہے وہ سب عصمت نبوت کی دلیل ہیں کیونکہ اگر ان سے معصیت کا صدور ممکن ہو تو برتقدیر وقوع اس کی اتباع بھی فرض ہو گی حالانکہ معصیت کی اتباع معصیت ہونے کی وجہ سے حرام ہے۔

قرآن مجید میں غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے نبیوں کو معصیت تو درکنار عزم اور ارادہ معصیت سے بھی بچاتا ہے۔ ان کی قلبی کیفیات اور عواطف رجحانات کی بھی مکمل طور پر حفاظت و نگرانی فرماتا ہے۔ جیسا کہ حضرت یوسف علیہ السلام کے حق میں فرمایا ’’وَلَقَدْ ہَمَّتْ بِہٖج وَہَمَّ بِہَا لَوْ لاَ اَنْ رَّاٰی بُرْہَانَ رَبِّہٖ۔‘‘ (یوسف: ۲۴) یعنی اللہ تعالیٰ نے یوسف علیہ السلام کو اپنی برہان دکھا کر انہیں قصد معصیت سے بھی محفوظ رکھا اور حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کے متعلق ارشاد فرمایا ’’لَقَدْ کِدْتَّ تَرْکَنُ اِلَیْہِمْ شَیْئًا قَلِیْلاً۔‘‘ (بنی اسرائیل : ۷۴) یعنی اگر ہم آپ کو بچائے نہ رکھتے تو آپ قریب ہو گئے تھے کہ ان کی طرف کچھ تھوڑے سے مائل ہو جاتے۔ یہی ’’برہان رب‘‘ اور ’’تثبیت خداوندی‘‘ ’’عصمت نبوت‘‘ ہے۔

عصمت، حجیت حدیث کی دلیل ہے حضرات انبیاء کرام علیہم السلام کی اس عظیم الشان حفاظت و عصمت اور نگرانی کی وجہ یہی ہے کہ وہ اس لئے بھیجے جاتے ہیں کہ ان کے اقوال و افعال اور سیرت و حال کو حجت شرعیہ سمجھ کر ان کی اتباع اور اطاعت کی جائے۔

زلت النبی عصمت نبوت پر کلام کرتے ہوئے حضرت یوسف علیہ السلام اور حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کے متعلق قرآن مجید کی جن دو آیتوں سے ہم نے استدلال کیا ہے ان کی روشنی میں زلت النبی کا مفہوم بھی واضح ہو جاتا ہے۔ لغت میں زلت کے معنی لغزش ہیں۔ زیر بحث عنوان میں لفظ زلت سے اللہ تعالیٰ کے نبی کا وہ کام اور وہ حال اور کیفیت مراد ہے جو بلحاظ منصب نبوت (بظاہر) خلافِ اولیٰ ہو جیسا کہ حضرت یوسف علیہ السلام کا وہ خطرہ قلبیہ (مَعَ الْاِمْتِنَاعِ عَنِ الْمَعْصِیَّۃِ) زلت تھا جس کے فوراً بعد ’’برھان رب‘‘ یعنی عصمت الٰہیہ کا ظہور عمل میں آیا۔ اسی طرح حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کا (مَعَ الْکَرَاہَۃِ الْقَلْبِیَّۃِ) قریش کی طرف کچھ تھوڑا سا مائل ہونے کے قریب ہونا بھی ایک قسم کی زلت تھا جس کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی تثبیت یعنی عصمت ایزدی کی شان ظہور میں آئی۔

حضرات انبیاء کرام علیہم السلام سے صدور زلت کے معا بعد عصمت الٰہیہ کا ظاہر ہونا اس حقیقت کو واضح کرتا ہے کہ اگر انبیاء علیہم السلام سے زلات کا صدور نہ ہوتا تو شان عصمت کا ظہور بھی متحقق نہ ہوتا۔ ایسی صورت میں زلت کو عصمت کے خلاف قرار دینا قرآن مجید سے بے خبر اور غافل ہونے کی دلیل ہے۔

زلات کے مسئلہ میں جمہور امت کا موقف اس مسئلہ میں عہد رسالت سے لے کر آج تک جمہور امت مسلمہ کا یہی مسلک رہا ہے کہ زلات انبیاء از قبیل ’’حَسَنَاتُ الْاَبْرَارِ سَیِّاٰتُ الْمُقَرَّبِیْنَ‘‘ ہیں اور جہاں انہیں عصیان یا لفظ ذنب سے تعبیر کیا گیا ہے وہاں محض مماثلث صوریہ کی وجہ سے ہے۔ جیسے ’’عَصٰی اٰدَمُ رَبَّہٗ فَغَوٰی‘‘ یہاں عصیان اور غوایت صورۃً مراد ہے حقیقۃً نہیں جس کی دلیل ارشادِ خداوندی ہے ’’وَلَقَدْ عَہِدْنَا اِلٰی اٰدَمَ مِنْ قَبْلُ فَنَسِیَ وَلَمْ نَجِدْ لَہٗ عَزْمًا۔‘‘ (طٰہٰ: ۱۱۵)

ظاہر ہے کہ عزم کے بغیر فعل معصیت نہیں ہوتا اس لئے یہ تعبیر ایسی ہے جیسے ’’جَزَائُ سَیِّئَۃٍ سَیِّئَۃٌم بِمِثْلِہَا‘‘ (شورٰی: ۴۰) میں برائی کے بدلہ کو بھی برائی سے تعبیر فرمایا گیا ہے حالانکہ وہ برا نہیں ورنہ اس کا مشروع ہونا محال قرار پائے گا جو بداہۃً باطل ہے۔

اور نہ سہی! انہی دو آیتوں میں زلت کی حقیقت کا جائزہ لے لیجئے۔ غیر اختیاری خطرہ قلبیہ کے باوجود یوسف علیہ السلام کا برائی سے باز رہنا کتنی بڑی نیکی ہے۔ اسی طرح بے اختیار خیال پیدا ہو جانے کے باوجود حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کا قریش کی طرف ’’تھوڑا سا جھکنے سے بھی قلبی کراہت کا احساس فرمانا‘‘ کیسی عظیم خوبی اور اطاعت ہے لیکن اس کے باوجود اس کا خلافِ اولیٰ ہونا محض منصب نبوت کے لحاظ سے ہے جو عصمت کے خلاف نہیں بلکہ علو شانِ نبوت کی دلیل ہے۔

عتاب الٰہی حجیت حدیث کے منافی نہیں رہا یہ امر کہ رسل و انبیاء کرام علیہم السلام کو بعض اوقات اللہ تعالیٰ کی طرف سے عتاب کیا گیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ (معاذ اللہ) ان کے بعض کام اللہ تعالیٰ کو ناپسند تھے ایسی صورت میں ان کا حجت شرعیہ ہونا کیسے درست ہو سکتا ہے؟ تو اس کے جواب میں ہم تفسیر روح المعانی کی ایک عبارت اور مختصر بیان پر اکتفا کرتے ہیں جو طالب حق کے لئے موجب بصیرت ہے۔

علامہ سید محمود آلوسی بغدادی حنفی اپنی معرکۃ الاٰرا تفسیر روح المعانی میں ارقام فرماتے ہیں ’’واما معاتبتہ رسول اللّٰہ ا فی بعض ماصدر فلیس لنقص فیہ ولا لا خلال بالادب عن فـعلہ حاشاہ ثم حاشاہ ولٰـکن لاسرار خفیۃ وحکم ربانیۃ علمہا من علمہا وجہلہا من جہلہا۔ انتہٰی (روح المعانی پ ۲ ص ۷)

رسول اللہ ﷺ کے بعض کاموں پر اللہ تعالیٰ کا معاتبہ کسی نقص یا خلاف ادب ہونے کی وجہ سے ہرگز نہ تھا۔ حضور ﷺ اس سے پاک ہیں لیکن یہ معاتبہ اللہ تعالیٰ کے مخفی اسرار اور باریک حکمتوں کی وجہ سے تھا۔ جاننے والوں نے انہیں جانا اور نہ جاننے والے ان سے بے خبر رہے۔ (انتہیٰ)

عتابِ خداوندی مبنی بر حکمت ہے معاتبہ الٰہیہ میں محققین صوفیہ کے طریق پر اہل حق اور صاحبانِ ذوق کے لئے سیدی عبد العزیز دباغ مصری رحمۃ اللہ علیہ کا کلام قابل دید ہے لیکن مخالفین سنت کو اس سے کیا سروکار؟ انہوں نے تو قرآن مجید کی بھی ان تمام آیات کو پس پشت ڈال دیا جن کی روشنی میں حضرات انبیاء کرام علیہم السلام کا اللہ تعالیٰ کے نزدیک عبادِ مخلصین اور مکرمین و محبوبین ہونا روزِ روشن کی طرح واضح ہے اور ان سب تصریحات قرآنیہ کو نظر انداز کر دیا جو اس بات کی قطعی دلیل ہیں کہ ہر نبی اپنی امت کے لئے مزکی و مربی، حاکم و مطاع اور شارح ہوتا ہے اور صرف ان آیات کو سامنے رکھ لیا جن میں حکم غامضہ و اسرار خفیہ بالخصوص کمال قرب و محبوبیت کی بناء پر بصورتِ عتاب محبت آمیز خطاب وارد ہے۔ اے کاش! اگر وہ لوگ طالب حق ہو کر سیاق و سباق کو پیش نظر رکھتے ہوئے ان آیات میں صحیح غور و فکر سے کام لیتے تو ان پر ہمارے اس بیان کی صداقت واضح ہو جاتی جسے ہم نے اس مختصر سے مضمون میں بخوفِ طوالت جامعیت کے ساتھ چند سطور میں قلمبند کیا ہے۔

آیت کریمہ ’’یٰٓـاَیُّہَا النَّبِیُّ لِمَ تُحَرِّمُ‘‘ کی بحث مثال کے طور پر صرف آیۂ کریمہ پر غور کر لیجئے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ’’یٰاَیُّہَا النَّبِیُّ لِمَ تُحَرِّمُ مَا اَحَلَّ اللّٰہُ لَکَج تََبْتَغِیْ مَرْضَاتَ اَزْوٰجِکَط وَاللّٰہُ غَفُوْرٌ رَّحِیْمٌo قَدْ فَرَضَ اللّٰہُ لَکُمْ تَحِلَّۃَ اَیْمَانِکُمْج وَاللّٰہُ مَوْلٰـکُمْج وَہُوَ الْعَلِیْمُ الْحَکِیْمُo‘‘ (التحریم : ۱، ۲) ان دونوں آیتوں کا خلاصہ ترجمہ یہ ہے کہ اے نبی محترم! آپ اس چیز کو ـ(اپنے لئے) کیوں حرام فرماتے ہیں جسے اللہ تعالیٰ نے آپ کے لئے حلال کر دیا؟ آپ اپنی ازواجِ مطہرات کی رضا مندی چاہتے ہیں اور اللہ تعالیٰ غفور رحیم ہے (اے ایمان والو!) اللہ تعالیٰ نے تمہارے لئے تمہاری قسموں کا کھول دینا مقرر فرما دیا اور اللہ تعالیٰ تمہارا مولیٰ ہے اور علیم و حکیم ہے۔

ان آیتوں کو رسول اللہ ﷺ کی زلت یعنی لغزش اور اس پر معاتبہ الٰہیہ کے ثبوت میں پیش کیا جاتا ہے۔ یہ صحیح ہے لیکن ان کے سیاق و سباق کو سامنے رکھئے اور پھر ہمارے بیانِ سابق کی تصدیق کیجئے ’’لِمَ تُحَرِّمُ مَا اَحَلَّ اللّٰہُ لَکَ‘‘ نہایت ہی محبت آمیز خطاب ہے جو بصورتِ عتاب نازل ہوا۔ اس حقیقت کو سمجھنے کے لئے سب سے پہلے ’’یٰاَیُّہَا النَّبِیُّ‘‘ کو پیشِ نظر رکھئے۔ نبی وہ ذاتِ مقدسہ ہے جو وصف نبوت سے متصف ہے۔ قرآن مجید کی روشنی میں یہ حقیقت آفتاب سے زیادہ روشن ہے کہ وہ وصف نبوت، قربِ الٰہی، محبوبیت ایزدی، کمال عبدیت اور صدیقیت و صالحیت عظمیٰ کا منتہیٰ ہے بلکہ بنی نوع انسان کے لئے اس سے زیادہ عظمت اور کرامت کا کوئی درجہ نہیں۔ اگر کسی برائی کے ارتکاب پر سرزنش کرنا اور عتاب فرمانا ہی مقصد ہوتا تو اس کا آغاز ’’یٰاَیُّہَا النَّبِیُّ‘‘ سے نہ کیا جاتا کیونکہ اس تقدیر پر اللہ تعالیٰ کا یہ کلام بالکل ایسا ہو جائے گا جیسا کہ ایک مالک اپنے سرکش اور بے ادب غلام کو اس کی بے ادبی اور نافرمانی کی سرزنش کرتے ہوئے کہے ’’اے میرے مکرم و محترم فرمانبردار محبوب، مہذب اور مؤدب غلام تو نہایت سرکش اور بدتمیز ہے تجھے کیا حق ہے کہ دوسروں کی وجہ سے تو میرے احکام کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔‘‘

دنیا کا کوئی عاقل اس قسم کے کلام کو کسی عاقل کا کلام قرار نہیں دے سکتا۔ معلوم ہوا کہ ’’یٰٓـاَیُّہَا النَّبِیُّ‘‘ اس امر کی دلیل ہے کہ ’’لِمَ تُحَرِّمُ‘‘ سرزنش یا محض عتاب نہیں بلکہ بصورتِ عتاب محبت آمیز خطاب ہے پھر یہ کہ ان دونوں آیتوں کے مضمون میں تدبر کے بعد معلوم ہوتا ہے کہ یہاں نبی کریم ﷺ کی کمال محبوبیت کا اظہار ہی مقصود ہے اس لئے کہ محبوب کا محض کسی کی خاطر اپنی محبوب چیز کا چھوڑ دینا محب کے لئے گوارا نہیں ہوتا۔ اسی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اے مسند نبوت کو زیب دینے والے محبوب! آپ کی جو محبوب چیز ہم نے آپ کے لئے حلال فرمائی آپ کو کیا ضرورت ہے کہ محض کسی کی خاطر آپ اسے اپنے لئے حرام فرما لیں یعنی آپ ہمارے ایسے محبوب ہیں کہ اپنی پسندیدہ چیز کو اپنے اوپر حرام کر لینے سے آپ کو جو تکلیف ہو سکتی ہے وہ بھی ہمیں گوارا نہیں۔

آیت زیر بحث اور حسن معاشرہ زیر نظر آیتوں میں رسول اللہ ﷺ کے حسن خلق، گھریلو زندگی میں حسن معاشرت پر ان لوگوں کی نظر نہیں پڑتی ’’تَبْتَغِیْ مَرْضَاتَ اَزْوَاجِکَ‘‘ رسول اللہ ﷺ کی سیرت طیبہ میں محاسن اخلاق اور کمال حسن معاشرت کا ہمیشہ روشن رہنے والا مینارِ ہدایت ہے جسے محض زلت و عتاب کے تصورات کے پردوں میں چھپانے کی سعی ناتمام کی گئی ہے مگر ’’وَاللّٰہُ غَفُوْرٌ رَّحِیْمٌ‘‘ نے ان سب پردوں کو چاک کر کے رکھ دیا اور اس حقیقت کو واضح کر دیا کہ دوسرے لوگ ذمائم اخلاق، قبیح معاشرہ اور (اپنی راحت کے لئے) ازدواجی حقوق کو پامال کرنے کی وجہ سے میری رحمت و مغفرت کے محتاج ہوتے ہیں لیکن میرے نبی محترم کا یہ مقام ہے کہ وہ اپنے خلق عظیم کے باعث اپنی ازواج کی رضا جوئی میں اپنی خوشی و رضا کو چھوڑ کر حسن معاشرہ کی انتہا کر دینے کے باعث میری رحمت و مغفرت کا ضرورت مند ہوتا ہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ مزید غور وفکر کے بعد معلوم ہو گا کہ زیر بحث آیتوں میں رسول اللہ ﷺ کے جس فعل مبارک کو زلت اور موجب عتاب کہا جاتا ہے اللہ تعالیٰ نے اسے حکم شرع قرار دے دیا۔

تحریم مباح کی شرعی حیثیت دیکھئے قرآن مجید میں ’’لِمَ تُحَرِّمُ مَا اَحَلَّ اللّٰہُ لَکَ‘‘ وارد ہے جس کی دلالت صرف تحریم مباح پر ہے۔ اس کلام میں قسم یمین یا حلف مذکور نہیں لیکن اس کے باوجود ارشاد ہوا ’’قَدْ فَرَضَ اللّٰہُ لَکُمْ تَحِلَّۃَ اَیْمَانِکُمْ‘‘ (ایمان والو!) اللہ تعالیٰ نے تمہارے لئے تمہاری قسموں کا کھولنا مشروع فرما دیا (جس کی تفصیل سورئہ مائدہ پ ۷ ع ۲ میں ہے جہاں صرف ایمان کا بیان ہے تحریم مباح بمعنی یمین مذکور نہیں) یہاں لفظ ’’تَحِلَّۃَ اَیْمَانِکُمْ‘‘ اس امر کی طرف اشارہ ہے کہ نبی اکرم ﷺ سے قسم کی بجائے تحریم مباح کا جو فعل سرزد ہوا ہم نے اس کی نوعیت کو نہیں بدلا بلکہ جس طرح ہمارے نبی نے اسے یمین کے قائم مقام کیا تھا ہم نے اسی طرح اسے برقرار رکھا۔ اب اس کے بعد اگر کوئی شخص کسی مباح کو اپنے اوپر حرام کر لے تو شرعاً وہ یمین اور قسم ہی ہے جس کا کھولنا ہم تمہارے لئے (اس سے قبل سورئہ مائدہ میں) مشروع فرما چکے ہیں۔ مختصر یہ کہ یمین اور کفارہ کے احکام تو قرآن مجید میں نازل ہو چکے تھے مگر تحریم مباح کا یمین ہونا حضور ﷺ کے اسی فعل مبارک پر مبنی کیا گیا اگر فی الواقع حضور ﷺ کا یہ فعل مبارک اللہ تعالیٰ کے نزدیک معاذ اللہ ناپسندیدہ ہوتا تو اسے حکم شرعی کی حیثیت دے کر برقرار رکھنے کی بجائے کالعدم اور بے معنی قرار دے کر اس کی مذمت فرمائی جاتی لیکن مذمت کی بجائے فرمایا ’’وَاللّٰہُ مَوْلٰـکُمْج وَہُوَ الْعَلِیْمُ الْحَکِیْمُ۔‘‘

یعنی اللہ تعالیٰ تمہارا مولیٰ ہے اور وہ علیم و حکیم ہے۔ اس کی محبت و نصرت کا مقتضی یہی ہے کہ اس کے علم و حکمت کے مطابق جس کام میں تمہارے لئے بہتری ہو اسی کو تمہارے لئے حکم شرعی بنا دے جیسا کہ تحریم مباح کو یمین قرار دے کر اسے شرعی حکم بنا دیا۔

حکمت زلت مخالفین سنت اپنے خود ساختہ مرکز ملت کو رسالت کا درجہ دینے سے بھی نہیں چوکتے مگر اللہ کے رسول اور اس کی سنت مقدسہ کا وزن گھٹانے کے لئے زلات انبیاء علیہم السلام کو بھی ان کے حق میں موجب تنقیص قرار دیتے ہیں حالانکہ ہم بار بار عرض کر چکے ہیں کہ ان کا صدور اللہ تعالیٰ کی حکمتوں پر مبنی تھا جن کا احصاء ہمارے لئے ممکن نہیں۔ بطور مثال ایک حکمت یہ بھی ہے کہ گنہگار اور معصیت شعار لوگوں کے لئے توبہ و استغفار کا بہترین نمونہ صدور زلات پر موقوف تھا۔ گویا مذنبین و مجرمین کو یہ تعلیم دینا مقصود تھی کہ انبیاء علیہم السلام جس طرح زلات اور بظاہر خلاف اولیٰ امور کے ارتکاب پر اللہ تعالیٰ سے مغفرت کرتے ہیں اسی طرح تم اپنے گناہوں کی مغفرت طلب کرو۔ انبیاء علیہم السلام معصوم ہونے کے باوجود اللہ تعالیٰ سے ڈرتے ہیں، خوفِ خداوندی خشیت الٰہیہ سے ان کے قلوب مملو ہیں۔ توبہ و استغفار ان کا مشغلہ ہے۔ ایسی صورت میں گنہگاروں کو بطریق اولیٰ خدا کا خوف اور اس کی خشیت اپنے دل میں رکھ کر توبہ و استغفار میں مشغول ہونا چاہئے۔ مختصر یہ کہ ’’لَقَدْ کَانَ لَکُمْ فِیْ رَسُوْلِ اللّٰہِ اُسْوَۃٌ حَسَنَۃٌ‘‘ کے مقتضی کی تکمیل حکمت زلت ہے۔

حکمت عتاب جیسا کہ ہم پہلے عرض کر چکے ہیں کہ یہ عتاب اسرار و حکم پر مبنی ہے ان میں سے ایک حکمت یہ بھی ہو سکتی ہے کہ عتاب کی وجہ سے لوگوں کو تنبیہ ہو جائے کہ جب وحی الٰہی میں اپنی ذاتی رائے دینے کا محض خیال آنا صاحب وحی یعنی رسول اللہ ﷺ کے حق میں زلت اور سبب عتاب ہے تو اس کی تعلیمات سے بے نیاز ہو کر خدا کی وحی کو محض اپنی عقل ناقص کے حوالہ کر دینے سے جو عظیم غلطی ہو گی وہ کیسے عذابِ الیم کا موجب قرار نہ پائے گی؟

ضروری انتباہ اگرچہ بیان سابق میں یہ بات واضح کر دی گئی ہے کہ زلَّات انبیاء علیہم السلام اور ان پر عتاب محض صورۃً ہے لیکن بعض حضرات کی غلط فہمی کو زائل کرنے کے لئے مزید وضاحت کی ضرورت درپیش ہوئی اور وہ یہ کہ زلت کا صدور طبعی کجروی کی بنا پر ہوتا ہے۔ انبیاء علیہم السلام اس سے پاک ہیں اس لئے زلت کا صدور ممکن نہیں۔ انبیاء کی زلت کا محض صورۃً ہونا عام انسانوں کے حق میں تو یہ بات درست ہو سکتی ہے لیکن انبیاء علیہم السلام کے متعلق ہرگز درست نہیں۔ بجز اس کے کہ انبیاء کا قیاس غیر انبیاء پر کر لیا جائے۔ وَہُوَ بَاطِلٌ قَطْعًا۔

انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام کے بواطن شریفہ ہر قسم کی کجروی سے قطعاً پاک ہیں لیکن اس کے باوجود ان سے کسی ایسے فعل کا صدور جو صورۃً زلت ہو بربنائے حکمت ہوتا ہے۔ دیکھئے نسیان بھی زلت کی اقسام سے ہے اور نبی کریم ﷺ کے لئے قرآن و حدیث کی روشنی میں فی الجملہ وہ ثابت ہے۔ قرآن مجید میں ہے ’’سَنُقْرِئُکَ فَلَا تَنْسٰی اِلَّا مَا شَائَ اللّٰہُ‘‘ اور حدیث شریف میں ہے ’’انسٰی کما تنسون‘‘

لیکن اس کے باوجود ہمارا نسیان بربنائے غفلت محضہ ہے اور نبی کریم ﷺ کا نسیان مبارک بربنائے حکمت الٰہیہ ہے۔ اسی لئے زبانِ رسالت نے ارشاد فرمایا ’’لست انسٰی ولٰـکن انسٰی‘‘ وفی روایۃ ’’انسٰی لاسن لکم‘‘

یعنی میں خود اپنی طرف سے نہیں بھولتا کیونکہ میں اس غفلت سے پاک ہوں جو تمہارے اندر پائی جا سکتی ہے۔ البتہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے میں بھلایا جاتا ہوں تاکہ تمہارے لئے بھولنے کے مسائل کو مشروع کر دوں۔ لہٰذا یہ سمجھنا درست نہ ہو گا کہ انبیاء علیہم السلام کی زلت اور غیر انبیاء کی لغزش کا مبنی ایک ہی ہے۔ اس مختصر بیان سے ہر ایک کا منشاء علیحدہ ہونا واضح ہو گیا اور اسی طرح یہ بات بھی ظاہر ہو گئی کہ نبی اور غیر نبی کے اکثر وہ احوال جو صورۃً ایک دوسرے سے مشابہ اور مماثل ہیں حقیقت کے اعتبار سے قطعاً جداگانہ اور مباین ہوتے ہیں۔

ہر فعل رسول وحی الٰہی کی اتباع ہے حقیقت یہ ہے کہ حضور ﷺ کا ہر فعل وحی خداوندی کی اتباع ہے۔ قرآن مجید میں فرمایا ’’اِنْ اَتَّبِعُ اِلاَّ مَا یُوْحٰی اِلَیَّ‘‘ (الانعام: ۵۰)

اسی طرح رسول اللہ ﷺ کا ہر قول اور نطق وحی الٰہی کے مطابق ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں ارشاد فرمایا ’’وَمَا یَنْطِقُ عَنِ الْہَوٰیo اِنْ ہُوَ اِلَّا وَحْیٌ یُّوْحٰی‘‘ جس کا واضح مفہوم یہ ہے کہ نبی کریم ﷺ اپنی خواہش سے نہیں بولتے۔ حضور کا نطق مبارک وحی الٰہی میں منحصر ہے۔ اس آیۂ کریمہ میں نطق رسول سے محض تلاوتِ آیات قرآنیہ مراد لینا ہرگز درست نہیں کیونکہ الفاظ قرآن کے تلفظ اور ان کی ادائیگی کو قرآن میں صرف لفظ تلاوت یا قرأت سے تعبیر کیا گیا ہے جیساکہ ارشاد ہوا ’’اِقْرَاْ بِاسْمِ رَبِّکَ الَّذِیْ خَلَقَ‘‘ اور ’’فَاقْرَؤُوْا مَاتَیَسَّرَ مِنَ الْقُرْاٰنِ‘‘ اور فرمایا ’’یَتْلُوْا عَلَیْہِمْ اٰیَاتِہٖ‘‘ اور ’’وَاِذَا تُلِیَتْ عَلَیْہِمْ اٰیَاتُہٗ‘‘۔

آیت ’’وَمَا یَنْطِقُ عَنِ الْہَوٰی‘‘ میں مراد نطق رسالت قرآن مجید میں ایک آیت بھی ایسی نہیں پائی جاتی جس میں ان دو لفظوں کے علاوہ کوئی ایسا لفظ وارد ہوا ہو جس سے قطعاً اور یقینا قرآن پڑھنے کے معنی مراد ہوں۔ لہٰذا یہاں نطق سے نطق رسالت مراد ہے جسے وحی الٰہی سے خارج کر کے اس آیت کو صرف تلاوتِ قرآن پر حمل کر دینا قرآن کی روشنی میں غلط ہے۔

رہے وہ اقوال و افعال جو بشریت کی حیثیت سے رسول اللہ ﷺ سے صادر ہوئے ہم اس سے پہلے ان پر کلام کر چکے ہیں اور بتا چکے ہیں کہ وہ سب وحی الٰہی کے عین مطابق ہیں۔

خلاصہ یہ کہ آیت کریمہ ’’وَمَا یَنْطِقُ عَنِ الْہَوٰیo اِنْ ہُوَ اِلَّا وَحْیٌ یُّوْحٰی‘‘ عصمت نبوت کی روشن دلیل ہے اور ’’اِنْ اَتَّبِعُ اِلَّا مَا یُوْحٰی اِلَیَّ‘‘ کے ساتھ یہ حقیقت بالکل واضح ہو جاتی ہے کہ رسول اللہ ﷺ کے اقوال و افعال وحی خداوندی کے مطابق ہونے کی وجہ سے حجت شرعیہ ہیں اور ان کی حجیت کا انکار گویا ان دونوں آیتوں کا انکار ہے۔

آیت کریمہ ’’لَیْسَ لَکَ مِنَ الْاَمْرِ شَیْئٌ‘‘ کی بحث اس مقام پر منکرین عصمت اور مخالفین سنت کی طرف سے ایک اشکال وارد ہوتا ہے ہم اختصار اور جامعیت کے ساتھ وہ اشکال اور اس کا حل صاحب روح المعانی کے الفاظ میں ہدیۂ ناظرین کرتے ہیں۔

ایک قوی اشکال اور اس کا حل علامہ موصوف سورئہ آل عمران کی آیت ’’لَیْسَ لَکَ مِنَ الْاَمْرِ شَیْئٌ اَوْ یَتُوْبَ عَلَیْہِمْ اَوْ یُعَذِّبَہُمُ فَاِنَّہُمْ ظَالِمُوْنَ‘‘ کے تحت فرماتے ہیں ’’واستشکلت ہٰذہ الاٰیۃ بناء علی انہا تدل علی ما فی بعض الروایات علی انہ ا کان فعل فعلا و منع بانہ ان کان ذٰلک الفعل من اللّٰہ تعالٰی ’’وَمَا یَنْطِقُ عَنِ الْہَوٰی‘‘ واجیب بان ماوقع کان من باب خلاف الاولٰی نظرا الی منصبہ ا والنہی المفہوم من الکلام من باب الارشاد الٰی اختیار الافضل ولا یعد ذٰلک من الہوٰی فی شیء بنائً علی القول بانہ یصح للنبی ان یجتہد ویعمل بما اوی الیہ اجتہادہ الماذون بہ وجوزان یکون ذٰلک الفعل نفسہ عن وحی واذن من اللّٰہ تعالٰی لہ ا وان النہی عن ذٰلک کان نسخًا لذٰلک الاذن وایاما کان لا ینافی العصمۃ الثابتۃ للانبیاء علیہم السلام فافہم۔(روح المعانی پ ۴ ص ۴۵ طبع قدیم مصر۔ روح المعانی ص ۵۱ ج ۴ جدید)

اس عبارت کا خلاصہ یہ ہے کہ آیت کریمہ ’’لَیْسَ لَکَ مِنَ الْاَمْرِ شَیْئٌ‘‘ ان بعض روایات کی بنا پر محل اشکال ہے جن میں وارد ہوا کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک ایسا کام کیا جس سے حضور ﷺ روک دئیے گئے۔ (وہ کام یہ تھا کہ حضور ﷺ نے اصحابِ بِئر معونہ کے قاتلین مشرکین پر دعائے ضرر فرمائی) اللہ تعالیٰ نے آیت کریمہ ’’لَیْسَ لَکَ مِنَ الْاَمْرِ شَیْئٌ‘‘ نازل فرما کر رسول اللہ ﷺ کو اس سے روک دیا۔ اشکال یہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ کا یہ فعل اگر وحی الٰہی سے تھا تو اس سے اللہ تعالیٰ نے حضور کو کیسے روکا؟ اور اگر وحی الٰہی سے نہ تھا تو وہ فعل عصمت میں قادح ہو گا اور اللہ تعالیٰ کے قول ’’وَمَا یَنْطِقُ عَنِ الْہَوٰی‘‘ کے منافی قرار پائے گا۔

اس کا جواب یہ ہے کہ حضور ﷺ سے جو کچھ صادر ہوا وہ (فی الواقع نہیں بلکہ) نبی کریم ﷺ کے عظیم منصب رسالت کے اعتبار سے خلافِ اولیٰ تھا اور کلام الٰہی ’’لَیْسَ لَکَ مِنَ الْاَمْرِ شَیْئٌ‘‘ سے جونہی مفہوم ہوتی ہے وہ (خلافِ اولیٰ کے بجائے) افضل کو اختیار کرنے کی رہنمائی کے قبیل سے ہے یعنی آپ اس فعل کو اختیار فرمائیں جو آپ کے منصب جلیل کے شایان شان ہے۔

اس قسم کے افعال کو خواہش نفس سے دور کا بھی تعلق نہیں کیونکہ نبی کریم ﷺ کے لئے یہ بات جائز ہے کہ حضور ﷺ اجتہاد فرمائیں اور اپنے اس اجتہاد کے مطابق عمل پیرا ہوں جن کا حضور ﷺ کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے اذن دے دیا گیا ہے اور یہ کہنا بھی صحیح ہے کہ رسول اللہ ﷺ کا یہ فعل بعینہٖ وحی خداوندی اور اذنِ الٰہی سے تھا اور نہی اس کے لئے ناسخ تھی۔ بہرصورت حضور ﷺ کا یہ فعل اور اللہ تعالیٰ کی نہی اس عصمت نبوت کے قطعاً منافی نہیں جو دلائل شرعیہ سے ثابت ہے۔ فافہم انتہیٰ۔

اول تو اشکال کا ورود ہی بربنائے روایات ہے جنہیں منکرین حدیث تسلیم نہیں کرتے، ثانیاً یہ کہ روایات کو پیشِ نظر رکھنے کے بعد بھی یہ اشکال باقی نہیں رہتا۔ جیسا کہ علامہ سید محمود آلوسی نے جواب دیتے ہوئے دو باتیں بیان فرمائیں۔

ہمارے نزدیک ان دونوں میں دوسری بات راجح ہے اور اس کی دلیل یہ ہے کہ خلافِ اولیٰ کا ارتکاب زلت ہے اور زلت پر ایک مہینے تک قائم رہنا مستبعد ہے۔

صدور زلت اور ظہور عصمت زلات انبیاء علیہم السلام کے واقعات کو پیشِ نظر رکھنے سے یہ حقیقت واضح ہوتی ہے کہ صدور زلت کے معاً بعد عصمت الٰہیہ کا ظہور ہوا جیسا کہ ہم سابقاً تفصیل سے بیان کر چکے ہیں۔

پھر یہ کہ خود قرآن شاہد ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ کا ہر فعل اتباع وحی الٰہی ہے جیسا کہ ارشاد فرمایا ’’قُلْ اِنَّمَا اَتَّبِعُ مَا یُوْحٰی اِلَیَّ مِنْ رَّبِّیْ‘‘ (اعراف: ۲۰۳) جس کا واضح مفہوم یہ ہے کہ میرا کسی کام کو کرنا اور اس سے رکنا سب کچھ وحی الٰہی کی اتباع میں ہے۔

نیز یہ امر بھی قابل غور ہے کہ جب وحی نبوت کا دروازہ کھلا ہوا تھا تو ایک مہینے تک زلت پر قائم رکھنا الوہیت اور رسالت دونوں کی شان سے بعید ہے۔ لہٰذا یہی قول راجح ہو گا کہ اس عرصہ طویلہ میں رسول اللہ ﷺ کو دعائے ضرر پر باقی رکھنا یقینا حکمت خداوندی اور وحی الٰہی کے عین مطابق تھا۔ ایسی صورت میں یہ فعل حضور ﷺ کے حق میں خلافِ اولیٰ اور زلت ہونے کی بجائے تعبدی قرار پائے گا اور یہی کہنا صحیح ہو گا کہ علم الٰہی میں جب اس فعل کے ساتھ تعبد کا زمانہ ختم ہو گیا تو اللہ تعالیٰ نے ’’لَیْسَ لَکَ مِنَ الْاَمْرِ شَیْئٌ‘‘ نازل فرما کر اس حکم کی انتہا ظاہر فرما دی اور اسی بیان انتہائے تعبد کو نسخ کہتے ہیں۔

’’لَیْسَ لَکَ مِنَ الْاَمْرِ شَیْئٌ‘‘ سے حضور کے اختیارات کی نفی ثابت نہ ہونا رہا یہ امر کہ روایات سے قطع نظر کرتے ہوئے آیت کریمہ ’’لَیْسَ لَکَ مِنَ الْاَمْرِ شَیْئٌ‘‘ رسول اللہ ﷺ کے اختیارات کی نفی کرتی ہے جس سے حضور ﷺ کی تشریعی حیثیت برقرار نہیں رہتی کیونکہ اس آیت میں رسول اللہ ﷺ کی ذاتِ مقدسہ میں مطلقاً ہر شے کے اختیار کی نفی وارد ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حضور ﷺ کو کسی شے کا کچھ بھی اختیار نہیں۔ ایسی صورت میں حضور اکرم ﷺ کے لئے تشریعی اختیارات کیونکر باقی رہیں گے؟

اس کا جواب یہ ہے کہ ’’لَیْسَ لَکَ مِنَ الْاَمْرِ شَیْئٌ‘‘ میں امر نہیں بلکہ ’’الامر‘‘ ہے اور لفظ ’’شیء‘‘ من الامر کی قید سے مقید ہے جس کا مفاد یہ ہے کہ ایسے امر سے آپ کے لئے کوئی شے نہیں جو ’’مُلْکُ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ‘‘ کے امر سے معارض اور اس کے منافی ہو۔ اسی حقیقت کو واضح فرمانے کے لئے اس آیت کے بعد متصلاً فرمایا ’’وَلِلّٰہِ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَمَا فِی الْاَرْضِج یَغْفِرُ لِمَنْ یَّشَائُ وَیُعَذِّبُ مَنْ یَّشَائُ‘‘

یہاں علامہ خازن نے فرمایا ’’یحکم فیہم بما یشاء لا منازع لہٗ فی حکمہ ولا معارض لہٗ فی فعلہ۔‘‘

ظاہر ہے کہ امر خداوندی کے خلاف کسی کے لئے کوئی امر ثابت ہونا عقلاً و شرعاً محال ہے پھر اسی آیت میں ’’اَوْ یَتُوْبَ عَلَیْہِمْ اَوْ یُعَذِّبَہُمْ فَاِنَّہُمْ ظَالِمُوْنَ‘‘ کے الفاظ بھی ہمارے مدعا پر دلالت کر رہے ہیں یعنی اگر اللہ کا امر یہ ہو کہ بربنائے علم و حکمت وہ ان (مشرکین) پر رجوع برحمت ہو تو آپ کے لئے اس امر کے خلاف ان کی تعذیب کا امر ثابت نہیں اور اگر امر الٰہی یہ ہو کہ ان کے ظلم کی وجہ سے انہیں عذاب دے تو آپ کے لئے اس کے برعکس یہ امر ثابت نہیں کہ آپ انہیں مرحوم و مغفور فرما دیں۔