حق و باطل میں امتیاز اب آئندہ صفحات میں دیوبندی حضرات اور اہل سنت کا مسلک ملاحظہ فرما کر حق و باطل میں امتیاز کیجئے۔

۱۔ دیوبندیوں کا مذہب دیوبندی حضرات کے مقتداء مولوی رشید احمد صاحب گنگوہی کے شاگرد رشید مولوی حسین علی صاحب ساکن واں بھچراں ضلع میانوالی اور ان کے شاگرد و بعض دیگر علماء دیوبند کے نزدیک اللہ تعالیٰ کو اپنے بندوں کے کاموں کا علم پہلے سے نہیں ہوتا بلکہ بندوں کے کرنے کے بعد اللہ تعالیٰ کو ان کے کاموں کا علم ہوتا ہے۔ دیکھئے مولوی حسین علی صاحب اپنی تفسیر بلغۃ الحیران (۱) مطبوعہ حمایت اسلام پریس لاہور بار اول صفحہ ۱۵۷، ۱۵۸ پر ارقام فرماتے ہیں ’’اور انسان خود مختار ہے، اچھے کام کریں یا نہ کریں۔‘‘ اور اللہ کو اس سے پہلے کوئی علم بھی نہیں ہوتا کہ کیا کریں گے بلکہ اللہ کو ان کے کرنے کے بعد معلوم ہو گا اور آیاتِ قرآنی جیسا کہ ’’وَسَیَعْلَمَ الَّذِیْنَ‘‘ وغیرہ بھی اور احادیث کے الفاظ بھی اس مذہب پر منطبق ہیں۔

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کے نزدیک علم الٰہی کا منکر خارج از اسلام ہے۔ دیکھئے شرح فقہ اکبر ص ۲۰۱ ’’من اعتقد ان اللّٰہ لا یعلم الاشیاء قبل وقوعہا فہو کافر وان عد قائلہ من اہل البدعۃ۔‘‘ ’’جس شخص کا یہ اعتقاد ہو کہ اللہ تعالیٰ کسی چیز کو اس کے واقع ہونے سے پہلے نہیں جانتا وہ کافر ہے۔ اگرچہ اس کا قائل اہل بدعت سے شمار کیا گیا ہو۔‘‘ آیۂ کریمہ ’’وَسَیَعْلَمَ الَّذِیْنَ‘‘ اور اس قسم کی دیگر آیات و احادیث میں مجاہدین و غیر مجاہدین اور مومنین و منافقین کا امتیاز باہمی مراد ہے اور معنی یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے منافقین کو مومنین سے اور غیر مجاہدین کو مجاہدین سے ابھی تک جدا نہیں کیا آئندہ (علم الٰہی کے مطابق) انہیں الگ کر دیا جائے گا۔ یہاں ’’علم‘‘ سے تمیز مراد ہے۔ ’’فَلَیَعْلَمَنَّ اللّٰہُ بِمَنْزِلَۃِ فَلَیَمِیْزَ اللّٰہُ‘‘ کے ہے جیسے اللہ تعالیٰ کے قول ’’لِیَمِیْزَ اللّٰہُ الْخَبِیْثَ مِنَ الطَّیِّبِ‘‘ میں خبیث کا طیب سے جدا ہونا منصوص ہے۔ ایسے ہی ان آیات میں (جنہیں مولوی حسین علی نے نفی علم الٰہی کی دلیل سمجھا ہے) مومنین و منافقین اور مجاہدین وغیر مجاہدین کا ایک دوسرے سے الگ ہونا مذکور ہے۔ دیکھئے بخاری شریف جلد ثانی صفحہ ۷۰۳ پر مرقوم ہے ’’فلیعلمن اللّٰہ علم اللّٰہ ذٰلک انما ہی بمنزلۃ فلیمیز اللّٰہ کقولہٖ لیمیز اللّٰہ الخبیث‘‘ انتہٰی۔ یہ مطلب ہرگز نہیں کہ معاذ اللہ خدائے علیم و خبیر کو ان کا علم نہیں۔ اللہ تعالیٰ تو ہر چیز کو جانتا ہے۔ (۱)

۲۔ دیوبندیوں کا مذہب علماء دیوبند اللہ تعالیٰ کے حق میں کذب کے قائل ہیں۔ دیکھئے ضمیمہ براہین قاطعہ مطبوعہ ساڈھورہ ص ۲۷۲ ’’الحاصل امکان کذب سے مراد دخول کذب تحت قدرت باری تعالیٰ ہے‘‘ اور مولوی رشید احمد صاحب گنگوہی فتاویٰ رشیدیہ ص ۳۹۲ پر تحریر فرماتے ہیں ’’پس مذہب جمیع محققین اہل اسلام و صوفیائے کرام و علمائے عظام کا اس مسئلہ میں یہ ہے کہ کذب داخل تحت قدرت باری تعالیٰ ہے۔

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کہتے ہیں کہ کذب کے تحت قدرت باری تعالیٰ ہونے سے بندوں کے جھوٹ کی تخلیق اور اس کے باقی رکھنے یا نہ رکھنے پر قدرتِ خداوندی کا ہونا مراد ہے یا یہ مقصد ہے کہ اللہ تعالیٰ بذاتِ خود صفت کذب سے متصف ہو سکتا ہے۔ اگر پہلی شق مراد ہے تو اس میں آج تک کسی سنی نے اختلاف نہیں کیا۔ پھر یہ کہنا کہ امکان کذب کے مسئلہ میں شروع سے اختلاف رہا ہے باطل محض اور جہالت و ضلالت ہے اور اگر دوسری شق مراد ہو تو اس سے بڑھ کر شانِ الوہیت میں کیا گستاخی ہو سکتی ہے کہ معاذ اللہ اللہ تعالیٰ کے متصف بالکذب ہونے کو ممکن قرار دیا جائے۔ اہل سنت کے نزدیک ایسا عقیدہ کفر خالص ہے۔ اعاذنا اللّٰہ منہا۔

۳۔ دیوبندیوں کا مذہب کبراء علماءدیوبند کا مسلک یہ ہے کہ قرآن کریم نے کفار کو فصاحت و بلاغت سے عاجز نہیں کیا تھا اور فصاحت و بلاغت سے عاجز کرنا علماءدیوبند کے نزدیک کوئی کمال بھی نہیں۔ چنانچہ مولوی حسین علی صاحب تلمیذ رشید احمد صاحب گنگوہی اپنی کتاب بلغۃ الحیران مطبوعہ حمایت اسلام پریس لاہور (طبع اول) میں صفحہ ۱۲ پر لکھتے ہیں ’’یہ خیال کرنا چاہئے کہ کفار کو عاجز کرنا کوئی فصاحت اور بلاغت سے نہ تھا کیونکہ قرآن خاص واسطے کفار فصحاء بلغاء کے نہیں آیا تھا اور یہ کمال بھی نہیں۔‘‘

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کا عقیدہ ہے کہ قرآن کریم نے یقینا اپنی فصاحت و بلاغت سے کفار فصحاء عرب کو عاجز کیا تھا اور قرآن کی یہ شانِ اعجاز قیامت تک باقی رہے گی۔ جو شخص اس اعجازِ قرآنی کا منکر ہے اور قرآن کریم کی فصاحت و بلاغت کو کمال نہیں سمجھتا وہ دشمن قرآن ملحد و بے دین خارج از اسلام ہے۔

۴۔ دیوبندیوں کا مذہب علماءدیوبند کے نزدیک شیطان اور ملک الموت کا علم رسول اللہ ﷺ کے علم سے زیادہ ہے۔ شیطان اور ملک الموت کے لئے محیط زمین کی وسعت علم دلیل شرعی سے ثابت ہے اور فخر عالم ﷺ کے لئے اس علم کا ثابت کرنا شرک ہے۔ دیکھئے براہین قاطعہ مصنفہ مولوی خلیل احمد صاحب انبیٹھوی و مصدقہ مولوی رشید احمد صاحب گنگوہی مطبوعہ دار الاشاعت کراچی ص ۵۵۔

الحاصل غور کرنا چاہئے کہ شیطان و ملک الموت کا حال دیکھ کر علم محیط زمین کا فخر عالم کو خلاف نصوص قطعیہ کے بلا دلیل محض قیاس فاسدہ سے ثابت کرنا شرک نہیں تو کون سا ایمان کا حصہ ہے۔ شیطان و ملک الموت کو یہ وسعت نص سے ثابت ہوئی۔ فخر دو عالم کی وسعت علم کی کون سی نص قطعی ہے جس سے تمام نصوص کو رد کر کے ایک شرک ثابت کرتا ہے۔

اسی براہین قاطعہ کے ص ۵۶ پر ہے ’’اعلیٰ علیین میں روح مبارک علیہ السلام کا تشریف رکھنا اور ملک الموت سے افضل ہونے کی وجہ سے ہرگز ثابت نہیں ہوتا کہ علم آپ کا ان امور میں ملک الموت کے برابر بھی ہو چہ جائیکہ زیادہ۔‘‘

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کا مذہب یہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ کے مقابلے میں شیطان کے لئے محیط زمین کا علم ثابت کرنا اور حضور ﷺ کی ذاتِ اقدس سے اس کی نفی کرنا بارگاہِ رسالت کی سخت توہین ہے۔

اہل سنت کے نزدیک شیطان و ملک الموت کے محیط زمین کے علم پر قرآن و حدیث میں کوئی نص وارد نہیں ہوئی جو شخص نص کا دعویٰ کرتا ہے وہ قرآن و حدیث پر نہایت ہی ناپاک بہتان باندھتا ہے۔ اسی طرح حضور ﷺ کے علم کو نصوص قطعیہ کے خلاف کہنا بھی قرآن و حدیث پر افتراء عظیم ہے۔ قرآن و حدیث میں کوئی ایسی نص وارد نہیں ہوئی جس سے رسول اللہ ﷺ کے حق میں محیط زمین کے علم کی نفی ہوتی ہو بلکہ قرآن و حدیث کے بے شمار نصوص سے رسول اللہ ﷺ کیلئے ہر چیز کا علم ثابت ہے۔

اہل سنت کا مسلک ہے کہ کسی مخلوق کے مقابلے حضور ﷺ کے لئے علم کی کمی ثابت کرنا حضور کی شانِ اقدس میں بدترین گستاخی ہے۔

۵۔ دیوبندیوں کا مذہب دیوبندی حضرات کا مذہب ہے کہ رسول اللہ ﷺ کو نہ اپنی عاقبت کا علم ہے نہ دیوار کے پیچھے حضور جانتے ہیں۔ اسی براہین قاطعہ کے ص ۵۵ پر ہے خود فخر عالم علیہ السلام فرماتے ہیں، ’’واللّٰہ لا ادری ما یفعل بی ولا بکم‘‘ اور شیخ عبد الحق روایت کرتے ہیں کہ ’’مجھ کو دیوار کے پیچھے کا بھی علم نہیں۔‘‘

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کا مسلک یہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ صرف اپنی ہی نہیں بلکہ تمام مومنین و کفار کی بھی عاقبت کا حال جانتے ہیں اور زمین و آسمان کا کوئی گوشہ نگاہِ رسالت سے مخفی نہیں۔

’’واللّٰہ لا ادری‘‘ والی حدیث سے رسول اللہ ﷺ کے اپنے اور دوسروں کے انجام کار سے لاعلم ہونے پر استدلال کرنا انتہائی مضحکہ خیز ہے۔ کیا قرآن کریم میں حضور ﷺ کے لئے ’’عَسٰی اَنْ یَّبْعَثَکَ رَبُّکَ مَقَامًا مَّحْمُوْدًا‘‘ اور ’’وَلَـلْاٰخِـرَۃُ خَــیْـرٌ لَّـکَ مِنَ الْاُوْلٰی‘‘ وارد نہیں ہوا۔ کیا مومنین کے حق میں ’’لِیُدْخِلَ الْمُؤْمِنِیْنَ وَالْمُؤْمِنَاتِ جَنّٰتٍ تَجْرِیْ مِنْ تَحْتِہَا الْاَنْہَارُ خٰلِدِیْنَ فِیْہَاo‘‘ (الاٰیۃ) قرآن مجید میں موجود نہیں؟

پھر سمجھ میں نہیں آتا کہ حضور کے علم کی نفی کس بنا پر کی جاتی ہے۔ حدیث ’’لا ادری‘‘ کے معنی صرف یہ ہیں کہ میں بغیر تعلیم خداوندی کے محض اٹکل سے نہیں جانتا کہ میرے اور تمہارے ساتھ کیا ہو گا۔ وہی حدیث جو بحوالہ روایت شیخ عبد الحق صاحب رحمۃ اللہ علیہ پیش کی گئی ہے اس کے متعلق پہلے تو یہ عرض ہے کہ شیخ عبد الحق صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اگر اس حدیث کو لکھا ہے تو وہ بطور نقل و حکایت کے تحریر فرمایا ہے اس کو روایت کہنا اپنی جہالت کا ثبوت دینا ہے۔ پھر لطف یہ ہے کہ یہی شیخ عبد الحق محدث دہلوی اپنی کتاب ’’مدارج النبوۃ‘‘ میں اس روایت کا جواب دیتے ہوئے فرماتے ہیں ’’جوابش آنست کہ ایں سخن اصلے ندارد و روایتے بداں صحیح نشدہ‘‘

ایسی بے اصل روایتوں سے حضور ﷺ کے کمالاتِ علمی کا انکار کرنا اہل سنت کے نزدیک بدترین جہالت و ضلالت ہے۔

۶۔ دیوبندیوں کا مذہب دیوبندی مولوی صاحبان کے مقتداء مولوی اشرف علی صاحب تھانوی کا رسول اللہ ﷺ کے علم غیب کو زید و عمرو، بچوں، پاگلوں بلکہ تمام حیوانوں اور جانوروں کے علم سے تشبیہ دینا۔ ملاحظہ فرمایئے حفظ الایمان مصنفہ مولوی اشرف علی تھانوی ص ۸ ’’پھر یہ کہ آپ کی ذاتِ مقدسہ پر علم غیب کا حکم کیا جانا اگر بقول زید صحیح ہو تو دریافت طلب یہ امر ہے کہ اس غیب سے مراد بعض غیب ہے یا کل غیب۔ اگر بعض علوم غیبیہ مراد ہیں تو اس میں حضور ہی کی کیا تخصیص ہے۔ ایسا علم غیب تو زید و عمرو بلکہ ہر صبی و مجنون بلکہ جمیع حیوانات و بہائم کے لئے بھی حاصل ہے۔‘‘

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کا عقیدہ ہے کہ رسول کریم ﷺ کا علم تمام کائنات کے علم سے ممتاز ہے اور اس قسم کی تشبیہ شانِ نبوت کی شدید ترین توہین و تنقیص ہے۔

۷۔ دیوبندیوں کا مذہب حضرات علماء دیوبند کے نزدیک نماز میں رسول اللہ ﷺ کا خیال مبارک دل میں لانا بیل اور گدھے کے تصور میں غرق ہو جانے سے بدرجہا بد تر ہے۔

دیکھئے علماء دیوبند کی مسلمہ و مصدقہ کتاب ’’صراطِ مستقیم‘‘ ص ۸۶ مطبوعہ مجتبائی دہلی ’’از وسوسۂ زنا خیال مجامعت زوجہ خود بہتر است و صرف ہمت بسوئے شیخ و امثال آں از معظمین گو جناب رسالت مآب باشند بچندیں مرتبہ بدتر از استغراق در صورت گاؤ خر خود است۔‘‘

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کے مسلک میں رسول اللہ ﷺ کا خیال مبارک تکمیل نماز کا موقوف علیہ ہے اور حضور ﷺ کی صورت کریمہ کو دل میں حاضر کرنا مقصد عبادت کے حصول کا ذریعہ اور وسیلہ عظمیٰ ہے اور حضور ﷺ کا خیال مبارک دل میں لانے کو گائے بیل کے تصور میں غرق ہو جانے سے بدتر کہنا حضور ﷺ کی وہ توہین شدید ہے جس کے تصور سے مومن کے بدن پر رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔ اہل سنت ایسا کہنے والے کو جہنمی اور ملعون تصور کرتے ہیں۔

۸۔ دیوبندیوں کا مذہب دیوبند کے مقتدر علماء کے نزدیک لفظ ’’رحمۃ للعٰلمین‘‘ رسول اللہ ﷺ کی صفت خاصہ نہیں۔ فتاویٰ رشیدیہ ص ۳۹۹، ۴۰۰ پر تحریر فرماتے ہیں استفتاء: کیا فرماتے ہیں علمائے دین کہ لفظ رحمۃ للعٰلمین مخصوص آنحضرت ﷺ سے ہے یا ہر شخص کو کہہ سکتے ہیں؟ الجواب: لفظ رحمۃ للعٰلمین صفت خاصہ رسول اللہ ﷺ کی نہیں ہے۔

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کے نزدیک رحمۃ للعٰلمین خاص رسول اللہ ﷺ کا وصف جمیل ہے۔ اس میں کسی دوسرے کو شریک کرنا حضور ﷺ کی شان کو گھٹانا ہے۔

۹۔ دیوبندیوں کا مذہب علماء دیوبند کے نزدیک قرآن کریم میں خاتم النبیین کے معنی آخری نبی مراد لینا عوام کا خیال ہے۔ ملاحظہ فرمایئے تحذیر الناس ص ۳ مصنفہ مولوی محمد قاسم صاحب نانوتوی بانی مدرسہ دیوبند ’’بعد حمد و صلوٰۃ کے قبل عرض جواب یہ گزارش ہے کہ اول معنی خاتم النبیین معلوم کرنے چاہئیں تاکہ فہم جواب میں کچھ دقت نہ ہو۔ سو عوام کے خیال میں تو رسول اللہ ﷺ کا خاتم ہونا بایں معنی ہے کہ آپ کا زمانہ انبیاء سابق کے زمانہ کے بعد اور آپ سب میں آخری نبی ہیں۔ مگر اہل فہم پر روشن ہو گا کہ تقدم یا تاخر زمانی میں بالذات کچھ فضیلت نہیں پھر مقام مدح میں ’’وَلٰکِنْ رَّسُوْلَ اللّٰہِ وَخَاتَمَ النَّبِیِّیْنِ‘‘ فرمانا اس صورت میں کیونکر صحیح ہو سکتا ہے۔‘‘

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کا عقیدہ یہ ہے کہ قرآن کریم میں جو لفظ خاتم النبیین وارد ہوا ہے اس کے معنی منقول متواتر آخر النبیین ہی ہیں۔ جو شخص اس کو عوام کا خیال قرار دیتا ہے وہ قرآن کریم کے معنی منقول متواتر کا منکر ہے۔

۱۰۔ دیوبندیوں کا مذہب دیوبندی حضرات کا مذہب یہ ہے کہ اگر بالفرض زمانہ نبوی ﷺ کے بعد بھی کوئی نبی پیدا ہو تو پھر بھی حضور کی خاتمیت میں کچھ فرق نہ آئے گا۔ دیکھئے اسی تحذیر الناس کے صفحہ ۲۸ پر مرقوم ہے ’’اگر بالفرض بعد زمانہ نبوی ﷺ بھی کوئی نبی پیدا ہو تو پھر بھی خاتمیت محمدی میں کچھ فرق نہ آئے گا۔ چہ جائیکہ آپ کے معاصر کسی اور زمین میں یا فرض کیجئے اسی زمین میں کوئی اور نبی تجویز کیا جائے۔‘‘

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کا مذہب یہ ہے کہ اگر بفرض محال بعد زمانۂ نبوی ﷺ کوئی نبی پیدا ہو تو خاتمیت محمدی میں ضرور فرق آئے گا۔ جیسا کہ بفرض محال دوسرا الٰہ پایا جائے تو اللہ تعالیٰ کی توحید میں ضرور فرق آئے گا۔ جو شخص اس فرق کا منکر ہے وہ نہ توحید باری کو سمجھا نہ ختم نبوت پر ایمان لایا۔

۱۱۔ دیوبندیوں کا مذہب دیوبندی علماء کے نزدیک رسول اللہ ﷺ کو اردو زبان کا علم اس وقت ہوا جب حضور کا معاملہ علماءدیوبند سے ہو گیا۔ اس سے پہلے حضور اردو زبان نہ جانتے تھے۔ دیکھئے براہین قاطعہ میں مولوی خلیل احمد صاحب انبیٹھوی ص ۳۰ پر لکھتے ہیں ’’مدرسہ دیوبند کی عظمت حق تعالیٰ کی بارگاہ میں بہت ہے کہ صدہا عالم یہاں سے پڑھ کر گئے اور خلق کثیر کو ظلمات و ضلالت سے نکالا۔ یہی سبب ہے کہ ایک صالح فخر عالم علیہ السلام کی زیارت سے خواب میں مشرف ہوئے تو آپ کو اردو میں کلام کرتے دیکھ کر پوچھا کہ آپ کو یہ کلام کہاں سے آ گئی، آپ تو عربی ہیں۔ فرمایا کہ جب سے علماء مدرسہ دیوبند سے ہمارا معاملہ ہوا ہم کو یہ زبان آ گئی۔ سبحان اللہ! اس سے رتبہ اس مدرسہ کا معلوم ہوا۔‘‘

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کے نزدیک رسول اللہ ﷺ اول امر سے ہر زبان کے عالم ہیں۔ جو شخص حضور کے لئے کسی زبان کے علم کو اس اہل زبان سے معاملہ ہونے کے بعد ثابت کرے اور اس کا مسلک یہ ہو کہ حضور کو یہ زبان اس وقت آ گئی جب اس زبان والوں سے حضور کا معاملہ ہوا یعنی اس سے پہلے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام اس زبان کے عالم نہ تھے، وہ شخص کمالاتِ رسالت کو مجروح کر رہا ہے۔

۱۲۔ دیوبندیوں کا مذہب دیوبندی حضرات کو ایسی خوابیں نظر آتی ہیں جن میں وہ (معاذ اللہ) رسول اللہ ﷺ کو گرتا ہوا دیکھتے ہیں اور پھر حضور کو گرنے سے روکتے اور بچاتے ہیں۔ دلیل کے طور پر مولوی حسین علی صاحب شاگرد رشید مولوی رشید احمد صاحب گنگوہی کا ارشاد بلغۃ الحیران ص ۸ پر دیکھئے ’’ورایت انہٗ یسقط فامسکتہٗ واعصمتہٗ من السقوط۔‘‘ ’’اور میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا کہ حضور گر رہے ہیں تو میں نے حضور کو روکا اور گرنے سے بچا لیا۔‘‘

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کا مسلک ہے کہ ذات جناب رسالت مآب ﷺ کو خواب میں دیکھ کر حضور ﷺ کے علاوہ کوئی دوسری چیز مراد نہیں لی جا سکتی۔ جس نے حضور کو دیکھا اس نے لاریب حضور ﷺ ہی کو دیکھا۔ ایسی صورت میں جو شخص یہ کہے کہ (معاذ اللہ) میں نے گرتا ہوا دیکھ کر حضور ﷺ کو گرنے سے بچا لیا وہ بارگاہِ رسالت میں دریدہ دہن نہایت گستاخ ہے۔

۱۳۔ دیوبندیوں کا مذہب علماءدیوبند کے مقتداء مولوی اشرف علی صاحب تھانوی نے نہ صرف خواب بلکہ بیداری کی حالت میں بھی ’’لا الٰہ الا اللّٰہ اشرف علی رسول اللّٰہ‘‘ اور ’’اللّٰہم صل علٰی سیدنا ونبینا ومولانا اشرف علی‘‘ پڑھنے کو اپنے متبع سنت ہونے کا اشارہ غیبی قرار دے کر پڑھنے والے کی حوصلہ افزائی فرمائی۔ دیکھئے روئیداد مناظرہ ’’گیا‘‘ الفرقان جلد ۳ نمبر ۱۲ کے صفحہ ۷۵ پر دیوبندی حضرات کے مایۂ ناز مناظر مولوی منظور احمد صاحب سنبھلی نعمانی تحریر فرماتے ہیں یہ پنجاب کے رہنے والے ہیں۔ انہوں نے مولانا تھانوی کو ایک طویل خط لکھا ہے۔ اخیر میں اپنے خواب کا واقعہ ان الفاظ میں لکھتے ہیں ’’کچھ عرصہ کے بعد خواب دیکھتا ہوں کہ کلمہ شریف ’’لا الٰہ الا اللّٰہ محمد رسول اللّٰہ‘‘ پڑھتا ہوں لیکن محمد رسول اللہ کی جگہ حضور کا نام لیتا ہوں۔ اتنے میں دل کے اندر خیال پیدا ہوا کہ تجھ سے غلطی ہوئی۔ کلمہ شریف کے پڑھنے میں اس کو صحیح پڑھنا چاہئے۔ اس خیال سے دوبارہ کلمہ شریف پڑھتا ہوں۔ دل پر تو یہ ہے کہ صحیح پڑھا جائے لیکن زبان سے بے ساختہ بجائے رسول اللہ ﷺ کے نام کے ’’اشرف علی‘‘ نکل جاتا ہے حالانکہ مجھ کو اس بات کا علم ہے کہ اس طرح درست نہیں لیکن بے اختیار زبان سے یہی کلمہ نکلتا ہے۔ دو تین بار جب یہی صورت ہوئی تو حضور کو اپنے سامنے دیکھتا ہوں اور بھی چند شخص حضور کے پاس تھے لیکن اتنے میں میری یہ حالت ہو گئی کہ میں کھڑا کھڑا بوجہ اس کے کہ رقت طاری ہو گئی ، زمین پر گر گیا اور نہایت زور کے ساتھ چیخ ماری اور مجھ کو معلوم ہوتا تھا کہ میرے اندر کوئی طاقت باقی نہیں رہی۔ اتنے میں بندہ خواب سے بیدار ہو گیا لیکن بدن میں بدستور بے حسی تھی اور وہ اثر ناطاقتی بدستور تھا لیکن جب حالت بیداری میں کلمہ شریف کی غلطی کا پھر خیال آیا تو اس بات کا ارادہ ہوا کہ اس خیال کو دل سے دور کیا جائے۔ اس واسطے کہ پھر کوئی ایسی غلطی نہ ہو جائے۔ بایں خیال بندہ بیٹھ گیا اور پھر دوسری کروٹ لیٹ کر کلمہ شریف کی غلطی کے تدارک میں رسول اللہ ﷺ پر درود شریف پڑھتا ہوں لیکن پھر بھی یہ کہتا ہوں ’’اللّٰہم صل علٰی سیدنا ونبینا و مولانا اشرف علی‘‘ حالانکہ اب بیدار ہوں خواب نہیں لیکن بے اختیار ہوں مجبور ہوں زبان اپنے قابو میں نہیں۔‘‘

اس خط میں جو ’’لا الٰہ الا اللّٰہ اشرف علی رسول اللّٰہ‘‘ اور ’’اللّٰہم صل علٰی سیدنا ونبینا ومولانا اشرف علی‘‘ پڑھنے کا واقعہ لکھا ہوا ہے اس کے جواب میں مولوی اشرف علی صاحب تھانوی نے جو عبارت لکھی وہ ہم اسی ’’روئیداد مناظرہ گیا‘‘ سے نقل کرتے ہیں ملاحظہ فرمایئے ’’روئیداد مناظرہ گیا‘‘ ص ۸۷۔ اس واقعہ میں تسلی تھی کہ جس کی طرف تم رجوع کرتے ہو وہ بعونہ تعالیٰ متبع سنت ہے۔

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کے نزدیک ’’لا الٰہ الا اللّٰہ اشرف علی رسول اللّٰہ‘‘ اور ’’اللّٰہم صل علٰی سیدنا ونبینا ومولانا اشرف علی‘‘ کے خبیث اور ناپاک الفاظ کلماتِ کفر ہیں۔ خواب یا بیداری میں یہ الفاظ پڑھنا پڑھنے والے کے مغضوب الٰہی ہونے کی دلیل ہے۔ جو شخص بے اختیار ان کو ادا کرتا ہے وہ غلبۂ شیطانی سے مغلوب ہو کر بے اختیار ہوا ہے۔ اللہ تعالیٰ کی طرف اس سلب اختیار کی نسبت کرنا اور یہ سمجھنا کہ اللہ تعالیٰ نے اشرف علی تھانوی کے متبع سنت ہونے کی طرف اشارہ کرنے کے لئے اس اختیار کو سلب کر لیا تھا اور اللہ تعالیٰ کی طرف سے یہ کلماتِ کفریہ اس کی زبان پر جاری کرائے گئے تھے، مزید غضب الٰہی اور عذابِ خداوندی کا موجب ہے۔ سبحٰنک ہٰذا بہتان عظیم۔

اہل سنت کے نزدیک حالت مذکورہ اغوا اور اضلال شیطان سے ہے جس سے توبہ کرنا فرض ہے۔ اگر خدا نخواستہ قائل ایسی حالت میں توبہ سے پہلے مر جائے تو ناری اور جہنمی قرار پائے۔

۱۴۔ دیوبندیوں کا مذہب دیوبندی علماء کے پیشوا مولوی حسین علی صاحب ساکن واں بھچراں آف ضلع میانوالی کے نزدیک رسول اللہ ﷺ نے حضرت زید رضی اللہ عنہ کی مطلقہ حضرت زینب رضی اللہ عنہا سے بغیر عدت گزارے نکاح کر لیا۔ بلغۃ الحیران ص ۲۶۷ پر ہے ’’اور قبل الدخول طلاق دو تو اس عورت پر عدت لازم نہ ہو گی۔ جیسا کہ زینب کو طلاق قبل الدخول دی گئی اور رسول اللہ ﷺ نے اس سے بلا عدت نکاح کر لیا۔‘‘

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کے مذہب میں یہ کہنا حضور ﷺ پر افتراء ہے کہ حضور نے عدت گزرنے سے پہلے حضرت زینب سے نکاح کر لیا بلکہ حقیقت یہ ہے کہ حضور ﷺ نے ان کی عدت گزرنے سے پہلے پیغام نکاح تک نہیں بھیجا۔ جیسا کہ مسلم شریف جلد اول ص ۴۶۰ پر حدیث وارد ہے ’’لما انقضت عدۃ زینب قال رسول اللّٰہ ﷺ لزید فاذکرہا علی الحدیث‘‘ یعنی جب حضرت زینب رضی اللہ عنہا کی عدت پوری ہو گئی تو رسول اللہ ﷺ نے حضرت زید رضی اللہ عنہ سے فرمایا کہ ’’تم زینب کو میری طرف سے نکاح کا پیغام دو‘‘ لہٰذا جو شخص حضور پر یہ افترا کرتا ہے وہ بارگاہِ رسالت کا سخت ترین دشمن اور بدترین گستاخ ہے۔‘‘

۱۵۔ دیوبندیوں کا مذہب دیوبندی علماء کے مذہب میں حضور ﷺ کی تعظیم بڑے بھائی کی سی کرنی چاہئے۔ تقویۃ الایمان کے صفحہ نمبر ۶۰ پر ہے ’’انسان آپس میں سب بھائی ہیں جو بڑا بزرگ ہو وہ بڑا بھائی ہے سو اس کی بڑے بھائی کی سی تعظیم کیجئے۔‘‘

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کے مذہب میں جس طرح تمام حضرات انبیاء علیہم السلام اپنی امتوں کے روحانی باپ ہیں اسی طرح حضور نبی کریم ﷺ بھی اپنی امت کے روحانی باپ ہیں اور اسی لئے اللہ تعالیٰ نے حضور ﷺ کی ازواجِ مطہرات کو امہات المؤمنین فرمایا۔ لہٰذا حضرات انبیاء علیہم السلام بالخصوص حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کی تعظیم و تکریم ان کی نبوت و رسالت اور ابوۃ روحانیہ کے موافق کی جاوے گی۔ بڑے بھائی کی طرح ان کی تعظیم کرنا، ان کی شان کو گھٹانا اور ان کے حق میں بدترین قسم کی توہین و تنقیص کا مرتکب ہونا ہے۔

۱۶۔ دیوبندیوں کا مذہب حیات النبی ﷺ کے متعلق مولوی اسمٰعیل صاحب دہلوی مصنف تقویۃ الایمان کا عقیدہ یہ ہے کہ معاذ اللہ حضور ﷺ مر کر مٹی میں مل گئے۔ ملاحظہ فرمائیے تقویۃ الایمان ص ۶۱ پر مرقوم ہے ’’یعنی میں بھی ایک دن مر کر مٹی میں ملنے والا ہوں۔‘‘

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کے نزدیک انبیاء علیہم السلام باوجود موت عادی طاری ہونے کے حیاتِ حقیقی کے ساتھ زندہ ہوتے ہیں اور ان کے اجسام کریمہ صحیح و سالم رہتے ہیں۔

حدیث شریف میں وارد ہے ’’ان اللّٰہ حرم علی الارض ان تاْکل اجساد الانبیاء فنبی اللّٰہ حی یرزق۔‘‘ (مشکوٰۃ ج اول ص ۱۲۱) لہٰذا حضور سید عالم ﷺ کے حق میں یہ اعتقاد رکھنا کہ معاذ اللہ حضور ﷺ مر کر مٹی میں مل گئے صریح گمراہی ہے اور حضور کی طرف منسوب کر کے یہ کہنا کہ معاذ اللہ ’’میں بھی مر کر مٹی میں ملنے والا ہوں‘‘ رسول اللہ ﷺ پر افتراء محض اور شانِ اقدس میں توہین صریح ہے۔ (العیاذ باللہ)

۱۷۔ دیوبندیوں کا مذہب مولوی محمد قاسم صاحب نانوتوی بانی مدرسہ دیوبند کے نزدیک جس طرح حضور نبی کریم ﷺ متصف بحیات بالذات ہیں، بالکل اسی طرح معاذ اللہ دجال بھی متصف بحیات بالذات ہے اور جس طرح حضور ﷺ کی آنکھ سوتی تھی دل نہیں سوتا تھا اسی طرح دجال کی بھی آنکھ سوتی ہے دل نہیں سوتا۔ ملاحظ فرمایئے مولوی صاحب مذکور اپنی کتاب آبِ حیات مطبع قدیمی واقع دہلی ص ۱۶۹ پر لکھتے ہیں ’’چنانچہ آنحضرت ﷺ کا کلام اس ہیچمدان کی تصدیق کرتا ہے۔ فرماتے ہیں ’’تنام عینای ولا ینام قلبی او کما قال‘‘ لیکن اس قیاس پر دجال کا حال بھی یہی ہونا چاہئے۔ اس لئے کہ جیسے رسول اللہ ﷺ بوجہ منشائیت ارواح مومنین جس کی تحقیق سے ہم فارغ ہو چکے ہیں۔ متصف بحیات بالذات ہوئے ایسے ہی دجال بھی بوجہ منشائیت ارواح کفار جس کی طرف ہم اشارہ کر چکے ہیں متصف بحیات بالذات ہو گا اور اس وجہ سے اس کی حیات قابل انفکاک نہ ہو گی اور موت و نوم میں استتار ہو گا۔ انقطاع نہ ہو گا اور شاید یہی وجہ معلوم ہوتی ہے کہ ابن صیاد جس کے دجال ہونے کا صحابہ کو ایسا یقین تھا کہ قسم کھا بیٹھے تھے اپنی نوم کا وہی حال بیان کرتا ہے جو رسول اللہ ﷺ نے اپنی نسبت ارشاد فرمایا یعنی بشہادت احادیث وہ بھی یہی کہتا تھا کہ ’’تنام عینی ولا ینام قلبی۔‘‘

اہل سنت کا مذہب اہل سنت کے عقیدے میں حضور ﷺ کا متصف بحیات بالذات ہونا حضور ﷺ کا ایسا کمال ہے جو حضور ﷺ کے سوا کسی دوسرے کو حاصل نہیں ہے۔ چہ جائیکہ دجال لعین کے لئے ثابت ہو۔ اہل سنت تمام انبیاء علیہم السلام کی حیات کے قائل ہیں مگر بالذات حیات سے متصف ہونا حضور ﷺ ہی کی شان ہے۔ اسی طرح آنکھ کا سونا اور دل کا نہ سونا بھی ایسی صفت ہے جو انبیاء علیہم السلام کے سوا کسی دوسرے کے لئے کسی دلیل شرعی سے ثابت نہیں۔ چہ جائیکہ قول دجال کو دلیل شرعی تسلیم کرتے ہوئے اس کے لئے بھی یہ وصف نبوت ثابت کر دیا جائے۔

اہل سنت کے مسلک میں اسلام حیات اور کفر موت ہے اس لئے دجال کو اگر منشاء ارواح کفار مانا جائے تو وہ منبع کفر ہونے کی وجہ سے متصف بممات بالذات ہو گا نہ (کہ) متصف بحیات بالذات۔

الحاصل حضور ﷺ کے خصوصی اوصاف دجال کے لئے ثابت کرنا معاذ اللہ تنقیص شانِ نبوت ہے۔