ایام طفولیت مبارکہ میں شق صدر کے بعد سینۂ اقدس کو ٹانکے لگائے گئے صحیح مسلم جلد اول صفحہ ۹۲ پر حضرت انس سے مروی ہے کہ حضور ﷺ بچوں کے ساتھ (اپنی شان کے لائق) کھیل رہے تھے۔ جبرائیل علیہ السلام آئے اور انہوں نے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کو زمین پر لٹا کر سینہ اقدس چاک کیا۔ قلب مبارک کو باہر نکال کر اس سے منجمد خون نکالا اور زمزم کے پانی سے دھو کر سینہ اقدس میں رکھ کر سینہ مبارک بند کر دیا۔ وہ بچے جن کے ساتھ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کھیل رہے تھے، آپ کی رضاعی ماں (حلیمہ سعدیہ رضی اللہ عنہا) کے پاس آئے اور کہنے لگے کہ ’’اِنَّ مُحَمَّدًا قَدْ قُتِلَ‘‘ محمد ﷺ قتل کر دئیے گئے تو لوگ دوڑتے ہوئے آئے تو محمد ﷺ کا رنگ مبارک بدلا ہوا تھا۔ حضرت انس ص فرماتے ہیں کہ میں نے حضور ﷺ کے سینہ اقدس میں سوئی (سے سیئے جانے) کا نشان دیکھا تھا۔ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ شق صدر مبارک کے متعلق روحانی، منامی، کشفی، معنوی وغیرہ کی تمام تاویلات قطعاً باطل ہیں بلکہ یہ ’’شق‘‘ اور چاک کیا جانا حسی حقیقی اور امر واقعی ہے کیونکہ سینہ اقدس میں سوئی سے سیئے جانے کا نشان چمکتا ہوا نظر آتا تھا۔ پھر حدیث پاک میں صاف الفاظ موجود ہیں کہ جب حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کا سینہ مبارک چاک کیا گیاتو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ساتھ کھیلنے والے لڑکے دوڑتے ہوئے حضور ﷺ کی رضاعی ماں (حلیمہ سعدیہ) کے پاس آئے اور کہا کہ محمد ﷺ قتل کر دئیے گئے۔ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے سینہ پاک کے چاک ہونے اور قلب اطہر کے نکالے جانے اور اس سے منجمد خون کے باہر نکالے جانے کا واضح ذکر اور حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے متغیر اللون ہونے کا بیان اس حقیقت کو بے نقاب کر رہا ہے کہ یہ واقعہ بالکل حسی ہے۔ اس کو معنوی کہنا کسی طرح درست نہیں ہو سکتا۔

اس تفصیل کو ذہن نشین کر لینے کے بعد بیان سابق میں ہمارا یہ قول بالکل بے غبار ہو جاتا ہے کہ شق صدر مبارک بچپن میں ہو یا جوانی میں۔ قبل البعثت ہو یا بوقت معراج، حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے بعد وفات حیات حقیقی کے ساتھ زندہ رہنے کی قوی دلیل ہے۔ کیونکہ انسان کا دل اس کی روح حیات کا مستقر ہوتا ہے۔ اس کا سینہ سے باہر آ جانا روح حیات کا بدن سے نکل جانا ہے۔ گویا اس واقعہ میں یہ اشارہ ہے کہ جس طرح قلب مبارکہ کے سینۂ اقدس سے باہر ہو جانے کے باوجود حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام زندہ ہیں، اسی طرح روح مقدس کے قبض ہو جانے کے بعد زندہ رہیں گے۔ یہ واقعہ حضور ﷺ کے عظیم ترین معجزات میں سے ہے۔

فائدہ جلیلہ فضیلت شق صدر حضور ﷺ کے طفیل باقی انبیائے کرام علیہم السلام کو بھی عطا ہوئی۔ جیسا کہ تابوت بنی اسرائیل کے قصہ میں طبرانی کی طویل روایت میں یہ الفاظ ہیں ’’کَانَ فِیْہِ الطَّشْتُ الَّتِیْ یُغْسَلُ فِیْہَا قُلُوْبُ الْاَنْبِیَائِ‘‘ (فتح الملہم جلد اول صفحہ ۱۰۰) یعنی تابوت سکینہ میں وہ طشت بھی تھا جس میں انبیاء علیہم السلام کے دلوں کو دھویا جاتا ہے چونکہ دیگر انبیاء علیہم السلام کو بھی حضور ﷺ کی تبعیت میں حیات حقیقی عطا کی گئی لہٰذا شق صدر اور قلب مبارک کا دھویا جانا بھی ان کو عطا کیا گیا تھا تاکہ ان کی حیات بعد الوفات پر بھی اسی طرح دلیل قائم ہو جائے جس طرح رسول اللہ ﷺ کی حیات بعد الممات پر دلیل قائم کی گئی اور اس طرح بلا تخصیص و تقیید مطلقاً حیاتِ انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام ثابت ہو جائے۔

قلب مبارک کا دھویا جانا قلب اطہر کا زم زم سے دھویا جانا کسی آلائش کی وجہ سے نہ تھا کیونکہ حضور سید عالم ﷺ سید الطیبین و الطاہرین ہیں۔ ایسے طیب و طاہر کہ ولادتِ با سعادت کے بعد بھی حضور سید عالم ﷺ کو غسل نہیں دیا گیا۔ لہٰذا قلب اقدس کا زم زم سے دھویا جانا محض اس حکمت پر مبنی تھا کہ زم زم کے پانی کو وہ شرف بخشا جائے جو دنیا کے کسی پانی کو حاصل نہیں بلکہ قلب اطہر کے ساتھ مائِ زم زم کو مس فرما کر وہ فضیلت عطا فرمائی گئی جو کوثر و تسنیم کے پانی کو بھی حاصل نہیں۔

شق صدر کی حکمتیں شب معراج حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے سینۂ اقدس کے شق کئے جانے میں بے شمار حکمتیں مضمر ہیں جن میں ایک حکمت یہ بھی ہے کہ قلب اطہر میں ایسی قوت قدسیہ بالفعل ہو جائے جس سے آسمانوں پر تشریف لے جانے اور عالم سمٰوٰت کا مشاہدہ کرنے بالخصوص دیدارِ الٰہی سے مشرف ہونے میں کوئی دقت اور دشواری پیش نہ آئے۔

حیات النبی کی دلیل علاوہ ازیں شق صدر مبارک میں ایک حکمت بلیغہ یہ بھی ہے کہ صحابہ کرام کے لئے حضور ﷺ کی حیات بعد الموت پر دلیل قائم ہو گئی۔ اس اجمال کی تفصیل یہ ہے کہ عادتاً بغیر روح کے جسم میں حیات نہیں ہوتی لیکن انبیاء علیہم السلام کے اجسام مقدسہ قبض روح کے بعد بھی زندہ رہتے ہیں۔ چونکہ روح حیات کا مستقر قلب انسانی ہے لہٰذا جب کسی انسان کا دل اس کے سینہ سے باہر نکال لیا جائے تو وہ زندہ نہیں رہتا لیکن رسول اللہ ﷺ کا قلب مبارک سینۂ اقدس سے باہر نکالا گیا پھر اسے شگاف دیا گیا اور وہ منجمد خون جو جسمانی اعتبار سے دل کے لئے بنیادی حیثیت رکھتا ہے صاف کر دیا گیا اس کے باوجود بھی حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام زندہ ہیں کیونکہ جس کا دل بدن سے باہر ہو اور وہ پھر بھی زندہ رہے اگر اس کی روح قبض ہو کر باہر ہو جائے تو وہ کب مردہ ہو سکتا ہے۔

قلب مبارک میں آنکھیں اور کان جبرائیل علیہ السلام نے شق صدر مبارک کے بعد قلب اطہر کو جب زم زم کے پانی سے دھویا تو فرمانے لگے ’’قَلْبٌ سَدِیْدٌ فِیْہِ عَیْنَانِ تُبْصِرَانِ وَاُذُ نَانِ تَسْمَعَانِ‘‘ ترجمہ: ’’قلب مبارک ہر قسم کی کجی سے پاک اور بے عیب ہے۔ اس میں دو آنکھیں ہیں جو دیکھتی ہیں اور دو کان ہیں جو سنتے ہیں۔ (فتح الباری جلد ۱۳، صفحہ ۴۱۰)

قلب مبارک کی یہ آنکھیں اور کان عالم محسوسات سے وراء الوراء حقائق کو دیکھنے اور سننے کے لئے ہیں۔ جیسا کہ حضور ﷺ نے فرمایا ’’اِنِّیْ اَرٰی مَا لَا تَرَوْنَ وَاَسْمَعُ مَا لاَ تَسْمَعُوْنَ‘‘ میںوہ دیکھتا ہوں جو تم نہیں دیکھ سکتے اور وہ سنتا ہوں جو تم نہیں سن سکتے۔

دائمی ادراک جب اللہ تعالیٰ نے بطور خرق عادات حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے قلب اطہر میں آنکھیں اور کان پیدا فرما دئیے ہیں تو اب یہ کہنا کہ ورائے عالم محسوسات کو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کا دیکھنا اور سننا احیاناً ہے دائمی نہیں قطعاً باطل ہو گیا۔ جب ظاہری آنکھوں اور کانوں کا ادراک دائمی ہے تو قلب مبارک کے کانوں اور آنکھوں کا ادراک کیونکر عارضی اور احیاناً ہو سکتا ہے۔ البتہ حکمت الٰہیہ کی بناء پر کسی امر خاص کی طرف حضور ﷺ کا دھیان نہ رہنا اور عدم توجہ اور عدم التفات کا حال طاری ہو جانا امر آخر ہے، جس کا کوئی منکر نہیں اور وہ علم کے منافی نہیں ہے۔ لہٰذا اس حدیث کی روشنی میں یہ حقیقت بالکل واضح ہو گئی کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کا باطنی سماع اور بصارت عارضی نہیں بلکہ دائمی ہے۔

شق صدر مبارک اور حضور ﷺ کا نوری ہونا علامہ شہاب الدین خفا جی فرماتے ہیں کہ بعض لوگ یہ وہم کرتے ہیں کہ شق صدر مبارک حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے نور سے مخلوق ہونے کے منافی ہے لیکن یہ وہم غلط اور باطل ہے۔ ان کی عبارت یہ ہے ’’وَکَوْنُہٗ مَخْلُوْقًا مِّنَ النُّوْرِ لَا یُنَافِیْہِ کَمَا تُوُہِّمَ‘‘ (نسیم الریاض، شرح شفا قاضی عیاض جلد ۲، صفحہ ۲۳۸)

نورانیت اور احوال بشریہ کا ظہور اقول و باللہ التوفیق! جو بشریت عیوب و نقائص بشریت سے پاک ہو اس کا بشر ہونا نورانیت کے منافی نہیں ہوتا۔ اللہ تعالیٰ نے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کو نور سے مخلوق فرما کر مقدس اور پاکیزہ بشریت کے لباس میں مبعوث فرمایا۔ شق صدر ہونا بشریت مطہرہ کی دلیل ہے اور باوجود سینۂ اقدس چاک ہونے کے خون نہ نکلنا نورانیت کی دلیل ہے۔ فَلَمْ یَکُنِ الشَّقُّ بِاٰلۃٍ وَّلَمْ یَسِلِ الدَّمُّ۔ ترجمہ: ’’شق صدر کسی آلہ سے نہیں تھا۔ نہ اس شگاف سے خون بہا۔‘‘(روح البیان جلد ۵، ص ۱۰۶)

حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی خلقت نور سے ہے اور بشریت ایک لباس ہے اللہ تعالیٰ قادر ہے کہ جب چاہے اپنی حکمت کے مطابق بشری احوال کو نورانیت پر غالب کر دے اور جب چاہے نورانیت کو احوال بشریہ پر غلبہ دے دے اور بشریت نہ ہوتی تو ’شق‘ کیسے ہوتا اور نورانیت نہ ہوتی تو آلہ بھی درکار ہوتا اور خون بھی ضرور بہتا۔

جب کبھی خون بہا (جیسے غزوئہ احد میں) تو وہاں احوال بشریہ کا غلبہ تھا اور جب خون نہ بہا (جیسے لیلۃ المعراج شق صدر میں) تو وہاں نورانیت غالب تھی۔

شب معراج شق صدر مبارک مسلم شریف کی روایت میں ہے کہ فرشتوں نے حضور ﷺ کا سینۂ اقدس اوپر سے نیچے تک چاک کیا اور قلب مبارک باہر نکالا پھر اسے شگاف دیا اور اس سے خون کا ایک لوتھڑا نکال باہر پھینکا اور کہا کہ آپ کے اندر شیطان کا ایک حصہ تھا۔

خون کا لوتھڑا یا شیطان کا حصہ علامہ تقی الدین سبکی نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کے دل میں خون کا لوتھڑا پیدا فرمایا ہے۔ اس کا کام یہ ہے کہ انسان کے دل میں شیطان جو کچھ ڈالتا ہے یہ لوتھڑا اسے کو قبول کرتا ہے۔ (جس طرح قوت سامعہ آواز کو اور قوت باصرہ مبصرات کی صورتوں کو اور قوت شامہ خوشبو اور بدبو کو اور قوتِ ذائقہ ترشی اور تلخی وغیرہ کو اور قوتِ لامسہ گرمی اور سردی وغیرہ کیفیات کو قبول کرتی ہے، اسی طرح دل کے اندر یہ منجمد خون کا لوتھڑا شیطانی وسوسوں کو قبول کرتا ہے) یہ لوتھڑا جب حضور ﷺ کے قلب مبارک سے دور کر دیا گیا تو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی ذاتِ مقدسہ میں ایسی کوئی چیز باقی نہ رہی جو القائے شیطانی کو قبول کرنے والی ہو۔ علامہ تقی الدین فرماتے ہیں کہ اس حدیث پاک سے یہی مراد ہے کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی ذاتِ گرامی میں شیطان کا کوئی بھی حصہ کبھی نہیں تھا۔

اگر کوئی یہ اعتراض کرے کہ جب یہ بات تھی تو اللہ تعالیٰ نے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی ذاتِ مقدسہ میں اس خون کے لوتھڑے کو کیوں پیدا فرمایا کیونکہ یہ ممکن تھا کہ پہلے ہی ذاتِ مقدسہ میں اسے پیدا نہ فرمایا جاتا۔ تو جواب دیا جائے گا کہ اس کے پیدا فرمانے میں یہ حکمت ہے کہ وہ اجزائے انسانیہ میں سے ہے۔ لہٰذا اس کا پیدا کیا جانا خلقت انسانی کی تکمیل کے لئے ضروری ہے اور اس کا نکال دینا، یہ ایک امر آخر ہے جو تخلیق کے بعد طاری ہوا۔ (انتہیٰ)

ملا علی قاری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں، اس کی نظیر بدن انسانی میں اشیاء زائدہ کی تخلیق ہے جیسے قلفہ کا ہونا اور ناخنوں اور مونچھوں کی درازی اور اسی طرح بعض دیگر زائد چیزیں (ـجن کا پیدا ہونا بدن انسانی کی تکمیل کا موجب ہے اور ان کا ازالہ طہارت و نظافت کے لئے ضروری ہے) مختصر یہ کہ ان اشیاء زائدہ کی تخلیق اجزائے بدن انسانی کا تکملہ ہے اور ان کا زائل کرنا کمال تطہیر و تنظیف کا مقتضیٰ ہے۔ (شرح شفاء لملا علی قاری جلد ۱، صفحہ ۳۷۴) اَقُوْلُ وَبِاللّٰہِ التَّوْفِیْقُ۔

چونکہ ذاتِ مقدسہ میں حظّ شیطانی باقی ہی نہ تھا اس لئے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کا ہمزاد مسلمان ہو گیا تھا اور حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا کہ ’’وَلٰکِنْ اَسْلَمَ فَلَا یَأْمُرُنِیْ اِلَّا بِخَیْرٍ‘‘ میرا ہمزاد مسلمان ہو گیا، لہٰذا سوائے خیر کے وہ مجھے کچھ نہیں کہتا۔

علامہ شہاب الدین خفا جی نسیم الریاض میں فرماتے ہیں کہ قلب بمنزلہ میوہ کے ہے جس کا دانہ اپنے اندر کے تخم اور گٹھلی پر قائم ہوتا ہے اور اسی سے پختگی اور رنگینی حاصل کرتا ہے۔ اسی طرح وہ منجمد خون قلب انسانی کے لئے ایسا ہے جیسے چھوہارے کے لئے گٹھلی۔ اگر ابتداً اس میں گٹھلی نہ ہو تو وہ پختہ نہیں ہو سکتا لیکن پختہ ہو جانے بعد اس گٹھلی کو باقی نہیں رکھا جاتا بلکہ نکال کے پھینک دیا جاتا ہے۔ چھوہارے کی گٹھلی یا دانہ انگور سے بیج نکال کر پھینکتے وقت کسی کے دل میں یہ خیال نہیں آتا کہ جو چیز پھینکنے کے قابل تھی وہ پہلے ہی کیوں پیدا کی گئی؟ اگر اسی طرح یہ بات ذہن نشین کر لی جائے تو قلب اطہر میں خون کا وہ لوتھڑا اسی طرح تھا جیسے انگور کے دانہ میں بیج یا کھجور کے دانہ میں گٹھلی ہوتی ہے۔ اور قلب اطہر سے اس کو بالکل ایسے ہی نکال کر پھینک دیا گیا، جیسے کھجور اور انگور سے گٹھلی اور بیج کو نکال کر باہر پھینک دیا جاتا ہے تو یہ سوال ہی پیدا نہیں ہو گا کہ اس لوتھڑے کو قلب اطہر میں ابتداً کیوں پیدا کیا گیا۔(نسیم الریاض، شرح شفاء قاضی عیاض ص ۲۳۹)

رہا یہ امر کہ فرشتوں نے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام سے یہ کیوں کہا کہ ہٰذِہٖ حَظُّکَ مِنَ الشَّیْطٰنِ تو اس کا جواب یہ ہے کہ اس حدیث کے یہ معنی نہیں کہ (معاذ اللہ) آپ کی ذات پاک میں واقعی شیطان کا کوئی حصہ ہے۔ نہیں اور یقینا نہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ ذات پاک، شیطانی اثر سے پاک اور طیب و طاہر ہے بلکہ حدیث شریف کے معنی یہ ہیں کہ اگر آپ کی ذات پاک میں شیطان کے تعلق کی کوئی جگہ ہو سکتی ہے تو وہ یہی خون کا لوتھڑا تھا۔ جب اس کو آپ کے قلب مبارک سے نکال کر باہر پھینک دیا گیا تو اس کے بعد آپ کی ذاتِ مقدسہ میں کوئی ایسی چیز باقی نہ رہی جس سے شیطان کا کوئی تعلق کسی طرح ہو سکے۔

الفاظ حدیث کا واضح اور روشن مفہوم یہ ہے کہ آپ کی ذاتِ مقدسہ میں شیطان کا کوئی حصہ ہوتا تو یہی خون کا لوتھڑا ہو سکتا تھا مگر جب یہ بھی نہ رہا تو اب ممکن ہی نہیں کہ ذاتِ مقدسہ سے شیطان کا کوئی تعلق ممکن ہو۔ آپ کی ذاتِ مقدسہ ان عیوب سے پاک ہے جو اس لوتھڑے کے ساتھ شیطان کے متعلق ہونے سے پیدا ہو سکتے ہیں۔

شق صدر مبارک کے بعد ایک نورانی طشت جو ایمان و حکمت سے لبریز تھا حضور ﷺ کے سینۂ اقدس میں بھر دیا گیا، ایمان و حکمت اگرچہ جسم و صورت سے متعلق نہیں لیکن اللہ تبارک وتعالیٰ اس پر قادر ہے کہ غیر جسمانی چیزوں کو صورت عطا فرمائے۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے ایمان و حکمت کو جسمانی صورت میں متمثل فرما دیا اور یہ تمثل رسول اللہ ﷺ کے حق میں انتہائی عظمت و رفعت شان کا موجب ہے۔

حضور ﷺ داہنی چھاتی کا دودھ پیا کرتے تھے اور بائیں چھاتی اپنے رضاعی بھائی یعنی حلیمہ کے بیٹے کے لئے ہمیشہ چھوڑ دیتے تھے۔ ایسا عدل آپ کی طبیعت میں تھا اور لڑکپن میں کبھی آپ نے بول و براز کپڑے میں نہیں کیا بلکہ دونوں کے وقت مقرر تھے کہ اسی وقت رکھنے والے جائے ضرورت میں اٹھا کر پیشاب کرا لیتے اور کبھی آپ کا ستر برہنہ نہ ہوتا اور جو کپڑا اتفاقاً اٹھ جاتا تو فرشتے فوراً ستر چھپا دیتے۔ (تواریخ حبیب الٰہ)

ایک بار اپنے بچپن کا واقعہ خود حضور ﷺ نے ذکر فرمایا کہ میں ایک بار بچوں کے ساتھ پتھر اٹھا اٹھا کر لا رہا تھا اور سب اپنی لنگی اتار کر گردن پر پتھر کے نیچے رکھے ہوئے تھے، میں نے بھی ایسا ہی کرنا چاہا (کیونکہ بچپن میں انسان اتنا مکلف بھی نہیں ہوتا، طبعاً اور عرفاً بھی ایسے بچے سے ایسا امر خلافِ حیا نہیں سمجھا جاتا) دفعتاً (غیب سے) زور سے ایک دھکا لگا اور یہ آواز آئی کہ اپنی لنگی باندھو، بس میں نے فوراً باندھ لی اور گردن پر پتھر لانے شروع کر دئیے۔ (سیرۃ ابن ہشام)

ابن عساکر نے حلیمہ بن عرفطہ سے روایت کیا ہے کہ میں مکہ معظمہ میں پہنچا اور وہ لوگ سخت قحط میں تھے۔ قریش نے کہا، اے ابو طالب! چلو پانی کی دعا مانگو۔ ابو طالب چلے اور ان کے ساتھ ایک لڑکا تھا، اس قدر حسین جیسے بدلی میں سے سورج نکلا ہو (یہ لڑکے رسول اللہ ﷺ تھے جو اس وقت ابو طالب کی پرورش میں تھے) ابو طالب نے ان صاحبزادے کی پشت خانہ کعبہ سے لگائی اور صاحبزادے نے انگلی سے اشارہ کیا اور آسمان میں کہیں بدلی کا نشان نہ تھا۔ سب طرف سے بادل آنا شروع ہوا اور خوب پانی برسا۔ (مواہب اللدنیہ)

اور یہ واقعہ آپ کی صغر سنی میں ہوا۔ (تواریخ حبیب الٰہ) ایک مرتبہ آپ ابو طالب کے ہمراہ بارہ برس کی عمر میں سفر تجارت شام کو گئے، راہ میں بحیرا راہب نصاریٰ کے پاس اتفاقاً قیام ہوا۔ راہب نے آپ کو علاماتِ نبوت سے پہچانا اور قافلہ کی دعوت کی اور ابو طالب سے کہا کہ یہ پیغمبر، سردار سب عالموں کے ہیں اور اہل کتاب اور یہودو نصاریٰ ان کے دشمن ہیں۔ ان کو ملک شام نہ لے جاؤ، مبادا ان کے ہاتھ سے ان کو گزند پہنچے۔ سو ابو طالب نے مال تجارت وہیں فروخت کیا اور بہت نفع پایا اور وہیں سے مکہ پھر آئے۔ (تواریخ حبیب الٰہ)

آپ جب ابو طالب کی کفالت و تربیت میں تھے، جب ان کے عیال کے ہمراہ کھانا کھاتے تو سب شکم سیر ہو جاتے اور جب نہ کھاتے تو سب بھوکے رہ جاتے۔ (شمامۃ)

گویا آپ کی برکت خود ابو طالب کی کفالت کر رہی تھی اور ابو طالب کے بیٹے حضرت علی کرم اللہ وجہہ کو آپ نے احسان کے جواب میں اپنی آغوشِ تربیت میں لے لیا تھا۔

ان کے اسمائے مبارکہ آپ جن کی تربیت میں رہے آپ ابھی زمانہ حمل میں تھے کہ آپ کے والد ماجد حضرت عبد اللہ کی وفات ہو گئی۔ (سیرت ابن ہشام) صرف دو مہینے حمل کو گزرے تھے کہ آپ کے والد ماجد حضرت عبد اللہ ’’شام‘‘ کو قافلۂ قریش کے ساتھ تجارت کو گئے، وہاں سے واپسی پر مدینہ میں اپنے ماموں کے پاس بیماری کی حالت میں ٹھہر گئے اور وہیں وفات پائی۔ (تواریخ حبیب الٰہ)

اور جب آپ چھ سال کے ہوئے تو آپ کی والدہ حضرت آمنہ آپ کو لے کر مدینہ شریف اپنے اقارب سے ملنے گئی تھیں۔ مکہ کو واپس آتے ہوئے درمیان مکہ و مدینہ کے موضع ابواء میں انہوں نے وفات پائی۔ (سیرۃ ابن ہشام)

اس وقت ام ایمن بھی ساتھ تھیں۔ (مواہب اللدنیہ)

پھر آپ اپنے دادا عبد المطلب کی پرورش میں رہے۔ جب آپ آٹھ سال کے ہوئے عبدالمطلب کی بھی وفات ہو گئی۔ (سیرۃ ابن ہشام) اور انہوں نے ابو طالب کو آپ کی نسبت وصیت کی تھی چنانچہ پھر آپ ان کی کفالت میں رہے۔ (سیرت ابن ہشام) یہاں تک کہ انہوں نے نبوت کا زمانہ بھی پایا۔

سات روز تک آپ نے اپنی والدہ ماجدہ کا دودھ پیا۔ (تواریخ حبیب الٰہ)

پھر چند روز تک ثویبہ نے دودھ پلایا جو ابو لہب کی آزاد کردہ لونڈی تھی اور آپ ہی کے ساتھ حضرت ابو سلمہ اور حضرت حمزہ کو بھی دودھ پلایا اور اس وقت ان کا بیٹا ’’مسروح‘‘ بھی دودھ پیتا تھا پھر حلیمہ سعدیہ نے دودھ پلایا۔ ان ہی ’’حلیمہ سعدیہ‘‘ نے آپ کے ساتھ آپ کے چچا زاد بھائی ابو سفیان بن الحارث بن عبد المطلب کو بھی دودھ پلایا۔ یہ عام الفتح میں مسلمان ہوئے اور بہت پکے مسلمان ہوئے اور اس زمانہ میں حضرت حمزہ بھی بنی سعد میں کسی عورت کا دودھ پیتے تھے۔ سو اس عورت نے بھی آپ کو ایک دن دودھ پلا دیا۔ جب حلیمہ کے پاس تھے تو حضرت حمزہ دو عورتوں کے دودھ کی وجہ سے آپ کے رضاعی بھائی ہیں۔ ایک ثویبہ کے دودھ سے، دوسرے اس سعدیہ کے دودھ سے (زاد المعاد)

اور جن کی آغوش میں آپ رہے، وہ یہ ہیں۔ آپ کی والدہ، ثویبہ اور حلیمہ سعدیہ (جن سے شیماء آپ کی رضاعی بہن ہیں) اور ام ایمن حبشیہ جن کا نام برکت ہے، یہ آپ کو آپ کے والد سے میراث میں ملی تھیں اور آپ نے ان کا نکاح حضرت زید سے کیا تھا، جن سے اسامہ پیدا ہوئے۔ (زاد المعاد)

شباب سے نبوت تک کے بعض حالات جب آپ چودہ یا پندرہ برس کے ہوئے اور بالقویٰ بیس سال کے ہوئے تو قریش اور قیس میں ایلان میں ایک لڑائی ہوئی تو اس لڑائی میں بعض تواریخ کے مطابق آپ نے بھی شرکت فرمائی تھی اور آپ نے فرمایا کہ میں اپنے اعمام کو تیروں سے بچاتا تھا اور اس واقعہ کا بڑا قصہ ہے۔ (سیرت ابن ہشام) اس واقعہ سے آپ کا شجاع ہونا ثابت ہوتا ہے۔ جب آپ پچیس سال کے ہوئے تو حضرت خدیجہ بنت خویلد نے جو کہ قریش میں مالدار بی بی تھیں اور تاجروں کو اپنا مال اکثر مضاربت پر دیتی رہا کرتی تھیں۔ آپ کے صدق و امانت و حسن معاملہ اور اخلاق کی خبر سن کر آپ سے درخواست کی کہ آپ میرا مال مضاربت پر شام کی طرف لے جائیے اور میرا غلام میسرہ آپ کے ہمراہ رہے گا، آپ نے قبول فرمایا، یہاں تک کہ آپ شام پہنچے اور کسی موقع پر آپ ایک درخت کے نیچے اترے۔ وہاں ایک راہب کا صومعہ تھا۔ اس راہب نے آپ کو دیکھا اور میسرہ سے پوچھا کہ یہ کون ہے۔ میسرہ نے کہا کہ قریش اہل حرم میں سے ایک شخص ہیں۔ راہب نے کہا ’’اس درخت کے نیچے بجز نبی کے کبھی کوئی نہیں اترا۔‘‘ آپ شام سے خوب نفع لے کر واپس ہوئے اور میسرہ نے دیکھا کہ جب دھوپ تیز ہوتی تھی تو دو فرشتے آپ پر سایہ کرتے تھے۔ جب آپ مکہ پہنچے تو حضرت خدیجہ کو ان کا مال سپرد کیا کہ دوگنا یا اس کے قریب نفع ہوا (یہ تو آپ کے صدق و امانت کی بین دلیل تھی) اور میسرہ نے ان سے اس راہب کا قول اور فرشتوں کے سایہ کرنے کا واقعہ بیان کیا۔ حضرت خدیجہ نے ورقہ بن نوفل سے جوان کے چچا زاد بھائی اور عیسائی مذہب کے بڑے عالم تھے، ذکر کیا۔ ورقہ بن نوفل نے کہا، اے خدیجہ! اگر یہ بات صحیح ہے تو محمد اس امت کے نبی ہیں اور مجھ کو (کتب سماویہ سے) معلوم ہے کہ اس امت میں ایک نبی ہونے والا ہے اور اس کا یہی زمانہ ہے۔ حضرت خدیجہ بڑی عاقلہ تھیں۔ یہ سب سن کر آپ کے پاس پیغام بھیجا کہ میں آپ کی قرابت اور اشرف القوم اور امین و خوش خو اور صادق القول ہونے کے سبب آپ سے نکاح کرنا چاہتی ہوں۔ آپ نے اعمام سے ذکر کیا اور ان کے اہتمام سے نکاح ہو گیا۔ (سیرت ابن ہشام) راہب کا نام نسطور تھا۔ (تواریخ حبیب الٰہ) جب آپ پینتیس سال کے ہوئے تو قریش نے خانہ کعبہ کی تعمیر از سرِ نو شروع کرنے کا ارادہ کیا۔ جب حجرِ اسود کے موقع تک تعمیر پہنچی تو ہر قبیلہ اور ہر شخص یہی چاہتا تھا کہ حجرِ اسود کو اس کی جگہ پر میں رکھوں۔ قریب تھا کہ ان میں جھگڑا ہو، آخر اہل الرائے نے یہ مشورہ دیا کہ مسجد حرام کے دروازے سے جو سب میں پہلے آئے، اس کے فیصلے پر سب عمل کرو۔ لہٰذا سب سے پہلے حضور ﷺ تشریف فرما ہوئے۔ سب دیکھ کر کہنے لگے کہ یہ محمد ہیں، امین ہیں اور قریش آپ کو نبوت سے پہلے امین کے لقب سے یاد کرتے تھے اور آپ کی خدمت میں یہ معاملہ پیش کیا۔ آپ نے فرمایا، ایک بڑا کپڑا لاؤ۔ چنانچہ لایا گیا۔ آپ نے حجرِ اسود اپنے دست مبارک سے اس کپڑے میں رکھا اور فرمایا کہ ہر قبیلہ کا آدمی اس چادر کا ایک ایک پلو تھام لے اور خانہ کعبہ تک لے چلے۔ جب وہاں پتھر پہنچا تو آپ نے خود اس کو اٹھا کر اس کے موقع پر رکھ دیا۔ اس فیصلہ سے سب راضی ہو گئے۔ (سیرت ابن ہشام) اٹھانے کا شرف تو سب کو حاصل ہو گیا اور چونکہ آپ نے فرمایا تھا کہ سب آدمی مجھ کو اس کے موقع پر رکھنے کے لئے اپنا وکیل بنائیں کہ فعل وکیل کا بمنزلہ موکل ہوتا ہے تو اس طرح رکھنے میں بھی سب شریک ہو گئے۔ (تواریخ حبیب الٰہ بتغیر الفاظ) بعثت محمدی اور نزولِ وحی جب آپ چالیس برس کے ہوئے تو آپ کو خلوت محبوب ہو گئی۔ آپ غارِ حرا میں تشریف لے جاتے اور کئی کئی روز رہتے۔ اور نبوت سے چھ ماہ قبل ہی سچے اور واضح خواب دیکھنے لگے تھے کہ ایک دفعہ اچانک ربیع الاول کی آٹھویں تاریخ دو شنبہ کے دن جبرائیل علیہ السلام ’’سورئہ علق‘‘ کی شروع کی آیتیں آپ پر لائے اور آپ مشرف بہ نبوت ہو گئے۔ اس کے ایک عرصہ کے بعد ’’سورئہ مدثر‘‘ کی اول کی آیتیں نازل ہوئیں جو آپ نے حسب حکم ’’فَاَنْذِرْ‘‘ دعوتِ اسلام شروع کی مگر پوشیدہ۔ پھر یہ آیت آئی ’’فَاصْدَعْ بِمَا تُؤْمَرُ‘‘ آپ نے علی الاعلان دعوت شروع کی۔ پس کفار نے عداوت اور ایذا شروع کی لیکن ابو طالب آپ کی حمایت کرتے تھے۔ ایک بار کفار نے جمع ہو کر ابو طالب سے کہا کہ یا تو محمد کو ہمارے حوالہ کر دو ورنہ ہم تم سے لڑیں گے۔ انہوں نے حوالے کرنا قبول نہ کیا۔ کفار نے آپ کے قتل کا مصمم ارادہ کیا۔ ابو طالب آپ کو لے کر مع بنی ہاشم و مطلب کے ایک شعب یعنی گھاٹی میں واسطے محافظت جا رہے اور کفار نے آپ سے اور بنی ہاشم اور بنی مطلب سے برادری قطع کر دی اور سوداگروں کو منع کر دیا کہ ان لوگوں کے پاس کوئی چیز نہ بیچیں اور ایک کاغذ اس قطع علاقہ کے عہد کا لکھ کر خانہ کعبہ میں لٹکا دیا۔ تین سال تک آپ اور بنی ہاشم و بنی مطلب اس شعب میں نہایت تکلیف میں رہے۔ آخرکار آپ کو وحی الٰہی کے ذریعہ اس بات سے اطلاع ہوئی کہ کیڑے نے اس عہد نامہ کے کاغذ کو بالکل کھا لیا۔ بجز اللہ کے نام کے جو اس میں کہیں تھا ایک حرف نہیں چھوڑا۔ آپ نے یہ حال ابو طالب سے کہا۔ انہوں نے شعب سے نکل کر یہ بات قریش سے بیان کی اور کہا اس کاغذ کو دیکھو۔ اگر محمد کا بیان غلط نکلے تو ہم انہیں تمہارے حوالے کر دیں گے اور اگر صحیح ہو تو اتنا تو ہو کہ تم اس قطع رحم اور عہد بد سے باز آؤ۔ قریش نے کعبہ پر سے اتار کر اس کاغذ کو دیکھا، فی الواقع ایسا ہی تھا۔ تب قریش اس ظلم سے باز آئے اور عہد نامہ کو چاک کر ڈالا۔ ابو طالب آپ کو اور بنی ہاشم و بنی مطلب کو لے کر شعب سے نکل آئے اور آپ بدستور دعوت الی اللہ میں مشغول ہوئے۔ (تواریخ حبیب الٰہ وغیرہ) اور عہد نامہ بخط منصور بن عکرمہ بن ہشام لکھا گیا اور غرئہ محرم سنہ سات نبوت کو لٹکایا گیا تھا۔ اس کا ہاتھ خشک ہو گیا اور نبوت سے سال دہم میں شعب سے باہر آئے تھے اور اسی سال حصار شعب سے نکلنے کے آٹھ ماہ بعد ابو طالب کا انتقال ہو گیا اور ان کے تین دن بعد حضرت خدیجہ کی وفات ہو گئی۔ (شمامۃ) حضرت خدیجہ کی وفات کے بعد آپ کے دو نکاح قرار پائے۔ ایک حضرت عائشہ سے کہ اس وقت چھ سال کی تھیں، مکہ میں ان کا نکاح ہوا اور مدینہ شریف آ کر نو سال کی عمر میں رخصت ہو کر آئیں اور دوسرا نکاح حضرت سودہ بنت زمعہ سے کہ بیوہ تھیں، آپ کا نکاح مکہ میں ہوا اور حضور ﷺ کے ساتھ مدینہ میں آئیں اور ہمیشہ ازواج میں رہیں۔ (تواریخ حبیب الٰہ) اس سال دہم میں آپ طائف بنی ثقیف کی طرف تشریف لے گئے اور یہ جانا دعوتِ اسلام کے لئے، نیز اس لئے تھا کہ ان سے کچھ مدد لیں (کیونکہ بعد وفات ابو طالب کے کوئی باوجاہت آدمی آپ کا حامی نہ تھا) لیکن وہاں کے سرداروں نے آپ کی کچھ مدد نہ کی بلکہ سفلے لوگوں کو بہکا کر آپ کو بہت تکلیف پہنچائی۔ آپ وہاں سے ملول ہو کر مکہ واپس ہوئے اور جب آپ بطن نخلہ میں کہ ایک دن کی راہ پر مکہ سے ہے پہنچے، رات کو وہاں رہ گئے۔ آپ قرآن مجید نماز میں پڑھ رہے تھے کہ سات یا نو جن نینوے کے کہ یہ ایک قریہ ہے موصل میں، وہاں پہنچے اور کلام اللہ سن کر ٹھہر گئے۔ جب آپ نماز پڑھ چکے تو وہ ظاہر ہوئے۔ انہیں اسلام کی طرف دعوت دی۔ وہ سب بلا توقف مسلمان ہو گئے اور انہوں نے اپنی قوم کو جا کر اسلام کی دعوت دی۔ سورئہ احقاف آیت ’’وَاِذْ صَرَفْنَا اِلَیْکَ نَفَرًا مِّنَ الْجِنِّ‘‘ میں اسی قصہ کی طرف اشارہ ہے۔ پھر آپ مکہ میں تشریف لائے اور بدستور ہدایت خلق اللہ میں مشغول ہوئے اور آپ عکاظ و مجنہ و ذی المجاز میں کہ اسواق عرب تھے جاتے اور دعوت کرتے، مگر کوئی قبیلہ متوجہ نہ ہوتا۔ یہاں تک کہ سنہ گیارہ نبوت میں آپ موسم حج میں اسلام کی دعوت فرما رہے تھے کہ کچھ لوگ نصاریٰ کے آپ کو ملے۔ آپ نے ان کو دعوتِ اسلام دی۔ انہوں نے یہود مدینہ سے سنا تھا کہ ایک پیغمبر عنقریب پیدا ہوں گے اور انصار سے یہود مغلوب رہتے تھے اور کہتے تھے کہ جب وہ پیغمبر پیدا ہوں گے، ہم ان کے ساتھ ہو کر تم کو قتل کریں گے۔ انصار نے آپ کی دعوت سن کر کہا کہ یہ وہی پیغمبر معلوم ہوتے ہیں جن کا ذکر یہود کرتے ہیں۔ لیکن ایسا نہ ہو کہ یہود ہم سے پہلے ان سے آ ملیں اور چھ آدمی ان میں سے مشرف باسلام ہوئے اور اقرار کیا کہ سال آئندہ ہم پھر آئیں گے۔ مدینہ میں جا کر انہوں نے آپ کا ذکر کیا اور ہر گھر میں آپ کا ذکر پہنچایا۔ اگلے سال کہ نبوت سے بارہواں سال تھا، بارہ آدمیوں نے آپ سے ملاقات کی، پانچ پہلے اور سات بعد کے اور انہوں نے احکام اسلام اور اطاعت پر بیعت کی۔ اس کا نام بیعت عقبۂ اولیٰ ہے۔ آپ نے حسب درخواست ان کی مصعب بن عمیر کو قرآن مجید کی تعلیم اور شرائع اور دعوتِ اسلام کے لئے مدینہ شریف بھیج دیا۔ مصعب نے تعلیم قرآن و شرائع اور دعوت اسلام کی اور اکثر آدمی انصار کے مسلمان ہو گئے۔ تھوڑے ان میں سے باقی رہے۔ پھر اگلے سال کہ نبوت سے تیرہواں سال تھا ، ستر آدمی شرفائے انصار میں سے آئے اور مشرف باسلام ہوئے اور عہد و پیمان آپ کے ساتھ کیا کہ آپ جو مدینہ کو تشریف لے جائیں گے، ہم خدمت گاری میں کوتاہی نہ کریں گے اور جو کوئی دشمن آپ کے مدینہ پر چڑھ آئے گا، ہم اس سے لڑیں گے اور جاں نثاری میں قصور نہ کریں گے۔ اس کا نام بیعت عقبہ ثانیہ ہے۔ عقبہ کے معنی گھاٹی کے ہیں۔ ایک گھاٹی پر یہ دونوں بیعتیں ہوئی تھیں۔ (تواریخ حبیب الٰہ و سیرت ابن ہشام) شب میلاد مبارک لیلۃ القدر سے افضل ہے حضرت شاہ عبد الحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ ماثبت بالسنۃ میں ارقام فرماتے ہیں، جس کا اردو خلاصہ حسب ذیل ہے ’’شب میلاد مبارک لیلۃ القدر سے بلا شبہ افضل ہے، اس لئے کہ میلاد کی رات خود حضور ﷺ کے ظہور کی رات ہے اور شب قدر حضور ﷺ کو عطا کی گئی ہے اور ظاہر ہے کہ جس رات کو ذاتِ مقدسہ سے شرف ملا، وہ اس رات سے ضرور افضل قرار پائے گی جو حضور ﷺ کو دئیے جانے کی وجہ سے شرف والی ہے۔ نیز لیلۃ القدر نزول ملائکہ کی وجہ سے مشرف ہوئی اور لیلۃ المیلاد بنفس نفیس حضور ﷺ کے ظہور مبارک سے شرف یاب ہوئی اور اس لئے بھی کہ لیلۃ القدر میں حضور ﷺ کی امت پر فضل و احسان ہے اور لیلۃ المیلاد میں تمام موجوداتِ عالم پر اللہ تعالیٰ نے فضل و احسان فرمایا کیونکہ حضور ﷺ رحمۃ للعالمین ہیں جن کی وجہ سے اللہ تعالیٰ کی نعمتیں تمام خلائق اہل سمٰوٰت و الارضین پر عام ہو گئیں۔‘‘ انتہیٰ (ماثبت بالسنہ ص ۷۸) امام قسطلانی نے بھی مواہب اللدنیہ جلد اول ص ۲۶، ۲۷ پر لیلۃ القدر پر شب میلاد کے افضل ہونے پر یہی دلائل قائم فرمائے اور اس مضمون کو تفصیل کے ساتھ بیان فرمایا ہے۔ اس کے بعد یہ عرض کرنا بھی نہایت ضروری ہے کہ حضور ﷺ کا ظہور قدسی اور ولادت مقدسہ مومنین کے حق میں کمال فرحت و سرور کا موجب ہے، جس کا اظہار محافل میلاد، انواع و اقسام کے مبرات خیرات و صدقات کی صورت میں اہل محبت مومنین مخلصین ہمیشہ کرتے رہے، جو لوگ اسے بدعت و ناجائز کہتے ہیں ان پر اتمام حجت کے لئے قرآن و حدیث و عبارات علماء محدثین کی تصریحات تفصیل سے پیش کی جاتی ہیں۔ (واللّٰہ ولی التوفیق) حضور ﷺ کا ظہور پیدائش موجب فرحت اور سرور ہے اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں فرماتا ہے یٰاَیُّہَا النَّاسُ قَدْ جَائَ تْکُمْ مَّوْعِظَۃٌ مِّنْ رَّبِّکُمْ وَشِفَائٌ لِّمَا فِی الصُّدُوْرِ وَہُدًی وَّرَحْمَۃٌ لِّلْمُؤْمِنِیْنَ۔ قُلْ بِفَضْلِ اللّٰہِ وَبِرَحْمَتِہٖ فَبِذٰلِکَ فَلْیَفْرَحُوْا ہُوَ خَیْرٌ مِّمَّا یَجْمَعُوْنَط (پ ۱۱، ع ۱۰) ترجمہ: ’’اے لوگو! تمہارے پاس تمہارے رب کی طرف سے نصیحت آئی اور دلوں کی صحت اور ہدایت اور رحمت ایمان والوں کے لئے۔ فرما دیجئے، (یہ سب کچھ) اللہ کے فضل اور اسی کی رحمت سے ہے تو اسی پر چاہئے کہ وہ خوشی کریں وہ بہتر ہے اس سے کہ وہ جمع کرتے ہیں۔‘‘ ظاہر ہے کہ نصیحت شفاء ہدایت و رحمت سب کچھ حضور ﷺ کی پیدائش اور تشریف آوری پر موقوف ہے اور اللہ کی سب سے بڑی رحمت و نعمت حضور ﷺ کی ذاتِ مقدسہ ہے۔ اس آیت کریمہ میں ان سب چیزوں پر خوش ہونے کا حکم دیا گیا ہے اور یہ بتایا گیا ہے کہ یہ وہ نعمتیں ہیں جو لوگوں کی ہر نعمت و دولت سے بہتر ہیں۔ لہٰذا حضور ﷺ کی ذاتِ مقدسہ کے ظہور پر جتنی بھی خوشی منائی جائے کم ہے۔ اسے ناجائز قرار دینا انہیں لوگوں کا کام ہے جو ظہورِ ذاتِ محمدی ﷺ سے خوش نہیں۔ نعمت الٰہی کو بیان کرنا چاہئے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ’’وَاَمَّا بِنِعْمَۃِ رَبِّکَ فَحَدِّثْ‘‘ (ضحی ۱۱) اپنے رب کی نعمت کو بیان کرو۔ حضور ﷺ نعمۃ اللّٰہ ہیں۔ (بخاری جلد ۲، ص ۵۶۶) لہٰذا حضور ﷺ کا ذکر مقدس اور بیان مبارک ازروئے قرآن کریم مطلوب و محبوب ہے۔ حضور ﷺ کی پیدائش کی خوشی منانے پر کافر کو بھی فائدہ ملتا ہے بخاری شریف میں ہے قال عروۃ ثویبۃ مولاۃ لابی لہب کان ابو لہب اعتقہا فارضعت النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم فلما مات ابو لہب اریہ بعض اہلہ بشر حیبۃ قال لہ ماذا لقیت قال ابو لہب لم الق بعدکم غیر انی سقیت فی ہٰذہ بعتاقتی ثویبۃ۔ (انتہیٰ) بخاری شریف جلد ۲ ص ۷۶۴ ترجمہ: ’’حضرت عروہ فرماتے ہیں، ثویبہ ابو لہب کی باندی تھی، جسے اس نے (حضور کی پیدائش کی خوشی میں) آزاد کر دیا تھا۔ اس نے حضور ﷺ کو دودھ بھی پلایا۔ ابو لہب کے مرنے کے بعد اس کے بعض اہل (حضرت عباس) نے اسے بہت بری حالت میں خواب میں دیکھا اور اس سے پوچھا، مرنے کے بعد تیرا کیا حال رہا؟ ابو لہب نے کہا، تم سے جدا ہو کر میں نے کوئی راحت نہیں پائی، سوائے اس کے کہ میں تھوڑا سا سیراب کیا جاتا ہوں، اس لئے کہ میں نے (حضور کی پیدائش کی خوشی میں) ثویبہ کو آزاد کیا تھا۔‘‘ فتح الباری شرح صحیح بخاری میں ہے ذکر السہیلی ان العباس قال لما مات ابو لہب رایتہ فی منامی بعد حول فی شر حال فقال مالقیت بعدکم راحۃ الا ان العذاب یخفف عنی فی کل یوم اثنین قال وذٰلک ان النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم ولد یوم الاثنین وکانت ثویبۃ بشرت ابا لہب بمولدہ فاعتقہا (فتح الباری جلد ۹ ص ۱۱۸) ترجمہ: ’’سہیلی نے ذکر کیا حضرت عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ ابو لہب جب مر گیا تو میں نے ایک سال بعد اسے خواب میں دیکھا وہ بہت برے حال میں ہے اور کہہ رہا ہے کہ تمہارے بعد مجھے کوئی راحت نصیب نہیں ہوئی لیکن اتنی بات ضرور ہے کہ ہر پیر کے دن مجھ پر عذاب کی تخفیف کی جاتی ہے۔ حضرت عباس نے فرمایا، یہ اس وجہ سے کہ نبی کریم ﷺ پیر کے دن پیدا ہوئے اور ثویبہ نے ابو لہب کو حضور ﷺ کی پیدائش کی خوش خبری سنائی تو ابو لہب نے اسے آزاد کر دیا تھا۔‘‘ یہ حدیث عمدۃ القاری شرح صحیح بخاری طبع جدید جلد ۲۰ صفحہ ۹۵ پر علامہ بدر الدین عینی حنفی نے بھی ارقام فرمائی۔ یہاں دو اعتراض پیدا ہوتے ہیں، جن کا جواب نہایت ضروری ہے۔ اعتراض اول قرآن مجید میں ہے ’’لاَ یُخَفَّفُ عَنْہُمُ الْعَذَابُ‘‘ کافروں سے عذاب ہلکا نہیں کیا جائے گا۔ ابو لہب کافر تھا، اس کے حق میں تخفیف عذاب کیونکر متصور ہو سکتی ہے؟ جواب: اس اعتراض کے جواب میں محدثین کے مختلف اقوال ہیں جن میں بعض بالکل رکیک اور ناقابل اعتناء ہیں اور بعض ایسے ہیں جن پر وثوق کیا جا سکتا ہے۔ حافظ ابن حجر عسقلانی شارح بخاری نے فتح الباری میں اکثر اقوال نقل فرما کر قابل وثوق مسلک نقل کیا اور آخر میں اپنے قول سے بھی اسی کی تائید فرمائی۔ ان کا بیان حسب ذیل ہے قال القرطبی ہٰذا التخفیف خاص بہٰذا وبمن ورد النص فیہ وقال ابن منیر فی الحاشیۃ ہنا قضیتان احداہما محال وہی اعتبار طاعۃ الکافر مع کفرہٖ لان شرط الطاعۃ ان تقع بقصد صحیح وہٰذا مفقود من الکافر الثانیۃ اثابۃ الکافر علٰی بعض الاعمال تفضلا من اللّٰہ تعالٰی وہٰذا لایحیلہ العقل فاذا تقرر ذٰلک لم یکن عتق ابی لہب لثویبۃ قربۃ معتبرۃ ویجوز ان یتفضل اللّٰہ علیہ بماشاء کما تفضل علی ابی طالب والمتبع فی ذٰلک التوقیف نفیا واثباتا (فقلت) وتتمۃ ہٰذا ان یقع التفضل المذکور اکراما لمن وقع من الکافر البر لہٗ ونحو ذالک واللّٰہ اعلم (فتح الباری جلد ۹ صفحہ ۱۱۹) ترجمہ: ’’امام قرطبی نے فرمایا، یہ تخفیف عذاب ابو لہب کے ساتھ خاص ہے اور اسی شخص کے ساتھ جس کے حق میں تخفیف عذاب کی نص وارد ہوئی۔ ابن منیر نے حاشیہ میں کہا، یہاں دو قضیئے ہیں۔ ایک تو محال ہے، وہ یہ کہ کافر کے کفر کے ساتھ اس کی طاعت کا اعتبار کیا جائے۔ استحالہ کی وجہ یہ ہے کہ طاعت کا معتبر ہونا قصد صحیح کی شرط سے مشروط ہے اور یہ کافر میں نہیں پایا جاتا۔ دوسرا قضیہ یہ ہے کہ کافر کو اس کے کسی عمل پر محض بطور تفضل کوئی فائدہ پہنچانا اور یہ بات عقلاً محال نہیں اور جب یہ دونوں باتیں ثابت ہو گئیں تو جاننا چاہئے کہ ابو لہب کا ثویبہ کو آزاد کرنا طاعت معتبرہ نہ تھی اور اس کے اس عمل پر اگر اللہ تعالیٰ اپنی مشیت کے مطابق کچھ احسان فرما دے تو یہ ممکن ہے۔ جیسا کہ ابو طالب پر احسان فرمایا اور اس مسئلہ پر نفیاً واثباتاً توقیف ہی کی اتباع کی جا سکتی ہے (یعنی تخفیف عذاب کی نفی و اثبات کا قول ورود نص پر موقوف ہے جس کے حق میں جو کچھ نص میں وارد ہو، اس کی اتباع کی جائے گی)۔ میں (ابن حجر عسقلانی) کہتا ہوں کہ ابن منیر کی اس تقریر کا تتمہ یہ ہے کہ ابو لہب پر تفضل یا اسی طرح کسی دوسرے کے حق میں جو احسان اللہ تعالیٰ کی طرف سے واقع ہوتا ہے وہ اس ذات کے اکرام کے لئے ہوتا ہے جس کے لئے کافر نے کوئی نیک کام کیا ہو (جیسے حضور ﷺ کی ذاتِ مقدسہ کہ ابو لہب نے حضور ﷺ کی پیدائش کی خوشی میں ثویبہ کو آزاد کیا تھا، لہٰذا ابو لہب کے حق میں تخفیف عذاب حضور ﷺ کے اکرام و اجلال کے لئے ہے)۔‘‘ اعتراض دوم غیر مسلم کا خواب حجت نہیں، جس پر یقین کر لیا جائے۔ جواب: ان خوابوں کا حجت شرعیہ نہ ہونا مسلم ہے لیکن اس سے یہ لازم نہیں آتا کہ ان سے کسی حقیقت واقعیہ پر کوئی روشنی نہ پڑ سکے اور کسی امر میں کم از کم استنباط کا فائدہ بھی ان سے متصور نہ ہوا۔ غیر مسلم کے خواب کا فی الجملہ سچا ہونا اور اس سے بعض حقائق کا پتا چلنا قرآن مجید سے ثابت ہے۔ دیکھئے یوسف علیہ السلام کے دو ساتھی جو کافر تھے، انہوں نے خواب دیکھے اور یوسف علیہ السلام نے ان کی تعبیریں بیان فرمائیں اور وہ بالکل سچی اور صحیح ثابت ہوئیں اور ان دونوں آدمیوں کا کافر ہونا اس امر سے ظاہر ہے کہ خواب سننے کے بعد یوسف علیہ السلام نے انہیں ایمان و توحید کی طرف دعوت دی۔ لہٰذا حضرت عباس رضی اللہ عنہ کی اس خواب سے جو انہوں نے کفر کے زمانہ میں دیکھی تھی بطور استنباط ہم اتنا ضرور کہہ سکتے ہیں کہ جب حضور ﷺ کی پیدائش کی خوشی منانا ابو لہب جیسے کافر کے حق میں مفید ہو سکتا ہے تو مومن مخلص کے حق میں ولادتِ با سعادت پر اظہارِ مسرت بطریق اولیٰ اللہ تعالیٰ کے فضل و احسان کی امید کا سبب قرار پا سکتا ہے۔ چنانچہ امام قسطلانی شارح بخاری مواہب اللدنیہ جلد ۱ صفحہ ۲۷ پر یہی مضمون امام ابن جزری سے نقل فرماتے ہیں قال ابن الجزری فاذا کان ہٰذا ابو لہب الکافر الذی نزل القراٰن بذمہٖ جوزی فی النار بفرحہ لیلۃ مولد النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم بہ فما حال المسلم الموحد من امتہ علیہ السلام الذی یسر بمولدہٖ ویبذل ما اتصل الیہ قدرتہ فی محبتہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم لعمری انما یکون جزاؤہ من اللّٰہ الکریم ان یدخلہ بفضلہ العمیم جنات النعیم۔ انتہیٰ (مواہب اللدنیہ جلد ۱ ص ۲۷، مطبوعہ مصر) ترجمہ: ’’ابن جزری نے کہا کہ (شب میلاد کی خوشی کی وجہ سے جب ابو لہب جیسے کافر کا یہ حال ہے کہ اس کے عذاب میں تخفیف ہوتی ہے) حالانکہ ابو لہب ایسا کافر ہے جس کی مذمت میں قرآن نازل ہوا تو حضور ﷺ کے امتی مومن و موحد کا کیا حال ہو گا جو حضور ﷺ کے میلاد کی خوشی میں حضور ﷺ کی محبت کی وجہ سے اپنی قدرت اور طاقت کے موافق خرچ کرتا ہے۔ قسم ہے میری عمر کی اس کی جزا یہی ہے کہ اللہ تعالیٰ اسے اپنے فضل عمیم سے جنات نعیم میں داخل کرے۔‘‘ عید میلاد منانا اور ماہِ ربیع الاول میں اظہارِ فرحت و سرور اور صدقات و خیرات کرنا بعض لوگ میلاد شریف کی محفل منعقد کرنے اور ربیع الاول میں خیرات و صدقات و اظہارِ فرحت و سرور کو بدعت سمجھتے ہیں۔ ان کا خیال قطعاً غلط ہے۔ امام قسطلانی شارح بخاری مواہب اللدنیہ میں ارقام فرماتے ہیں ولازال اہل الاسلام یحتفلون بشہر مولدہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم ویعملون الولائم ویتصدقون فی لیالیہ بانواع الصدقات ویظہرون السرور ویزیدون فی المبرات ویعتنون بقرأۃ مولدہ الکریم ویظہر علیہم من برکاتہٖ کل فضل عمیم ومما جرب من خواصہٖ انہٗ امان فی ذٰلک العام وبشرٰی عاجلۃ بنیل البغیۃ والمرام فرحم اللّٰہ امرأ اتخذ لیالی شہر مولدہ المبارک اعیادا لیکون اشد علۃ علٰی من فی قلبہٖ مرض واعیاداء ولقد اطنب ابن الحاج فی المدخل فی الانکار علٰی ما احدثہ الناس من البدع والاہواء والغنٰی بالاٰلات المحرمۃ عند عمل المولد الشریف فاللّٰہ تعالٰی یثیبہ علٰی قصدہ الجمیل ویسلک بنا سبیل السنۃ فانہٗ حسبنا ونعم الوکیل۔ (مواہب اللدنیہ جلد اول ص ۲۷ مطبوعہ مصر) ترجمہ: ’’حضور ﷺ کی پیدائش کے مہینے میں اہل اسلام ہمیشہ سے محفلیں منعقد کرتے چلے آئے ہیں اور خوشی کے ساتھ کھانے پکاتے رہے اور دعوتِ طعام کرتے رہے ہیں اور ان راتوں میں انواع و اقسام کی خیرات کرتے رہے اور سرور ظاہر کرتے چلے آئے ہیں اور نیک کاموں میں ہمیشہ زیادتی کرتے رہے ہیں اور حضور ﷺ کے مولد کریم کی قرأت کا اہتمام خاص کرتے رہے ہیں جس کی برکتوں سے ان پر اللہ تعالیٰ کا فضل ظاہر ہوتا رہا ہے اور اس کے خواص سے یہ امر مجرب ہے کہ انعقادِ محفل میلاد اس سال میں موجب امن و امان ہوتا ہے اور ہر مقصود و مراد پانے کے لئے جلدی آنے والے خوشخبری ہوتی ہے۔ تو اللہ تعالیٰ اس شخص پر بہت رحمتیں فرمائے جس نے ماہِ میلاد مبارک کی ہر رات کو عید بنا لیا تاکہ یہ عید میلاد سخت ترین علت ہو جائے اس شخص پر جس کے دل میں مرض و عناد ہے اور علامہ ابن الحاج نے مدخل میں طویل کلام کیا ہے۔ ان چیزوں پر انکار کرنے میں جو لوگوں نے بدعتیں اور نفسانی خواہشیں پیدا کر دی ہیں اور آلاتِ محرمہ کے ساتھ عمل مولود شریف میں غنا کو شامل کر دیا ہے تو اللہ تعالیٰ ان کو ان کے قصد جمیل پر ثواب دے اور ہمیں سنت کی راہ چلائے، بے شک وہ ہمیں کافی ہے اور بہت اچھا وکیل ہے۔‘‘ علامہ قسطلانی کی اس عبارت سے حسب ذیل امور ثابت ہوئے (۱) ماہِ میلاد (ربیع الاول شریف) میں انعقاد محفل میلاد اہل اسلام کا طریقہ رہا ہے۔ (۲) کھانے پکانے کا اہتمام، انواع و اقسام کے خیرات و صدقات ماہِ میلاد کی راتوں میں اہل اسلام ہمیشہ کرتے رہے ہیں۔ (۳) ماہِ ربیع الاول میں خوشی و مسرت و سرور کا اظہار شعارِ مسلمین ہے۔ (۴) ماہِ میلاد کی راتوں میں زیادہ سے زیادہ نیک کام کرنا مسلمانوں کا پسندیدہ طریقہ چلا آ رہا ہے۔ (۵) ماہِ ربیع الاول میں میلاد شریف پڑھنا اور قرأت میلاد پاک کا اہتمام خاص کرنا مسلمانوں کا محبوب طرزِ عمل ہے۔ (۶) میلاد کی برکتوں سے میلاد کرنے والوں پر اللہ تعالیٰ کا فضل عمیم ہمیشہ سے ظاہر ہوتا چلا آیا ہے۔ (۷) محفل میلاد کے خواص سے یہ مجرب خاصہ ہے کہ جس سال میں محافل میلاد منعقد کی جائیں، وہ تمام سال امن و امان سے گزرتا ہے۔ (۸) انعقادِ محافل میلاد مقصود و مطلوب پانے کے لئے بشریٰ عاجلہ (جلد آنے والی خوشخبری) ہے۔ (۹) میلاد مبارک کی راتوں کو عید منانے والے مسلمان اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کے اہل ہیں۔ (۱۰) ربیع الاول شریف میں میلاد شریف کی محفلیں منعقد کرنا اور ماہِ میلاد کی ہر رات کو عید بنانا یعنی عید میلاد منانا ان لوگوں کے لئے سخت مصیبت ہے جن کے دلوں میں نفاق کا مرض اور عداوتِ رسول کی بیماری ہے۔ (۱۱) علامہ ابن الحاج نے مدخل میں جو انکار کیا ہے وہ انعقاد محفل میلاد پر نہیں بلکہ ان بدعات اور نفسانی خواہشات پر ہے جو لوگوں نے محافل میلاد میں شامل کر دی تھیں۔ آلاتِ محرمہ کے ساتھ گانا بجانا میلاد شریف کی محفلوں میں شامل کر دیا گیا تھا۔ ایسے منکرات پر صاحب مدخل نے انکار فرمایا اور ایسے ناجائز امور پر ہر سنی مسلمان انکار کرتا ہے۔ صاحب مدخل کی عبارات سے دھوکہ دینے والوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ امام قسطلانی نے ان کا یہ طلسم بھی توڑ پھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ علامہ شیخ اسمٰعیل حقی بروسی رحمۃ اللہ علیہ روح البیان میں فرماتے ہیں وقال الامام السیوطی قدس سرہٗ یستحب لنا اظہار الشکر لمولدہٖ علیہ السلام (انتہیٰ) روح البیان جلد ۹ صفحہ ۲۵ ترجمہ: ’’امام جلال الدین سیوطی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ حضور ﷺ کی ولادتِ باسعادت پر شکر ظاہر کرنا ہمارے لئے مستحب ہے۔‘‘ ایک شبہ کا جواب علامہ فاکہانی مالکی نے عمل مولد کو بدعت مذمومہ لکھا ہے اس کا کیا جواب ہو گا؟ جواباً گزارش ہے کہ فاکہانی مالکی کا عمل مولد مقدس کو معاذ اللہ بدعت مذمومہ لکھنا خود مذموم ہے۔ عمل مولد کی اصل وہ تمام احادیث ہیں جن میں حضور ﷺ نے منبر شریف پر اپنی پیدائش کا حال بیان فرمایا اور اپنی نعت شریف پڑھنے کے لئے حضرت حسان بن ثابت رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو حکم دیا۔ علمائے اہل حق نے عمل مولد کی اصل کو ثابت مانا ہے۔ ایسی صورت میں اس کو بدعت مذمومہ کہنا کس طرح درست ہو سکتا ہے؟ دیکھئے علامہ علی بن برہان الدین الحلبی سیرۃ حلبیہ میں فرماتے ہیں وقد استخرج لہ الحافظ ابن حجر اصلا من السنۃ وکذا الحافظ السیوطی وردا علی الفاکہانی المالکی فی قولہ ان عمل المولد بدعۃ مذمومۃ۔ انتہیٰ (سیرۃ حلبیہ جلد ۱ صفحہ ۸۰) ترجمہ: ’’بے شک عمل مولد کے لئے حافظ ابن حجر نے سنت سے اصل نکالی ہے اور اسی طرح حافظ سیوطی نے بھی اور ان دونوں نے فاکہانی مالکی پر اس کے اس قول میں سخت رد فرمایا ہے کہ (معاذ اللہ) عمل مولد بدعت مذمومہ ہے۔ (سیرۃ حلبیہ) نیز مجمع بحار الانوار میں ہے مظہر منبع الانوار والرحمۃ شہر ربیع الاول وانہ شہر امرنا باظہار الحبور فیہ کل عام۔ ربیع الاول کا مہینہ منبع انوار اور رحمت کا مظہر ہے۔ یہ ایسا مہینہ ہے جس میں ہر سال ہمیں اظہار سرور کا حکم دیا گیا ہے۔ (مجمع بحار الانوار جلد ۳، صفحہ ۵۵) اور ماثبت بالسنۃ میں ہے ’’ولا زال اہل الاسلام یحتفلون بشہر مولدہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم‘‘ (ماثبت بالسنہ، ص ۷۹) اور اہل اسلام ہمیشہ محفلیں منعقد کرتے رہے حضور ﷺ کے میلاد مبارک کے مہینے میں۔ اس مقام پر حضرت شاہ عبد الحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ نے وہ پوری عبارت لکھی ہے جو مواہب اللدنیہ سے ابھی نقل کر چکے ہیں۔ الدر الثمین فی مبشرات النبی الامین میں بائیسویں حدیث کے ذیل میں ہے، شاہ عبد الرحیم والد ماجد شاہ ولی اللہ صاحب محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں ’’میں ہر سال ایام مولد شریف میں کھانا پکا کر لوگوں کو کھلایا کرتا تھا۔ ایک سال قحط سالی کی وجہ سے بھنے ہوئے چنوں کے سوا کچھ میسر نہ ہوا، میں نے وہی چنے تقسیم کر دئیے۔ رات کو حضور ﷺ کی زیارت سے مشرف ہوا تو کیا دیکھتا ہوں کہ وہی بھنے ہوئے چنے حضور ﷺ کے سامنے رکھے ہوئے ہیں اور حضور ﷺ ان چنوں سے بہت خوش اور مسرور ہیں۔‘‘ (الدر الثمین صفحہ ۸) مولد النبی میں ابن جزری محدث شافعی نے نہایت بسط و تفصیل کے ساتھ تمام بلادِ عرب و عجم میں محافل میلاد مبارک کے انعقاد کا ذکر فرمایا ہے، بخوف طوالت صرف حوالہ پر اکتفا کیا گیا۔ انسان العیون، تفسیر روح البیان، شمائم امدادیہ اور فیصلہ ہفت مسئلہ میں بھی میلاد شریف کی مبارک محفلوں کے انعقاد کا بیان مذکور ہے۔ انشاء اللہ العزیز قیام میلاد کے ذیل میں ان کی عبارات ہدیۂ ناظرین ہوں گی۔

قیام میلاد اور صلوٰۃ و سلام بعض لوگ میلاد پاک میں قیام تعظیمی اور صلوٰۃ و سلام کو بھی بدعت مذمومہ کہتے ہیں حالانکہ یہ طریقہ ان کے اکابر علماء اور مشائخ میں بھی جاری رہا اور جلیل القدر ائمہ دین اور اعلام امت عمل مولد و قیام میلاد کے عامل رہے۔ انسان العیون (سیرۃ حلبیہ) میں ہے ومن الفوائد انہ جرت عادۃ کثیر من الناس اذا سمعوا بذکر وضعہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم ان یقوموا تعظیما لہٗ صلی اللّٰہ علیہ وسلم وہٰذا القیام بدعۃ لا اصل لہا ای لکن ہی بدعۃ حسنۃ لانہٗ لیس کل بدعۃ مذمومۃ (سیرت حلبیہ جلد اول صفحہ ۸۰) ترجمہ: ’’اور فوائد میں سے ایک فائدہ یہ ہے کہ اکثر و بیشتر لوگوں کی یہ عادت جاری ہو گئی کہ جب حضور ﷺ کی پیدائش مبارک کا ذکر سنا تو فوراً حضور ﷺ کی تعظیم کے لئے کھڑے ہو گئے اور یہ قیام بدعت ہے۔ جس کی کوئی اصل نہیں۔ یعنی بدعت حسنہ ہے۔ کیونکہ ہر بدعت مذمومہ نہیں ہوتی۔‘‘

آگے چل کر اسی صفحہ پر فرماتے ہیں

وقد وجد القیام عند ذکر اسمہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم من عالم الامۃ ومقتدی الائمۃ دینا و ورعا الامام تقی الدین السبکی وتابعہٗ علٰی ذٰلک مشائخ الاسلام فی عصرہٖ فقد حکٰی بعضہم ان الامام السبکی اجتمع عندہٗ جمع کثیر من علماء عصرہٖ فانشد منشد قول الصرصری فی مدحہٖ ﷺ۔

قلیل لمدح المصطفٰی الخط بالذہب علٰی ورق من خط احسن من کتب وان تنہض الاشراف عند سماعہ قیاماً صفوفاً او جیشًا علی الرکب

فعند ذٰلک قام الامام السبکی رحمہ اللّٰہ وجمیع من فی المجلس فحصل انس کبیر بذالک المجلس ویکفی مثل ذٰلک فی الاقتداء (انتہیٰ، سیرۃ حلبیہ جلد اول صفحہ ۸۰)

ترجمہ: ’’حضور سید عالم ﷺ کے ذکر مبارک کے وقت قیام پایا گیا ہے امت محمدیہ کے جلیل القدر عالم امام تقی الدین سبکی سے جو دین اور تقویٰ میں ائمہ کے مقتدا ہیں اور اس پر ان کے تابع ہوئے تمام مشائخ اسلام جو ان کے ہم عصر تھے۔ چنانچہ منقول ہے کہ امام سبکی کے پاس ان کے ہم عصر علماء کرام بکثرت جمع ہوئے۔ ایک مداح رسول نے حضور ﷺ کی مدح میں صرصری، رحمۃ اللہ علیہ کے یہ اشعار پڑھے، اگر چاندی پر سونے کے حروف سے بہترین کاتب حضور ﷺ کی مدح لکھے تب بھی کم ہے۔ بے شک عزت و شرف والے لوگ حضور ﷺ کا ذکر جمیل سن کر صف بستہ قیام کرتے ہیں یا گھٹنوں پر دو زانو ہو جاتے ہیں۔ یہ اشعار سن کر امام سبکی کھڑے ہو گئے اور ان کے ساتھ تمام اہل مجلس، مشائخ و علماء بھی کھڑے ہو گئے اور اس وقت بڑا انس حاصل ہوا۔ مجلس پر ایک عجیب سی کیفیت طاری ہو گئی اور اس قسم کے واقعات مشائخ و علماء کی اقتداء کے بارے میں کافی ہوتے ہیں۔ انتہیٰ

ثابت ہوا کہ مسئلہ قیام میں امام سبکی اور ان کے ہم عصر مشائخ و علماء کی اقتدا کافی ہے۔ بالکل یہی مضمون اور منقولہ بالا دونوں شعر اور اس کے بعد امام سبکی رحمۃ اللہ علیہ اور ان کے تمام رفقا اہل مجلس کا قیام علامہ شیخ اسمٰعیل حقی بروسی حنفی رحمۃ اللہ علیہ نے تفسیر روح البیان میں ارقام فرمایا ملاحظہ فرمائیے۔ (تفسیر روح البیان جلد ۹ ص ۲۵)

اور حاجی امداد اللہ صاحب فیصلہ ہفت مسئلہ میں فرماتے ہیں ’’اور مشرب فقیر کا یہ ہے کہ محفل مولد میں شریک ہوتا ہوں بلکہ ذریعہ برکات سمجھ کر ہر سال منعقد کرتا ہوں اور قیام میں لطف و لذت پاتا ہوں۔‘‘ (فیصلہ ہفت مسئلہ مطبوعہ قیومی پریس کانپور ص ۵)

یہی حاجی امداد اللہ صاحب شمائم امدادیہ میں فرماتے ہیں اور قیام کے بارے میں کچھ نہیں کہتا۔ ہاں مجھ کو ایک کیفیت قیام میں حاصل ہوتی ہے۔ (شمائم امدادیہ ص ۸۸)

محفل میلاد مبارک میں حضور ﷺ کی تشریف آوری کے بارے میں حاجی امداد اللہ صاحب مہاجر مکی رحمۃ اللہ علیہ شمائم امدادیہ میں فرماتے ہیں ’’ہمارے علماء مولد شریف میں بہت تنازع کرتے ہیں، تاہم علماء جواز کی طرف بھی گئے ہیں، جب صورت جواز کی موجود ہے پھر کیوں ایسا تشدد کرتے ہیں اور ہمارے واسطے اتباع حرمین کافی ہے۔ البتہ وقت قیام کے اعتقاد تولد کا نہ کرنا چاہئے اگر احتمال تشریف آوری کا کیا جاوے مضائقہ نہیں کیونکہ عالم خلق مقید بزمان و مکان ہے لیکن عالم امر دونوں سے پاک ہے۔ پس قدم رنجہ فرمانا ذاتِ بابرکات کا بعید نہیں۔‘‘ انتہیٰ (شمائم امدادیہ ص ۹۳)

دنیا میں کروڑوں جگہ محافل میلاد منعقد ہوتی ہیں لیکن کسی محفل میں بھی حضور ﷺ کا قدم رنجہ فرمانا حضرت حاجی صاحب کے نزدیک بعید نہیں اور حضور ﷺ کی تشریف آوری کا خیال کرنا بھی شرعاً کوئی مضائقہ نہیں رکھتا۔ جو لوگ حضور ﷺ کے تشریف لانے کے منکر ہیں اس اعتقاد کو معاذ اللہ کفر و شرک سمجھتے ہیں، وہ شمائم امدادیہ کی منقولہ بالا عبارت کو غور سے پڑھیں۔

رہا یہ امر کہ قیام میں صلوٰۃ و سلام پڑھنے کی کیا دلیل ہے تو اس کا جواب یہ ہے کہ ارشادِ خداوندی ’’صَلُّوْا عَلَیْہِ وَسَلِّمُوْا تَسْلِیْمًا‘‘ مطلق ہے۔ ہر وہ حالت جو شرعاً صلوٰۃ و سلام کے لئے مکروہ اور نا مناسب نہیں آیت کریمہ کی رو سے اس میں صلوٰۃ و سلام جائز ہو گا۔ ساتھ ہی یہ امر بھی ملحوظ رہے کہ قیام میلاد ذوق و شوق کی حالت میں کیا جاتا ہے۔ اور یہ حال درود و سلام کے لئے بہت موزوں اور مناسب ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس وقت یا ’’حرف ندا کے ساتھ بصیغۂ خطاب صلوٰۃ و سلام پڑھتے ہیں کیونکہ حالت ذوق میں محبوب کو خطاب کرنا فطری امر ہے۔ اور ’’یا‘‘ حرف ندا سے خطاب کو ناجائز سمجھنا انتہائی محروم القسمتی کی دلیل ہے۔ اور ادفتحیہ میں ص ۳۲ سے ص ۳۴ تک ’’الصلٰوۃ والسـلام علیک یا رسول اللّٰہ‘‘ کا ورد موجود ہے اور اس میں سترہ مرتبہ ’’یا‘‘ حرف ندا کے ساتھ صلوٰۃ و سلام وارد ہے۔ اسی اور ادفتحیہ کے متعلق حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ انتباہ فی سلاسل اولیاء اللہ میں فرماتے ہیں ’’وچوں سلام دہدبا ورادفتحیہ خواندان مشغول شود کہ از تبرکات انفاس ہزار و چہار صد ولی کامل جمع شدہ است‘‘ جب سلام پھیرے اور ادفتحیہ پڑھنے میں مشغول ہو کہ ایک ہزار چار سو ولی کامل کے متبرک کلام سے جمع ہوا ہے۔

(انتباہ فی سلاسل اولیاء اللہ ۱۲۴، ۱۲۵ مطبوعہ آرمی برقی پریس دہلی)

الحمدللہ! ہمارے بیان کردہ حوالہ جات و عبارات سے انعقاد محفل میلاد کا استحباب اور قیام میلاد و صلوٰۃ، صلوٰۃ و سلام کا جائز اور موجب از دیاد محبت و باعث ذوق و شوق ہونا اچھی طرح واضح ہو گیا۔ معترضین کے شکوک و شبہات کے جواب بھی احسن طریقے سے دئیے گئے۔ اللہ تعالیٰ اپنے حبیب سید عالم نورِ مجسم حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کے طفیل ہمیں اپنی مرضیات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ (اٰمین)