دریدہ دہنی اور بے باکی کے چند اور نمونے

۱۸۔ دیوبندیوں کا مذہب ۱۔ تقویۃ الایمان میں مولوی اسماعیل صاحب دہلوی نے ص ۱۸ پر لکھا ہے ’’اللہ کے سوا کسی کو نہ مان اور اس سے نہ ڈر۔‘‘ ۲۔ تقویۃ الایمان کے ص ۱۹ پر تحریر کیا ’’ہمارا جب خالق اللہ ہے اور اس نے ہم کو پیدا کیا تو ہم کو بھی چاہئے کہ اپنے ہر کام پر اسی کو پکاریں اور کسی سے ہم کو کیا کام۔ جیسے کوئی ایک بادشاہ کا غلام ہو چکا تو وہ اپنے ہر کام کا علاقہ اسی سے رکھتا ہے۔ دوسرے بادشاہ سے بھی نہیں رکھتا اور کسی چوہڑے چمار کا تو کیا ذکر ہے۔‘‘ ۳۔ تقویۃ الایمان ص ۳۰ پر تحریر ہے ’’اس کے دربار میں ان کا تو یہ حال ہے کہ جب وہ کچھ حکم فرماتا ہے تو وہ سب رعب میں آ کر بے حواس ہو جاتے ہیں۔‘‘ ۴۔ تقویۃ الایمان ص ۳۱ پر لکھتے ہیں ’’اس شہنشاہ کی تو یہ شان ہے کہ ایک آن میں ایک حکم ’’کن‘‘ سے چاہے تو کروڑوں نبی اور ولی، جن اور فرشتے، جبرائیل اور محمد ﷺ کے برابر پیدا کر ڈالے۔‘‘ ۵۔ تقویۃ الایمان کے ص ۴۲ پر ہے ’’جن کا نام محمد یا علی ہے وہ کسی چیز کا مالک و مختار نہیں۔‘‘ ۶۔ تقویۃ الایمان کے ص ۵۸ پر ہے ’’رسول کے چاہنے سے کچھ نہیں ہوتا۔‘‘

اہل سنت کا مذہب ۱۔ اہل سنت کے نزدیک اللہ کے سوا کسی کو نہ ماننا یعنی یہ عقیدہ رکھنا کہ صرف اللہ پر ایمان لانا چاہئے اور کسی پر ایمان لاناجائز نہیں، کفر خالص ہے۔ دیکھئے تمام امت مسلمہ کا متفقہ عقیدہ ہے کہ جب تک اللہ، ملائکہ، آسمانی کتابوں اللہ کے تمام رسولوں، یوم آخرت اور خیر و شر کے منجانب اللہ مقدور ہونے اور مرنے کے بعد اٹھنے پر ایمان نہ لائے، اس وقت تک مومن نہیں ہو سکتا۔

۲۔ ہر سنی مسلمان کا عقیدہ ہے کہ ہمارے تمام کاموں میں متصرف حقیقی صرف اللہ تعالیٰ ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ اللہ تعالیٰ کے نبیوں، رسولوں اور اس کے مقرب بندوں سے ہمارا کوئی کام ہی نہ ہو۔ کتاب و سنت میں بے شمار نصوص وارد ہیں جن کا مفاد یہ ہے کہ ہمیں اپنے کاموں میں محبوبانِ خداوندی کی طرف رجوع کرنا چاہئے۔

دیکھئے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ’’وَلَوْ اَنَّہُمْ اِذْ ظَّلَمُوْا اَنْفُسَہُمْ جَائُ وْکَ‘‘ ’’کاش وہ لوگ جنہوں نے اپنی جانوں پر ظلم کیا آپ کے پاس آ جاتے۔‘‘ (نساء)

دوسری جگہ فرماتا ہے ’’فَاسْئَلُوْا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَo‘‘ ’’اگر تم نہیں جانتے تو اہل ذکر سے دریافت کر لو۔‘‘ (نحل) دیکھئے ان دونوں آیتوں میں اللہ تعالیٰ نے اپنے مقرب بندوں سے ہمارا کام وابستہ فرمایا ہے یا نہیں؟ اس عبارت میں جو تمام ما سوی اللہ کو چوہڑے چمار سے تعبیر کیا گیا ہے، اہل سنت کے نزدیک یہ مقربین بارگاہِ ایزدی کی شان میں بد ترین گستاخی ہے۔ نعوذ باللّٰہ من ذالک۔

۳۔ اہل سنت کے نزدیک انبیاء کرام یا ملائکہ مقربین پر خوف و خشیت الٰہی کا طاری ہونا تو حق ہے مگر انہیں بے حواس کہنا ان کی شان میں بے باکی اور گستاخی ہے۔ العیاذ باللہ

۴۔ اہل سنت کے نزدیک حضرت محمد مصطفی ﷺ کی مثل و نظیر کے پیدا کرنے سے قدرت و مشیت ایزدی کا متعلق ہونا محال عقلی ہے کیونکہ حضور ﷺ پیدائش میں تمام انبیاء سے حقیقتاً اول ہیں اور یہ بعثت میں تمام انبیاء سے آخر اور خاتم النبیین ہیں۔ ظاہر ہے کہ جس طرح اول حقیقی میں تعدد محال بالذات ہے اسی طرح خاتم النبیین میں بھی تعدد ممتنع لذاتہ ہے اور اس بناء پر قدرت و مشیت خداوندی کا ناقص ہونا لازم نہیں آتا بلکہ اسی امر محال کا قبیح و مذموم ہونا ثابت ہوتا ہے کہ وہ اس بات کی صلاحیت ہی نہیں رکھتا کہ اللہ تعالیٰ کی قدرت و مشیت اس سے متعلق ہو سکے۔

۵۔ اہل سنت کا مذہب ہے کہ ملک و اختیار بالاستقلال تو خاصۂ خداوندی ہے اور ملک و اختیار ذاتی کسی فرد مخلوق کے لئے ثابت نہیں لیکن اللہ تعالیٰ کا دیا ہوا اختیار اور اس کی عطا کی ہوئی ملک عام انسانوں کے لئے دلائل شرعیہ سے ثابت ہے اور یہ ایسی روشن اور بدیہی بات ہے کہ جس کے تسلیم کرنے میں کوئی مخبوط الحواس بھی تامل نہیں کر سکتا۔ چہ جائیکہ سمجھ دار آدمی اس کا انکار کرے۔ حضور ﷺ کے حق میں علی الاطلاق یہ کہہ دینا کہ وہ کسی چیز کے مالک و مختار نہیں، شان اقدس میں صریح توہین ہے اور ان تمام نصوص شرعیہ اور ادلہ قطعیہ کے قطعاً خلاف ہے، جن سے حضور ﷺ کے لئے اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی ملک اور اختیار ثابت ہوتا ہے۔

۶۔ اہل سنت کا مسلک یہ ہے کہ مقربین بارگاہِ ایزدی عبودیت کے اس بلند مقام پر ہوتے ہیں کہ ان کی ذواتِ قدسیہ مظہر صفات ربانی ہو جاتی ہیں اور بمقتضائے حدیث قدسی ’’بی یسمع وبی یبصر‘‘ ان کا دیکھنا، سننا، چلنا، پھرنا، ارادہ و مشیت سب کچھ اللہ تعالیٰ کی طرف منسوب ہوتا ہے۔ وہ میدان تسلیم و رضا کے مرد ہوتے ہیں۔ ان کا چاہنا اللہ کا چاہنا اور ان کا ارادہ اللہ کا ارادہ ہوتا ہے۔ ایسی صورت میں حضور سید المقربین نبی کریم ﷺ کے حق میں یہ کہنا کہ ’’رسول کے چاہنے سے کچھ نہیں ہوتا‘‘ عظمت شان رسالت کے منافی ہے بلکہ مقام نبوت کی توہین و تنقیص ہے۔ جب رسول اللہ ﷺ صفاتِ الٰہیہ کا مظہر اتم ہیں اور ان کی مشیت مشیت ایزدی کا ظہور ہے تو اس کا پورا نہ ہونا معاذ اللہ مشیت خداوندی کی ناکامی ہو گی۔ یہی توہین نبوت اور کفر خالص ہے اور کمالاتِ انبیاء علیہم السلام کی تنقیص اسی لئے کفر ہے کہ کمالاتِ نبوت قطعاً صفاتِ الٰہیہ کا ظہور ہوتے ہیں۔

۱۹۔ دیوبندیوں کا مذہب دیوبندی حضرات کے مذہب میں حضور ﷺ کی تعریف بشر کی سی کی جائے بلکہ اس میں بھی اختصار کیا جائے۔ تقویۃ الایمان کے ص ۶۳ پر لکھا ہے ’’یعنی کسی بزرگ کی تعریف میں زبان سنبھال کر بولو اور جو بشر کی سی تعریف ہو وہی کرو۔ سو اس میں اختصار ہی کرو۔‘‘

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کے نزدیک ہر بزرگ کی تعریف اس کی شان اور مرتبہ کے لائق کی جائے گی۔ حتیٰ کہ حضرت محمد مصطفی ﷺ کی تعریف بشر کی سی ہونا تو درکنار ملائکہ مقربین سے بھی زیادہ ہو گی کیونکہ حضور ﷺ کا مرتبہ ان سے بلند و بالا ہے۔

۲۰۔ دیوبندیوں کا مذہب دیوبندی علماء کے مذہب میں انبیاء، رسل، ملائکہ، معاذ اللہ سب ناکارے ہیں۔ تقویۃ الایمان صفحہ ۲۹ پر لکھ دیا ہے ’’اللہ جیسے زبردست کے ہوتے ہوئے ایسے عاجز لوگوں کو پکارنا کہ کچھ فائدہ اور نہ نقصان پہنچا سکتے ہیں، محض بے انصافی ہے کہ ایسے بڑے شخص کا مرتبہ ایسے ناکارے لوگوں کو ثابت کیجئے۔‘‘

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کے نزدیک محبوبانِ خداوندی انبیاء کرام، رسل و ملائکہ عظام کے حق میں لفظ ’’ناکارے‘‘ بولنا ان کی شان میں بیہودہ گوئی اور دریدہ دہنی ہے۔ نعوذ باللّٰہ من ذٰلک۔

۲۱۔ دیوبندیوں کا مذہب علماء دیوبند کے نزدیک اللہ تعالیٰ کی بڑی مخلوق انبیاء و رسل کرام علیہم السلام کی شان اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں معاذ اللہ چوہڑے چمار سے بھی گری ہوئی ہے۔ تقویۃ الایمان کے صفحہ ۱۶ پر تحریر ہے ’’اور یہ یقین جان لینا چاہئے کہ ہر مخلوق بڑا ہو یا چھوٹا وہ اللہ کی شان کے آگے چمار سے بھی ذلیل ہے۔‘‘

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کے مذہب میں یہ عبارت حضرات انبیاء کرام علیہم الصلوٰۃ والسلام و اولیائے عظام کی سخت ترین توہین کا نمونہ ہے۔ ہر چھوٹی اور بڑی مخلوق کے الفاظ سے ’’بڑی مخلوق‘‘ کے معنی سے رسل کرام علیہم الصلوٰۃ والسلام اور اولیاء عظام کا (مراد) ہونا متعین ہو گیا ہے۔

کیونکہ ’’چھوٹی مخلوق‘‘ کے لفظ سے چھوٹے مرتبہ کی کل مخلوقاتِ عامہ اور ہر ’’بڑی مخلوق‘‘ کے لفظ سے بڑے مرتبہ کی کل خاص مخلوق کے معنی بغیر تاویل و تامل کے ہر شخص کی سمجھ میں آتے ہیں۔ ظاہر ہے کہ بڑے مرتبے کی خاص مخلوق انبیاء علیہم السلام، ملائکہ کرام اور اولیاء عظام ہی ہیں۔ اب انہیں بارگاہِ خداوندی میں معاذ اللہ چوہڑے چمار سے زیادہ ذلیل کہنا جس قسم کی شدید توہین ہے محتاجِ تشریح نہیں۔

اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں اپنے مقرب بندوں کو ’’عِبَادٌ مُّکْرَمُوْنَ‘‘ اور ’’کَانَ عِنْدَ اللّٰہِ وَجِیْہًا‘‘ فرما کر انہیں اپنی بارگاہ میں بڑی عزت و بزرگی والا اور ذی وجاہت فرمایا ہے۔ نیز اپنے پاک بندوں کو منعم علیہم قرار دے کر اور ’’اِنَّ اَکْرَمَکُمْ عِنْدَ اللّٰہِ اَتْقَاکُمْ‘‘ فرما کر ان کی شان بڑھائی ہے لیکن اس کے بالمقابل دیوبندی علماء خصوصاً صاحب تقویۃ الایمان نے انہیں چوہڑے چمار سے زیادہ ذلیل قرار دے کر ان کی توہین و تنقیص کی ہے۔ اہل سنت اس عبارت کو گندگی اور نجاست تصور کرتے ہیں اور ایسے عقیدہ کو کفر خالص سمجھتے ہیں۔ اعاذنا اللّٰہ منہ۔

۲۲۔ دیوبندیوں کا مذہب حضرات علماء دیوبند کے نزدیک معاذ اللہ حضور ﷺ ایک گنوار کی بات سن کر بے حواس ہو گئے۔ اسی تقویۃ الایمان کے ص ۵۶ پر لکھا ہے ’’سبحان اللہ! اشرف المخلوقات محمد رسول اللہ ﷺ کی تو اس کے دربار میں یہ حالت ہے کہ ایک گنوار کے منہ سے اتنی بات سنتے ہی مارے دہشت کے بے حواس ہو گئے۔‘‘

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کا مذہب یہ ہے کہ انبیاء علیہم السلام کے حواس تمام انسانوں کے حواس سے اقویٰ اور اعلیٰ ہیں۔ سید الانبیاء ﷺ کے حق میں یہ کہنا کہ حضور ایک گنوار کی بات سن کر بے حواس ہو گئے، سخت ترین توہین و تنقیص ہے بارگاہِ نبوت میں۔

۲۳۔ دیوبندیوں کا مذہب علماءدیوبند کے مذہب میں فرشتوں اور رسولوں کو طاغوت کہنا جائز ہے۔ مولوی حسین علی ساکن واں بھچراں اپنی تفسیر بلغۃ الحیران کے صفحہ ۴۳ پر فرماتے ہیں ’’اور طاغوت کا معنی ’کلما عبد من دون اللّٰہ فہو الطاغوت‘ اس معنی بموجب طاغوت، جن اور ملائکہ اور رسول کو بولنا جائز ہو گا۔‘‘

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کے نزدیک فرشتوں اور رسولوں کو طاغوت کہنا ان کی سخت توہین ہے اور ملائکہ و رسل کرام کی توہین کرنے والا خارج از اسلام ہے۔

۲۴۔ دیوبندیوں کا مذہب دیوبندی حضرات کا مذہب یہ ہے کہ صریح جھوٹ کی ہر قسم سے نبی کا معصوم ہونا ضروری نہیں ہے۔ مولوی محمد قاسم صاحب نانوتوی بانی مدرسہ دیوبند اپنی کتاب تصفیۃ العقائد مطبوعہ مجتبائی کے ص ۲۵ پر فرماتے ہیں ۱۔ پھر دروغ صریح بھی کئی طرح پر ہوتا ہے جن میں سے ہر ایک کا حکم یکساں نہیں ہے۔ ہر قسم سے نبی کو معصوم ہونا ضروری نہیں۔ ۲۔ بالجملہ علی العموم کذب کو منافی شانِ نبوت، بایں معنی سمجھنا کہ یہ معصیت ہے اور انبیاء علیہم السلام معاصی سے معصوم ہیں، خالی غلطی سے نہیں۔ (تصفیۃ العقائد ص ۲۸)

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کے نزدیک حضرات انبیاء کرام علیہم الصلوٰۃ والسلام ہر قسم کے کذب و معاصی سے علی العموم معصوم ہیں اور ان کے حق میں کسی معصیت کا تصور یا کسی قسم کے دروغ صریح کو ان کے لئے ثابت کرنا عزت و ناموس رسالت پر بدترین حملہ ہے۔

۲۵۔ دیوبندیوں کا مذہب حضرات اکابر دیوبند کے نزدیک انبیائے کرام علیہم السلام اپنی امت سے صرف علم ہی میں ممتاز ہوتے ہیں، عملی امتیاز انہیں حاصل نہیں ہوتا۔ مولوی محمد قاسم صاحب نانوتوی بانی مدرسہ دیوبند اپنی کتاب ’’تحذیر الناس‘‘ میں ص ۵ پر تحریر فرماتے ہیں ’’انبیاء اپنی امت سے اگر ممتاز ہوتے ہیں تو علوم میں ہی ممتاز ہوتے ہیں، باقی رہا عمل، اس میں بسا اوقات بظاہر امتی مساوی ہو جاتے ہیں بلکہ بڑھ جاتے ہیں۔‘‘

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کے مذہب میں انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام اپنی امت سے جس طرح علم میں ممتاز ہوتے ہیں اسی طرح عمل میں بھی پوری امتیازی شان رکھتے ہیں جو شخص انبیاء علیہم السلام کے اس امتیاز کا منکر ہے وہ شانِ نبوت میں تخفیف کا مرتکب ہے۔

۲۶۔ دیوبندیوں کا مذہب علماءدیوبند اللہ تعالیٰ کے چھوٹے بڑے سب بندوں کو بے خبر اور نادان کہتے ہیں۔ دیکھئے تقویۃ الایمان ص ۲۵ پر لکھا ہے ’’ان باتوں میں سب بندے بڑے ہوں یا چھوٹے سب یکساں بے خبر اور نادان ہیں۔‘‘

اہل سنت کا مذہب انبیاء علیہم السلام کو بے خبر اور نادان کہنا بارگاہِ نبوت میں سخت دریدہ دہنی ہے اور ایسا کہنا بدترین جہالت و گمراہی ہے۔

۲۷۔ دیوبندیوں کا مذہب حضرات علماء دیوبند انبیاء علیہم السلام کو اپنی امتوں کا سردار کن معنوں میں مانتے ہیں۔ تقویۃ الایمان ص ۶۴ پر لکھا ہے ’’جیسا ہر قوم کا چودھری اور گاؤں کا زمیندار، سو ان معنوں کو ہر پیغمبر اپنی امت کا سردار ہے۔‘‘

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کا مسلک یہ ہے کہ انبیاء علیہم السلام کو اپنی امت پر وہ سرداری حاصل ہے جو کسی مخلوق کے لئے ثابت کرنا توہین رسالت ہے۔

۲۸۔ دیوبندیوں کا مذہب دیوبندی حضرات کے نزدیک مفسرین جھوٹے ہیں۔ مولوی حسین علی صاحب شاگرد رشید مولوی رشید احمد صاحب گنگوہی بلغۃ الحیران ص ۱۵ پر لکھتے ہیں ’’ادخلوا الباب سجدا‘‘ باب سے مراد مسجد کا دروازہ ہے جو نزدیک تھی اور باقی تفسیروں کا کذب ہے۔

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کے عقیدہ میں تفسیروں کو کذب کہنے والا خود کذاب ہے۔

۲۹۔ دیوبندیوں کا مذہب علماءدیوبند کے نزدیک محمد بن عبد الوہاب اور اس کے مقتدی وہابیوں کے عقائد عمدہ تھے۔ فتاویٰ رشیدیہ ص ۵۵۱ پر ہے سوال: وہابی کون لوگ ہیں اور عبد الوہاب نجدی کا کیا عقیدہ تھا اور کون سا مذہب تھا اور وہ کیسا شخص تھا اور اہل نجد کے عقائد میں اور سنی حنفیوں کے عقائد میں کیا فرق ہے؟ الجواب: محمد بن عبد الوہاب کے مقتدیوں کو وہابی کہتے ہیں۔ ان کے عقائد عمدہ تھے اور مذہب ان کا حنبلی تھا۔ البتہ ان کے مزاج میں شدت تھی۔ مگر وہ اور ان کے مقتدی اچھے ہیں۔ مگر ہاں جو حد سے بڑھ گئے ان میں فساد آ گیا اور عقائد سب کے متحد ہیں، اعمال میں فرق حنفی، شافعی، مالکی، حنبلی کا ہے۔‘‘ (رشید احمد گنگوہی)

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کے نزدیک محمد بن عبد الوہاب باغی خارجی بے دین و گمراہ تھا۔ اس کے عقائد کو عمدہ کہنے والے اسی جیسے دشمنانِ دین ضال و مضل ہیں۔

۳۰۔ دیوبندیوں کا مذہب مولوی رشید احمد صاحب گنگوہی پیشوائے علماءدیوبند کے نزدیک کتاب ’’تقویۃ الایمان‘‘ نہایت عمدہ کتاب ہے۔ اس کے سب مسائل صحیح ہیں۔ اس کا رکھنا، پڑھنا اور عمل کرنا عین اسلام ہے۔ ملاحظہ فرمایئے فتاویٰ رشیدیہ ص ۳۵۷، ۳۵۸ سوال: تقویۃ الایمان میں کوئی مسئلہ ایسابھی ہے جو قابل عمل نہیں یا کل اس کے مسائل صحیح ہیں؟ الجواب: بندہ کے نزدیک سب مسائل اس کے صحیح ہیں۔ تمام تقویۃ الایمان پر عمل کرے۔ اسی طرح فتاویٰ رشیدیہ حصہ اول ص ۶۰ پر ہے ’’اور کتاب تقویۃ الایمان نہایت عمدہ کتاب ہے اور ردّ شرک و بدعت میں لاجواب ہے۔ استدلال اس کے بالکل کتاب اللہ اور احادیث سے ہیں۔ اس کا رکھنا اور پڑھنا اور عمل کرنا عین اسلام ہے۔‘‘

اہل سنت کا مذہب اہل سنت، اسمٰعیل صاحب دہلوی کی کتاب ’’تقویۃ الایمان‘‘ کو تمام انبیاء کرام و اولیاء عظام کی توہین و تنقیص کا مجموعہ قرار دیتے ہیں۔ درحقیقت یہ محمد بن عبد الوہاب نجدی کی کتاب ’’التوحید‘‘ کا خلاصہ ہے جس میں تمام امت محمدیہ علیٰ صاحبہا الصلوٰۃ والتحیۃ کو کافر و مشرک کہا گیا ہے اور دل کھول کر خدا کے مقدس اور محبوب بندوں کی شان میں گستاخیاں کی گئی ہیں۔

۳۱۔ دیوبندیوں کا مذہب دیوبندی علماء کرام ’’یا شیخ عبد القادر‘‘ کہنے والوں کو کافر، مرتد، ملعون، جہنمی کہتے ہیں۔ پھر جو شخص جان بوجھ کر انہیں ایسا نہ کہے اس کو بھی ویسا ہی کافر، مرتد، ملعون، جہنمی اور زانی قرار دیتے ہیں اور ان کے نکاح کو باطل سمجھتے ہیں۔ ملاحظہ فرمایئے فتویٰ مندرجہ بلغۃ الحیران ص ۴ ’’یا شیخ عبد القادر و یا خواجہ شمس الدین پانی پتی چنانچہ عوام می گویند شرک و کفر است۔‘‘ فتویٰ مولانا مرتضیٰ حسن صاحب ناظم تعلیم دیوبند بحوالہ پرچہ اخبار امرتسر ۱۴؍ اکتوبر ۱۹۲۷ء ’’ان عقائد باطلہ پر مطلع ہو کر انہیں کافر، مرتد، ملعون، جہنمی نہ کہنے والا بھی ویسا ہی مرتد و کافر ہے۔ پھر اس کو جو ایسا نہ سمجھے وہ بھی ایسا ہی ہے۔ کوکب الیمانی علیٰ اولاد الزوانی کوکب الیمانین علی الجعلان والخراطین۔ توضیح المراد لمن تخبط فی الاستمداد۔‘‘ کالا کافر ان کتابوں میں ثابت کیا گیا ہے کہ ایسے عقائد رکھنے والے کالے کافر ہیں ان کا نکاح کوئی نہیں سب زانی ہیں۔

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کے نزدیک صحت اعتقاد کے ساتھ یا شیخ عبد القادر جیلانی اور اس قسم کے تمام الفاظ ندا کہنا جائز ہیں۔ جو شخص کہنے والوں کو کافر، مرتد، ملعون، جہنمی اور زانی قرار دیتا ہے وہ اکابر اولیاء امت کی شان میں گستاخی کر کے خود ملعون، جہنمی اور زانی ہے۔

۳۲۔ دیوبندیوں کا مذہب علماءدیوبند کے نزدیک بزرگانِ دین کو اللہ تعالیٰ کا بندہ اور اس کی مخلوق مان کر اور ان کے لئے اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی قوت تسلیم کر کے انہیں اپنا سفارشی سمجھنے والے اور ان کی نذر و نیاز کرنے والے (گویا صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے لے کر آج تک کے تمام مسلمان، اولیاء علماء، مجتہدین، صالحین) سب کافر و مرتد اور ابو جہل کی طرح مشرک ہیں۔ تقویۃ الایمان ص ۸ پر مرقوم ہے ’’کافر بھی اپنے بتوں کو اللہ کے برابر نہیں جانتے تھے بلکہ اسی کا مخلوق اور اسی کا بندہ سمجھتے تھے اور ان کو اس کے مقابل کی طاقت ثابت نہیں کرتے تھے مگر یہی پکارنا اور منتیں ماننی اور نذر و نیاز کرنی اور اپنا وکیل اور سفارشی سمجھنا یہی ان کا کفر و شرک تھا سو جو کوئی کسی سے یہ معاملہ کرے گو کہ اس کو اللہ کا بندہ و مخلوق ہی سمجھے سو ابو جہل اور وہ شرک میں برابر ہے۔‘‘

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کے نزدیک ایسے لوگوں کو کافر و مشرک کہنا خود کفر و شرک کے وبال میں مبتلا ہونا ہے۔ مقربین بارگاہِ خداوندی کے لئے مقید بالاذن تصرف، طاقت و قدرت اور سفارش ثابت کرنا حق اور درست ہے اور اس کا انکار موجب ضلال اور باعث نکال (عبرت) ہے۔

۳۳۔ دیوبندیوں کا مذہب اکابر علماءدیوبند کے حسب ذیل عقائد و مسائل مندرجہ ذیل عبارات و حوالہ جات منقولہ میں ملاحظہ فرمائیں ۱۔ رسول اللہ ﷺ کے علم غیب کا عقیدہ رکھنا صریح شرک ہے۔ ۲۔ عرس کا التزام کرے یا نہ کرے بہرحال ناجائز ہے۔ ۳۔ تاریخ معین پر قبروں پر جمع ہونا بغیر لغویات کے بھی گناہ ہے۔ ۴۔ متبع سنت اور دیندار کو وہابی کہتے ہیں۔ ۵۔ تیجہ وغیرہ ناجائز ہے۔ قرآن شریف و کلمہ طیبہ اور درود شریف پڑھ کر ثواب پہنچانا اور چنے تقسیم کرنا سب ناجائز ہے۔ ۶۔ چالیسواں اور گیارہویں بھی بدعت ہے۔ ۷۔ کھانے یا شیرینی وغیرہ پر فاتحہ پڑھنا بدعت اور گمراہی ہے اور ایسا کرنے والے سب بدعتی اور گمراہ ہیں۔ فتاویٰ رشیدیہ ص ۳۹۹ پر ہے ۱۔ اور یہ عقیدہ رکھنا کہ آپ کو علم غیب تھا صریح شرک ہے۔ فقط ۲۔ عرس کا التزام کرے یا نہ کرے بدعت اور نا درست ہے۔ (ص ۴۳۰) ۳۔ تعین تاریخ سے قبروں پر اجتماع کرنا گناہ ہے خواہ اور لغویات ہوں یا نہ ہوں۔(ص ۴۳۰) ۴۔ اس وقت اور ان اطراف میں وہابی متبع سنت اور دیندار کو کہتے ہیں۔ (ص ۴۰۵)نیز فتاویٰ رشیدیہ ص ۴۵۰ پر ہے ۵۔ کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس صورت میں کہ فی زماننا رواج ہے کہ جب کوئی مر جاتا ہے تو اس کے عزیز و اقارب اس روز یا دوسرے یا تیسرے روز یا اور کسی روز جمع ہو کر مسجد یا کسی اور مکان میں قرآن شریف اور کلمہ طیبہ اور درود شریف پڑھ کر بلا تعین شمار ثواب اس پڑھے ہوئے کا متوفی کو بخشتے ہیں اور چنے وغیرہ تقسیم کرتے ہیں تو اس طرح جمع ہونا اور قرآن مجید وغیرہ پڑھنا اور پڑھوانا درست ہے یا نہیں؟ بینوا بالکتاب توجروا فی یوم الحساب مزین بمہر فرمائیں۔ الجواب: صورت مسئولہ کا یہ ہے کہ مجتمع ہونا عزیز و اقارب وغیرہم کا واسطے پڑھنے قرآن مجید کے یا کلمہ طیبہ کے جمع ہو کر روز وفات میت کے یا دوسرے روز یا تیسرے روز بدعت و مکروہ ہے۔ شرع شریف میں اس کی کچھ اصل نہیں۔ اسی طرح فتاویٰ رشیدیہ ص ۴۵۶ پر ہے ۶۔ سوال: مرنے کے بعد چالیس روز تک روٹی ملا کو دینا درست ہے یا نہیں؟ الجواب: چالیس روز تک روٹی کی رسم کر لینا بدعت ہے۔ ایسے ہی گیارہویں بھی بدعت ہے۔ بلا پابندی رسم و قیود ایصال ثواب مستحسن ہے۔ فقط۔ واللہ تعالیٰ اعلم۔ بندہ رشید احمد گنگوہی اس کے علاوہ فتاویٰ رشیدیہ ص ۴۴۹ پر ہے ۷۔ مسئلہ: فاتحہ کا پڑھنا کھانے یا شیرینی پر بروز جمعرات کے درست ہے یا نہیں؟ الجواب: فاتحہ کھانے یا شیرینی پر پڑھنا بدعت ضلالت ہے، ہرگز نہ کرنا چاہئے۔ فقط رشید

اہل سنت کا مذہب اہل سنت و جماعت کے عقائد حسب ذیل ہیں ۱۔ باعلام خداوندی رسولوں کے لئے علم غیب حاصل ہونے کا عقیدہ عین ایمان ہے۔ ۲۔ اہل سنت کے نزدیک بغیر وجوب التزام کے عقیدہ کے التزام کے ساتھ عرس کرنا جائز ہے اور بلا التزام بھی جائز ہے۔ ۳۔ تاریخ معین پر مزارات اولیاء اللہ پر مسلمانوں کی حاضری اور بزرگوں کی روحانیت سے فیض حاصل کرنا اہل سنت کے عقائد کی رو سے نہ صرف جائز بلکہ مستحسن ہے بشرطیکہ وہاں فسق و فجور اور معصیت نہ ہو۔ ۴۔ اہل سنت کے نزدیک محمد بن عبد الوہاب کے متبعین کو وہابی کہتے ہیں جن کے عقائد کی رو سے صرف وہی لوگ مسلمان ہیں جو ان کے ہم مسلک اور ہم مشرب ہوں باقی تمام مسلمانوں کو وہ کافر و مشرک اور مباح الدم کہتے ہیں۔ ۵۔ اہل سنت کے نزدیک تیجہ وغیرہ اور قرآن شریف و کلمہ طیبہ و درود شریف پڑھ کر اس کا ثواب ارواحِ مومنین کو پہنچانا اور چنے تقسیم کرنا سب جائز اور موجب رحمت و برکت ہے بشرطیکہ یہ امور خلوص اعتقاد اور نیک نیتی سے کئے جائیں۔ ۶، ۷۔ چالیسواں، گیارہویں شریف اور کھانے یا شیرینی وغیرہ پر فاتحہ پڑھنا سب جائز اور باعث اجر وثواب ہے اور ایسا کرنے والے مسلمان صحیح العقیدہ اہل سنت و جماعت ہیں۔ ان کاموں کو بدعت قرار دینا اور ان کاموں کے کرنے والے سنی مسلمان کو بدعتی کہنا سخت گناہ اور بدعت و ضلالت ہے۔

۳۴۔ دیوبندیوں کا مذہب دیوبندی صاحبان کے نزدیک بدعتی کے پیچھے نماز مکروہ تحریمہ ہے۔ فتاویٰ رشیدیہ حصہ سوم ص ۴۷ پر ہے سوال: بدعتی کے پیچھے نماز جائز ہے یا نہیں؟ الجواب: مکروہِ تحریمہ ہے۔ (فی در المختار باب الائمۃ) واللہ تعالیٰ اعلم بندہ رشید احمد گنگوہی عفی عنہ اور اسی فتاویٰ رشیدیہ کے صفحہ ۶۵ پر ہے سوال: جمعہ کی نماز جامع مسجد میں باوجودیکہ امام بد عقیدہ ہے، پڑھے یا دوسری جگہ پڑھ لے؟ الجواب: جس کے عقیدے درست ہوں اس کے پیچھے نماز پڑھنی چاہئے۔

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کا مسلک یہ ہے کہ عرس و میلاد کرنے والوں اور کھانے یا شیرینی وغیرہ پر فاتحہ پڑھنے والوں اور گیارہویں کرنے والوں کو بدعتی کہنا اور ان کے پیچھے نماز پڑھنے کو مکروہِ تحریمہ جاننا سخت گناہ اور بدترین قسم کی گمراہی ہے۔ اہل سنت کے نزدیک فی زمانہ عرس و فاتحہ کرنے والوں ہی کے پیچھے نماز پڑھنا صحیح ہے ان کے مخالفین مذکورین کے پیچھے جائز نہیں۔

۳۵۔ دیوبندیوں کا مذہب اکابر حضرات علماءدیوبند کے نزدیک کوئی مجلس میلاد اور کوئی عرس کسی حال میں درست نہیں۔ مولوی رشید احمد صاحب گنگوہی فتاویٰ رشیدیہ ص ۴۲۶ پر ارقام فرماتے ہیں مسئلہ انعقاد مجلس میلاد بدون قیام بروایت صحیحہ درست ہے یا نہیں؟ بینوا وتوجروا رقیمہ نیاز محمد امتیاز علی طالب علم مدرسہ قصبہ سہنپور جواب طلب مع حوالہ کتب۔ فقط الجواب: انعقاد مجلس میلاد بہرحال ناجائز ہے۔ تداعی امر مندوب کے واسطے منع ہے۔ فقط۔ واللہ تعالیٰ اعلم۔ نوٹ: درج ذیل عبارت پرانے نسخوں میں ہے موجودہ ایڈیشن میں نہیں ہے (ناشر) اگر پڑھو گے حوالہ کتب معلوم ہو جائیں گے۔ نہ پڑھو گے تو تقلید سے عمل کرنا۔ فقط والسلام کتبہ الاحقر رشید احمد گنگوہی عفی عنہ سوال: جس عرس میں صرف قرآن شریف پڑھا جائے اور تقسیم شیرینی ہو شریک ہونا جائز ہے یا نہیں؟ (صفحہ نمبر ۴۲۹) الجواب: کسی عرس اور مولود شریف میں شریک ہونا درست نہیں اور کوئی سا عرس اور مولود درست نہیں۔ فقط واللہ تعالیٰ اعلم بندہ رشید احمد گنگوہی عفی عنہ مسئلہ: محفل میلاد میں جس میں روایات صحیحہ پڑھی جائیں اور لاف و گزاف اور روایات موضوعہ اور کاذبہ نہ ہوں شریک ہونا کیسا ہے؟ الجواب: ناجائز ہے بسبب اور وجوہ کے۔ فقط رشید احمد (فتاویٰ رشیدیہ ص ۴۲۶)

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کے مذہب میں مجلس میلاد پاک افضل ترین مندوبات اور اعلیٰ ترین مستحسنات سے ہے اور اعراس بزرگانِ دین بھی اہل سنت کے نزدیک من جملہ مستحبات ہیں۔ جو شخص یہ کہتا ہے کہ ’’بزرگانِ دین کے عرس میں کوئی لغویت اور امر ممنوع نہ ہو تب بھی ناجائز اور بدعت ہے‘‘ وہ بزرگانِ دین کا سخت معاند اور ان کے فیوض و برکات سے محروم اور خائب و خاسر ہے۔ اسی طرح میلاد شریف کو بہرحال ناجائز و بدعت قرار دینا حتیٰ کہ سلام و قیام نہ ہو اور روایات موضوعہ نہ ہوں بلکہ صحیح روایتوں کے ساتھ میلاد شریف پڑھا جائے تب بھی اسے ناجائز اور بدعت و حرام کہنا اہل سنت کے نزدیک بارگاہِ رسالت سے بغض و عناد کی روشن دلیل ہے۔

۳۶۔ دیوبندیوں کا مذہب دیوبند علماء کے نزدیک بروایات صحیحہ محرم میں حضرات حسنین علیہما السلام کی شہادت کا بیان، شربت اور دودھ پلانا، سبیل لگانا سب حرام ہے۔ ملاحظہ فرمایئے فتاویٰ رشیدیہ ص ۴۳۴ سوال: محرم میں عشرہ وغیرہ کے روز شہادت کا بیان کرنا بروایت صحیحہ یا بعض ضعیفہ بھی ونیز سبیل لگانا، چندہ دینا اور شربت، دودھ بچوں کو پلانا درست ہے یا نہیں؟ الجواب: محرم میں ذکر شہادت حسنین علیہما السلام کرنا اگرچہ بروایات صحیحہ ہو یا سبیل لگانا، شربت پلانا یا چندہ سبیل اور شربت میں دینا سب نادرست اور تشبہ روافض کی وجہ سے حرام ہیں۔

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کے مسلک میں روایاتِ صحیحہ کے ساتھ محرم وغیرہ میں حضرات حسنین علیہما السلام کا ذکر شہادت باعث رحمت و برکت ہے۔ اسی لئے شہداء کرام کو ایصال ثواب کے لئے شربت دودھ وغیرہ پلانا سب جائز اور مستحسن ہے۔ تشبہ بالروافض کی آڑ لے کر ان امور مستحسنہ کو ناجائز و حرام کہنا مسلمانوں کو حصول خیر و برکت سے محروم رکھنا ہے۔

۳۷۔ دیوبندیوں کا مذہب اکابر علماءدیوبند کے مذہب میں ہندوؤں کے سودی روپے سے جو پانی پیاؤ (سبیل) لگائی جائے اس کا پینا مسلمانوں کے لئے جائز ہے۔ دیکھئے فتاویٰ رشیدیہ صفحہ نمبر ۲۷۴ پر ہے سوال: ہندو جو پیاؤ پانی کی لگاتے ہیں سودی روپیہ صرف کر کے مسلمانوں کو اس کا پانی پینا درست ہے یا نہیں؟ الجواب: اس پیاؤ سے پانی پینا مضائقہ نہیں۔ فقط واللہ تعالیٰ اعلم

رشید احمد گنگوہی عفی عنہ

دیوبندی حضرات کے مسلک میں ہندوؤں کی ہولی اور دیوالی کی پوریاں وغیرہ مسلمانوں کے لئے کھانا حلال طیب ہے۔ فتاویٰ رشیدیہ ص ۲۷۴ پر مرقوم ہے مسئلہ: ہندو تہوار ہولی یا دیوالی میں اپنے استاد یا حاکم یا نوکر کو کھیلیں یا پوری یا اور کچھ کھانا بطور تحفہ بھیجتے ہیں ان چیزوں کالینا اور کھانا استاد یا حاکم و نوکر مسلمان کو درست ہے یا نہیں؟ الجواب: درست ہے۔ فقط

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کے نزدیک یہ امر اہل بیت اطہار خصوصاً سیدنا امام حسین علیہ السلام کے ساتھ عداوتِ قلبی کی بین دلیل ہے کہ امام حسین علیہ السلام کی فاتحہ کے شربت کو تشبہ بالروافض کی آڑ لے کر حرام کہا جائے اور اس کے بالمقابل تشبہ بالہنود سے آنکھیں بند کر کے ہندوؤں کے مشرکانہ تہوار ہولی، دیوالی کی پوری کچوری کو جائز و حلال قرار دیا جائے۔ نیز اہل سنت اس بات کو اہل بیت رسول اللہ ﷺ کے ساتھ بدترین دشمنی تصور کرتے ہیں کہ امام حسین علیہ السلام کو ایصال ثواب کے لئے لگائی ہوئی سبیل کے پانی کو ناجائز سمجھا جائے اور اس کے مقابلہ میں ہندوؤں کے سودی روپے سے لگائے ہوئے پیاؤ کا پانی حلال طیب جائز اور پاک مانا جائے، مقام تعجب ہے کہ تشبہ بالروافض تو ملحوظ رہے اور تشبہ باالکفار والمشرکین بالکل نظر انداز کر دیا جائے۔ اہل انصاف غور فرمائیں کہ یہ عداوت حسین نہیں تو کیا ہے؟ العیاذ باللّٰہ والیہ المشتکیٰ۔

۳۸۔ دیوبندیوں کا مذہب علماءدیوبند کے پیشوایانِ کرام کے مذہب میں زاغ معروفہ (مشہور کوا جو عام طور پر پایا جاتا ہے) کھانا ثواب ہے۔ فتاویٰ رشیدیہ ص ۲۹۶ کو دیکھئے اس پر لکھا ہے مسئلہ: جس جگہ زاغ معروفہ کو اکثر حرام جانتے ہوں اور کھانے والے کو برا کہتے ہوں تو ایسی جگہ اس کو کھانے والے کو کچھ ثواب ہو گا یا نہ؟ ثواب ہو گا نہ عذاب؟ الجواب: ثواب ہو گا۔ فقط رشید احمد

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کا مذہب یہ ہے کہ پاک غذا پاک لوگوں کے لئے ہے اور خبیث و ناپاک غذا خبیثوں اور ناپاکوں کے لئے ہے۔ زاغ (مشہور کوا) حرام اور خبیث ہے جس کا کھانا مومنین طیبین کے لئے جائز نہیں۔ کوا کھانے والے حرام خور اور عذابِ آخرت کے سزاوار ہیں۔

۳۹۔ دیوبندیوں کا مذہب علماءدیوبند کی نظر میں مولوی رشید احمد صاحب گنگوہی بانی اسلام ﷺ کے ’’ثانی‘‘ ہیں۔ ملاحظہ فرمایئے مرثیہ مصنفہ مولوی محمود حسن صاحب دیوبندی مطبوعہ ساڈھورہ ص ۶

زباں پر اہل اہوا کی ہے کیوں اعل ہبل شاید اٹھا دنیا سے کوئی بانی اسلام کا ثانی

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کے نزدیک حضور ﷺ لاثانی و بے نظیر ہیں اور مرثیہ کا زیر نظر شعر حضور ﷺ کی شان میں توہین و تنقیص ہے۔ اس شعر میں مولوی رشید احمد گنگوہی کو بانی اسلام کا ثانی کہا گیا ہے۔ ’’بانی اسلام‘‘ سے مراد اللہ تعالیٰ ہو گا یا رسول اللہ ﷺ! لہٰذا مولوی رشید احمد گنگوہی (معاذ اللہ) اللہ تعالیٰ کے ثانی ہوئے یا رسول اللہ ﷺ کے۔ ظاہر ہے کہ یہ گنتی اور شمار کا موقع نہیں۔ اس لئے تسلیم کرنا پڑے گا کہ مولوی محمود حسن صاحب دیوبندی نے مولوی رشید احمد صاحب گنگوہی کو اللہ تعالیٰ یا رسول کریم ﷺ کا مثل قرار دے کر خدا اور رسول کی شان میں توہین کی ہے۔ تعجب ہے کہ اگر کسی جاہل آدمی کو مولوی اشرف علی تھانوی یا مولوی رشید احمد صاحب گنگوہی کا ثانی کہہ دیا جائے تو دیوبندیوں کے دل میں فوراً درد پیدا ہو گا کہ ’’اف‘‘ ہمارے مقتداؤں کی توہین ہو گئی لیکن یہ خود ایک مولوی کو رسول اللہ ﷺ کا ثانی کہیں تو انہیں توہین رسول کا قطعاً احساس نہیں ہوتا بلکہ ایسے توہین آمیز کلام کی تاویلات فاسدہ میں ایڑی چوٹی کا زور لگانے لگتے ہیں۔ فاعتبروا یٰا اولی الابصار۔

۴۰۔ دیوبندیوں کا مذہب دیوبندیوں کے نزدیک مولوی رشید احمد صاحب گنگوہی کے حقیر اور چھوٹے غلاموں کا لقب ’’یوسف ثانی‘‘ ہے۔ دیکھئے مرثیہ مولوی محمود حسن صاحب ص ۱۱ قبولیت اسے کہتے ہیں مقبول ایسے ہوتے ہیں

عبید سود کا ان کے لقب ہے یوسف ثانی

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کا مسلک یہ ہے کہ کسی کو وصف عیب سے تعبیر کر کے یوسف ثانی اس کا لقب قرار دینا یوسف علیہ السلام کی شان میں توہین و تنقیص ہے۔ ’’عبید سود‘‘ کے معنی ہیں کالے رنگ کے حقیر اور چھوٹے غلام جن کو دوسرے لفظوں میں ’’کالے غلمٹے‘‘ بھی کہا جا سکتا ہے۔ اگر کسی نے کسی کو یوسف ثانی سے تعبیر کیا ہے تو اس کے حسن کو تسلیم کر کے اور اسے حسین قرار دے کر کہا ہے لیکن اس شعر میں تو مولوی رشید احمد صاحب گنگوہی کے غلاموں کو ’’عبید سود‘‘ کالے غلمٹے کہہ کر اور ان کے محقر و مصغر ہونے کا اظہار کر کے پھر انہیں سیاہ فام ماننے کے بعد ان کا لقب ’’یوسف ثانی‘‘ رکھا ہے جس میں جمال یوسفی کی صریح توہین ہے۔ العیاذ باللہ!

دیوبندی مسلک میں مولوی رشید احمد صاحب گنگوہی کی مسیحائی سیدنا عیسیٰ ابن مریم کی مسیحائی سے بڑھ چڑھ کر ہے۔ دیکھئے مرثیہ مصنفہ مولوی محمود حسن صاحب دیوبندی ص ۳۳

مردوں کو زندہ کیا زندوں کو مرنے نہ دیا اس مسیحائی کو دیکھیں ذری ابن مریم

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کا مذہب یہ ہے کہ کسی نبی کے معجزات اور کمالات میں کسی غیر نبی کو نبی سے بڑھ چڑھ کر ماننا توہین نبوت ہے۔ اس شعر میں مردہ اور زندہ سے حقیقی مردہ اور زندہ مراد ہو یا مجازی ہر صورت میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی مسیحائی سے مقابلہ کیا گیا ہے اور پھر مولوی رشید احمد صاحب کی مسیحائی کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی مسیحائی پر ترجیح دی گئی ہے جو سیدنا مسیح ابن مریم کی شان میں گستاخی ہے۔ اعاذنا اللہ منہ۔

۴۲۔ دیوبندیوں کا مذہب دیوبندی حضرات کے نزدیک کعبہ میں بھی گنگوہ کا رستہ تلاش کرنا چاہئے۔ مولوی محمود حسن صاحب دیوبندی اپنے تصنیف کردہ مرثیہ کے صفحہ نمبر ۱۳ پر ارشاد فرماتے ہیں

پھریں تھے کعبہ میں پوچھتے گنگوہ کا رستہ جو رکھتے اپنے سینوں میں تھے شوق و ذوق عرفانی

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کے نزدیک کعبہ مطہرہ تمام دنیائے انسانیت کا مرکز و مرجع اور سب کے لئے امن و عافیت کا گہوارہ ہے۔ مرد مومن کا دل خود بخود کعبہ کی طرف کھچتا ہے۔ خصوصاً عارف باذوق پر کعبہ کے حقیقی حسن و جمال اور اس کے انوار و تجلیات کا انکشاف ہوتا ہے۔ ایسی صورت میں جو لوگ کعبہ میں پہنچ کر بھی گنگوہ کا رستہ ڈھونڈتے ہیں وہ علم و عرفان اور ذوق و شوق سے قطعاً محروم ہیں۔ کعبہ میں پہنچنے کے بعد گنگوہ کا متلاشی ہونا یقینا کعبہ مطہرہ کی عظمت شان کو گھٹانا ہے۔

ناظرین کرام! تصویر کے دونوں رُخ آپ کے سامنے موجود ہیں۔ اب آپ کو اختیار ہے جسے چاہیں پسند فرمائیں۔ میں اپنے معبودِحقیقی رب کائنات مجیب الدعوات جل مجدہ سے بصد تضرع و زاری دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ قبول حق کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین!

وہو یہدی الٰی صراط مستقیم واٰخر دعوانا ان الحمد للّٰہ رب العٰلمین والصلٰوۃ والسلام علٰی سید المرسلین وعلٰی اٰلہٖ وصحبہٖ واولیاء ملتہٖ وعلماء امتہ اجمعین۔ تمت بالخیر

سید احمد سعید کاظمی