حدیث شریک پر کلام اگر اعتراض کیا جائے کہ روایت شریک پر محدثین نے طعن و تشنیع کی ہے امام مسلم نے ان کی حدیث روایت کر کے فرمایا ’’وقدم فیہ شیئا واخر وزاد ونقص‘‘ اسی طرح دیگر محدثین نے اس روایت کو ساقط قرار دیا۔ اس لئے اس سے استدلال صحیح نہیں۔

اس کا جواب یہ ہے کہ ایک حدیث جب طرق متعددہ اور اسانید مختلفہ سے روایت ہوتی ہے تو بسا اوقات اسی میں کمی بیشی واقع ہو جاتی ہے جس کے بے شمار نظائر خود صحیحین میں موجود ہیں ایک حدیث افک ہی کو لے لیجئے بہت سی کمی بیشی آپ کو ملے گی اگر اس کمی بیشی کو مطلقاً اسباب طعن میں شمار کر لیا جائے تو طرقِ متعددہ سے مروی ہونے والی احادیث میں سے شاید ہی کوئی حدیث صحت کے درجہ کو پہنچے۔

پھر یہ کہ جب رجال حدیث سب ثقہ ہیں اور صحیحین نے اس کو روایت بھی کیا اس کے بعد کس بنا پر اسے ناقابل احتجاج کہا جاتا ہے۔

لطف کا مقام یہ ہے کہ معراج منامی ثابت کرنے والے اسی روایت شریک سے استدلال کرتے ہیں اور انہیں اس وقت محدثین کے یہ جملہ مطاعن فراموش ہو جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں اس روایت پر طعن کرتے وقت انہیں بخاری و مسلم کی صحت کا پاس لحاظ بھی باقی نہیں رہتا۔ ہماری نظر میں روایت شریک قابل استدلال ہے۔ اس لئے کہ صحیحین نے اسے روایت کیا اور اس میں طعن و تشنیع کا کوئی پہلو نہیں نکلتا۔ رہا یہ امر کہ معراج کا قبل البعثت ہونا اس حدیث میں مروی ہے جو خلاف اجماع ہے تو اس کا جواب یہ ہے کہ بعثت سے پہلے فرشتوں کا آنا اس حدیث میں مذکور ہے معراج قبل البعثت ہرگز مذکور نہیں۔ قبل البعثت فرشتے آئے تھے مگر ویسے ہی واپس چلے گئے۔ پھر کسی دوسری شب آئے۔ دیکھئے اسی حدیث میں ہے ’’فلم یرہم حتّٰی اتوہ لیلۃ اخرٰی‘‘ یعنی وحی سے پہلے ایک رات فرشتے آ کر چلے گئے پھر حضور ﷺ نے اس کے بعد انہیں نہ دیکھا یہاں تک کہ وہ کسی اور شب میں آئے اور وہ شب بعثت کے بعد ہے جیسا کہ اسی روایت شریک میں موجود ہے کہ فرشتوں نے آسمان اول پر دریافت کیا کہ ’’وقد بعث‘‘ کیا وہ مبعوث ہو گئے۔ جبریل علیہ السلام نے کہا ’’نعم‘‘ ہاں مبعوث ہو گئے۔ امام ابن حجر فرماتے ہیں ’’فانہ ظاہر فی ان المعراج کان بعد البعثۃ‘‘ (فتح الباری ج ۱۳ ص ۴۱۰)

یعنی اس سوال و جواب سے ظاہر ہے کہ اس روایت میں بھی معراج بعد البعثت ہی کا بیان ہے۔ اس کے علاوہ دیگر مخالفات کی تطبیق اور طعن و تشنیع کا جواب بھی صاحب فتح الباری کے کلام سے ظاہر ہے۔ ’’من شاء الاطلاع فلیرجع الیہ‘‘ اس روایت سے جو لوگ معراج منامی پر استدلال کرتے ہیں ان کا جواب حدیث معراج پر کلام کے ضمن میں قارئین کرام نے پڑھ لیا ہو گا، اعادہ کی حاجت نہیں۔ مختصر یہ کہ حدیث شریک سے یہ امر پایۂ ثبوت کو پہنچ گیا کہ ’’دَنَا فَتَدَلّٰی فَکَانَ قَابَ قَوْسَیْنِ اَوْ اَدْنٰی‘‘ میں اللہ تعالیٰ کا قرب اور زیادتی قرب مراد ہے اور اللہ تعالیٰ ہی اپنے حبیب ﷺ سے اتنا قریب ہوا کہ جیسے دو کمانوں کی مقدار ہوتی ہے یا اس سے بھی زائد۔ یہ قرب جبریل علیہ السلام کا نہیں بلکہ رب جبار کا ہے۔

قاب قوسین قاب مقدار کو کہتے ہیں، قوس کے معنی ہیں کمان۔ اس کی حقیقت کا علم تو اللہ تعالیٰ اور اس کے حبیب ﷺ ہی کو ہے لیکن قرب کو قاب قوسین سے تعبیر فرمانے کی حکمت یہ ہے کہ عرب میں دستور تھا کہ دو سردار آپس میں معاہدہ کرتے تھے تو دونوں اپنی کمانوں کو ملا کر ایک تیر پھینکا کرتے تھے جو اس بات کی دلیل ہوتا تھا کہ دونوں آپس میں ایسے متفق ہیں جو تیر ایک کی کمان سے نکلا وہی دوسرے کی کمان کا قرار پایا۔ ایک کی جنگ دوسرے کی جنگ اور ایک کی صلح دوسرے کی صلح متصور ہوتی۔ اللہ تعالیٰ نے بھی اپنے حبیب مکرم ﷺ کو اپنا وہ قرب عطا فرمایا کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام سے جنگ کرنا اللہ تعالیٰ سے جنگ کرنا اور حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام سے صلح کرنا اللہ تعالیٰ سے صلح کرنا ہے۔

قرب حقیقی ’’قَابَ قَوْسَیْنِ اَوْ اَدْنٰی‘‘ میں جس قرب کا بیان ہے صوفیاء کرام اسے فنائے تام سے تعبیر کرتے ہیں اس کی تجلیات جب مقربین پر پڑتی ہیں تو وہ انوار صفات سے متصف ہو جاتے ہیں۔ حضور ﷺ کی کیا شان ہو گی؟ کوئی کچھ نہیں کہہ سکتا نہ بتا سکتا ہے۔

رؤیت باری تعالیٰ ’’وَلَقَدْ رَاٰہُ نَزْلَۃً اُخْرٰی‘‘ ضمیر منصوب کا مرجع اللہ ہے۔ (دیکھئے روح المعانی پ ۲۷، ص ۴۶) اور معنی یہ ہیں کہ حضور ﷺ نے اپنے رب کو دو مرتبہ دیکھا۔ حدیث شریف میں وارد ہے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اپنے رب کو دو مرتبہ دیکھا ایک مرتبہ دل کی آنکھ سے دوسری مرتبہ سر کی آنکھ سے۔ رواہ الطبرانی (روح المعانی پ ۲۷ ص ۴۶ مواہب اللدنیہ ج دوم ص ۳۷)

ایک اعتراض کا جواب حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا فرماتی ہیں اگر کوئی کہتا ہے کہ حضور ﷺ نے اللہ کو دیکھا تو یہ بات سن کر میرے رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔ نیز حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا فرماتی ہیں کہ جو شخص کہے کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اپنے رب کو دیکھا ہے اس نے اللہ تعالیٰ پر بہت بڑا بہتان باندھا۔ حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ بھی حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے لئے رؤیت باری کے منکر ہیں بلکہ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا فرماتی ہیں کہ میں نے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام سے سورئہ النجم کی اس آیت ’’وَلَقَدْ رَاٰہُ نَزْلَۃً اُخْرٰی‘‘ کے متعلق سوال کیا تو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا ’’انما رایت جبریل منہبطا‘‘ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے جبریل علیہ السلام کو دیکھا اللہ تعالیٰ کو نہیں دیکھا۔ حضرت عبد اللہ ابن عباس کی حدیث سے بھی حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی رؤیت باری کی نفی ثابت ہوتی ہے۔ اسی لئے امام قسطلانی شارح بخاری نے فرمایا کہ حدیث میں جو ’’دنو‘‘ اور ’’تدلی‘‘ مذکور ہے وہ سورئہ النجم میں مذکور ’’دنو‘‘ اور ’’تدلی‘‘ کا غیر ہے کیونکہ سورئہ النجم میں جبریل علیہ السلام کا ’’دنو‘‘ اور ’’تدلی‘‘ اور رؤیت مراد ہے پھر مسلم شریف میں حضرت ابو ذر کی حدیث ہے جس میں وارد ہے کہ میں نے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام سے سوال کیا کہ حضور آپ نے اللہ تعالیٰ کو دیکھا ہے؟ تو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا ’’نور انّی اراہ‘‘ وہ نور ہے۔ میں اسے کیسے دیکھ سکتا ہوں؟ علاوہ ازیں سر اقدس کی آنکھ سے رب تعالیٰ کو دیکھنے کی نفی حدیث میں بھی وارد ہے۔ جیسا کہ روح المعانی وغیرہ میں موجود ہے اور لطف یہ ہے کہ اس کے راوی حضرت عبد اللہ بن عباس ہیں نیز یہ کہ رؤیت زمان و مکان، مسافت، جہت اور احاطۂ مرئی کے بغیر ناممکن ہے۔ اگر رؤیت عینی کو ثابت کیا جائے تو اللہ تعالیٰ کے لئے معاذ اللہ جہت، زمان، مسافت اور محدودیت سب کچھ ثابت ہو جائے گا۔

حضرت عائشہ صدیقہ ام المومنین ہیں۔ انہوں نے بڑی شدت سے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے لئے رؤیت باری کا انکار فرمایا اور آیۂ قرآنیہ ’’لَا تُدْرِکُہُ الْاَبْصَارُ‘‘ اور ’’مَاکَانَ لِبَشَرٍ اَنْ یُّکَلِّمَہُ اللّٰہُ اِلَّا وَحْیًا اَوْ مِنْ وَّرَائِ حِجَابٍ‘‘ سے استدلال کیا۔

جواباً گزارش ہے کہ رؤیت باری کے مسئلہ پر ہم ذرا تفصیل سے کلام کرنا چاہتے ہیں سب سے پہلے ان بے دین فلاسفہ کے مسلک پر کلام کرتے ہیں جنہوں نے اللہ تعالیٰ کی رویت کو محال قرار دیا ہے۔ اول تو اس بات کو ذہن نشین کر لینا چاہئے کہ فلاسفہ نے کسی چیز کی رؤیت کے لئے جو شرطیں ضروری قرار دی ہیں ان کا ضروری ہونا عادتاً ہے عقلاً نہیں۔ یعنی عادت اسی طرح جاری ہے کہ مثلاً جہت مقابلہ زمان و مکان کے بغیر کسی چیز کا دیکھنا متحقق نہیں ہوتا لیکن اللہ تعالیٰ اس بات پر قادر ہے کہ خرق عادت کے طور پر ان شرائط کے بغیر بھی رؤیت کو واقع کرے اور معراج کی رات حضور ﷺ کو اللہ تعالیٰ کی رؤیت خرق عادت ہی کے طریقے پر ہوئی ہے۔ لہٰذا کوئی اعتراض وارد نہ ہوا۔

ایک شبہ اور اس کا جواب اگر اللہ تعالیٰ کا دیکھنا ممکن ہوتا تو جب موسیٰ علیہ السلام نے عرض کیا تھا ’’رَبِّ اَرِنِیْ اَنْظُرْ اِلَیْکَ‘‘ تو اللہ تعالیٰ ’’لَنْ تَرَانِیْ‘‘ کے ساتھ جواب نہ دیتا۔

اس کاجواب یہ ہے کہ یہ آیت امکان رؤیت باری تعالیٰ کی روشن دلیل ہے اس لئے کہ موسیٰ علیہ السلام کا یہ سوال اس بات کی دلیل ہے کہ وہ رؤیت باری تعالیٰ کے امکان کا اعتقاد رکھتے تھے اگر اللہ تعالیٰ کا دیکھنا محال مانا جائے تو یہ اعتقاد گمراہی اور ضلالت قرار پائے گا کیونکہ جو چیز اللہ تعالیٰ کے حق میں محال ہو اس کو ممکن ماننا سخت گمراہی ہے۔ موسیٰ علیہ السلام جو اللہ تعالیٰ کے کلیم اور اولوا العزم رسول ہیں۔ کس طرح گمراہی کا اعتقاد رکھ سکتے ہیں۔ ثابت ہوا کہ اللہ تعالیٰ کا دیکھنا ممکن ہے ورنہ موسیٰ کلیم اللہ علیہ السلام پر (معاذ اللہ) گمراہی اور ضلالت کا الزام عائد ہو گا اور الزام قطعاً باطل ہے۔ لہٰذا اس کا محال ہونا بھی باطل ہوا۔ وللہ الحمد!

علاوہ ازیں اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں فرمایا ’’وُجُوْہٌ یَّوْمَئِذٍ نَّاضِرَۃٌ اِلٰی رَبِّہَا نَاظِرَۃٌ‘‘ قیامت کے دن ایمان والوں کے چہرے اپنے رب کو دیکھ کر ترو تازہ ہوں گے۔ اگر اللہ تعالیٰ کی رؤیت محال ہو تو قیامت کے دن مومن کیسے دیکھیں گے؟

اس کے بعد قرآن کریم کی ان آیتوں پر کلام کرتا ہوں جن سے بظاہر رؤیت باری تعالیٰ کی نفی ثابت ہوتی ہے۔

پہلی آیت لَا تُدْرِکُہُ الْاَبْصَارُ وَہُوَ یُدْرِکُ الْاَبْصَارَ وَہُوَ اللَّطِیْفُ الْخَبِیْرُ۔ آنکھیں اللہ تعالیٰ کا ادراک نہیں کر سکتیںاور وہ سب آنکھوں کا ادراک فرماتا ہے۔ وہ لطیف و خبیر ہے۔ اس آیت سے اللہ تعالیٰ کی رؤیت کی نفی نہیں بلکہ ادراک کی نفی ہوتی ہے اور ادراک کے معنی رؤیت نہیں بلکہ ادراک احاطہ کو کہتے ہیں اور احاطہ کے معنی ہیں کسی چیز کو گھیر لینا۔ لہٰذا آیت کریمہ کے معنی ہوئے تمام آنکھیں اللہ تعالیٰ کو گھیرے میں نہیں لے سکتیں اور اللہ تعالیٰ سب آنکھوں کو محیط ہے اور سب کو اپنے علم و قدرت کے گھیرے میں لئے ہوئے ہے۔ لہٰذا اس آیہ مبارکہ سے اس رؤیت کی نفی ثابت ہوئی جس سے اللہ تعالیٰ کا احاطہ ہو جائے لیکن رؤیت بلا احاطہ کی نفی اس سے ثابت نہیں ہو سکتی۔ جیسا کہ حدیث شریف میں آیا ہے ’’لا احصی ثناء علیک انت کما اثنیت علٰی نفسک‘‘ اس حدیث مبارکہ میں ثنائے الٰہی کے احصاء اور احاطہ کی نفی ہے معاذ اللہ مطلق ثنا کی نفی نہیں۔ ورنہ لازم آئے گا کہ نعوذ باللہ حضور ﷺ نے اللہ تعالیٰ کی کوئی ثنا نہیں کی۔ پس ظاہر ہو گیا کہ جس طرح احاطہ ثنائے الٰہی کی نفی سے مطلق ثنائے الٰہی کی نفی ثابت نہیں ہو سکتی اسی طرح رؤیت بالاحاطہ کی نفی سے مطلق رؤیت کی نفی بھی ثابت نہیں ہو سکتی۔

دوسری آیت مَا کَانَ لِبَشَرٍ اَنْ یُّکَلِّمَہُ اللّٰہُ اِلَّا وَحْیًا اَوْ مِنْ وَّرَائِ حِجَابٍ۔ کسی بشر کے لائق نہیں کہ اللہ تعالیٰ اس سے کلام کرے لیکن وحی کے ذریعے یا پردے کے پیچھے سے۔ اس آیت سے بھی حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے دیدار الٰہی کی نفی نہیں ہوئی کیونکہ سیاق آیت نفی رؤیت کے لئے نہیں بلکہ بے حجاب نفی کلام کے لئے ہے اور آیت کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کسی بشر سے بے حجاب کلام نہیں کرتا۔ رہا یہ امر کہ بغیر کلام کے اپنا دیدار بھی کسی کو دکھاتا ہے یا نہیں تو مضمون آیت کو اس سے کوئی تعلق نہیں اور کلام اس سے ساکت ہے۔

علاوہ ازیں یہ حکم بشر ’’من حیث ہو بشر‘‘ کے لئے ہے اور جب ’’انسلاخ عن البشریت‘‘ کا حال طاری ہو اور بشریت کا کوئی حجاب باقی نہ رہے تو پھر یہ حکم نہیں۔ حضور ﷺ کو جب دیدارِ الٰہی ہوا تو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام اس وقت باوجود بشریت مقدسہ کے منسلخ عن البشریت تھے یعنی بشریت مقدسہ موجود تھی مگر قدرتِ ایزدی سے اوصاف اور خواص بشریت کا ظہور نہ تھا اور حجاب بشریت اٹھ چکا تھا۔ لہٰذا آیت مبارکہ سے حضور ﷺ کے حق میں رؤیت باری تعالیٰ کی نفی پر استدلال صحیح نہ ہوا۔ ملاحظ فرمائیے (تفسیر عرائس البیان ج ۲ ص ۲۳۶ مطبوعہ نول کشور لکھنو)

اب ان احادیث پر کلام کرتا ہوں جن سے نفی رؤیت باری تعالیٰ ثابت ہوتی ہے۔ منکرین رؤیت نے ان حدیثوں کو تو پیش کیا جن سے وہ بزعم خود رؤیت کی نفی سمجھتے ہیں لیکن ان احادیث کو دیکھا تک نہیں جن سے رؤیت باری تعالیٰ کا واضح ثبوت ملتا ہے۔ دیکھئے طبرانی شریف میں موجود ہے ’’عن ابن عباس رضی اللّٰہ عنہما انہٗ یقول ان محمدا ا راٰی ربہ مرتین مرۃ ببصرہٖ ومرۃ بفؤادہٖ رواہ الطبرانی فی الاوسط۔‘‘

امام قسطلانی رحمۃ اللہ علیہ شارح بخاری شریف مواہب اللدنیہ میں اسی حدیث کے اسناد کے متعلق فرماتے ہیں ’’رجالہ رجال الصحیح خلاجہور بن المنصور الکوفی وجہور بن المنصور قد ذکرہ ابو حبان فی الثقات‘‘ حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے بے شک ابن عباس فرماتے تھے کہ حضرت محمد ﷺ نے دو مرتبہ اپنے رب کو دیکھا۔ ایک مرتبہ سر اقدس کی آنکھ سے اور ایک مرتبہ اپنے قلب مبارک کی آنکھ سے۔ اس حدیث کو امام طبرانی نے اوسط میں روایت کیا ہے اور اس کے تمام راوی صحیح کے راوی ہیں سوائے جہور بن المنصور کوفی کے۔ ابن حبان نے ان کو ثقات میں ذکر کیا ہے۔

رؤیت عینی اور رؤیت قلبی اس میں شک نہیں کہ ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے نفی رؤیت باری میں حدیث مروی ہے اور دیگر صحابہ کرام سے ثبوت رؤیت کے بارے میں بھی حدیثیں وارد ہوئی ہیں اور وہ تین قسم کی حدیثیں ہیں۔ ایک وہ ہے جس میں مطلق رؤیت کا ذکر ہے دوسری وہ ہے جس میں رؤیت عینی کی تصریح ہے تیسری وہ جس میں رؤیت قلبی کا ذکر وارد ہے۔ اسی وجہ سے مسئلہ رؤیت میں اختلاف واقع ہوا۔ بعض کا قول ہے کہ حضور ﷺ نے اللہ تعالیٰ کو قلب مبارک کی آنکھ سے دیکھا اور بعض نے کہا سر اقدس کی آنکھ سے دیکھا اور بعض کا مذہب ہے کہ سر اقدس اور قلب مبارک دونوں کی آنکھوں سے دیکھا۔

رؤیت عینی کے قائلین صاحب روح المعانی فرماتے ہیں ’’ثم ان القائلین برؤیۃ اختلفوا فمنہم من قال انہ علیہ الصلٰوۃ والسلام راٰی ربہ سبحانہ بعینہٖ وروٰی ذٰلک ابن مردویۃ عن ابن عباس وہو مروی ایضا عن ابن مسعود وابی ہریرۃ واحمد بن حنبل۔‘‘ یعنی پھر قائلین رؤیت اس مسئلہ میں مختلف ہیں۔ بعض کا مذہب ہے کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اللہ تعالیٰ کو اپنے سر اقدس کی آنکھ سے دیکھا ہے اور بعض کہتے ہیں کہ قلب مبارک کی آنکھ سے دیکھا۔ ابن مردویہ نے حضرت ابن عباس سے سر اقدس کی آنکھ سے دیکھنے کو روایت کیا اور یہی قول حضرت ’’ابن مسعود‘‘ اور ’’ابو ہریرہ‘‘ سے مروی ہے اور امام ’’احمد بن حنبل‘‘ بھی اسی کے قائل ہیں رضی اللہ عنہم (روح المعانی پ ۲۷ ص ۴۶) اس کے بعد صاحب روح المعانی فرماتے ہیں کہ بعض کا قول ہے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اللہ تعالیٰ کو دل کی آنکھ سے دیکھا۔ یہ قول حضرت ابو ذر اور محمد بن کعب قرظی سے منقول ہے۔ پھر آگے چل کر صاحب روح المعانی لکھتے ہیں کہ بعض حضرات اس طرف گئے ہیں کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اللہ تعالیٰ کو ایک دفعہ سر کی آنکھ سے اور ایک بار دل کی آنکھ سے دیکھا۔

صاحب روح المعانی نے صوفیائے کرام کا مذہب نقل فرماتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ معظم صوفیہ کا مذہب یہی ہے کہ وہ ’’ثُمَّ دَنَا فَتَدَلّٰی‘‘ میں اللہ تعالیٰ کا قرب اور طلب زیادتی قرب کو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے لئے تسلیم کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ جس طرح ’’دنو‘‘ اور ’’تدلی‘‘ اللہ تعالیٰ کی شان کے لائق ہے اسی طرح اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب ﷺ سے قرب اور زیادہ قرب طلب فرمایا اور اسی طرح وہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے لئے اللہ تعالیٰ کے دیدار کو بھی ثابت کرتے ہیں۔ حضرت سہل بن عبد اللہ تستری رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا قول نقل فرمایا کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام اپنی ذات پاک کی طرف بالکل متوجہ نہیں ہوئے بلکہ صرف اللہ تعالیٰ کا مشاہدہ کرتے رہے۔ اس کے بعد صاحب روح المعانی اپنا مسلک بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ میرا مذہب بھی یہی ہے کہ حضور ﷺ نے اپنے رب سبحانہ وتعالیٰ کا دیدار کیا اور اللہ تعالیٰ اپنے حبیب ﷺ سے قریب ہوا اور بہت زیادہ قریب ہوا جس طرح اس کی شان کے لائق ہے۔ (روح المعانی پ ۲۷ ص ۴۷)

ثبوت رؤیت کی حدیثیں حدیث نمبر ۱: عن ابن عباس رضی اللّٰہ تعالٰی عنہما یقول ان محمدا ا راٰی ربہٗ مرتین مرۃ ببصرہٖ ومرۃ بفؤادہٖ رواہ الطبرانی فی الاوسط باسناد صحیح۔ (مواہب اللدنیہ ج ۲ ص ۳۷) ’’حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما فرماتے تھے کہ حضرت محمد رسول اللہ ﷺ نے اپنے رب کریم کو دو مرتبہ دیکھا ایک مرتبہ اپنی ظاہری آنکھ سے اور دوسری مرتبہ اپنے قلب مبارک کی آنکھ سے۔‘‘ حدیث نمبر ۲: عن ابن عباس قال اتعجبون ان تکون الخلۃ لابراہیم والکلام لموسٰی والرؤیۃ لمحمد ا اخرجہ النسائی باسناد صحیح وصححہ الحاکم ایضا من طریق عکرمۃ۔ (مواہب ج ۲ ص ۳۷) ’’کیا تم تعجب کرتے ہو اس بات سے کہ خلت (دوستی) ابراہیم علیہ السلام کے لئے ہو اور کلام موسیٰ علیہ السلام کے لئے اور رؤیت محمد مصطفی ﷺ کے لئے۔‘‘ حدیث نمبر ۳: عن انس قال راٰی محمد ربہ رواہ ابن خزیمۃ باسناد قوی۔ (مواہب ج ۲ ص ۳۷) ’’حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ حضرت محمد ﷺ نے اپنے رب کو دیکھا۔‘‘

امام احمد رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے دریافت کیا گیا کہ آپ جو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے لئے اللہ تعالیٰ کا دیکھنا ثابت کرتے ہیں تو حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی حدیث کا کیا جواب دیں گے، وہ فرماتی ہیں حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اللہ تعالیٰ کو نہیں دیکھا تو حضرت امام احمد رحمۃ اللہ علیہ نے جواب دیا کہ میں حضرت عائشہ کی حدیث کا جواب رسول اللہ ﷺ کی حدیث مبارک سے دوں گا۔ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا ’’رأیت ربی‘‘ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کا قول مبارک حضرت عائشہ کے قول سے بہت بڑا اور وزنی ہے۔ (فتح الباری)

اور امام احمد ہی سے مروی ہے جب آپ سے دریافت کیا جاتا کہ حضور ﷺ نے اللہ تعالیٰ کو دیکھا ہے؟ تو آپ فرماتے ’’راٰہ راٰہ حتّٰی انقطع نفسہٗ‘‘ ہاں ہاں دیکھا ہے دیکھا ہے۔ مسلسل اسی طرح فرماتے رہتے یہاں تک کہ آپ کا سانس منقطع ہو جاتا۔ (روح المعانی ماخوذ از فتح الملہم ج ۱ ص ۳۳۸)

انور شاہ کشمیری صاحب فیض الباری سورئہ النجم کی تفسیر میں لکھتے ہیں ’’والرؤیۃ فیہا عندی رویۃ ربہٖ جل سبحانہٗ کما اختارہٗ احمد رضی اللّٰہ عنہ‘‘ (فیض الباری ج ۲ ص ۲۰)

یعنی میرا مسلک یہ ہے کہ سورئہ النجم میں حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے لئے اللہ تعالیٰ کی رؤیت مراد ہے جیسا کہ امام احمد بن حنبل رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا مذہب ہے۔

حدیث ابو ذر رضی اللہ تعالیٰ عنہ حضرت ابو ذر رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں میں نے حضور ﷺ سے پوچھا حضور! آپ نے اللہ تعالیٰ کو دیکھا؟ تو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا نور انی اراہ میں نے اسے جہاں بھی دیکھا وہ نور ہی نور ہے۔ اسی طرح ان کی دوسری حدیث ہے جو اس کے بعد مسلم جلد اول میں مذکور ہے۔ حضرت ابو ذر فرماتے ہیں کہ میرے سوال رؤیت کے جواب میں حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا ’’رایت نورا‘‘ میں نے نور دیکھا۔ ان دونوں حدیثوں میں لفظ نور سے نور کے متعارف معنی مراد نہیں کیونکہ نور ایک عرض ہے۔ (معاذ اللہ) اللہ تعالیٰ عرض و جوہر سے پاک ہے بلکہ یہاں نور سے تجلی ذات مراد ہے اور معنی یہ ہیں کہ میں نے جہاں دیکھا تجلی ذات کو دیکھا۔

حضرت عکرمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جب رؤیت باری تعالیٰ کے عدم امکان پر آیۂ کریمہ ’’لَا تُدْرِکُہُ الْاَبْصَارُ‘‘ سے استدلال کیا تو حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جواب دیا ’’ویحک ذٰلک تجلّٰی بنورہ الذی ہو نورہٗ‘‘ تجھ پر افسوس ہے۔ عدم ادراک تو اس وقت ہے جب کہ اللہ تعالیٰ اپنے اس نور کے ساتھ تجلی فرمائے جو اس کا نور ہے یعنی غیر متناہی ظہور کی تجلی فرمائے جس کا ادراک اور احاطہ ناممکن ہے۔ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی رؤیت تو غیر متناہی ظہور کا احاطہ نہیں ہے جس کے عدم امکان کو آیت ’’لَا تُدْرِکُہُ الْاَبْصَارُ‘‘ سے ثابت کیا جائے۔(روح المعانی پ ۲۷ ص ۴۵)

تطبیق جن احادیث میں رؤیت کی نفی وارد ہے وہ سب اس رؤیت پر محمول ہیں جو احاطہ کے ساتھ ہو۔ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کا آیت کریمہ ’’لَا تُدْرِکُہُ الْاَبْصَارُ‘‘ سے استدلال فرمانا اس کا روشن قرینہ ہے کیونکہ ادراک احاطہ کو کہتے ہیں احاطہ کی نفی مطلق دیکھنے کی نفی کو مستلزم نہیں۔ اسی طرح رؤیت عینی کی نفی میں جو حدیثیں آئی ہیں ان سب کا مفاد بھی نفی احاطہ ہے ’’جمعا بین الادلۃ‘‘ کیونکہ بیان سابق میں حضور ﷺ کے لئے اللہ تعالیٰ کی رؤیت عینی کے ثبوت میں صاف اور واضح حدیثیں (جن کی سندیں صحیح اور نہایت قوی ہیں) قارئین کرام کے سامنے ہم پیش کر چکے ہیں۔ نفی اثبات کی معارض ہے اب رفع تعارض کی یہی صورت ہو سکتی ہے کہ نفی کی تمام حدیثیں رؤیت بالاحاطہ پر حمل کی جائیں ورنہ تعارض رفع نہ ہو سکے گا اور اگر اس طرح رفع تعارض نہ کیا جائے تو پھر اصولی طور پر ہماری طرف سے وہی جواب ہو گا جو صاحب تفسیر مظہری نے دیا ہے وہ فرماتے ہیں ’’قلت وقول ابن مسعود وعائشـۃ شہادۃ علی النفی وشہادۃ الاثبات ارجح۔‘‘(تفسیر مظہری ج ۹ پ ۲۷ ص ۱۰۷)

یعنی (ثبوت رؤیت کے مقابلہ میں) حضرت ابن مسعود اور حضرت عائشہ کا قول شہادت علی النفی ہے اور ظاہر ہے کہ شہادت علی الاثبات راجح ہوتی ہے۔ لہٰذا نفی رؤیت کا قول مرجوح قرار پائے گا۔

اس کی نظیر حضور سید عالم ﷺ کا کعبہ مطہرہ میں نماز پڑھنا ہے۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے (خانہ کعبہ کے اندر) نماز پڑھنے کی نفی کرتے ہیں اور حضرت بلال رضی اللہ تعالیٰ عنہ اس کو ثابت کرتے ہیں اور فرماتے ہیں کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے خانہ کعبہ کے اندر نماز پڑھی۔ نفی اور اثبات دونوں کی حدیثیں صحیح بخاری میں موجود ہیں۔ محدثین نے اس تعارض کو اسی طرح اٹھایا کہ اثبات نفی پر راجح ہے۔ لہٰذا ثبوت کی حدیث نفی کی حدیث پر راجح ہو گی۔

رؤیت قلبی کے معنی بعض لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ رؤیت قلبی کے یہ معنی ہیں کہ حضور ﷺ کے قلب مبارک میں ایک ایسا علم حاصل ہو گیا جسے رؤیت قلبی سے تعبیر کیا گیا یا حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے قلب مبارک پر اللہ تعالیٰ نے ایسی تجلی فرمائی جس تجلی کی وجہ سے قلب مبارک میں رؤیت جیسی حالت پیدا ہو گئی لیکن اہل حق کے نزدیک رؤیت قلبیہ سے یہ مراد ہے کہ چشم سر کی بینائی قلب مبارک میں رکھ دی گئی جو بینائی سر اقدس کی مبارک آنکھ کو حاصل تھی بالکل بلاتفاوت بعینہٖ وہی بینائی قلب مطہر کو حاصل ہو گئی۔ قلب مبارک ہوبہو چشم ظاہری کی طرح دیکھتا تھا۔ کیونکہ دیکھنے کے لئے عقلاً ظاہری آنکھ کا ہونا شرط نہیں۔ اللہ تعالیٰ جس عضو میں چاہے آنکھ کی طرح بینائی پیدا کر سکتا ہے اگرچہ عادت الٰہیہ اسی طرح جاری ہے کہ آنکھ ہی میں بینائی کو پیدا فرماتا ہے لیکن وہ خرق عادت پر بھی قادر ہے اور بلا شبہ اس قادر قیوم نے خرق عادت کے طور پر شب معراج اپنے حبیب ﷺ کے قلب اطہر میں چشم مبارک کی بینائی پیدا فرما دی اور حبیب ﷺ نے سر مبارک اور قلب اطہر دونوں سے اپنے رب کریم کو یکساں دیکھا۔ دیکھئے امام قسطلانی شارح بخاری مواہب اللدنیہ شریف میں فرماتے ہیں ’’ثم ان المراد برؤیۃ الفؤاد رؤیۃ القلب لامجرد حصول العلم لانہ ا کان عالما باللّٰہ علی الدوام بل مراد من اثبت لہٗ انہ راٰہ بقلبہٖ ان الرؤیۃ التی حصلت لہٗ خلقت لہ فی قلبہٖ کما تخلق الرؤیۃ بالعین لغیرہٖ والرؤیۃ لا یسترہ لہا شیء مخصوص عقلا ولو جرت العادۃ بخلقہا فی العین۔‘‘ انتہیٰ (مواہب اللدنیہ ج ۲ ص ۳۷)

’’پھر (مخفی نہ رہے کہ) ’’رؤیت فواد‘‘ سے ’’دل کا دیکھنا‘‘ مراد ہے۔ نہ یہ کہ صرف علم حاصل ہو گیا کیونکہ حضور ﷺ علی الدوام عالم باللہ ہیں جن لوگوں نے رسول اللہ ﷺ کے لئے رؤیت قلبیہ ثابت کی ہے ان کی مراد یہ ہے کہ جس طرح کسی کی آنکھ میں بینائی پیدا کی جاتی ہے اسی طرح حضور ﷺ کے قلب مبارک میں بینائی پیدا کر دی گئی اور حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کو اللہ تعالیٰ کی رؤیت حاصل ہوئی اور رؤیت کے لئے عقلاً کسی خاص جزو بدن کا ہونا یا کسی مخصوص شے کا پایا جانا قطعاً ضروری نہیں۔ اگرچہ عادتاً بینائی آنکھ میں ہوتی ہے لیکن اللہ تعالیٰ قادر ہے کہ خرق عادت کے طور پر آنکھ کے علاوہ کسی اور عضو میں بینائی پیدا کر دے۔

علامہ قسطلانی رحمۃ اللہ علیہ کی یہ تقریر اس امر کی روشن دلیل ہے کہ رؤیت قلبیہ اور رؤیت عینیہ دونوں کا مفاد ایک ہے۔ وللہ الحمد!

مسئلہ رؤیت میں حرفِ آخر امام قسطلانی رحمۃ اللہ علیہ نے مواہب اللدنیہ میں استاذ عبد العزیز مہدی رحمۃ اللہ علیہ کا ایک بیان نقل کیا ہے جس کا اردو خلاصہ ہدیۂ ناظرین ہے۔

’’حضور ﷺ جب سفر معراج سے واپس تشریف لائے تو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ہر ایک کو اس کی عقل اور مرتبہ کے موافق حالات بتائے۔ کفار کو جو سب سے نیچے اور انتہائی پستی میں تھے صرف عالم اجسام کی باتیں بتائیں۔ مثلاً مسجد اقصیٰ کا حال جو انہیں پہلے سے معلوم تھا یا راستے میں قافلہ کے حالات بتائے جو جلد ہی ان کے سامنے آ گئے جن کی وجہ سے ان کے دل اس واقعہ میں حضور ﷺ کی تصدیق کے لئے مجبور ہو گئے اس کے بعد حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے (واقعاتِ معراج بیان کرنے میں) کچھ ترقی (اور وضاحت) فرمائی اور آسمانوں پر تشریف لے جانے اور وہاں کے عجائب و غرائب کا مشاہدہ فرمانے کو بیان فرمایا لیکن ہر صحابی کو اس کے حسب حال خبر دی۔ جو جس مرتبہ کا تھا اس سے اسی کے لائق کلام فرمایا اور ساتویں آسمان تک بغیر تنگی اور مزاحمت کے حالات بیان فرمائے۔‘‘

(واقعات بیان فرماتے ہوئے) حضور ﷺ جب مقام جبریل علیہ السلام پر پہنچے تو افق مبین کی بات بیان فرمائی اور اس کے مافوق مقام ’’دَنَا فَتَدَلّٰی‘‘ اور ’’فَاَوْحٰی اِلٰی عَبْدِہٖ مَا اَوْحٰی‘‘ کا وہ بلند مقام جہاں مخلوقات کے تصورات بھی ختم ہو جاتے ہیں اور ما سوی اللہ کی تمام صورتیں ساقط ہو جاتی ہیں، اس بارگاہِ اقدس کی خبر بھی صحابہ کرام کو ـ(ان کے مرتبہ اور مقام کے لائق) دی۔ یہ بیان معراج گویا سننے والے صحابہ کرام کے لئے بمنزلہ معراج تھا۔ اس لئے ہر ایک نے اس سے اپنے مرتبہ کے موافق حصہ پایا۔ کوئی مقام جبریل تک رہا کوئی رؤیت فواد اور بصیرت تک پہنچا اور کسی کو رؤیت عینی کے بیان کا حصہ نصیب ہوا۔ اس لئے کسی نے کہا کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے جبریل علیہ السلام کو دیکھا اس نے بھی سچ کہا کسی نے کہا حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اللہ تعالیٰ کو دیکھا اس کی بات بھی حق ہے۔ پھر جس کے حصہ میں رؤیت قلبی کا بیان آیا اس نے رؤیت قلبی کو بیان کیا اور جس نے رؤیت عینی کی بات سنی اس نے صاف کہا کہ محمد مصطفی ﷺ نے اپنے سر اقدس کی مبارک آنکھوں سے اپنے رب تعالیٰ کو دیکھا۔ مختصر یہ کہ ہر ایک نے اپنے مرتبے اور مقام کی بات کی اور یقینا سچی بات کی۔ جب یہ حقیقت واضح ہو گئی تو بخوبی معلوم ہو گیا کہ رؤیت جبریل علیہ السلام اور رؤیت باری تعالیٰ نیز رؤیت قلبیہ اور رؤیت عینیہ کے جملہ مقامات اور ان کے بارے میں اختلاف اقوال سب صحیح ہیں۔ عبد اللہ بن مسعود، عائشہ صدیقہ، کعب قرظی، ابو ذر غفاری، عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہم اجمعین سب حق پر ہیں۔ (مواہب اللدنیہ جلد ثانی ص ۳۷، ۳۸)

حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کا شاہد ہونا امام قسطلانی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے حضور ﷺ کو شاہد بنا کر بھیجا۔ قرآن کریم میں ارشاد ہوتا ہے ’’یٰٓاَ یُّہَا النَّبِیُّ اِنَّا اَرْسَلْنٰـکَ شَاہِدًا وَّمُبَشِّرًا وَّنَذِیْرًا۔‘‘ (س احزاب آیت ۴۵) ’’اے پیارے نبی (ﷺ) ہم نے آپ کو شاہد اور مبشر اور نذیر بنا کر بھیجا۔‘‘

چونکہ شاہد کے لئے مشاہدہ ضروری ہے اس لئے اللہ تعالیٰ نے ہفت سماوات اور وہاں کے موجودات و مخلوقات کا مشاہدہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کو کرایا۔ دوزخ و جنت سب کچھ دکھایا تاکہ دوستوں دشمنوں کے لئے اللہ تعالیٰ نے جو کچھ جزا و سزا تیار کر رکھی ہے وہ اپنے حبیب علیہ الصلوٰۃ والسلام کو دکھائے۔ جب تمام موجودات کا مشاہدہ کرا دیا پھر اپنی بارگاہِ اقدس میں بلا کر اپنا جمال بھی دکھایا۔ زمینوں کا مشاہدہ بھی حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا۔ حدیث شریف میں وارد ہے ’’ان اللّٰہ زوٰی لی الارض فرایت مشارقہا و مغاربہا‘‘ اللہ تعالیٰ نے میرے لئے زمین کو سمیٹ لیا۔ میں نے اس کی مشرقوں اور مغربوں کو دیکھا بلکہ ساری دنیا کو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ملاحظہ فرمایا۔ حدیث شریف میں وارد ہے ’’ان اللّٰہ قد رفع لی الدنیا فانا انظر الیہا والٰی ما ہو کائن فیہا الٰی یوم القیٰمۃ کانما انظر الٰی کفی ہٰذہ رواہ الطبرانی عن ابن عمر رضی اللّٰہ عنہما۔‘‘(مواہب اللدنیہ ج ۲ ص ۱۹۲)

یعنی بے شک اللہ تعالیٰ نے میرے لئے ساری دنیا کو ظاہر فرما دیا تو میں ساری دنیا کو دیکھ رہا ہوں اور جو کچھ اس میں قیامت تک ہونے والا ہے سب کچھ دیکھ رہا ہوں جس طرح میں اپنے ہاتھ کی ہتھیلی کو دیکھ رہا ہوں۔ خلاصہ یہ کہ اللہ نے شب معراج سب چیزیں دکھا کر اپنی ذات پاک بھی اپنے حبیب ﷺ کو دکھا دی تاکہ ان کا شاہد ہونا متحقق ہو جائے۔

فَاَوْحٰی اِلٰی عَبْدِہٖ مَا اَوْحٰی پس وحی کی اللہ نے اپنے بندے (محمد مصطفی ﷺ) کی طرف وہ جو وحی کی (تفسیر خازن)۔ اس آیت کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے جو کچھ وحی فرمائی وہ بلا واسطہ ہے۔ روح البیان میں ہے ’’قال جعفر الصادق فاوحٰی الٰی عبدہٖ ما اوحٰی بلا واسطۃ فیما بینہٗ وبینہٗ سرا الٰی قلبہٖ۔‘‘ (روح البیان ج ۹ ص ۲۲۱)

یعنی اللہ تعالیٰ نے اپنے عبد مقدس ﷺ کی طرف بلا واسطہ وحی فرمائی جو پوشیدہ طور پر ان کے قلب اطہر پر واقع ہوئی۔

وہ وحی کیا تھی؟ اللہ تعالیٰ نے اسے لفظ ’’ما‘‘ سے تعبیر فرما کر اس حقیقت کو ظاہر فرما دیا کہ وہ ایسی عظیم الشان وحی تھی جو تفصیل سے بے نیاز ہے۔ اجمالی طور پر ہم اس مقام پر یہ کہہ سکتے ہیں کہ دین و دنیا کی جسمانی و روحانی، ظاہری و باطنی نعمتیں اور علوم و معارف جو کچھ بھی اللہ تعالیٰ اپنے حبیب ﷺ کو اپنی حکمت کے مطابق دے سکتا تھا وہ سب کچھ دے دیا۔ البتہ ہر نعمت اور ہر علم و حکمت کا ظہور اپنے اپنے وقت پر ہوا اور ہوتا رہے گا۔ دیکھئے شفاعت بھی حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کو دی گئی اور اس میں آج تک کسی مسلمان نے اختلاف نہیں کیا لیکن دنیا جانتی ہے کہ اس کے ظہور کا وقت روز محشر ہو گا۔ معلوم ہوا کہ اگر کسی وقت کسی کمال کا ظہور نہ ہو تو اس عدم ظہور سے عدم وجود لازم نہیں آتا۔

یوں کہنے کے لئے تو یہ بات بہت معمولی اور مختصر سی نظر آتی ہے مگر اس کی گہرائی پر نظر کی جائے تو معلوم ہو گا کہ منکرین کمالاتِ نبوت کے بے شمار اعتراضات کا جواب یہی معمولی سی بات ہے۔