حکم رجم کا قرآن کی تفسیر و تبیین ہونا اب ہم یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ’’رجم محصن‘‘ کا حکم قرآن کے خلاف نہیں بلکہ مقتضائے قرآن کے عین مطابق اور مراد خداوندی کی تفسیر و تبیین ہے۔
یہ بات سمجھنے کے لئے اس امر پر غور کیجئے کہ ازروئے قرآن اتحاد نوعیت فعل کے باوجود فاعل کی نوعیت مختلف ہونے سے احکام مختلف ہو جاتے ہیں۔
شرعی حسن و قبح کے لحاظ سے فعل کی دو قسمیں ہیں طاعت اور معصیت۔ قرآن مجید کے گہرے مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ اس باب میں دونوں قسم کے افعال یکساں ہیں۔ ’’طاعت‘‘ کے ضمن میں بطور مثال اقامۃ الصلوٰۃ اور ادائے صوم رکھ لیجئے۔ دونوں کی کیفیت یہ ہے کہ نمازی کی نوعیت کا اختلاف ’’اقامۃ الصلوٰۃ‘‘ کے احکام کو مختلف کر دیتا ہے اور ’’روزہ دار‘‘ کی نوعیت کے اختلاف سے ادائے صوم کے احکام مختلف ہو جاتے ہیں مثلاً اگر نمازی مقیم ہے تو پوری نماز ادا کرے گا۔ مسافر ہے تو قصر کرے گا۔ مریض کی نماز کے احکام تندرست کی نماز کے احکام سے مختلف ہیں معذور کے احکام غیر معذور کے احکام سے جداگانہ۔
اسی طرح مقیم غیر معذور مکلف پر روزہ نہ رکھنا حرام ہے لیکن مسافر معذور کے لئے جائز ہے۔ علیٰ ہٰذا القیاس افعال معصیت کو بھی آپ اسی طرح پائیں گے۔ اللہ تعالیٰ نے کنواری آزاد عورت کے جرم فاحشہ کی سزا سو کوڑے مقرر فرمائے لیکن (کنواری) یا شادی شدہ باندی اگر اسی فعل کی مرتکب ہو تو اس کی سزا پچاس کوڑوں سے زائد نہیں۔ جیسا کہ قرآن مجید کی روشنی میں ہم تفصیل سے بیان کر چکے ہیں۔
غور کیجئے! جرم دونوں کا یکساں ہے لیکن جرم کی نوعیت کے اختلاف کے باعث حکم مختلف ہے۔ جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ قرآن کا مقتضی اور آیت قرآنیہ ’’فَعَلَیْہِنَّ نِصْفُ مَا عَلَی الْمُحْصَنَاتِ مِنَ الْعَذَابِ‘‘ کا مفہوم یہی ہے کہ ’’فعل کا حکم‘‘ فاعل کی نوعیت کے مطابق اور ’’جرم کی سزا‘‘ مجرم کے حسب حال ہونی چاہئے اور اس کا مفاد یہ ہے کہ شادی شدہ آزاد مرد یا عورت کی یہ سزا غیر شادی شدہ سے مختلف ہونا ضروری ہے۔
لیکن یہاں ایک ابہام تھا وہ یہ کہ تخالف کے مراتب بے شمار ہیں۔ مطلق اختلاف یہاں معتبر نہیں ورنہ حرہ اور مملوکہ کی طرح مرد اور عورت کی عقوبت میں بھی اس کا اعتبار ہوتا۔
پھر یہ کہ حکم کے مختلف انواع بھی حد احصاء سے باہر ہیں۔ کسی آیت قرآنیہ سے واضح نہیں ہوتا کہ اختلاف کس مرتبہ میں شرعاً معتبر ہے اور اختلاف پائے جانے کی صورت میں احکام مختلفہ کی کون سی نوع مرادِ الٰہی ہے۔ اسی اجمال و ابہام کی تفسیر و تبیین کے لئے عقوبت رجم کا بیان سنت میں وارد ہوا جو بموجب ارشادِ خداوندی ’’وَمَا یَنْطِقُ عَنِ الْہَوٰیo اِنْ ہُوَ اِلَّا وَحْیٌ یُّوْحٰی‘‘ یقینا وحی الٰہی ہے۔
قرآن مجید سے رجم کی تائید مزید علاوہ ازیں قرآن مجید کی روشنی میں یہ حقیقت بھی سامنے آتی ہے کہ اگر کسی صاحب فضیلت کے حق میں ارتکاب فاحشہ متصور ہو تو اس کی سزا زیادہ ہو گی۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ’’یَا نِسَائَ النَّبِیِّ مَنْ یَّاْتِ مِنْکُنَّ بِفَاحِشَۃٍ مُّبَیِّنَۃٍ یُّضَاعَفْ لَہَا الْعَذَابُ ضِعْفَیْنِج وَکَانَ ذٰلِکَ عَلَی اللّٰہِ یَسِیْرًا۔‘‘
اس آیت کا یہ مفہوم متعین ہے کہ ’’فضیلت‘‘ ’’زیادہ عقوبت‘‘ کا موجب ہے ’’احصان بالتزویج‘‘ (شادی شدہ ہونا) جیسا کہ ابھی عرض کیا ’’حصار عفت‘‘ ہونے کے باعث غیر شادی شدہ کے مقابلہ میں یقینا فضیلت ہے۔ جس کا مفاد یہ ہے کہ (مفہوم نص کے مطابق) محصن کی سزا غیر محصن سے زیادہ ہو۔ مگر نص قرآنی میں ’’نوعیت زیادۃ‘‘ مبہم تھی جسے دور کرنے کے لئے احکام رجم کی تفصیلات نازل فرمائی گئیں۔ لہٰذا ’’احادیث رجم‘‘ قرآن کے خلاف نہیں بلکہ اسی کی تفسیر و تبیین ہیں۔ دوسرے لفظوں میں کہہ لیجئے کہ ’’وَیُعَلِّمُہُمُ الْکِتَابَ وَالْحِکْمَۃَ‘‘ کا مصداق احکام رجم کی تعلیم ہے جسے قرآن کے مخالف و منافی کہنا علوم قرآن سے ناواقفیت پر مبنی ہے۔
مخالفین سنت کے شکوک و شبہات کا ازالہ مخالفین کہتے ہیں کہ قرآن مجید میں صرف قرآن پر عمل کرنے اور اسی کے اتباع کا حکم دیا گیا ہے اور صاف لفظوں میں من دون اللہ کی اتباع سے بصیغہ نہی ممانعت کی گئی ہے چنانچہ فرمایا ’اِتَّبِعُوْا مَا اُنْزِلَ اِلَیْکُمْ مِّنْ رَّبِّکُمْ وَلَا تَتَّبِعُوْا مِنْ دُوْنِہٖ اَوْلِیَائَ‘
اس آیت میں من دون اللہ کی اتباع سے منع کیا گیا اور ظاہر ہے کہ رسول بھی من دون اللہ میں داخل ہیں۔ لہٰذا ان کی اتباع بھی شرک قرار پائے گی۔
اس کا جواب یہ ہے کہ منکرین سنت اپنے مرکز ملت کی اطاعت کو اسی طرح فرض جانتے ہیں جیسا کہ ان کے نزدیک خدا کی اطاعت فرض ہے۔ ایسی صورت میں یہ آیت خود ان کے خلاف قوی حجت ہے۔ کیا وہ بتا سکتے ہیں کہ ان کا مرکز ملت اللہ ہے یا من دون اللہ؟
انبیاء و اولیاء علیہم السلام کا من دون اللہ میں شامل نہ ہونا حقیقت یہ ہے کہ منکرین سنت خوارج کی راہوں پر چلے ہیں جس طرح انہوں نے من دون اللہ کی تمام آیات کو انبیاء کرام علیہم السلام اور اللہ تعالیٰ کے عبادِ مخلصین پر چسپاں کیا، اسی طرح یہ لوگ بھی اللہ کے مقدس رسول کو ’’من دون اللہ‘‘ میں شامل کر کے ان کی اتباع کو ناجائز اور شرک قرار دے رہے ہیں اور واقعہ یہ ہے کہ من دون اللہ میں انبیاء کرام اور اللہ کے عبادِ مخلصین قطعاً شامل نہیں۔ قرآن کریم میں کہیں یہ لفظ اللہ کے رسولوں یا ولیوں کے حق میں وارد نہیں ہوا۔ اللہ کے رسول اور اس کے عبادِ مخلصین اللہ تعالیٰ کے داعی ہوتے ہیں پھر کیونکر ممکن ہے کہ قرآن مجید ان کو مخالف پارٹی میں شمار کرے۔ اسی حقیقت کو واضح کرنے کے لئے اللہ تعالیٰ نے فرمایا
’’مَنْ یُّطِعِ الرَّسُوْلَ فَقَدْ اَطَاعَ اللّٰہَ۔‘‘
بعض دیگر آیات سے بھی منکرین حدیث اس بات پر دلیل لاتے ہیں کہ قرآن کے سوا کسی اور چیز کی اتباع جائز نہیں مثلاً اللہ تعالیٰ نے فرمایا
’’اِتَّبِعْ مَا اُوْحِیَ اِلَیْکَ مِنْ رَّبِّکَ‘‘ دوسری جگہ فرمایا ’’فَاسْتَقِمْ کَمَا اُمِرْتَ‘‘
ان آیات کا مطلب وہ یہ بیان کرتے ہیں کہ قرآن کے سوا کسی چیز کی اتباع جائز نہیں اس لئے حدیث حجت نہیں ہو سکتی۔ اس قسم کی تمام آیات سے ان کے استدلال کا جواب یہ ہے کہ امر الٰہی اور وحی خداوندی جس کی اتباع کا حضور کو حکم دیا گیا ہے قرآن میں منحصر نہیں بلکہ تمام ارشادات رسالت امر الٰہی اور وحی خداوندی ہیں جیسا کہ ہم اس سے پہلے مفصل بحث کر چکے ہیں۔
منکرین حدیث کا ایک قوی شبہ یہ بھی ہے کہ حدیث ظنی ہے اور ظن کی قرآن مجید میں مذمت وارد ہوئی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا
’’اِنْ یَّتَّبِعُوْنَ اِلَّا الظَّنَّ وَاِنْ ہُمْ اِلاَّ یَخْرُصُوْنَ۔‘‘ (انعام: ۱۱۶) اور دوسری جگہ فرمایا ’’اِنَّ الظَّنَّ لَا یُغْنِیْ مِنَ الْحَقِّ شَیْئًا۔‘‘ (النجم: ۲۸)
اتباع ظن کا مطلقاً مذموم نہ ہونا اس کا جواب یہ ہے کہ اتباع ظن مطلقاً مذموم نہیں۔ قرآن مجید میں جہاں اس کی مذمت وارد ہوئی ہے وہاں وہ ظن مراد ہے جو حق کے مقابل اور اس کے معارض ہو اور ہم ثابت کر چکے ہیں کہ احادیث صحیحہ ثابتہ قرآن کے معارض نہیں بلکہ اس کی تفسیر و تبیین ہیں۔
پھر یہ کہ تمام احادیث کو ظنی کہنا باطل ہے متواتر اور مشہور حدیثیں مفید قطعی و یقینی ہیں جیسا کہ ارکانِ اسلام کی توضیح و تفسیر اسی قسم کی احادیث میں وارد ہے۔
منکرین حدیث سنت نبوی کی عداوت میں تمام اخبار و روایات غیر متواترہ کو ظنی قرار دے کر ان کے خلاف وہ سب آیات قرآنیہ پیش کر دیتے ہیں جن میں اتباع ظن کی ممانعت اور مذمت وارد ہوئی ہے لیکن ان کا یہ حملہ صرف سنت پر نہیں بلکہ براہِ راست قرآن پر اس کی زد پڑتی ہے۔ اس لئے کہ از روئے قرآن تبلیغ و تعلیم، انذار و تبشیر، عبادات و معاملات، نکاح و طلاق حتیٰ کہ (بجز زنا کے) حدود و قصاص میں بھی ثبوت کے لئے محض دو شہادتیں کافی ہیں۔ صرف حد زنا کے لئے قرآن مجید نے چار شہادتوں کو ضروری قرار دیا ہے۔ شاید اس لئے کہ یہ ایسا جرم ہے جس کے ثابت ہو جانے کے بعد صرف ایک نہیں بلکہ دو انسانی جانیں درد ناک عقوبت ہلاک کی سزاوار ہو سکتی ہیں۔
ظاہر ہے کہ دو یا چار سے تواتر کا عدد پورا نہیں ہوتا اس لئے منکرین حدیث کے نزدیک وہ بینہ اور شہادات بھی (معاذ اللہ) مذموم اور ناقابل اعتبار قرار پائیں گی جنہیں قرآن مجید نے حجت اور معتبر قرار دیا ہے۔ فَاعْتَبِرُوْا یَا اُولِی الْاَبْصَار۔
حجیت خبر واحد خبر واحد کا حجت ہونا قرآن مجید کی حسب ذیل آیات سے ثابت ہے (۱) یٰاَیُّہَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا اِنْ جَائَ کُمْ فَاسِقٌم بِنَبَائٍ فَتَبَیَّنُوْا (حجرات) اس آیت کا مفاد یہ ہے کہ فاسق کی خبر بھی مطلقاً مردود نہیں کیونکہ ایسی صورت میں تبیین کی بجائے اس کے رد کرنے کا حکم دیا جاتا۔ (۲) وَشَہِدَ شَاہِدٌ مِّنْ اَہْلِہَا۔ اس آیت میں شاہد کا لفظ واضح طور پر بتا رہا ہے کہ ایک کی شہادت بھی فی الجملہ معتبر ہو سکتی ہے۔ (۳) وَجَائَ مِنْ اَقْصَا الْمَدِیْنَۃِ رَجُلٌ یَّسْعٰی اِلٰی قَوْلِہٖ اِنِّیْ اٰمَنْتُ بِرَبِّکُمْ فَاسْمَعُوْنِ۔ (یٰس)
ایک مرد کی بات کا قابل اعتبار ہونا اس آیت سے صاف واضح ہو رہا ہے۔ منکرین حدیث کے مسلک پر خبر واحد کی حجیت کا انکار عجیب مضحکہ خیز ہے۔ ان کے نزدیک نزول قرآن اور اس کی تلاوت تک نبوت و رسالت کا منصب اس کے لئے رہتا ہے۔ اس سے پہلے یا اس کے بعد وہ عام انسانوں کی طرح ایک بشر ہے۔ ایسی صورت میں نزول قرآن اور اس کی تلاوت کے بعد رسول کا یہ کہنا بھی معتبر نہ ہو گا کہ یہ کلام الٰہی ہے۔ اس لئے کہ وہ خبر واحد ہے اور منکرین سنت کے نزدیک خبر واحد حجت نہیں۔ تو کیا یہ مضحکہ خیز بات نہ ہو گی کہ خبر واحد کی حجیت کے انکار سے قرآن مجید کے کلام الٰہی ہونے کا ثبوت بھی اسی انکار کی نذر ہو کر رہ گیا۔
آیاتِ منقولہ کے علاوہ اور آیات بھی خبر واحد کی حجیت پر روشن دلالت کرتی ہیں، جنہیں بخوف طوالت ہم نے نقل نہیں کیا۔
ضعیف اور موضوع حدیثیں انکار حجیت کی تائید میں مخالفین سنت ضعیف اور موضوع حدیثوں کا سہارا لیتے ہیں اور اس قسم کی روایات چن چن کر امت مسلمہ کو موردِ الزام قرار دیتے ہیں۔ اس مختصر مضمون میں اتنی گنجائش نہیں کہ تفصیلاً ان پر کلام کیا جائے۔ اصولی طور پر ہم اس کا جواب یہ دیں گے کہ قائلین سنت کے نزدیک سنت رسول اللہ ﷺ وہی چیز ہے جسے امت مسلمہ نے سنت رسول جان کر قبول کیا اور اسے اپنے دینی عقائد و اعمال کا سنگ بنیاد بنایا۔ اس کے علاوہ جو چیزیں ان کے نزدیک باطل مردود اور غیر ثابت ہیں وہ اسے سنت مانتے ہی نہیں۔ ایسی صورت میں انہیں ملزم قرار دینا کیونکر صحیح ہو سکتا ہے؟
احادیث کا اختلاف اور ان کا باہمی تعارض قائلین سنت پر یہ اعتراض بھی کیا جاتا ہے کہ احادیث میں تعارض ہے لہٰذا وہ قابل قبول نہیں۔ ہمارا جواب یہ ہے کہ صحیح اور ثابت حدیثوں میں اگر تعارض ہے تو وہ محض ظاہری تعارض ہے۔ اس قسم کا صوری اور ظاہری تعارض قرآن مجید کی بعض آیات میں منکرین قرآن پیش کیا کرتے ہیں۔ فما جوابکم فہو جوابنا۔
بعض روایات کا عقل اور فلسفہ کے خلاف ہونا اس اعتراض کا منشاء بھی قلت تدبر ہے۔ میں دریافت کرتا ہوں کیا بعض آیاتِ قرآنیہ کو مخالفین قرآن نے عقل و فلسفے کے خلاف قرار نہیں دیا؟ جریان شمس و قمر بنائے سماوات، سکون ارض وغیرہ بے شمار آیات کو جہلا نے عقل و فلسفے کے خلاف کہا۔ آپ کے اس قول کی نوعیت منکرین قرآن کے قول کی نوعیت سے مختلف نہیں۔ جس طریقے سے آپ انہیں جواب دیں گے اسی طریقے سے ہم بھی آپ کی خدمت میں معروضات پیش کریں گے۔ اے کاش! تفصیل کا موقع ہوتا تو ہم ان سب جزئیات پر الگ الگ بحث کرتے۔ ان شاء اللہ! دوسری کسی فرصت میں یہ خدمت بھی انجام دی جائے گی۔
احکام ثابتہ بالسنۃ کا اسی زمانے کے تقاضوں کے مطابق ہونا منکرین حدیث کا آخری حربہ یہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے قرآن کے علاوہ جو احکام صادر فرمائے وہ ہمیشہ کے لئے نہ تھے بلکہ ایک مخصوص زمانے تک قابل عمل تھے۔ وقتی تقاضوں کے بدلنے سے وہ قابل عمل نہیں رہے۔ اس کا جواب یہ ہے کہ جن احکام کا کوئی زمانہ شارع علیہ السلام کی طرف سے مقرر ہو یا ان کا کسی وقت معین تک واجب العمل ہونا کسی دلیل شرعی سے ثابت ہو ان کا معمول بہا نہ ہونا عصری تقاضوں کے بدلنے پر مبنی نہیں بلکہ صاحب شرع کے امر پر مبنی ہے۔ منکرین سنت کا احکام ثابتہ بالسنۃ کو مطلقاً ناقابل عمل کہہ دینا انتہائی بے باکی ہے اور حقیقت یہ ہے کہ وہ صرف سنت ہی کے بارے میں یہ نظریہ نہیں رکھتے بلکہ قرآن کے متعلق بھی ان کی یہی رائے ہے۔ چنانچہ ’’نظام ربوبیت‘‘ کے ایک مضمون کا خلاصہ یہ ہے کہ ’’صدقات و میراث بلکہ حدود و قصاص تک جتنے احکام قرآن میں وارد ہیں وہ سب عبوری دور کے لئے ہیں یعنی ہمیشہ کے لئے قابل عمل نہیں۔‘‘ ’’ملخصا‘‘ (نظام ربوبیت ص ۲۲۸)
اسلامی نظام منکرین حدیث کے نزدیک ناقابل عمل ہے اس لئے کہ اسلام ایک ایسے نظام کو لانا چاہتا ہے جس میں کوئی بھوکا نہ ہو نہ کوئی چور ہو نہ بدمعاش نہ زانی ہو نہ قاتل۔ جب تک یہ نظام قائم نہیں ہوتا اس وقت تک صدقات کے احکام پر عمل کیا جاتا ہے فقراء کو اسی وقت تک صدقات دئیے جائیں گے جب تک ان کا وجود باقی رہے گا اسی طرح حد سرقہ، حد قذف، حد زنا اور قصاص تمام احکام اسی وقت تک قابل عمل ہیں جب تک اسلامی نظام برپا نہیں ہوتا۔ جس وقت نظام اسلامی قائم ہو گیا یہ تمام احکام ناقابل عمل ہو کر رہ جائیں گے۔ جب کوئی فقیر نہ ہوگا تو صدقہ کسے دیا جائے گا جب کوئی چور، زانی اور قاتل نہ ہو گا کس طرح حدود و قصاص پر عمل کیا جائے گا۔
اس کا مفصل جواب تو طوالت کلام کا مقتضی ہے مختصر طور پر ہم عرض کریں گے کہ بے شک اسلام یہی چاہتا ہے کہ کوئی بھوکا ننگا نہ رہے نہ کوئی جرائم کا مرتکب ہو لیکن یہ تشریعی تقاضا ہے اور دنیا میں فقراء اور محتاج قسم کے لوگوں کا پایا جانا جرائم کا امر تکوین سے متعلق ہے اور تشریع کا تکوین کے عین مطابق ہونا ضروری نہیں۔ قرآن مجید میں یعقوب علیہ السلام کا اپنے بیٹوں کو نظر بد سے محفوظ رہنے کے لئے ایک تدبیر بتانا تشریع سے متعلق تھا لیکن امر تکوین کا ظہور اس کے خلاف ہوا جس پر قرآن ناطق ہے۔ مختصر یہ کہ منکرین حدیث کا یہ سمجھ لینا کہ تشریعی تقاضے تکوین کے مطابق ہو سکیں گے انتہائی نافہمی ہے اور اسی نافہمی کی بنیاد پر ان کا یہ قول مبنی ہے کہ قرآن کے یہ احکام عبوری دور کے لئے ہیں۔ اگر یہ بات تسلیم کر لی جائے تو اس کا واضح مفہوم یہ ہو گا کہ اسلام جس نظام کا داعی ہے وہ کبھی برپا نہیں ہو سکتا کیونکہ تکوینی تقاضوں کے پیش نظر یہ ممکن ہی نہیں کہ دنیا میں طبقاتی تفاوت باقی نہ رہے یا کوئی شخص کسی گناہ کا مرتکب نہ ہونے پائے۔ وجودِ انسانی کی تاریخ میں ایسا کوئی دور پیش نہیں کیا جا سکتا جس میں طبقات اور افعال و اعمال کا تفاوت منتفی ہوا ہو۔ منکرین حدیث کے اس مزعومہ کو تسلیم کر لینے کے بعد یہ بات بھی ماننی پڑے گی کہ اسلام جس نظام کو لانا چاہتا ہے وہ قابل عمل نہیں اور اگر وہ قابل عمل ہوتا تو رسول اللہ ﷺ کے زمانے میں وہ اسی نوعیت سے برپا ہو جاتا جس نوعیت سے منکرین حدیث اسے پیش کر رہے ہیں۔ اس نظریہ کا بطلان ادنیٰ سمجھ رکھنے والے کے سامنے بھی ظاہر ہے وہ بلا تامل اتنی بات بخوبی سمجھ سکتا ہے کہ جب (معاذاللہ) حضور ﷺ بھی اسلامی نظام اپنے مبارک زمانے میں قائم نہ کر سکے تو قیامت تک کوئی شخص اس نظام کو برپا نہ کر سکے گا۔
دو سو برس کے بعد احادیث کے ذخیرے جمع ہوئے منکرین سنت کا بنیادی شبہ ایک بہت پرانا فرسودہ لیکن بنیادی اعتراض منکرین سنت کی طرف سے یہ ہوتا ہے کہ کتب احادیث رسول اللہ ﷺ کے عہد مبارک سے دو سو سال کے بعد جمع کی گئیں اس لئے وہ ناقابل اعتبار ہیں۔
افسوس کہ تفصیل کی گنجائش نہیں۔ مجبوراً اجمال و اختصار پر اکتفا کرنا پڑتا ہے۔ اس اعتراض کا مختصر اور جامع جواب یہ ہے کہ حدیث کا وجود کتابی شکل پر موقوف ماننا انتہائی بے بصری کی دلیل ہے۔ کتابی شکل پر دارو مدار رکھ لیا جائے تو قرآن مجید کے متعلق بھی یہ کہا جا سکے گا کہ رسول اللہ ﷺ کی وفات شریفہ سے تیس سال بعد موجودہ مصحف مقدس کی صورت میں قرآن پاک جمع ہو کر مسلمانوں کے ہاتھ میں آیا۔ اس میں شک نہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے نزول قرآن کے ساتھ قرآن مجید کا ایک ایک حرف لکھوا دیا تھا لیکن کتابی صورت میں اس کا وجود کسی قوی دلیل سے ثابت نہیں کیا جا سکتا۔ معلوم ہوا کہ قرآن و حدیث کے وجود کو کتابی صورت پر موقوف سمجھنا غلط ہے۔
تاریخ حدیث کی ایک جھلک جیسا کہ ہم قرآن مجید کی تصریحات پیش کر چکے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ ﷺ کی سیرت طیبہ، تعلیمات مقدسہ، اقوال و افعال اور احوال شریفہ کی اتباع، پیروی اور اطاعت کا بار بار حکم دیا جس کا تحقق حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے اقوال و افعال اور احوال شریفہ کے بغیر ناممکن تھا۔ اس لئے حضرات صحابہ کرام نے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی ایک ایک ادا کو اپنے سینوں میں محفوظ کیا اور ہر مرحلے پر اسی کی اتباع کی۔ دس ہزار صحابہ کرام حضور ﷺ کی احادیث اور سنن کریمہ کو محفوظ کر کے ان کی روایات کرنے والے ہیں جنہوں نے یہ امانت سنت کبار تابعین کرام کو پہنچائی اور کبار تابعین سے اوساط تابعین نے سنن کریمہ کا یہ ذخیرہ حاصل کیا۔ اوساط تابعین سے صغار تابعین نے اور صغار تابعین سے کبار اتباع تابعین اور ان سے اوساط اتباع تابعین نے احادیث مقدسہ کو روایت کیا اوساط سے صغار نے اور صغار سے من بعد ہم علمائے اعلام احادیث شریفہ کو روایت کرتے چلے آئے۔ یہاں تک کہ یہ سلسلہ امت مسلمہ میں آج تک جاری ہے اور ان شاء اللہ جاری رہے گا۔
عہد رسالت اور دور صحابہ سے روایت کا جو سلسلہ شروع ہوا اور اس میں کسی مرحلے پر انقطاع پیش نہیں آیا۔ ہم اسی اتصال کو ظاہر کرنے کے لئے تاریخ حدیث پر ایک اجمالی نظر ڈالتے ہیں جس سے یہ بات اچھی طرح واضح ہو جائے گی کہ جس ذخیرہ احادیث کو یہ کہہ کر ناقابل عمل کہا جاتا ہے کہ وہ حضور ﷺ کے دو سو برس بعد معرض وجود میں آیا۔ وہ مدون ہونے سے پہلے صحابہ اور تابعین کے صدور میں اس قدر محفوظ تھا کہ اوراق کتب میں اس طرح سے محفوظ رہنا دشوار تھا چنانچہ صحابہ کرام کے ایک مخصوص گروہ کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے یہ توفیق عطا فرمائی گئی کہ وہ اپنے آپ کو روایت حدیث ہی کے لئے وقف کر دے اور وہ مکثرین فی الروایت صحابہ کرام ہیں جن کے اسماء گرامی مع سنین وفات و تعداد مرویات حسب ذیل ہیں
(۱) حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ متوفی ۵۷ ھ تعداد روایات ۵۳۷۴ (۲) حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا متوفیہ ۴۹، ۵۷، ۵۸، ۵۹ ھ /۲۲۱۰ (۳) حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہ متوفی ۶۸ ھ /۱۶۶۰ (۴) حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ متوفی ۷۰، ۷۳، ۷۴ ھ /۱۶۳۰ (۵) حضرت جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہ متوفی ۷۴ ھ /۱۵۴۰ (۶) حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ متوفی ۹۳ ھ /۱۲۸۶ (۷) حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ متوفی ۴۶، ۷۴، ۶۲ ھ /۱۱۷۰
حضرات صحابہ کرام مختلف شہروں اور مرکزی علاقوں میں پھیلے ہوئے تھے اور تابعین کرام کا بھی یہی حال تھا۔ اکابر تابعین کرام (جن کا دور، دورِ صحابہ ہے) نے صحابہ کرام سے روایت حدیث کی جن میں اعلیٰ درجہ پانے والے تابعین کرام کے اسمائے گرامی حسب ذیل ہیں (۱) علقمہ بن قیس متوفی ۶۲ ھ (۲) سعید بن المسیب متوفی ۹۳ ھ (۳) عروہ بن زبیر متوفی ۹۴ ھ عروہ بن زبیر نے سیرت نبوی پر احادیث کا ایک مجموعہ مرتب کیا۔ (۴) سیدنا علی بن الحسین (زین العابدین سجاد) متوفی ۹۴ ھ (۵) سعید بن جبیر متوفی ۹۵ ھ (۶) ابراہیم نخعی متوفی ۹۶ ھ (۷) حسن بصری متوفی ۱۱۰ ھ (۸) ابن سیرین متوفی ۱۱۰ ھ (۹) مجاہد متوفی ۱۰۴ ھ (۱۰) قاسم بن محمد بن ابی بکر متوفی ۱۰۶ ھ (۱۱) ہمام بن منبہ متوفی ۱۳۱ ھ (انہوں نے احادیث کا ایک مجموعہ مرتب کیا جو صحیفہ ہمام بن منبہ کے نام سے آج بھی موجود ہے) (۱۲) سالم بن عبد اللہ بن عمر متوفی ۱۰۶ ھ (۱۳) نافع مولی ابن عمر متوفی ۱۱۷ ھ (۱۴) ابن شہاب زہری متوفی ۱۲۴ ھ (انہوں نے کتابی صورت میں احادیث کا بہت بڑا ذخیرہ چھوڑا) (۱۵) عطا بن ابی رباح متوفی ۱۱۵ ھ
یہ سب کبار تابعین ہیں جنہوں نے صحابہ کرام کا طویل زمانہ پایا اور ان سے سنت نبوی کا بہت بڑا ذخیرہ حاصل کر کے اپنے زمانے کے صغار تابعین کو پہنچایا۔ صغار تابعین کا گروہ ہزارہا کی تعداد میں دنیا اسلام میں پھیلا ہوا تھا۔ ان حضرات نے دور دراز کے سفر کئے۔ تابعین کبار اور مختلف صحابہ سے حدیثیں جمع کیں جن میں چند ممتاز حضرات حسب ذیل ہیں (۱) جعفر بن محمد بن علی جن کا لقب جعفر الصادق ہے۔ متوفی ۱۴۸ ھ (۲) ربیعۃ الرائے (استاذ امام مالک) متوفی ۱۳۶ ھ (۳) عبد الرحمن بن قاسم بن محمد بن ابی بکر متوفی ۱۲۹ ھ (۴) سعید بن ابی عروبہ متوفی ۱۵۶ ھ (۵) الامام الاعظم ابو حنیفہ النعمان متوفی ۱۵۰ ھ (آپ کے متعلق تبییض الصحیفہ فی مناقب الامام ابی حنیفہ للسیوطی مطبوعہ دہلی ص ۱۴۴ میں ہے من مناقب ابی حنیفۃ التی انفرد بہا انہ اول من دون علم الشریعۃ ورتبہ ابوابًا ثم اتبعہ مالک بن انس فی ترتیب الموطا ولم یسبق ابا حنیفۃ احد۔
تابعین کرام کے جس مقدس گروہ کو سنت نبویہ کی یہ امانت پہنچی تھی اس کے بعض اہل بصیرت حضرات کو محسوس ہوا کہ اگر کتابی صورت میں احادیث کو مدون نہ کیا گیا تو آنے والی امت اس نعمت عظمیٰ سے محروم ہو جائے گی۔ چنانچہ خلیفہ راشد حضرت عمر بن عبد العزیز رضی اللہ عنہ متوفی ۱۰۱ ھ کی تحریک سے تدوین حدیث کا باقاعدہ کام شروع ہوا۔ ان مؤلفین میں ربیع بن صبح متوفی ۱۶۰ ھ، ابن جریر متوفی ۱۵۰ ھ، امام اوزاعی متوفی ۱۵۶ ھ، امام مالک متوفی ۱۷۹ ھ خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔
ان کے علاوہ دیگر محدثین کبار نے کتابی صورت میں احادیث جمع کیں۔ یہ مسلسل روایات حدیث کا سلسلہ تدوین کے مرحلے تک پہنچا اور دوسری صدی کے اواخر تک کتب حدیث کے بکثرت مجموعے مرتب ہو گئے۔
تیسری صدی کے اوائل میں مسدود بن مسرہد متوفی ۲۱۸ ھ، امام احمد بن حنبل متوفی ۲۴۱ ھ، اسحاق بن راہویہ متوفی ۲۲۸ ھ، ابو بکر بن ابی شیبہ متوفی ۲۳۵ ھ نے مختلف موضوعات پر کتب حدیث تالیف کیں۔
مؤلفین مذکورین میں سے اگرچہ بعض کی تصانیف موجود نہیں لیکن اس سے یہ نہ سمجھا جائے کہ وہ تصانیف ضائع ہو گئیں بلکہ ان کا پورا مواد ان کے ہم عصر محدثین اور بعد میں آنے والوں نے اپنی کتابوں میں شامل کر لیا اس لئے لوگ ان سے مستغنی ہو گئے۔
اسی صدی میں امام بخاری متوفی ۲۵۶ ھ، امام مسلم متوفی ۲۷۹ ھ، امام ابو داؤد متوفی ۲۷۵ ھ، امام ترمذی متوفی ۲۷۹ ھ، امام نسائی متوفی ۳۰۳ ھ، امام ابن ماجہ متوفی ۲۷۳ ھ نے صحاح جوامع اور سنن تالیف فرمائیں اور اس تیسری صدی کے اواخر تک تدوین حدیث کا کام نہایت خوش اسلوبی سے پایۂ تکمیل کو پہنچا۔ ان کتب حدیث کو ان کے مصنفین سے ہزاروں علماء و محدثین آج تک روایت کرتے چلے آئے۔
عہد رسالت سے لے کر تیسری صدی تک قرون ثلٰثہ مشہود لہا بالخیر میں تدوین حدیث کی تکمیل ہوئی اور اس پورے زمانے میں ایک آن کے لئے بھی روایت حدیث کا یہ سلسلہ منقطع ہونے نہیں پایا۔
اس اجمالی تاریخ حدیث سے منکرین حدیث کا یہ مغالطہ صاف ہو گیا کہ احادیث کا مجموعہ اس لئے قابل اعتبار نہیں کہ وہ عہد رسالت سے دو سو برس بعد وجود میں آیا۔ اگرچہ یہ مضمون ابھی تک بہت تشنہ تکمیل ہے لیکن بخوفِ طوالت ہم اسے صرف اسی عنوان پر ختم کرتے ہیں کہ ان شاء اللہ بوقت فرصت بقیہ متعلقہ عنوانات پر کچھ لکھیں گے۔
الشیخ والشیخۃ کاجواب منکرین حدیث مضحکہ خیز انداز میں یہ اعتراض کیا کرتے ہیں کہ حدیثوں میں آیا ہے صحابہ کرام نے کہا ہم قرآن میں ایک آیت پڑھا کرتے تھے۔ جواب اس میں موجود نہیں اور وہ آیت یہ ہے ’’الشیخ والشیخۃ اذا زنیا فار جموہماالبتۃ‘‘
اس کے جواب میں ہم عرض کریں گے کہ اس اعتراض کا مبنیٰ مسئلہ نسخ فی القرآن ہے جسے طوالت سے بچنے کے لئے ہم نے سر دست نظر انداز کر دیا ہے۔ اس وقت صرف اتنی بات پر ہم اکتفا کرتے ہیں کہ بے شک بعض احادیث سے قرآن مجید میں نسخ فی التلاوۃ کا ثبوت ملتا ہے لیکن ہم کسی ایسی چیز کا قرآن ہونا اعتقاد نہیں کر سکتے جس کی قرآنیت تواتر سے ثابت نہ ہو۔ اخبار احاد اپنے مقام پر حجت ہیں لیکن کسی خبر واحد سے کسی جملے کا قرآن ہونا ثابت نہیں ہو سکتا۔ یہ ایسا مسئلہ ہے کہ جس پر ساری امت کا اجماع ہے۔
رہی یہ روایت تو اس کے متعلق ہم اپنی تحقیق ہدیۂ ناظرین کرتے ہیں۔ یہ سمجھتے ہوئے کہ ابنائے زمانہ ہم سے ضرور اختلاف کریں گے لیکن لومۃ لائم سے بے خوف ہو کر ہم اس مسئلہ پر اپنا مسلک دلیل کے ساتھ پیش کرتے ہیں۔
الشیخ والشیخۃ الخ کوئی مستقل روایت نہیں بلکہ یہ ایک زیادت ہے جسے بعض محدثین نے ذکر کیا اور بعض نے اسے حذف کر دیا۔ ہمارے نزدیک یہ زیادت اسی قابل ہے کہ یہ ساقط کی جائے اور اس کو حذف کر دیا جائے۔
بخاری شریف میں وہ اصل حدیث جس میں بعض محدثین نے اس زیادت کو روایت کیا (اس زیادت کے بغیر) مروی ہے جس کے تحت علامہ ابن حجر عسقلانی شارح صحیح بخاری فتح الباری میں فرماتے ہیں کہ اسماعیلی نے جعفر الفریابی کی روایت سے علی بن عبد اللہ شیخ بخاری سے اس حدیث کا اخراج کیا اور اس میں یہ زیادتی بھی روایت کی ’’وقد قرأنا الشیخ والشیخۃ اذا زنیا فارجموہما البتۃ۔‘‘
علامہ ابن حجر عسقلانی اس پوری روایت کے بعد فتح الباری میں فرماتے ہیں ’’فسقط من روایۃ البخاری من قولہ وقرأ الٰی قولہ البتۃ ولعل البخاری ہو الذی حذف ذلک عمدًا فقد اخرجہ النسائی عن محمد بن منصور عن سفیان کروایۃ جعفر ثم قال لا اعلم احدًا ذکر فی ہٰذا الحدیث الشیخ والشیخۃ غیر سفیان وینبغی ان یکون وہم فی ذٰلک انتہٰی (فتح الباری جلد ۱۲ ص ۱۱۹، طبع مصر)
علامہ ابن حجر نے اسماعیلی کی وہ روایت نقل کی جس میں ’’وقد قرأنا الشیخ والشیخۃ اذا زنیا فارجموہما البتۃ‘‘ کی زیادت موجود ہے۔ اس کے بعد فرمایا کہ بخاری کی روایت سے یہ پوری زیادت (وقد قرأنا سے لے کر البتۃ تک) ساقط ہو گئی پھر فرمایا شاید امام بخاری ہی نے اس کو عمداً حذف کر دیا کیونکہ نسائی نے محمد بن منصور عن سفیان کے طریق سے اس روایت کا اخراج جعفر الفریابی کی روایت کی طرح کیا پھر انہوں نے کہا کہ میں کسی کو نہیں جانتا جس نے اس حدیث میں الشیخ والشیخۃ کی زیادت کو ذکر کیا ہو سوائے سفیان کے اور یہی کہنا مناسب ہے کہ انہیں اس بارے میں وہم ہو گیا۔
علامہ ابن حجر عسقلانی رحمۃ اللہ علیہ نے صرف اتنی بات پر اکتفا نہیں کیا بلکہ اس کے بعد متصلاً فرماتے ہیں (قلت) وقد اخرج الائمۃ ہٰذا الحدیث من روایۃ مالک ویونس ومعمر وصالح بن کیسان وعقیل و غیرہم من الحفاظ عن الزہری فلم یذکروہا وقد وقعت ہٰذہ الزیادۃ فی ہٰذا الحدیث من روایۃ الموطا عن یحیٰی بن سعید عن سعید بن المسیب قال لما صدر عمر من الحج۔ الحدیث (فتح الباری جلد ۱۲، ص ۱۱۹، ۱۲۰)
ملاحظہ فرمایئے ائمہ حدیث نے اس حدیث کا اخراج امام مالک، یونس، معمر، صالح بن کیسان اور عقیل و غیرہم حفاظ حدیث کی روایت سے بطریق امام زہری کیا لیکن اس زیادۃ (الشیخ والشیخۃ) کو کسی نے ذکر نہیں کیا۔ زیادۃ مذکورہ روایت موطا سے صرف اس حدیث میں واقع ہوئی جو بطریق یحییٰ بن سعید عن سعید المسیب حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے۔
اور سعید بن مسیب کا سماع حضرت عمر سے مختلف فیہ ہے۔ علامہ ابن عبد البر مالکی نے تمہید میں کہا ’’وسماع سعید عن عمر مختلف فیہ‘‘ کما نبہناہ فی التمہید (اوجز المسالک جلد ۶ ص ۲۴) اسی طرح علامہ جلال الدین سیوطی رحمۃ اللہ علیہ نے ’’سعید بن المسیب‘‘ کے ترجمہ میں فرمایا ’’روی عن ابیہ وعن عمر واختلف فی سماعہ منہ‘‘ (در منثور للسیوطی ص ۱۹۳، طبع مصر)
علامہ ابن حجر صاحب فتح الباری نے اسی مقام پر حاکم کی روایت بھی ذکر کی ہے جس کے متعلق صاحب او جز المسالک نے کہا ’’بسندہ الی سفیان‘‘ (والعہدۃ فی ذٰلک علی صاحب الاوجز) اوجز المسالک کی عبارت حسب ذیل ہے۔
مالک عن یحیٰی بن سعید الانصاری واخرجہ الحاکم فی المستدرک بسندہ الی سفیان ملاحظہ ہو جلد ۶ ص ۲۴ اور سفیان کے بارے میں اس زیادۃ کے متعلق امام نسائی کا یہ قول فتح الباری سے ابھی منقول ہو چکا ہے۔ وہ فرماتے ہیں ’’وینبغی ان یکون وہم فی ذٰلک‘‘
علاوہ ازیں ان تصریحات کے ساتھ جب حاکم کا متساہل فی التصحیح ہونا بھی شامل کر لیا جائے تو صحیح بخاری کی روایت کے مقابلہ میں اس کی روایت (ـمع الزیادۃ) کا ثابت ہونا کوئی معنی نہیں رکھتا۔
سر دست اتنا موقع نہیں کہ ہم ان روایات اور اس زیادۃ کے متعلق ’’روایت‘‘ و ’’درایت‘‘ کی روشنی میں مفصل کلام کریں۔ ان شاء اللہ آئندہ کسی وقت تفصیل سے اس پر بحث کریں گے۔
مختصر یہ کہ علامہ ابن حجر کا یہ کہنا کہ امام بخاری نے ’’الشیخ والشیخۃ‘‘ کی زیادۃ کو قصداً حذف کر دیا اور امام نسائی کا یہ قول میرے علم میں سفیان کے سوا کسی نے اس زیادۃ کو ذکر نہیں کیا اور سفیان کا اسے ذکر کرنا ان کے وہم پر مبنی ہے۔ ہمارے نزدیک اس بات کی روشن دلیل ہے کہ یہ زیادۃ فی الواقع ثابت نہیں۔ لہٰذا ایسی غیر ثابت، ناقابل ذکر زیادۃ کو ایک عظیم ترین الزام کی بنیاد قرار دینا کہاں کا انصاف ہے؟