عن عطاء بن یسار قال لقیت عبد اللّٰہ بن عمر و بن العاص قلت اخبرنی عن صفۃ رسول اللہ ﷺ فی التورٰۃ قال اجل واللّٰہ انہ لموصوف فی التورٰۃ ببعض صفتہٖ فی القراٰن یٰٓا اَ یُّھَا النَّبِیُّ اِنَّا اَرْسَلْنٰـکَ شَاھِدًا وَّ مُبَشِّرًا وَّنَذِیْرًا وحرز اللامیین انت عبدی ورسولی سمیتک المتوکل لیس بفظ ولا غلیظ ولا سخاب فی الاسواق ولا یدفع بالسیئۃ السیئۃ ولکن یعفو ویغفر ولن یقبضہ اللّٰہ حتی یقیم بہ الملۃ العوجاء بان یقوْلوا لا الہ الا اللّٰہ ویفتح بھا اعینا عمیا و اٰذاناصما وقلوبا غلفا۔ رواہ البخاری ترجمہ: حضرت عطاء بن یسار سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ میں عبداللہ بن عمر وبن عاص سے ملا میں نے ان سے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کی جو صفت توراۃ میں نازل ہوئی وہ مجھے بتایئے۔ انہوں نے کہا کہ ہاں! خدا کی قسم رسول اللہ ﷺ توراۃ میں بعض ان صفات کیساتھ موصوف ہیں جن کا بیان قرآن کریم کی اس آیت میں ہے۔ ’’یٰٓـا اَ یُّھَا النَّبِیُّ اِنَّا اَرْسَلْنٰـکَ شَاھِدًا وَّ مُبَشِّرًا وَّنَذِیْرًا‘‘ ’’اے نبی! ہم نے آپ کو آپ کی امت ۱؎ کے احوال کا شاہد بنا کر بھیجا، خوشخبری سنانے والا اور گنہ گاروں کے لئے عذاب سے ڈرانے والا بنا کر بھیجا۔‘‘ (آیتِ قرآنیہ کے بعض اوصاف کا بیان یہاں تک ہوا۔ اب اس کے علاوہ دیگر اوصاف کا ذکر ہے) اور اہل عرب کے لئے پناہ بنا کر بھیجا۔ اے محمد (ﷺ)! آپ میرے ایسے خاص مقدس بندے ہیں کہ آپ کی اس خاص بندگی میں آپ کے ساتھ کوئی دوسرا شریک نہیں اور آپ میرے رسول ہیں۔ میں نے آپ کا نام متوکل رکھا۔ اس لئے کہ آپ نے اپنے تمام کام اور اپنی قدرت وغیرہ (جو میں نے آپ کو عطا فرمائی ہے) سب کچھ میرے ہی سپرد کر دیا ہے۔ آپ ایسے متوکل ہیں کہ درشت خو نہیں نہ سخت کلام ہیں۔ نہ بازاروں میں شور مچانے والے ہیں۔ نہ برائی کا بدلہ برائی کے ساتھ دینے والے لیکن معاف فرماتے اور بخش دیتے ہیں۔ آپ ایسے متوکل ہیں جس کو اللہ تعالیٰ ہرگز دنیا سے نہ اٹھائے گا۔ تاوقتیکہ اس کے وجود اقدس کے ساتھ کجرو اور گمراہ قوم کو سیدھا نہ کر دے بایں طور کہ وہ لو گ ’’لا الہ الا اللّٰہ‘‘ پڑھ لیں اور اللہ تعالیٰ اس کی ذات کریمہ کے ساتھ اندھی آنکھوں اور غافل دلوں کو کھولے گا۔ اس حدیث کو بخاری نے روایت کیا اور اسی طرح اس کو دارمی نے حضرت عطا سے انہوں نے حضرت ابن سلام سے اس کی مثل روایت کیا۔ … (مشکوٰۃ شریف) ص ۵۱۲ اس مبارک حدیث سے مندرجہ ذیل امور ثابت ہوئے۔ ۱: حضور سید عالم ﷺ کی پیش گوئی اور آپ کے صفات خصوصی کا بیان کتب سابقہ میں بھی ہے اور سچے نبی کی یہی شان ہوتی ہے۔ ۲: آقائے نامدار ﷺ اپنی امت کے احوال پر شاہد ہیں۔ کسی فردِ امت کا کوئی حال ایسا نہیں، جس کا آپ مشاہدہ نہ فرما رہے ہوں۔ جیسا کہ ’’شاہدًا‘‘ کی تفسیر میں حضرت شاہ عبد الحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ اشعۃ اللمعات جلد رابع ص ۴۷۱ پر فرماتے ہیں ’’اے گرامی پیغمبر بدرستی مافرستادہ ایم ترا شاہد بر احوالِ امت‘‘ ۳: حضور سید عالم ﷺ اہل عرب کے لئے پناہ ہیں یعنی آپ کے دامن رحمت میں مصائب و آلام دارین سے پناہ ملتی ہے اور اگر بلیات ِ شیطانی و آفات نفسانی مراد لی جائیں تو اہل عرب پر ہی کیا موقوف ہے۔ حضور ﷺ کا وجود اقدس عالم کے ہر فرد کے لئے پشت و پناہ ہے۔ اسی مقام پر حضرت شاہ عبدالحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ اشعتہ اللمعات میں فرماتے ہیں ’’واگر حذر از غوائل شیطانی و آفات نفس مراد دارند وجود شریف وے صلی اللہ علیہ وسلم پشت و پناہ عالمیا نست‘‘ ۴: حضور سید عالم ﷺ اللہ تعالیٰ کے ایسے خاص بندے ہیں کہ آپ کی اس بندگی میں کوئی آپ کا شریک نہیں۔ جیسا کہ اسی حدیث میں انت عبدی کے تحت حضرت شاہ صاحب موصوف اشعتہ اللمعات میں فرماتے ہیں تو اے محمد بندۂِ خاص من کہ درحقیقت در بندگی خاص ہیچ کس باتو شریک نیست معلوم ہوا کہ سرور دو عالم ﷺ کی عبدیت آپ کا وہ کمال ہے جس میں آپ کے ساتھ کسی دوسرے کو شرکت نصیب نہیں۔ ۵: آقائے نامدار ﷺ متوکل ہیں او رمتوکل حقیقتاً اسے کہتے ہیں جو اپنا سب کچھ اپنے رب کے سپرد کر دے۔ جیسا کہ اسی مقام پر اشعتہ اللمعات میں ہے نام کردہ ام من ترامتوکل کہ ہمہ کار ہائے خود را بمن سپردۂِ وقطعاً برحول وقوت خود نہ ایستادہ سب کاموں میں جاننا بھی داخل ہے جسے علم کہتے ہیں اگرچہ وہ دل کا کام ہے مگر کام ضرور ہے۔ تو اگر کسی موقع پر رسول اللہ ﷺ کسی چیز کے علم کی اپنی ذاتِ اقدس سے بظاہر نفی فرما دیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ حضور ﷺ کو اس چیز کا علم نہیں دیا گیا بلکہ ایسے مواقع پر آپ نے اس شے کے علم کو اللہ تعالیٰ کے سپرد فرما کر اپنی متوکلانہ شان کا مظاہرہ فرمایا ہے اور کبھی دوسری حکمتوں کے پیش نظر اپنے علم کا اظہار بھی فرمایا۔ کما لا یخفی علی العاقل اللبیب ۶: حضور ﷺ کی سیرۃ طیّبہ ادنیٰ درجہ کی درشت خوئی اور سخت کلام سے بھی پاک تھی گویا آپ سراپا رحمت اور مجسمہ ٔ اخلاق حسنہ تھے۔ ۷: تاجدار مدنی ﷺ نے اپنے غلاموں کے دلوں میں توحید کو اتنا پختہ فرما دیا کہ اس کے انوار سے گمراہ ہدایت پر آ گئے۔ ٹیڑھے سیدھے ہو گئے اندھوں کی آنکھیں روشن ہو گئیں۔ بہروں کے کان کھل گئے۔ غافلوں کے دل خواب غفلت سے بیدار ہو گئے۔ یہ سب کچھ حضور سید عالم ﷺ کی قوت قدسیہ کا کرشمہ اور انہی کا صدقہ ہے۔

اللہم صل علٰی سیدنا ومولانا محمد وعلٰی الہٖ وصحبہ اجمعین

عَنْ اَنَسِ بْنِ مَالِکٍ قَالَ سَمِعْتُ رَسُوْلَ اللّٰہِ ﷺ یَقُوْلُ اِنَّ اُمَّتِیْ لَا تَجْتَمِعُ عَلیٰ ضَلَالَۃٍ فَاِذَا رَأَیْتُمْ اِخْتِلاَ فًا فَعَلَیْکُمْ بِالسَّوَادِ الْاَعْظَم رواہ ابن ماجہ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے انہوں نے فرمایا کہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ میری امت گمراہی پر جمع نہ ہو گی جب تم اختلاف دیکھو تو سب سے بڑی جماعت کو لازم پکڑو۔ اس حدیث کو ابن ماجہ نے روایت کیا۔ بعض لوگ سوال کیا کرتے ہیں کہ اسلام میں فرقہ بندی کیوں ہوئی؟ اس کا جواب یہ ہے کہ حضور سید عالم جناب محمد رسول اللہ ﷺ نے اس اختلاف و افتراق کی بابت پیشینگوئی فرمائی تھی کہ والذی نفس محمد بیدہ تفترقن امتی علیٰ ثلٰث و سبعین فرقۃ فواحدۃ فی الجنۃ وثنتان و سبعون فی النار ۱؎ اس ذات پاک کی قسم جس کے دست قدرت میں محمد ﷺ کی جان پاک ہے کہ میری امت تہتر ۷۳ فرقوں میں منقسم ہو جائے گی۔ (ان میں سے) ایک جنت میں جائے گا اور بہتر دوزخ میں جائیں گے۔ حضورسید عالم ﷺ کی یہ پیشینگوئی انسانی فطرت کے عین مطابق تھی۔ نظام کائنات اور رفتار زمانہ بھی اس پر شاہد ہے۔ ہم دیکھتے ہیں کہ نسل انسانی ابتدأً چند اصول تسلیم کر لیتی ہے پھر مرور زمانہ کی وجہ سے اس کے بعض افراد کے خیالات میں ان مانے ہوئے اصولوں کے متعلق تفاوت اور اختلاف پیدا ہو جاتا ہے بلکہ زیادہ مدت گزرنے کے بعد وہ اختلاف کچھ ایسی نوعیت اختیار کر لیتا ہے کہ اس جماعت میں سے ایک فرد بھی مسلّمہ اصول پر قائم نہیں رہتا لیکن آسمانی اور الہامی اصول اور سچے دین کی امتیازی شان یہ ہے کہ اس دین کو قبول کرنے والوں میں سے ضرور ایک جماعت ایسی ہوتی ہے جو اس کثرتِ اختلاف کے باوجود بھی حق و صداقت پر قائم رہتی ہے اور فرقہ بندی کا طوفان اس کے پائے استقلال کو ڈگمگا نہیں سکتا۔ مختصر یہ کہ غلط اصول کا ذکر ہی کیا؟ جب ان کی بنیاد ہی باطل پر ٹھہری تو ان میں حقانیت و صداقت کا تصور بھی نہیں ہو سکتا۔ تاریخ عالم گواہ ہے کہ الہامی اور آسمانی تعلیمات میں بھی نسل انسانی نے اس قدر اختلاف کیا کہ مدت مدید کے بعد ان کو قبول کرنے والوں کی اتنی قلیل تعداد حق و صداقت پر باقی رہی کہ اسے اکہتّر یا بہتّر یا تہتّر حصوں میں سے ایک حصہ کہا جا سکتا ہے۔ انسان کی اس فطرت کے ساتھ گردشِ کائنات کا نقشہ بھی ہماری نگاہوں کے سامنے ہے۔ رفتار زمانہ کے اثر سے زمانیات میں جو تفاوت پایا جاتا ہے اس کا انکار بھی نہیں ہو سکتا۔ زمانیات کے بہت تھوڑے افراد ایسے ہیں جو اس گردش لیل و نہار سے متاثر ہو کر مختلف اور متفاوت نہیں ہوتے اور اپنے پہلے حال پر قائم رہتے ہیں۔ بہرحال اس فطری اصول کے موافق ہادیٔ اعظم نور مجسم ﷺ کی پیشین گوئی عقلِ سلیم کے عین مطابق ہے اور واقعات نے ثابت کر دیا کہ حضور ﷺ نے اختلافِ امت کے بارے میں جو کچھ فرمایا وہ عین حق و صواب پر مبنی تھا۔ لیکن اس مقام پر جو بات قابل غور ہے وہ یہ ہے کہ اس دور اختلاف و افتراق میں حق پسند اور نجات پانے والے گروہ کا کیسے پتہ چلے اور کیوں کر معلوم ہو کہ موجودہ فرقوں میں حق پر کون ہے۔ اس حدیث مبارک میں حضور اکرم ﷺ نے یہی بات ارشاد فرمائی کہ فاذا رأیتم اختلافاً فعلیکم بالسواد الاعظم ’’جب تم اختلاف دیکھو تو سب سے بڑی جماعت کو لازم پکڑو‘‘ یہاں اختلاف سے مراد اصولی اختلاف ہے جس میں ’’کفر و ایمان‘‘ اور ’’ہدایت و ضلالت‘‘ کا فرق پایا جائے۔ فروعی اختلاف ہرگز مراد نہیں۔ کیوں کہ وہ تو رحمت ہے۔ جیسا کہ حدیث شریف میں ہے ’’اختلاف امتی رحمۃ‘‘ میری امت کا (فروعی) اختلاف رحمت ہے۔ اس تفصیل کو ذہن میں رکھ کر موجودہ اسلامی فرقوں میں اس بڑے فرقے کو تلاش کیجئے جو باہم اصولاً مختلف نہ ہو اور جس قدر اسلامی فرقے اس کے ساتھ اصولی اختلاف رکھتے ہوں وہ ان سب میں بڑا ہو تو میں دعویٰ سے کہتا ہوں کہ آپ کو ایسا فرقہ اہلسنّت و جماعت کے سوا کوئی نہ ملے گا۔ جس میں حنفی، شافعی، مالکی، حنبلی، قادری، چشتی، سہروردی، نقشبندی، اشعری، ماتریدی سب شامل ہیں۔ یہ سب اہلسنّت ہیں اور ان کے مابین کوئی ایسا اصولی اختلاف نہیں جس میں کفر و ایمان یا ہدایت و ضلالت کا فرق پایا جائے۔ حنفی امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ کو اختلافی مسائل میں خطاء اجتہادی پر تسلیم کرتے ہیں مگر ان کے مسائل کو (خطا اجتہادی پرمبنی ہونے کے باوجود) ان کے حق میں ہدایت سے خالی نہیں سمجھتے۔ بخلاف معتزلہ مرزائیہ روافض و خوارج و غیرہم کے کہ ان میں بعض گروہ ایسے ہیں جو اہلسنّت کے نزدیک دائرۂ اسلام و ایمان سے خارج ہیں اور بعض وہ ہیں کہ ہدایت سے بے بہرہ ضلالت میں مبتلا ہیں۔ لہٰذا اس دور پرفتن میں حدیث مذکور کی رو سے سوادِ اعظم و اہلسنّت وجماعت کا حق پرہونا ثابت ہوا۔ جیسا کہ شیخ عبد الغنی دہلوی علیہ الرحمۃ انجاح الحاجۃ حاشیہ ابن ماجہ میں اسی حدیث پر ارقام فرماتے ہیں فھذا الحدیث معیار عظیم لاھل السنۃ والجماعۃ شکر اللّٰہ سعیھم فانھم ھم السواد الاعظم وذٰلک لا یحتاج الی برھان فانک لونظرت الی اھل الاھواء باجمعھم مع انھم اثنتان و سبعون فرقۃ لا یبلغ عددھم عشر اھل السنۃ وامااختلاف المجتہدین وکذالک اختلاف الصوفیۃ الکرام والمحدثین العظام والقراء الاعلام فھو اختلاف لا یضلل احدھم الآخر الخ۔ (ابن ماجہ شریف ص ۲۹۲ حاشیہ ۱ ؎) یعنی یہ حدیث اہل سنت وجماعت (اللہ تعالیٰ ان کی سعی کو مشکور فرمائے) کے لئے معیار عظیم ہے۔ بے شک وہی سواد اعظم ہیں اور یہ امر کسی برہان کا محتاج نہیں۔ تمام اہل ہوا باوجودیکہ وہ بہتر (۷۲) فرقے ہیں، کو اگر تم دیکھو تو وہ اہلسنّت کے دسویں حصہ کو بھی نہیں پہنچ سکتے۔ رہا مجتہدین اور اسی طرح صوفیاء کرام اور محدثین عظام اور قراء اعلام کا باہمی اختلاف تو وہ ایسا ہے کہ جس کی وجہ سے کوئی ایک دوسرے کی تضلیل نہیں کرتا۔ یہاں بعض لوگ یہ شبہ پیش کیا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں ارشاد فرماتا ہے کہ ’’مِنْھُمُ الْمُؤْمِنُوْنَ وَاَکْثَرُھُمُ الْفَاسِقُوْنَ‘‘ ان میں سے بعض مومن ہیں اور اکثر فاسق ہیں۔ نیز ارشاد فرمایا ’’اِعْمَلُوْآ اٰلَ دَاوٗدَ شُکْرًا وَّقَلِیْلٌ مِّنْ عِبَادِیَ الشَّکُوْرُ‘‘ عمل کرو اے آلِ داؤد (علیہ السلام) شکر کا اور کم ہیں میرے بندوں سے شکر کرنے والے۔ ان کے علاوہ اور آیات سے بھی یہ ثابت ہے کہ مومن اور نیک بندے قلیل ہیں اس لئے یہ حدیث قرآن مجید کے خلاف ہے۔ لہٰذا قابل قبول نہیں۔ اس کا جواب یہ ہے کہ اول تو یہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ مدار نجات ایمان پر ہے۔ ایمان رکھنے والوں میں بھی ایسے لوگوں کی تعداد کم ہوتی ہے جو حسب استطاعت اللہ تعالیٰ کی پوری شکر گزاری کرنے والے اور کامل مومن ہوں۔ دوسرے یہ کہ جن آیتوں میں مومنین کو قلیل اور کفار کو کثیر فرمایا گیا ہے، وہاں کفار سے وہ بہتر فرقے بالخصوص مراد نہیں جو مدعی اسلام ہیں بلکہ وہاں کفار سے عام کفار مراد ہیں جن میں اسلام کے مدعی اور منکر سب شامل ہیں اور یہ امر واضح ہے کہ اسلام کے مدعی اور منکر تمام جہان کے کافروں کے مقابلہ میں سواد اعظم اہلسنّت وجماعت کو لایا جائے تو یہ ضرور قلیل ہوں گے اور وہ کفار یقیناً کثیر ہوں گے۔ لہٰذا قرآن و حدیث میں کوئی اختلاف نہیں۔ بعض لوگ کہہ دیا کرتے ہیں کہ دوسری حدیث میں حضور ﷺ نے فرقہ ناجیہ کے متعلق فرمایا ہے کہ ’’ما انا علیہ واصحابی‘‘ ناجی گروہ وہ ہے جو میرے اور میرے صحابہ کے مسلک پر ہو۔ اس حدیث میں سواد اعظم کا ذکر نہیں۔ اس کا جواب ظاہر ہے کہ یہ حدیث سواد اعظم والی حدیث کے خلاف نہیں بلکہ اس کو اور واضح کر رہی ہے۔ کیوں کہ ’’ما انا علیہ واصحابی‘‘ والی حدیث میں یہ اجمال باقی ہے کہ حضور ﷺ اور حضور کے صحابہ کے موافق کون ہے؟ تہتر فرقوں میں سے ہر فرقہ یہ کہہ سکتا ہے کہ میرا عقیدہ اور مذہب حضور ﷺ اور صحابہ کرام کے موافق ہے۔ اس صورت میں ناجی گروہ کا پتہ نہیں چل سکتا۔ ’’علیکم بالسواد الاعظم‘‘ والی حدیث نے اس اجمال کو دور کر دیا اور اس امر کو واضح کر دیا کہ جتنے فرقے اس امر کے مدعی ہوں گے کہ ہمارا دین و مذہب حضور ﷺ اور صحابہ کرام کے موافق ہے، وہ سب جھوٹے ہوں گے۔ میرے دین پر جو جماعت صحیح معنی میں قائم رہے گی، وہ سوادِ اعظم ہو گی۔ لہٰذا تم سواد اعظم ہی کو لازم پکڑنا۔ اس مقام پر ایک اعتراض کا جواب نہایت ضروری ہے اور وہ یہ کہ حدیث مبارک میں مذکور ہے کہ میری امت میں بہتر (۷۲) فرقے ناری ہوں گے اور ایک ناجی ہو گا۔ حالانکہ اگر ان فرقوں کو دیکھا جائے جو ہمارے نزدیک ناری ہیں تو ان کی تعداد سینکڑوں سے متجاوز ہو چکی ہے۔ پھر اہلسنت کا وہ ایک فرقہ جو ہمارے نزدیک ناجی ہے، اس میں بھی متعدد گروہ پائے جاتے ہیں۔ جیسے حنفی، شافعی، مالکی، حنبلی علیٰ ہٰذا القیاس صوفیاء کرام اور علماء متکلمین وغیرہم میں بہت سے گروہ ہیں۔ حالانکہ ہم سب ان کو ناجی سمجھتے ہیں۔ اس حدیث سے تویہ ثابت ہے کہ ناجی فرقہ صرف ایک ہے۔ اس کا جواب یہ ہے کہ حدیث مبارک میں بہتر (۷۲) ناری فرقوں سے وہ فرقے مراد ہیں جو کفر و الحاد اور گمراہی و بے دینی کا سرچشمہ اور جڑ ہیں۔ اسی طرح ایک ناجی گروہ سے وہ نجات پانے والا فرقہ مراد ہے جو اسلام و ایمان ہدایت و رحمت کا منبع اور اصل و بنیاد ہے۔ ظاہر ہے کہ ایک جڑ سے کئی شاخیں نکلتی ہیں مگر ان کی اصل وہی جڑ ہے جس سے وہ نکلتی ہیں۔ شاخوں کی کثرت سے جڑوں کی کثرت لازم نہیں آتی۔ جیسے ایک قبیلے میں کئی خاندان ہوتے ہیں اور ہر خاندان میں کئی گھر اور ہر گھر میں کئی افراد۔ اسی طرح گمراہی کی بہتر جڑوں اور ضلالت کے بہتر قبیلوں سے سینکڑوں کیا ہزاروں بلکہ لاکھوں کی تعداد میں بھی اگر شاخیں اور خاندان وافر پیدا ہو جائیں تو اس سے یہ لازم نہیں آتا کہ ان کی اصل اور قبیلے بھی اتنی ہی تعداد میں ہوں۔ مختصر یہ کہ جس طرح گمراہی کی بہتر (۷۲) جڑوں سے سینکڑوں ہزاروں شاخیں پیدا ہو گئیں (جنہیں فرقوں میں شمار کر لیا گیا) اسی طرح ہدایت کی ایک جڑ سے کئی شاخیں پیدا ہوئیں۔ مگر یاد رکھئے، ضلالت کی جڑ کی ہر شاخ ضلالت ہو گی اور ہدایت کی جڑ سے جو شاخیں نمودار ہوں گی وہ سب ہدایت قرار پائیں گی۔ اسی لئے اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں ارشاد فرمایا ’’وَالَّذِیْنَ جَاھَدُوْا فِیْنَا لَنَھْدِیَنَّھُمْ سُبُلَنَا‘‘ جن لوگوں نے ہماری راہ میں جہاد کیا (اس سے کہ وہ جہاد جانی ہو یا مالی، جسمانی ہو یا روحانی، جہادِ اصغر ہو یا جہادِ اکبر ہو) ہم انہیں اپنی راہوں کی طرف رہنمائی فرمائیں گے۔ اس آیت کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے سبیل کی بجائے سبل فرمایا۔ یعنی یہ نہیں فرمایا کہ ہم انہیں اپنی راہ کی طرف رہنمائی فرمائیں گے بلکہ یہ ارشاد فرمایا کہ ہم انہیں اپنی راہوں کی طرف رہنمائی فرمائیں گے۔ معلوم ہوا کہ سبیل خداوندی ایک نہیں بلکہ متعدد ہیں اور وہ وہی ہیں جن کا مبداء اور مرکز فرقہ ناجیہ السواد الاعظم اہلسنّت وجماعت ہو، جیسے حنفی، شافعی، مالکی، حنبلی، چشتی، قادری، سہروردی، نقشبندی، ماتریدی، اشعری وغیرہم۔ ثابت ہوا کہ اس اختلاف و افتراق کے دور میں نجات کا ذریعہ صرف یہ ہے کہ حدیث مبارک ’’علیکم بالسواد الاعظم‘‘ کے مطابق مسلمانوں کے سب سے بڑے گروہ اہلسنّت وجماعت کو لازم پکڑ لیا جائے اور اس کے علاوہ مرزائی، رافضی، نیچری، وہابی، غیر مقلد وغیر ہم سب سے علیحدگی اختیار کی جائے۔

واللّٰہ الموفق للھدایۃ وھو الموصل الی سبیل الرشاد

عن عثمان بن حنیف ان رجلا ضریر البصراتی النبی ﷺ فقال ادع اللّٰہ لی ان یعافینی فقال ان شئت اخرت لک وھو خیر وان شئت دعوت فقال ادعہ فامرہ ان یتوضاء فیحسن وضوئہ ویصلی رکعتین ویدعو بھذا الدعاء اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ وَاَتَوَجَّہُ اِلَیْکَ بِمُحَمَّدٍنَبِیِّ الرَّحْمَۃِ یَا مُحَمَّدُ اِنِّیْ قَدْ تَّوَجَّھْتُ بِکَ اِلٰی رَبِّیْ فِیْ حَاجَتِیْ ھٰذِہٖ لِتُقْضٰی اَللّٰھُمَّ فَشَفِّعْہُ فِیَّ قال ابو اسحاق ھذا حدیث صحیح (ابن ماجہ ص ۱۰۰) ترجمہ: حضرت عثمان بن حنیف رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک نابینا حضور ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا تو اس نے عرض کیا حضور! میرے لئے دعا فرمائیں کہ اللہ تعالیٰ مجھے بینائی عطا فرمائے۔ حضورعلیہ الصلوٰۃ والسلام نے ارشاد فرمایا، اگر تو چاہے تو میں تیرے لئے مؤخر کر دوں (یعنی آخرت میں تجھے اس کا فائدہ پہنچے) اور وہ تیرے لئے بہتر ہے اور اگر تو چاہے تو دعا کر دوں۔ اس نے عرض کیا حضور! اللہ تعالیٰ سے دعا فرمائیں تو حضور ﷺ نے اسے فرمایا کہ وہ اچھی طرح وضو کرے اور دو رکعت نماز پڑھے اور یہ دعا مانگے۔ اے اللہ! میں تجھ سے سوال کرتا ہوں اور تیرے نبی ٔ رحمت ﷺ کے وسیلہ سے تیری طرف متوجہ ہوتا ہوں۔ یا رسول اللہ! میں اپنی بینائی واپس کرانے میں آپ کو دربارِ خداوندی میں سفارشی پیش کرتا ہوں۔ اے اللہ! میرے حق میں اپنے نبی کریم ﷺ کی سفارش قبول فرما۔ ابو اسحاق نے کہا، یہ حدیث صحیح ہے۔ اسی حدیث کو نسائی اور ترمذی نے اختلافِ یسیر کے ساتھ روایت کیا اور ترمذی نے کہا حسنٌ صحیحٌ بیہقی نے بھی اس حدیث کی تصحیح کی اور اپنی روایت میں اتنے الفاظ اور زیادہ بیان کئے وقام وقد بصر یعنی وہ آدمی دعا مانگ کر جب کھڑا ہوا تو بینا ہو گیا۔ محدثین نے فرمایا کہ یہ حدیث حضور ﷺ کی حیاتِ ظاہری میں حضور سے توسل اور طلب ِ شفاعت کے جواز پر دلالت کرتی ہے اور حضور کی وفات کے بعد حضور کو وسیلہ بنانے اور طلب شفاعت پر وہ حدیث دلالت کرتی ہے، جسے طبرانی نے معجم کبیر میں اُنہی حضرت عثمان بن حنیف سے روایت کیا ہے، جن کا ذکر پہلی روایت میں آ چکا ہے۔ وہ روایت حسب ِ ذیل ہے عن عثمان بن حنیف ان رجلا کان یختلف الیٰ عثمان بن عفان فی حاجۃ لہ وکان لا یلتفت الیہ ولا ینظرفی حاجتہٖ فلقی ابن حنیف فشکیٰ الیہ ذلک فقال لہٗ ابن حنیف اِیت الیضاۃ فتوضأ ثم ائت المسجد فصل رکعتین ثم قل اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ وَاَتَوَجَّہُ اِلَیْکَ بِمُحَمَّدٍنَبِیِّ الرَّحْمَۃِ یَا مُحَمَّدُ اِنِّیْ قَدْ تَّوَجَّھْتُ بِکَ اِلٰی رَبِّیْ فِیْ حَاجَتِیْ ھٰذِہٖ لِتُقْضٰی اَللّٰھُمَّ فَشَفِّعْہُ فِیَّ وتذکر حاجتک فانطلق الرجل فصنع ما قال ثم اتی باب عثمان فجأ البواب حتی اخذہ بیدہ فادخلہ علی عثمان فاجلسہ معہ علی الطنفسۃ فقال ماحاجتک فذکر حاجتہ فقضا مالہ ثم قال ماذکرت حاجتک حتی کان الساعۃ وقال ما کانت لک من حاجۃ فاذکرھا ثم ان الرجل خرج من عندہ فلقی ابن حنیف فقال لہ جزاک اللّٰہ خیرا ما کان ینظرفی حاجتی ولا یلتفت الی حتی کلمتہٗ فی فقال ابن حنیف واللّٰہ ما کلمتہٗ ولکنی شھدت رسول اللہ ﷺ واتاہ ضریر فشکی الیہ ذھاب بصرہ فقال لہ النبیﷺ او تصبر فقال یا رسول اللّٰہ لیس لی قائد وقد شق علی فقال لہ النبی ﷺ ایت الیضاۃ وتوضأ ثم صل رکعتین ثم ادع بھذہ الدعوات قال ابن حنیف فو اللّٰہ ما تضرتنا وطال بنا الحدیث حتٰی دخل علینا الرجل کأن لم یکن بہ ضررقط۔ (ملتقط از انجاح الحاجۃ) (حاشیہ ابن ماجہ ص ۱۰۰) ترجمہ: حضرت عثمان بن حنیف سے روایت ہے کہ ایک آدمی اپنی کسی حاجت کے بارے میں سیدنا عثمان بن عفان کے پاس آتا جاتا تھا اور حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ اس کی طرف توجہ نہ فرماتے تھے اور کثرتِ مشاغل کی وجہ سے اس کا کام کرنا انہیں یاد نہ رہتا تھا اور اسی وجہ سے وہ اس کی حاجت میں نظر نہیں فرماتے تھے۔ وہ آدمی عثمان بن حنیف سے ملا اور اس بات کی شکایت کی۔ عثمان بن حنیف نے اس سے کہا کہ پانی کا ایک برتن لے آ۔ پھر وضو کر۔ اس کے بعد مسجد میں آ۔ پھر دو رکعت نماز ادا کر اور یہ دعا پڑھ۔ ’’اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ وَاَتَوَجَّہُ اِلَیْکَ بِنَبِیِّنَا مُحَمَّدٍ ﷺ نَبِیِّ الرَّحْمَۃِ یَا مُحَمَّدُ اِ نِّـیْ قَدْ تَّوَجَّھْتُ بِکَ اِلٰی رَبِّیْ لِتُقْضٰی حَاجَتِیْ‘‘ اور پھراپنی حاجت کا ذکر کر، عثمان بن حنیف کی بات سن کر وہ آدمی چلا گیا اور اس نے وہی کیا جو عثمان بن حنیف نے کہا تھا۔ پھر وہ حضرت عثمان کے دروازے پر آیا اور دربان کے پاس پہنچا۔ دربان نے اس کا ہاتھ پکڑ کر اسے حضرت عثمان غنی کی خدمت میں پیش کر دیا۔ حضرت عثمان غنی نے اس کو اپنے ساتھ قالین پر بٹھایا اور فرمایا، تیری حاجت کیا ہے؟ اس نے اپنی حاجت بیان کی۔ حضرت عثمان غنی نے اسے فوراً پورا کر دیا۔ پھر فرمایا تیرا یہ کام اب تک مجھے یاد ہی نہیں آیا تھا اور فرمایا کہ جو کچھ تجھے حاجت ہوا کرے مجھ سے بیان کر دیا کر۔ وہ آدمی حضرت عثمان غنی کے پاس سے نکلا تو عثمان بن حنیف سے ملاقات ہو گئی وہ شخص عثمان بن حنیف سے کہنے لگا۔ اللہ تعالیٰ آپ کو جزائے خیر دے۔ عثمان غنی صمیری حاجت میں کسی قسم کی توجہ نہ فرماتے تھے اور میرے طرف کوئی التفات نہ کرتے تھے۔ یہاں تک کہ آپ نے ان سے میرے بارے میں کلام کیا۔ عثمان بن حنیف نے جواب دیا۔ خدا کی قسم، میں نے تیرے بارے میں ان سے کوئی بات نہیں کی لیکن میں شہادت دیتا ہوں کہ حضورﷺ کی خدمت میں ایک نابینا آیا تھا اور اس نے اپنی نابینائی کی شکایت حضور کی بارگاہ میں پیش کی تھی۔ حضور علیہ الصلٰوۃ والسلام نے اس سے فرمایا تھا کہ تو اس حال پر صبر کرلے تو بہتر ہے۔ اس نے عرض کیا۔ یا رسول اللہ! میرا کوئی ہاتھ پکڑنے والا نہیں اور میری نابینائی مجھ پر بڑی شاق ہے۔ حضور علیہ الصلٰوۃ والسلام نے اس سے فرمایا کہ پانی کا ایک برتن لے اور وضو کر، پھر دو رکعت نماز پڑھنے کے بعد دُعا کے یہ کلمات ادا کر۔ ابنِ حنیف نے کہا کہ ابھی ہم متفرق نہ ہونے پائے تھے، حدیث کو طویل کرتے ہوئے کہا کہ وہ آدمی ہم پر داخل ہوا گویا اسے (نابینائی کا) کبھی کوئی ضرر نہ پہنچا تھا۔‘‘ علماء محدثین نے اس حدیث سے ثابت کیا ہے کہ رسول اللہﷺ کے ساتھ بعد الوفات بھی توسل اور استمداد جائز ہے۔ ساتھ ہی ان دونوں حدیثوں سے ثابت ہوگیا کہ رسول اللہﷺ کی حیاتِ ظاہری اور بعد الوفات دونوں زمانوں میں لفظ ’’یا‘‘ کے ساتھ حضور کو پکارنا خود حضور علیہ الصلٰوۃ والسلام کے اپنے ارشاد کے مطابق ہے جو شخص اس کا منکر ہوگا، وہ ارشاد رسول ﷺ کا معاند اور منکرِ حدیث قرار پائے گا۔