ہم اس بارے میں طبقات ابن سعد کی روایت نقل کرتے ہیں جس کی روشنی میں مضمون نویس کے اس دعویٰ کا بطلان بے نقاب ہوجائے گا۔ وہ روایت حسب ذیل ہے۔ عن یزید بن نعیم بن ہزال عن ابیہ عن جدہ قال کان ابو ماعز قد اوصی الی لابنہ ما عز و کان فی حجری اکفلہ باحسن مایکفل بہ احد احدا، فجائنی یوما فقال لی انی کنت اطالب مہیرۃ امرأۃ کنت اعرفہا حتی نلتہا منہا آلان ما کنت ارید ثم ندمت علی مااتیت فما رأیک؟ فامرہ ان یاتی رسول اللہ ﷺ فیخبرہ فاتی رسول اللہ ﷺ فاعترف عندہ بالزنی وکان محصنا ترجمہ: ہزال فرماتے ہیں کہ ماعز کے باپ نے اپنے بیٹے ماعز کے بارے میں مجھے وصیت کی کہ وہ میری تربیت میں رہے میں نے اس کی بہترین کفالت کی۔ ایک دِن میرے پاس آکر اس نے کہا کہ مہیرہ سے میں اپنی پیاس بجھانا چاہتا تھا مہیرہ ایک ایسی عورت تھی جسے میں پہنچانتا تھا یہاں تک کہ اب میں نے اپنا ارادہ اس سے پورا کرلیا۔ پھر میں اپنے اس فعل پر بہت نادم ہوں۔ آپ کی رائے کیا ہے؟ ہزال نے ماعز کو حکم دیا کہ وہ حضورﷺ کی خدمت میں حاضر ہوکر اپنا واقعہ پیش کرے، ماعز بارگاہِ نبوت میں حاضر ہوئے اور حضورﷺ کے پاس زِنا کا اقرار کیا۔ ماعز شادی شدہ تھے، حضورﷺ نے ان کے لئے رجم کا حکم صادر فرمایا۔ (الطبقات ج ۴، ص ۳۲۴) اس حدیث سے حسبِ ذیل امور ثابت ہوئے۔ حضرت ماعز نے ارتکاب جرم کے فوراً بعد ایسی ندامت محسوس کی اسی وقت اپنے مربی حضرت ہزال کے پاس آکر اپنے جرم اور ندامت کا اظہار کیا۔ ہزال کے سوا کسی دوسرے پر ان کا جرم ابھی ظاہر نہیں ہونے پایا تھا صرف ہزال کے کہنے پر حضرت ماعز حضورﷺ کی خدمت اقدس میں حاضر ہوئے اور اپنے جرم کا اعتراف کیا۔ ظاہر ہے کہ کوئی بدقماش، بدکردار اور غنڈہ اپنے جرم کا اقرار نہیں کرتا، اور ندامت کا تو وہاں تصور ہی نہیں کیا جاسکتا۔ لہٰذا مضمون نویس کا یہ کہنا کہ ماعز نے حضورﷺ کے سامنے خود حاضر ہوکر اپنے جرم کا اقرار نہیں کیا۔ غلط ہے بالخصوص جب کہ صحیحین، سنن اور دیگر کتب احادیث میں بھی اسانید صحیحہ کثیرہ سے ثابت ہوچکا ہے کہ حضرت ماعز نے خود حضور کریمﷺ کے سامنے اقرار کیا ہے۔ رہی حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کی وہ روایت جو مضمون نویس نے صحیح مسلم سے تناقض ثابت کرنے کیلئے نقل کی ہے تو اس سے تناقض ثابت نہیں ہوتا۔ اس کے تحت علامہ نووی نے فرمایا ’’قال العلماء لا تناقض بین الروایات‘‘ پہلی مرتبہ حضرت ماعز نے حضورﷺ کے سامنے بغیر بلائے حاضر ہوکر اپنے جرم کا اقرار کرلیا۔ اس کے بعد دوسری مرتبہ حضرت ماعز اپنی قوم کے بعض لوگوں کے ساتھ پھر بار گاہِ نبوت میں حاضر ہوئے اور ان کے ساتھیوں نے اس واقعہ کا ذِکر کیا۔ ان کے ذِکر کرنے کی بناء پر حضورﷺ نے فرمایا ’’احق مابلغنی عنک‘‘ تمہارا جو واقعہ مجھے پہنچا وہ درست ہے؟ حضرت ماعز نے عرض کیا میرا کیا واقعہ آپ تک پہنچا؟ حضورﷺ نے فرمایا مجھے تمہارے متعلق یہ بات پہنچی ہے کہ تم نے فلاں قبیلہ کی جاریہ کے ساتھ جرم کا ارتکاب کیا۔ حضرت ماغر نے عرض کیا، جی ہاں! چار مرتبہ حضرت ماعز بن مالک نے اپنے جرم کا اقرار کیا جس پر انہیں رجم کا حکم دیا گیا۔ علامہ نوی کے اس بیان سے واضح ہوگیا کہ روایات میں کوئی تناقض نہیں۔ انتہیٰ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ایک شخص کے اقرارِ جرم کے بعد جب اس کے جرم کا واقعہ اس کے سامنے ذِکر کریں تو اس نوعیت کی گفتگو ہوجاتی ہے اسے تناقض پر محمول کرنا صحیح نہیں۔ تناقض تو جب ہوتا جب کسی امر مثبت کی نفی یا کسی امر منفی کا اثبات مذکور ہوتا۔ اس مقام پر مضمون نویس کا یہ کہنا بھی خلافِ واقعہ اور بے بنیاد ہے کہ ماعز بن مالک حضور کی خدمت میں اس توقع پر حاضر ہوا تھا کہ غالباً اس طرح وہ بڑی سزا سے بچ جائے گا۔ واقعہ یہ ہے کہ حضرت ماعز کسی بڑی سزا سے بچنے کی توقع پر بارگاہِ نبوت میں حاضر نہیں ہوئے بلکہ اس کے برعکس وہ اس تصور کو ذہن میں لے کر آئے تھے کہ حد رجم قائم ہوئے بغیر وہ گناہ سے پاک نہیں ہوسکتے۔ جیسا کہ ان کی قوم کے لوگوں نے ان کے متعلق بارگاہِ نبوت میں عرض کیا تھا۔ مانعلم بہ باساً الا انہ اصاب شیئاً یری انہ لا یخرج منہ الا ان یقام فیہ الحد للّٰہ (فتح الباری جلد ۱۲، ص ۱۰۳) حضور! ہم ماعز میں کوئی برائی نہیں جانتے لیکن ان سے ایک ایسا کام سرزد ہوگیا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ جب تک اس کی سزا میں اللہ کی حد ان پر قائم نہ کردی جائے وہ اس گناہ سے نجات نہیں پاسکتے۔ اس روایت سے دو باتیں ثابت ہوئیں۔ ایک یہ کہ ان کی قوم کے لوگ ان کے بارے میں اس ایک گناہ کے سوا اور کسی برائی کا تصور نہ رکھتے تھے۔ دوسری یہ کہ وہ گناہ ان پر بے حد شاق تھا جس کا بوجھ سر سے اتارنے کے لئے وہ بے قرار تھے اور ساتھ وہ یہ سمجھتے تھے کہ اس کی سزا میں جب تک اللہ کی حد ان پر قائم نہ ہوجائے وہ اس سے نجات نہیں پاسکتے۔ صحیح مسلم کی حدیث میں وارد ہے۔ قال ماعز لرسول اللّٰہ ﷺ اقتلنی بالحجارۃ حضور مجھے پتھر مار کر قتل کردیجئے یعنی حد رجم مجھ پر قائم فرمادیجئے۔(مسلم جلد ۲، ص ۶۸) ثابت ہوا کہ حضرت ماعز رضی اللہ عنہ کے حق میں مضمون نویس کا یہ بہتان کہ وہ کسی بڑی سزا سے بچنے کی توقع لیکر بارگاہِ نبوت میں حاضر ہوئے تھے حقائق کی روشنی میں باطل محض اور بے بنیاد ہے۔ رہی وہ روایت جو محمد بن اسحق کی سند سے ابوداؤد نے روایت کی ہے اور اس میں مذکور ہے۔ فوجد مس الحجارۃ صرخ بنایا قوم ردونی الی رسول اللہ ﷺ فان قومی قتلونی و غرونی من نفسی واخبرونی ان رسول اللہ ﷺ غیر قاتلی (الحدیث) یعنی حضرت جابر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ماعز نے جب پتھروں کی سخت تکلیف محسوس کی تو شور و فغاں چیخنا چلانا شروع کیا۔ اے میری قوم مجھے رسول اللہ ﷺ کے پاس لے چلو میری قوم نے مجھے قتل کیا۔ انہوں نے مجھے دھوکے میں رکھا اور مجھے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ مجھے قتل نہیں کریں گے۔‘‘ اس کے بعد حدیث میں وارد ہے کہ حضرت جابر فرماتے ہیں کہ ہم نے اسے نہ چھوڑا یہاں تک کہ اسے قتل کردیا۔ جب یہ واقعہ ہم نے حضورﷺ سے عرض کیا تو حضور علیہ الصلٰوۃ والسلام نے ارشاد فرمایا ’’ہلا ترکتموہ‘‘ تم نے اس کو چھوڑ کیوں نہیں دیا۔ یہ بات ترکِ حد کیلئے نہیں فرمائی بلکہ اس لئے فرمائی کہ اگر اس وقت تم میرے پاس لے آتے تو شاید حد سے بچنے کی اس کیلئے کوئی سبیل پیدا ہوجاتی۔ مضمون نویس نے اس روایت کو تعارض ثابت کرنے کے لئے نقل کیا ہے اور یہ تاثر دینے کی کوشش کی ہے کہ رجم کی یہ سزا ماعز کی توقع کے خلاف تھی جس کی دلیل ان کی آہ و فغاں اور اپنی قوم کا شکوہ ہے۔ مضمون نویس کی بے مائیگی افسوسناک ہے۔ وہ اتنا بھی نہ سمجھ سکا کہ شدت الم اور انتہائی تکلیف کی حالت میں شور و فغاں و قوم کا شکوہ بتقاضائے بشریت اضطرار اور بے صبری کی بناء پر ہے اس لئے وہ معتبر نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس روایت کو کسی محدث یا شارح حدیث نے تعارض یا تخالف پر محمول نہیں کیا۔ حضرت ماعز نے اپنے اختیار اور رضامندی سے جس چیز کو پسند فرمایا وہ حد رجم ہی تھی۔ شرعاً اور عقلاً یہی معتبر اور قابل قبول ہے لہٰذا اس روایت کے مضمون کو تناقض پر محمول کرنا کسی طرح صحیح نہیں۔ اس کے علاوہ اس روایت کی سند میں محمد بن اسحق ہے جس کی روایت مقبول ہونے میں ائمۂ حدیث نے اختلاف کیا جو کسی اہل علم سے مخفی نہیں۔ سابقہ روایات نہایت اصح اور اقوی ہیں۔ غیر اقوی روایت کو اصح اور اقوی کے معارض کہنا کسی اہل علم کے نزدیک قابلِ التفات نہیں ہوسکتا لہٰذا پہلا الزام حضرت ماعز کے خلاف جو مضمون نویس نے قائم کیا تھا غلط اور بے بنیاد قرار پایا۔ (۲) مضمون نویس نے دوسرا الزام یہ لگایا کہ (معاذ اللہ) حضرت ماعز بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا کردار ایک نہایت بدخصلت غنڈے کا کردار تھا۔ نبی کریمﷺ اور آپ کے صحابہ کرام کسی غزوہ کے لئے نکلتے تو وہ مردوں کی عدم موجودگی سے فائدہ اٹھا کر جنس زدہ بدمعاشوں کی طرح عورتوں کا تعاقب کرتا اور انہیں اپنی ہوس کا نشانہ بناتا تھا جس کے ثبوت میں ایک روایت ابوداؤد سے نقل کی ہے جس کا خلاصہ یہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے حضرت ماعز کو رجم کئے جانے کے بعد خطبہ دیا اور فرمایا (اے میرے صحابہ) سن لو! ہم جب بھی اللہ کی راہ میں جہاد کیلئے نکلتے تھے تو لوگوں میں سے ایک ایسا شخص پیچھے رہ جاتا ہے جو بدمست بکرے کی طرح ممیاتا پھرتا ہے۔ وہ کسی نہ کسی عورت کو (اپنی مقصد برآری کیلئے) تھوڑا سا دودھ یا کھانے پینے کی تھوڑی سی چیز دیتا ہے۔ خبردار! اگر اللہ نے کسی ایسے شخص پر قابو پانے کا موقع مجھے دے دیا تو میں عبرتناک سزا دے کر اسے عورتوں سے دُور کردوں گا۔ (ابوداؤد ص ۶۰۷) (مسلم ج ۲، ص ۶۷) مضمون نویس نے محض اس بناء پر کہ رسول اللہ ﷺ نے یہ خطبہ حضرت ماعز کو رجم کیے جانے کے بعد اسی دِن شام کے وقت دیا تھا اس کا مصداق حضرت ماعز رضی اللہ عنہ کو قرار دیا ہے حالانکہ حدیث میں ان کا نام تک موجود نہیں۔ ایسے بدقماش لوگ منافقین ہی میں تھے جو مجاہدین کی عزت و ناموس کو داغدار کرنا چاہتے تھے۔ ان کی پاکدامن بیویوں کو اپنی طرف مائل کرنے کے لئے اس قسم کی ناکام مساعی ذمیمہ کے مرتکب ہوتے تھے۔ حضرت ماعز یا کسی دوسرے مسلمان کو عادی مجرموں کے اس ناپاک گروہ میں شامل کرنا اپنی شقاوت قلبی کا اظہار اور دعویٰ بلا دلیل ہے جس کی بنیاد مضمون نویس کی بدظنی اور خبث باطن کے سوا کچھ نہیں۔ خطبہ مبارکہ کے الفاظ بھی اس بات کے متحمل نہیں کہ اسے حضرت ماعز پر چسپاں کیا جائے۔ حضرت ماعز کو رجم کیا جاچکا تھا۔ خطبہ کے وقت وہ اس دنیا میں موجود نہ تھے اور حضورﷺ ارشاد فرمارہے ہیں کہ اگر ایسے شخض پر میں قابو پالوں تو اسے ضرور عورتوں سے دور کردوں گا۔ بتایئے! ان الفاظ کے ہوتے ہوئے کون ذی ہوش کہے گا کہ یہ خطبہ حضرت ماعز کے بارے میں دیا گیا۔ مضمون نویس کا خبث باطن ملاحظہ فرمایئے ’’یمنح اِحدا ہن الکثبۃ‘‘ کا ترجمہ لکھتا ہے ’’اور کسی عورت کو اپنی ہوس کا نشانہ بنانے میں کامیاب ہوجاتا تھا۔‘‘ اس میں حدیث کے کسی ایک لفظ کا بھی ترجمہ نہیں کیا۔ بلکہ اپنے خبث باطن کو (الفاظ کا جامہ پہنا کر) حدیث کا ترجمہ قرار دے دیا اور یہ بھی نہ سوچا کہ اس ترجمہ کو پڑھ کر اپنے پرائے اس کے سوا اور کیا تاثر لیں گے کہ مدینہ کی پاک سرزمین میں خواتینِ مجاہد اسلام کی عزتیں لٹتی رہیں جن کا کوئی محافظ نہ تھا۔ سوچیئے! غیرت مذہبی کا تقاضا یہی ہے؟ اسی مضمون کی دوسری روایت مسلم شریف سے نقل کی ہے جس کی عبارت حسبِ ذیل ہے۔ فرمیناہ بجلامید الحرۃ یعنی الحجارۃ حتی سکت قال ثم قام رسول اللہ ﷺ خطیباً من العشٰی فقال اوکلما انطلقنا غزاۃ فی سبیل اللّٰہ تخلف رجل فی عیالنا لہ نبیب کنبیب التیس علی ان لا اوتی برجل فعل ذلک الا نکلت بہ قال فما استغفرلہ ولاسبہ انتہیٰ (مسلم ج ۲، ص ۶۷) حضرت ماعز کو ہم نے ارض حرہ کے بڑے پتھروں سے رجم کیا۔ یہاں تک کہ ان کی روح پرواز کر گئی (حدیث) راوی حضرت ابوسعید نے فرمایا کہ پھر پچھلے پہر رسول اللہ ﷺ نے کھڑے ہوکر خطبہ فرمایا کیا یہ بات درست نہیں کہ جب بھی ہم اللہ کی راہ میں جہاد کیلئے جاتے ہیں تو ہمارے عیال میں کوئی شخص پیچھے رہ جاتا۔ بدمست بکرے کی طرح ممیاتا پھرتا۔ میں اپنے اوپر لازم کرتا ہوں کہ ایسی ناشائستہ حرکت کرنے والا جو بھی میرے پاس لایا جائے گا میں اسے ضرور عبرتناک سزا دوں گا۔ حضرت ابوسعید حدیث کے راوی فرماتے ہیں کہ حضرت ماعز کیلئے حضورﷺ نے استغفار فرمایا نہ برا بھلا کہہ کر ان کی مذمت فرمائی۔ مضمون نویس نے اس حدیث سے بھی حضرت ماعز رضی اللہ عنہ کا بدکردار اور غنڈہ ہونا اسی بناء پر ثابت کرنے کی مذموم اور ناکام کوشش کی ہے کہ حضور کریمﷺ نے حضرت ماعز کے رجم کیے جانے کے بعد اس دِن شام کو خطبہ ارشاد فرمایا حالانکہ خطبہ میں حضرت ماعز کا کوئی ذِکر نہیں، نہ ان کا نام ہے شارحین حدیث یا علماء امت میں سے آج تک کسی نے اس خطبہ مبارکہ کو حضرت ماعز کے حق میں تسلیم نہیں کیا نہ اور کسی دلیل سے یہ ثابت ہوا کہ یہ ناشائستہ حرکت کرنے والے حضرت ماعز تھے (العیاذ باللہ) بلکہ راوی حدیث حضرت ابوسعید رضی اللہ عنہ کا حضرت ماعز کے رجم کے بعد حضور نبی کریمﷺ کا خطبہ مذکورہ بیان کرکے کہنا کہ ’’فما استغفرلہ ولا سبہ‘‘ اس بات کی روشن دلیل ہے کہ یہ خطبہ حضرت ماعز کے بارے میں نہ تھا کیوں کہ پیچھے رہ جانے والے بدقماش کے حق میں سب شدید اور مذمت مذکور ہے۔ حضور کریمﷺ کے خطبہ میں اگر اس بدقماش سے حضرت ماعز مراد ہوں تو ’’فماسبہ‘‘ کے کیا معنی ہوں گے؟ الحمدللّٰہ! مضمون نویس کے مکرو فریب کا پردہ چاک ہوکر یہ حقیقت سامنے آگئی کہ ابوداؤد اور مسلم دونوں کی حدیث ’’لہ نبیب کنبیب التیس‘‘ کا مصداق حضرت ماعز بن مالک نہیں۔ علامہ نووی اسی حدیث کی شرح میں فرماتے ہیں کہ حضرت ماعز کے حق میں سب نہ کرنے کی وجہ یہ تھی کہ حد ان کے لئے کفارہ تھی جس نے انہیں گناہ سے پاک کردیا اور عدم استغفار کی یہ وجہ تھی کہ ایسا نہ ہو کہ کوئی اور شخص دھوکہ کھا جائے اور حضورﷺ کے استغفار کے بھروسہ پر یہ جرم کر بیٹھے۔ (نووی علی صحیح مسلم جلد ۲ ص ۶۷) آگے چل کر مضمون نویس نے حضرت ماعز کے بارے میں غنڈہ ہونے کا عام تاثر ثابت کرنے کے لئے صحیح مسلم اور سنن ابوداؤد سے دو حدیثیں نقل کیں لیکن دونوں میں خیانت مجرمانہ سے کام لیا اور ہر دو حدیث کا صرف وہی حصہ نقل کیا جسے مفید مدعا سمجھا اور جو اس کے خلاف تھا اسے شیر مادر کی طرح ہضم کرگیا۔ ملاحظہ ہو مسلم شریف کی حدیث سے حسب ذیل حصہ نقل کیا۔ ’’فامرہ فرجم فکان الناس فیہ فرقتین قائل یقول لقد ہلک لقد احاطت بہ خطیئتہ‘‘ حضور نبی کریمﷺ کے حکم سے رجم کردیا گیا تو لوگ اس کے بارے میں دو گروہ ہوگئے کوئی کہنے لگا کہ شامت نے اس کا پیچھا نہیں چھوڑا۔ یہاں تک کہ یہ ہلاک ہوگیا۔ (صحیح مسلم کتاب الحدود) حدیث کی مسلسل عبارت کا اگلا حصہ جو نقل نہیں کیا یہ ہے۔ وقائل یقول ماتوبۃ افضل من توبۃ ماعز انہ جاء الی رسول اللہ ﷺ فوضع یدہ فی یدہ ثم قال اقتلنی بالحجارۃ قال فلبثوا بذلک یومین اوثلثۃ ثم جاء رسول اللہ ﷺ وہم جلوس فسلم ثم جلس فقال استغفروا لماعز بن مالک قال فقالوا غفر اللّٰہ لماعز بن مالک قال فقال رسول اللہ ﷺ لقد تاب توبۃ لو قسمت بین امۃ لوسعتہم (الحدیث، مسلم جلد ۲ ص ۶۸) ’’اور کسی کہنے والے نے کہا کہ ماعز کی توبہ سے کوئی توبہ افضل نہیں وہ حضور کی خدمت میں خود حاضر ہوا اور حضور کے دستِ مبارک میں اپنا ہاتھ رکھ کر اس نے کہا کہ حضور! مجھے پتھروں سے قتل کردیجئے۔ حدیث کے راوی حضرت بریدہ فرماتے ہیں کہ دو یا تین دِن صحابہ اسی حال میں رہے۔ اس کے بعد حضورﷺ ان کے پاس تشریف لائے۔ وہ سب بیٹھے ہوئے تھے۔ حضور کریمﷺ سلام کر کے تشریف فرما ہوگئے۔ پھر فرمایا۔ سب ماعز بن مالک کے لئے مغفرت کی دعا کرو۔ حدیث کے راوی حضرت بریدہ نے فرمایا سب نے کہا اللہ تعالیٰ ماعز بن مالک کی مغفرت فرمائے۔ حضرت بریدہ فرماتے ہیں اس کے بعد رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ بے شک ماعز بن مالک نے ایسی توبہ کی ہے کہ اگر وہ میری امت کے ایک گروہ پر تقسیم کی جائے تو سب کو اپنے دامن میں سمالے۔‘‘ حدیث شریف کے اس حصہ نے حضرت ماعز ص کی عظمت و جلالت کو آفتاب سے زیادہ روشن کردیا اور اس حقیقت کو واضح کردیا کہ حضرت ماعز کے متعلق صحابہ کرام کا تردد دو تین دِن سے زیادہ نہیں رہا۔ زبانِ نبوت نے ان کے متعلق دو ٹوک فیصلہ فرمادیا کہ وہ مومن تھے۔ انہیں منافق کہنے والا مکذب رسول ہے۔ دوسری حدیث ابوداؤد سے نقل کی ہے، اس میں بھی اسی خیانت مجرمانہ کا ارتکاب کیا گیا ہے۔ مضمون نویس کہتا ہے فامربہ فرجم فسمع النبی ا رجلین من اصحابہ یقول احدہما لصاحبہ انظر الی ہذا الذی ستر اللّٰہ علیہ فلم تدعہ نفسہ حتی رجم رجم الکلب (ابوداؤد، کتاب الحدود، باب رجم ماعز بن مالک) حضورﷺ کے حکم سے ماعز کو رجم کردیا گیا پھر نبی کریمﷺ نے (راہ چلتے ہوئے) اپنے دو اصحاب میں دو آدمیوں کو سنا ایک دوسرے سے کہہ رہا تھا اسے دیکھو جس پر اللہ نے پردہ ڈال دیا تھا پھر بھی اس کے نفس نے اسے نہ چھوڑا۔ یہاں تک کہ کتے کی طرح رجم کردیا گیا۔ مضمون نویس نے یہاں بھی خیانت کی اس کے آگے حدیث کی عبارت یہ ہے فسکت عنہما ثم سارساعۃ حتی مربجیفۃ حمار شائل برجلہ فقال این فلان و فلان فقالا نحن ذان یا رسول اللّٰہ فقال انزلا فکلا من جیفۃ ہذا الحمار فقالا یا نبی اللّٰہ من یاکل من ہذا قال فما نلتما من عرض اخیکما انفاً اشد من اکل منہ والذین نفسی بیدہ انہ الآن لفی انہار الجنۃ ینغمس فیہا (ابوداؤد، ص ۶۰۸) یعنی یہ بات سن کر دونوں میں سے کسی صحابی کو حضورﷺ نے کوئی جواب نہ دیا اور خاموشی کے ساتھ کچھ دیر چلتے رہے یہاں تک کہ ایک مرے ہوئے حمار پر گزرے جس کے پاؤں اوپر اٹھے ہوئے تھے تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا فلاں اور فلاں کہاں ہیں ان دونوں نے عرض کیا حضور ہم حاضر ہیں۔ فرمایا (اپنی سواری سے) اترو اور اس مردار گدھے کاگوشت کھاؤ۔ انہوں نے عرض کیا یا رسول اللہ! کون ہے جو اسے کھائے۔ فرمایا ابھی جو تم نے اپنے بھائی (ماعز بن مالک) کی غیبت کرکے اس کی آبرو کو مجروح کیا ہے وہ اس مردار کا گوشت کھانے سے زیادہ شدید ہے جس ذات کے قبضے میں میری جان ہے میں اس کی قسم کھا کر کہتا ہوں کہ بے شک ماعز بن مالک اب اس وقت جنت کی نہروں میں فرحت و سرور کے ساتھ غوطے لگا رہا ہے۔ (ابو داؤد ص ۶۰۸) حدیث کا یہ حصہ مضمون نویس نے اسی لئے نقل نہیں کیا کہ اس سے حضرت ماعز بن مالک کی عظمت شان اور اخلاص ایمان کا چمکتا ہوا آفتاب نظر آتا ہے۔ جسے دیکھنے کی تاب مضمون نویس اپنے اندر نہیں پاتا۔ یہ ٹھیک ہے کہ ان کے رجم کے بعد صرف دو تین دِن صحابہ کی دو رائیں رہیں اور اسی لئے ان کے متعلق بعض صحابہ کی زبان سے نامناسب کلمے نکلے لیکن حضور کریمﷺ کے فیصلے کے بعد نہ کسی صحابی نے ان کی شان میں نامناسب کلمہ اپنی زبان سے نکالا نہ دورائیں باقی رہیں جیسا کہ ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے افک کا واقعہ پیش آیا تھا بڑے بڑے جلیل القدر صحابہ اور بعض صحابیات نے ام المؤمنین کے حق میں بدگمانی کی بلکہ معاذ اللہ برائی کی تہمت بھی ان پر لگائی اور تہمت لگانے والوں میں حد قذف بھی جاری ہوئی لیکن یہ سب کچھ ان کی برأۃ کے نزول سے پہلے ہوا۔ نزول برأۃ کے بعد کوئی اختلاف ان کے حق میں باقی نہ رہا اور کسی کو کوئی نازیبا کلمہ ان کی شان میں کہنے کی جرأت نہ ہوئی۔ جو لوگ حضرت ماعز کے بارے میں یہ ناپاک نظریہ رکھتے ہیں وہ ام المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہ کے بارے میں کیا کہتے ہوں گے۔ (۳) مضمون نویس نے تیسرا الزام یہ لگایا کہ نبی کریمﷺ نے نہ اس کے لئے مغفرت کی دعا کی نہ اس کا جنازہ پڑھا جو اس بات کی شہادت ہے کہ اسے کٹر منافق قرار دیا گیا۔ میں عرض کروں گا کہ اگر حضور کریمﷺ نے حضرت ماعز کے لئے خود دعا مغفرت نہیں فرمائی تو اس کی وجہ یہ نہ تھی کہ انہیں معاذ اللہ منافق قرار دیا گیا اگر ایسا ہوتا تو رسول اللہ ﷺ صحابہ کو ہر گز نہ فرماتے ’’استغفرو الماعز بن مالک‘‘ یعنی اے میرے صحابہ! تم ماعز بن مالک کے لئے مغفرت کی دعا کرو بلکہ اس کی وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ دوسروں کو اس فعل کے ارتکاب سے سختی کے ساتھ روکنا مقصود تھا۔ علمایٔ امت نے بار بار اس کی تصریح فرمائی ہے۔ رہی نماز جنازہ، تو بخاری شریف میں موجود ہے ’’صلی علیہ‘‘ حضور علیہ الصلٰوۃ السلام نے ماعز بن مالک پر نمازِ جنازہ پڑھی شاید کوئی کہے کہ دوسری روایت میں ’’لم یصل علیہ‘‘ وارد ہے۔ حضور کریم نے اس کے جنازے کی نماز نہیں پڑھی۔ اس کا جواب یہ ہے کہ علامہ ابن حجر عسقلانی نے مصنف عبدالرزاق کے حوالے سے ابوامامہ بن سہل بن حنیف کی روایت فتح الباری میں نقل کی۔ تو حضور علیہ الصلٰوۃ السلام سے عرض کیا گیا کہ حضور! کیا آپ ماعز بن مالک کی نمازِ جنازہ پڑھیں گے؟ تو حضور نے فرمایا نہیں۔ راوی کہتے ہیں ’’فلما کان فی الغد قال صلوا علی صاحبکم فصلی علیہ رسول اللہ ﷺ والناس‘‘ یعنی جب دوسرا دِن ہوا تو حضور علیہ الصلٰوۃ والسلام نے فرمایا اپنے صاحب ماعز بن مالک کی نمازِ جنازہ پڑھو تو حضورﷺ نے بھی ان پر نمازِ جنازہ پڑھی اور صحابہ نے بھی۔ (فتح الباری جلد ۱۲، ص ۱۰۹) یہ روایت نقل کرکے علامہ ابن حجر فرماتے ہیں ’’فہذا الخبر یجمع الاختلاف‘‘ یعنی یہ روایت اختلاف دور کرکے ماعز پر نماز پڑھنے کی احادیث میں مطابقت پیدا کردیتی ہے۔ جن روایتوں میں ان پر نماز پڑھنے کی نفی وارد ہوئی ہے وہ رجم کے وقت پر محمول ہے اور جن روایتوں میں ان کی نمازِ جنازہ پڑھنا ثابت ہے وہ دوسرے دِن پر محمول ہے یعنی پہلے دِن نہیں پڑھی دوسرے دِن پڑھی۔ معلوم ہوا کہ نہ پڑھنا بھی صحیح ہے اور پڑھنا بھی۔ لیکن مضمون نویس کو اپنی جہالت اور تعصّب کی وجہ سے تعارض کے سوا کچھ نظر ہی نہیں آتا۔ یہاں ہماری پہلی بات کو نظر انداز نہ کیا جائے کہ اگر مسلمانوں کا امام اس قسم کے مجرموں پر حد قائم ہونے کے بعد ان کے جنازے کی نماز نہ پڑھے تو اس کا مقصد صرف یہی ہوتا ہے کہ دوسرے لوگوں کو ایسے جرائم کے ارتکاب سے سختی کے ساتھ روکا جائے اور ان کے ذہن میں یہ بات پختہ کی جائے کہ اگر ہم نے بھی اس جرم کا ارتکاب کیا تو اسی طرح مسلمانوں کا امام ہمارے جنازے کی نماز بھی نہیں پڑھے گا جو ہمارے لئے دنیا اور آخرت میں ذِلت اور رسوائی کا سبب ہوگا۔ اگر یہ مقصد ترک صلوٰۃ علی الجنازہ کے بغیر کسی دوسرے ذریعہ سے پورا ہوجائے تو امام المسلمین کے لئے ایسے مجرموں پر نماز پڑھنے میں کوئی حرج نہیں۔(ھکذا فی فتح الباری جلد ۱۲، ص ۱۰۹، ۱۱۰) خلاصہ یہ کہ اوّل تو حضرت ماعز پر مطلقاً نماز نہ پڑھنے کا قول دلائل کی روشنی میں صحیح نہیں اور اگر بالفرض اسے صحیح مان بھی لیا جائے تو اسے حضرت ماعز کے منافق ہونے کی شہادت قرار دینا باطلِ محض ہے اس لئے کہ کسی کے جنازے کی نماز نہ پڑھنا اس کے نفاق کو مستلزم نہیں بلکہ اس کا کچھ اور مقصد بھی ہوسکتا ہے جیسا کہ ہم ابھی بیان کرچکے ہیں۔ ہمارے اس بیان سے واضح ہوگیا کہ مضمون نویس کا حضرت ماعز بن مالک کو محض اس بناء پر کٹر منافق کہنا کہ حضورﷺ نے ان کے جنازے کی نماز نہیں پڑھی۔ انتہائی مضحکہ خیز اور جہالت ہے اگر کوئی شخص دوسرے دلائل سے آنکھ بند کرکے صرف نمازِ جنازہ نہ پڑھنے کو ماعز کے کٹر منافق ہونے کی شہادت مانتا ہے تو کوئی وجہ نہیں کہ اسی طرح وہ دیگر دلائل سے قطع نظر کرکے صرف نمازِ جنازہ پڑھنے کو عبداللہ بن اُبی کے کٹر مومن ہونے کی شہادت تسلیم نہ کرے ایسی صورت میں حضرت ماعز کو وہی شخص منافق کہے گا جو عبداللہ بن ابی رئیس المنافقین کو کٹر مومن مانتا ہے۔ ایسا شخص کسی کو مومن کہتا پھرے یا منافق اس کے قول و فعل کا کیا اعتبار۔ انتہیٰ مضمون نویس نے حضرت ماعز بن مالک رضی اللہ عنہ کو (معاذ اللہ) کٹر منافق کہہ کر اپنی شقاوت قلبی کا ثبوت دیا ہے انہوں نے اپنی معصیت پر نادم ہوکر بارگاہِ رسالت میں اپنے جرم کا اعتراف کیا اور اللہ کی حد اپنے اوپر جاری کرنے کی رسول اللہ ﷺ سے درخواست کی۔ ان کے حق میں بدگمانی کا اظہار کرنے والوں کی رسول اللہ ﷺ نے سخت مذمت فرمائی اور سختی سے انہیں منع فرمایا۔ ان کی توبہ کی تعریف فرمائی اور انہار جنت میں ان کے تنعم کا حال بیان فرمایا جس کے ثبوت میں ہم احادیث صحیحہ اپنے اس مضمون میں کتب احادیث سے نقل کرچکے ہیں۔ امت مسلمہ میں سے آج تک کسی نے انہیں منافق نہیں کہا بلکہ اجلہ محدثین و علمائے اعلام نے ان کے اسلام لانے اور رسول اللہ ﷺ سے ان کی بیعت کرنے اور ان کے صحابی ہونے کی تصریحات اپنی تصانیف جلیلہ میں فرمائیں اور واضح طور پر لکھا کہ وہ حضورﷺ کے صحابی تھے بلکہ ان کے بیٹے حضرت عبداللہ بن ماعز رضی اللہ عنہ کے صحابی ہونے کی بھی تصریح فرمائی۔ (۱) محمد بن سعد فرماتے ہیں۔ ماعز بن مالک الاسلمی اسلم وصحب النبی ﷺ (طبقات ابن سعد جلد نمبر ۴، ص ۳۲۴) (۲) علامہ ابن عبدالبر نے فرمایا ماعز بن مالک معدود فی المدینین اعترف علی نفسہ بالزناتائبا منیبا وکان محصناً فرجم رحمۃ اللّٰہ علیہ (الاستیعاب بذیل الاصابہ جلد ۳ ص ۴۱۸) (۳) علامہ ابن حجر نے ماعز بن مالک کے تحت فرمایا قال ابن حبان لہ صحبۃ (الاصابہ جلد ۳، ص ۳۱۷) (۴) امام بخاری نے فرمایا ان ماعزاً اسلم آخر قومہ(التاریخ الکبیر للبخاری جزء رابع قسم ثانی ص ۳۷) (۵) ابن اثیر نے فرمایا عبداللّٰہ بن ماعزانہ اتی النبی ا فبایعہ فقال ان ماعزا اسلم اخر قومہ (اسد الغابۃ جلد ۳، ص ۲۵۰) (۶) صاحب مشکوٰۃ نے بھی حضرت ماعز کو صحابہ میں شمار کیا۔ (الاکمال ملحق بالمشکوٰۃ ص ۶۱۶)