(۳) حدیث ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ صحابہ کرام نے حضور ﷺ سے پوچھا کہ یا رسول اللہ ﷺ آپ کو نبوت کب ملی؟ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا ’’وَاٰدَمُ بَیْنَ الرُّوْحِ وَالْجَسَدِ‘‘ آدم علیہ السلام ابھی روح اور جسم کے درمیان تھے یعنی ان کے جسم میں جان نہیں ڈالی گئی تھی۔ یہ روایت ترمذی شریف کی ہے اور علامہ ابو عیسیٰ ترمذی نے اس حدیث کو حسن کہا ہے۔ انہیں الفاظ میں حضرت میسرہ سے ایک حدیث مروی ہے۔ امام احمد بن حنبل نے اس حدیث کو روایت کیا اور امام بخاری نے اپنی تاریخ میں اور ابو نعیم نے حلیہ میں یہ حدیث روایت کی اور حاکم نے اس کی تصحیح فرمائی۔ (مواہب اللدنیہ جلد ۱ ص ۶)

(۴) حدیث حضرت امام زین العابدین علٰی اٰبائہ وعلیہ الصلٰوۃ والسلام حضرت امام زین العابدین رضی اللہ عنہ اپنے والد ماجد سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ اور وہ اپنے والد مکرم حضرت علی مرتضیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت کر تے ہیں کہ حضور علیہ الصلوٰۃوالسلام نے فرمایا ’’میں پیدائش آدم علیہ السلام سے چودہ ہزار برس پہلے اپنے پروردگار کے حضور میں ایک نور تھا۔ (انسان العیون جلد ۱ صفحہ ۲۹)

ازالہ شبہ اس روایت میں خلق آدم علیہ السلام سے صرف چودہ ہزار برس پہلے حضور ﷺ کے نور پاک کا ذکر ہے۔ حالانکہ بعض روایتوں میں اس سے بہت زیادہ سالوں کا ذکر بھی وارد ہے۔ یہ تعارض کیسے رفع ہو گا۔

اس کا جواب یہ ہے کہ حدیث میں چودہ ہزار برس کا ذکر ہے۔ اس سے زیادہ کی نفی نہیں۔ لہٰذا کسی دوسری روایت میں چودہ ہزار سے زیادہ سالوں کا وارد ہونا تعارض کا موجب نہیں۔

(۵) حدیث ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور ﷺ نے حضرت جبرائیل علیہ السلام سے دریافت کیا، آپ کی عمر کتنے سال ہے؟ عرض کیا، حضور! اس کے سوا میں کچھ نہیں جانتا کہ چوتھے حجاب عظمت میں ہر ستر ہزار برس کے بعد ایک ستارہ طلوع ہوتا تھا جسے میں نے اپنی عمر میں ستر ہزار مرتبہ دیکھا۔ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا، اے جبرائیل! میرے رب کی عزت و جلال کی قسم! وہ ستارہ میں ہوں۔ (انسان العیون جلد ۱ صفحہ ۲۹، روح البیان جلد ۳ صفحہ ۵۴۳)

آیات و احادیث کی روشنی میں بعض علماء مفسرین کی تصریحات کے ضمن میں رسول اللہ ﷺ کی خلقت مبارکہ کا نہایت مختصر بیان ناظرین کرام کے سامنے آ گیا اور اس اثناء میں بعض فوائد بھی مذکور ہو چکے ہیں۔ اس کے بعد ولادتِ محمدی ﷺ کا بیان ملاحظہ فرمائیے۔

ولادتِ محمدی ﷺ بیانِ سابق میں یہ بات آ چکی ہے کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کا نور پاک آدم علیہ السلام کی پشت میں رکھا گیا جو ان کی پیشانی میں چمکتا تھا۔ نورِ مبین اصلاب طاہرہ اور ارحام طیبہ میں منتقل ہوتا رہا۔ جیسا کہ ابو نعیم کی روایت میں حضرت عبد اللہ ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مرفوعاً مروی ہے۔ حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ میرے تمام آباؤ اجداد سفاح سے پاک ہیں۔ یعنی میرے والدین ماجدین سے لے کر آدم و حوا علیہم السلام تک کوئی مرد یا عورت ایسا نہیں ہوا جس نے معاذ اللہ کسی قسم کی فحاشی یا بے حیائی کا کام کیا ہو۔ اللہ تعالیٰ نے مجھ کو ہمیشہ اصلابِ طیبہ سے ارحام مطہرہ کی طرف منتقل فرمایا۔ (مواہب اللدنیہ جلد ۱)

مشکوٰۃ شریف میں حضرت واثلہ بن الاسقع سے مروی ہے وہ فرماتے ہیں، میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا سرکار ارشاد فرما رہے تھے کہ اللہ تعالیٰ نے اسماعیل علیہ السلام کی اولاد میں سے کنانہ کو منتخب کیا اور کنانہ میں سے قریش کو اور قریش میں سے بنی ہاشم کو اور بنی ہاشم میں سے مجھ کو۔ بعض دیگر روایات میں یہ بھی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آدم علیہ السلام کو اپنا صفی اور برگزیدہ بنا کر ان کی اولاد میں سے حضرت نوح علیہ السلام کو چن لیا اور نوح علیہ السلام کی اولاد میں سے حضرت ابراہیم علیہ السلام کو اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اولاد میں سے حضرت اسماعیل علیہ السلام کو برگزیدہ فرما لیا۔ الخ۔ (مشکوٰۃ، ص: ۵۱۱)

دلائل النبوۃ میں ابو نعیم حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی روایت لاتے ہیں۔ ام المؤمنین رسول اللہ ﷺ سے نقل کرتی ہیں اور حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام حضرت جبرائیل علیہ السلام سے نقل فرماتے ہیں حضرت جبرائیل علیہ السلام نے کہا میں تمام مشارق و مغارب میں پھرا میں نے حضرت محمد ﷺ جیسا فضیلت والا کوئی نہ پایا، نہ خاندانِ بنی ہاشم کی طرح کوئی خاندان افضل دیکھا۔ (انسان العیون جلد ۱ ص ۲۶)

حافظ ابو سعید نیشا پوری ابو بکر ابن ابی مریم سے اور وہ ابو سعید بن عمرو انصاری سے اور وہ اپنے والد ماجد سے اور ان کے والد ماجد سیدنا کعب احبار رضی اللہ عنہ سے نقل فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کا نورِ مبارک جب حضرت عبد المطلب میں منتقل ہوا اور وہ جوان ہو گئے تو ایک دن حطیم کعبہ میں سوئے، آنکھ کھلی تو دیکھا کہ آنکھ میں سرمہ لگا ہوا ہے، سر میں تیل پڑا ہوا ہے اور حسن و جمال کا لباس زیب تن ہے۔ وہ نہایت حیران ہوئے کہ نہیں معلوم، یہ سب کچھ کیسے ہوا۔ ان کے والدین ان کا ہاتھ پکڑ کر کاہنوں کے پاس لے گئے اور تمام واقعہ بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس نوجوان کو نکاح کرنے کا حکم دیا ہے۔ چنانچہ انہوں نے پہلے قبیلہ سے نکاح کیا۔ پھر ان کی وفات کے بعد فاطمہ سے نکاح کیا اور وہ حضور ﷺ کے والد ماجد حضرت عبد اللہ کے ساتھ حاملہ ہو گئیں یعنی حضور ﷺ کے والد ماجد جناب عبد اللہ اپنی والدہ کے شکم مبارک میں جلوہ گر ہو گئے۔ جناب عبد المطلب کے جسم سے مشک کی خوشبو آتی تھی اور رسول اللہ ﷺ کا نورِ مبارک ان کی پیشانی میں چمکتا رہا۔ جب مکہ میں قحط ہوتا تو لوگ عبد المطلب کا ہاتھ پکڑ کر جبل ثبیر کی طرف جاتے تھے اور ان کے ذریعے سے تقربِ خداوندی ڈھونڈتے اور بارش کے لئے دعائیں کرتے تھے۔ اللہ تعالیٰ ان کی دعاؤں کو نورِ محمدی ﷺ کے طفیل قبول فرماتا اور کثرت سے رحمت کی بارش برستی۔ (مواہب اللدنیہ جلد اول، صفحہ ۱۵)

ابو نعیم اور خرائطی اور ابن عساکر نے بطریق عطا سیدنا عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کیا کہ جب حضرت عبد المطلب اپنے فرزند جلیل جناب عبد اللہ کو نکاح کرنے کی غرض سے لے کر چلے تو راسہ میں ایک کاہنہ ملی جو یہودیہ ہو گئی تھی اور وہ کتب سابقہ پڑھی ہوئی تھی، اس کو فاطمہ خثعمیہ کہتے تھے، اس نے حضرت عبد اللہ کے چہرے میں نورِ نبوت چمکتا ہوا دیکھا تو حضرت عبد اللہ کو اپنی طرف بلانے لگی۔ مگر حضرت عبد اللہ نے انکار فرمایا۔ (مواہب اللدنیہ جلد اول صفحہ ۱۹)

حضور سید عالم ﷺ کے آباؤ امہات الیٰ آدم و حوا علیہما السلام کے زنا و فحاشی سے پاک ہونے پر اجماعِ امت ہے، البتہ ہر فرد کے مؤمن ہونے میں اختلاف ہے۔ روافض نے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے جمیع آباء کے ہر ہر فرد کو مومن ماننا قطعی اور ضرورت ایمان سے قرار دیا اور اہل سنت نے اس کو ظنی اور مجتہد فیہ مانا۔ اسی وجہ سے اس مسئلہ میں علماء کے اقوال مختلف ہو گئے۔ لیکن متاخرین جمہورِ اہل سنت کا مسلک یہ ہے کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے والدین ماجدین سے لے کر آدم و حوا علیہما السلام تک کل آباؤ امہات مومن و موحد ہیں اور کسی کا کفر و شرک قطعاً ثابت نہیں۔ ان محققین متاخرین کے نزدیک آزر حضرت ابراہیم علیہ السلام کے والد نہیں بلکہ چچا ہیں۔ محاورات عرب میں چچا پر باپ کا اطلاق اکثر ہوتا ہے اور جن روایات میں ’’اِنَّ اَبِیْ وَاَبَاکَ فِی النَّار‘‘ آیا ہے وہاں بھی لفظ ’’اب‘‘ سے ابو لہب وغیرہ مشرکین مراد ہیں۔ والدہ مکرمہ کے لئے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کو استغفار کا اذن نہ ہونا بھی معاذ اللہ ان کے کفر کی دلیل نہیں بلکہ گناہوں سے پاک ہونے کی طرف اشارہ ہے کیونکہ غیر نبی اور غیر رسول کے لئے استغفار کا اذن نہ ہونا بھی معاذ اللہ ان کے کفر کی دلیل نہیں بلکہ گناہوں سے پاک ہونے کی طرف اشارہ ہے کیونکہ غیر نبی اور غیر رسول کے لئے استغفار کا لفظ اس کے حق میں گناہ کا وہم پیدا کرتا ہے۔ چونکہ حضور ﷺ کے والدین ایام فترۃ میں تھے اس لئے ان کی نجات کے لئے اعتقاد توحید کافی تھا۔ کسی شریعت و احکام الٰہی کا اس وقت وجود نہ تھا جس کی وجہ سے کوئی گناہ قرار پاتا اور اس سے ان کا بچنا ضروری ہوتا۔ لہٰذا ان کے حق میں استغفار کا اذن نہ ہوا تاکہ کسی کا ذہن ان کے گناہ کا وہم پیدا نہ کرے۔

نیز حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے والدین ماجدین کا زندہ ہونے کے بعد ایمان بھی اس لئے نہ تھا کہ معاذ اللہ وہ کفر پر مرے تھے بلکہ صرف اس لئے ان کو زندہ کیا گیا کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام پر ایمان لانے کی فضیلت بھی انہیں حاصل ہو جائے۔ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے والدین کریمین کی بابت فقہ اکبر کی عبارت ’’مَاتَا عَلَی الْکُفْرِ عَلٰی حَذْفِ الْمُضَافِ‘‘ ہے ’’اَیْ مَاتَا عَلٰی عَہْدِ الْکُفْرِ‘‘ یعنی موت حضور ﷺ کی نبوت اور اسلام کے ظہور سے پہلے اس عہد میں ہوئی جو کفر و جاہلیت کا عہد اور زمانہ تھا۔ یہ نہیں کہ معاذ اللہ وہ بحالت کفر مرے ہوں۔

ملا علی قاری نے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے والدین معظمین کے کفر پر بہت زور دیا ہے لیکن اخیر میں رجوع کر لیا ہے اور توبہ کر کے دنیا سے رخصت ہوئے۔ جیسا کہ حاشیہ نبراس حاشیہ نمبر ۵، صفحہ ۵۲۶ پر ہے ’’ونقل توبۃ عن ذالک فی القول المستحسن (۱۲)

فائدہ: حضور ﷺ کے والدین کا کفر ثابت کرنے میں ملا علی قاری نے جس شدت اور غلو سے کام لیا اہل علم پر مخفی نہیں۔ اس کے باوجود بھی انہیں توبہ کی توفیق نصیب ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ وہ اس مسئلہ کے سوا باقی تمام مسائل میں خوش عقیدہ تھے۔ ظاہر ہے کہ خوش عقیدگی ضائع ہونے والی چیز نہیں، اس لئے اللہ تعالیٰ کی توفیق ان کے شامل حال ہوئی اور وہ اس قول شنیع سے تائب ہوئے۔ فقیر کا رجحان طبع یہ ہے کہ ملا علی قاری کے علاوہ بھی جن خوش عقیدہ لوگوں سے ایسی لغزش ہو گئی ہے ان کے حق میں بھی ہمیں یہی حسن ظن رکھنا چاہئے کہ مرنے سے پہلے اللہ تعالیٰ نے ان کو بھی توفیق عطا فرما دی ہو گی۔ وَمَا ذَالِکَ عَلَی اللّٰہِ بِعَزِیْزٍ

تفسیر کبیر وغیرہ میں بعض علماء کا وہ کلام جو انہوں نے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے والدین کا ایمان ثابت کرنے والوں کے دلائل پر کیا ہے۔ درحقیقت وہ ان روافض کا رد ہے جو اس مسئلہ کو قطعی قرار دے کر اسے ضرورت دین میں شمار کرتے ہیں۔ جیسا کہ عنوانِ کلام ’’قَالَتِ الشِّیْعَۃ‘‘ اور اس کے بعد ’’قَالَ اَصْحَابُنَا‘‘ سے واضح ہے۔ یہ نہیں کہ ان کا یہ کلام اہل سنت کے رد میں ہے اور معاذ اللہ انہوں نے حضور سید عالم ﷺ کے والدین ماجدین کو کافر کہہ کر اللہ کے پیارے حبیب علیہ الصلوٰۃ والسلام کو ایذا پہنچائی ہو۔ معاذ اللّٰہ ثم معاذ اللّٰہ

مواہب اللدنیہ میں امام قسطلانی رحمۃ اللہ علیہ ارقام فرماتے ہیں کہ اصحاب فیل کا بادشاہ ابرہہ معاذ اللہ خانہ کعبہ کو منہدم کرنے کے لئے مکہ معظمہ پر چڑھائی کرنے آیا تو حضرت عبد المطلب قریش کے چند آدمیوں کو ساتھ لے کر جبل ثبیر پر چڑھ گئے۔ اس وقت رسول اللہ ﷺ کا نورِ مبارک جناب عبد المطلب کی پیشانی میں بشکل ہلال نمودار ہو کر اس قدر قوت سے چمکا کہ اس کی شعاعیں خانہ کعبہ پر پڑیں۔ حضرت عبد المطلب نے اپنی پیشانی کے نور کو خانہ کعبہ پر چمکتا ہوا دیکھ کر قریش سے فرمایا کہ واپس چلو۔ میری پیشانی کا نور جو اس طرح چمکا ہے، یہ اس بات کی روشن دلیل ہے کہ ہم لوگ غالب رہیں گے۔ (مواہب اللدنیہ، جلد ۱ صفحہ ۱۵)

حضرت عبد المطلب کے اونٹ ابرہہ کے لشکر والے پکڑ کر لے گئے تھے۔ انہیں چھڑانے کے لئے جناب عبد المطلب ابرہہ کے پاس گئے۔ آپ کی صورت دیکھتے ہی عظمت و ہیبت نور کی وجہ سے ابرہہ ازراہِ تعظیم فوراً تخت سے نیچے اترا پھر جناب عبد المطلب کو اپنے برابر بٹھا لیا۔ (مواہب اللدنیہ جلد ۱، تاریخ حبیب الٰہ)

ابرہہ نے لشکر کی خبر دینے کے لئے اپنی قوم کا ایک آدمی بھیجا۔ جب وہ مکہ معظمہ میں داخل ہوا اور اس نے جناب عبد المطلب کے چہرہ کو دیکھا تو فوراً جھک گیا اور اس کی زبان لرزنے لگی اور وہ بے ہوش ہو کر گر پڑا، جس طرح بیل ذبح ہوتے وقت خراٹے مارنے لگتا ہے۔ جب ہوش میں آیا تو عبد المطلب کے سامنے سجدہ کرتا ہوا گر پڑا اور کہنے لگا، میں گواہی دیتا ہوں کہ آپ یقینا سید قریش ہیں۔(مواہب اللدنیہ جلد اول، صفحہ ۱۵)

ابرہہ کا ایک بہت بڑا سفید رنگ کا ہاتھی تھا باقی سب ہاتھی سدھائے ہوئے ہونے کی وجہ سے اسے سجدہ کیا کرتے تھے اور اس بڑے ہاتھی نے باوجود سدھائے ہوئے ہونے کے بھی ابرہہ کو کبھی سجدہ نہ کیا۔ جب حضرت عبد المطلب ابرہہ بادشاہ کے پاس تشریف لائے تو اس نے سائیس کو حکم دیا کہ اس بڑے سفید رنگ والے ہاتھی کو حاضر کرے۔ جب ہاتھی حاضر ہوا اور اس نے جناب عبد المطلب کے چہرہ پر نظر کی تو ان کے سامنے ادب سے اس طرح بیٹھ گیا جیسے اونٹ بیٹھتا ہے، پھر سجدہ کرتا ہوا گر پڑا۔ اللہ تعالیٰ نے اسے قوتِ گویائی دی۔ ہاتھی نے کہا ’’اَلسَّلَامُ عَلَی النُّوْرِ الَّذِیْ فِیْ ظَہْرِکَ یَا عَبْدَ الْمُطَّلِبْ‘‘ سلام ہو اس نور پر جو تمہاری پیٹھ میں ہے اے عبد المطلب۔ (مواہب اللدنیہ جلد ۱، صفحہ ۱۵۔ ۱۶، انسان العیون جلد اول، صفحہ ۵۷)

عبد المطلب کی نذر اور خواب اورحضرت عبد اللہ بن عبد المطلب کی قربانی ابتداء میں حضرت عبد المطلب کے صرف ایک صاحبزادے حارث تھے۔ آپ نے نذر مانی کہ اللہ تعالیٰ اگر مجھے پورے دس بیٹے عنایت فرمائے اور وہ سب میرے معاون ہوں تو ان میں سے ایک بیٹے کی میں قربانی کروں گا۔ اس کے بعد حضرت عبد المطلب زمزم کھودنے میں مصروف ہو گئے اور یہ کام ان کے لئے بڑی عزت و فخر کا موجب تھا۔ اللہ تعالیٰ نے ان کے دس بیٹے پورے کر دئیے جن کے نام حسب ذیل ہیں

(۱) حارث (۲) زبیر (۳) حجل (۴) ضرار (۵) حقوم (۶) ابو لہب (۷) عباس (۸) حمزہ (۹) ابو طالب (۱۰) عبد اللہ

ان بیٹوں سے ان کی آنکھیں ٹھنڈی ہوئیں تو ایک رات جناب عبد المطلب کعبہ مطہرہ کے پاس قیام لیل میں مشغول تھے۔ خواب میں دیکھا کہ ایک کہنے والا کہہ رہا ہے کہ عبد المطلب اس بیت (کعبہ شریف) کے رب کی جو نذر مانی تھی وہ پوری کیجئے۔ عبد المطلب مرعوب ہو کر گھبرائے ہوئے اٹھے اور حکم دیا کہ فوراً ایک مینڈھا ذبح کر کے فقراء و مساکین کو کھلا دیا جائے۔ چنانچہ ایسا ہی کیا گیا۔ اگلی رات پھر سوئے تو خواب میں دیکھا۔ کہنے والا کہہ رہا ہے ’’اس سے بڑی چیز قربان کیجئے۔‘‘ بیدار ہو کر اونٹ قربان کیا اور مساکین کو کھلا دیا۔ پھر اگلی رات سوئے تو ندا آئی اس سے بھی بڑی چیز قربان کیجئے۔ فرمایا، اس سے بڑی کیا چیز ہے؟ ندا دینے والے نے کہا ’’اپنے ایک بیٹے کی قربانی دیجئے، جس کی آپ نے نذر مانی تھی۔ آپ یہ سن کر غمگین ہوئے اور اپنے سب بیٹوں کو جمع کیا اور انہیں وفاء نذر (منت پوری کرنے) کی طرف دعوت دی۔ سب نے کہا ہم آپ کی اطاعت کریں گے۔ آپ ہم میں سے جس کو چاہیں ذبح کر دیں۔ آپ نے فرمایا، قرعہ اندازی کر لو۔ قرعہ اندازی میں حضرت عبد اللہ کا نام نکلا۔ جو جناب عبد المطلب کے محبوب ترین بیٹے تھے۔ قرعہ نکلنے کے بعد عبد المطلب نے اپنے بیٹے عبد اللہ کا ہاتھ پکڑا، چھری لی اور ذبح کرنے کے لئے چل دئیے۔ جب چھری پھیرنے کا ارادہ کیا تو سادات قریش جمع ہو گئے اور عبد المطلب سے کہنے لگے ’’آپ کیا کرنا چاہتے ہیں؟‘‘ انہوں نے فرمایا ’’میں اپنی نذر پوری کرنا چاہتا ہوں۔‘‘ سردارانِ قریش بولے ہم آپ کو ایسا نہ کرنے دیں گے۔ آپ اپنے رب کی بارگاہ میں عذر کر کے سبکدوش ہو جائیں۔ اگر آپ ایسا کر بیٹھے تو ہمیشہ کے لئے بیٹا ذبح کرنے کی سنت جاری ہو جائے گی۔ سردارانِ قریش نے مشورہ کر کے جناب عبد المطلب سے کہا، چلئے فلاں کاہنہ کے پاس چلیں، جس کا نام قطبہ ہے (بعض نے ان کا نام سجاح بتایا ہے) شاید وہ آپ کو ایسی بات بتائے جس میں آپ کے لئے کشادگی اور گنجائش ہو۔ یہ سب لوگ کاہنہ کے پاس پہنچے اور تمام واقعہ اسے بتایا۔ اس نے کہا، تم میں خون بہا کتنا ہوتا ہے۔ کہا گیا، دس اونٹ۔ اس نے بتایا، آپ سب لوگ واپس چلے جائیں اور دس اونٹ اور عبد اللہ کے درمیان قرعہ اندازی کریں۔ اگر قرعہ عبد اللہ کے نام کا نکل آئے تو دس اونٹ بڑھا کر پھر قرعہ ڈالیں اور جب تک عبد اللہ کا نام نکلتا رہے، دس اونٹ بڑھاتے جائیں۔ یہاں تک کہ اونٹوں کے نام کا قرعہ ڈالیں، جب ایسا ہو تو ان اونٹوں کو عبد اللہ کے بجائے ذبح کر دیا جائے۔ وہ قربانی گویا عبد اللہ کی قربانی ہو گی۔ چنانچہ ایسا ہی کیا گیا۔ ہر قرعہ پر عبد اللہ کا نام نکلتا رہا اور دس اونٹ بڑھاتے چلے گئے۔ یہاں تک کہ جب سو اونٹ تک پہنچے تو جناب عبد اللہ کی بجائے اونٹوں کا نام قرعہ میں نکلا اور سو اونٹوں کو قربان کر دیا گیا۔ یہ قربانی اونٹوں کی نہیں بلکہ جناب عبد اللہ (حضور ﷺ کے والد ماجد) کی قربانی قرار پائی۔ یہی وجہ ہے کہ حضور ﷺ نے فرمایا ’’میں دو ذبیحوں کا بیٹا ہوں۔ یعنی حضرت اسماعیل بن حضرت ابراہیم علیہما السلام اور عبد اللہ بن عبد المطلب کا۔ مواہب اللدنیہ جلد ۱، صفحہ ۱۶۔ ۱۷

بعض روایات میں آیا ہے کہ جناب عبد المطلب نے بیٹا ذبح کرنے کی نذر اس وقت مانی تھی جب آپ کو زمزم کا کنواں کھودنے کا خواب میں حکم دیا گیا تھا اور اس سلسلہ میں آپ کو کچھ پریشانی لاحق ہوئی تو آپ نے نذر مانی کہ اگر اللہ تعالیٰ نے اس کام کو مجھ پر آسان کر دیا تو میں ایک بیٹا اللہ کے نام پر قربان کروں گا۔ (مواہب اللدنیہ جلد ۱، صفحہ ۱۷)

نسب شریف مشکوٰۃ شریف میں ہے کہ ترمذی سے بروایت حضرت عباس مروی ہے کہ ارشاد فرمایا رسول اللہ ﷺ نے کہ میں محمد ہوں عبد اللہ کا بیٹا اور عبد المطلب کا پوتا، اللہ تعالیٰ نے جو مخلوق کو پیدا کیا تو مجھے اچھے گروہ میں بنایا یعنی انسان بنایا۔ انسان میں دو فرقے پیدا کئے۔ عرب اور عجم مجھے اچھے فرقے یعنی عرب میں بنایا پھر عرب میں کئی قبیلے بنائے اور مجھ کو سب سے اچھے قبیلے میں پیدا کیا یعنی قریش میں پھر قریش میں کئی خاندان بنائے اور مجھ کو سب سے اچھے خاندان میں پیدا کیا یعنی بنی ہاشم میں۔ پس میں ذاتی طور پر بھی سب سے اچھا ہوں اور خاندان میں بھی سب سے اچھا ہوں۔

حضرت علی کرم اللہ وجہہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا کہ میں نکاح سے پیدا ہوا ہوں اور سفاح یعنی بدکاری سے پیدا نہیں ہوا ہوں آدم علیہ السلام سے لے کر میرے والدین تک سفاح یعنی جاہلیت کا کوئی مورث مجھ کو نہیں پہنچا یعنی زمانہ جاہلیت میں جو بے احتیاطی ہوا کرتی تھی میرے آباؤ امہات سب اس سے منزہ رہے، پس میرے نسب میں اس کا کوئی میل نہیں ہے۔ روایت کیا اس کو طبرانی، ابو نعیم اور ابن عساکر نے اوسط میں (مواہب اللدنیہ)

ابو نعیم نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کیا مرفوعاً یعنی حضور ﷺ نے فرمایا کہ میرے اسلاف میں سے کبھی کوئی مرد عورت بطور سفاح کے نہیں ہے۔ کبھی کا مطلب یہ ہے کہ جس قربت کو میرے نسب میں بھی دخل نہ ہو مثلاً حمل ہی نہ ٹھہرا ہو، وہ بھی بلا نکاح نہیں ہوئی یعنی آپ کے سب اصول ذکور و اناث ہمیشہ برے کام سے پاک رہے، اللہ تعالیٰ مجھ کو اصلابِ طیبہ سے ارحام طاہرہ کی طرف مصفی و مہذب کر کے منتقل کرتا رہا۔ جب کبھی دو شعبے ہوئے جیسے عرب و عجم پھر قریش و غیر قریش و علیٰ ہٰذا میں بہترین شعبے میں رہا۔ (مواہب اللدنیہ)

دلائل ابو نعیم میں حضرت عائشہ سے مروی ہے کہ وہ رسول اللہ ﷺ سے نقل کرتی ہیں اور آپ جبرائیل علیہ السلام سے حکایت فرماتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ میں تمام مشرق و مغرب میں پھرا سو میں نے کوئی شخص محمد ﷺ سے افضل نہیں دیکھا اور نہ کوئی خاندان بنی ہاشم سے افضل دیکھا اور اس طرح طبرانی نے اوسط میں بیان کیا ہے شیخ الاسلام حافظ ابن حجر کہتے ہیں کہ آثار صحت کے اس متن یعنی حدیث کے صفحات پر نمایاں ہیں۔ (مواہب اللدنیہ)

یعنی حضرت جبرائیل علیہ السلام کے اس قول کا یوں منظوم ترجمہ کیا گیا ہے

آفاقھا گردیدہ ام مہربتاں ورزیدہ ام بسیار خوباں دیدہ ام لیکن تو چیزے دیگری

مشکوٰۃ میں مسلم سے روایت واثلہ بن الاسقع سے مروی ہے کہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا ہے۔ فرماتے تھے کہ اللہ تعالیٰ نے اسماعیل علیہ السلام کی اولاد میں سے کنانہ کو منتخب کیا اور کنانہ میں سے قریش کو اور قریش میں سے بنی ہاشم کو اور بنی ہاشم میں سے مجھ کو اور ترمذی کی روایت میں یہ بھی ہے کہ ابراہیم علیہ السلام کی اولاد میں سے اسماعیل علیہ السلام کو منتخب کیا۔

نسب نامہ حضرت محمد مصطفی ﷺ بن عبد اللہ بن عبد المطلب بن ہاشم بن عبد مناف بن قصیٰ بن کلاب بن مرہ بن کعب بن لوئی بن غالب بن فہر بن مالک بن نضر بن کنانہ بن خزیمہ بن مدرکہ بن الیاس بن مضر بن نزار بن معد بن عدنان فائدہ: ہم نے حضور ﷺ کا نسب نامہ جناب عدنان تک لکھا ہے کیونکہ اس کے بعد نسب بیان کرنے والوں کے بارے میں ارشاد ہوا ’’کذب النسابون‘‘ اور محتاط علماء نے بھی یہیں تک آپ کا نسب شریف لکھا ہے۔

زمانۂ طفولیت ابن شیخ نے خصائص میں ذکر کیا ہے کہ آپ کا گہوارہ (یعنی جھولا) فرشتوں کی جنبش دینے سے ہلا کرتا تھا۔ (مواہب اللدنیہ)

بیہقی اور ابن عساکر نے ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کیا ہے کہ حضرت حلیمہ کہتی تھیں کہ انہوں نے جب آپ کا دودھ چھڑایا تو آپ نے دودھ چھڑانے کے ساتھ ہی سب سے اول جو کلام فرمایا وہ یہ تھا ’’اَللّٰہُ اَکْبَرُ کَبِیْرًا وَّالْحَمْدُ لِلّٰہِ کَثِیْرًا وَّ سُبْحَانَ اللّٰہِ بُکْرَۃً وَّ اَصِیْلًا‘‘ جب آپ ذرا سمجھ دار ہوئے تو باہر تشریف لے جاتے اور لڑکوں کو کھیلتا دیکھتے مگر ان سے علیحدہ رہتے (یعنی کھیل میں شریک نہ ہوتے) (مواہب اللدنیہ)

ابن سعد، ابو نعیم اور ابن عساکر نے ابن عباس سے روایت کیا ہے کہ حضرت حلیمہ آپ کو کہیں دور نہ جانے دیا کرتیں۔ ایک بار ان کو کچھ خبر نہ ہوئی۔ آپ اپنی رضاعی بہن شیماء کے ساتھ عین دوپہر کے وقت مویشی کی طرف چلے گئے۔ حضرت حلیمہ آپ کی تلاش میں نکلیں۔ یہاں تک کہ آپ کو بہن کے ساتھ پایا۔ کہنے لگیں کہ اس گرمی میں ان کو لائی ہو؟ بہن نے کہا، اماں میرے بھائی کو گرمی ہی نہیں لگی۔ میں نے ایک بادل کا ٹکڑا دیکھا جو ان پر سایہ کئے ہوئے تھا۔ جب ٹھہر جاتے تھے وہ بھی ٹھہر جاتا تھا اور جب یہ چلنے لگتے تو وہ بھی چلنے لگتا یہاں تک کہ اس موقع تک اسی طرح پہنچے۔ (مواہب اللدنیہ)

حضرت حلیمہ سعدیہ سے روایت ہے کہ میں (طائف سے) بنی سعد کی عورتوں کے ہمراہ دودھ پینے والے بچوں کی تلاش میں مل کر چلی (اس قبیلہ کا یہی کام تھا) اور اس سال سخت قحط تھا، میری گود میں ایک بچہ تھا۔ مگر اتنا دودھ نہ تھا کہ اس کو کافی ہوتا۔ رات بھر اس کے رونے کی وجہ سے نیند نہ آتی اور نہ ہماری اونٹنی کے دودھ ہوتا۔ میں ایک دراز گوش پر سوار تھی جو غایت لاغری سے سب کے ساتھ نہ چل سکتا تھا۔ ہمراہی بھی اس سے تنگ آ گئے تھے۔ ہم مکہ میں آئے تو رسول اللہ ﷺ کو جو عورت دیکھتی اور یہ سنتی کہ آپ یتیم ہیں کوئی قبول نہ کرتی (کیونکہ زیادہ انعام و اکرام کی توقع نہ ہوتی اور ادھر ان کو دودھ کی کمی کے سبب کوئی بچہ نہ ملا) میں نے اپنے شوہر سے کہا، یہ تو اچھا نہیں معلوم ہوتا کہ میں خالی جاؤں۔ میں تو اس یتیم کو لاتی ہوں۔ شاید اللہ تعالیٰ برکت عطا کرے۔ غرض میں آپ کو جا کر لے آئی۔ جب اپنی فرودگاہ (رہائش گاہ) پر لائی اور گود میں لے کر دودھ پلانے بیٹھی تو دودھ اس قدر اترا کہ آپ کے رضاعی بھائی نے خوب آسودہ ہو کر پیا اور پیٹ بھر کر سو گئے اور میرے شوہر نے جو اونٹنی کو جا کر دیکھا تو تمام دودھ ہی دودھ بھرا تھا۔ غرض اس نے دودھ نکالا اور ہم سب نے اونٹنی کا دودھ خوب سیر ہو کر پیا اور رات بڑے آرام سے گزری اور اس سے پہلے سونا میسر نہ ہوتا تھا۔ شوہر کہنے لگا، اے حلیمہ تو تو بڑے برکت والے بچے کو لائی۔ میں نے کہا، ہاں! مجھے یہی امید ہے۔ پھر مکہ سے روانہ ہوئے اور آپ کو لے کر اسی دراز گوش پر سوار ہوئی، پھر تو اس کا یہ حال تھا کہ کوئی سواری اس کو پکڑ نہ سکتی تھی۔ میری ہمراہی عورتیں تعجب سے کہنے لگیں کہ حلیمہ ذرا آہستہ چلو۔ یہ وہی تو ہے جس پر تم آئی تھیں۔ میں نے کہا، ہاں وہی ہے۔ وہ کہنے لگیں، بے شک اس میں کوئی بات ہے۔ پھر ہم اپنے گھر پہنچے اور وہاں سخت قحط تھا لیکن میری بکریاں دودھ بھری آتیں اور دوسروں کو اپنے جانوروں میں ایک قطرہ دودھ کا نہ ملتا۔ میری قوم کے لوگ اپنے چرواہوں سے کہتے کہ ارے تم بھی وہیں چراؤ جہاں حلیمہ کے جانور چرتے ہیں۔ ان لوگوں کے کہنے پر چرواہوں نے اپنے جانور میرے جانوروں کی چراگاہ میں چرنے کے لئے چھوڑے مگر پھر بھی ان کے جانور خالی آتے اور میرے جانور بھرے آتے (کیونکہ چراگاہ میں کیا رکھا تھا وہ تو بات ہی کچھ اور تھی) غرض ہم برابر خیر و برکت کا مشاہدہ کرتے رہے۔ یہاں تک کہ دو سال پورے ہو گئے اور میں نے آپ کا دودھ چھڑایا۔ آپ کا نشو ونما اور بچوں سے بہت زیادہ تھا۔ یہاں تک کہ دو سال کی عمر میں اچھے بڑے معلوم ہونے لگے۔ پھر ہم آپ کو آپ کی والدہ کے پاس لائے مگر آپ کی برکت کی وجہ سے ہمارا جی چاہتا تھا کہ آپ اور رہیں اس لئے آپ کی والدہ سے اصرار کر کے دوبارہ مکہ میں جانے کے بہانے سے پھر اپنے گھر لے آئے۔ سو چند مہینے بعد ایک بار آپ اپنے رضاعی بھائی کے ساتھ مویشی میں پھر رہے تھے کہ یہ بھائی دوڑتا ہوا آیا، مجھ سے اور اپنے باپ سے کہا کہ میرے قریشی بھائی کو دو سفید کپڑے والے آدمیوں نے پکڑ کر لٹایااور سینہ چاک کیا۔ میں اسی حال میں چھوڑ کر آیا ہوں۔ سو ہم دونوں گھبرائے ہوئے گئے دیکھا کہ آپ کھڑے ہیں لیکن رنگ متغیر ہے۔ میں نے پوچھا، بیٹا کیا تھا۔ فرمایا، دو شخص سفید کپڑے پہنے ہوئے آئے اور مجھ کو لٹایا اور سینہ چاک کر کے کچھ ڈھونڈ کر نکالا۔ معلوم نہیں کیا تھا۔ ہم آپ کو اپنے ڈیرے پر لائے۔ تب شوہر نے کہا، حلیمہ اس لڑکے کو آسیب کا اثر ہے۔ قبل اس کے کہ اس کا زیادہ اثر ہو، ان کے گھر پہنچا آ۔ میں آپ کی والدہ کے پاس لے کر گئی۔ آپ نے فرمایا، تو تو اس کو رکھنا چاہتی تھی۔ پھر کیوں لے آئی؟ میں نے کہا، اب خدا کے فضل سے ہوشیار ہو گئے ہیں اور میں اپنی خدمت کر چلی۔ خدا جانے کیا اتفاق ہوتا، اس لئے لائی ہوں۔ انہوں نے فرمایا، یہ بات نہیں، سچ بتلا؟ میں نے سب قصہ سچ سچ بیان کیا۔ کہنے لگیں، تجھ کو ان پر شیطان کے اثر کا اندیشہ ہے؟ میں نے کہا، ہاں۔ کہنے لگیں، ہرگز نہیں۔ واللہ! شیطان کا ان پر کچھ اثر نہیں ہو سکتا۔ میرے بیٹے کی ایک خاص شان ہے۔ پھر انہوں نے بعض حالات حمل اور ولادت کے بیان کئے اور بعد میں فرمایا، اچھا ان کو چھوڑ دو اور خیریت کے ساتھ جاؤ۔ (سیرت ابن ہشام)

حلیمہ کے اس لڑکے نام عبد اللہ ہے اور یہ انیسہ اور جذامہ کے بھائی ہیں اور یہ جذامہ شیماء کے نام سے مشہور ہیں اور یہ سب اولاد ہیں حارث بن عبد العزّٰی کی جو شوہر ہیں حلیمہ کے۔ (کما فی زاد المعاد)

بعض اہل علم نے ان سب کے ایمان کی تصریح کی ہے۔ (شمامۃ اور زاد المعاد)

محمد بن اسحاق نے ثور بن یزید سے (اس بار کے شق صدر کے بعد کا واقعہ) مرفوعاً ذکر کیا ہے کہ حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ ان سفید پوش شخصوں میں سے ایک نے دوسرے سے کہا کہ ان کو اور ان کی امت کے دس آدمیوں کے ساتھ وزن کرو۔ چنانچہ وزن کیا تو میں بھاری نکلا۔ پھر اسی طرح سو آدمیوں کے ساتھ، پھر ہزار آدمیوں کے ساتھ کیا۔ پھر کہا، بس کرو۔ واللہ! اگر ان کو ان کی تمام امت سے وزن کرو گے تب بھی یہ وزنی نکلیں گے۔ (سیرت ابن ہشام)

اس جملہ میں آپ کو بشارت سنائی کہ آپ نبی ہونے والے ہیں۔ آپ کا شق صدر اور قلب اطہر کا دھلنا چار بار ہوا۔ ایک تو یہی جو ذکر کیا گیا۔ دوسری بار دس سال کی عمر میں صحرا میں ہوا تھا۔ تیسری بار وقت بعثت کے ماہِ رمضان غارِ حرا میں۔ چوتھی بار شب معراج میں اور پانچویں بار ثابت نہیں۔ (شمامۃ، بتغیر یسیر)

پچھلا صفحہ اگلا صفحہ