تیسری دلیل تفسیر نیشا پوری کی حسب ذیل عبارت ہے اجمع العلماء لو ان مسلما ذبح ذبیحۃ وقصد بذبحہا التقرب الٰی غیر اللّٰہ صار مرتدا وذبیحتہٗ ذبیحۃ مرتد علماء نے اس بات پر اجماع کیا ہے کہ اگر کسی مسلمان نے کوئی جانور ذبح کیا اور اس کے فعل ذبح سے غیر اللہ کی طرف تقرب (علی وجہ العبادۃ) کا ارادہ کیا تو وہ مرتد ہو گیا اور اس کا ذبیحہ مرتد کا ذبیحہ قرار پائے گا۔

یہاں بھی ذبح بقصد تقرب الیٰ غیر اللہ مذکور ہے۔ ثابت ہوا کہ شاہ صاحب محض تشہیر لغیر اللہ کو موجب حرمت قرار نہیں دیتے بلکہ ذبح لغیر اللہ ان کے نزدیک موجب حرمت ہے جو نہ صرف ہمارا بلکہ تمام امت مسلمہ کا متفقہ مسلک ہے۔ اگرچہ اصل لغت کے اعتبار سے حضرت شاہ صاحب نے ’’اہل‘‘ کا ترجمہ ’’آواز دادہ شد‘‘ کیا ہے مگر چونکہ اس آواز اور شہرت سے وہی آواز اور شہرت مراد ہے جس پر جانور کا ذبح واقع ہوا۔ اسی لئے آیت کریمہ ’’وَمَا اُہِلَّ بِہٖ لِغَیْرِ اللّٰہ‘‘ کی تفسیر کرتے ہوئے شاہ صاحب ممدوح نے صاف لفظوں میں ’’وَمَا اُہِلَّ بِہٖ لِغَیْرِ اللّٰہ‘‘ کا ترجمہ ذبح لقصد غیر اللہ فرمایا۔ چنانچہ تفسیر عزیزی ص ۶۱۱ جلد اول میں فرماتے ہیں آمدیم بر آنکہ دریں سورہ لفظ بہٖ را بر لفظ لغیر اللہ مقدم آوردہ اند و در سورئہ مائدہ و انعام و نحل مؤخر وجہش آنست کہ اصل ہمین است کہ بارا متصل فعل و مقدم بر متعلقات دیگر آرند، زیرا کہ ’’با‘‘ دریں مقام برائے تعدیۂ فعل است مانند ہمزئہ و تضعیف پس حتی الامکان ملاصق فعل باشدو ایں موضع اول قرآن است دریں موضع برہماں اصل خود استعمال فرمودہ اند، ودر سورت ہائے دیگر آنچہ محل انکار و مدار سرزنش است یعنی ذبح بقصد غیر اللہ مقدم آمدہ۔ (تفسیر عزیزی ص ۶۱۱ جلد اول)

اب ہم اس بیان پر آئے کہ اس سورت میں لفظ بہٖ کو لفظ لغیر اللہ پر مقدم لائے ہیں اور سورئہ مائدہ، انعام و نحل میں مؤخر اس کی وجہ یہ ہے کہ اصل یہی ہے کہ ’’با‘‘ کو فعل کے متصل اور دوسرے متعلقات پر مقدم لائیں۔ اس لئے کہ با اس جگہ ہمزہ اور تضعیف کی طرح تعدیہ فعل کے لئے ہے۔ پس حتی الامکان فعل کے ساتھ ملی ہوئی ہو گی۔ قرآن کریم میں یہ آیت پہلی جگہ ہے، اس جگہ اپنی اصل پر استعمال فرمایا ہے اور دوسری سورتوں میں وہ چیز مقدم ہے جو محل انکار اور مدار سرزنش ہے یعنی ذبیحہ لقصد غیر اللہ۔ (تفسیر عزیزی ص ۶۹۳ جلد اول)

سورئہ بقرہ ہو یا مائدہ یا انعام یا نحل ہر جگہ لفظ ’’اہل‘‘ واقع ہوا نہ کہ ذبح، پھر شاہ صاحب کا یہ کہنا کیسے صحیح ہو گا کہ دوسری سورتوں میں ذبح لقصد غیر اللہ پر مقدم آیا ہے جب تک کہ ’’اہل‘‘ کا معنی ذبح نہ کیا جائے۔

ثابت ہوا کہ خود شاہ صاحب کے نزدیک ’’بہٖ اہل لغیر اللّٰہ‘‘ کے مرادی معنی ذبح بقصد غیر اللہ ہے۔ وللّٰہ الحجۃ السامیۃ۔ اس کی تائید مزید میں فتاویٰ عزیزی جلداول ص ۲۱ کی ایک اور عبارت ملاحظہ فرمایئے۔ حضرت سید احمد کبیر کے لئے نذر مانی ہوئی گائے کے حلال یا حرام ہونے کے سوال کا جواب حضرت شاہ صاحب اس طرح ارقام فرماتے ہیں

جواب: مدار حلت و حرمت ذبیحہ برقصد و نیت ذابح است، اگر بنیتِ تقرب الی اللہ یا برائے اکل خود یا برائے تجارت دیگر امور مباحہ ذبح میکند حلال است والا حرام۔

ذبیحہ کی حلت و حرمت کا مدار ذابح کی نیت و قصد پر ہے۔ اگر تقرب الی اللہ کی نیت ہے یا اپنے کھانے کے لئے یا تجارت اور دوسرے جائز کاموں کے لئے ذبح کرے تو جائز ہے ورنہ حرام۔

دیکھئے اس بقرہ منذورہ کو نذر سید احمد کبیر کی وجہ سے حرام نہیں کہا۔ اگر رفع صوت و تشہیر و نذر لغیر اللہ موجب حرمت ہوتی تو جواب میں حلت و حرمت ذبیجہ کا مدار ذابح کے قصد و نیت پر ہرگز نہ ہوتا لیکن نیت ذابح پر مدار حلت و حرمت قرار دے کر شاہ صاحب موصوف نے اپنا مسلک واضح فرما دیا کہ محض نامزدگی موجب حرمت نہیں جب تک فعل ذبح کے ساتھ تقرب الی غیر اللہ کی نیت نہ پائی جائے۔

اس جواب میں آگے چل کر صفحہ ۲۴ پر فرماتے ہیں فنیتہم دائمۃ الٰی وقت الذبح یعنی ان کی نیت تقرب الیٰ غیر اللہ وقت ذبح تک دائم و مستمر رہتی ہے۔

ثابت ہوا کہ صرف نیت تعظیم لغیر اللہ موجب حرمت نہیں، جب تک کہ وہ نیت وقت ذبح تک دائم و باقی نہ رہے۔

اس مسئلہ میں یہی شاہ صاحب اسی فتاویٰ عزیزی جلد اول صفحہ ۴۷ پر فرماتے ہیں فمتٰی کان اراقۃ الدم للتقرب الٰی غیر اللّٰہ حرمت الذبیحۃ ومتٰی کان اراقۃ الدم للّٰہ والتقرب الی الغیر بالاکل والانتفاع حلت الذبیحۃ۔ ۱ ھ جب خون بہانا تقرب الی غیر اللہ کے لئے ہو تو ذبیحہ حرام ہو جائے گا اور جب خون بہانا اللہ کے لئے ہو اور تقرب الیٰ غیر اللہ کھانے اور نفع حاصل کرنے کے ساتھ مقصود ہو تو ذبیحہ حلال ہو جائے گا۔

دیکھئے حلت و حرمت ذبیحہ میں کتنا روشن فیصلہ ہے۔ اس کے باوجود بھی اگر یہ کہا جائے کہ شاہ عبد العزیز صاحب محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ محض تشہیر لغیر اللہ کو جانور کے حرام ہونے کی علت قرار دیتے ہیں تو ایسا کہنا یقینا شاہ صاحب پر افترایٔ عظیم ہو گا۔

ان کے نزدیک آیۂ کریمہ ’’وَمَا اُہِلَّ بِہٖ لِغَیْرِ اللّٰہِ‘‘ کے مرادی معنی قطعاً یہی ہیں کہ جس جانور پر عند الذبح اہلال لغیر اللہ کیا جائے۔ امام حجۃ الاسلام ابو بکر احمد بن علی الرازی الجصاص الحنفی المتوفی ۳۷۰ ھ اپنی مشہور تفسیر احکام القرآن جلد اول صفحہ ۱۴۵ اور ۱۴۶ پر اس آیت کریمہ کے تحت فرماتے ہیں

’’وَمَا اُہِلَّ بِہٖ لِغَیْرِ اللّٰہ‘‘ ولا خلاف بین المسلمین ان المراد بہ الذبیحۃ اذا اہل بہا لغیر اللّٰہ عند الذبح اور مسلمان کے درمیان اس مسئلہ میں کوئی اختلاف نہیں ہے کہ ’’وَمَا اُہِلَّ بِہٖ لِغَیْرِ اللّٰہِ‘‘ سے وہی ذبیحہ مراد ہے جس پر بوقت ذبح غیر اللہ کا نام لیا گیا ہو۔

اجماعِ امت کے خلاف قول کرنا گمراہی نہیں تو اور کیا ہے؟

حدیث شریف ’’لعن اللّٰہ من ذبح لغیر اللّٰہ‘‘ کے تحت علامہ نووی فرماتے ہیں واما الذبح لغیر اللّٰہ فالمراد بہٖ ان یذبح باسم غیر اللّٰہ تعالٰی کمن ذبح للصنم او الصلیب او لموسٰی او لعیسٰی صلی اللّٰہ علیہما او للکعبۃ او نحو ذٰلک فکل ہٰذا حرام ولا تحل ہٰذہ الذبیحۃ سواء کان الذابح مسلما او نصرانیا او یہودیا نص علیہ الشافعی رحمہ اللّٰہ تعالٰی واتفق علیہ اصحابنا فان قصد مع ذالک تعظیم المذبوح لہٗ لغیر اللّٰہ تعالٰی والعبادۃ لہٗ کان ذٰلک کفرًا فان کان الذابح مسلما قبل ذٰلک صار بالذبح مرتدا وذکر الشیخ ابراہیم المروزی من اصحابنا، انما یذبح عند استقبال السلطان تقربا الیہ افتی اہل البخارا بتحریمہٖ لانہٗ مِمَّا اُہِلَّ بِہٖ لِغَیْرِ اللّٰہ تعالٰی، قال الرافعی ہٰذا انما یذبحونہٗ استیثارا بقدومہٖ فہو کذبح العقیقۃ لولادۃ المولود ومثل ہٰذا لا یوجب التحریم واللّٰہ اعلم۔ (نووی برمسلم شریف جلد دوم ص ۱۶۱) اور ذبح لغیر اللہ سے مراد یہ ہے کہ غیر اللہ کے نام پر کوئی ذبح کرے جیسے کسی نے بت یا صلیب کے لئے ذبح کر دیا یا موسیٰ اور عیسیٰ علیہما السلام کے لئے یا کعبہ وغیرہ کے لئے ذبح کر دیا تو سب حرام ہے اور یہ ذبیحہ حلال نہیں۔ برابر ہے کہ ذبح کرنے والا مسلمان ہو یا یہودی یا عیسائی۔ امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ نے اس کی تصریح فرمائی ہے اور ہمارے اصحاب نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ اگر اس ذبح لغیر اللہ کے ساتھ اس غیر اللہ کی تعظیم اور عبادت بھی مقصود ہو تو یہ کفر ہو گا۔ لہٰذا اگر ذبح کرنے والا پہلے مسلمان تھا تو اس ذبح کے بعد مرتد ہو جائے گا اور شیخ ابراہیم مروزی نے جو ہمارے اصحاب سے ہیں ذکر فرمایا کہ سلطان کے استقبال کے وقت اس کی طرف تقرب حاصل کرنے کے لئے جو جانور ذبح کئے جاتے ہیں، اہل بخارا نے ان کی حرمت کا فتویٰ دیا کیونکہ وہ ’’مَا اُہِلَّ بِہٖ لِغَیْرِ اللّٰہ‘‘ سے ہیں۔ امام رافعی نے فرمایا کہ یہ جانور، لوگ امیر کے آنے کی خوشی میں ذبح کرتے ہیں تو وہ بچہ پیدا ہونے کے وقت عقیقہ کے ذبح کی طرح ہیں اور ایسا ذبح حرمت کو واضح نہیں کرتا۔

علامہ نووی کے اس کلام سے حدیث (مبارک) ’’لعن اللّٰہ من ذبح لغیر اللّٰہ‘‘ کے معنی بھی واضح ہو گئے کہ اس سے مراد ذبح لغیر اسم اللہ ہے اور یہ بھی ظاہر ہو گیا کہ استقبالِ سلطان کے وقت جو جانور تقرباً الی السطان ذبح کئے جاتے ہیں رافعی نے ان کو بادشاہ کے آنے کی خوشی پر محمول کر کے اس کو ذبح عقیقہ کی طرح جائز قرار دیا ہے۔ ان تمام تصریحات سے آیۂ کریمہ ’’وَمَا اُہِلَّ بِہٖ لِغَیْرِ اللّٰہِ‘‘ کے مرادی معنی آفتاب سے زیادہ روشن ہو گئے۔ اس کے بعد بھی حضرت شاہ عبد العزیز صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے کلام کی غلط توجیہ کرنا انہیں امت مسلمہ کا مخالف قرار دینا ہے۔ جن لوگوں نے ازراہِ عناد شاہ صاحب کے کلام کی توجیہ اجماعِ امت کے خلاف کی ہے انہوں نے شاہ صاحب کے ساتھ کوئی نیکی کا سلوک نہیں کیا بلکہ ان لوگوں نے صراحۃً شاہ صاحب کو قرآن و حدیث کا مخالف قرار دیا ہے۔

دیکھئے، اولیائے کرام کے نام پر جو جانور نامزد کئے جائیں وہ تو مردار اور سگ و خوک سے زیادہ نجس و حرام قرار پائیں اور جو جانور ناپاک بتوں کے لئے ان کی عبادت اور نذر کی نیت سے تقرباً الیٰ غیر اللہ نامزد کئے جائیں وہ حلال و طیب رہیں۔

قرآن مجید اٹھا کر دیکھئے، اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے مَا جَعَلَ اللّٰہُ مِنْم بَحِیْرَۃٍ وَّلَا سَائِبَۃٍ وَّلَا وَصِیْلَۃٍ وَّلَا حَامٍ (المائدۃ) اللہ تعالیٰ نے کوئی بحیرہ، سائبہ، وصیلہ اور حام نہیں بنایا۔

بخاری شریف ج ۲ ص ۶۶۵ کتاب التفسیر میں بحیرہ، سائبہ، وصیلہ اور حام کی تفسیر میں جو الفاظ بروایت حضرت سعید بن مسیب رضی اللہ تعالیٰ عنہ وارد ہوئے ہیں، ہدیۂ ناظرین کئے جاتے ہیں۔

بحیرہ کی تفسیر میں ہے ’’اللتی یمنع درھا للطواغیت‘‘ اور سائبہ کی تفسیر میں مرقوم ہے ’’والسائبۃ کانوا یسیبونہا لاٰلہتہم‘‘ اور وصیلہ کے بیان میں ہے ’’وکانوا یسیبونہا لطواغیتہم‘‘ اور حام کے متعلق مرقوم ہے ’’فاذا قضٰی ضرابہٗ دعوۃ للطواغیت‘‘ جن کا خلاصہ یہ ہے کہ بحیرہ وہ اونٹنی ہے جس کا دودھ بتوں کے لئے روک دیا جائے چنانچہ اسے کوئی شخص نہیں دوھتا تھا اور سائبہ وہ جانور ہیں جنہیں مشرکین اپنے بتوں کے لئے چھوڑ دیا کرتے تھے اور وصیلہ وہ نازادہ اونٹنی ہے جو سب سے پہلے مادہ جنے پھر اس مادہ کے بعد دوسری مادہ جنے، مشرکین اسے اپنے بتوں کے لئے چھوڑ دیتے تھے کیونکہ وہ دونوں مادہ بچے اس حال میں پیوستہ ہوتے تھے کہ ان کے درمیان کوئی نر نہ ہوتا تھا اور حام وہ نر شتر ہے جو چند معدودے مرتبہ جفتی کر چکا ہو۔ وہ جفتیاں پوری ہو جانے کے بعد اسے اپنے بتوں کے لئے چھوڑ دیتے تھے اور باربرداری سے باز رکھتے، کوئی چیز اس پر بار نہ کرتے اور اس کا نام حام رکھ دیتے۔

فتح الباری جلد ہشتم ص ۲۸۸ میں اس حدیث کی شرح کرتے ہوئے ’’والسائبۃ کانوا یسیبونہا لاٰلہتہم‘‘ کے تحت فرماتے ہیں قال ابو عبیدۃ کانت السائبۃ من جمیع الانعام وتکون من النذور للاصنام فتسیب فلا تحبس عن مرعی ولا عن ماع ولا یرکبہا احد قال وقیل السائبۃ لا تکون الا من الابل کان الرجل ینذر ان برئ من مرضہٖ او قدم من سفرہٖ لیسیبن بعیرا ہٰکذا فی العینی۔ حضرت ابو عبیدہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا کہ سائبہ تمام قسم کے چوپایوں سے ہوتا تھا اور یہ بتوں کے لئے نذر مانے ہوئے جانور ہیں ان کو چھوڑ دیا جاتا تھا اور کسی چراگاہ، پانی اور گھاس سے انہیں نہ روکا جاتا تھا اور نہ ان پر کوئی سوار ہوتا تھا۔ انہوں نے کہا، ایک قول یہ بھی ہے کہ سائبہ صرف اونٹ کی قسم ہوتا تھا، آدمی نذر مانتا تھا کہ اگر وہ بیماری سے اچھا ہو جائے یا سفر سے واپس آ جائے وہ کوئی اونٹ بتوں کے لئے نامزد کر کے چھوڑ دے گا۔ (عینی شرح بخاری میں بھی اسی طرح ہے)

ان احادیث و روایات سے یہ ثابت ہو گیا کہ مشرکین عرب بعض جانوروں کو اپنے بتوں کے لئے اپنی بعض حاجات میں نذر مانتے اور انہیں اپنے معبودوں کی طرف منسوب کر کے ان کی تشہیر کرتے تھے۔ لہٰذا قطعی طور پر ہمارے مخالفین کے نزدیک ’’وَمَا اُہِلَّ بِہٖ لِغَیْرِ اللّٰہِ‘‘ میں داخل تھے لیکن اس کے باوجود اللہ تعالیٰ نے انہیں حرام نہیں قرار دیا بلکہ ارشاد فرمایا ’’مَالَکُمْ اَلاَّ تَاْکُلُوْا مِمَّا ذُکِرَ اسْمُ اللّٰہِ عَلَیْہِ‘‘ (تمہیں کیا ہو گیا کہ تم ان جانوروں سے نہیں کھاتے جن پر (بوقت ذبح) اللہ تعالیٰ کا نام لیا گیا ہو) اس آیت کی تفسیر کرتے ہوئے علامہ ابو سعود فرماتے ہیں انکر لان یکون لہم شیء یدعوہم الی الاجتناب عن اکل ما ذکر علیہ اسم اللّٰہ تعالٰی من البحائر والسوائب ونحوہا۔(تفسیر ابو سعود ص ۲۰۱ جلد رابع) اللہ تعالیٰ نے اس بات پر انکار فرمایا ہے کہ ان میں کوئی ایسی بات پائی جائے جس کی وجہ سے وہ اللہ کے نام پر ذبح کئے ہوئے جانوروں کو نہ کھائیں۔

مشرکین نے بحیرہ، سائبہ وغیرہ جانوروں کو اس لئے حرام کر لیا کہ وہ ان کو اپنے بتوں کے لئے نامزد کر دیتے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں ان کی مذمت نازل فرمائی اور ارشاد فرمایا مَا جَعَلَ اللّٰہُ مِنْم بَحِیْرَۃٍ وَّلَا سَائِبَۃٍ وَّلَا وَصِیْلَۃٍ وَّلَا حَامٍ وَّلٰـکِنَّ الَّذِیْنَ کَفَرُوْا یَفْتَرُوْنَ عَلَی اللّٰہِ الْکَذِبَ وَاَکْثَرُہُمْ لَا یَعْقِلُوْنَ۵ وَاِذَا قِیْلَ لَہُمْ تَعَالَوْا اِلٰی مَا اَنْزَلَ اللّٰہُ وَاِلَی الرَّسُوْلِ قَالُوْا حَسْبُنَا مَا وَجَدْنَا عَلَیْہِ اٰبَائَنَا اَوَلَوْ کَانَ اٰبَاؤُہُمْ لَا یَعْلَمُوْنَ شَیْئًا وَّلَا یَہْتَدُوْنَ۵ (المائدہ) اللہ تعالیٰ نے کوئی بحیرہ، سائبہ، وصیلہ، حام مقرر نہیں فرمائے لیکن کافر اللہ تعالیٰ پر جھوٹا بہتان باندھتے ہیں اور ان کے اکثر بے عقل ہیں اور جب ان سے کہا جائے کہ تم اس چیز کی طرف آؤ جو اللہ نے نازل کی اور رسول کی طرف تو وہ کہتے ہیں کافی ہے ہمیں وہی جس پر ہم نے اپنے باپ دادا کو پایا اگرچہ ان کے باپ دادا کچھ نہ جانتے ہوں اور ہدایت یافتہ نہ ہوں۔

تو کیا پھر بھی وہ انہی کے طریقے کو کافی سمجھیں گے۔ علامہ نسفی رحمۃ اللہ علیہ تفسیر مدارک جلد اول ص ۲۳۷ میں ’’وَاِذَا قِیْلَ لَہُمْ تَعَالَوْا اِلٰی مَا اَنْزَلَ اللّٰہُ وَاِلَی الرَّسُوْلِ ‘‘کے تحت فرماتے ہیں ای ہلموا الٰی حکم اللّٰہ ورسولہٖ بان ہٰذہ الاشیاء غیر محرمۃ۔ یعنی اللہ اور رسول کے حکم کی طرف آؤ کہ یہ چیزیں یعنی بتوں کے نام پر چھوڑے ہوئے جانور حرام نہیں۔

قرآن و حدیث کی روشنی میں بخوبی واضح ہو گیا کہ بحیرہ، سائبہ وغیرہ جانور حرام نہیں اور باوجودیکہ مشرکین ان کی نذر اپنے بتوں کے لئے مانتے تھے اور ان کو بتوں کے لئے نامزد کرتے تھے وہ قطعاً حلال ہیں اور ہرگز ’’وَمَا اُہِلَّ بِہٖ لِغَیْرِ اللّٰہ‘‘ میں داخل نہیں تو ایسی صورت میں اولیائے کرام کے لئے نذر مانے ہوئے جانور کیونکر ’’وَمَا اُہِلَّ بِہٖ لِغَیْرِ اللّٰہِ‘‘ میں داخل ہو کر حرام ہو سکتے ہیں۔

مختصر یہ کہ حضراتِ اولیائے کرام کی فاتحہ، ایصالِ ثواب، نذر و نیاز کے جانور قطعاً حلال ہیں اور انہیں حرام کہنا اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ پر افتراء عظیم اور بہتانِ عظیم ہے۔

یہاں تک تو قرآن و حدیث، اقوالِ مفسرین و فقہاء کرام و علماء عظام کی تصریحات پیش کی گئیں اور اب آخر میں اتمام حجت کے لئے جناب انور شاہ صاحب کشمیری کی عبارت پیش کی جاتی ہے۔ ملاحظہ فرمایئے (فیض الباری ج ۴ ص ۱۸۰) واعلم ان الاہلال لغیر اللّٰہ تعالٰی وان کان فعلا حراما لٰکن الحیوان المہل حلال ان ذکاہ بشرائطہٖ وکذا الحلوان التی یتقرب بہا للاوثان ایضا جائزۃ علی الاصل اما السوائب فتکلموا فیہا انہا تخرج بعد التقرب من ملک صاحبہا او لا فراجعہ من الفقہ۔ یعنی (بہ نیت عبادت) کسی جانور پر غیر اللہ کا نام بلند کرنا اگرچہ (فی نفسہٖ) فعل حرام ہے لیکن جس جانور پر وہ نام بلند کیا جائے وہ حلال ہے اگر شرائط کے ساتھ ذبح کیا ہو۔ اسی طرح دراصل وہ چڑہاوا بھی جائز ہے جس سے بتوں کا تقرب حاصل کیا جائے اور سائبہ وغیرہ جانور (جو بتوں کے نام پر چھوڑے جاتے ہیں) تو ان میں صرف اتنا کلام ہے کہ وہ تقرب للاوثان کے بعد وہ اپنے مالک کی ملک سے نکل جاتے ہیں یا نہیں، تو اس کے لئے فقہ کی طرف رجوع کرنا چاہئے۔

یعنی بعض فقہا کے نزدیک وہ ملک مالک میں نہیں رہتے اس لئے انہیں اللہ کے نام پر ذبح کر دیا جائے تو ان کا کھانا جائز ہے ورنہ اس کا جواز مالک کی اجازت پر موقوف رہے گا۔

لیجئے جناب! اب تو بتوں کا چڑھاوا بھی جائز ہو گیا۔ گیارہویں شریف کے کھانے کو حرام کہنے والوں کے لئے عبرت کا مقام ہے۔

اللہ تعالیٰ کی قدرت دیکھئے ولی کی فاتحہ کی چیز کو حرام کہنے والے بتوں کے چڑھاوے کو حلال کہہ رہے ہیں۔ فَاعْتَبِرُوْا یَا اُولِی الْاَبْصَار۔ آخر میں ایک شبہ کا ازالہ ضروری ہے اور وہ یہ ہے کہ حضرت شاہ عبد العزیز محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ جو لوگ اولیاء کے لئے کوئی جانور نذر مانیں ان سے کہا جائے کہ اس جانور کی بجائے گوشت لے کر اپنی نذر پوری کر دو۔ اگر وہ راضی ہو جائیں تو وہ اپنے اس قول میں سچے ہیں کہ ہماری نیت غیر اللہ کے لئے خون بہانے کی نہ تھی، ورنہ سمجھ لینا چاہئے کہ وہ جھوٹے ہیں اور ان کی نیت یہی ہے کہ غیر اللہ کی تعظیم کے لئے جانور کا خون بہایا جائے۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے اس فرمان کے مطابق اس زمانے میں بھی اسی معیار پر جواز و عدم جواز کا حکم لگانا چاہئے۔

اس شبہ کا ازالہ یہی ہے کہ حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا مقرر کردہ معیار مذکور ان لوگوں کے حق میں تو درست ہو سکتا ہے جو قبور کی عبادت کرتے تھے اور خود شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے انہیں گروہِ مشرکین میں شمار کیا ہے جیسا کہ اس سے قبل تفسیر عزیزی جلد اول ص ۱۵۸ کی عبارت ہم نقل کر چکے ہیں لیکن مسلمانوں کے حق میں یہ معیار کسی طرح درست نہیں ہو سکتا نہ ہی حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے مومنین کے لئے یہ معیار بیان فرمایا ہے اس لئے کہ مومن ازروئے قرآن شریف اس بات پر ایمان رکھتا ہے کہ ’’لَنْ تَنَالُوا الْبِرَّ حَتّٰی تُنْفِقُوْا مِمَّا تُحِبُّوْنَ‘‘ (تم ہرگز نیکی نہیں پا سکتے جب تک اپنی پسندیدہ اور محبوب چیز اللہ کی راہ میں خرچ نہ کرو) اور ظاہر ہے کہ پالے ہوئے جانور سے جو محبت ہوتی ہے وہ خریدے ہوئے جانور یا گوشت سے نہیں ہو سکتی اس لئے جو نیکی اور ثواب پالے ہوئے جانوروں کو ذبح کر کے ایصالِ ثواب کرنے سے حاصل ہو گا وہ اس کے علاوہ دوسری چیز سے نہیں ہو سکتا۔

علاوہ ازیں اس میں شک نہیں کہ ہر ذبیحہ خواہ وہ اپنے کھانے کے لئے ذبح کیا جائے یا بیچنے کے لئے یا قربانی وغیرہ کے لئے اس کے حلال اور پاک ہونے کی شرط یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کا نام لے کر اس کا خون خالص اللہ تعالیٰ کی تعظیم کے لئے بہایا جائے اور ظاہر ہے کہ اللہ تعالیٰ کا ذکر اور اس کی تعظیم کے لئے جو کام کیا جائے وہ نیکی اور اطاعت ہے۔ لہٰذا ہر وہ فعل ذبح (جس سے تعظیم خداوندی مقصود ہو) نیکی قرار پائے گا اور مسلمان کے لئے جائز ہے کہ وہ اپنی نیکی کا ثواب کسی مسلمان کو بخش دے لہٰذا صرف گوشت میں محض گوشت کا ثواب اس بزرگ کی روح کو پہنچے گا اور جانور ذبح کرنے میں گوشت کے علاوہ فعل ذبح کا جو ثواب ذابح کو ملا وہ بھی اس بزرگ کی روح کو پہنچ سکتا ہے۔

پس اگر ان وجوہات کی بنا پر کوئی مسلمان جانور کے عوض گوشت لینے پر راضی نہ ہو تو اس سے ہرگز ثابت نہیں ہوتا کہ یہ مومن معاذ اللہ ولی کی تعظیم و تقرب کے لئے جانور کا خون بہانے کی نیت رکھتا ہے۔ نیت فعل قلب ہے، جب باطن کا حال ہمیں معلوم نہیں تو ہم کس طرح مسلمان پر معصیت کا حکم لگائیں۔ مومن کے حق میں بدگمانی کرنا حرام ہے۔

سوال میں ان جانوروں کو مزاراتِ اولیاء اللہ پر لے جا کر ذبح کرنے کے متعلق بھی پوچھا گیا ہے۔ نیز یہ کہ بعض لوگ قرعہ اندازی کے ذریعہ پیر سے جانور ذبح کرنے کی اجازت طلب کرتے ہیں۔

اس کا جواب یہ ہے کہ جب تک کسی جگہ مشرکانہ رسوم ثابت نہ ہو جائیں اس وقت تک وہاں جانور لے جا کر ذبح کرنا حرام نہیں ہو سکتا اور مزاراتِ اولیاء اللہ معاذ اللہ ایسی ناپاک جگہ قرار نہیں دئیے جا سکتے اس لئے بہ نیت ایصالِ ثواب وہاں بھی جانور لے کر ذبح کرنا جائز ہے۔ رہا قرعہ اندازی کے ذریعے اجازت طلب کرنا تو یہ ضرور فعل عبث ہے لیکن اسے بلا دلیل کفر و شرک کہنا یقینا حد سے تجاوز کرنا ہے۔

واللّٰہ الہادی الٰی سبیل الرشاد واللّٰہ تعالٰی اعلم وعلمہٗ جل مجدہٗ اتم واحکم