نورانیت اور احوال بشریہ کا ظہور اقول وباللّٰہ التوفیق جو بشریت عیوب و نقائص بشریت سے پاک ہو اس کا نور ہونا نورانیت کے منافی نہیں ہوتا۔ اللہ تعالیٰ نے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کو نور سے مخلوق فرما کر مقدس اور پاکیزہ بشریت کے لباس میں مبعوث فرمایا۔ شق صدر ہونا بشریت مطہرہ کی دلیل ہے اور باوجود سینۂ اقدس چاک ہونے کے خون نہ نکلنا نورانیت کی دلیل ہے۔ ’’فلم یکن الشق بالۃ ولم یسل الدم‘‘ ’’شق صدر کسی آلہ سے نہ تھا نہ اس شگاف سے خون بہا‘‘ ـ(روح البیان ج ۵ ص ۱۰۶)

حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی خلقت نور سے ہے اور بشریت ایک لباس ہے۔ اللہ تعالیٰ قادر ہے کہ جب چاہے اپنی حکمت کے مطابق بشری احوال کو نورانیت پر غالب کر دے اور جب چاہے نورانیت کو احوال بشریت پر غالب کر دے۔ بشریت نہ ہوتی تو ’’شق‘‘ کیسے ہوتا اور نورانیت نہ ہوتی تو آلہ بھی درکار ہوتا اور خون بھی ضرور بہتا۔

جب کبھی خون بہا (جیسے غزوہ احد میں) تو وہاں احوال بشریہ کا غلبہ تھا اور جب خون نہ بہا (جیسے لیلۃ المعراج شق صدر میں) تو وہاں نورانیت غالب تھی۔

جسمانی معراج کا بھی یہی حال ہے کہ تینوں میں سے کوئی چیز ایک دوسرے سے جدا نہیں ہوتی لیکن کہیں بشریت کا ظہور، کہیں نورانیت کا اور کہیں حقیقت محمدیہ کا یعنی صورۃ حقیہ کا۔ ولٰـکن کثیرا من الناس عنہا غفلون۔

آسمانوں کے دروازے اور ان کا کھلوانا آسمان اجسام لطیفہ ہیں اور ایسے ہی ان کے دروازے بھی لطیف ہیں اور ان سے عزت و کرامت کی وہ راہیں مراد ہیں جو بجز حضرت محمد مصطفی ﷺ کے کسی پر نہیں کھولی گئیں۔ اسی لئے جب تک جبریل علیہ السلام نے حضور ﷺ کا اسم مبارک نہیں لیا ساتوں آسمانوں میں سے کسی کا دروازہ نہیں کھولا گیا۔اگر غور سے دیکھا جائے تو یہ عظمت مصطفویہ کا وہ چمکتا ہوا نشان ہے جو ابد الآباد تک نہیں مٹ سکتا۔

ایک اعتراض جبریل علیہ السلام جب حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی معیت میں آسمانوں پر پہنچے تو ہر آسمان پر فرشتوں نے سوال کیا کہ کون ہے؟ جبریل علیہ السلام نے کہا ’’جبریل‘‘ فرشتوں نے کہا تمہارے ساتھ کون ہے؟ جواب دیا، محمد ﷺ۔ پھر فرشتوں نے پوچھا کیا وہ بلائے گئے ہیں؟ جبریل علیہ السلام نے کہا ہاں۔ فرشتوں نے کہا مرحبا بہ اہلا اور دوسری روایت میں ہے نعم المجیء جاء۔ ان تمام سوالات و جوابات اور واقعہ کی نوعیت سے معلوم ہوتا ہے کہ فرشتوں کو معراج کے بارے میں حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے تشریف لے جانے سے پہلے کچھ علم نہ تھا۔

اعتراض کا جواب فرشتوں کو معراج شریف سے پہلے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے تشریف لانے کا علم نہ ہونا حدیث شریف کے خلاف ہے۔ بخاری شریف میں حدیث معراج کے یہ الفاظ موجود ہیں ’’فیستبشر بہ اہل السماء‘‘ یعنی حضور ﷺ کی خوش خبری آسمان والے سنتے تھے۔ (بخاری شریف ج دوم ص ۱۱۲۰)

امام ابن حجر عسقلانی فتح الباری میں اس کے تحت ارقام فرماتے ہیں قولہ فاستبشر بہ اہل السماء کانہم کانوا اعلموا انہ سیعرج بہ فکانوا مترقبین لذٰلک۔ گویا فرشتوں کو بتا دیا گیا تھا کہ حضرت محمد ﷺ کو عنقریب معراج کرائی جائے گی تو وہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی تشریف آوری کے منتظر تھے۔ (فتح الباری ج ۳ ص ۴۱۱)

ہاں اس میں شک نہیں کہ بغیر بتائے آسمان والے نہیں جانتے کہ اللہ تعالیٰ زمین میں کیا کرنا چاہتا ہے لیکن حضور ﷺ کے بارے میں چونکہ انہیں پہلے خوشخبری سنا دی گئی تھی اس لئے وہ سب حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی تشریف آوری کے منتظر تھے۔

رہا سوال و جواب کا مسئلہ تو یہ بات دلائل کی روشنی میں آفتاب سے زیادہ روشن ہو چکی ہے کہ سوال ہمیشہ لا علمی کی وجہ سے نہیں ہوتا بلکہ کبھی حکمت کی بنا پر بھی ہوتا ہے۔ یہاں سوال و جواب میں مندرجہ ذیل دو حکمتیں ہیں

(۱) یہ ظاہر کرنا مقصود ہے کہ ہفت سماوات میں عزت و کرامت کے مخصوص دروازے بجز حضرت محمد ﷺ کے کسی کے لئے نہیں کھولے جا سکتے۔ خواہ جبریل علیہ السلام ہی کیوں نہ ہوں۔ (۲) اگر فرشتے یہ نہ پوچھتے کہ ’’کیا وہ بلائے گئے ہیں؟‘‘ تو جبریل علیہ السلام نعم ’’ہاں‘‘ کہہ کر اقرار بھی نہ کرتے۔ جبریل علیہ السلام نے جب اس امر کا اقرار کر لیا کہ ہاں واقعی وہ بلائے گئے ہیں تو حضور ﷺ کی ایک اور فضیلت پر دلیل قائم ہو گئی اور وہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کا بلایا جانا ہے۔ اگر یہ سوال و جواب نہ ہوتا تو حضور ﷺ کا بلایا جانا کیسے ثابت ہوتا؟

جبریل علیہ السلام کا آسمانوں پر حضور ﷺ کو حضرات انبیاء علیہم السلام سے متعارف کرانا جبریل علیہ السلام کے تعارف کرانے سے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی لاعلمی ثابت نہیں ہوتی کیونکہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام بیت المقدس میں تمام انبیاء علیہم السلام سے ملاقی ہو چکے تھے بلکہ بعض انبیاء علیہم السلام کی قبور سے گزرے تو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے جبریل علیہ السلام کے تعارف کے بغیر جان لیا کہ یہ فلاں نبی کی قبر مبارک ہے۔ چنانچہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کثیب احمر پر موسیٰ علیہ السلام کی قبر شریف سے گزرے تو فرمایا میں نے موسیٰ علیہ السلام کو دیکھا کہ وہ اپنی قبر میں کھڑے ہوئے نماز پڑھ رہے تھے۔ (صحیح مسلم ج اول)

لہٰذا جبریل علیہ السلام کا تعارف حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے عدم التفات کی وجہ سے ہے یا اپنی خادمانہ شان ظاہر کرنے کے لئے۔

موسیٰ علیہ السلام کا رونا معاذ اللہ کسی حسد کی وجہ سے موسیٰ علیہ السلام نہیں روئے بلکہ رشک اور غبطہ کی بنا پر یا اپنی امت کے حال پر گریہ فرمایا۔

حضرت موسیٰ علیہ السلام کا نمازوں میں تخفیف طلب کرنے کا مشورہ دینا بعض لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ اگر حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کو یہ علم ہوتا کہ میری امت پچاس نمازیں نہ پڑھ سکے گی تو موسیٰ علیہ السلام کے بغیر کہے خود طلب تخفیف فرماتے لیکن حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ازخود ایسا نہ کیا بلکہ موسیٰ علیہ السلام کے کہنے سے واپس گئے اور نمازیں کم ہونے کی درخواست کی۔ اس سے معلوم ہوا کہ موسیٰ علیہ السلام کو تجربہ کی بناء پر علم تھا اور حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کو نہ تھا۔

اس کا جواب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے باوجود عالم الغیب ہونے کے پچاس نمازیں فرض فرمائیں اور اولاً از خود کوئی تخفیف نہ فرمائی۔ اللہ تعالیٰ حکیم ہے اس کا کوئی فعل خالی از حکمت نہیں۔ اللہ تعالیٰ کے اس فعل میں حکمت تھی اور نبی کریم ﷺ کے خاموش رہنے میں بھی وہی حکمت تھی۔ حکمت کو لاعلمی کہنا جہالت ہے۔

اس واقعہ میں یہ حکمت تھی کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام حیاتِ ظاہری کے بعد بھی ہم دنیا والوں کے فائدہ کا وسیلہ بن گئے جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ اہل قبور خواہ انبیاء علیہم السلام ہی کیوں نہ ہوں دنیا والوں کو کسی قسم کا فائدہ نہیں پہنچا سکتے۔ اللہ جل شانہ نے اپنی حکمت بالغہ سے ان کے اس قول کو رد فرما دیا اور وہ اس طرح کہ پینتالیس نمازیں معاف فرمانے والا اللہ تعالیٰ ہے اور معاف کروانے والے حضور محمد رسول اللہ ﷺ ہیں اور حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کو معافی حاصل کرنے کے لئے بھیجنے والے اور معافی کا وسیلہ بننے والے حضرت موسیٰ علیہ السلام ہیں جو صاحب قبر ہیں اور غالباً اسی حکمت کو ظاہر فرمانے کے لئے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا ’’فاذا ہو قائم یصلی فی قبرہ‘‘ کہ جب مسجد اقصیٰ جا رہا تھا تو میں موسیٰ علیہ السلام کی قبر سے ہو کر گزرا۔ وہ اپنی قبر میں کھڑے ہوئے نماز پڑھ رہے تھے۔ خاص طور پر لفظ قبر ارشاد فرمانے میں یہ حکمت معلوم ہوتی ہے کہ اہل قبور کا دنیا والوں کو فائدہ پہنچانا ثابت ہو جائے اور وہ فائدہ بھی ایسا کہ تمام دنیا والے مل کر وہ فائدہ کسی کو نہیں پہنچا سکتے اگر سارا جہان بھی زور لگا لے تو فرائض کا ایک سجدہ بھی کم نہیں کرا سکتا لیکن موسیٰ علیہ السلام نے بالواسطہ پینتالیس نمازیں معاف کرائیں۔ اس کے علاوہ یہ حکمت بھی ہو سکتی ہے کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام حضور ﷺ کو نمازیں معاف کرانے کے لئے بار بار بھیج رہے تھے تاکہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام ہر مرتبہ اللہ تعالیٰ کا دیدار کریں اور موسیٰ علیہ السلام حضور ﷺ کا دیدار کریں۔

سدرۃ المنتہیٰ ساتوں آسمانوں کے عجائب و غرائب اور آیاتِ الٰہیہ کا مشاہدہ فرما کر حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام سدرۃ المنتہیٰ پہنچے۔ سدرۃ المنتہیٰ بیری کا ایک درخت ہے اور علم خلائق کی منتہیٰ ہے۔ فرشتوں نے اللہ تعالیٰ سے اذن طلب کیا کہ اے اللہ! تیرے محبوب ﷺ تشریف لا رہے ہیں ان کے جمال اقدس کی زیارت کرنے کی ہم کو اجازت مرحمت فرما۔ اللہ تعالیٰ نے حکم دیا کہ تمام فرشتے سدرۃ المنتہیٰ پر جمع ہو جائیں۔ جب میرے حبیب ﷺ کی سواری آئے تو سب زیارت کر لیں۔ چنانچہ ملائکہ کرام سدرۃ المنتہیٰ پر جمع ہو گئے جس کا ذکر اللہ تعالیٰ نے اس طرح فرمایا ’’اِذْ یَغْشَی السِّدْرَۃَ مَــا یَغْشٰی‘‘ (النجم: ۱۶) جب ڈھانپ لیا سدرہ کو اس چیز نے جس نے کہ ڈھانپ لیا یعنی شئ عظیم نے اور وہ ملائکہ ربانی ہیں جن کے متعلق ارشاد ہے ’’وَمَا یَعْلَمُ جُنُوْدَ رَبِّکَ اِلَّا ہُوَ‘‘ (المدثر: ۳۱) تیرے رب کے لشکر کو اللہ ہی جانتا ہے۔ حضور ﷺ نے درخت سدرہ کی طرف نظر اٹھائی تو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے درخت سدرہ کو ملائکہ سے ڈھکا ہوا پایا اور فرشتوں نے اللہ کے پیارے حبیب ﷺ کی زیارت کا شرف حاصل کر لیا۔

تفسیر در منثور میں ہے، اخرج عبد بن حمید عن سلمۃ بن وہرام اِذْ یَغْشَی السِّدْرَۃَ مَـا یَغْشٰی قال استأذنت الـمـلٰئکۃ الرب تبارک و تعالٰی ان ینظروا الی النبی ا فاذن لہم فغشیت الملٰئکۃ السدرۃ لینظروا الی النبی ا۔ (تفسیر در منثور ج ۲ ص ۲۶، روح المعانی پ ۲۷ ص ۴۴) ترجمہ: عبد بن حمید سلمیٰ بن وہرام سے اِذْ یَغْشَی السِّدْرَۃَ مَــا یَغْشٰی کی تفسیر میں روایت کرتے ہیں کہ ملائکہ نے اللہ تعالیٰ سے حضور ﷺ کو دیکھنے کی اجازت طلب کی۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں اجازت دے دی تو وہ سب سدرہ پر آ بیٹھے اور جمال محمدی دیکھنے کے لئے سدرہ کو ڈھانپ لیا۔ حضور ﷺ نے فرمایا کہ میں نے سدرہ کے ہر پتہ پر ایک ایک فرشتہ کو دیکھا کہ وہ بحالت قیام سبحان اللہ سبحان اللہ کہہ رہا ہے۔

حضور ﷺ کا جنت میں تشریف لے جانا تفسیر ابن جریر میں ہے ’’حتّٰی دخلت الجنۃ فاذا فیہا ما لا عین رأت ولا اذن سمعت ولا خطر علٰی قلب بشر۔‘‘ الحدیث (ابن جریر پ ۱۵ ص ۱۱) ترجمہ: حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا میں جنت میں داخل ہوا تو یکایک اس میں وہ تمام نعمتیں تھیں جن کو نہ کسی آنکھ نے دیکھا نہ کسی کان نے سنا نہ کسی بشر کے دل میں ان کا خیال آیا۔

دوسری حدیث میں ہے ’’واللّٰہ ما نزل عن البراق حتّٰی رای الجنۃ والنار وما اعد اللّٰہ فی الاٰخرۃ اجمع‘‘ یعنی حضور ﷺ براق سے نہیں اترے یہاں تک کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے جنت ونار اور اللہ تعالیٰ نے آخرت میں جو کچھ تیار کر رکھا ہے سب کچھ نہ دیکھ لیا۔ آخرت کی ہر شیٔ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ملاحظہ فرمائی۔ (تفسیر ابن جریر پ ۱۵ ص ۱۲) ان دونوں حدیثوں سے ثابت ہوا کہ جو لوگ آیۂ قرآنیہ ’’فَلَا تَعْلَمُ نَفْسٌ مَّا اُخْفِیَ لَہُمْ مِّنْ قُرَّۃِ اَعْیُنٍ‘‘ پڑھ کر حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے علم اقدس کی نفی کرتے ہیں وہ جھوٹے ہیں۔ آیت سے یا علم ذاتی کی نفی مراد ہے یا حضور ﷺ مخاطب ہونے کی وجہ سے اس کے عموم میں شامل نہیں۔ کیونکہ تفسیر ابن جریر کی ان دونوں حدیثوں سے صاف معلوم ہو گیا کہ آخرت کی کوئی چیز حضور ﷺ سے مخفی نہیں رہی۔

جنت میں حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے آگے حضرت بلال کے جوتوں کی آواز حضور ﷺ نے فرمایا کہ اے بلال میں نے جنت میں اپنے آگے تیری جوتیوں کی آہٹ سنی ہے۔ حضرت بلال ص جنت میں اس وقت نہ تھے مگر زمین کی آواز حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے سنی۔ تبھی حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے لئے دور کی آواز سننا ثابت ہوا۔ اگر قیامت کے بعد ان کے چلنے کی آواز مراد ہو تو آواز پیدا ہونے سے پہلے سننا ثابت ہو گا یہ پہلے سے بھی زیادہ کمال کا موجب ہے یا یوں کہئے کہ حضرت بلال ص زمین پر بھی تھے اور حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی غلامی کے طفیل اس وقت جنت میں بھی حضور ﷺ کے آگے چلے جس کی آواز حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے سنی تو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے غلاموں کے لئے بیک وقت دو جگہ موجود ہونا ثابت ہوا۔ جن کے غلاموں کی یہ شان ہو، ان کے آقا کی شان کا اندازہ کون لگا سکتا ہے۔

ایک جسم کا آنِ واحد میں دو جگہ حاضر ہونا سابقاً بحوالہ صحیح مسلم عرض کر چکا ہوں کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام موسیٰ علیہ السلام کے مزار شریف سے گزرے تو وہ اپنی قبر انور میں کھڑے ہوئے نماز پڑھ رہے تھے اور تمام انبیاء علیہم السلام کا یہی حال ہے کہ وہ زندہ ہیں اور اپنی قبورِ مقدسہ میں نمازیں پڑھتے ہیں۔ (رواہ البیہقی) اس کے باوجود مسجد اقصیٰ میں بھی سب موجود تھے حدیث شریف میں وارد ہے ’’قال جبریل صلّٰی خلفک کل نبی بعثہ اللّٰہ عزوجل‘‘ (تفسیر ابن کثیر ج ۳ ص ۶)

جبریل علیہ السلام نے عرض کیا، حضور! اللہ عزوجل کے ہر مبعوث فرمائے ہوئے نبی نے آپ کے پیچھے نماز پڑھی۔

لیکن جب حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام آسمانوں پر پہنچے تو ساتوں آسمانوں پر حضرات انبیاء علیہم السلام کو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ملاحظہ فرمایا۔ امام شعرانی رحمۃ اللہ علیہ فوائد معراج شریف بیان فرماتے ہوئے ارشاد فرماتے ہیں کہ فوائد معراج میں سے ایک فائدہ یہ ہے ’’شہود الجسم الواحد فی مکانین فی اٰن واحد‘‘ یعنی آن واحد میں ایک جسم کا دو جگہ حاضر ہونا۔ (الیواقیت والجواہر ج ۲ ص ۳۶)

اس کے بعد امام شعرانی رحمۃ اللہ علیہ ارشاد فرماتے ہیں جس کا اردو ترجمہ یہ ہے کہ حضور ﷺ نے فرمایا۔ میں نے آدم کو دیکھا، موسیٰ کو دیکھا، ابراہیم کو دیکھا۔ اپنے اس کلام مبارک میں اطلاق رکھا اور روح کی قید لگا کر یہ نہیں فرمایا کہ میں نے آدم کی روح اور ابراہیم کی روح اور موسیٰ کی روح کو دیکھا (علٰی نبینا وعلیہم الصلٰوۃ والسلام) مسجد اقصیٰ کے بعد حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے آسمان پر جس موسیٰ علیہ السلام سے دوبارہ ملاقات فرمائی وہ بعینہٖ وہی موسیٰ علیہ السلام ہیں جو اپنی قبر شریف میں کھڑے ہوئے نماز پڑھ رہے تھے تو اے وہ شخص جو ایک جسم کے بیک وقت دو جگہ ہونے کا منکر ہے اس حدیث معراج پر تیرا ایمان کس طرح ہو گا؟ (الیواقیت والجواہر ج ۲ ص ۳۶)

ایک اعتراض اور اس کا جواب بعض لوگ کہہ دیتے ہیں کہ معراج کا مسئلہ حاضر و ناظر ہونے کے منافی ہے کیونکہ جو ہر جگہ میں موجود ہو اس کے آنے جانے کے کیا معنی ہیں؟

اس کا جواب یہ ہے کہ ہم بار بار کہہ چکے ہیں کہ حضور سید عالم ﷺ کا حاضر و ناظر ہونا حضور ﷺ کی نورانیت اور روحانیت کی جہت سے ہے اور آنا جانا بشریت مقدسہ کی جہت سے لہٰذا کوئی منافات نہیں۔ یہی جواب حضور سید عالم ﷺ کے ہر قسم کے جسمانی آنے جانے اور سفر جہاد و ہجرت وغیرہ پر کئے ہوئے اعتراضات کے دفع کرنے کے لئے کافی ہے۔

حضور سید عالم ﷺ کا سدرۃ المنتہیٰ سے عرش الٰہی پر جلوہ گر ہونا امام شعرانی رحمۃ اللہ علیہ الیواقیت والجواہر میں فرماتے ہیں کہ جس طرح اللہ تعالیٰ نے اپنے استواء علی العرش کو اپنی مدح کا موجب قرار دیا اسی طرح اپنے حبیب ﷺ کو عرش پر لے جا کر حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی عظمت شان کا اظہار فرمایا۔ فرماتے ہیں ’’حیث کان العرش اعلٰی مقام ینتہی الیہ من اسری بہٖ من الرسل علیہم الصلٰوۃ والسلام قال وہٰذا یدل علٰی ان الاسراء کان بجسمہٖ ا۔ ‘‘ (الیواقیت والجواہر ج ۲ ص ۳۷)

جبریل علیہ السلام کا پیچھے رہ جانا حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا ’’ثم انطلق بی حتّٰی انتہیت الی الشجرۃ فغشیتنی سحابۃ فیہا من کل لون فرفضنی جبریل وخررت ساجدا للّٰہ تعالٰی۔‘‘ (تفسیر ابن کثیر ج ۳ ص ۶)

فرمایا پھر جبریل علیہ السلام مجھے لے چلے یہاں تک کہ میں سدرۃ المنتہیٰ تک پہنچا۔ بادل کی طرح مجھے کسی چیز نے ڈھانپ لیا تھا۔ اس میں ہر قسم کے رنگ تھے پھر جبریل علیہ السلام نے مجھے چھوڑ دیا اور میں اپنے رب کے لئے سجدہ کرتا ہوا گر پڑا۔ تفسیر نیشا پوری میں ہے ’’وذٰلک ان جبریل تخلف عنہ فی مقام (قال) لو دنوت انملۃ لاحترقت‘‘ (تفسیر نیشا پوری بر حاشیہ تفسیر ابن جریر پ ۲۷ ص ۳۲)

اور وہ یہ ہے کہ جبریل علیہ السلام حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام سے ایسی جگہ پیچھے رہ گئے جس کے متعلق انہوں نے کہا کہ اگر میں یہاں سے ایک انگلی کے ایک پوروے کے برابر بھی آگے بڑھوں تو جل کر خاکستر ہو جاؤں۔

حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے عرش پر جلوہ گر ہونے میں اختلاف پہلے عرض کر چکا ہوں کہ علماء امت اس بارہ میں مختلف ہیں کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کا منتہائے عروج کہاں تک ہوا۔ بعض کا قول ہے سدرۃ المنتہیٰ بعض نے کہا جنت الماویٰ بعض نے کہا عرش بعض نے کہا فوق العرش بعض کا قول ’’وراء فوق العرش الٰی طرف العالم‘‘ جیسا کہ شرح عقائد نسفی، نبراس اور شرح فقہ اکبر وغیرہ کے حوالہ سے بیان ہو چکا ہے۔ اگرچہ بعض علماء نے عرش اور فوق العرش جانے تک کی احادیث کو ضعیف قرار دیا ہے جیسا کہ زرقانی وغیرہ میں اس کی تصریح موجود ہے۔ بعض نے بالکل انکار کیا ہے لیکن محدث کبیر ابن ابی الدنیا نے روایت کیا ’’قال رسول اللّٰہ ﷺ مررت لیلۃ اسری بی برجل مغیب فی نور العرش‘‘ (زرقانی ج ۲ ص ۱۰۶) معراج کی رات میں ایک شخص پر گزرا جو نور عرش میں غائب تھا۔ نورِ عرش سے حضور ﷺ کا گزرنا نورِ عرش سے آگے جانے کی دلیل ہے۔

اور غالباً اسی روایت کی بنا پر امام قسطلانی شارح بخاری نے مواہب اللدنیہ میں فرمایا ’’ولما انتہٰی الی العرش تمسک العرش باذیالہٖ۔‘‘(مواہب اللدنیہ ج ۲ ص ۳۴) یعنی جب حضور علیہ الصلوٰۃ عرش پر پہنچے تو عرشِ الٰہی نے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے مبارک دامن سے تمسک کیا الخ۔ سدرۃ المنتہیٰ سے آگے جانا بھی حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے عرش پر جلوہ گر ہونے کا مؤید ہے۔ ابن حاتم نے حضرت انس سے روایت کی کہ جب حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام سدرۃ المنتہیٰ پر پہنچے تو سدرۃ المنتہیٰ کو بادل کی طرح کسی چیز نے ڈھانپ لیا جس میں ہر قسم کے رنگ تھے۔ پس جبریل علیہ السلام پیچھے رہ گئے۔ جبریل علیہ السلام کا پیچھے رہ جانا حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کا سدرہ سے گزر جانا اس امر کی تائید کرتا ہے کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام عرشِ الٰہی پر جلوہ گر ہوئے۔

علامہ سید محمود آلوسی حنفی بغدادی رحمۃ اللہ علیہ سورئہ النجم کی تفسیر میں فرماتے ہیں کہ نجم سے مراد رسول اللہ ﷺ ہیں۔

قال جعفر الصادق رضی اللّٰہ عنہ ہو النبی ا وہویہ نزولہ من السماء لیلۃ المعراج وجوز علٰی ہٰذا ان یراد بہویہ صعودہ وعروجہ علیہ الصلٰوۃ والسلام الٰی منقطع الأین۔ ترجمہ: امام جعفر صادق رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ نجم سے مراد نبی ﷺ ہیں اور ھویٰ سے مراد معراج کی رات حضور ﷺ کا اترنا ہے اور اس تقدیر پر جائز ہے کہ ھویٰ سے حضور ﷺ کا اوپر چڑھنا اور لا مکان تک معراج کرنا مراد ہو۔ (تفسیر روح المعانی پ ۲۷ ص ۳۸)

بارگاہِ اسماء و صفات امام شعرانی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں اذا مر علٰی حضرات الاسماء الالٰہیۃ صار مختلفا بصفاتہا فاذا مر علی الرحیم کان رحیما او علی الغفور کان غفورا او علی الکریم کان کریما او علی الحلیم کان حلیما او علی الشکور کان شکورا او علی الجواد کان جواد او ہٰکذا فما یرجع من ذٰلک المعراج الا وہو فی غایۃ الکمال۔ (الیواقیت والجواہر ج ۲ ص ۳۶) یعنی حضور ﷺ شب معراج اسمائِ الٰہیہ کی بارگاہوں سے گزرے تو ان اسماء کی صفات کے ساتھ متصف ہوتے گئے۔ جب الرحیم پر گزرے رحیم بن گئے اور الغفور الکریم الحلیم الشکور الجواد پر گزرے تو غفور کریم حلیم شکور اور جواد ہو گئے اور اسی طرح دیگر اسمایٔ الٰہیہ کی بارگاہوں سے گزرتے گئے اور وہ اسماء جن صفات سے متعلق ہیں ان صفات الٰہیہ سے متصف ہوتے گئے۔ جب معراج سے واپس تشریف لائے تو انتہائے کمال کے حال میں تھے۔

رفرف: امام شعرانی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں جب حضور ﷺ ایسے مقام پر پہنچے جہاں جبریل علیہ السلام کا منتہیٰ تھا تو جبریل علیہ السلام ٹھہر گئے۔ ایک سبز رنگ کا تخت ظاہر ہوا جس کا نام رفرف ہے۔ اس کے ساتھ ایک فرشتہ تھا جبریل علیہ السلام نے حضور ﷺ کو رفرف والے فرشتہ کے سپرد کر دیا۔ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے جبریل علیہ السلام سے ہمراہی کے لئے فرمایا تو جبریل علیہ السلام نے عرض کیا لا اقدر ولو خطوت خطوۃ لاحترقت حضور میں آگے جانے پر قادر نہیں۔ اگر ایک قدم آگے بڑھوں تو جل کر خاک ہو جاؤں۔ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام رفرف پر رونق افروز ہوئے۔ بالآخر رفرف اور اس پر مقرر کردہ فرشتہ بھی ایک مقام پر رہ گیا۔ پھر حضور ﷺ کو نور میں داخل کر دیا گیا اور حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام بالکل تن تنہا رہ گئے۔ کوئی حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ساتھ نہ تھا۔

صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی آواز امام شعرانی فرماتے ہیں اس وقت حضور ﷺ کو وحشت سی محسوس ہوئی تو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کو ایک آواز معلوم ہوئی جو حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کی آواز سے مشابہ تھی۔ وہ آواز یہ تھی ’’قف یا محمد ان ربک یصلی‘‘ ’’اے محمد ﷺ توقف فرمایئے، آپ کا رب صلوٰۃ فرما رہا ہے۔‘‘ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے دل میں خیال فرمایا، کیا میرا رب نماز پڑھتا ہے۔ جب حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے قلب اطہر میں اس خطاب سے تعجب کی کیفیت پیدا ہوئی اور صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی آواز سے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام مانوس ہوئے تو اللہ تعالیٰ نے فرمایا ’’ہُوَ الَّذِیْ یُصَلِّیْ عَلَیْکُمْ وَمَلٰئِکَتُہٗ‘‘ ’’اللہ تعالیٰ اور اس کے فرشتے تم پر درود بھیجتے ہیں۔‘‘امام شعرانی نے فرمایا ’’یعلم عند ذٰلک ما ہو المراد بصلاۃ الحق‘‘ اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان سن کر حضور ﷺ کو معلوم ہوا کہ اللہ تعالیٰ کی صلوٰۃ سے کیا مراد ہے۔ (الیواقیت والجواہر ج ۲ ص ۳۵)

حکمت ایزدی وحشت کے وقت کسی چیز کی طرف توجہ مبذول ہونا اور کسی امر پر تعجب کا لاحق ہونا وحشت دور ہونے کا سبب ہوتا ہے۔ اس لئے بتقاضائے حکمت ایزدی صوت صدیق کے مشابہ ’’قف یا محمد ان ربک یصلی‘‘ کی آواز سن کر حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی توجہ درود اور رحمت کے معنی کی بجائے نماز کے معنی کی طرف مبذول ہوئی تاکہ تعجب لاحق ہو اور اس تعجب اور توجہ کے سبب وحشت زائل ہو پھر آواز بھی انیس جلیس (حضرت ابو بکر صدیق) کی آواز کے مشابہ جو موجب استیناس ہے۔ چنانچہ وہ حکمت پوری ہوئی اور وحشت کا جو حال حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام پر طاری تھا وہ دور ہو گیا۔ اس کے بعد جب حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اپنے رب کا یہ حکم سنا ’’ہُوَ الَّذِیْ یُصَلِّیْ عَلَیْکُمْ وَمَلٰئِکَتُہٗ‘‘ تو اس وقت حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی توجہ صلوٰۃ کے مرادی معنی کی طرف مبذول ہو گئی۔

وحشت میں حکمت امام شعرانی رحمۃ اللہ علیہ الیواقیت والجواہر ج ۲ ص ۳۵ پر فرماتے ہیں کہ شیخ اکبر رضی اللہ عنہ نے ارشاد فرمایا کہ جب حضور پر نور ﷺ کو نور میں داخل کیا گیا اور ہر طرف نور ہی نور نے حضور کو احاطہ میں لے لیا تو اس عالم تفرد میں حضور ﷺ پر وحشت کا حال طاری ہوا جو اس امر کی دلیل ہے کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کو معراجِ جسمانی ہوئی ہے کیونکہ اگر محض روحانی معراج ہوتی روح مجرد کو وحشت کا حال طاری نہ ہوتا۔

ضروری تنبیہ حضرت شاہ عبد الحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ نے غالباً مدارج النبوۃ میں ان ربک یصلی کا ترجمہ کیا ہے ’’پروردگارِ تو نماز می گزارد‘‘ بعض ناواقف لوگ اس پر اعتراض کرتے ہیں۔ ہمارے بیانِ سابق سے یہ امر واضح ہو گیا کہ حضور ﷺ کی توجہ یصلی کے اس معنی کی طرف مبذول ہوئی تھی۔ لہٰذا حضرت شیخ دہلوی علیہ الرحمۃ کا ترجمہ بالکل صحیح ہے۔ البتہ یہ مرادی معنی نہیں۔ جیسا کہ ہم تفصیل سے لکھ چکے ہیں۔

بارگاہِ خداوندی جب عالم انوار سے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام گزر گئے تو اللہ تعالیٰ کی بارگاہِ خاص میں پہنچے اور ’’ثُمَّ دَنٰی فَتَدَلّٰی فَکَانَ قَابَ قَوْسَیْنِ اَوْ اَدْنٰی‘‘ مرتبہ پایا۔ پھر ’’فَاَوْحٰی اِلٰی عَبْدِہٖ مَا اَوْحٰی‘‘ سے مشرف ہوئے اور دیدارِ الٰہی نصیب ہوا۔ ان آیاتِ کریمہ پر کلام کرنے سے پہلے یہ عرض کر دینا مناسب ہے کہ قرآن مجید میں تین جگہ معراج شریف کا بیان وارد ہے اول: سُبْحٰنَ الَّذِیْ اَسْرٰی بِعَبْدِہٖ۔ الآیۃ دوم: وَمَا جَعَلْنَا الرُّؤْیَا الَّتِیْ اَرَیْنَاکَ اِلَّا فِتْنَۃً لِّلنَّاسِ سوم: سورئہ النجم کی ابتدائی آیات۔ پہلی دو آیات پر کلام ہو چکا اب سورئہ النجم کی آیات معراج پر نہایت مختصر کلام ہدیہ ناظرین ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے وَالنَّجْمِ اِذَا ہَوٰی مَاضَلَّ صَاحِبُکُمْ وَمَا غَوٰی وَمَا یَنْطِقُ عَنِ الْہَوٰی اِنْ ہُوَ اِلَّا وَحْیٌ یُّوْحٰی عَلَّمَہٗ شَدِیْدُ الْقُوٰی ذُوْمِرَّۃٍ فَاسْتَوٰی وَہُوَ بِالْاُفُقِ الْاَعْلٰی ثُمَّ دَنَا فَتَدَلّٰی فَکَانَ قَابَ قَوْسَیْنِ اَوْ اَدْنٰی فَاَوْحٰی اِلٰی عَبْدِہٖ مَا اَوْحٰی مَا کَذَبَ الْفُؤَادُ مَارَاٰی اَفَتُمَارُوْنَہٗ عَلٰی مَا یَرٰی وَلَقَدْ رَاٰہُ نَزْلَۃً اُخْرٰی عِنْدَ سِدْرَۃِ الْمُنْـتَـہٰی عِنْدَہَا جَنَّۃُ الْمَاْوٰی اِذْ یَغْشَی السِّدْرَۃَ مَا یَغْشٰی مَازَاغَ الْبَصَرُ وَمَا طَغٰی لَقَدْ رَاٰی مِنْ اٰیَاتِ رَبِّہِ الْکُبْرٰی۔ (سورۃ النجم پ ۲۷) ترجمہ: ’’قسم ستارئہ وجود محمد کی جب یہ شب معراج اترے۔ تمہارے صاحب نہ بہکے اور نہ بھٹکے۔ اور وہ اپنی خواہش سے نہیں بولتے۔ نہیں بولنا ان کا مگر وحی جو ان کی طرف کی جاتی ہے۔ انہیں سکھایا سخت قوتوں والے زور والے نے۔ پھر برابر ہوا وہ اپنی اونچی جگہ میں اس حال میں کہ وہ آسمان بریں کے سب سے اونچے کنارے پر تھا۔ پھر وہ نزدیک ہوا پھر زیادہ نزدیکی چاہی تو ہو گیا مقدار دو کمان کی یا زیادہ نزدیک۔ پھر وحی کی ہم نے اپنے بندے کی طرف جو وحی کی۔ نہ غلطی کی دل نے اس چیز میں جو آنکھ نے دیکھی۔ تو کیا تم جھگڑتے ہو ان سے ان کے دیکھنے پر اور بے شک انہوں نے دیکھا اس کو دوسری مرتبہ سدرۃ المنتہیٰ کے پاس۔ اس کے پاس جنت الماویٰ ہے۔ جب ڈھانک رہا تھا سدرہ کو وہ جو ڈھانک رہا تھا۔ نہ ٹیڑھی ہوئی نگاہ اور نہ بھٹکی۔ بے شک انہوں نے اپنے رب کی بہت بڑی نشانیاں دیکھیں۔‘‘

ان آیات طیبات میں مفسرین کے کئی قول ہیں۔ النجم کے متعلق حسب ذیل اقوال وارد ہیں (۱) نجم سے ثریا مراد ہے۔ (۲) نجم سے مطلقاً ستارے مراد ہیں۔ (۳) نجم سے وہ گھاس مراد ہے جس کی کوئی ساق نہ ہو اور اس کی بیلیں زمین پر پھیلتی ہوں۔ بعض کے نزدیک النجم سے قرآن مراد ہے۔ امام جعفر صادق رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ النجم سے مراد حضرت محمد رسول اللہ ﷺ ہیں۔ عرائس البیان میں ہے

قال جعفر بن محمد الصادق النجم ہو محمد ا۔(ج ۲ ص ۲۸۵)

اور تفسیر معالم التنزیل میں ہے

وقال جعفر الصادق یعنی محمد ا اذا نزل من السماء الی الارض لیلۃ المعراج۔ (تفسیر معالم التنزیل جز سادس ص ۲۱۲) اور صاحبکم سے مراد حضور سید عالم ﷺ ہیں اور شدید القوٰی سے مراد عام مفسرین کے نزدیک جبریل علیہ السلام ہیں لیکن حضرت امام حسن بصری رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ شدید القوٰی اللہ تعالیٰ ہے۔ صاحب روح المعانی فرماتے ہیں ’’فعن الحسن ان شدید القوٰی ہو اللّٰہ تعالٰی وجمع القوٰی للتعظیم ویفسر ذو مـرۃ علیہ بذی حکمۃ ونحوہٖ مما یلیق ان یکون وصفالہ عزوجل۔‘‘ (تفسیر روح المعانی پ ۲۷، ص ۴۴)

اس کے بعد ’’استوٰی‘‘ اور ’’ہو‘‘ اور ’’دنا‘‘ اور ’’فتدلّٰی‘‘ اور ’’کان‘‘ اور ’’اوحٰی‘‘ کی ضمیریں اسی طرح اس کے بعد آنے والی مرفوع اور منصوب ضمیریں عام مفسرین نے حضور ﷺ اور حضرت جبریل کی طرف راجع کیں جس کا مفاد یہ ہے کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کو جبریل علیہ السلام کی نزدیکی حاصل ہوئی اور حضور ﷺ نے معراج کی رات جبریل علیہ السلام کو دیکھا۔ صاحب روح المعانی نے اس نہج پر تفسیر کرنے کے بعد فرمایا ’’وفی الاٰیات اقوال غیر ما تقدم‘‘

یعنی ان آیتوں میں بیان سابق کے علاوہ بھی اقوال ہیں پھر حضرت حسن کی ایک روایت وارد کی جس کو ہم ابھی نقل کر چکے ہیں۔ اس کے بعد فرمایا

وجعل ابو حبان الضمیرین فی قولہ تعالٰی (فَاسْتَوٰی وَہُوَ بِالْاُفُقِ الْاَعْلٰی) علیہ لہ سبحانہ ایضا وقال ان ذٰلک علٰی معنی العظمۃ والقدرۃ والسلطان ولعل الحسن یجعل الضمائر فی قولہ سبحانہ (ثُمَّ دَنَا فَتَدَلّٰی فَکَانَ قَابَ قَوْسَیْنِ اَوْ اَدْنٰی فَاَوْحٰی اِلٰی عَبْدِہٖ مَا اَوْحٰی) لہ عزوجل ایضا وکذا الضمیر المنصوب فی قولہٖ تعالٰی (وَلَقَدْ رَاٰہُ نَزْلَۃً اُخْرٰی) فقد کان علیہ الرحمۃ یحلف باللّٰہ تعالٰی لقد راٰی محمد ا ربہ وفسردنوہ تعالٰی من النبی ا برفع مکانتہٖ ا عندہ سبحانہ وتدلیہ جل وعلابجذبہٖ بشراشرہٖ الٰی جناب القدس ویقال لہٰذالجذب الفناء فی اللّٰہ تعالٰی عند المتألہین وارید بنزولہٖ سبحانہٗ نوع من دنوہ المعنوی جل شانہ ومذہب السلف فی مثل ذٰلک ارجاع علمہٖ الی اللّٰہ تعالٰی بعد نفی التشبیہ۔ ابو حبان نے اللہ تعالیٰ کے قول ’’فَاسْتَوٰی وَہُوَ بِالْاُفُقِ الْاَعْلٰی‘‘ میںدونوں ضمیریں (مستتر اور بارز) اس تقدیر پر کہ ’’شدید القوٰی‘‘ اور ’’ذومرۃ‘‘ سے اللہ تعالیٰ مراد ہو اللہ سبحانہ وتعالیٰ کے لئے کی ہیں اور ابو حبان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا استویٰ عظمت اور قدرت اور غلبہ کے معنی میں ہے اور غالباً امام حسن بصری بھی ثم دنا سے ما اوحٰی تک اللہ تعالیٰ کے قول میں سب ضمیریں اللہ تعالیٰ ہی کے لئے مانتے ہیں اور اسی طرح ’’وَلَقَدْ رَاٰہُ نَزْلَۃً اُخْرٰی‘‘ میں ضمیر منصوب بھی اللہ تعالیٰ کے لئے کرتے ہیں کیونکہ حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ قسم کھا کر کہتے تھے کہ بیشک محمد ﷺ نے اپنے رب کو دیکھا ہے اور حضور ﷺ سے اللہ تعالیٰ کے قریب ہونے کے معنی انہوں نے یہ بیان کئے کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کا مقام اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں بہت بلند ہے اور حضور ﷺ کی طرف اللہ تعالیٰ کی تدلی کے یہ معنی بیان فرمائے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب ﷺ کو اپنی جناب اقدس کی طرف بالکل جذب فرما لیا اور اللہ والوں کے نزدیک اسی جذب کو فنا فی اللہ سے تعبیر کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کے نزول سے ایک طرح کا قرب معنوی مراد ہے اور ایسے مسائل میں سلف کا مذہب یہ ہے کہ وہ تشبیہ کی نفی کرتے ہوئے اس کے علم کو اللہ تعالیٰ کی طرف لوٹا دیتے ہیں۔ اس کے بعد صاحب روح المعانی فرماتے ہیں کہ ’’ثُمَّ دَنَا فَتَدَلّٰی فَکَانَ قَابَ قَوْسَیْنِ اَوْ اَدْنٰی‘‘ کی ضمیروں کو (جس طرح اللہ تعالیٰ کی طرف لوٹانا جائز ہے) اسی طرح حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی طرف بھی لوٹانا جائز ہے۔ جیسا کہ امام حسن بصری سے ان ضمیروں کا حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے لئے ہونا مروی ہے اور اس تقدیر پر معنی یہ ہیں کہ پھر قریب ہوئے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام اپنے رب سبحانہٗ وتعالیٰ سے تو اللہ تعالیٰ نبی علیہ الصلوٰۃ والسلام سے دو کمانوں کی مقدار ہوا یا اس سے زیادہ قریب ہو گیا اور ’’اَوْ حٰی اِلٰی عَبْدِہٖ مَا اَوْحٰی‘‘ کی ضمیریں اللہ تعالیٰ کے لئے ہیں۔ (تفسیر روح المعانی پ ۲۷ ص ۴۴، ۴۵) اس کے متصل بعد صاحب روح المعانی فرماتے ہیں تو ’’عَلَّمَہٗ شَدِیْدُ الْقُوٰی‘‘ سے ’’وَہُوَ بِالْاُفُقِ الْاَعْلٰی‘‘ تک قول خداوندی کے یہ معنی ہیں کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کو جبریل علیہ السلام نے سکھایا اور جبریل علیہ السلام آسمان کے اونچے کنارے پر تھے۔ اس کے بعد ’’ثُمَّ دَنَا فَتَدَلّٰی‘‘ کی ضمیریں اللہ تعالیٰ کی طرف راجع ہیں اور ’’وَلَقَدْ رَاٰہُ‘‘ کی ضمیر منصوب بھی اللہ تعالیٰ کے لئے ہے یعنی اس تقدیر پر اللہ تعالیٰ کے ساتھ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کا قرب پھر زیادتی قرب کی طلب اور رؤیت خداوندی کا ثبوت ہوا۔ صاحب روح المعانی فرماتے ہیں کہ اس کی تائید بخاری کی اس حدیث سے بھی ہوتی ہے جو شریک بن عبد اللہ کے طرق سے حضرت انس سے مروی ہے جس میں یہ الفاظ ہیں ’’ودنا الجبار رب العزۃ فتدلّٰی حتّٰی کان منہ قاب قوسین او ادنٰی‘‘ یعنی جبار رب العزت قریب ہوا پھر اس نے زیادتی قرب کو طلب فرمایا یہاں تک کہ رسول اللہ ﷺ سے دو کمانوں کی مقدار ہو گیا یا اس سے زیادہ قریب پھر نبی علیہ الصلوٰۃ والسلام کی طرف وحی فرمائی جس میں پچاس نمازوں کی فرضیت شامل تھی۔ (روح المعانی پ ۲۷ ص ۴۵، بخاری شریف ج ثانی ص ۱۱۲۰، مسلم ج اول ص ۹۲)

اس کے بعد صاحب روح المعانی فرماتے ہیں کہ مثبتین رؤیت جیسے حبر امت ابن عباس رضی اللہ عنہما اور ان کے علاوہ حضرات نے اس حدیث سے استدلال فرمایا۔

محاکمہ: بیان سابق اور عبارات منقولہ سے یہ امر واضح ہو گیا کہ سورئہ النجم کی آیاتِ مذکورہ معراج آسمانی کے بیان میں نازل ہوئی ہیں اور حضور ﷺ کو اللہ تعالیٰ کے ساتھ ایسا قرب ہوا کہ اللہ تعالیٰ نبی کریم ﷺ سے (بلا تشبیہ) دو کمانوں کی مقدار ہو یا اس سے زیادہ نزدیک ہو گیا۔ حدیث شریف جو بخاری و مسلم دونوں نے روایت کی ہے اس معنی کی مؤید ہے۔ یہ حدیث جس میں اللہ تعالیٰ کے ’’دنو‘‘ اور ’’تدلّٰی‘‘ کا بیان ہے بخاری شریف میں جلد دوم صفحہ ۱۱۲۰ اور مسلم شریف میں جلد اول ص ۹۲ پر موجود ہے اور تفسیر آیت میں جو اللہ تعالیٰ اور جبریل علیہ السلام کی طرف ضمیریں راجع کرنے کا اختلاف تھا حدیث شریک نے اس کا فیصلہ کر دیا کہ اس میں صاف موجود ہے ’’ودنا الجبار رب العزۃ فتدلّٰی‘‘ (جبریل نہیں) بلکہ جبار رب العزت حضور ﷺ سے قریب ہوا اور اسی نے زیادتی کو طلب فرمایا۔ الخ

ایک سوال کا جواب اگر کہا جائے کہ وہ تمام احادیث اس بیان کے خلاف ہیں جن میں وارد ہے کہ جبریل علیہ السلام نے اپنی اصلی صورت حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کو دکھائی تو اس کا جواب امام فخر الدین رازی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی تفسیر کبیر میں یوں ارقام فرمایا ہے کہ حضور ﷺ کا جبریل علیہ السلام کو ان کی اصلی صورت میں دیکھنا حق اور ثابت ہے لیکن کسی حدیث میں یہ وارد نہیں ہوا کہ اللہ تعالیٰ نے سورئہ النجم کی ان آیات میں رؤیت جبریل مراد لی ہے۔ یہاں تک کہ حدیث کی مخالفت لازم آ جائے۔ (تفسیر کبیر ج ہفتم ص ۷۳۲) معلوم ہوا کہ کسی قسم کا تعارض نہیں ہے۔ اگلا صفحہ