غلط فہمی کا ازالہ
اس مختصر بیان سے معترض کی اس غلط فہمی کا بھی ازالہ مقصود ہے کہ اللہ تعالیٰ خون بہانے سے راضی نہیں ہوتا۔ ہم نے بتا دیا کہ اللہ تعالیٰ اس خون بہانے سے راضی نہیں ہوتا جو تقویٰ کے بغیر ہو اور اگر تقویٰ کے ساتھ خون بہانا بھی اللہ تعالیٰ کی رضا کا موجب نہ ہو تو بقول معترض لازم آتا ہے کہ ایام حج میں خاص مکہ معظمہ میں بھی جانوروں کا ذبح کرنا رضائے الٰہی کے خلاف اور محض بے فائدہ ہو۔
رہی چوتھی بات کہ ایام حج میں باہر سے جانور لا کر مکہ معظمہ میں ذبح کئے جائیں اور جس طرح حج مکہ کے سوا کہیں نہیں ہو سکتا اسی طرح قربانی بھی مکہ کے علاوہ اور کہیں نہیں ہو سکتی تو اس مسئلہ میں ان شاء اللہ العزیز آگے چل کر ہم تفصیلی گفتگو کریں گے۔ سر دست اتنی بات عرض کر دینا کافی ہے کہ مکہ میں قربانی کا انکار کس نے کیا ہے جو آپ اس کو ثابت کرنے کے لئے بے سرو پا گفتگو کر رہے ہیں۔ بحث تو اس امر میں ہے کہ مکہ معظمہ کے علاوہ کسی اور جگہ قربانی ہو سکتی ہے یا نہیں؟ تو
الحمد للّٰہ! آپ قرآن کریم کی ایک آیت ایسی پیش نہ کر سکے جس میں اللہ تعالیٰ نے مکہ مکرمہ کے سوا دوسری جگہ قربانی کی ممانعت فرمائی ہو۔ حج کی اضافت بیت کی طرف قرآن مجید میں وارد ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ’’وَلِلّٰہِ عَلَی النَّاسِ حِجُّ الْبَیْتِ مَنِ اسْتَطَاعَ اِلَیْہِ سَبِیْلاً۔‘‘ (اٰل عمران : ۹۵)
لہٰذا بیت اللہ کے بغیر کسی جگہ حج نہیں ہو سکتا لیکن قربانی کی اضافت قرآن مجید میں کسی جگہ بیت اللہ یا مکہ و منیٰ کی طرف ثابت نہیں۔ اس لئے اس کو مکہ معظمہ کے ساتھ خاص کرنا قرآن مجید کی تحریف ہے۔ ہدی کے متعلق ہم بھی مانتے ہیں کہ وہ بیت اللہ کی طرف منسوب ہے لیکن وہ ہدی ہے قربانی (اضحیہ) نہیں۔ ان دونوں کا فرق ان شاء اللہ دلائل کی روشنی میں آئندہ بیان کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں جن آیات سے معترضین نے قربانی کے جانوروں کا صرف مکہ میں ذبح کیا جانا سمجھا ہے ان آیات میں قربانی کے جانور (اضحیہ) مراد نہیں بلکہ وہاں تمتع، دم احصار اور دم جنایت مراد ہے جس کو مروجہ قربانی سے دور کا تعلق بھی نہیں۔ آئندہ چل کر یہ تفصیل آپ کے ذہن نشین ہو جائے گی۔
اب رہی مروجہ قربانی تو مضمون نویس صاحب کی نظر اس حکمت تک نہیں پہنچی۔ میں اپنے مخاطب معترض پر اس حقیقت کو واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ وہ قربانی جسے آپ خلافِ عقل کہہ رہے ہیں ملت ابراہیمی اور دین اسلام کا شعار عظیم ہے۔ اس اجمال کی تفصیل بڑی شرح و بسط کو چاہتی ہے مگر میں نہایت اختصار اور جامعیت کے ساتھ اس کو بیان کرنے کی کوشش کروں گا ان شاء اللہ۔
ہر مسلمان جانتا ہے کہ اصل دین توحید ہے۔ توحید کی ضد ہے شرک۔ ہمارے رسول حضرت محمد مصطفی ﷺ جس شدید ظلمت اور تاریکی کے دور میں پیدا ہوئے کسی سے مخفی نہیں۔ ملت ابراہیمی کی حقیقت کفر و شرک کی تاریکیوں میں گم ہو کر رہ گئی تھی۔ ایک خدا کی بجائے ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں خداؤں کی پوجا ہونے لگی تھی۔ پرستش اور بندگی کے جتنے طریقے اللہ تعالیٰ کے لئے ہو سکتے تھے وہ سب باطل خداؤں اور بتوں کے لئے مخصوص ہو چکے تھے۔
عبادت کی تمام صورتیں جو اللہ تعالیٰ کے شایانِ شان تھیں بتوں کے لئے اختیار کی جاتی تھیں جن کا مختصر بیان یہ ہے کہ مشرکین اپنے معبودانِ باطلہ کا نام لے کر ان کی بزرگی اور بڑائی بیان کرتے تھے۔ اپنے بتوں کے لئے سجدہ کرتے تھے۔ بتوں سے مدد مانگتے تھے۔ بتوں کو الٰہ جاننے کی وجہ سے ان کو جانداروں کی جان کا مالک سمجھتے تھے اور اسی وجہ سے ان کے نام پر جانور ذبح کرتے تھے۔ بتوں کے نام پر دور دور سے جانور بھیجے جاتے تھے۔
مختصراً یوں کہیئے کہ مالی اور بدنی عبادتیں بتوں کے لئے مخصوص تھیں۔ مشرکین اپنے بتوں کی جو بدنی عبادت کرتے تھے اس میں تین چیزیں بہت نمایاں ہوتی تھیں۔ (۱) سجدہ (۲) دعائیں۔ (۳) اپنی زبان سے ان کی بزرگی بیان کرنا اور عبادت مالی میں جو چیز سب سے زیادہ نمایاں تھی وہ بتوں کے نام پر جانوروں کا ذبح کرنا تھا۔
دین اسلام جس کی بنیاد خالص توحید پر تھی شرک کو بیخ و بن سے اکھاڑے بغیر قائم نہیں ہو سکتا تھا جس کی صورت یہی ہو سکتی تھی کہ عبادت مالی اور بدنی صرف اللہ تعالیٰ کے لئے خاص کر دی جائے اور اس خصوصیت کا نشان ہر فرد مسلم کے پیش نظر ہو عام اس سے کہ وہ مسلمان مکہ میں ہو یا مدینہ میں، کسی شہر میں ہو یا کسی قریہ میں، توحید کا نشان اس کے سامنے ہونا چاہئے تاکہ مرد مسلم ہر قدم پر اسلام کے آثار و علامات اور علم توحید کے سایہ میں اپنے دین و ایمان کو لئے ہوئے اسلامی زندگی بسر کر سکے۔ اس حکمت بالغہ کے تحت ہر شہر و قریہ میں مساجد اور ان میں پنج گانہ اذان اور نمازِ با جماعت مقرر کی گئی جو عبادت بدنی کے تمام شعبوں پر حاوی اور متعدد شعائر دین کا مجموعہ ہے اور اسی حکمت کے مطابق عبادت مالی کا نمایاں پہلو (معبودوں کے نام پر جانور ذبح کرنا) بتوں سے ہٹا کر معبودِ برحق اللہ تعالیٰ جل مجدہٗ کیلئے مخصوص کیا گیا اور ایک شعار دینی کی صورت میں اجتماعی عبادت کی شکل دے کر ہر ہر شہر و قریہ میں اس کو جاری کر دیا گیا۔
چونکہ عبادت مالی اور بدنی عبادت ہونے میں دونوں شریک ہیں۔ اس لئے جس طرح عبادتِ بدنی میں انفرادی اور اجتماعی دونوں صورتیں عام کی گئیں کہ سنن و نوافل اور وتر وغیرہ ہر شخص الگ الگ پڑھ لیتا ہے مگر عیدین، جمعہ اور جماعت سب مل کر ادا کرتے ہیں بالکل اسی طرح عبادت مالی کا حال ہے کہ ہر شخص جب بھی کوئی جانور اپنی ذاتی ضروریات یا مذہبی حاجت کی بناء پر ذبح کرے وہ اللہ ہی کے نام پر ذبح کرے۔ اگر ایام قربانی میں تمام امت مسلمہ اجتماعی صورت میں یہ عبادت بجا لائے جس طرح اذان نماز باجماعت، جمعہ، عیدین، شعائر اللہ میں داخل ہیں اسی طرح ہر قصبہ میں قربانی بھی شعائر دین میں سے ہے۔
اب بتایئے مروجہ قربانی شرک کی تباہی اور توحید کے دوام و بقاء پر دال ہے یا نہیں۔ دوسرے لفظوں میں یوں کہئے کہ شرک کے مٹنے اور توحید کے قائم ہونے کی وہ عظیم الشان یادگار ہے جو ساڑھے تیرہ سو برس سے آج تک چلی آ رہی ہے اور ان شاء اللہ اس وقت تک رہے گی جب تک کہ خدا کی زمین پر ’’لا الٰہ الا اللّٰہ محمد رسول اللّٰہ‘‘ پڑھنے والا ایک شخص بھی قائم رہے گا۔ آپ ایڑی چوٹی کا زور لگا لیجئے آپ کے مٹانے سے دین کا یہ شعار مٹ نہیں سکتا۔ ’’یُرِیْدُوْنَ لِیُطْفِئُوْا نُوْرَ اللّٰہَ بِاَفْوَاہِہِمْج وَاللّٰہُ مُتِمُّ نُوْرِہٖ وَلَوْ کَرِہَ الْکَافِرُوْنَ۔‘‘ (صف : ۷)
آپ کے نزدیک قربانی کا فلسفہ اجتماع حج کے موقع پر غذائی سہولت ہے۔ ٹھیک ہے اسیرانِ شکم کو شکم پروری کا فلسفہ نہ سوجھے تو کیا سوجھے۔
فکر ہرکس بقدر ہمت اوست
عبادات اسلامیہ کا منتہا شکم پروری ہونا کیا کہنا ہے؟ پیٹ بھر لینا تو کتوں، بلوں کے لئے بھی مشکل نہیں۔ آپ نے انسانوں کا کمال اسی میں منحصر کر دیا۔
ایں کار از تو آید و مرداں چنیں کنند
اسلام نے کھانے پینے کا مقصد عبادت قرار دیا ہے۔ آپ عبادت کا مقصد کھانا پینا قرار دے رہے ہیں؟
ببیں تفاوت رہ از کجاست تابہ کجا
کسی حکومت کے قومی جھنڈے کو اتارنے کی کوشش کرنا اس حکومت کے نزدیک نا قابل برداشت جرم ہے۔ آپ حکومت خداوندی کی علامت کو مٹانے کی کوشش کر رہے ہیں کچھ سوچئے حکومت کی پختگی، استحکام، بقاء و دوام کے لئے جو روپیہ خرچ کیا جائے ایک جاہل کی نظر میں وہ ضرور قابل اعتراض ہو گا لیکن اربابِ حکومت سے پوچھا جائے تو وہ کیا جواب دیں گے؟ دین متین کے برقرار رہنے۔ توحید کے بقاء و دوام کی خاطر قربانی پر جو روپیہ ہر سال خرچ ہوتا ہے وہ بے خبر لوگوں کی نظر میں قابل اعتراض ہونا ہی چاہئے لیکن استحکام سلطنت پر روپیہ خرچ کرنے والے کو مطعون کرنے کا مزہ اسی وقت آئے گا جب دفاعی لائن کمزور ہونے کی وجہ سے دشمن سر پر آ پہنچے گا اور قتل و غارت کا بازار گرم ہونے لگے گا۔ بالکل اسی طرح شعائر دین کو باقی رکھنے کے لئے روپیہ صرف کرنے پر جو لوگ اعتراض کرتے ہیں انہیں اسی وقت اس کا پتہ چلے گا جب مسلمانوں کی لاپرواہی کے سبب شعائر دین ختم ہو جائیں گے اور توحید کی جگہ شرک لے گا۔ دین ختم ہو کر کفر و بے دینی کا دور دورہ ہو گا اور اسی وقت عذابِ الٰہی کی گرفت سخت ہو جائے گی۔
میری سمجھ میں نہیں آتا کہ قربانی پر جو روپیہ صرف ہوتا ہے اس کو خلافِ عقل و حکمت قرار دیا جا رہا ہے لیکن قربانی سے لاکھوں بلکہ کروڑوں درجہ زیادہ سینماؤں، تھیٹروں، کلب گھروں، قحبہ خانوں اور اسراف و تبذیر کی بے شمار مدوں پر مسلمانوں کے گاڑھے پسینے کی کمائی کا جو روپیہ خرچ ہو رہا ہے اس کے متعلق آپ کے دل میں درد کی کوئی کسک پیدا نہیں ہوئی۔ قربانی پر تو آپ کا دل اس قدر دکھا کہ دکھی دل کی التجائیں سنانے کے لئے آپ چیخ رہے ہیں۔ استحکام پاکستان اور کشمیر فنڈ کا خیال آپ کو تڑپا رہا ہے۔ لیکن ان تمام بد اخلاقیوں پر جو کروڑوں سے زیادہ روپیہ خرچ ہو رہا ہے، قوم کے اخلاق، صحت، تہذیب، کلچر سب کچھ تباہی کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں جس کی وجہ سے پاکستان کو بھی ضعف پہنچ رہا ہے،کبھی آپ کو خیال نہ آیا کہ قوم اور حکومت کو اس طرف توجہ دلائیں اور وہ روپیہ جو ان سیاہ کاریوں پر صرف ہو رہا ہے اس سے اسلحہ خریدا جائے اور کشمیر فنڈ کی امداد کی جائے۔ کیا کہنے ہیں آپ کے دکھی دل کے، چھری بکری پر چلتی ہے مگر دکھ درد آپ کو ہوتا ہے۔ حافظ شیرازی خوب کہہ گئے ہیں
نہاں کے ماند آں رازے کز و سازند محفلہا
حقیقت یہ ہے کہ آپ کے دل میں استحکام پاکستان کی خواہش ہے نہ کشمیر فنڈ کی امداد کا جذبہ۔ درحقیقت آپ اسلام اور شعائر اسلام کے دشمن ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کسی معصیت پر روپیہ خرچ کرنے سے آپ کے دل میں درد نہیں ہوتا لیکن اطاعت و عبادت پر صرف ہونے والا مال آپ کے دل کو دکھا رہا ہے۔
آج آپ نے قربانی پر ہاتھ صاف کیا ہے مجھے ڈر ہے کہ جس دلیل سے آپ قربانی کو خلافِ عقل و حکمت اور خلافِ ایمان کہہ رہے ہیں کل حج، زکوٰۃ، صوم و صلوٰۃ، جمعہ، عیدین، اذان و مساجد، بقیہ شعائر دین کو بھی اسی دلیل سے گندگی، رجس اور موجب عذاب و سزا کہہ دیں گے اور اپنے دکھی دل کی التجا لوگوں کو سنانے لگیں گے۔ تعمیر مساجد میں روپیہ صرف کرنا بھی خلافِ حکمت قرار پائے گا کیونکہ بغیر مسجد کے بھی نماز ہو سکتی ہے بلکہ نماز میں بلا وجہ پانچوں وقت، وقت صرف کرنا آپ کے نزدیک حماقت قرار پائے گا۔ حج میں تو ہر سال قربانی سے بھی زیادہ روپیہ صرف ہوتا ہے اس سے بھی آپ کے دل کو ضرور دکھ پہنچتا ہو گا۔ ہر سال حج کو جانا اور کروڑوں روپیہ صرف کرنا آپ کے دکھی دل پر نشتر کا کام کرتا ہو گا۔ کاش! یہ روپیہ استحکام پاکستان کشمیر فنڈ اور اسلحہ خریدنے پر خرچ کیا جاتا۔
روزہ رکھنا بھی بظاہر کمزوری کا سبب ہے۔ یہ جنگ کے لئے تیاری کا زمانہ ہے اس وقت روزہ رکھ کر کمزور ہونا خلافِ عقل و حکمت ہونا چاہئے۔ زکوٰۃ دینا بھی بے معنی ہو گا کیونکہ حکومت نے عوام پر جو متعدد قسم کے ٹیکس عائد کئے ہوئے ہیں ان کے بعد زکوٰۃ دینے کی کوئی ضرورت نہیں رہتی۔ غرض کہ
قیاس کن زگلستانِ من بہارِ مرا
آپ کے پمفلٹ کا مضمون آپ کے عزائم و مقاصد کو اہل بصیرت کے سامنے بے نقاب کر رہا ہے۔
آپ فرماتے ہیں کہ اسلام عین قربانی ہے یعنی اسلام میں داخل ہونے کے بعد قربانی کا مفہوم خود بخود ادا ہو جاتا ہے پھر اس رسمی قربانی کی کیا ضرورت ہے۔ قربانی کے خلاف کیا اچھی دلیل ہے۔
اس کا صاف مطلب یہ ہے کہ اسلام عین قربانی ہے پھر مسلمانوں کو اس رسمی قربانی کی کوئی حاجت نہیں۔
اگر اس کے ساتھ اتنی بات اور کہہ دی جاتی کہ اسلام کے معنی ہیں گردن نہادن بطاعت یعنی اسلام عین سجدہ اور اطاعت ہے لہٰذا اس رسمی سجدہ اور اطاعت کی کوئی حاجت نہیں تو قصہ ہی ختم ہو جاتا۔
قربانی کے نقائص بیان کرتے ہوئے آپ فرماتے ہیں کہ معدہ پر یہ بارِ گراں ہر سال حکیموں ڈاکٹروں کی گرم بازاری کا سبب ہوتا ہے۔ میں کہتا ہوں کہ اگر آپ کی اس مزعومہ گرم بازاری کو صحیح تصور کر لیا جائے تو اس کا سبب قربانی کرنا نہیں بلکہ قربانی کے بعد مسنون طریقہ سے اس گوشت کی عدم تقسیم ہے۔ اگر ارشاد نبوی کے موافق عمل کیا جائے تو کسی گھر میں گوشت اتنی مقدار میں باقی نہیں رہ سکتا جس کی بنا پر آپ کو اس اعتراض کا موقع ملے۔ یوں تو ہر مذہبی کام کی ادائیگی میں بعض ناواقف لوگوں سے کوئی ایسی غلطی ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے اس قسم کے مفاسد لازم آ جاتے ہیں لیکن اس سے یہ لازم نہیں آتا کہ ایسے غلط کار کو مذہبی فریضہ سے روک دیا جائے بلکہ اس کی غلطی کی اصلاح کرنی چاہئے۔ آپ نے قرآن کریم کی آیت ’’لَنْ یَّنَالَ اللّٰہَ لُحُوْمُہَا وَلاَ دِمَائُہَا‘‘ (الحج) سے بھی قربانی کی تردید فرمائی ہے لیکن ہر ذی شعور انسان سمجھ سکتا ہے کہ ’’لُحُوْمُہَا وَلاَ دِمَائُہَا‘‘ جس کا ترجمہ ہے اس کے گوشت اور خون! قربانی کیے بغیر ان کا گوشت و خون کیسے متحقق ہو گا؟ یہ الفاظ قربانی کا اعلان کر رہے ہیں۔ رہا یہ امر کہ اللہ تعالیٰ کو ان کا خون اور گوشت نہیں پہنچتا تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ قربانی کرنا بے سود ہے بلکہ مطلب یہ ہے کہ قربانی کرتے وقت تمہارے دل میں تقویٰ اور پرہیز گاری کا ہونا ضروری ہے۔ یہی چیز تمام اعمال صالحہ کی بنیاد ہے۔ ایک قربانی کیا، ہمارا کوئی عمل بھی تقویٰ کے بغیر بارگاہِ الٰہی میں مقبول نہیں ہوتا۔ اب اس سے یہ نتیجہ نکال لینا کہ اعمال صالحہ بے کار ہیں بس تقویٰ ہی تقویٰ ہونا چاہئے تو میری سمجھ میں نہیں آتا کہ نہ نماز ہو نہ روزہ، نہ حج ہو نہ زکوٰۃ ہو، کوئی نیکی اور عبادت نہ ہو مگر اس کے باوجود آدمی متقی اور پرہیز گار ہو جائے۔ بغیر دولت کے امیر، بے ملک کا نواب، بے عمل متقی آپ ہی کے یہاں ہوتے ہوں گے؟ ہم تو اس فلسفہ کو سمجھنے سے قاصر ہیں۔
آپ نے یہ بھی خوب کہا کہ مکہ کے سوا قربانی کہیں جائز نہیں۔ ساری دنیا جانتی ہے کہ ایام حج میں عہد رسالت سے لے کر اب تک منیٰ میں قربانی ہوتی چلی آئی ہے جو مکہ سے کئی میل دور ہے یعنی آپ کے نزدیک کسی حاجی کی قربانی ہی آج تک نہیں ہوئی۔
اس مسئلہ میں مضمون نگار کی تیسری بنیادی غلطی یہ ہے کہ انہوں نے اضحیہ اور ھدی میں فرق نہیں کیا۔ جن ہی تین وجوہ کی بناء پر انہوں نے سورئہ بقرہ، سورئہ مائدہ اور سورئہ حج کی آیتوں سے ایام حج میں قربانی کا ذکر کیا ہے وہ اضحیہ نہیں بلکہ ھدی ہیں ’’ہدایا‘‘ اور ’’ضحایا‘‘ میں جو فرق ہے وہ کتب معتبرہ سے بیان کرتا ہوں۔ ناظرین کرام اس کو اچھی طرح سمجھ لیں۔
’’ھدی‘‘ اصل میں اس جانور کو کہتے ہیں جو ذبح کرنے کے لئے کعبہ کی طرف بھیجا جائے پھر محاورات عرب میں اس لفظ کا اطلاق ہر اونٹ پر ہونے لگا عام اس سے کہ وہ کعبہ کی طرف بھیجا جائے یا نہ بھیجا جائے۔ مجمع بحار الانوار ص ۴۸۰ ج ۳ میں ہے ’’الہدیۃ بالتشدید کالہدی بخفۃ وہو ما یہدی الی الکعبۃ من النعم لتنحرفا طلق علٰی جمیع الابل وان لم تکن ہدیا الخ‘‘
اور اضحیہ لغت میں اس جانور کا نام ہے جو ایام اضحی میں ذبح کیا جائے۔ یہ تسمیہ از قبیل تسمیۃ الشیء باسم وقتہ ہے اور اصطلاح شرع میں اضحیہ ایسے حیوان مخصوص کے ذبح کرنے کو کہتے ہیں جو وقت مخصوص میں بہ نیت قربت ذبح کیا جائے۔ در مختار جلد اول ص ۲۷۷ (کتاب الاضحیہ) میں ہے ’’الاضحیۃ اسم لما یذبح ایام الاضحی من تسمیۃ الشیء باسم وقت و شرعًا ذبح حیوان مخصوص بنیۃ القربۃ فی وقت مخصوص۔‘‘ ۱ھ
اس تشریح سے معلوم ہوا کہ ھدی کے مفہوم میں مکان مخصوص (الی الکعبۃ) معتبر ہے اور اضحیہ کے مفہوم میں مخصوص زمانہ (ایام اضحی ۱۰، ۱۱، ۱۲ ذی الحجہ) کا اعتبار ہے۔ مروجہ قربانی اضحیہ ہے نہ کہ ھدی۔ مؤلف صاحب نے جن آیات سے قربانی بمعنی اضحیہ سمجھا۔ وہ بالکل غلط ہے۔ ان آیات میں دم احصار، دم تمتع یا دم جنایت کا ذکر ہے جس کو بعض حالتوں میں ہدی کہہ سکتے ہیں مگر اضحیہ نہیں کہہ سکتے۔
وہ قربانی جس کو اضحیہ کہا جاتا ہے اس کا ذکر ان آیات میں نہیں جنہیں مؤلف صاحب نے اپنے دعوے کی تائید میں پیش کیا ہے۔ اضحیہ کا ذکر سورۃ الکوثر کی اس آیت میں ہے ’’فَصَلِّ لِرَبِّکَ وَانْحَرْ‘‘ (کوثر : ۲) حبیب! اپنے رب کے لئے نماز پڑھو اور اسی کے لئے قربانی کرو۔
جن احادیث میں مروجہ قربانی کا ذکر تفصیل سے آیا ہے ان کو قرآن کے خلاف کہنا سخت بے دینی اور گمراہی ہے۔ وہ تمام احادیث ’’وَانْحَرْ‘‘ کی تشریح و تفسیر کا درجہ رکھتی ہیں۔ احادیث اضحیہ کو خلافِ قرآن کہنا اس وقت درست ہوتا جب کہ قرآن کریم میں اضحیہ کی ممانعت ہوتی۔ مؤلف صاحب نے احادیث اضحیہ کو خلافِ قرآن تو کہہ دیا مگر کوئی آیت اضحیہ کے خلاف پیش نہ کر سکے۔
یہاں ایک شبہ پیدا ہو سکتا ہے کہ ’’وَانْحَرْ‘‘ کے متعدد معنی کئے گئے ہیں جو حسب ذیل ہیں (۱) دو سجدوں کے درمیان اس طرح بیٹھنا کہ سینہ ظاہر ہو جائے۔(۲) نماز میں سینہ پر ہاتھ باندھنا (۳) نماز میں رفع یدین کرنا (۴) قربانی کرنا
جب تک قربانی کرنے کے معنی دوسرے معنی پر راجح ہونا ثابت نہ ہوں اس وقت تک آیت مبارکہ کو قربانی پر محمول کرنا درست نہیں۔
امام رازی رحمۃ اللہ علیہ تفسیر کبیر میں اس آیت کے تحت فرماتے ہیں
اکثرین اور عامۃ المفسرین کا قول یہ ہے کہ ’’وَانْحَرْ‘‘ سے قربانی مراد ہے اور یہ معنی باقی معانی سے اولیٰ ہے۔ اولویت کے پانچ وجوہ ہیں۔
اول یہ کہ اللہ تعالیٰ نے جب بھی نماز کا امر فرمایا ہے زکوٰۃ کا بھی ساتھ ہی امر فرمایا ہے۔ لہٰذا آیت کریمہ ’’فَصَلِّ لِرَبِّکَ وَانْحَرْ‘‘ میں لفظ ’’وَانْحَرْ‘‘ سے قربانی مراد لی جائے گی کیونکہ یہ عبادت مالی ہونے کی وجہ سے بمنزلہ زکوٰۃ کے ہے۔
دوم یہ کہ مشرکین اپنے بتوں کے لئے صلوٰۃ اور قربانی کرتے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے دونوں کاموں کو اپنے لئے خاص فرما دیا (اگر ’’وَانْحَرْ‘‘ کے معنی قربانی نہ ہوں تو قربانی کا اللہ تعالیٰ کے لئے خاص ہونا ثابت نہ ہو گا)
سوم یہ کہ نماز میں سینہ پر ہاتھ باندھنا اور رفع یدین وغیرہ امور نماز کے آداب و ابعاض سے ہیں۔ ’’وَانْحَرْ‘‘ فَصَلِّ کا معطوف ہے اور کسی شے کے بعض کا عطف اس کے جمیع پر امر بعید ہے۔ لہٰذا ’’وَانْحَرْ‘‘ سے قربانی مراد لینا ضروری ہوا تاکہ کلام الٰہی میں یہ قباحت لازم نہ آئے۔
چہارم یہ کہ ’’فَصَلِّ‘‘ میں امر الٰہی کی تعظیم اور ’’وَانْحَرْ‘‘ میں شفقۃ علٰی خلق اللّٰہ کی طرف اشارہ ہے اور جملہ حقوق عبودیت ان دو اصولوں سے خارج نہیں۔ اس لئے قربانی کے معنی مراد لینا اولیٰ ہے۔ ’’فَصَلِّ‘‘ میں امر الٰہی کی تعظیم ہونا ظاہر ہے قربانی میں شفقۃ علٰی خلق اللّٰہ کے کئی پہلو ہیں۔ ایک یہ کہ قربانی کے جانور ذبح ہونے کے بعد حدیث صحیح کے مطابق جنت میں جائیں گے۔ اس پہلو سے جانوروں پر شفقت ہوئی اور قربانی کرنے والے قربانی کی وجہ سے ثوابِ اخروی کے مستحق ہوں گے۔ ان کے حق میں شفقت ہے، پھر عام غربا اور مساکین دنیا میں قربانی کا گوشت کھائیں گے یہ بھی شفقت کا ایک پہلو ہے۔
پنجم یہ کہ لفظ ’’نحر‘‘ کا استعمال باقی معانی کی بہ نسبت قربانی کے معنی میں زیادہ مشہور ہے۔ اس لئے کلام الٰہی کا حمل اس معنی پر واجب ہے۔
جلالین میں ہے ’’وانحر نسکک‘‘ صاوی حاشیہ جلالین میں ہے ’’وانحر نسکک ای ہدایاک وضحایاک‘‘ روح المعانی میں ہے ’’وقیل المراد بہا صلٰوۃ العید وبالنحر التضحیۃ‘‘ اس کے بعد فرمایا ’’والاکثرون علٰی ان المراد بالنحر نحر الاضاحی‘‘ یعنی اکثر مفسرین کا مذہب یہ ہے کہ نحر سے مروجہ قربانی مراد ہے۔
اس بیان سے یہ امر روزِ روشن کی طرح واضح ہو گیا کہ مروجہ قربانی کا حکم قرآن کریم کی آیت ’’فَصَلِّ لِرَبِّکَ وَانْحَرْ‘‘ میں موجود ہے۔ البتہ اس کی تشریح احادیث میں وارد ہے۔ مضمون نویس صاحب دبے لفظوں میں اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ جو حدیث قرآن حکیم کے مخالف نہ ہو وہ قبول کی جائے گی۔ ہم نے ثابت کر دیا کہ احادیث قربانی کسی آیت قرآنی کے مخالف نہیں بلکہ حکم ربانی ’’وَانْحَرْ‘‘ کی تشریح و تفسیر ہیں۔ اب ان احادیث میں سے چند حدیثیں ہدیۂ ناظرین کرتا ہوں۔
(۲) امام احمد رحمۃ اللہ علیہ وابن ماجہ، زید بن ارقم رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت کرتے ہیں۔ صحابہ نے عرض کیا، حضور ! یہ قربانیاں کیا ہیں؟ سرکار نے ارشاد فرمایا، یہ تمہارے باپ ابراہیم علیہ السلام کی سنت ہے۔ (الحدیث)
(۳) امام بخاری و مسلم و اصحاب سنن اربعہ نے براء بن عازب سے روایت کی کہ قربانی کے دن حضور سید عالم ﷺ نے (مدینہ منورہ میں) ہمیں خطبہ سنایا اور فرمایا کہ قربانی کے دن ہمارا پہلا کام یہ ہے کہ ہم نماز پڑھیں۔ پھر واپس آ کر قربانی کریں جس نے ایسا کیا وہ ہماری سنت و شریعت کو پہنچ گیا اور جس نے نمازِ عید سے پہلے قربانی کر لی تو وہ بکری اس کے اہل و عیال کے لئے گوشت حاصل کرنے کے لئے بعجلت تمام ذبح کر لی گئی ہے۔ قربانی سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔
امام بخاری و مسلم حضرت جندب بن عبد اللہ سے روایت کرتے ہیں کہ میں عید الضحیٰ کے دن سرکار دو عالم ﷺ کی خدمت اقدس میں حاضر ہوا۔ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے نمازِ عید پڑھی۔ نماز سے فارغ ہو کر دیکھا تو چند قربانیاں نماز سے پہلے ہو چکی تھیں۔ آنحضرت ﷺ نے فرمایا ’’جس نے نماز سے پہلے قربانی کر دی اسے چاہئے کہ اس کی بجائے دوسری کرے۔‘‘
ان کے علاوہ بے شمار احادیث صحیحہ مروجہ قربانی کے متعلق وارد ہیں جن کو بیان نہیں کیا جا سکتا۔ صحابہ کرام خصوصاً خلفاء راشدین رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین مکہ معظمہ کے علاوہ مدینہ طیبہ اور دوسرے مقامات میں ہمیشہ قربانیاں کرتے رہے۔ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہر سال حضور ﷺ کی وصیت کے مطابق حضور ﷺ کی طرف سے بھی قربانی کیا کرتے تھے۔ عہد رسالت سے لے کر آج تک مسلمان اسی شعار دینی کو قائم رکھتے چلے آئے۔ یہ علیحدہ بات ہے کہ کسی نے سنت سمجھ کر قربانی کی اور کسی نے واجب جان کر۔ مگر اصل قربانی کے مشروع ہونے میں آج تک امت مسلمہ کے کسی فرد نے اختلاف نہیں کیا یہی سبیل مومنین ہے۔ اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں فرماتا ہے ’’وَیَتَّبِعْ غَیْرَ سَبِیْلِ الْمُؤْمِنِیْنَ نُوَلِّہٖ مَا تَوَلّٰی وَنُصْلِہٖ جَہَنَّمَ۔‘‘ (نساء : ۱۱۵) جس نے سبیل مومنین کے علاوہ کوئی اور راستہ تلاش کیا ہم اسے جہنم رسید کریں گے۔
علامہ شامی نے حلوائی سے نقل کیا ہے کہ اصل اضحیہ کا انکار کفر ہے۔ مؤلف صاحب جو اضحیہ (قربانی) کو خلافِ عقل و حکمت، خلافِ ایمان، گندگی، رجس، موجب سزا و عذاب قرار دے رہے ہیں انہیں سوچنا چاہئے کہ آپ کا یہ حکم کہاں تک پہنچتا ہے۔ میں عرض کر چکا ہوں کہ عہد رسالت سے لے کر اب تک امت مسلمہ کا ہر فرد اصل اضحیہ کا قائل رہا ہے اور ابتدائے اسلام سے اب تک تمام قربانی کرتے چلے آئے۔
مؤلف صاحب کے نزدیک نعوذ باللہ وہ سب گمراہ، بے ایمان، مستحق عذاب و سزا ہیں۔ سبیل مومنین کے خلاف چل کر نجات کا متمنی ہونا دین کے ساتھ تمسخر نہیں تو اور کیا ہے؟
رہیں وہ احادیث جن میں آنحضرت ﷺ اور صحابہ کرام کے قربانی کے جانوروں کا کعبہ کی طرف بھیجنا مروی ہے تو میں آپ کو پہلے بتا چکا ہوں کہ وہ جانور ضحایا نہیں بلکہ ہدایا ہیں۔ کوئی مسلمان ان کا منکر نہیں۔ دم تمتع، دم جنایت، دم احصار تینوں قسم کے جانور منیٰ وغیرہ میں ذبح کئے جاتے ہیں اور ان ہی میں بعض صورتیں ایسی ہیں جن میں فدیہ یا روزہ جانور ذبح کرنے کے قائم مقام ہو سکتا ہے۔ ضحایا کو ہدایا اور ان میں سے ایک کے احکام کو دوسرے پر قیاس کرنا آپ جیسے حضرات ہی کا کام ہے۔
قبل ازیں پوری تفصیل کے ساتھ اس حقیقت کو واضح کر چکا ہوں۔اب آخر میں پھر عرض کر دوں کہ قرآن ایک قانون کی حیثیت رکھتا ہے اور حدیث اس کی تشریح ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے کلام میں اپنے رسول کو سکھائی اور قرآن مجید میں ہمیں حکم دیا کہ ’’مَا اٰتٰـکُمُ الرَّسُوْلُ فَخُذُوْہُ وَمَا نَہَاکُمْ عَنْہُ فَانْتَہُوْا۔‘‘ (الحشر : ۷) رسول تمہیں جو کچھ دے دیں تم اسے لے لو اور جس چیز سے وہ تمہیں روک دیں اس سے رک جاؤ۔
اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب کا معلم صرف اپنے رسول کو بنایا ہے۔ ایسا نہیں کیا کہ ہر کس و ناکس کو اسی کی الٹی سیدھی سمجھ کے مطابق قرآن سمجھنے کی اجازت دے دی ہو اس لئے کہ اس قسم کی آزادی قرآن کریم کے بازیچہ اطفال اور دین متین کو اضحوکہ بنا دینے کے مترادف ہے۔ ہر شخص جانتا ہے کہ بنی نوع انسان اپنی عقل و فہم میں مختلف الحال ہیں۔ ایسی صورت میں ہر شخص اپنی سمجھ کے موافق قرآن کا مطلب اخذ کرے گا اور جس طرح چاہے گا اپنے اغراض و خواہشات پر قرآن کریم کو منطبق کرنے کی کوشش کرے گا۔ نزولِ قرآن کی حکمت اور مصالح دین کے قطعاً منافی ہے۔ لہٰذا اللہ تعالیٰ نے قرآن فہمی کے لئے تمام دنیا کو تعلیم رسول ﷺ کا پابند کر دیا تاکہ کوئی شخص مصالح خداوندی کے خلاف قرآن کریم کو استعمال نہ کر سکے۔ اس زمانہ میں جس قدر فتنے رونما ہو رہے ہیں ان سب کی علت یہی ہے کہ فتنہ پردازوں نے تعلیم رسالت اور بیانِ نبوت سے الگ ہو کر اپنی ناقص فہم سے قرآن کو سمجھنے کی کوشش کی۔ پاکستان ٹائمز کے مقالہ نویس نے لفظ ’’مُلاَّ‘‘ بول کر جس چیز کی توہین و تحقیر کی ہے درحقیقت وہ یہی تعلیمات رسالت ہیں جن کو قرآن کریم ’’وَیُعَلِّمُہُمُ الْکِتٰبَ وَالْحِکْمَۃَ‘‘ کی روشنی میں بار بار پیش کر رہا ہے اور اسی تعلیم نبوی ﷺ کی طرف علماء دین امت مسلمہ کو دعوت دے رہے ہیں۔ منکرین زمانہ لفظ ’’مُلاَّ‘‘ کی آڑ میں تعلیماتِ نبویہ کی جو توہین و تنقیص کر رہے ہیں اور نبی کریم ﷺ کی ذاتِ اقدس کے ساتھ اپنے بغض و عداوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے قرآن کریم کا جو مذاق اڑا رہے ہیں وہ دین پسند طبقہ سے مخفی نہیں۔ اس وقت اس خباثت کا وبال ظاہر ہو یا نہ ہو لیکن ان شاء اللہ آگے چل کر ان بے دینوں کو عنقریب معلوم ہو جائے گا کہ اس کا انجام کیا ہوتا ہے۔