ان کے علاوہ بکثرت عبارات ہمارے پیش نظر ہیں جن میں حضرت ماعز بن مالک رضی اللہ عنہ کے حق میں ثنائے حسن کے کلمات اور عبارات وارد ہیں۔ اختصار کے پیشِ نظر ہم نے انہیں نقل نہیں کیا اس کے باوجود بھی اگر کوئی دریدہ دہن حضرت ماعز بن مالک رضی اللہ عنہ کو غنڈہ یا کٹر منافق کہتا ہے تو یقینا وہ اس آیت کریمہ کا مصداق ہے۔ وَمَنْ یُّشَاقِقِ الرَّسُوْلَ مِنْ م بَعْدِ مَاتَبَیَّنَ لَہُ الْہُدٰی وَ یَتَّبِعْ غَیْرَ سَبِیْلِ الْمُؤْمِنِیْنَ نُوَلِّہٖ مَاتَوَلّٰی وَنُصْلِہٖ جَہَنَّمَ وَسَآئَ تْ مَصِیْرًا مضمون نویس نے رجم کو زِنا کی بجائے محاربہ کی سزا ثابت کرنے کے لئے بہت ہاتھ پاؤں مارے لیکن اس کا نتیجہ ناکامی کے سوا کچھ نہ نکلا۔ سنت ثابتہ کے خلاف اپنے زعم باطل میں جس روایت کا سہارا لیا ناکام رہا۔ اس نے دیکھا کہ ایسے لوگوں کا رجم کیا جانا بھی ثابت ہے جنہیں محاربہ کا مجرم ثابت کرنا کسی طرح ممکن نہیں تو ایسے مجرم کو زِنا بالجبر کے مجرم سے تعبیر کرکے اسے محاربہ اور ’’فساد فی الارض‘‘ کے مجرم کے قبیل سے ٹھہرادیا تاکہ اس کا رجم بھی جرم زِنا کی بجائے محاربہ ہی کی سزا قرار پائے اور اس طرح زانی محصن کو رجم سے بچالیا جائے چنانچہ اسی مقصد کے لئے مضمون نویس نے ایک سرخی جمائی کہ ’’زِنا بالجبر کے مجرم کو رجم کی سزا‘‘ اور اس کے تحت لکھا۔ ’’زِنا بالجبر کا جرم بھی اپنی نوعیت کے لحاظ سے محاربہ اور فساد فی الارض ہی کے قبیل سے ہے اس وجہ سے نبیﷺ نے اس کے مرتکب کو مجرد زِنا کی سزا یعنی سو کوڑے کی بجائے مائدہ کی آیت محاربہ کے تحت رجم ہی کی سزا دی ہے۔‘‘ مقدمہ کی نوعیت یہ ہے کہ نماز کے ارادہ سے جاتی ہوئی ایک خاتون کو دیکھ کر ایک شخص نفسانی خواہش کے غلبہ سے ایسا مغلوب ہوا کہ اس کی عقل ماری گئی اور اسی حال میں اس نے زبردستی فعل زِنا کا ارتکاب کرلیا اس کے بعد جب اس نے دیکھا کہ میری بجائے ایک بے گناہ کو رجم کرنے کا حکم دیدیا گیا تو اس پر خوفِ خداوندی اور خشیت الٰہیہ کا حال ایسا غالب ہوا کہ اس نے اپنے آپ کو خود بخود سنگسار کئے جانے کے لئے پیش کردیا۔ پہلے شخص کے حق میں حضورﷺ نے کلماتِ خیر فرمائے۔ اس لئے کہ اس نے بے گناہ ہونے کے باوجود اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کے حکم کے سامنے اپنا سر جھکا دیا اور اس دوسرے شخص (اصل مجرم) کا ایک بے گناہ کو بچانے کے لئے خود بخود اپنے جرم کا اعتراف کرکے رجم کی ہولناک سزا کو بطیب خاطر قبول کرلینا یقینا پسندیدہ تھا لیکن زبانِ رسالت سے اس کے حق میں کلماتِ خیر ادا ہونے میں اس کا جرم مانع رہا۔ بے شک اس سے زِنا کا جرم سرزد ہوا جس کی سزا حد رجم نافذ کرکے اسے دی گئی لیکن اسے محاربہ اور ’’فساد فی الارض‘‘ کا مجرم قرار دے کر یہ کہنا کہ اسے آیت محاربہ کے تحت سزا دی گئی انتہائی مضحکہ خیز ہے۔ اس واقعہ کی اصل حقیقت یہ ہے کہ اچانک شیطانی غلبہ کی وجہ سے زبردستی فعل قبیح کا مرتکب ہوکر اس نے خشیتِ الٰہیہ کو اپنے دِل میں محسوس کیا اور خودبخود اپنے جرم کا اعتراف کرکے ایک بے گناہ کو بچالیا اور خود سنگسار ہوگیا وہ کسی جرم محاربہ کا مجرم نہ تھا۔ محاربہ اور فساد فی الارض کے کسی مجرم سے یہ توقع نہیں کی جاسکتی کہ وہ خودبخود اپنے جرم کا اعتراف کرکے سنگسار ہونے کو قبول کرلے۔ رہا یہ امر کہ حضورﷺ نے اس کے شادی شدہ ہونے کی تحقیق بھی نہیں فرمائی تو اس سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ اس کے شادی شدہ ہونے کا حال رسول اللہﷺ پر مخفی تھا۔ کیا یہ ممکن نہیں کہ حضورﷺ جانتے ہوں کہ یہ شادی شدہ ہے۔ ایسی صورت میں تحقیق کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیوں کہ سنت ثابتہ اور احادیث نبویہ سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے رجم محصن کی سزا ہے۔ اس لئے ثابت ہوگیا کہ اس کا محصن ہونا حضورﷺ پر ظاہر تھا علاوہ ازیں تحقیق کا ذِکر روایت میں مذکور نہ ہونا اس بات کی دلیل نہیں کہ حضورﷺ نے تحقیق نہیں فرمائی کیوں کہ عدم ذِکر عدم وجود کو مستلزم نہیں۔ اس کے بعد مضمون نویس نے غامدیہ کے واقعہ پر کلام کرتے ہوئے کہا کہ ماعز کے بعد رجم کئے جانے کا دوسرا اہم واقعہ غامدیہ کا ہے اگرچہ شارحین حدیث نے غامدیہ اور جہینیہ کے الگ الگ وجود کی صراحت بھی کی ہے اور مضمون نویس نے غامدیہ اور جہینیہ کو ایک ہی سمجھا جس کے باعث غلط فہمی کا شکار ہوا۔ لیکن ہم اس سے قطع نظر کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ اس واقعہ میں بھی قطعاً کوئی تعارض نہیں۔ غامدیہ کے بارے میں جو روایات کتب حدیث میں وارد ہیں ان میں قطعاً کوئی تعارض اور تناقض نہیں۔ لیکن مضمون نویس یہاں بھی تعارض و تناقض کے چکر میں مبتلا ہے۔ بلا دلیل محض اپنی بات کی پچ پر اڑا ہوا ہے۔ مانتا ہے کہ غامدیہ کے بارے میں تفصیلات نہیں پائی جاتیں لیکن پھر بھی غامدیہ کو آیت محاربہ کا مصداق بنا رہا ہے۔ دلیل میں صرف یہ کہتا ہے کہ حضور کا اسے رجم فرمانا اس بات کی دلیل ہے کہ وہ بھی محاربہ کی سزا میں رجم کی گئی۔ اہلِ علم جانتے ہیں کہ مضمون نویس کا یہ طرزِ عمل کتنی بڑی جسارت اور ہٹ دھرمی ہے۔ خود مضمون نویس نے جو حدیث غامدیہ کے بارے میں نقل کی ہے اسی سے حقیقت حال واضح ہے۔ دیکھئے مضمون نویس لکھتا ہے ’’بعض روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ نبیﷺ نے شروع میں اسے ٹالنے کی کوشش کی لیکن یہ اپنے اصرار پر مصر رہی تو آپ نے فرمایا اچھا نہیں مانتی تو جا وضع حمل کے بعد آئیو۔‘‘ حمل سے فارغ ہوکر وہ بچے کے ساتھ آئی تو آپ نے فرمایا جا اور اس کو دودھ پلا۔ دودھ چھڑانے کے بعد آئیو۔ پھر وہ دودھ چھڑانے کے بعد آئی اس کے بعد ہاتھ میں روٹی کا ایک ٹکڑا تھا جو اس نے کھلا کر حضور کو دکھایا۔ تب آپ نے اس کے رجم کا حکم صادر فرمایا۔ اصل بات یہ ہے کہ ایک واقعہ جب متعدد بار بیان کیا جائے تو ضروری نہیں کہ ہر بیان میں اس واقعہ کے تمام اجزاء مذکور ہو جائیں۔ اکثر و بیشتر ایسا ہوتا ہے کہ ایک واقعہ کئی دفعہ بیان کرنے میں کسی مرتبہ اس واقعہ کا کوئی جزو بیان ہوجاتا ہے اور کسی مرتبہ کوئی جزو مذکور نہیں ہوتا۔ قرآن مجید میں کئی انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام کے واقعات بار بار بیان ہوئے ہیں۔ ہر مکرر بیان میں یہ حقیقت آفتاب سے زیادہ چمکتی ہوئی نظر آتی ہے۔ منکرین حدیث بھی مانتے ہیں کہ قرآن مجید اللہ تعالیٰ کا کلام ہے۔ جس مقدس کلام میں یہ واقعات مکرر بیان ہوئے اس کلام کا متکلم واحد، حقیقی معبود برحق اللہ تعالیٰ ہے۔ جب ایک متکلم رب کریم کے بیان میں اجزاء واقعہ کے ذِکر کی کمی بیشی حقیقت ثابتہ ہے تو جب اس کے کئی بندے ایک واقعہ کی الگ الگ روایت کریں تو ان کی متعدد روایات میں کسی واقعہ کے بعض اجزاء کا ذِکر اور بعض اجزاء کا عدم ذِکر کیوں صحیح نہیں ہوسکتا ؟ مضمون نویس اس غلط فہمی کا شکار ہے کہ اگر کسی روایت میں ایک واقعہ کا ایک جزء مذکور ہے اور دوسری روایت میں وہ جزء مذکور نہیں تو دونوں روایتیں آپس میں متناقض اور متعارض ہوگئیں اس کا یہ سمجھنا لاعلمی پر مبنی ہے ورنہ بقول مضمون نویس قرآن مجید میں بکثرت تعارض اور تناقض پیدا ہوجائے گا۔ تعارض اور تناقض کا مفہوم تو یہ ہے کہ ایک قول میں جس بات کی نفی کی گئی ہے دوسرے قول میں اسی کا اثبات ہو مثلاً آدم ں کے واقعہ میں ’’اُسْجُدُوْا لِاٰدَمَ‘‘ وارد ہے دوسری جگہ ’’لَاتَسْجُدُوْا‘‘ ہوتا تو یقینا تعارض ہوتا یا مثلاً موسیٰ علیہ السلام کے واقعہ میں ایک جگہ مذکور ہے ’’وَاَلْقَی الْاَلْوَاحَ‘‘ موسیٰ علیہ السلام نے تختیاں ڈال دیں۔ یہ موسیٰ علیہ السلام کے قصہ کا ایک جزء ہے پھر قرآن مجید میں دوسری جگہ موسیٰ علیہ السلام کا قصہ بیان ہوا ہے لیکن وہاں موسیٰ علیہ السلام کے تختیاں ڈال دینے کا کوئی ذِکر نہیں اب اگر کوئی کج فہم اسے تناقض اور تعارض کہہ دے تو اس جیسا احمق کون ہوگا؟ حضرت ماعز کے واقعہ کی روایات ہوں یا غامدیہ کی۔ سب کی نوعیت یہی ہے جسے مضمون نگار تعارض اور تناقض قرار دے رہا ہے مثلاً غامدیہ کے واقعہ رجم کی کسی روایت میں یہ مذکور نہیں ہوا کہ اس کے بچے کی پرورش کسی نے اپنے ذمہ لے لی اور کسی روایت میں یہ مذکور ہے کہ ایک انصاری کھڑا ہوا اور اس نے کہا یا رسول اللہ! اس بچے کی پرورش میرے ذمہ ہے۔ مضمون نویس نے اس کو تناقض سمجھ لیا۔ تناقض تو جب ہوتا کہ جب ایک واقعہ میں رجل انصاری کے کھڑے ہونے اور بچے کی پرورش اپنے ذمہ لینے کی نفی صریح مذکور ہوتی تو یقینا یہ نفی دوسری روایت میں اس کے ثبوت سے متعارض قرار پاتی لیکن ایسا نہیں پھر محض عدم ذِکر کی بناء پر تعارض کا قول کرنا قرآن مجید میں بھی تعارض ثابت کرنے کے مترادف ہے۔ منکرین حدیث اسی نظریہ کی بنیاد پر سادہ لوح مسلمانوں کو بہکانے کی کوشش کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ قرآن مجید میں زکوٰۃ کی کوئی مقدار موجود نہیں، نمازوں کی تعداد اور رکعتوں کا شمار قرآن مجید میں وارد نہیں۔ علیٰ ہذا القیاس احادیث صحیحہ سے بکثرت احکام شرعیہ ثابت ہیں۔ ان سب کو قرآن کا معارض اور متناقض قرار دے کر مسلمانوں کو گمراہ کرتے ہیں۔ مضمون نویس نے یہاں بھی یہی حربہ استعمال کیا جس کا بطلان دلائل کی روشنی میں ہم نے واضح کردیا۔ آگے چل کر مضمون نویس نے لکھا کہ غامدیہ کے بارے میں جو روایات ملتی ہیں ان سے نہ اس کے کردار کا پتہ چلتا ہے نہ یہ معلوم ہوتا ہے کہ وہ شادی شدہ تھی۔ نبیﷺ نے چونکہ اسے رجم کی سزا دی اسی وجہ سے ہم یہ سمجھنے میں حق بجانب ہیں کہ اس کے واقعہ کی نوعیت بھی ماعز کے واقعہ کی ہے۔ میں عرض کروں گا کہ جب غامدیہ کے کردار کا آپ کو کچھ علم نہیں تو ’’رجماً بالغیب‘‘ اس واقعہ کی نوعیت کو حضرت ماعز کے (اپنے من گھڑت اور فرضی) واقعہ پر کیوں قیاس کیا۔ محض اس لئے کہ حضورﷺ نے اسے رجم فرمایا تو رجم دلائل شرعیہ کی روشنی میں صرف زِنا بعدالاحصان کی دلیل ہے۔ اسے جرائم محاربہ کی دلیل بنانا محض غلط اور بے بنیاد بلکہ مصادرہ علی المطلوب ہے۔ مضمون نویس اب تک تو جرائم محاربہ کو رجم کی دلیل بتاتا رہا۔ اب اس نے رجم ہی کو جرائم محاربہ کی دلیل قرار دیدیا۔ اس کے بعد مضمون نویس لکھتا ہے کہ ’’روایات کے مطالعہ سے بیان کا یہ تناقض ہی سامنے نہیں آتا یہ بات بھی معلوم ہوتی ہے کہ یہ کوئی آزاد قسم کی عورت تھی، اس کا نہ کوئی شوہر تھا نہ سرپرست، جو اس کے کسی معاملہ کی ذمہ داری اٹھانے کے لئے تیار ہوتا۔‘‘ مضمون نویس نے تہیہ کرلیا ہے کہ جو من گھڑت بات اس کے ذہن میں آئے گی اسی کو دلیل بنادے گا۔ میں پوچھتا ہوں کہ ولی وارث نہ ہونے کی وجہ سے کیا ضروری ہے کہ وہ مضمون نویس کے (فرضی) ماعز کی طرح بدکردار ہو۔ غامدیہ کے بارے میں ہمارا مؤقف یہ ہے کہ اس سے گناہ ضرور سرزد ہوا لیکن وہ بدکردار نہ تھی۔ جس کی دلیل یہ ہے کہ اس نے بارگاہِ نبوت میں حاضر ہوکر اپنے جرم کا خود اقرار کیا اور عرض کیا ’’فطہرنی‘‘ حضور مجھے پاک کردیں اس کے باوجود حضور نبی کریمﷺ نے اسے لوٹادیا۔ وہ پھر دوسرے دِن حاضر ہوئی عرض کیا یا رسول اللہ! آپ نے مجھے لوٹایا۔ ’’لعلک ترید ان تردنی کما رددت ما عزا فو اللّٰہ انی لحبلی‘‘ حضور! شاید آپ مجھے اسی طرح واپس لوٹانا چاہتے ہیں جیسا کہ آپ نے ماعز کو لوٹادیا تھا۔ خدا کی قسم میں تو حاملہ ہوں۔ حضور کریم علیہ الصلٰوۃ والسلام نے فرمایا اچھا اگر تو نہیں مانتی تو بچہ پیدا ہونے تک تو چلی جا۔ ولادت کے بعد وہ بچہ کو لیکر پھر حاضر ہوئی۔ فرمایا۔ جا اسے دودھ پلا یہاں تک کہ اس کا دودھ چھڑا دے۔ جب اس نے مدت رضاعت پوری کرکے بچے کا دودھ چھڑا دیا تو بچے کو اس حال میں لیکر حاضر ہوئی کہ اس کے ہاتھ میں روٹی کا ٹکڑا تھا۔ پھر عرض کیا اے اللہ کے نبی! میں نے اس کا دودھ چھڑا دیا اور اب یہ کھانا کھانے لگا ہے۔ حضور نبی کریمﷺ نے وہ بچہ ایک مسلمان آدمی کو دیکر اسے رجم کیے جانے کا حکم صادر فرمایا۔ دورانِ رجم اس کا خون حضرت خالد کے چہرے پر پڑا تو حضرت خالد نے اس کو برا کہا۔ حضور کریم علیہ الصلٰوۃ والسلام نے ان کا قول سن کر فرمایا خالد ٹھہرو! اسے برا نہ کہو خدا کی قسم اس نے ایسی توبہ کی ہے کہ اگر رشوت خور بھی ایسی توبہ کرے تو اس کی بخشش ہوجائیگی۔ ’’ثم امربہا فصلی علیہا ودفنت‘‘ پھر حضور کریمﷺ کے حکم سے اس کے جنازہ کی نماز پڑھی گئی اور دفن کی گئی۔ سوچئے: ایسی عورت بدکار اور بدقماش ہوسکتی ہے؟ مضمون نویس آگے چل کر لکھتا ہے ’’آنحضرت ﷺ کے زمانے میں رجم کے ایک آدھ اور واقعات جو پیش آئے ان کی تفصیلات روایات میں نہیں ملتیں اگر ان کی صحیح نوعیت معلوم ہوسکتی تو ان شاء اللہ یہ بات واضح ہوجاتی کہ ان کی نوعیت بھی وہی ہے جو ماعز کے واقعہ کی ہے۔‘‘ میں عرض کروں گا کہ مضمون نویس نے اپنے من گھڑت نظریئے کے بالمقابل کتاب و سنت کے نصوص، اجماع امت اور سبیل مومنین سب کو یکسر نظر انداز کردیا۔ بلا دلیل بلکہ ادلۂ شرعیہ کے خلاف اپنی ضد پر اڑا ہوا ہے جس کا مدلل ابطال ہم نے ناظرین کے سامنے پیش کردیا ہے۔ مضمون نویس کی آخری سطور اس کے من گھڑت نظریئے اور اس کے زعم فاسد کا نچوڑ ہیں جس کے اثبات کے لئے اس نے اپنی پور طاقت صرف کردی اور ہر مرحلہ پر اسے ناکامی اور نامرادی کا منہ دیکھنا پڑا۔ مضمون نویس کا مؤقف یہ ہے کہ اس نے رجم کے ہر پیش آمدہ واقعہ میں رجم کو جرائم محاربہ کی سزا قرار دیا ہے اس کے برعکس ہمارا مؤقف یہ ہے کہ رجم صرف زِنا بعدالاحصان کی سزا ہے۔ اس بحث میں مضمون نویس کے تمام شکوک و شبہات کا ازالہ دلائل شرعیہ کی روشنی میں ہم کرچکے ہیں۔ آخر میں اہل علم اور منصف مزاج حضرات کی طرف متوجہ ہوکر ہماری گزارش یہ ہے کہ آیت محاربہ میں دو قسم کے جرم مذکور ہیں۔ (۱) اللہ اور اس کے رسول سے محاربہ اور ساعی فی الفساد محاربین، اھل الکفر و الردۃ ہیں جو اللہ اور اس کے رسول کے خلاف عَلَم بغاوت بلند کرتے ہیں اور ساعی فی الفساد ہیں وہ رہزن اور ڈاکو ہیں جوقتل و غارت کے مرتکب ہوتے ہیں یہ دونوں قسم کے جرم، جرائم محاربہ کہلاتے ہیں جن کی چار قسم کی سزائیں اسی آیت محاربہ میں بالوضاحت مذکور ہیں۔ (۱) اَنْ یُّقَتَّلُوْا یعنی ان کو قتل کیا جانا (۲) اَوْیُصَلَّبُوْا یعنی ان کو سولی پر لٹکایا جانا (۳) ’’اَوْ تُقَطَّعَ اَیْدِیْہِمْ وَاَرْجُلُہُمْ مِّنْ خِلَافٍ‘‘ یعنی ان کے اُلٹے سیدھے ہاتھ پاؤں کا کاٹے جانا (۴) اَوْیُنْفَوْا مِنَ الْاَرْضِ یعنی ان کو جلا وطن کیا جانا محارب یا ساعی فی الفساد کسی قسم کے مجرم کے لئے بھی اس آیت محاربہ میں رجم کی سزا مذکور نہیں ایسی صورت میںزانی محصن کے رجم کو جرم محاربہ کی سزا قرار دینا کیوں کر درست ہوسکتا ہے۔ عہد رسالت مآب میں جسے بھی رجم کیا گیا وہ زِنا بعدالاحصان کا مجرم تھا۔ صرف محاربہ یا فساد فی الارض کے جرم میں کسی کو رجم نہیں کیا گیا جو لوگ زانی محصن کے رجم کو محاربہ کی سزا قرار دیتے ہیں میں ان سے پوچھتا ہوں کیا وہ محصن جرائم محاربہ کے کسی مجرم کا رجم کیا جانا عہد رسالت مآب میں یا زمانۂ خلافتِ راشدہ یا اسلامی اقتدار کے کسی دور میں ایسے کسی مجرم کا سنگسار کیا جانا کتاب و سنت یا کسی تاریخی حوالہ سے ثابت کرسکتے ہیں؟ پھر سمجھ میں نہیں آتا کہ زِنا بعدالاحصان کے جرم میں سنگسار کئے جانے والوں کو کس طرح آیت محاربہ کے تحت لاتے ہیں جب کہ آیت محاربہ میں جرائم محاربہ میں سے کسی جرم کی سزا میں رجم کا نام و نشان تک نہیں پایا جاتا۔ ایسے لوگوں کا یہ کہنا کہ ’’ان یقتلوا‘‘ بمعنی تقتیل ہے اور تقتیل عبرتناک سزا کو کہتے ہیں رجم بھی عبرتناک سزا ہے اس لئے وہ ’’ان یقتلوا‘‘ میں شامل ہے۔ اوّل تو یہ تاویل انتہائی غلط ہے جیسا کہ ہم انشاء اللہ العزیز ابھی بیان کریں گے اور اگر بفرض محال اسے مان بھی لیا جائے تو پھر وہی پہلے والا سوال پیدا ہوگا کہ جب تقتیل کی ایک صورت یہ بھی ہے تو عہدر سالت مآب یا خلافتِ راشدہ کے دور میں محاربہ کے کسی مجرم کو رجم کی سزا کیوں نہیں دی گئی؟ جب کہ ہر زانی محصن کو رجم کیا گیا۔ رہی یہ بات کہ تقتیل کے معنی میں عبرتناک طورپر قتل کرنا، چونکہ رجم بھی عبرتناک قتل کی ایک صورت ہے لہٰذا وہ تقتیل میں شامل ہے قطعاً غلط اور ناقابل فہم ہے اس لئے کہ اوّل تو تقتیل عبرتناک قتل کو نہیں کہتے۔ لفظ تقتیل قتل سے بابِ تفعیل کا مصدر ہے اور باب تفعیل کا خاصہ تکثیر ہے اور ظاہر ہے کہ فعل قتل کی تکثیر بلا واسطہ متصور نہیں بلکہ بواسطہ مفعول قتل کی تکثیر متحقق ہوسکتی ہے یعنی کثرتِ مقتولین کے ضمن میں فعل قتل کی تکثیر متحقق ہو سکتی ہے۔ پتھر مارنا قتل نہیں بلکہ جان سے ماردینا قتل ہے کسی کو لاکھ پتھر بھی مارے جائیں تو پتھر مارنے کا فعل کثیر کہلاسکتا ہے لیکن قتل میں کثرت کے معنی نہیں پائے جاسکتے وہ ایک فعل غیر ممتد ہے جو کثرت کے معنی کو قبول نہیں کرسکتا۔ علاوہ ازیں سولی پر لٹکا کر مارنا بھی نہایت عبرتناک قسم کا قتل ہے اسے بھی تقتیل میں شامل ماننا پڑے گا لیکن وہ تقتیل میں شامل نہیں کیوں کہ ’’اَنْ یُّقَتَّلُوْا‘‘ کے بعد ’’اَوْیُصَلَّبُوْا‘‘ فرمایا گیا جو اس بات کی روشن دلیل ہے کہ سولی پر چڑھا کر مارنا عبرتناک سزا ہونے کے باوجود تقتیل میں شامل نہیں پھر سمجھ میں نہیں آتا کہ رجم کو کس دلیل سے تقتیل میں شامل کیا جاتا ہے۔ مضمون نویس کے تمام اغلاط سے قطع نظر بھی کرلی جائے تو پھر بھی اس سوال کا اعادہ کروں گا کہ اگر واقعی رجم تقتیل میں شامل ہے تو آیت محاربہ کے تحت محض جرائم محاربہ کے مرتکبین کو عہد رسالت میں کیوں ر جم نہیں کیا گیا؟ اور کیوں رجم کی سزا زنا بعدالاحصان کے مجرموں کے ساتھ مخصوص رہی۔ خلاصہ یہ کہ محض جرم محاربہ کے کسی مرتکب کو عہد رسالت میں رجم کی سزا نہ دیا جانا اور زنا بعدالاحصان کے ہر مرتکب کو رجم کیا جانا اس بات کی قطعی دلیل ہے کہ رجم کسی جرم محاربہ کی سزا نہیں بلکہ صرف زِنا بعدالاحصان کی سزا ہے اور اس کو فقہاء کی طرف منسوب کرکے ان کی غلطی قرار دینا بہت بڑی جسارت ہے کیوں کہ حکم رجم کا مناط زنا بعدالاحصان ہونا فقہاء کا قول نہیں بلکہ زبانِ نبوت کا ارشاد ہے جو وحی الٰہی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا۔ ’’وَمَا یَنْطِقُ عَنِ الْہَوٰی اِنْ ہُوَ اِلاَّ وَحْیٌ یُّوْحٰی‘‘ ’’نبی کریمﷺ اپنی خواہش سے نہیں بولتے ان کا بولنا اللہ تعالیٰ کی بھیجی ہوئی وحی کے سوا کچھ نہیں۔ ‘‘
جلد 323 منٹ مطالعہ• 3231 الفاظ