حدیث شریک کی طرف مراجعت ہمارے ناظرین کرام کو یاد ہو گا کہ حدیث شریک پر کلام کرتے ہوئے ہم اتنی دور نکل آئے۔ ہم نے یہ بتانا تھا کہ بخاری و مسلم میں روایت شریک حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے واقعہ معراج میں مروی ہے ’’ودنا الجبار رب العزۃ فتدلّٰی حتّٰی کان منہ قاب قوسین او ادنٰی۔‘‘(بخاری ج ۲ ص ۱۱۲۰، مسلم ج اول ص ۹۲) ’’پھر قریب ہوا جبار رب العزۃ اور اس نے زیادہ نزدیکی طلب کی یہاں تک کہ ہو گیا وہ رب العزۃ حضور ﷺ سے مقدار دو کمانوں کی یا اس سے بھی زیادہ قریب ہوا۔ اس حدیث میں نزدیک ہونے کا اور زیادہ نزدیکی طلب کرنے کا اور دو کمانوں کی مقدار یا اس سے زیادہ نزدیکی کا فاعل ’’جبار رب العزۃ‘‘ عبارۃ النص میں مذکور ہے اور ہم یہ ثابت کر چکے ہیں کہ یہ حدیث بیان معراج میں ہی وارد ہے جو لوگ اس حدیث کو ناقابل احتجاج ثابت کرنے کے لئے اعتراضاً یہ کہہ دیتے ہیں کہ اس میں بہت سی کمی بیشی اور تقدیم و تاخیر ہے اور ساتھ ہی ثقات کی بھی مخالفت اس میں پائی جاتی ہے۔ اس کا تفصیلی جواب بیان سابق میں ناظرین کرام نے پڑھ لیا ہو گا امام ابن حجر عسقلانی شارح بخاری نے فتح الباری میں اس بحث کو صاف کر دیا ہے۔
حدیث شریک جب اعتراضات سے بے غبار ہو گئی تو یہ امر متعین ہو گیا کہ جس طرح سورئہ النجم کی ابتدائی آیات واقعۂ معراج کے بیان میں ہیں اسی طرح حدیث شریک بھی اسی واقعۂ معراج میں وارد ہوئی ہے لہٰذا ضروری ہو گیا کہ حدیث شریک کی منقولہ عبارت ’’ودنا الجبار رب العزۃ فتدلّٰی حتّٰی کان منہ قاب قوسین او ادنٰی‘‘ کو سورئہ النجم کی آیت ’’ثُمَّ دَنَا فَتَدَلّٰی فَکَانَ قَابَ قَوْسَیْنِ اَوْ اَدْنٰی‘‘ کی تفسیر قرار دیا جائے اور جس طرح حدیث شریک میں تینوں فعلوں کا فاعل جبار رب العزۃ ہے اسی طرح سورئہ النجم میں بھی ’’دَنَا فَتَدَلّٰی‘‘ اور ’’کَانَ‘‘ تینوں فعلوں کی ضمیریں رب العزۃ کی طرف لوٹائی جائیں۔ امام ابن حجر عسقلانی رحمۃ اللہ علیہ اسی حدیث شریک پر خطابی کے اعتراضات کے مسکت جوابات دیتے ہوئے ارقام فرماتے ہیں ’’وقد اخرج الاموی فی مغازیہ ومن طریق البیہقی عن محمد بن عمر وعن ابی سلمۃ عن ابن عباس فی قولہٖ تعالٰی ’’وَلَقَدْ رَاٰہُ نَزْلَۃً اُخْرٰی‘‘ قال دنا منہ ربہ وہٰذا سند حسن وہو شاہد قوی لروایۃ شریک۔‘‘ انتہیٰ (فتح الباری ج ۱۳ ص ۴۱۳) ’’اموی نے اپنے مغازی میں اخراج کیا اور بیہقی کے طریق سے محمد بن عمرو سے مروی ہے۔ وہ ابو سلمہ سے اور ابو سلمہ حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے راوی ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے قول ’’وَلَقَدْ رَاٰہُ نَزْلَۃً اُخْرٰی‘‘ کے بارے میں کلام کرتے ہوئے حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے فرمایا ’’نزدیک ہوا حضرت محمد ﷺ سے رب تعالیٰ ان کا‘‘ اور یہ سند حسن ہے اور یہ روایت شریک کے لئے شاہد قوی ہے۔ انتہیٰ کلامہ۔ آگے چل کر حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ خطابی کے ایک اور اعتراض کا جواب دیتے ہوئے فرماتے ہیں کہ خطابی کا یہ قول بھی درست نہیں کہ شریک نے تدلیٰ میں ثقات کی مخالفت کی ہے کیونکہ اس کی موافقت ذکر کر چکا ہوں۔
پھر فرماتے ہیں ’’وقد نقل القرطبی عن ابن عباس انہ قال دنی اللّٰہ سبحانہ وتعالٰی‘‘ (فتح الباری ج ۱۳ ص ۴۱۴) یعنی امام قرطبی نے حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے نقل کیا وہ فرماتے ہیں ’’اللہ تعالیٰ نزدیک ہوا‘‘ انتہیٰ کلامہٗ۔
الحمد للہ! اہل علم کے لئے یہ مسئلہ بالکل بے غبار ہو گیا اور بلا تشبیہ و تمثیل اللہ تعالیٰ کا اپنے حبیب ﷺ سے نزدیک ہونا اور زیادہ نزدیکی طلب فرمانا حتیٰ کہ قوسین کی مقدار یا اس سے بھی زیادہ نزدیک ہو جانا اچھی طرح ثابت ہو گیا اور سورہ النجم کی آیات واضح ہو گئیں۔
وہم کا منشا جن لوگوں کو حدیث شریک میں وہم ہوا ان کے وہم کا اصل منشا یہ ہے کہ ’’دنو‘‘ ’’تدلی‘‘ کو انہوں نے اللہ تعالیٰ کی شان کے لائق نہ جانا اس لئے وہم میں مبتلا ہو گئے۔ حالانکہ ’’دنو‘‘ اور ’’تدلی‘‘ بہ نسبت نبی کریم ﷺ ہے۔ اللہ تعالیٰ تمثیل و تشبیہ سے پاک ہے۔
پھر سمجھ میں نہیں آتا کہ معترضین حضرات نے صرف حدیث شریک ہی کو کیوں ہدف ملامت بنا لیا ہے حالانکہ دوسری متفق علیہ حدیثوں میں بھی اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایسے افعال کی اسناد وارد ہیں جو بلا تاویل اللہ تعالیٰ کی شان کے لائق نہیں ہو سکتے۔ دیکھئے حدیث میں وارد ہے ’’ینزل ربنا الی السماء‘‘ اور دوسری حدیث میں ہے ’’من تقرب منی شبرا تقربت منہ زراعا۔‘‘ اب بتایئے اللہ تعالیٰ کا آسمان کی طرف نازل ہونا اور بالشت بھر اور ہاتھ کے قریب ہونا بلاتاویل کیونکر صحیح ہو سکتا ہے اور اگر یہاں تاویل جائز ہے تو حدیث شریک میں کیوں ناجائز ہوئی۔
الحمدللہ! ہماری اس تقریر سے روایت شریک بالکل بے غبار ہو گئی اور اس میں کوئی خدشہ باقی نہیں رہا۔
لفظ معراج: معراج سیڑھی کو کہتے ہیں۔ ایک نورانی سیڑھی جس کی حقیقت اللہ تعالیٰ اور اس کا حبیب ﷺ بہتر جانتے ہیں حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے لئے قائم کی گئی۔ بعض روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ حضور ﷺ کو آسمانی معراج براق پر نہیں بلکہ سیڑھی پر ہوئی ہے۔ جیسا کہ ابن الحق نے روایت کیا اور امام بیہقی نے بھی دلائل النبوۃ میں روایت فرمایا۔ (زرقانی ج ۶ ص ۳۳)
فقیر راقم الحروف عرض کرتا ہے کہ اگر حضور ﷺ براق کی پشت پر سوار ہو کر سیڑھی پر صعود فرمائیں تو اس میں حضور سید عالم ﷺ کے لئے مزید اکرام ثابت ہوتا ہے۔ اس لئے براق اور سیڑھی دونوں کا ہونا امر بعید نہیں۔
تکرار شق صدر مبارک علامہ تلمسانی نے فرمایا کہ حضور ﷺ کا شق قلب مبارک دو مرتبہ ہوا۔ ایک مرتبہ جب حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام دائی حلیمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے پاس تھے بچپن کے زمانہ میں تاکہ حظ شیطانی نکل جائے اور دوسری مرتبہ اسراء کے وقت تاکہ عالم ملکوت بالخصوص دیدارِ الٰہی کے لئے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی قوت بالفعل ہو جائے۔ ملا علی قاری رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ ایک مرتبہ نزولِ قرآن کے قریب بھی شق صدر مبارک واقع ہوا۔ بعض نے کہا کہ بچپن میں قلب مبارک کا شق ہونا اس لئے تھا کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کا قلب اطہر قلوب انبیاء علیہم السلام کی مثل ہو جائے اور ایک مرتبہ لیلۃ المعراج میں تاکہ قلب انور قلوب ملائکہ کی طرح ہو جائے۔ ملا علی قاری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں میں کہتا ہوں کہ ایک مرتبہ حضور ﷺ کا شق صدر مبارک نزولِ وحی سے پہلے ہوا تاکہ قلب مبارک رسولوں کے دلوں کی طرح ہو جائے۔
قافلوں کی حدیثیں بیانِ سابق میں حدیث عیر (قافلہ) معالم التنزیل ج ۴ ص ۱۱۲ سے نقل کر چکا ہوں۔ یہ حدیث طبرانی، ابن مردویہ، بیہقی، ابن ابی حاتم، ابو نعیم وغیرہ نے بہت طول کے ساتھ روایت کی ہے۔ بعض مصنفین نے عدم تدبر کے باعث قافلوں کی حدیثوں میں تخالف سمجھا ہے لیکن دراصل کوئی تخالف نہیں۔ خاتمۃ المحدثین امام زرقانی رحمۃ اللہ علیہ زرقانی شریف ج ۶ ص ۱۲۶ پر فرماتے ہیں ’’ولا خلف لانہ مربعیرین بل بثلاثۃ فکان احدٰہا تاخرت۔‘‘ (مواہب اللدنیہ ج ۲ ص ۴۰)
یعنی احادیث ’’عیر‘‘ میں کوئی اختلاف نہیں کیونکہ حضور ﷺ دو نہیں بلکہ تین قافلوں سے گزرے۔ جن سے ایک قافلہ (جو حسب پیشین گوئی حضور ﷺ شام کو غروب شمس سے پہلے مکہ میں آنے والا تھا) پیچھے رہ گیا تھا (جس کی وجہ سے سورج روک دیا گیا اور جب تک وہ قافلہ مکہ معظمہ میں داخل نہ ہو گیا سورج غروب نہ ہوا)
تینوں قافلوں کا اجمالی تذکرہ امام زرقانی رحمۃ اللہ علیہ اس طرح فرماتے ہیں ’’وقد روی الطبرانی وابن مردویۃ عن ام ہانی قالوا اخبرنا عن عیرنا فقال اتیت علٰی عیر بنی فلان بالروحاء قد ضلوا ناقۃ لہم فانطلقوا فی طلبہا فانتہیت الٰی رحالہم فلیس بہا منہم احد واذا قدح ماء فشربت منہ ثم انتہیت الٰی عیر بنی فلان فیہا جمل علیہ غررتان غرارۃ سوداء وغرارۃ بیضاء فلما حاذیت العیر نفرت وصرع ذٰلک البعیر وانکسر ثم انتہیت الٰی عیر بنی فلان فی التنعیم یقدمہم جمل اورق علیہ مسح اسود وغرارتان سودا وان وہاہی ذہ تطلع علیکم من الثنیۃ فاستقبلوا الابل فقالوا ہل انکسر لکم ناقۃ حمراء قالوا نعم قالوا فہل کان عندکم قصعۃ من ماء فقال رجل انا واللّٰہ وضعتہا فما شربہا احد منا ولا اہریقت فی الارض۔‘‘(زرقانی ج ۶ ص ۱۲۶) ’’طبرانی اور ابن مردویہ نے حضرت ام ہانی رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت کیا ہے کہ قریش مکہ نے حضور ﷺ سے کہا (اگر آپ واقعی بیت المقدس سے ہو کر آئے ہیں تو) ہمارے قافلوں کا حال بتایئے۔ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا ایک قافلہ جو بنی فلاں کا تھا (حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے نام بتایا تھا، راوی کو نام یاد نہیں رہا) میں اس پر سے مقام روحا میں گزرا ان کی ایک اونٹنی گم ہو گئی تھی وہ لوگ اس کی تلاش میں گئے ہوئے تھے میں ان کے پالانوں اور سامان کی طرف آیا تو وہاں کوئی نہ تھا۔ پانی کا ایک پیالہ وہاں رکھا ہوا تھا میں نے اسے پی لیا۔ پھر اس کے بعد میں دوسرے قافلہ تک پہنچا جو بنی فلاں کا تھا (حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے نام بتایا تھا راوی کو یاد نہیں رہا) اور یہ قافلہ مقام ذی طویٰ میں تھا جیسا کہ تفسیر معالم التنزیل کے حوالہ سے بیان میں گزر چکا ہے یا مقام ذی مر میں جیسا کہ تفسیر مظہری پ ۱۵ ص ۶ پر مرقوم ہے۔ اس میں ایک اونٹ تھا جس پر دو بوریاں لدی ہوئی تھیں ایک سیاہ (دھاری دار) تھی اور دوسری سفید (دھاری دار) جب میں قافلہ سے ہو کر گزرا تو قافلہ میں ایک اونٹ بھاگا وہ گر پڑا اور اس کا پاؤں ٹوٹ گیا پھر میں تیسرے قافلے تک پہنچا جو مقام تنعیم میں ملا۔ وہ بنی فلاں کا قافلہ تھا اس قافلے کے آگے آگے ایک بھورے رنگ کا اونٹ چل رہا تھا۔ اس پر ایک سیاہ فام حبشی سوار ہے اور دو سیاہ (دھاری دار) بوریاں غلہ کی اس پر لدی ہوئی ہیں اور وہ بالکل قریب آ گیا ہے (کدیٰ کی پہاڑی سے) عنقریب طلوعِ شمس کے ساتھ چمکنے والا ہے (بیضاوی کشاف مظہری وغیرہ تفاسیر کے حوالہ سے گزر چکا ہے کہ قریش نے اسی قافلہ کے انتظار میں آدمی بٹھا دئیے تھے اور کچھ لوگ سورج کے انتظار میں مقرر کر دئیے گئے تھے۔ چنانچہ ایک طرف سے آواز آئی کہ سورج نکل آیا۔ فوراً دوسری طرف سے آواز آئی قافلہ آ گیا۔)‘‘
جس قافلہ کا اونٹ گم ہو گیا تھا اس کا واقعہ جو ابن ابی حاتم نے حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت کیا ہے اس میں یہ الفاظ بھی ہیں ’’قد اضلوا بعیرا لہم قد جمعہ فلان قال ﷺ فسلمت علیہم فقال بعضہم ہٰذا صوت محمد۔‘‘ (زرقانی ج ۶ ص ۱۲۶) ’’قافلہ والوں کا جو اونٹ گم ہو گیا تھا اسے فلاں شخص پکڑ کر لایا تھا (حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اس آدمی کا نام بتایا تھا راوی کو یاد نہیں رہا) حضور ﷺ نے فرمایا میں نے ان قافلہ والوں پر سلام کہا تو ان میں سے بعض نے کہا، یہ محمد کی آوازہے (صلی اللّٰہ تعالیٰ علیہ وآلہٖ وصحبہٖ وبارک وسلم)
حوالہ جات شب معراج قافلوں سے ملنے کی حدیثیں محدثین و مفسرین نے کہیں طول اور کہیں اختصار کے ساتھ مختلف عبارات میں نقل فرمائیں۔ جن کتابوں سے ان حدیثوں کو ہم نے اس مضمون میں اخذ کیا ہے ان کے نام مع حوالہ صفحات حسب ذیل ہیں (۱)تفسیر ابن جریر پ ۱۵ ص ۵ (۲)تفسیر ابن کثیر ج ۳ ص ۲۳ (۳)تفسیر بیضاوی ج ۱ ص ۴۷۴ (۴)تفسیر کشاف ج ۲ ص ۲۲۳ (۵)تفسیر معالم التنزیل ج ۴ ص ۱۱۲ (۶)تفسیر خازن ج ۴ ص ۱۱۲ (۷)تفسیر سراج منیر ج ۲ ص ۲۷۵ (۸)تفسیر مظہری پ ۱۵ ص ۶ (۹)تفسیر روح البیان ج ۵ ص ۱۲۷ (۱۰)تفسیر روح المعانی پ ۱۵ ص ۶ (۱۱)زرقانی شرح مواہب ج ۶ ص ۱۲۶ (۱۲)مواہب اللدنیہ ج ۲ ص ۴۰
ماحصل خلاصہ کلام یہ کہ یہ تین قافلے تھے۔ ایک کے متعلق حضور ﷺ نے فرمایا تھا کہ وہ سورج طلوع ہوتے ہی آ جائے گا چنانچہ ایسا ہی ہوا (تفسیر مظہری پ ۱۵ ص ۶)
دوسرے کے متعلق فرمایا تھا کہ وہ نصف النہار کے وقت آئے گا وہ حضور کے فرمان کے مطابق عین نصف النہار کے وقت آیا (مواہب اللدنیہ ج ۲ ص ۴۰)
تیسرے کی بابت ارشاد فرمایا تھا کہ وہ سورج غروب ہونے سے پہلے مکہ میں داخل ہو گا۔ جب سورج غروب کا وقت قریب آیا اور وہ قافلہ نہ پہنچا تو اللہ تعالیٰ نے سورج کو روک لیا یہاں تک کہ قافلہ مکہ معظمہ میں پہنچ گیا (مواہب اللدنیہ ج ۲ ص ۴۰)
ہر قافلہ کے متعلق حضور نبی کریم ﷺ نے جو نشانیاں بتائی تھیں جب وہ قافلے واپس آئے اور کفارِ مکہ نے ان سے دریافت کیا تو انہوں نے تصدیق کی اور حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بتائی ہوئی ایک ایک نشانی کو صحیح تسلیم کیا لیکن ایمان نہ لائے اور ’’معاذ اللّٰہ اِنْ ہٰذَا اِلَّا سِحْرٌ مُّبِیْنٌ‘‘ کہہ کر شقاوت ازلیہ کا ثبوت دیا۔(تفسیر مظہری وغیرہ)
بیت المقدس کا منکشف ہونا مسند امام احمد و دیگر کتب حدیث میں وارد ہے کہ جب مسجد اقصیٰ کا نقشہ بیان فرماتے ہوئے بتقاضائے حکمت حضور ﷺ کی توجہ ہٹی تو اللہ تعالیٰ نے ملک شام سے مسجد اقصیٰ کو ہٹا کر مکہ معظمہ میں حضرت عقیل بن ابی طالب کے گھر کے ساتھ رکھ دیا اور اس طرح عظمت محبوب کا اظہار فرمایا کہ مسجد اقصیٰ سے میرے حبیب ﷺ کی معمولی سی توجہ کا ہٹ جانا مسجد اقصیٰ کے اپنی جگہ سے ہٹ جانے کا موجب ہو سکتا ہے۔
اس مقام پر یہ شبہ درست نہیں کہ دیگر روایات میں ’’فجلی لی‘‘ یعنی میرے لئے بیت المقدس منکشف ہو گیا یا اس کے ہم معنی الفاظ بھی وارد ہوئے ہیں۔ لہٰذا تعارض ہو گیا کیونکہ تعارض اس وقت ہوتا ہے جب ایک بات دوسری بات کے منافی ہو اور ظاہر ہے کہ بیت المقدس کا منکشف ہونا اس کے دار عقیل بن ابی طالب کے پاس رکھے جانے کے منافی نہیں بلکہ اس کا لازم ہے۔ اس لئے کہ جو چیز کہیں سے لا کر ہمارے سامنے رکھی جائے گی وہ ضرور ہم پر منکشف ہو گی۔
جن لوگوں نے امام احمد کی روایت (یعنی مسجد اقصیٰ کے مکہ معظمہ میں لا کر رکھے جانے کی) تاویل کی اور اسے وجودِ مثالی یا صورتِ مثالیہ کے معنی میں لیا انہوں نے تدبر سے کام نہیں لیا۔
قلب مبارک میں آنکھیں اور کان حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے مبارک دل میں دو آنکھیں اور دو کان ایسے ہیں جنہیں ایک حدیث میں ’’تسمعان اور تبصران‘‘ سے تعبیر کیا گیا اور دارمی اور ابو نعیم کی روایت میں حضرت جبریل علیہ السلام کا یہ قول مروی ہے کہ ’’قلب وکیع فیہ عینان تبصران واذنان سمیعتان۔‘‘ یعنی حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کا قلب مبارک نہایت قوی ہے جس میں دو کان سمیع ہیں اور دو آنکھیں بصیر ہیں۔ (شرح شفا لعلی القاری جلد اول ص ۳۷۴)
جن کے دل میں کان اور آنکھیں سمیع و بصیر ہیں آج لوگ ان کے سمیع و بصیر ہونے میں تعجب کرتے ہیں۔ فیا للعجب۔
حکمت اور ضرورت بعض امور حکمت پر مبنی ہوتے ہیں لوگ انہیں ضرورت پر محمول کر کے غلطی میں پڑ جاتے ہیں۔ مثلاً شب معراج بطریق اور اس کے تمام عمال وغیرہ کی انتہائی کوششوں کے باوجود مسجد اقصیٰ کا دروازہ بند نہ ہو سکا۔ اب اگر کوئی یہ سمجھ لے کہ دروازہ کھلے رہنے کی ضرورت تھی۔ اگر بند ہو جاتا تو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام مسجد میں کیسے داخل ہوتے؟ تو اس کا یہ سمجھنا قطعاً غلط ہو گا اس لئے کہ اس وقت رسول اللہ ﷺ کے ساتھ جبریل علیہ السلام تھے اور ظاہر ہے کہ ان کے لئے پہاڑوں کا اٹھا لینا بھی کوئی دشوار نہیں۔ ایک بند دروازہ کا کھول لینا کیا مشکل ہو سکتا ہے؟ معلوم ہوا کہ دروازہ کا کھلا رہنا ضرورت کی وجہ سے نہیں تھا بلکہ اس حکمت کی بنا پر تھا کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے مسجد اقصیٰ تشریف لے جانے پر ایک عظمت والا نشان قائم ہو جائے۔ اسی طرح سفر معراج میں اکثر امور کے متعلق حضور ﷺ کا جبریل علیہ السلام سے دریافت فرمانا اور ان کا بتانا ضرورت کی بنا پر نہیں تھا بلکہ اس حکمت کی بنا پر تھا کہ وہ سوال و جواب مذکور ہو اور امت کو بھی ان امور کا علم ہو جائے۔ نیز یہ کہ اجنبی مقامات پر جانے والوں کے لئے یہ سوال و جواب کی سنت قائم ہو جائے اور اس کے طرق و آداب متعین اور مشروع ہو جائیں۔
معراج جسمانی پر تبصرہ بیان سابق میں ناظرین کرام پڑھ چکے ہیں کہ قرآن کریم میں آیت اسراء کا پہلا جملہ ’’سُبْحٰنَ الَّذِیْ اَسْرٰی بِعَبْدِہٖ‘‘ معراج جسمانی کی دو دلیلوں پر مشتمل ہے ایک ’’سبحان‘‘ دوسرا ’’عبد‘‘ جس کی تفصیل بیان ہو چکی ہے۔ علاوہ ازیں یہ حقیقت چھپائی نہیں جا سکتی کہ مشرکین مکہ نے جو واقعہ معراج کا انکار کیا اور اس پر تمسخر اڑایا یہ بھی معراجِ جسمانی کی دلیل ہے۔ کیونکہ اگر حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام خواب دیکھنے کا ذکر فرماتے تو اس پر نہ کسی کو تعجب ہو سکتا تھا نہ تمسخر اور انکار کے لئے کوئی گنجائش ہو سکتی تھی۔ یہ بھی عظمت رسول کا چمکتا ہوا نشان ہے کہ دشمنوں کا انکار اور تمسخر بھی حضور ﷺ کے ایک بہت بڑے کمال یعنی معراج جسمانی کی دلیل بن گیا۔
سفر معراج کی تمثیل یہ تمام عالم کارخانۂ قدرت ہے۔ اللہ تعالیٰ اس کا مالک حقیقی ہے اور حضرت محمد رسول اللہ ﷺ اللہ تعالیٰ کے محبوب، اگر کوئی شخص کسی بڑے کارخانے کا مالک ہو جس میں ہر قسم کی مشینری لگی ہوئی ہو اور اس سے ہر قسم کا کام ہو رہا ہو کہیں کپاس سے بنولے نکل رہے ہوں کہیں روئی دھنی جا رہی ہو کسی مشین میں سوت کاتا جا رہا ہو اور کسی میں کپڑا بنا جا رہا ہو کسی حصہ میں آٹا پس رہا ہو اور کارخانہ تیزی سے چل رہا ہو ہر مشین کا ہر پرزہ اپنا کام کر رہا ہو کہ یکایک مالک کا محبوب مالک کے بلانے پر آ جائے اور اس وقت مالک حکم دے کہ میرے محبوب کے اعزاز میں کارخانہ بند کر دیا جائے اور اسی وقت کارخانہ بند ہو جائے تو ظاہر ہے کہ ہر مشین اسی وقت بند ہو جائے گی اور سارا کام یک دم رک جائے گا۔ کارخانہ بند ہوتے وقت جتنے بنولے کپاس سے نکل کر نیچے گر چکے تھے وہ اسی طرح پڑے رہیں گے اور جو کپاس کے اندر تھے وہ اس کے اندر ہی رہیں گے بنولہ کا جو دانہ کچھ نکل چکا تھا اور کچھ باقی تھا وہ اسی حال میں ٹھہرا رہے گا۔ روئی، سوت، آٹا اور دانہ ہر چیز اپنے حال پر ٹھہری رہے گی۔ اگر وہ کارخانہ ہزار برس بھی بند پڑا رہے تو بھی کوئی چیز اسے اس حال سے نہ بدلے گی اور جب کارخانہ دوبارہ چالو ہو گا تو پھر ہر چیز اپنے حسب حال تغیر پذیر ہونے لگے گی جو دانہ درمیان میں ٹھہرا ہوا تھا وہ نیچے گرنے لگے گا۔ سوت کا جو تار ایک مقام پر ٹھہرا ہوا تھا آگے بڑھنے لگے گا۔ روئی کا جو حصہ درمیان میں رکا ہوا تھا باہر آنے لگے گا۔ بالکل اسی طرح شب معراج جب اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب ﷺ کو بلایا تو اس کارخانۂ عالم کو یک دم بند کر دیا سوائے اپنے حبیب ﷺ کے اور ان چیزوں کے جنہیں حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے متحرک پایا۔ تمام کائنات کو اسی طرح ٹھہرا دیا جس طرح کارخانہ بند ہونے سے اس کی ہر چیز ٹھہر جاتی ہے۔ چاند اپنی جگہ ٹھہر گیا سورج اپنی جگہ رک گیا۔ زمانے اور زمانیات کی حرکت بند ہو گئی( سوائے ان کے جن کا استثناء ہم عرض کر چکے ہیں) حرارت و برودت اسی درجہ پر ٹھہر گئی جس پر وہ بند ہوتے وقت پہنچی تھی۔ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے بستر مبارک کی حرارت بھی ٹھہر گئی تھی جہاں وضو فرمایا تھا وہاں وضو شریف کا پانی بہنا بند ہو گیا۔ حجرہ شریف کی زنجیر مبارک ہلتے ہوئے جس جگہ پہنچی تھی وہیں رک گئی۔ جب حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام واپس تشریف لائے تو کارخانۂ قدرت بحکم مالک حقیقی فوراً چالو ہو گیا اور ہر چیز از سر نو اپنے مراحل کو طے کرنے لگی۔ چاند سورج اپنے اپنے منازل پر چلنے لگے۔ حرارت و برودت اپنے درجات طے کرنے لگی جو چیزیں حرکت سے سکون میں آ گئی تھیں مائل بہ حرکت ہونے لگیں۔ وضو شریف کا پانی بہنے لگا۔ (روح المعانی پ ۱۵ ص ۱۲، روح البیان جلد ۵ ص ۱۲۵)
بستر مبارک کی حرارت اپنے درجات طے کرنے لگی حجرہ شریف کی زنجیر مبارک ہلنے لگی۔ کائنات میں نہ کوئی تغیر آیا اور نہ کسی کو احساس ہوا کیونکہ تغیر اور احساس دونوں حرکت کے بغیر ناممکن ہیں اور حرکت کا وجود ہی نہ تھا تو احساس و تغیر کیسے ہوتا؟
معراج پر لوگوں کا تعجب لوگ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے آسمانوں پر جانے سے تعجب کرتے ہیں اور مجھے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے واپس آنے پر تعجب ہے کیونکہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی اصل نور ہے اور قاعدہ ہے کہ ’’کل شیء یرجع الٰی اصلہٖ‘‘ میرا تو مسلک ہے کہ اگر حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے زمین پر جلوہ افروز ہونے سے اللہ تعالیٰ کی حکمتیں متعلق نہ ہوتیں تو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام آسمانوں پر ہی رہتے لیکن اللہ جل شانہٗ نے عالم اجسام کو فیضیاب کرنے کے لئے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کو جسمانیت عطا فرمائی اور ایک مدت معینہ تک ظاہری طور پر اس عالم ناسوت میں جلوہ گر رکھا۔
معراجِ جسمانی اور بشریت جو لوگ حضور ﷺ کے کھانے پینے، چلنے پھرنے و دیگر اوصافِ بشریت کو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے نور ہونے کی نفی میں بطور دلیل پیش کرتے ہیں انہیں غور کرنا چاہئے کہ جس طرح کھانا پینا وغیرہ ان کے نزدیک حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے نور نہ ہونے کی دلیل ہے اسی طرح تمام عالم عناصر سے اوپر جانا زمین کے بغیر ٹھہرا رہنا، ہوا اور سانس کا محتاج نہ ہونا، کرئہ نار سے صحیح سالم گزر جانا اور آن کی آن میں مسجد حرام سے مسجد اقصیٰ اور آسمانوں پر جا کر واپس آ جانا ان ہی کے اصول پر بشر نہ ہونے کی دلیل ہو سکتا ہے کیونکہ جس طرح نور کا کھانا پینا ناممکن ہے اسی طرح بشر کا آسمانوں پر جانا ہوا کے بغیر زندہ رہنا، آگ سے صحیح سالم گزر جانا، ایک آن میں آسمانوں پر جا کر واپس آجانا بھی ناممکن ہے۔ معلوم ہوا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب ﷺ کو بشریت بھی عطا فرمائی ہے اور نورانیت بھی۔ عالم بشریت میں ظہور بشریت کا غلبہ ہے اور عالم انوار میں ظہور نورانیت کا۔
حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی ذاتِ مقدسہ ایک مستقل معجزہ ہے معجزہ کے معنی یہ ہیں ک نبی کے دعوائے نبوت کے ساتھ اس کی ذات سے ایسے کام یا صفت کا ظاہر ہونا جو عادت کے خلاف ہو اور مخلوقات میں سے کوئی شخص ایسا کام نبی کا مد مقابل ہو کر نہ کر سکے۔ اسے معجزہ اس لئے کہتے ہیں کہ وہ صفت مد مقابل کو نبی کے سامنے عاجز کر دیتی ہے۔ جب تک کوئی کام خلافِ عادت نہ ہو تو معجزہ نہیں ہو سکتا۔ مثلاً انسان اور بشر کے لئے اللہ تعالیٰ نے یہ عادت جاری فرمائی ہے کہ وہ زمین پر ٹھہرے گا۔ ہوا میں سانس لے کر زندہ رہے گا۔ جسمانی اور مادی غذا کے بغیر زندہ نہ رہے گا۔ وہ زمین پر ہی چلے گا، آسمانوں پر جانا اس کے لئے خرق عادت اور خلافِ عادت ہے۔
اسی طرح نورانی مخلوق کے لئے اللہ تعالیٰ نے یہ عادت مقرر فرمائی ہے کہ وہ چشم زدن میں آسمانوں سے زمینوں پر آئے اور آنِ واحد میں زمینوں سے آسمانوں پر جائے۔ مادی غذا گوشت، روٹی وغیرہ نہ کھائے۔ پانی پینا اور ہوا میں سانس لینا، نورانی مخلوق کی عادت نہیں۔ نوری شخص آگ، پانی، ہوا، مٹی کے بغیر بھی زندہ رہے گا۔ اس کے لئے زمین پر چلنا، روٹی کھانا،پانی پینا، ہوا میں سانس لینا سب خرق عادت، خلافِ عادت ہے۔
حضور سید عالم ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے بشریت بھی عطا فرمائی اور نورانیت بھی۔ آیت قرآنیہ ’’قُلْ اِنَّمَا اَنَا بَشَرٌ مِّثْلُکُمْ‘‘ اور ’’فانا بشر‘‘ حضور ﷺ کی بشریت کی دلیل ہے اور آیت قرآنیہ ’’قَدْ جَائَ کُمْ مِّنَ اللّٰہِ نُوْرٌ‘‘ اور حدیث پاک ’’اللّٰہم اجعلنی نورا‘‘ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی نورانیت کی دلیل ہے۔ جب دونوں صفتیں حضور ﷺ میں ثابت ہوئیں تو یہ امر بھی ثابت ہو گیا کہ جس طرح آسمانوں پر تشریف لے جانا، مادی غذا کھانے پینے اور ہوا کے بغیر حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کا زندہ رہنا حضور ﷺ کی بشریت مطہرہ کے لئے خرقِ عادت ہونے کے باعث بہت بڑا کمال اور عظیم الشان معجزہ ہے بالکل اسی طرح حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کا کھانا پینا، چلنا پھرنا اور دیگر اوصاف بشریت کا ذات مقدسہ میں پایا جانا حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی نورانیت کے لئے خرق عادت ہونے کی وجہ سے معجزہ ہے۔
خلاصہ یہ کہ نورانی اوصاف بشریت کے اعتبار سے معجزہ ہیں اور بشری اوصاف نورانیت کے لحاظ سے معجزہ ہیں اور آقائے نامدار ﷺ کی ذات پاک بشریت اور نورانیت کی جامع ہونے کی وجہ سے سراپا معجزہ ہے۔
ایام طفولیت مبارکہ میں شق صدر کے بعد سینۂ اقدس کو ٹانکے لگائے گئے صحیح مسلم جلد اول ص ۹۲ پر حضرت انس سے مروی ہے کہ حضور ﷺ بچوں کے ساتھ (اپنی شان کے لائق) کھیل رہے تھے جبریل علیہ السلام آئے اور انہوں نے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کو زمین پر لٹا کر سینۂ اقدس چاک کیا۔ قلب مبارک کو باہر نکال کر اس سے منجمد خون نکالا اور زمزم کے پانی سے دھو کر سینۂ اقدس میں رکھ کر سینۂ مبارک بند کر دیا۔ وہ بچے (جن کے ساتھ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کھیل رہے تھے) بھاگے ہوئے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی رضاعی ماں (حلیمہ سعدیہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا) کے پاس آئے اور کہنے لگے ’’ان محمد قد قتل‘‘ محمد ﷺ قتل کر دئیے گئے۔ لوگ دوڑے ہوئے آئے تو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کا رنگ مبارک بدلا ہوا تھا حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ میں حضور ﷺ کے سینۂ اقدس میں سوئی (سے سیئے جانے) کا نشان دیکھتا تھا۔ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ شق صدر مبارک کے متعلق روحانی، کشفی، منامی وغیرہ کی تمام تاویلات قطعاً باطل ہیں بلکہ یہ ’’شق‘‘ اور چاک کیا جانا حسی، حقیقی اور امر واقعی ہے کیونکہ سینۂ اقدس میں سوئی سے سیئے جانے کا نشان چمکتا ہوا نظر آتا تھا پھر حدیث پاک میں صاف الفاظ موجود ہیں کہ جب حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کا سینۂ اقدس چاک کیا گیا تو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ساتھ کھیلنے والے لڑکے دوڑے ہوئے حضور کی رضاعی ماں (حلیمہ سعدیہ) کے پاس آئے اور کہا کہ محمد (ﷺ) قتل کر دئیے گئے۔ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے سینۂ مبارک کے چاک ہونے اور قلب اطہر کے نکالے جانے اور اس سے منجمد خون کے باہر نکالے جانے کا واضح ذکر اور حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے متغیر اللون ہونے کا بیان اس حقیقت کو بے نقاب کر رہا ہے کہ یہ واقعہ بالکل حسی ہے اس کو معنوی کہنا کسی طرح درست نہیں ہو سکتا۔ اس تفصیل کو ذہن نشین کر لینے کے بعد بیان سابق میں ہمارا یہ قول بالکل بے غبار ہو جاتا ہے کہ شق صدر مبارک بچپن میں ہو یا جوانی میں، عند البعثت ہو یا بوقت معراج حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے بعد وفات حیاتِ حقیقی کے ساتھ زندہ رہنے کی قوی دلیل ہے کیونکہ انسان کا دل اس کی روح حیات کا مستقر ہوتا ہے اس کا سینے سے باہر آجانا روح حیات کا بدن سے نکل جانا ہے۔ گویا اس واقعہ میں یہ اشارہ ہے کہ جس طرح قلب مبارک کے سینۂ اقدس سے باہر ہو جانے کے باوجود حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام زندہ ہیں اسی طرح وہ روحِ مقدس کے قبض ہو جانے کے بعد بھی زندہ رہیں گے اور یہ واقعہ حضور ﷺ کے عظیم ترین معجزات میں سے ہے۔