استحالہ کذب باری تعالیٰ کے عقلی دلائل اب اس دعوے (۱) کے اثبات میں چند عقلی دلائل بھی ملاحظہ ہوں۔

دلیل اول کذب باری اگر ممکن ہے تو احد الامرین سے خالی نہیں۔ یا تو کلام نفسی میں پایا جائے گا یا نہیں؟ اگر نہیں پایا جاتا تو اس کا امکان بھی نہیں اس لئے کہ جب بھی پایا جائے گا حادث ہو کر پایا جائے گا اور قیام حوادث بذات باری تعالیٰ محال (۲) ہے۔ لہٰذا کذب کا بھی حادث ہو کر پایا جانا محال ہوا اور اگر پایا جاتا ہے تو قدیم ہی ہو کر پایا جائے گا۔ جیسا کہ ابطال شق اول میں معلوم (۱) ہوا۔ پس ماننا پڑے گا کہ کذب قدیم ہے اور جب کذب قدیم ہوا تو دو استحالے لازم آئے۔ ایک تو یہ کہ جب کذب قدیم مان لیا تو واقع ہو گیا (۲) دوسرے یہ کہ جب کذب قدیم ہوا تو صدق محال ہو گیا۔ وہٰذا باطل (۳)

دلیل دوم کذب باری فی نفسہٖ احد الامرین سے خالی نہیں یا تو نقص ہو گا یا نہ ہو گا۔ یہ تو ظاہر ہے کہ ضرور نقص ہے جیسا کہ عبارات سابقہ سے معلوم ہوا۔ لہٰذا جب نقص ہوا تو بالاتفاق محال ہو گیا۔ (۱)

دلیل سوم اگر کذب ممکن ہو تو کلام نفسی میں ضرور پایا جائے گا۔ جیسا کہ دلیل اول میں معلوم ہوا اور یہ بھی ثابت شدہ امر ہے کہ کلام لفظی کلام نفسی کی تعبیر ہے۔ جب کذب کلام نفسی میں مان لیا گیا تو کلام لفظی میں بھی ماننا پڑے گا۔ چونکہ وہ معتبر ہے اور کذب جب کلام لفظی میں ہوا تو وقوع کذب لاز م آ گیا اور یہ باطل ہے۔

ان کے علاوہ اور بھی کثیر التعداد دلائل عقلی امتناع کذب باری تعالیٰ پر قائم ہیں جن کی اس مختصر سے کتابچہ میں گنجائش نہیں ہے۔ ان شاء اللہ کسی اور موقع پر لکھی جائیں گی۔

امکان کذب پر فریق مخالف کی ایک اور دلیل اور اس کا جواب مخالفین کا دعویٰ ہے کہ کذب تحت قدرت باری تعالیٰ داخل ہے اور اس کی دلیل میں آیت ’’اِنَّ اللّٰہَ عَلٰی کُلِّ شَیْئٍ قَدِیْر‘‘ ـ(اللہ تعالیٰ ہر شے پر قادر ہے) پیش کرتے ہیں یعنی چونکہ کذب بھی ’’شیء‘‘ میں داخل ہے لہٰذا وہ بھی تحت قدرت داخل ہوا۔

شیء کی بحث نفیس اور اس سے امکان کذب کا رد اس کا جواب اول تو یہ ہے کہ علامہ جلال الدین سیوطی رحمۃ اللہ علیہ نے اس کی تفسیر یوں کی ہے (ان اللّٰہ علٰی کل شیء)شاء ہ (قدیر) یعنی جس چیز کو خدا چاہے اس پر قادر ہے۔ شیٔ کو بمعنی ’’مشی‘‘ قرار دیا اور کذب باری تعالیٰ کسی آیت یا حدیث یا اقوال مفسرین و متکلمین وغیرہ سے مشی ثابت نہیں ہوتا۔ لہٰذا اس آیت کریمہ سے مخالفین کے دعوے کا اثبات ہو ہی نہیں سکتا۔ دوسرے یہ کہ کذب باری شیٔ بھی ثابت نہیں ہو سکتا۔ چہ جائیکہ اس کو مَشِیْ کہا جائے۔ علامہ تفتازانی شرح عقائد نسفی میں شیٔ کی تعریف اس طرح کرتے ہیں الشئ عندنا ہو الموجود یعنی ہمارے نزدیک موجود کو شیٔ کہتے ہیں۔ اور دوسری جگہ فرماتے ہیں ’’والمعدوم لیس بشئ‘‘ یعنی معدوم کوئی شے نہیں۔ (۱) اب میں مخالفین سے دریافت کرتا ہوں کہ آیا کذب باری موجود ہے یا معدوم؟ اگر کہا جائے کہ وہ موجود ہے تب تو واقع ہو گیا اور اگر موجود نہیں یعنی معدوم ہے تو تعریف شیٔ میں داخل نہیں اور جب تعریف شیٔ میں داخل نہیں تو تحت قدرت کیسے ہو گا؟ پھر اس آیت سے استدلال کیونکر صحیح ہو سکتا ہے؟ اور اگر کہا جائے کہ شیٔ سے مراد ما یصح وجودہ ہے اور وہ امکان کے منافی نہیں۔ لہٰذا کذب تحت قدرت باری تعالیٰ داخل رہا تو ہم کہیں گے کہ شیٔ سے مراد ما یصح وجودہ لے کر اول تو اپنے اصول کو چھوڑ کر معتزلہ کے اصول کو اختیار کرنا ہے اور یہ خلاف ہے اور اگر یہ مان بھی لیا جائے کہ شیٔ سے مراد ما یصح وجودہ لینا صحیح ہے تو مستدل (۲) کو چاہئے کہ اول تو وہ کذب کو ما یصح وجودہ ثابت کر دے پھر اس کے متعلق کچھ کلام کرے۔

صفاتِ باری تعالیٰ تحت قدرت باری تعالیٰ نہیں اس کے علاوہ اگر کذب باری تعالیٰ کو شیٔ مان بھی لیا جائے تب بھی وہ تحت قدرت نہیں ہو سکتا۔ اس لئے کہ کذب باری پایا جائے گا تو صفت باری تعالیٰ ہو کر پایا جائے گا۔ جب کذب صفت باری تعالیٰ ہوا تو تحت قدرت نہ ہو گا اس لئے کہ تمام حکماء اسلام کا یہ مسلمہ مسئلہ ہے کہ ذات و صفات تحت قدرت باری تعالیٰ داخل نہیں ورنہ ان کا حدوث لازم آئے گا۔ وہو ظاہر البطلان۔

پس معلوم ہوا کہ کذب باری بہرتقدیر خارج عن القدرت ہو گا۔ خواہ شے کہا جائے یا لاشے، معدوم یا موجود اور قائلین خلف وعید پر امکانِ کذب کا الزام لگایا جاتا ہے، وہ ہرگز صحیح نہیں۔ جیسا کہ ’’ما سبق‘‘ سے اظہر من الشمس ہو گیا۔

محققین خلف وعید کے قائل نہیں اور محققین تو خلف وعید کے قائل ہی نہیں چنانچہ علامہ تفتازانی نے تصریح کی ہے ’’والمحققون علی خلافہ وکیف وہو تبدیل القول وقد قال تعالٰی مَا یُبَدَّلُ الْقَوْلُ لَدَیَّ‘‘ (۱) اللہ تعالیٰ ایسے عقائد فاسدہ سے ہر مسلمان کو بچائے۔ (اٰمین ثم اٰمین)

فریق مخالف کی دوسری دلیل اور اس کا رد مخالفین کہتے ہیں کہ کلام نفسی میں کذب ممتنع بالذات سہی لیکن کلام لفظی میں ممکن بالذات ہے۔ کیونکہ کلام لفظی وہ ہے جو الفاظ سے مرکب ہو اور جو الفاظ سے مرکب ہو وہ حادث اور حادث ممکن بالذات ہے اور جو ممکن ہو گا وہ بحکم ’’اِنَّ اللّٰہَ عَلٰی کُلِّ شَیْئٍ قَدِیْر‘‘ تحت قدرت داخل ہو گا۔ لہٰذا کلام لفظی باقسامہ تحت قدرت داخل ہوا۔ انتہیٰ

الجواب: اگرچہ اس کا جواب بھی تقریر ماسبق موجود ہے لیکن یہاں کافی وضاحت کی جاتی ہے۔ واضح ہو کہ یہ دلیل تین طریقوں سے مردود ہے۔ اول یہ کہ بجز ایک امر مشہور کے جس سے مستدل کو کوئی فائدہ نہیں پہنچ سکتا تمام مقدمات مخدوش ہیں۔ دوسرے یہ کہ مفید مدعی نہیں یعنی امکانِ کذب باری تعالیٰ ثابت نہیں ہوتا۔ تیسرے یہ کہ برتقدیر ثبوت اس مدعا کے مستدل کا دوسرا مدعا یوں کہیئے کہ مدعا کا دوسرا جزو غلط ٹھہرتا ہے۔ اب مستدل کے تمام مقدمات کا ابطال تفصیل سے سنیئے۔

پہلا مقدمہ کلام لفظی وہ ہے جو مرکب ہو الفاظ سے، ’’اقول‘‘ بعض کلام ایسے ہیں جن میں فقط ایک ہی لفظ ہے مثلاً ’’ق‘‘ (۱) پس جب کلام الفاظ سے مرکب نہیں تو تعریف اپنے افراد کو جامع نہیں ہوتی اور اگر الفاظ حکمیہ یعنی ضمائر مستترہ کا اعتبار کر کے کہا جائے تو مقدمہ ثانیہ یعنی جو الفاظ سے مرکب ہو وہ حادث ہے یہ ممنوع ہوا۔ اس لئے کہ دلیل حدوث ترتب الفاظ میں ہے کیونکہ اسی ترتب کے باعث تقدم یا تاخر زمانی ہوتا ہے جس کی وجہ سے اسے حادث کہہ سکتے ہیں اور یہ تقدم یا تأخر الفاظ حقیقیہ و حکمیہ کی ترکیب میں مفقود (۲) ہے۔ پس جب تقدم یا تأخر نہ ہوا تو حدوث کا ثبوت بھی نہ ہو گا۔

دوسرا مقدمہ یعنی جو کلام الفاظ سے مرکب ہو وہ حادث ہے۔ ’’اقول‘‘ صاحب مواقف نے ایک مستقل رسالہ کلام الٰہی کی تحقیق میں تصنیف کیا ہے۔ اس میں لکھا ہے کہ رئیس الاشاعرہ شیخ ابو الحسن اشعری کلام نفسی اور کلام لفظی دونوں کے قدم (۱) کے قائل ہیں اور سید سند (۲) علیہ الرحمہ نے اس رسالہ کو بہت پسند کیا ہے۔ لہٰذا اس کی تحقیق کے بموجب ہر کلام لفظی حادث نہ ہو گا بلکہ صرف مخلوقات کا کلام لفظی حادث ہو گا (۳) وہٰذا خارج عن البحث لہٰذا یہ مقدمہ باطل ہو گیا۔

اور جس دلیل سے اس کا حدوث ثابت کیا جاتا ہے اس کا شافی جواب اس رسالہ میں مذکور ہے، جس کا خلاصہ سید سند علیہ الرحمہ نے شرح مواقف میں لکھا ہے اور علامہ تفتازانی نے بھی اس کے متعلق بالتفصیل نقل کیا ہے۔ ان تمام عبارتوں کی تو یہاں گنجائش نہیں لیکن اختصاراً اس کا خلاصہ درج کیا جاتا ہے۔ مخالفین کا یہ اعتراض کہ حروف اور الفاظ کے مقدم مؤخر کرنے سے کلام لفظی کا حدوث لازم آتا ہے اس کے جواب میں علامہ موصوف یہ فرماتے ہیں

فجوابہ ان ذٰلک الترتب انما ہو فی التلفظ بسبب عدم مساعدۃ الالۃ فالتلفظ حادث والادلۃ الدالۃ علی الحدوث یجب حملہا علی حدوثہ دون حدوث الملفوظ جمعا بین الادلۃ وہٰذا الذی ذکرناہ وان کان مخالفا لما علیہ متاخروا اصحابنا الا انہ بعد التامل تعرف حقیقتہ تم کلامہ وہٰذا المحمل لکلام الشیخ محمد الشہرستانی فی کتابہ المسمی ’’بنہایۃ الاقدام‘‘ ولا شبہۃ فی انہ اقرب الی الاحکام الظاہر المنسوبۃ الی قواعد الملۃ۔ انتہٰی۔ (ترجمہ) پس اس کا جواب یہ ہے کہ یہ ترتب تلفظ میں ہے (۱)۔ عدم مساعدت آلہ کے سبب سے (۲) یعنی تلفظ حادث ہے (۳) اور جو دلیلیں حدوث پر دلالت کرتی ہیں واجب ہے ان کا حمل کرنا حدوث تلفظ پر نہ حدوث ملفوظ پر دلیلوں (۴) کے درمیان جمع کرنے کے لئے وہ یہ ہے کہ جس کو ہم نے ذکر کیا ہے اگرچہ وہ ہمارے متاخرین اصحاب کے خلاف ہو لیکن تامل کے بعد اس کا حق ہونا معلوم ہو جائے گا اور یہ ہے محمل کلام شیخ محمد شہرستانی کا۔ اس کی کتاب ’’نہایت الاقدام‘‘ میں اور اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ اقرب ہے احکام ظاہریہ کی طرف جو کہ منسوب ہیں قواعد ملت کی طرف۔ انتہیٰ ؎

کس نمی داند دریں بحر عمیق سنگ ریزہ قدر دارد یا عقیق!

چوتھا مقدمہ (۵) یعنی جو ممکن ہے وہ بحکم آیت کریمہ ’’اِنَّ اللّٰہَ عَلٰی کُلِّ شَیْئٍ قَدِیْر‘‘ تحت قدرت داخل ہے۔ اقول: متکلمین کے مذہب کی رو سے یہ مقدمہ صحیح نہیں اس لئے کہ صفاتِ باری تعالیٰ بھی منجملہ ممکنات ہیں۔ شرح عقائد نسفی میں منصوص ہے واما فی نفسہا فہی ممکنۃ (۱) اور صفات باری تعالیٰ تحت قدرتِ باری تعالیٰ داخل نہیں ورنہ ان کا حدوث لازم آئے گا اور یہ نہ صرف بداہۃً بلکہ متعدد نصوص سے بھی مردود ہے (۱) باخبر حضرات سے مخفی نہیں۔ یہ ہے مستدلین مخالفین کے مقدمات کی حقیقت جن کا تارو پود بیت عنکبوت کی طرح بکھر گیا۔

امر دوم کا اثبات یعنی اگر جمیع مقدمات تسلیم بھی کر لئے جائیں تب بھی مستدلین کی غرض حاصل نہیں ہوتی اس لئے ان کا مقصد یہ تھا کہ کذب باری تعالیٰ ممکن ہے اور نتیجہ یہ نکلا کہ کلام لفظی مقدور و مخلوق ہے۔ اس سے یہ ثابت ہو گا کہ کلام لفظی خود ممکن ہے اور یہ بھی ثابت شدہ امر ہے کہ امکان شیٔ کو امکان صفت شیٔ لازم نہیں آتا بلکہ جائز ہے کہ شیٔ بنفسہٖ ممکن اور اس کی صفت ممتنع ہو جیسے کل کی انقصیت اور جزو کی اعظمیت ممتنع ہے اور جزو کل خود ممکن ہیں۔ (۲)

امر سوم کا اثبات یعنی اگر کلام لفظی میں کذب کا امکان تسلیم کر لیا جائے تو کلام نفسی میں بھی کذب ماننا پڑے گا۔ جیسا کہ بالتفصیل بیان ہوا ہے۔ (۳)

مخالفین کے ایک اور اعتراض کا جواب علماء وہابیہ اس مقام پر ایک اور مغالطہ بھی دیا کرتے ہیں اورجہلاء کے بہکانے کو کہا کرتے ہیں کہ کیا اللہ تعالیٰ اس امر پر قادر نہیں کہ دوزخیوں کو جنت میں اور جنتیوں کو دوزخ میں ڈال دے۔ اس کا جواب یہ ہے کہ نیکوں کو دوزخ میں ڈالنا یا بالعکس اس میں ہمارا کلام نہیں (۱)۔ ہمارا کلام تو اس میں ہے کہ آیا اس کے خلاف خبر دینے پر بھی قادر ہے یا نہیں۔ علماء وہابیہ میں اتنی بھی لیاقت نہیں کہ وہ حکایت اور محکی عنہ کے فرق کو سمجھ سکیں۔ جیسا کہ خلف وعد اور خلف وعید میں فرق نہ کیا اور دونوں کو ایک ہی سمجھ کر اپنے ایمان کو خراب کیا۔ اسی طرح یہاں بھی فرق کو سمجھنے سے قاصر رہے۔ حضرات! ہمارا کلام ہے حکایت میں اور یہ محکی عنہ ہے نہ کہ حکایت۔

جب لفظ ممتنع یا محال مطلق ہو اس سے ذاتی مراد ہوتا ہے اس کے علاوہ ایک اور بھی مغالطہ دیا کرتے ہیں کہ عبارات علماء مفسرین و متکلمین وغیرہم میں جہاں جہاں لفظ امتناع یا استحالہ آیا ہے وہاں امتناع سے مراد امتناع بالغیر اور محال سے محال بالغیر ہے جو کہ امکان بالذات کے منافی نہیں۔ اس کا جواب اولاً تو یہ ہے کہ جس وقت لفظ استحالہ اور امتناع مطلق واقع ہوتے ہیں تو ان سے فرد کامل ہی مراد ہوتا ہے یعنی محال بالذات اور متنع بالذات جیسا کہ کبھی امکان اور وجوب کو مطلق استعمال کیا جائے تو ان سے بھی امکان بالذات اور وجوب بالذات مراد ہو گا۔ کما لا یخفی علی الماہر۔ (۱)

دوسرے یہ کہ عبارات مستشہدہ (۱) میں فقط لفظ امتناع اور استحالہ پر ہی بس نہیں کیا گیا کہ عذر مذکور کی گنجائش رہتی بلکہ لا یجوز ولا یحتمل ولا یتطرق (۲) وغیرہا الفاظ استعمال کئے گئے ہیں

۔ تیسرے یہ کہ یہاں بلا ضرورت حقیقت سے مجاز کی طرف عدول ہوتا ہے اور یہ صریح البطلان (۳) ہے۔

ایک شبہ اور اس کا حل جو لوگ (۴) کلام لفظی میں کذب کے قائل ہیں حقیقتاً انہوں نے یہ سمجھا ہے کہ چونکہ کلام لفظی خدا کی ذات کے ساتھ قائم نہیں لہٰذا اس کا کذب بھی اس کی طرف منسوب نہ ہو گا اور اس کی تنزیہ میں فرق نہ آئے گا لیکن یہ محض خیال اور باطل خیال ہے۔ اول تو اس لئے کہ کلام نفسی کلام لفظی کا مدلول ہے۔ جب کذب کلام لفظی میں مان لیا تو کلام نفسی میں بھی ضرور ماننا پڑے گا۔ ورنہ ما بالعرض کا تحقق بدون ما بالذات کے لاز آئے گا۔ وہو ظاہر البطلان۔ (۱)

امکان کذب کے رد میں عجیب مثال اس کی مثال اس طرح سمجھئے کہ ایک جعلساز نے جھوٹی دستاویز بنائی، زبان سے کچھ نہ کہا بلکہ کاغذ پر حروف و نقوش ہی بنائے۔ یہ نقوش اس کی ذات کے ساتھ قائم ہیں بلکہ ان کا تعلق کاغذ ہی سے ہے لیکن پھر بھی اس دستاویز کے کذب کو اس جعلساز کی طرف منسوب کر کے اسی کو مجرم قرار دیا جائے گا۔ پس معلوم ہوا کہ کلام لفظی کا کذب بھی ضرور خدا تعالیٰ کی طرف منسوب ہو گا۔ وہٰذا محال اور اگر مان بھی لیا جائے کہ کلام لفظی کا کذب اس کی طرف منسوب نہ ہو گا تو لازم آئے گا کہ اس کا صدق بھی خدا تعالیٰ کی طرف منسوب نہ ہو۔ اس لئے کہ علت مشترکہ ہے اور جب صدق بھی ذاتِ باری کی طرف منسوب نہ ہوا تو پھر آیاتِ مسطورۃ الذیل کے کیا معنی ہوں گے؟ وَمَنْ اَحْسَنُ مِنَ اللّٰہِ قِیْلًاo اور کون زیادہ اچھا ہے اللہ تعالیٰ سے ازروئے قول کے وَمَنْ اَصْدَقُ مِنَ اللّٰہِ حَدِیْثًاo اور کون زیادہ سچا ہے اللہ تعالیٰ سے ازروئے کلام کے وَتَمَّتْ کَلِمَۃُ رَبِّکَ صِدْقًا وَّعَدْلاًo اور تمام ہو گیا تیرے رب کا کلمہ ازروئے صدق اور عدل کے ان آیات میں قول و حدیث سے مراد کلام لفظی ہے۔ چنانچہ مفسرین نے اس کی تفصیل کی ہے۔ تفسیر کبیر وغیرہ میں ملاحظہ ہو تو اسی تقریر پر لازم آئے گا کہ کلام لفظی حقیقتاً کلام ہی نہ ہو اور اس کا منکر کافر قرار نہ دیا جائے۔ غرض اس سبب سے مفاسد لا تحصیٰ لازم آتے ہیں۔ کما لا یخفی علی الذکی۔

ایک لچر اور پوچ دلیل کی تردید یہاں ایک بات اور یاد آ گئی۔ مناظرین وہابیہ دیوبندیہ اس مسئلہ میں جب بالکل عاجز ہو جاتے ہیں تو یہ بھی کہا کرتے ہیں کہ اگر کذب تحت قدرت باری تعالیٰ میں داخل نہیں ہے تو یہ اکثر مخلوق جو شب و روز ہزاروں جھوٹ بولتی ہے تو کیا یہ اور اس کا کذب قدرتِ الٰہی سے باہر ہے (۱) تو اس کا جواب یہ ہے کہ جس کذب کو تم نے تحت قدرتِ باری تعالیٰ ثابت کیا ہے، ہمارا نزاع اس میں نہیں۔ یہ تو مخلوق کا کذب اور مخلوقِ الٰہی ہے۔ اس پر صرف قدرت کے کیا معنی بلکہ وقوع ثابت و ظاہر ہے۔ ہمارا کلام تو کذب باری میں ہے کہ اللہ تعالیٰ بھی کذب جیسے کریہہ اور ناپاک عیب سے متصف ہو سکتا ہے یا نہیں اور وہ یہاں لازم نہیں آتا۔ پس معلوم ہوا کہ اللہ تعالیٰ جل جلالہٗ وعم نوالہٗ کا کذب کسی طریقہ سے ثابت نہیں ہو سکتا اور اس مسئلہ میں بقول مولوی عبد الشکور صاحب مدیر ’’النجم‘‘ مخالفین کے پاس ایک مچھر کے پر کے برابر بھی کوئی دلیل نہیں۔

نعوذ باللّٰہ من ہذہ الشرور الی یوم النشو رَبَّنَا افْتَحْ بَیْنَنَا وَبَیْنَ قَوْمِنَا بِالْحَقِّ وَاَنْتَ خَیْرُ الْفَاتِحِیْنَ وَاِہْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِیْمَ صِرَاطَ الَّذِیْنَ اَنْعَمْتَ عَلَیْہِمْ مِّنَ النَّبِیِّیْنَ وَالصِّدِّیْقِیْنَ وَالشُّہَدَائِ وَالصَّالِحِیْنَ غَیْرِ الْمَغْضُوْبِ عَلَیْہِمْ وَلَاالضَّالِّیْن۔ اٰمین یا ارحم الراحمین۔ تمت بالخیر