دستورِ پاکستان دستور کیا ہے؟ ایسے قواعد و اصول کا نام ہے جنہیں منتشر اور غیر منضبط امور کو مجتمع اور منظم کرنے کے لئے بنایا جائے اور وہ اصول ان تمام افراد و جزئیات کو حاوی ہوں جن کے لئے ان کو وضع کیا گیا ہے۔

کسی ملک کا دستور وہی ہو سکتا ہے جو اس سے متعلق تمام اندرونی و بیرونی معاملات و امور کو حاوی ہو۔ ملکی قوت و استحکام کا دارو مدار قانون کی طاقت پر ہوتا ہے۔ کسی ملک میں کوئی قانون اس وقت تک کوئی قوت نہیں پکڑ سکتا جب تک کہ وہ رفتار زمانہ اور ملکی ماحول کے مطابق ہوتے ہوئے عام باشندوں کے حسب حال نہ ہو۔

حکومت کی گرفت قانون کے ذریعہ ہوتی ہے اس لئے قانون کا ناقص اور ضعیف ہونا حکومت کی گرفت کو ڈھیلا کر دے گا اور ملک میں لا قانونیت پھیل جائے گی۔

اس میں شک نہیں کہ لا دینی یا بد مذہبی کی بنیادوں پر بنایا ہوا دستور ہر حال میں خطرناک اور مضر ہی ہوتا ہے مگر خصوصیت کے ساتھ ایسی ملکی حکومت میں جہاں جمہوری اقتدار کسی اقلیت کے زیر اثر نہ ہو اور وہاں کے جمہور باشندے پاکیزہ مذہبی معاشرہ رکھتے ہوں۔ لادینی قانون نافذ کرنا ملک اور حکومت دونوں کو تباہی اور بربادی کے گڑھے میں ڈال دینے کے مترادف ہو گا۔

اور اگر جبر و تشدد سے کام لے کر لا دینی دستور لوگوں پر مسلط کر دیا جائے تو اس کے خوفناک نتائج کا خطرہ ہر وقت محسوس ہوتا رہے گا جس کا دور ہونا سوائے مذہبی دستور نافذ ہونے کے کسی طرح ممکن نہیں۔

کسی ملک کا دستور اس کی تعمیر کا پہلا مرحلہ ہے لہٰذا نفاذ دستورسے پہلے ان مقاصد و نظریات کو سامنے رکھنا اشد ضروری ہے جو حصولِ آزادی اور قیام ملک کے لئے بنیاد کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ورنہ یہ اقدام بالکل ایسا ہو گا کہ گویا کسی معمار نے اصل بنیاد سے ہٹ کر تعمیر شروع کر دی۔

اس لئے ضرورت ہے کہ ہم دستور سے پہلے قیام پاکستان کے بنیادی مقصد کو وضاحت کے ساتھ سامنے لے آئیں۔

قیام پاکستان کا سنگ تاسیس مسلمانوں کے وجود کا تصور ہے یعنی اگر ہندوستان میں مسلمان قوم کا کہیں وجود ہے تو اس کے آزاد وجود کے لئے پاکستان کا ہونا لازمی ہے اور اگر سرے سے اس کے وجود ہی کو تسلیم نہ کیا جائے تو پھر واقعی پاکستان کی کوئی ضرورت نہیں۔

مگر الحمد للّٰہ مملکت خدا داد پاکستان کے قیام نے اس حقیقت کو ثابت کر دیا کہ مسلمان قوم ایشیا کے اس بر اعظم میں موجود ہے اور دشمنوں کے سینوں پر مونگ دلنے کے لئے ان شاء اللہ موجود رہے گی۔

مختصر یہ ہے کہ پاکستان کے اس بنیادی نکتہ کے پیشِ نظر یہ ایک نا قابل انکار حقیقت ہے کہ مسلمان کے لئے پاکستان اور پاکستان کے لئے مسلمان کا وجود لازم ہے اور یہ دونوں ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم کی حیثیت رکھتے ہیں۔

اسی بنیادی نکتہ کے پیش نظر جس بلند شخصیت نے جمہوریت مسلمہ کو مطالبۂ پاکستان پر متفق کر کے قیادت کی باگ ڈور سنبھالی اور یقین محکم کے ساتھ جنگ آزادی لڑی۔ ہندو اور انگریز دونوں کو پسپا کیا اور بالآخر کامیابی نے اس کے قدم چومے اور اللہ تعالیٰ نے اس کی مخلصانہ جدو جہد کو قیام پاکستان کی صورت میں کامیاب فرمایا۔ ہم کیا، ہماری نسلیں بھی اس کے احسان کو فراموش نہیں کر سکتیں۔

میں پورے وثوق کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ قائد اعظم مرحوم کے ذہن میں اس بنیادی نکتہ کی وہی تشریح تھی جس کو پہلے دن سے جمہوریت مسلمہ پیش کر رہی ہے یعنی ہماری قومیت عین اسلام ہے اور اسلام عین قومیت۔ لہٰذا تسلیم کرنا پڑے گا کہ پاکستان کی بنیاد صرف اسلام ہے اور اس کا خالص نظام۔

اگر قائد اعظم مرحوم آج دنیا میں موجود ہوتے تو اس حقیقت سے ہرگز انکار نہیں کر سکتے تھے۔ کیونکہ انہوں نے مطالبۂ پاکستان پر ساری قوم کو اسلام ہی کے نام پر متفق کیا تھا اور قائد ملت مرحوم کی زندگی میں ۲۱؍ ستمبر ۱۹۴۹ء کو سابق مجلس دستور ساز پاکستان نے قرار دادِ مقاصد کو منظور کر کے میرے اس دعویٰ پر مہر تصدیق ثبت کر دی۔

ان چمکتی ہوئی دلیلوں اور نا قابل انکار حقیقتوں کی روشنی میں قوم کا یہ مطالبہ بالکل صحیح و درست ہے کہ دستورِ پاکستان وہی ہونا چاہئے جو کتاب و سنت کی رو سے خالص اسلامی دستور ہو۔

پاکستان کے باشندے اور دستور پاکستان کی غیر مسلم اقلیتیں اگر اسلامی دستور سے متفق نہ ہوں تو تعجب کا مقام نہیں مگر انتہائی حیرت ان لوگوں پر ہے جو مسلمان کہلانے کے باوجود اسلامی دستور کی مخالفت میں ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں۔

پاکستانی مسلمانوں میں ایک گروہ وہ ہے جو محض نام کا مسلمان ہے۔ اسے اسلام و اسلامیات سے کوئی تعلق نہیں۔ حتیٰ کہ وہ اسلامی دستور کا لفظ تک سننا بھی گوارا نہیں کرتا۔ دوسرا گروہ وہ ہے جو اسلامی دستور کے الفاظ سے تو نہیں چڑتا لیکن اس کے معنی کا تصور اس کے لئے سوہانِ روح ہے۔ تیسرا گروہ اسلامی دستور کا حامی ہے اور صرف کتاب و سنت کی روشنی میں تدوین دستور کا مطالبہ کر رہا ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جو ائمہ اربعہ کے اصول کی پابندی کو قطعاً ضروری نہیں سمجھتے بلکہ اپنے اجتہاد اور ذاتی بصیرت پر اعتماد رکھتے ہیں۔ چوتھا گروہ جمہور مسلمانوں کا ہے جو کتاب و سنت کو صحیح طور پر سمجھنے کے لئے ائمۂ مجتہدین کے اصولِ اجتہادیہ کی روشنی کو ضروری سمجھتا ہے۔

پہلا گروہ تو سرے سے اسلامی دستور کا لفظ ہی نہیں سننا چاہتا۔ البتہ دوسرا گروہ اسی فکر میں ہے کہ اگر بحالت مجبوری ملکی دستور کا نام اسلامی دستور رکھنا پڑے تو اسلام کے نام سے غیر اسلامی دستور مرتب کر کے نافذ کر دیا جائے۔ گویا دونوں گروہ اسلامی دستور کی مخالفت میں متفق ہیں۔

پہلے گروہ سے دوسرا گروہ زیادہ خطرناک ہے اس لئے کہ وہ قرآن اور اسلام کا نام لے کر حق کے لباس میں باطل کو پیش کرنے کا پرانا مشاق ہے۔

اسی گروہ کا دعویٰ یہ ہے کہ (معاذ اللہ) احادیث کا ذخیرہ مجموعۂ خرافات ہے اس لئے ہم قرآن کے سوا کسی چیز کو ماننے کے لئے تیار نہیں۔ اگرچہ اس دعویٰ میں قرآن کو ماننے کا ذکر ہے مگر ادنیٰ تامل سے معلوم ہو سکتا ہے کہ قرآن کو ماننے کا یہ دعویٰ بالکل بے حقیقت ہے ا س لئے کہ جب قرآن کی صحیح تفسیر صرف احادیث نبویہ ہیں تو ان کا انکار یقینا قرآن کریم کے مرادی معنی کا انکار ہے۔ لہٰذا واضح ہو گیا کہ اسلامی دستور کے متعلق ہر دو گروہ کا نظریہ در حقیقت ایک ہے۔

اس مختصر مضمون میں ان دونوں گروہوں کے نظریات پر تفصیلی گفتگو نہیں کی جا سکتی اس لئے اتنا عرض کر دینا کافی سمجھتا ہوں کہ ان کے نظریات چونکہ ہمارے ملک کے جمہور باشندوں اور حصول آزادی کے بنیادی اصول و مقاصد کے قطعاً منافی ہیں اس لئے ملکی تعمیر کے کسی گوشہ میں اصولی طور پر ان کے لئے کوئی گنجائش نہیں۔

پاکستان کی ذی اقتدار جماعت بھی اس بات کو اچھی طرح سمجھتی ہے کہ ہمارے ملک میں ایسا کوئی قانون نہیں چل سکتا جو حصولِ آزادی اور قیام پاکستان کے بنیادی اصول کے خلاف ہو۔ اسی لئے ہمارے ملک کی سب سے بڑی ذمہ دار جماعت سابق مجلس دستور ساز پاکستان نے قرآن پاک اور سنت رسول اللہ ﷺ کے خلاف قانون سازی کا سدِّ باب کرنے کے لئے قرار دادِ مقاصد کا یہ ضابطہ منظور کیا کہ ’’کسی مجلس قانون ساز کو قرآن پاک اور سنت رسول کے خلاف قانون سازی نہ کرنی چاہئے۔‘‘

اب تیسرے گروپ کو لیجئے۔ وہ اس بات میں تو جمہور مسلمانوں سے متفق ہے کہ دستور اسلامی قرآن و حدیث کے مطابق ہونا چاہئے۔ مگر اس امر کو تسلیم نہیں کرتا کہ قرآن و حدیث کو سمجھنے کے لئے ائمۂ مجتہدین کے اصول اجتہادیہ کو سامنے رکھنے کی ضرورت ہے۔ اس کا مسلک یہ ہے کہ قرآن و حدیث کو سمجھنے کے لئے ائمۂ مجتہدین کے اصول اجتہادیہ کو سامنے رکھنے کی ضرورت ہے۔ اس کا مسلک یہ ہے کہ قرآن و حدیث کو براہِ راست سمجھنا چاہئے۔ محض وہ اجتہادی بصیرت جو پہلے کے مجتہدین اور ائمہ میں پائی جاتی ہے اس وقت کے کام سے عہدہ برآ ہونے کے لئے کافی نہیں۔ اس بنا پر اس گروہ کا نظریہ یہ ہے کہ اس وقت کے حالات میں شاہراہِ عمل تعمیر کرنے کے لئے ایسی مستقل قوتِ اجتہادیہ درکار ہے جو مجتہدین سلف میں سے کسی ایک کے علوم و منہاج کی پابند نہ ہو۔

ایک صحیح اسلامی ریاست کسی متعین امام کی تقلید اور متعین فقہ کی پیروی کے اصول پر قائم نہیں ہو سکتی بلکہ لازم ہے کہ اس کی بنیاد براہِ راست کتاب و سنت اور اجتہاد و شوریٰ پر ہو اور وہ تمام اجتہادی امور کسی تحقیق و ترجیح کے بغیر مختلف ائمہ کے اجتہادات پر نظر ڈال کر اپنے لئے ان اقوال و آراء کا انتخاب کرے جو اس کی نظر میں کتاب و سنت اور روحِ اسلامی سے قریب تر نظر آئیں۔

ایک صحیح اسلامی ریاست کی تو عین مصلحت اور خواہش یہ ہو گی کہ لوگ فکر و اجتہاد سے کام لیں اور تقلید کی بندشوں سے آزاد ہوں اور اگر کوئی اس کی خواہش کے خلاف تقلید کی بندشوں ہی میں جکڑے رہنا پسند کرے تو حکومت کو اس میں بھی خلل انداز ہونے کی کوئی وجہ نہیں۔ لیکن اس شخص کو یہ حق حاصل نہ ہو گا کہ وہ حکومت سے بھی مطالبہ کرے کہ حکومت بھی اس کی طرح اپنے پاؤں میں تقلید کی بیڑیاں پہن لے اور فکر و اجتہاد سے مستعفی ہو جائے۔

اس لئے یہ گروہ دستورِ اسلامی کے ساتھ حنفی کی قید نہیں لگانا چاہتا تاکہ نیا اجتہاد کرنے اور ہر مسلک خیال کے حسب پسند مسائل مستنبط کرنے کا دروازہ کھلا رہے اور کسی خاص مسلک (مثلاً حنفی) کی پابندی لازم نہ آ جائے۔

لیکن اس کے برعکس جمہور مسلمانوں کا مسلک یہ ہے کہ جب ہمارے ملک میں حنفی المذہب مسلمانوں کی اکثریت عظیمہ ہے تو دستورِ اسلامی میں حنفی کی قید لگنا ضروری ہے تاکہ لفظ دستورِ اسلامی جو ایک جنس عام ہے اور دستورِ اسلامی شیعی، دستور اسلامی شافعی وغیرہ سب کو شامل ہے۔ حنفی کی فصل سے خاص اور ممتاز ہو جائے۔

اس لئے کہ یہ حقیقت مسلمہ ہے کہ اسلامی قانون کی اساس و بنیاد کتاب و سنت ہی ہے اور اس میں تمام قوانین شخصی و منزلی و ملکی کا خزانہ موجود ہے لیکن اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا کہ کتاب اللہ کے مجمل و ذو وجوہ ہونے اور احادیث نبویہ کے وسیع اور کثیر ہونے اور انسانی عقول کے متفاوت ہونے کی بنا پر کتاب و سنت کو مختلف نقطہ ہائے نظر سے سوچا گیا ہے اور استنباطِ مسائل میں استدلال کے مختلف طریقے اور اصول و منہاج استعمال کئے گئے ہیں جن کی وجہ سے مسائل اجتہادیہ (فرعیہ) میں لازمی طور پر اختلاف رونما ہوا اور مختلف اصول و منہاج سامنے آ گئے۔ چنانچہ واقعاتی دنیا کے اس نا پذیر واقعہ کو کسی طرح نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کہ خیر القرون ہی میں خصوصاً ۸۰ھ سے لے کر ۲۴۱ ھ (از ولادتِ امام اعظم ابو حنیفہ تا وفات امام احمد بن حنبل) جمہور اسلامی فرقوں مثلاً حنفی، مالکی، شافعی وغیرہ کے ائمہ و مجتہدین نے کتاب و سنت پر مختلف زاویہ ہائے نظر اور طرق استدلال سے مختلف احکام جزئیہ نکالے اور مختلف اصول و منہاج بنائے جس کے نتیجہ میں اہل سنت کے نزدیک کتاب و سنت کی کم از کم چار قسم کی مختلف تعبیرات و تشریحات کے چار مجموعے علیحدہ علیحدہ مرتب ہوئے جو مختلف جزئیہ اور متعدد اصول و منہاج پر مشتمل ہیں۔ یہی چار مجموعے اپنی متعینہ یکجائی اور ہمرنگ شکل میں فقہ حنفی، فقہ مالکی، فقہ شافعی، فقہ حنبلی کہلائے اور تیسری صدی کے فوراً ہی بعد سے جمہور امت کا اجماع ہو گیا کہ ان ہی مسالک اربعہ میں سے کسی ایک مخصوص مسلک و تلقین فقہ پر یکجائی شکل میں عمل کرنا چاہئے تاکہ ایک طرف خیر القرون میں مزاج شناسانِ نبوت کے ہاتھوں تیار شدہ ان مجموعوں کے ہوتے ہوئے آنے والے دور تنزل و انحطاط میں کم نظر اور ناقص الفہم مدعیان اجتہاد کے حوصلے بے لگام نہ ہونے پائیں اور دوسری طرف امت مسلمہ ان چار مرکزوں میں سے کسی ایک متعین مرکز پر قائم رہ کر مذہبی فکر و عمل کی شیرازہ بندی ضبط ملت اور وحدتِ کلمہ کی شان پیدا کرتی رہے اور ان مرتبط مجموعوں کے تمام اجزاء اور ان کے طبعی نظام کو اقتدار پسندی اور وجاہت طلبی کا دست تظلم گھٹانے بڑھانے، پراگندہ اور منتشر کرنے پر قادر نہ ہو سکے۔

یہ مجموعہ ہائے قوانین کتاب و سنت سے علیحدہ کوئی چیز نہیں بلکہ جس طرح سنت کتاب کا عطر ہے، بالکل اسی طرح فقہ ائمہ اربعہ کا یہ مجموعہ سنت کا ثمرہ یعنی کتاب و سنت دونوں کا خلاصہ اور ایسے فلاسفہ اسلام دماغوں کا نکالا ہوالب لباب ہے جس کو قرب زمانہ رسالت اور غایت تقویٰ و طہارت اور کمال نور فراست کی وجہ سے اس کا زیادہ حق حاصل تھا۔ ان مجموعہ ہائے قوانین میں عباداتی معاملاتی ملکی غرض ہر قسم کے احکام جزئیہ ہیں جن کی روشنی میں ہر پیش آمدہ جدید سے جدید اور غریب سے غریب مسئلہ کا حکم کتاب و سنت سے مستنبط کر لیا جاتا ہے۔ اندرونی اختلاف اقوال کی صورت میں قول مفتیٰ بہ قول ظاہر الروایۃ تلاش کر لیا جاتا ہے۔

یہی ہے وہ مقید اور غیر مستقل اجتہاد جس کا دروازہ امت مسلمہ پر کبھی بند ہوا اور نہ آئندہ بند ہو گا۔ ہاں جدید مستقل اور اجتہاد مطلق کا دروازہ کھول کر فقہ متعین اور اصول و منہاج ائمہ سے مستعفی و بے نیاز ہو جانا یقینا مذہب میں انتشار و پراگندگی پیدا کرنے کے مترادف ہو گا۔

یہ مجموعہ ہائے قوانین ایک ایسا بیش قیمت سرمایہ اور نسخہ ہائے حیات ہیں کہ اگر ہم نے نئے اجتہاد کے شوق میں ان کو بالکل نظر انداز کر دیا تو ہمارا یہ طرزِ عمل ساری قوم بلکہ قیامت تک پیدا ہونے والی نسلوں کے لئے بھی بڑی بدقسمتی کا موجب ہو گا اور اتنا بڑا قومی و مذہبی نقصان ہو گا جس کا تدارک آئندہ رہتی دنیا تک محال نظر آتا ہے۔

علیٰ ہٰذا القیاس اگر ان میں کسی قسم کی کمی بیشی ردو بدل اور تغیر و تبدل سے کام لے کر ان کی مجموعی حیثیت اور ہیئت کذائیہ کو بدل دیا گیا تو گویا کسی ایسے نسخے کو استعمال ہی نہیں کیا گیا جس کے تمام اجزاء کی ترکیب خصوصی سے اس نسخہ کا مزاج تیار ہوتا ہے اور ظاہر ہے کہ جب کسی مرکب نسخہ کا مزاج ہی باقی نہ رہے تو وہ کسی مرض کے لئے کس حد تک مفید ہو سکتا ہے اور اس کے دینے سے کیا فائدہ؟

اس دورِ پر آشوب میں مدعیان اجتہاد کا ضعیف و رکیک تاویلات کے پیشِ نظر کتاب و سنت کو براہِ راست سمجھنے کی کوشش کرنا اور ائمۂ سلف کے اصول اجتہادیہ کی قید سے مطلق العنان ہو جانا فتنۂ انکار حدیث کو ہوا دینے اور منکرین حدیث کو قوت پہنچانے کے مترادف ہے اس لئے کہ ائمۂ سلف کے اصول و منہاج کی پابندی سے بچنے کے لئے جو اعذار باردہ ان لوگوں کی طرف پیش کئے جاتے ہیں اسی قسم کی کمزور دلیلیں منکرین حدیث پیش کیا کرتے ہیں مثلاً یہ حضرات اقوال فقہاء کے ضعف و اختلاف کی آڑ لیتے ہیں۔ اس کے بالمقابل منکرین حدیث اختلاف روایات اور ضعف احادیث کا عذر بیان کرتے ہیں۔

مدعیانِ اجتہاد کسی ایک مجتہد کے اصول و منہاج کی پابندی کو فکر و نظر کے منافی جانتے ہیں اور منکرین حدیث اتباعِ سنت کو پرانی روایات کی کورانہ تقلید اور نقد و نظر کے خلاف سمجھتے ہیں۔

نئے مجتہد ائمۂ سلف کے اصول کی پابندی کو تنگ نظری سے تعبیر کرتے ہیں اور منکرین حدیث سنت نبوی کی پیروی کو کوتاہ بینی قرار دیتے ہیں۔

جس طرح منکرین حدیث نے حدودِ سنت سے متجاوز ہو کر مضامین قرآنیہ میں ہر قسم کی تاویل و تحریف کا دروازہ کھول دیا، بالکل اسی طرح منہاج سلف سے عدول کرنے والوں نے نہ صرف فقہ ائمہ بلکہ کتاب و سنت کو بھی خواہشات و اغراض نفسانیہ کے سانچے میں ڈھالنے کا راستہ صاف کر دیا۔

لہٰذا جمہور مسلمین کا مسلک یہ ہے کہ جس طرح کتاب و سنت کی موجودگی میں کسی شخص کو وضع قانون کا حق نہیں پہنچتا اسی طرح کتاب و سنت کی ان ٹکسالی اجماعی تعبیرات و تشریحات اربعہ کی موجودگی میں کسی شخص کو یہ حق بھی نہیں پہنچتا کہ وہ نبض شناسان کار نبوت ائمۂ متقدمین و سلف مجتہدین کی دماغی عرق ریزیوں اور نکتہ سنجیوں کے ذریعے بطن کتاب و سنت سے نکالے ہوئے ان درہائے شاہوار سے نظر پھیر لے یا حنفیوں کی کثرتِ عظیمہ والے ملک میں اس مجموعۂ قانون کو پس پشت ڈال دے یا حسب پسند خود اس میں کانٹ چھانٹ کرے۔ جو بصورت فقہ حنفی اور دستور حنفی کی ایک منظم و مرتبط شکل میں موجود ہے جو بارہ سو برس سے کروڑ ہا سلف صالحین کی حسین تائید سے مؤید اور برکت اتفاق سے متبرک ہو چکا ہے جو تقیید و تخصیص کے مراحل سے گزر چکا ہے۔ جو کتاب و سنت یعنی دلیل نقل اور طریق نظر یعنی دلیل عقل دونوں کے عین مطابق ہے۔ جس میں بڑھتے ہوئے تمدن و تہذیب کے لئے پوری گنجائش موجود ہے جس کا قانون ملکی نرم وسیع آسانی اور سہل العمل ہے جس نے مطیع غیر مسلموں کو نہایت فیاضانہ حقوق بخشے ہیں جس نے غیر مسلموں کو وہ حقوق دئیے ہیں جو ملکی گورنمنٹ نے کسی غیر قوم کو نہیں دئیے جو اس حد تک صائب الرائے ہے جس حد تک کسی قانون اور فقہ کا صائب الرائے ہونا ممکن ہے۔

ایسے مجموعہ قوانین کو اس کے ماننے والوں کی اکثریت عظیمہ والے ملک میں نہ پس پشت ڈالا جا سکتا ہے اور نہ اجتہادِ خام کی خود پسندی کو دخل دے کر اس کا کچھ حصہ لے کر اور کچھ چھوڑ کر اس کے نظم ارتباطی کو فنا کیا جا سکتا ہے۔ اسے نافذ کر دینے کی دیر ہے نہ کہ مستقل قوتِ اجتہادیہ والے عنقا کے پیچھے دوڑنے کی نہ ہرجائی پن کے میدانِ تیہ میں سرگرداں رہنے کی نہ زردا دن اور دردِ سر خریدن کی۔ جدید دور کے نئے مجتہدوں کا یہ کہنا بھی عجیب قسم کی ابلہ فریبی ہے کہ ایک اسلامی ریاست کی خواہش تو یہی ہو گی کہ لوگ جدید فکر و اجتہاد سے کام لے کر تقلید کی پرانی بندشوں سے آزاد ہوں اور اگر کوئی شخص تقلید کی قید میں مقید رہنا چاہے، شوق سے رہے۔ حکومت کو بھی بلاوجہ اس میں خلل انداز ہونے کی ضرورت نہیں۔ مگر اس شخص کو یہ حق حاصل نہ ہو گا کہ وہ حکومت سے یہ مطالبہ کرے کہ حکومت بھی اس کی طرح تقلید کی بیڑیاں پہن کر فکر و اجتہاد سے استعفیٰ دے دے۔

میں ان مدعیانِ اجتہاد سے پوچھتا ہوں کہ منکرین سنت کو آپ کیا جواب دیں گے۔ اگر وہ بعینہٖ آپ کی اسی دلیل کو آپ کے سامنے رکھیں اور کہیں کہ ایک صحیح اسلامی ریاست کی تو عین مصلحت اور خواہش یہ ہو گی کہ لوگ کتاب اللہ کے وسیع اور لا متناہی علوم و معارف کو سمجھنے کے لئے اپنے فکر و اجتہاد سے کام لیں۔ گزشتہ اور پرانی روایات کی تقلید اور عہد رسالت سے صدیوں بعد جمع شدہ ذخیرئہ احادیث کی بندشوں سے نجات حاصل کریں اور اگر کوئی شخص روایات کی دنیا میں گم رہنے اور ان کی بندشوں کو اپنے اوپر مسلط رکھنے کا خواہش مند ہو تو اسے اختیار ہے۔ حکومت کو بھی خواہ مخواہ اس کے معاملہ میں مخل ہونے کی حاجت نہیں۔ مگر اس کو یہ حق حاصل نہ ہو گا کہ وہ حکومت سے یہ مطالبہ کرے کہ حکومت بھی اس روایتی قید و بند میں مبتلا ہو کر عقل و فراست اور فہم و درایت سے مستعفی ہو جائے۔

منکرین حدیث کے جواب میں آپ جو کچھ فرمائیں گے، جمہور مسلمین کی طرف سے اپنے لئے بھی وہی سمجھ لیجئے۔

اس کے بعد مجتہدین حال کی غلط فہمی دور کرنے کے لئے عرض کرتا ہوں کہ صحیح اسلامی ریاست کی یہ شان نہیں ہو سکتی کہ وہ کتاب و سنت کی ان صحیح تعبیرات و تشریحات کو پس پشت ڈال دے جو رسول اللہ ﷺ نے نورِ نبوت کی روشنی میں اپنے اقوال و اعمالِ مقدسہ کے ذریعہ بیان فرمائیں اور کامل نورِ بصیرت و نورِ فراست رکھنے والے ائمۂ سلف نے امت مسلمہ کے سامنے رکھیں۔

سنت نبوی کتاب اللہ کی صحیح تفسیر ہے اور فقہ ائمہ کتاب و سنت کی بہترین تفسیر، اس لئے ہر صحیح اسلامی ریاست کے لئے ضروری ہے کہ وہ کتاب و سنت اور فقہ ائمہ کی قید سے آزاد ہونے کے بجائے ریاستی امور میں اس متعین امام کی تقلید اور اس متعین فقہ کی پابند ہو جو اس اسلامی ریاست کے جمہور باشندوں کی اکثریت عظیمہ کا مسلک ہے تاکہ جمہور عوام کے مذہبی رجحانات اور ریاستی امور میں تصام واقع نہ ہو۔

آمدم برسر مطلب … مجھے یہ عرض کرنا تھا کہ مسلمانوں کا چوتھا گروہ جمہوریت مسلمہ ہے جس کا بنیادی مطلب یہ ہے کہ دستورِ پاکستان خالص اسلامی دستور ہونا چاہئے مگر اس کے ساتھ ’’حنفی‘‘ کی قید لگنا ضروری ہے کیونکہ پاکستان کے رہنے والے جمہور مسلمان حنفی المذہب ہیں اور مذہب حنفی اپنی وسعت اور جامعیت کے لحاظ سے ہر طبقہ کے انسانوں کی تمام ملکی ضرورتوں کے لئے نہایت مناسب اور بے حد موزوں واقع ہوا ہے۔

بالخصوص بڑھتے ہوئے تمدن کے ساتھ اس کو بڑی مناسبت ہے۔ چنانچہ دنیا کی بڑی بڑی عظیم الشان سلطنتوں میں یہی مسلک قانونِ سلطنت رہا اور سینکڑوں برس تک یہی قانونِ حنفی جاری رہا۔

انگریزی اقتدار قائم ہونے کے بعد ایک مدت تک ہندوستان میں یہی فقہ حنفی رائج رہی۔ عدالتوں میں حنفی قاضی انصاف کے لئے بیٹھتے تھے اور حنفی قانون صرف پرسنل لاء تک محدود نہ تھا بلکہ وہی ملکی قانون بھی تھا۔

ماضی قریب تک بعض ریاستوں کی اکثر عدالتیں فقہ حنفی کے مطابق فیصلے دیتی رہیں۔ حتیٰ کہ اس وقت عدالتوں اور ادارہ جات نظم و نسق میں اسی فقہ حنفی کے ملکی قانون کی بے شمار اصطلاحیں ہندو پاکستان میں رائج ہیں۔

عنانِ حکومت جن ہاتھوں میں رہی اور جن خاندانوں کو عروجِ سلطنت نصیب ہوا ان میں اکثر و بیشتر فقہ حنفی کے پابند تھے۔ خاندان سلجوق، سلاطین ترکی، محمود غزنوی، نور الدین زنگی وغیرہ سب حنفی قانون اور فقہ کے پابند و پیرو تھے۔ ترکیہ میں چھ سات سو سال یہی قانونِ حنفی جاری رہا۔ خلافت عباسیہ کے مایہ ناز اور چشم و چراغ خلیفہ ہارون الرشید کی وسیع سلطنت ان ہی اصول پر قائم رہی اس کی عالمگیر حدودِ مملکت میں فقہ حنفی کے اقنوم ثانی اور امام دوم امام ابو یوسف رحمہ اللہ چیف جسٹس رہے۔

مقصد یہ ہے کہ حنفی قانون بے شمار اسلامی سلطنتوں کا ملکی قانون رہنے کی بنا پر اتنا مکمل اور جامع ہو گیا ہے کہ اب اس کو بلا تامل کسی اسلامی ریاست کا ملکی قانون قرار دیا جا سکتا ہے۔ یہ صحیح ہے کہ اس زمانہ میں بہت سے نئے مسائل زندگی پیدا ہو گئے ہیں لیکن انہیں حل کرنے کے لئے امام اعظم کے کامل اصولِ اجتہاد کے ہوتے ہوئے ہمیں کسی مدعئ اجتہاد کی مسلسل قوتِ اجتہادیہ درکار نہیں۔

اس دورِ جمہوریت میں جمہوری اصول کا تقاضا بھی یہی ہے کہ مسلک جمہور کے مطابق ملکی قانون ’’دستور اسلامی حنفی‘‘ بنایا جائے۔ البتہ دوسرے تمام اسلامی فرقوں کو پرسنل لاء میں اپنے مذہب کے مطابق عمل پیرا ہونے کی مکمل آزادی ہو گی۔ ان کے تمام مذہبی معاملات میں ان ہی کے مفتیانِ کرام کے فتاویٰ کو نافذ کیا جائے گا۔

دستورِ اسلامی کے ساتھ حنفی کی قید لگنے سے ایک بڑا فائدہ یہ ہو گا کہ قرآن و حدیث کی غلط تفسیر و تشریح کر کے لا دینی اور بد مذہبی کو دستور میں شامل کرنے کا دروازہ ہمیشہ کے لئے بند ہو جائے گا۔

لہٰذا میں مجلس دستور ساز پاکستان سے پرزور مطالبہ کرتا ہوں کہ ملک میں جلد از جلد ’’دستورِ اسلامی حنفی‘‘ نافذ کیا جائے۔ اس کے خلاف کوئی قانون جمہوریت مسلمہ کے لئے قابل برداشت نہ ہو گا۔