حجیت حدیث پر قرآنی دلائل اب ہم وہ آیاتِ قرآنیہ پیش کرتے ہیں جن سے حجیت حدیث کا روشن ثبوت ملتا ہے

(۱) لَقَدْ مَنَّ اللّٰہُ عَلَی الْمُؤْمِنِیْنَ اِذْ بَعَثَ فِیْہِمْ رَسُوْلًا مِّنْ اَنْفُسِہِمْ یَتْلُوْا عَلَیْہِمْ اٰیَاتِہٖ وَیُزَکِّیْہِمْ وَیُعَلِّمُہُمُ الْکِتَابَ وَالْحِکْمَۃَ۔ (س: آل عمران)

ارشاد ہوتا ہے (۲) ہُوَ الَّذِیْ بَعَثَ فِی الْاُمِّیِّیْنَ رَسُوْلًا مِّنْہُمْ یَتْلُوْا عَلَیْہِمْ اٰیَاتِہٖ وَیُزَکِّیْہِمْ وَیُعَلِّمُہُمُ الْکِتَابَ وَالْحِکْمَۃَ۔ (س: جمعہ) (۳) کَمَا اَرْسَلْنَا فِیْکُمْ رَسُوْلًا مِّنْکُمْ یَتْلُوْا عَلَیْکُمْ اٰیَاتِنَا وَیُزَکِّیْکُمْ وَیُعَلِّمُکُمُ الْکِتَابَ وَالْحِکْمَۃَ وَیُعَلِّمُکُمْ مَّا لَمْ تَکُوْنُوْا تَعْلَمُوْنَ۔ (س: بقرۃ)

ابراہیم علیہ السلام کی دعا میں وارد ہے (۴) رَبَّنَا وَابْعَثْ فِیْہِمْ رَسُوْلًا مِّنْہُمْ یَتْلُوْا عَلَیْہِمْ اٰیَاتِکَ وَیُعَلِّمُہُمُ الْکِتَابَ وَالْحِکْمَۃَ وَیُزَکِّیْہِمْ۔ (س: بقرۃ)

ان چاروں آیتوں میں اس حقیقت کو واضح کیا گیا ہے کہ رسول کا کام صرف تلاوتِ آیات پر ختم نہیں ہو جاتا بلکہ اس کے علاوہ حسب ذیل کام بھی بعثت رسول سے متعلق ہیں

(۱) تعلیم کتاب (۲) تعلیم حکمت (۳) انفرادی اور اجتماعی حیثیت سے مومنین کا تزکیہ اور ان کی پاکیزگی و اصلاحِ حال ظاہر ہے کہ یہ تینوں کام محض الفاظ قرآن پڑھ دینے سے پورے نہیں ہوتے بلکہ ان کی ابتدا تلاوتِ آیات کے بعد ہوتی ہے ورنہ ان کو الگ بیان فرمانے کے کوئی معنی نہ تھے۔ امور مذکورہ کی انجام دہی پر رسول اللہ ﷺ مامور تھے جس کا تحقق حضور کی سیرت اقوال و افعال اور احوال مبارکہ کے بغیر متصور نہیں۔ اگر ان سب چیزوں کو شرعاً حجت تسلیم نہ کیا جائے تو یہ جملہ امور عبث اور بے معنی ہو کر رہ جائیں گے۔ اس لئے تسلیم کرنا پڑے گا کہ نبی کریم ﷺ کے اقوال و افعال اور احوال سب حجت شرعیہ ہیں۔

استدراک اس مقام پر یہ کہنا کہ تعلیم کتاب سے مراد معانی قرآن کا بیان ہے اور معانی الفاظ سے جدا نہیں۔ اسی طرح حکمت بھی عین قرآن ہے کیونکہ خود قرآن کریم کو حکیم کہا گیا ہے اور تزکیہ بھی قرآن کی صفت ہے کیونکہ وہی قرآن کا مبداء ہے ’’وَاِذَا تُلِیَتْ عَلَیْہِمْ اٰیَاتُہٗ زَادَتْہُمْ اِیْمَانًا۔‘‘ لہٰذا آیاتِ منقولہ میں جو کچھ مذکور ہے وہ سب قرآن ہی ہے۔ ایسی صورت میں غیر قرآن کی حجیت پر ان آیات سے استدلال نہیں ہو سکتا۔

اس شبہ کا جواب یہ ہے کہ ہم امور مذکورہ کو قرآن سے الگ نہیں مانتے البتہ انہیں تلاوت آیات کا غیر سمجھتے ہیں اور یہ ایسی بدیہی بات ہے جو قطعاً محتاجِ دلیل نہیں۔ معانی قرآن بے شک قرآن میں شامل ہیں لیکن ان کا بیان رسول کے قول و فعل کے بغیر ناممکن ہے اسی طرح حکمت قرآن میں ہے۔ اسی لئے قرآن کو حکیم کہا گیا ہے لیکن اس کی تعلیم رسول کے قول و فعل ہی سے ہو سکتی ہے۔ علیٰ ہٰذا القیاس پاکیزگی کا منبع قرآن مجید ہی ہے لیکن اس کا حصول رسول کی وساطت کے بغیر ناممکن ہے اور جب رسول کی ذات سے اس کا حصول متحقق ہو گا تو وہ رسول کے احوال و اقوال و افعال ہی کے ذریعہ ہو سکتا ہے۔ یہی تعلیم و بیان اور اقوال و افعال واحوالِ رسول اللہ ﷺ حدیث ہیں اور وہ تلاوتِ آیات کا غیر ہیں۔ ان سے اعراض کرنا مقصد بعثت کو فوت کر دینے کے مترادف ہے۔

کتاب کی مراد کو بیان کرنا رسول کا منصب ہے اگرچہ آیاتِ سابقہ سے یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب کی تعلیم اور اپنے کلام کی مراد بیان کرنے کا منصب رسول کے سوا کسی دوسرے کے حوالے نہیں کیا خواہ وہ کوئی امیر ہو یا کسی کا خود ساختہ مرکز ملت ’’یُعَلِّمُہُمُ الْکِتَابَ وَالْحِکْمَۃَ۔‘‘ اس امر کی قطعی دلیل ہے کہ کلام الٰہی سے مراد خداوندی کا بتانا صرف رسول کا کام ہے اور اس میں شک نہیں کہ اگر تعلیم کتاب پر یہ پابندی عائد نہ کی جاتی تو ہر شخص اپنی خواہشات نفسانیہ کے مطابق اس کے معنی بیان کرنے لگتا اور مرادِ الٰہی جاننے سے امت مسلمہ محروم رہ جاتی اور کلام الٰہی ہوا و ہوس کے لئے ایک سہارا بن جاتا۔ مزید وضاحت کے لئے ہم سورئہ نحل کی ایک اور آیت پیش کرتے ہیں جس سے صاف واضح ہے کہ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ نے جو احکام نازل فرمائے ہیں ان کی توضیح و تشریح رسول اللہ ﷺ کے ذمہ ہے۔ ارشاد ہوتا ہے

(۵) وَاَنْزَلْنَا اِلَیْکَ الذِّکْرَ لِتُبَیِّنَ لِلنَّاسِ مَا نُزِّلَ اِلَیْہِمْ۔ یعنی ہم نے یہ ذکر (قرآن) آپ کی طرف اس لئے نازل فرمایا کہ آپ ان چیزوں کو وضاحت کے ساتھ لوگوں کے لئے بیان فرما دیں جو ان کی طرف نازل کی گئی ہیں۔ اس کا واضح مفہوم یہی ہے کہ آپ قرآن کی تفسیر اور اس کی شرح فرما کر لوگوں کو اس کا مطلب سمجھا دیں۔

اس آیت کے متعلق بعض لوگوں کا یہ کہنا ہے کہ یہاں ’’لِتُبَیِّنَ لِلنَّاسِ مَا نُزِّلَ اِلَیْہِمْ۔‘‘ سے مراد صرف الفاظ قرآن کا بیان کر دینا مراد ہے عجیب مضحکہ خیز ہے۔ یہ لوگ اتنا بھی نہیں سمجھتے کہ تبیین معانی کی ہو سکتی ہے الفاظ کی تبیین کے کیا معنی؟ جہاں الفاظ قرآن امت کے سامنے پیش کرنے کا ذکر قرآن میں آیا ہے وہاں تلاوت کے الفاظ وارد ہوئے ہیں جیسا کہ آیات سابقہ میں ’’یَتْلُوْا عَلَیْہِمْ اٰیَاتِہٖ‘‘ تک وارد ہیں۔ الفاظ کی ادائیگی کو تلاوت یا قرأت کے ساتھ قرآن کریم میں بارہا تعبیر کیا گیا ہے جیسے ’’اِقْرَأ بِاسْمِ رَبِّکَ الَّذِیْ خَلَقَ‘‘ اور ’’سَنُقْرِئُکَ فَلَا تَنْسٰی‘‘ اور ’’اِنَّ عَلَیْنَا جَمْعَہٗ وَقُرْاٰنَہٗ‘‘ لیکن تبیین کے ساتھ الفاظ قرآن کی ادائیگی کی تعبیر کہیں وارد نہیں ہوئی۔ ’’ثُمَّ اِنَّ عَلَیْنَا بَیَانَہٗ‘‘ میں بھی لفظ بیان سے قرآن کے علوم و معاف ہی کا بیان مراد ہے۔

ایک غلطی کا ازالہ ان لوگوں کا یہ کہنا کہ ’’لِتُبَیِّنَ لِلنَّاسِ مَا نُزِّلَ اِلَیْہِمْ‘‘ میں الفاظ قرآن ہی کی تبیین مراد ہے ماسوائے الفاظ سے اس تبیین کا کوئی تعلق نہیں۔ اگرچہ صراحۃً غلط ہے جیسا کہ ہم ابھی بیان کر چکے ہیں لیکن اس سورئہ نحل کی ایک دوسری آیت ہم پیش کرتے ہیں جس سے ان لوگوں کی غلط فہمی قطعی طور پر دور ہو جانی چاہئے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ’’وَمَا اَنْزَلْنَا عَلَیْکَ الْکِتَابَ اِلَّا لِتُبَیِّنَ لَہُمُ الَّذِی اخْتَلَفُوْا فِیْہِ وَ ہُدًی وَّرَحْمَۃً لِّقَوْمٍ یُّؤْمِنُوْنَ۔‘‘

اس آیت میں اس چیز کی تبیین کا ذکر ہے جس میں لوگوں نے اختلاف کیا تھا۔ ظاہر ہے کہ امر مختلف فیہ الفاظ قرآن نہیں۔ حالانکہ اس آیت کریمہ میں اسی کی تبیین کو نازل کرنے کا مقصد قرار دیا گیا ہے۔ معلوم ہوا کہ الفاظ قرآن کی تبیین پر اس آیت کو حمل کرنا درست نہیں۔ مختصر یہ کہ ہماری پیش کردہ آیت سابقہ سے یہ بات واضح طور پر معلوم ہو گئی کہ تفسیر قرآن اور تبیین معانی کتاب منصب رسالت ہے۔ اگر اسے حجت شرعیہ تسلیم نہ کیا جائے تو قرآن کا نزول معاذ اللہ عبث ہو کر رہ جائے گا۔

(۶) وَمَا اٰتٰکُمُ الرَّسُوْلُ فَخُذُوْہُ وَمَا نَہَاکُمْ عَنْہُ فَانْتَہُوْا وَاتَّقُوا اللّٰہَط اِنَّ اللّٰہَ شَدِیْدُ الْعِقَابِ۔ (س: حشر) اس آیت کریمہ میں لفظ ما کا عموم اس بات کو واضح کرتا ہے کہ یہاں صرف کتاب اللہ مراد نہیں بلکہ ہر وہ چیز مراد ہے جو رسول ہونے کی حیثیت سے اللہ کا رسول امت کو عطا فرمائے جس میں وہ تمام اقوال وافعال اور احوال شامل ہیں جو کتاب اللہ کی تفسیر اور مراد الٰہی کے بیان کے ضمن میں حضور ﷺ سے صادر ہوئے۔ انہیں کو لینے کا حکم اس آیت کریمہ میں پایا جاتا ہے جو اس بات کی دلیل ہے کہ وہ سب کچھ حجت شرعیہ ہے جو بحیثیت رسول ہونے کے خدا کے رسول نے اپنی امت کو دی اور حدیث اس میں شامل ہے۔ اس لئے یہ آیت حجیت حدیث کی روشن دلیل ہے۔

(۷) اِنَّا اَنْزَلْنَا اِلَیْکَ الْکِتَابَ بِالْحَقِّ لِتَحْکُمَ بَیْنَ النَّاسِ بِمَا اَرَاکَ اللّٰہَ۔

آیت سے مسائل منقحہ کا حصول اس آیت کریمہ کا مفاد یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ رسول اللہ ﷺ کو اس بات کا حکم دے رہا ہے کہ آپ اس چیز کے ساتھ فیصلہ کیجئے جو اللہ نے آپ کو دکھائی یعنی کتاب اور اپنے کلام کے جو معانی و مطالب آپ کو سمجھائے آپ اس کے مطابق فیصلہ کیجئے۔ اس آیت سے چند مسائل منقح ہو کر سامنے آ گئے۔

(۱) اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ ﷺ کو حاکم ہونے کی حیثیت عطا فرمائی۔ (۲) رسول اللہ ﷺ کی رائے اپنی ذاتی نہیں بلکہ وہ خدا کی ارأت ہے اور ظاہر ہے کہ وہ الفاظ قرآن کے ماسوا ہے جس کے مطابق فیصلہ اور حکم فرمانے کا اللہ تعالیٰ نے اپنے رسولوں کو منصب عطا فرمایا۔ (۳) الفاط قرآن کے علاوہ بھی ایک ایسی چیز کا وجود اس آیت سے ثابت ہوا جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے ہم اسی کو حدیث اور سنت سے تعبیر کرتے ہیں جس کا حجت ہونا اس بات سے ثابت ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس کے مطابق حکم صادر فرمانے کو آپ کا منصب قرار دیا۔

ایک لطیف نکتہ یہاں یہ نکتہ قابل غور ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ’’بِمَا اَرَاکَ اللّٰہُ‘‘ فرمایا ’’بِمَا رَأَیْتَ‘‘ نہیں فرمایا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ امت مسلمہ اس بات کو سمجھ لے کہ جب رسول کو قرآن مجید میں اپنی ذاتی رائے کو دخل دینے اور اسی کی روشنی میں کتاب اللہ سے کوئی حکم صادر کرنے کا حق نہیں دیا گیا تو غیر رسول کو یہ حق کیونکر حاصل ہو سکتا ہے کہ وہ اپنی ذاتی رائے کو قرآن میں دخیل کر کے اپنی منشاء کے مطابق جو چاہے فیصلہ صادر کر دے۔

ایک اور شبہ کا ازالہ اس آیت کریمہ سے ایک اور شبہ بھی دور ہو گیا وہ یہ کہ جب قرآن مجید کو اللہ تعالیٰ نے کتاب مفصل اور ’’تِبْیَانًا لِّکُلِّ شَیْئٍ‘‘ فرمایا تو معلوم ہوا کہ وہ کسی تشریح و توضیح کا محتاج نہیں پھر یہ کہنا کیونکر درست ہو سکتا ہے کہ معانی قرآن کی تبیین و تفسیر منصب نبوت ہے۔ اس شبہ کے دور ہونے کی وجہ یہ ہے کہ آیۂ کریمہ ’’لِتَحْکُمَ بَیْنَ النَّاسِ بِمَا اَرَاکَ اللّٰہُ‘‘ اس بات کی دلیل ہے کہ مطالب و معارف قرآن کا وضوح و انکشاف ارأت الٰہیہ پر موقوف ہے جس کے لئے وہ ثابت ہے اس لئے قرآن مفصل و مبین اور ’’تِبْیَاناً لِّکُلِّ شَیْئٍ‘‘ کا حکم رکھتا ہے لیکن جس کے لئے ارأت الٰہیہ ثابت نہیں اس کے لئے یقینا قرآن مجید کی تشریح و توضیح اور بیان و تبیین کی حاجت ہے۔

خلاصہ یہ ہے کہ قرآن بالنسبۃ الی الرسول کتاب مفصل اور ’’تِبْیَاناً لِّکُلِّ شَیْئٍ‘‘ ہے اور غیر رسول کے لئے رسول کی تعلیم و تبیین ضروری ہے۔ گویا قرآن اس کے حق میں بلاواسطہ نہیں بلکہ بواسطۂ رسول کتاب مفصل و ’’تِبْیَاناً لِّکُلِّ شَیْئٍ‘‘ کا حکم رکھتا ہے۔ ورنہ بتایا جائے کہ بیان رسول سے قطع نظر کر کے قرآن مجید میں مثلا اقامۃ الصلٰوۃ، ایتاء زکٰوۃ، حج و صیام وغیرہ احکام کی تفصیل کہاں ہے؟

نطق رسول وحی الٰہی میں منحصر ہے (۸) وَمَا یَنْطِقُ عَنِ الْہَوٰیo اِنْ ہُوَ اِلَّا وَحْیٌ یُّوْحٰیo (النجم: ۳،۴) اس آیت میں نطق رسول کو وحی میں منحصر کیا گیا ہے اور لفظ ’’یَنْطِقُ‘‘ اس بات کی دلیل ہے کہ یہاں صرف قرآن نہیں بلکہ حدیث بھی مراد ہے کیونکہ صرف قرآن کے لئے تلاوت یا قرأۃ کا لفظ مخصوص ہے۔ اس آیت میں ’’وَمَا یَنْطِقُ‘‘ فرما کر واضح فرما دیا کہ وحی سے محض قرآن مراد نہیں بلکہ ایسے عام معنی مراد ہیں جو سنت کو بھی شامل ہیں۔

ان تمام آیاتِ قرآنیہ کی روشنی میں یہ حقیقت آفتاب سے زیادہ روشن ہو کر سامنے آ گئی کہ حدیث کے بغیر قرآن اور اس پر عمل کرنا ناممکن ہے۔ اسی لئے اللہ تعالیٰ نے امر رسول یعنی سنت نبویہ کی مخالفت کرنے والوں کو زجر وتوبیخ کے طور پر فرمایا ’’فَلْیَحْذَرِ الَّذِیْنَ یُخَالِفُوْنَ عَنْ اَمْرِہٖ اَنْ تُصِیْبَہُمْ فِتْنَۃٌ اَوْ یُصِیْبَہُمْ عَذَابٌ اَلِیْمٌ۔‘‘ (نور: ۶۳)

صرف قرآن کی اتباع مراد نہیں مخالفین سنت کہتے ہیں کہ آیاتِ قرآنیہ میں رسول کی اطاعت سے صرف قرآن کی اطاعت و اتباع مراد ہے۔ یہ قول قرآن مجید کی روشنی میں مردود ہے۔ ورنہ دیکھئے قرآن کا حکم ہے ’’اَقِیْمُوا الصَّلٰوۃَ‘‘ اس حکم کی پیروی اطاعت رسول کے بغیر محال ہے۔ معلوم ہوا کہ اتباعِ قرآن اتباعِ نبوی پر موقوف ہے۔

مخالفین سنت کہتے ہیں کہ رسول کا منصب رسالت صرف تلاوتِ قرآن اور اس کے الفاظ کی ادائیگی تک محدود ہے۔ اس کے بعد وہ ایک امیر یا عام انسانوں کی طرح ہے۔ اس لئے اس کا قول و فعل حجت نہیں۔ یہاں دو باتیں ہیں

ایک رسول کا محض امیر کی طرح ہونا دوسرے رسول کا عام انسانوں کی طرح ایک بشر ہونا

ہم ان دونوں باتوں کو الگ الگ تفصیل سے بیان کرتے ہیں تاکہ دونوں مسئلے اچھی طرح واضح ہو جائیں۔

رسول کی بشری حیثیت کہا جاتا ہے کہ رسول کی دو حیثیتیں ہیں۔ ایک بشریت دوسری رسالت۔ بشریت کی حیثیت سے ان کی اطاعت فرض نہیں۔ اس لئے کہ حضور نے خود فرمایا کہ میں بشر ہوں جو بات اپنی طرف سے (بحیثیت بشر) کہوں وہ تم پر فرض نہیں اور جو بات اللہ تعالیٰ کی طرف سے کہوں وہ فرض ہے۔ معلوم ہوا کہ صرف رسول ہونے کی حیثیت سے ان کی اطاعت فرض ہے۔ لہٰذا انہیں مطلقاً واجب الاطاعت ماننا صحیح نہیں۔

اس کا جواب یہ ہے کہ بشریت و رسالت دونوں ایک ذات مقدسہ کی حیثیتیں ہیں۔ ایسی صورت میں ہمیں کیسے معلوم ہو گا کہ یہ بات بشری حیثیت سے فرمائی ہے یا رسول ہونے کی حیثیت سے۔ اس بات کا علم ہمیں ان ہی کے قول یا اصول سے ہو سکتا ہے کہ فلاں بات بشریت کی حیثیت سے ہے یا رسالت کی حیثیت سے۔ اگر ان ہی کے ارشاد یا قائم کردہ دلیل سے کسی بات کا بشری حیثیت سے ہونا ثابت ہو جائے تو ہم اس کی عدم فرضیت کا اعتقاد رکھیں گے یعنی ان کا فرض کرنا دلیل فرضیت ہو گا اور ان ہی کا کسی چیز کو غیر فرض قرار دینا اس کی عدم فرضیت قرار پائے گا۔ دونوں صورتوں میں قول رسول کی حجیت باقی رہی جو اس بات کی دلیل ہے کہ وہ بشری حیثیت رکھنے کے باوجود بھی رسول ہیں۔ ان کی بشریت کسی حال میں ان کی رسالت کے منافی نہیں اور ان کا وصف رسالت کسی وقت بھی ان کی بشریت سے منفک نہیں ہوتا۔ لہٰذا وہ ہر وقت مطلقاً واجب الاطاعت ہیں۔

امیر کی حیثیت اور رسول کا مقام مخالفین سنت نے رسول کی ذات کو ایک امیر کی حیثیت دے دی اور رسول کے بعد امیر کو رسول کا مرتبہ دے دیا یعنی جس طرح رسول کو قرآن کی تفسیر کا حق حاصل ہے اسی طرح امیر بھی اپنی سمجھ کے مطابق قرآن کی تفسیر کر سکتا ہے۔ اس کی تشریح بہر صورت قابل قبول ہو گی خواہ رسول کی تفسیر کے خلاف ہی کیوں نہ ہو۔ ان لوگوں نے امیر کو مرکز ملت کے نام سے تعبیر کیا ہے اور اسے رسول کی طرح واجب الاطاعت جانا۔ آئیے ہم قرآن مجید کی روشنی میں ان دونوں کی حیثیت تلاش کرتے ہیں۔ عنقریب معلوم ہو جائے گا کہ ازروئے قرآن امیر کو رسول کا ہم پلہ قرار دینا باطل محض ہے۔

امیر کی صفات رسول جیسی نہیں ہو سکتیں بیان سابق میں قرآن مجید سے انبیاء علیہم السلام کے قوائے جسمانیہ مدرکہ و محرکہ و قوائے روحانیہ اور ان کے نفوس قدسیہ کے غایت کمال اور نہایت صفاء کو ہم ثابت کر چکے ہیں اور ظاہر ہے کہ کسی امیر کے لئے ان کمالات کا ثبوت قرآن مجید سے نہیں مل سکتا پھر یہ بات بھی قرآن مجید کی روشنی میں ثابت ہو چکی ہے کہ رسول کی اطاعت مستقل ہے اور امیر کی اطاعت غیر مستقل اور یہ بات بھی قرآن مجید ہی کی روشنی میں ثابت کر چکے ہیں کہ رسولوں کا انتخاب براہِ راست اللہ تعالیٰ کے انتخاب پر موقوف ہے۔

اَللّٰہُ یَصْطَفِیْ مِنَ الْمَلاَئِکَۃِ رُسُلاً وَّمِنَ النَّاسِ اس کے علاوہ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے اَللّٰہُ اَعْلَمُ حَیْثُ یَجْعَلُ رِسَالَتَہٗ جس کا مفاد یہ ہے کہ رسالت موہبت الٰہیہ ہے لیکن امیر کا منصب جعل الٰہی پر موقوف نہیں۔ نبی کا نطق وحی الٰہی ہوتا ہے اور اس کی آواز پر آواز اونچی کرنا بھی حبط اعمال کا موجب ہے۔ نبی کی وفات کے بعد اس کی بیویوں سے نکاح کرنا حرام ہے۔ نبی اگر کسی سے مشورہ لے تو مجلس مشاورت کا تابع نہیں ہوتا بلکہ دوسرے لوگ اس کے تابع ہوتے ہیں۔ ’’فَاِذَا عَزَمْتَ فَتَوَکَّلْ عَلَی اللّٰہِ۔‘‘

یہ تمام خصوصیات صرف نبی اور رسول کے لئے قرآن سے ثابت ہیں۔ جن کاتصور قرآن کی روشنی میں امیر کے لئے نہیں کیا جا سکتا بلکہ بعض صورتوں میں امیر کا عزل بھی ممکن ہے۔ ایسی صورت میں امیر کو رسول سے کیا مناسبت ہو سکتی ہے۔ ان حقائق کے ہوتے ہوئے مرکز ملت کا خود ساختہ تصور مومن کے لئے کس قدر بھیانک اور ناقابل برداشت ہے۔

مخالفین سنت کا ایک اہم سوال قرآن کی طرح احادیث کا مجموعہ لاؤ حجیت حدیث کے مسئلہ میں مخالفین حدیث کی طرف سے اس سوال کو بہت اہمیت دی جاتی ہے کہ اگر حدیث حجت ہے تو اس کا کوئی مجموعہ کتابی شکل میں ہمارے سامنے لاؤ جو قرآن کی طرح شک و شبہ سے پاک ہو۔

اس کا جواب یہ ہے کہ محفوظیت قرآن ایک حقیقت ثابتہ ہے لیکن اس کا مدار بھی سنت و حدیث پر ہے۔ اس بحث سے پہلے ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم یہ سمجھ لیں کہ قرآن کیا ہے؟

قرآن کے تصور کے ساتھ ہمارے سامنے تین چیزیں آتی ہیں نقوش، الفاظ اور معانی۔ یہ امر محتاجِ بیان نہیں کہ نقوش جو مکتوب فی المصاحف ہیں منزل من اللہ نہیں بلکہ وہ الفاظ پر دلالت کرتے ہیں۔ قرآن درحقیقت صرف الفاظ اور ان کے معانی ہیں اور یہ دونوں اللہ تعالیٰ کی طرف سے نازل کئے گئے ہیں۔

لفظ بعینہٖ مکتوب ہونے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔ اس لئے کتابی شکل میں جو مجموعہ ہے وہ صرف نقوش ہیں، الفاظ ومعانی نہیں۔ البتہ الفاظ ان نقوش کا مدلول ہیں اور معانی پر الفاظ کی دلالت ہے۔

اس تفصیل کو ذہن نشین کر لینے کے بعد یہ بات بخوبی سمجھ میں آ سکتی ہے کہ مجموعہ کی شکل میں ہمارے پاس صرف نقوش ہیں اور وہ بھی بعینہٖ وہی نقوش نہیں جو رسول اللہ ﷺ نے نزولِ قرآن کے وقت لکھوائے تھے کیونکہ جن چیزوں پر ان نقوش کو لکھوایا گیا تھا ان میں سے کوئی ایک چیز بھی ہمارے پاس موجود نہیں۔ ایسی صورت میں وہ اصل نقوش کیونکر محفوظ ہو سکتے ہیں۔ البتہ ان نقوش کی نقل در نقل ہوتی چلی آئی جس میں سرمو تفاوت پیدا نہیں ہوا، نہ ہو گا اور نہ ہو سکتا ہے پھر یہ کہ وہ نقوش صرف خارجی مصاحف و اوراق تک محدود نہ رکھے گئے بلکہ عہد رسالت سے لے کر آج تک بواسطۂ صور اذہان و قلوب مومنین میں محفوظ چلے آ رہے ہیں۔ جب تک مسلمانوں کا وجود روئے زمین پر باقی ہے دل و دماغ کی دنیا سے انہیں کوئی نہیں مٹا سکتا۔ یہ نقوش خارجی ہوں یا ذہنی، ظاہری ہوں یا باطنی الفاظ قرآن پر دال ہیں اور قرآنی الفاظ ان کا مدلول اور اس وجہ سے انہیں بھی قرآن کہا جاتا ہے۔

پھر یہ قاری کے لئے قرأت قرآن کا مبداء بھی یہی نقوش ہیں اس لئے بھی انہیں لفظ قرآن سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ اس میں شک نہیں کہ یہ خصوصیت صرف قرآن کریم کو حاصل ہے جن کی وجہ سے تحریف و تبدیل کا تصور بھی قرآن کے حق میں قطعاً غلط اور باطل محض ہے۔

قرآن لفظ اور معنی کا مجموعہ ہے ان نقوش کی بدولت جب کوئی قاری قرآن پڑھتا ہے تو اس کا پڑھنا قرأت قرار پاتا ہے اور جو کچھ اس نے پڑھا اسے قرآن کہا جاتا ہے لیکن میں ابھی عرض کر چکا ہوں کہ قرآن صرف الفاظ کا نام نہیں بلکہ ’’اَلْقُرْاٰنُ اِسْمٌ لِّلنَّظْمِ وَالْمَعْنٰی جَمِیْعًا۔‘‘ لہٰذا جب تک معنی کو بھی محفوظ نہ مانا جائے اس وقت تک محفوظیت قرآن کا دعویٰ قابل تسلیم نہ ہو گا اور محفوظیت قرآن کا معتقد وہی شخص قرار پائے گا جو الفاظ کے ساتھ معانی قرآن کو بھی محفوظ مانتا ہو۔ اس کے برخلاف جو شخص صرف نقوش و الفاظ کے محفوظ ہونے کا اعتقاد رکھتا ہو اور معانی قرآن کی محفوظیت کا معتقد نہ ہو وہ درحقیقت محفوظیت قرآن پر قطعاً ایمان نہیں رکھتا اور اسے کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ اپنے آپ کو محفوظیت قرآن پر ایمان رکھنے والا قرار دے۔

اس تفصیل سے یہ بات اچھی طرح واضح ہو گئی کہ محفوظیت قرآن کے لئے صرف نقوش و الفاظ کا محفوظ رہنا کافی نہیں بلکہ معانی قرآن کی محفوظیت بھی اس کے لئے ضروری ہے۔

معانی قرآن سنت کی شکل میں محفوظ ہیں اب مخالفین سنت سے میں دریافت کروں گا کہ آپ لوگ معانی قرآن کو محفوظ مانتے ہیں یا نہیں۔ اگر جواب نفی میں ہو تو میں عرض کروں گا کہ اس صورت میں آپ نہ قرآن کے قائل ہیں نہ اس کی حجیت پر آپ کا ایمان ہے۔ اس تقدیر پر سنت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور اگر مانتے ہیں تو ان کا کوئی مجموعہ ہمارے سامنے پیش کیجئے جو مجموعہ مصاحف کی طرح ہر قسم کے اختلاف اور شک و شبہ سے پاک ہو۔ اگر آپ پیش نہ کر سکے اور یقینا پیش نہ کر سکیں گے تو مان لیجئے کہ معانی قرآن سنت رسول ﷺ کی شکل میں محفوظ ہیں یعنی حضور ﷺ کی سنن کریمہ دراصل معانی قرآن ہیں۔ ثابت ہوا کہ جب تک سنت کو تسلیم نہ کیا جائے اس وقت تک قرآن پر بھی ایمان نہیں ہو سکتا۔

دیکھئے ’’اَقِیْمُوا الصَّلٰوۃَ وَاٰتُوا الزَّکٰوۃَ‘‘ کے الفاظ قرآن میں موجود ہیں مگر اس کے معنی کسی صحیفے کی صورت میں نہیں پائے جاتے۔ البتہ نبی اکرم ﷺ نے جن طریقوں سے یہ عبادتیں ادا فرمائیں یا صحابہ کرام کو ان کے ادا کرنے کی تعلیم دی وہ سب سنت قولی و فعلی محفوظ ہیں جو امت محمدیہ کے تعامل اور احادیث و روایات کی صورت میں عہد رسالت سے لے کر آج تک محفوظ چلے آ رہے ہیں جس کو تسلیم کئے بغیر معانی قرآن کے وجود کو تسلیم کرنا ممکن نہیں۔ ثابت ہوا کہ محفوظیت قرآن کا دارو مدار سنت پر ہے سنت کے بغیر قرآن کا محفوظ ہونا کسی طرح ممکن نہیں۔

استدراک اس مقام پر اگر یہ کہا جائے کہ ہر لفظ کے معنی اس لفظ کے تحت ہوتے ہیں اس لئے جب الفاظ محفوظ ہیں تو ان کے تحت ان کے معنی بھی محفوظ قرار پائیں گے تو ہم اس کے جواب میں عرض کریں گے کہ معانی قرآن سے ہماری مراد الفاظ قرآن کے لغوی معنی نہیں بلکہ معانی قرآن سے ہماری مراد مرادِ الٰہی ہے۔ بے شک لغت کو قرآن کے معنی سمجھنے میں دخل ہے لیکن یہ ضروری نہیں کہ مرادِ الٰہی بھی وہی لغوی معنی ہوں جس کی مثال میں ہم بار بار ’’اَقِیْمُوا الصَّلٰوۃَ‘‘ اور اس قسم کی دوسری آیات کو پیش کر چکے ہیں۔ لغت کی کوئی کتاب اٹھا کر دیکھ لیجئے آپ کو لفظ صلوٰۃ کے معنی ارکان مخصوصہ نہ ملیں گے۔ اسی طرح کلام الٰہی میں بے شمار ایسے الفاظ ہیں جو خاص شرعی اصطلاحی الفاظ ہیں۔ جن کے معنی اللہ تعالیٰ کے بتانے سے رسول اللہ ﷺ کو معلوم ہوئے اور رسول اللہ ﷺ نے امت مسلمہ کو بتائے۔ ایسی صورت میں یہ کہنا غلط ہو گا کہ معنی لفظ کے تحت ہوتے ہیں اور حفاظت لفظ کے ساتھ معنی کی حفاظت بھی ہو جاتی ہے۔ حفاظت الفاظ یقیناً حفاظت معنی کے لئے کی گئی لیکن سنت رسول اللہ ﷺ چونکہ مرادِ الٰہی کا بیان ہے اس لئے اس کے بغیر معانی قرآن کی محفوظیت ناممکن ہے۔

معانی قرآن لامتناہی ہیں یہاں یہ امر بھی قابل لحاظ ہے کہ معانی قرآن ایک بحر بیکراں ہے جس کی تحدید ممکن نہیں۔ یہ سنت رسول اللہ ﷺ ہی کا کمال ہے کہ جوامع الکلم اور احوال و افعال میں ان کو حسب منشائے ایزدی مکلفین کی ضروریات کے مطابق اس خوبی کے ساتھ بیان کیا گیا ہے جس کی روشنی میں نوع انسانی کی فوز و فلاح اور نجات کی راہیں بے غبار نظر آتی ہیں ورنہ اگر علوم قرآن کی تفاصیل کو دیکھا جائے تو اس میں شک نہیں کہ ان کا احصا حد امکان سے باہر ہے۔ جن تفاصیل کو تعلیم کتاب کے ضمن میں رسول اللہ ﷺ نے اپنی سنت کریمہ کے ذریعے بیان فرمایا ہے وہ وہی ہیں جن کی حاجت بنی نوع انسان کو تھی اور جن کا نزول مکلفین کو بتانے اور تعلیم دینے کے لئے ہوا تھا ’’یٰٓـاَیُّہَا الرَّسُوْلُ بَلِّغْ مَا اُنْزِلَ اِلَیْکَ‘‘ (المائدہ: ۶۷) سے یہی مراد ہے کہ جو کچھ مخاطبین کے لئے آپ کی طرف نازل کیا گیاہے آپ وہ سب کچھ انہیں پہنچا دیں۔ ’’لِتُبَیِّنَ لِلنَّاسِ مَا نُزِّلَ اِلَیْہِمْ‘‘ میں بھی اسی امر کی تصریح ہے کہ آپ لوگوں کے لئے اسی چیز کو بیان فرمائیں جو ان کے لئے نازل کی گئی ہے ورنہ معانی قرآن اور علوم کتاب کی وسعتوں کو پا لینا کسی کی طاقت میں نہیں۔ جس کو جتنا نور باطنی عطا ہوا اس نے اسی قدر زائد سے زائد علوم کتاب کو حاصل کیا۔ حضرت عبد اللہ بن عباس حضرت ابو بکر بن مجاہد جیسے لوگوں سے پوچھئے انہوں نے سنت کی روشنی میں علوم قرآن کے بارے میں اپنی فہم و بصیرت کو کس انداز سے بیان کیا ہے۔ اتقان فی علوم القرآن اور اسی طرح روح المعانی میں مرقوم ہے ’’وحکی ابن سراقۃ فی کتاب الاعجاز عن ابی بکر بن مجاہد انہ قال یوما ما من شیء فی العالم الا وہو فی کتاب اللّٰہ فقیل لہٗ فاین ذکر الخانات فیہ فقال فی قولہٖ تعالٰی ’’لَیْسَ عَلَیْکُمْ جُنَاحٌ اَنْ تَدْخُلُوْا بُیُوْتًا غَیْرَ مَسْکُوْنَۃٍ فِیْہَا مَتَاعٌ لَّکُمْ‘‘ فہی الخانات … وقال ابن ابی الفضل المرسی فی تفسیرہٖ جمع القراٰن علوم الاولین والاٰخرین بحیث لم یحط بہا علما حقیقتہٗ الا المتکلم بہا ثم رسول اللّٰہ ا خلاما استأ ثربہٖ سبحانہٗ وتعالٰی ثم ورث عنہ معظم ذٰلک سادات الصحابۃ واعلامہم مثل الخلفاء الاربعۃ وابن مسعود وابن عباس حتّٰی قال لوضاع لی عقال بعیر لوجدتہٗ فی کتاب اللّٰہ تعالٰی (النوع الخامس والستون فی العلوم المستنبطۃ من القراٰن) (الاتقان ص ۳۰، ۳۱۔ ج ۴) اس عبارت کا خلاصہ ترجمہ یہ ہے ابن سراقہ نے کتاب الاعجاز میں ابو بکر بن مجاہد سے نقل کیا۔ ایک دن انہوں نے فرمایا، عالم میں کوئی چیز ایسی نہیں جو کتاب اللہ میں نہ ہو۔ ان سے کہا گیا کہ خیموں کا ذکر کہاں ہے؟ فرمایا اس آیت میں ہے ’’لاَ جُنَاحَ عَلَیْکُمْ اَنْ تَدْخُلُوْابُیُوْتًا غَیْرَ مَسْکُوْنَۃٍ فِیْہَا مَتَاعٌ لَّکُمْ‘‘ (ایسے گھر جن میں مستقل سکونت نہ ہو) پس وہ خیمے ہیں۔

ابن ابی الفضل المرسی نے اپنی تفسیر میں کہا کہ قرآن نے علوم اولین و آخرین کو اس طرح گھیر لیا ہے کہ اس کے علم کا حقیقۃً اس کے متکلم کے سوا کسی نے احاطہ نہیں کیا۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے ان کا احاطہ فرمایا بجز ان علوم کے جنہیں اللہ تعالیٰ نے اپنے لئے خاص فرما لیا ہے پھر ان علوم کے بڑے حصے کے وارث جلیل القدر صحابہ کرام ہوئے جیسے خلفائے راشدین اور عبد اللہ بن مسعود، عبد اللہ بن عباس، یہاں تک کہ عبد اللہ بن عباس نے فرمایا اگر میرے اونٹ کی رسی گم ہو جائے تو میں اسے بھی کتاب اللہ میں پا لوں گا۔

قرآن کے الفاظ و معانی دونوں منجانب اللہ ہیں اگرچہ یہ حقیقت واضح ہو چکی ہے کہ قرآن کے الفاظ و معانی دونوں منجانب اللہ ہیں لیکن تائید مزید کے لئے ایک اور آیت قرآنیہ پیش کی جاتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا اِنَّ عَلَیْنَا جَمْعَہٗ وَقُرْاٰنَہٗo فَاِذَا قَرَأْنَاہُ فَاتَّبِعْ قُرْاٰنَہٗo ثُمَّ اِنَّ عَلَیْنَا بَیَانَہٗo (قیامۃ) یعنی قرآن کے الفاظ و معانی کو آپ کے سینۂ اقدس میں جمع کرنا اور اس کے الفاظ آپ سے پڑھوانا سب ہم پر ہے آپ ہماری قرأت کی اتباع فرمائیں پھر اس کے بعد اس کا بیان بھی ہمارے ذمہ ہے۔

جب بیان معنی بھی اللہ تعالیٰ کے ذمہ ہے تو اسے وحی الٰہی سے خارج کرنا اور محض الفاظ قرآن میں اللہ تعالیٰ کی وحی کو منحصر کر دینا قرآن مجید کی صریح مخالفت نہیں تو اور کیا ہے؟