اعلیٰ اسانید ترمذی جس سند میں امام ترمذی اور رسول اللہ ﷺ کے درمیان صرف تین واسطے پائے جاتے ہیں وہ سند امام ترمذی کی اعلیٰ اسانید ہے اور ایسی سند کے ساتھ جامع ترمذی میں صرف ایک حدیث ہے جسے تین واسطوں کی وجہ سے ثلاثی کہا جاتا ہے اور وہ حدیث یہ ہے ’’حدثنا اسمٰعیل بن موسٰی الفزاری ابن ابنۃ السدی الکوفی نا عمرو بن شاکر عن انس بن مالک قال قال رسول اللّٰہ ﷺ یاْتی علی الناس زمان الصابر فیہم علٰی دینہٖ کالقابض علی الجمر‘‘ ہٰذا حدیث غریب من ہٰذ الوجہ۔ انتہٰی۔ (جامع ترمذی جلد ۲، کتاب الفتن ص ۵۰) بعض محدثین احناف نے بھی اس حدیث کے ثلاثی ہونے کی تصریح کی ہے ملاحظ ہو اشعۃ اللمعات جلد اول ص ۱۸ مصنفہ شاہ عبد الحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ۔

تنبیہ اس حدیث کی سند کے متعلق مرقاۃ شرح مشکوٰۃ مصنفہ ملا علی قاری رحمۃ اللہ علیہ جلد اول ص ۲۱، ۲۲ مطبوعہ مصر کی وہ عبارت جس کا خلاصہ یہ ہے کہ: اس میں امام ابو عیسیٰ اور رسول اللہ ﷺ کے درمیان دو واسطے ہیں وہ دو حال سے خالی نہیں یا یہ کہ اس میں نساخ کا تساہل واقع ہوا ہے بایں طور کہ مسلم اور ابو داؤد کے ساتھ لفظ بخاری اور ثلاث وسائط کی بجائے واسطتان لکھ دیا گیا۔ ملا علی قاری سے تساہل ہوا جو ملا علی قاری کی جلالت شان سے بہت بعید ہے۔ مگر تصحیف نظر کی بنا پر محال نہیں تاہم اس قسم کا تساہل یا تو ہم ملا علی قاری کی منزلت عظیمہ اور جلالت شان میں کسی قدح کا موجب نہیں۔ امام بخاری سے بھی بعض اوہام صحیح بخاری میں سرزد ہوئے ہیں اور خود امام ابو عیسیٰ ترمذی رحمۃ اللہ علی سے بھی بسا اوقات تساہل واقع ہوا ہے جیسا کہ ہم ان شاء اللہ امام ترمذی کے ترجمہ میں بیان کریں گے۔

فائدہ ضروریہ صحیح بخاری میں تیئیس (۲۳) حدیثیں ثلاثیات ہیں اور پانچ ثلاثی حدیثیں سنن ابن ماجہ میں ہے۔ ان کے علاوہ مسلم ابو داؤد، نسائی تینوں کتابیںثلاثیات سے خالی ہیں۔ مسند امام اعظم میں تین سو سے زائد ثلاثیات ہیں اور مسند دارمی میں بقول صاحب کشف الظنون پندرہ ثلاثیات ہیں اور ’’الحطہ‘‘ میں ہے ’’واما الدارمی فثلاثیاتہ اکثر من ثلاثیات البخاری‘‘ کشف الظنون اور الحطہ کی عبارتیں باہم متعارض ہیں اس لئے یہ مقام محل نظر ہے اس پر ان شاء اللہ کسی دوسری فرصت میں ہم تفصیلی بحث کریں گے۔

جامع ترمذی اور حدیث موضوع حافظ ابن جوزی نے اپنی مشہور کتاب الموضوعات الکبیر میں کہا کہ جامع ترمذی میں تیئیس موضوع حدیثیں ہیں لیکن امام جلال الدین سیوطی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی کتاب القول الحسن فی الذب عن السنن میں علامہ ابن جوزی کے اس قول کا رد فرمایا اور کہا کہ ابن جوزی نے اگر جامع ترمذی کی احادیث پر وضع کا حکم لگا دیا تو اس میں تعجب کی کوئی بات نہیں۔ ابن جوزی نے تو صحیح مسلم کی حدیث کو بھی موضوع کہہ دیا۔ نہ صرف صحیح مسلم بلکہ صحیح بخاری کی حدیث پر بھی وضع کا حکم لگا دیا۔ جیسا کہ امام جلال الدین سیوطی نے تدریب الراوی میں تفصیل سے بیان کیا۔

خلاصہ یہ ہے کہ ترمذی کی جن احادیث کو علامہ ابن جوزی نے موضوع قرار دیا ہے وہ موضوع نہیں بلکہ ضعیف ہیں۔ جن کے اسباب و علل کو امام ترمذی نے واضح طور پر بیان کر دیا ہے۔

جامع ترمذی کی ہر حدیث معمول بہا ہے؟ امام ابو عیسیٰ ترمذی نے کتاب العلل میں جو جامع ترمذی کے آخر میں ہے فرمایا کہ اس کتاب (جامع ترمذی) کی سب حدیثیں معمول بہا ہیں سوائے دو حدیثوں کے ایک حدیث حضرت عبد اللہ ابن عباس رضی اللہ عنہما کی کہ نبی ﷺ نے مدینہ منورہ میں نمازِ ظہر اور عصر اور مغرب و عشاء کو بغیر خوف اور بارش اور بغیر سفر کے جمع فرمایا اور دوسری حدیث عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا شرابی کو کوڑے مارو۔ اگر چوتھی دفعہ شراب پئے تو اسے قتل کر دو۔

امام ابو عیسیٰ ترمذی نے ان دونوں حدیثوں کو غیر معمول بہا ٹھہرایا لیکن ملا معین نے اپنی کتاب ’’دراسات اللبیب‘‘ میں امام ترمذی کے اس کلام پر تعاقب کیا کہ یہ دونوں حدیثیں بھی معمول بہا ہیں۔ قاضی شوکافی نے بھی ’’نیل الاوطار‘‘ میں ان دونوں حدیثوں کو معمول بہا کہا۔ خود حنفیہ کے نزدیک یہ دونوں حدیثیں معمول بہا ہیں۔ بایں طور کہ جمع بین الصلوٰتین سے مراد جمع فعلی ہے اور ہر چوتھی بار شراب پینے والے کو قتل کرنے کے متعلق دوسری حدیث تعزیر پر معمول ہے اور امام ابو عیسیٰ ترمذی رحمۃ اللہ علیہ کا ان دونوں حدیثوں کو غیر معمول بہا کہنا ان کا تسامح اور تغافل ہے جس سے ان کی جلالت شان میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی۔

جامع ترمذی میں امام ترمذی کا قول ’’ہٰذا حدیث حسن غریب صحیح‘‘ امام ترمذی رحمۃ اللہ علیہ کی عادت ہے کہ وہ جامع ترمذی میں اوصاف حدیث بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں ’’ہٰذا حدیث حسن صحیح‘‘ یا ’’حسن غریب صحیح‘‘ ظاہر ہے کہ حسن اور صحت کے جمع ہونے میں کوئی تردد پیدا نہیں ہوتا اس لئے کہ کسی حدیث کا حسن لذاتہ اور صحیح لغیرہ ہونا بھی ممکن ہے اسی طرح غرائب اور صحت کا جمع ہونا بھی ممکن ہے کیونکہ کسی حدیث کے تمام راویوں کا ثقہ ہونا اور اس میں صحت کے تمام شرائط کا پایا جانا اس بات کے منافی نہیں کہ اس کا کوئی راوی تنہا ہو لیکن غرائب اور حسن کے جمع ہونے میں یہ اشکال پیدا ہوتا ہے کہ امام ترمذی کے نزدیک حدیث حسن کی تعریف میں تعدد طرق معتبر ہے اور حدیث غریب میں ضروری ہے کہ اس کا راوی تنہا ہو اس لئے کسی حدیث کا حسن اور غریب ہونا درست نہیں۔

اس اشکال کا جواب دیتے ہوئے شیخ عبد الحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ بعض مشائخ حدیث نے امام ترمذی رحمۃ اللہ علیہ کی طرف سے یہ جواب دیا ہے کہ امام ترمذی کے نزدیک حدیث حسن میں مطلقاً تعدد طرق معتبر نہیں بلکہ اس کا اعتبار حدیث حسن کی ایک قسم میں ہے ہر حدیث حسن میں نہیں۔ امام ترمذی جس جگہ ’’ہٰذا حسن غریب حدیث‘‘ کہتے ہیں وہاں ان کی مراد ’’حسن‘‘ سے وہ قسم ہے جس میں ان کے نزدیک تعدد طرق کا اعتبار نہیں۔ اس جواب کی بنا پر امام ترمذی کے نزدیک حدیث حسن کی دو قسمیں ہوئیں۔ ایک وہ جس میں تعدد طرق کا اعتبار نہیں وہ غریب ہو سکتی ہے اور بعض مشائخ نے کہا کہ ترمذی ’’حسن غریب‘‘ کہہ کر حدیث کی روایت کے طریقوں کے اختلاف کی طرف اشارہ کرتے ہیں اور اس قول سے ان کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ یہ حدیث بعض اسناد سے غریب ہے اور بعض سے حسن اور بعض مشائخ کہتے ہیں کہ امام ترمذی کے قول ’’حدیث حسن غریب‘‘ میں واؤ مذکور ہو یا محذوف (بہرصورت) بمعنی ’’او‘‘ ہے اور مطلب یہ ہے کہ یہ حدیث حسن ہے یا غریب۔ مشائخ حدیث نے ایک یہ بھی جواب دیا ہے کہ ترمذی کے اس قول میں ’’حسن‘‘ کے اصطلاحی معنی مراد نہیں بلکہ لغوی معنی مراد ہیں۔ یعنی ’’ما یمیل الیہ الطبع‘‘ لیکن یہ قول بعید ہے اس لئے کسی کلام کو محل اصطلاح میں لغت پر حمل کرنا پسندیدہ نہیں۔ انتہیٰ۔

علامہ ابن صلاح نے مقدمہ ابن الصلاح میں کہا ہے کہ ترمذی کے قول ’’ہٰذا حدیث حسن غریب صحیح‘‘ میں اشکال ہے کیونکہ حسن صحیح سے قاصر ہے ان دونوں کو جمع کرنا قصور کی نفی اور اس کے اثبات کو جمع کرنا ہے۔ علامہ ابن صلاح نے اشکال مذکور وارد کر کے اس کا جواب دیا کہ یہ قول اسناد کی طرف راجع ہے اور مطلب یہ ہے کہ یہ حدیث دو سندوں سے مروی ہے۔ ایک ’’حسن ہے دوسری صحیح‘‘۔

علامہ ابن دقیق العید نے اپنی کتاب ’’الاقتراح‘‘ میں علامہ ابن صلاح کے اس جواب کو رد کرتے ہوئے کہا کہ امام ترمذی نے بعض جگہ کہا ہے ’’ہٰذا حدیث حسن غریب صحیح لا نعرفہ الا من ہٰذا الوجہ‘‘ علامہ موصوف نے کہا کہ میرے نزدیک اس اشکال کا حل یہ ہے کہ ترمذی کے قول ’’حسن صحیح‘‘ میں حسن کا ذکر ہے اس میں قصور عن الصحیح کی قید شرط نہیں البتہ جب وہ کسی حدیث کو صرف حسن کہیں تو وہ ضرور صحیح سے قاصر ہو گی۔ اس اجمال کا بیان یہ ہے کہ راویوں کی ان صفات کے لئے جو قبول روات کی مقتضی ہیں مختلف درجے ہیں بعض اعلیٰ ہیں بعض ادنیٰ۔ جیسے ’’حفظ و اتقان‘‘ اور ’’صدق عدم التہمۃ بالکذب‘‘ اور ظاہر ہے کہ کسی راوی میں اعلیٰ درجہ کے وصف کا وجود اس میں ادنیٰ درجہ کے وصف کے پائے جانے کے منافی نہیں۔ جیسے ’’حفظ و اتقان‘‘ ’’صدق‘‘ اور ’’عدم التہمۃ‘‘ کے ساتھ پایا جاتا ہے۔اس لئے وجود ادنیٰ کے لحاظ سے کسی حدیث کو ’’حسن‘‘ کہنا اور اعلیٰ کے اعتبار سے اسی کو ’’صحیح‘‘ کہہ دینا یقینا صحیح ہے۔

اس بنا پر صحیح حدیث کے لئے حسن ہونا ضروری ہو گا جس کی تائید محدثین کے اس قول سے بھی ہوتی ہے ’’ہٰذا حدیث حسن فی الاحادیث الصحیحۃ‘‘ اور یہ متقدمین کے کلام میں موجود ہے۔ انتہیٰ

حافظ عماد الدین ابن کثیر نے کہا کہ ’’ہٰذا حدیث حسن صحیح‘‘ پر کوئی اشکال وارد نہیں ہوتا کیونکہ صحیح اور حسن کے درمیان ایک تیسرا مرتبہ ہے۔ حافظ ابن کثیر نے کہا کہ حدیث مقبول کے تین مرتبے ہیں ایک اعلیٰ ہے اور دوسرا حسن ادنیٰ اور تیسرا وہ ہے جس میں دونوں سے ہر ایک کی آمیزش پائی جاتی ہے جیسے ایک چیز میٹھی ہے اور دوسری کھٹی اور ان کے درمیان تیسری چیز وہ ہے جس میں مٹھاس اور کھٹاس دونوں وصف مشترک طور پر پائے جائیں۔ حافظ ابن کثیر نے کہا اس تقدیر پر ’’حسن صحیح‘‘ کا مرتبہ اس حدیث سے زیادہ ہو گا جس کو صرف ’’حسن‘‘ کہا جائے۔ حافظ ابو الفضل عراقی نے ’’نکت علٰی ابن الصلاح‘‘ میں ابن کثیر کے اس قول کو تحکم قرار دیا۔ امام بدر الدین زر کشی اور حافظ ابو الفضل ابن حجر عسقلانی نے اپنے نکت علٰی ابن الصلاح میں کہا کہ ابن کثیر کا یہ قول ’’حسن‘‘ اور ’’صحیح‘‘ کے درمیان تیسری قسم کے اثبات کا مقتضی ہے۔ حالانکہ اس کا کوئی قائل نہیں۔ شیخ سراج الدین بلقینی نے بھی محاسن الاصلاح میں اس جواب پر اعتراض کیا لیکن امام شمس الدین حرزی نے اس پر حزم کیا اور کہا کہ امام ترمذی نے جس حدیث کو ’’حسن صحیح‘‘ کہا ہے اس سے ان کی مراد وہ حدیث ہے جس میں ’’صحت‘‘ اور ’’حسن‘‘ دونوں کی مشابہت پائی جاتی ہے اور ان کا مرتبہ صحیح سے کم ہے۔

بدر الدین زرکشی نے کہا کہ جب کسی حدیث کو ’’حسن صحیح‘‘ کہا جائے تو ایسی صورتِ خاصہ میں ترادف مراد ہوتا ہے اگرچہ یہ استعمال قلیل ہے لیکن اس بات کی دلیل ہے کہ اس مخصوص صورت میں ترادف مراد لے کر ’’حسن صحیح‘‘ کہنا جائز ہے اور یہ بھی جائز ہے کہ ایک ہی سند میں دو حالتوں اور دو زبانوں کے اعتبار سے حسن اور صحیح کے حقیقی معنی ہی مراد ہوں کیونکہ ممکن ہے کہ امام ترمذی نے اس حدیث کو ایک شخص سے ایک مرتبہ ایسے حال میں سنا جب کہ وہ مستور تھا پھر وہی شخص معروف بالعدالت ہو گیا اور امام ترمذی نے اس سے دوبارہ اس حدیث کو سنا اس لئے انہوں نے ’’حسن صحیح‘‘ کہہ کر اس کے دونوں وصفوں کو بیان کر دیا اور اس میں شک نہیں کہ امام ترمذی نے ایک حدیث ایک شیخ سے کئی مرتبہ سنی۔ بدر الدین زرکشی نے کہا کہ یہاں یہ بھی احتمال ہے کہ ایک حدیث امام ترمذی کے اجتہاد کی روشنی میں حسن تھی پھر وہی حدیث ان کے اجتہاد میں صحیح قرار پا گئی۔ یہ بھی کہا جا سکتا ہے کہ انہو ںنے جہاں ’’حسن صحیح‘‘ کہا ہے وہاں ان کی مراد یہ ہو کہ حدیث حسن کے اعلیٰ درجہ میں اور صحیح کے ابتدائی درجہ میں ہے۔ حافظ ابن حجر عسقلانی نے طویل بحث کے بعد ابن دقیق العید کے جواب کو قوی کہا۔

امام بدر الدین زرکشی نے کہا کہ اسی قسم کا اشکال امام ترمذی کے اس قول پر بھی وارد ہوتا ہے ’’ہٰذا حدیث حسن غریب‘‘ کیونکہ حسن کی شرط یہ ہے کہ وہ معروف من غیر وجہ ہو اور غریب وہ ہے جس کا کوئی راوی اس حدیث کے ساتھ منفرد ہو جائے اور ان دونوں میں منافات ہے۔ علامہ زرکشی نے کہا کہ غریب کی قسموں میں سے ایک قسم من جہت المتن ہے، دوسری قسم غریب من جہت الاسناد، امام ترمذی کے قول میں قسم ثانی مراد ہے جس کا خلاصہ یہ ہے کہ حدیث صحابہ کی ایک جماعت سے معروف ہے لیکن کوئی راوی صحابی سے روایت کرتے ہوئے منفرد ہو گیا ایسی صورت میں وہ حدیث متن کے اعتبار سے حسن ہے اور اسناد کے اعتبار سے غریب۔

تساہل ترمذی امام ابو عیسیٰ ترمذی رحمۃ اللہ علیہ علوم حدیث میں عظیم وجلیل امام ہونے کے باوجود بعض اوقات احادیث کی تصحیح و تحسین میں تساہل سے کام لیتے ہیں مثلاً امام ترمذی نے جامع ترمذی میں کثیر بن عبد اللہ بن عمرو بن عوف المزنی کی حدیث ’’الصلح جائز بین المسلمین‘‘ روایت کر کے اس کی تصحیح کر دی حالانکہ نقاد حدیث نے اس پر شدید جرح کی ہے۔ امام ذہبی نے ’’میزان الاعتدال‘‘ میں لکھا کہ ابن معین نے اس کے حق میں ’’لیس بشیء‘‘ کہا اور امام شافعی اور ابو داؤد نے اسے ’’رکن من ارکان الکذب‘‘ قرار دیا۔ امام احمد نے اس کی روایت کو رد کیا اور دار قطنی وغیرہ نے اسے متروک کہا۔ ابو حاتم اور امام نسائی نے اس کے معتبر اور ثقہ ہونے کا انکار کیا۔ مطرف بن عبد اللہ المدنی نے لکھا ہے وہ بڑا جھگڑالو تھا۔ ہمارے اصحاب اس سے روایت نہ کرتے تھے۔ آخر میں امام ذہبی نے کہا ’’واما الترمذی فروی من حدیثہ الصلح جائز بین المسلمین وصححہ فلہٰذا لا یعتمد العلماء علی تصحیح الترمذی۔‘‘ انتہٰی

لیکن حق یہ ہے کہ امام ترمذی کی تصحیح یا تحسین پر محدثین کا عدم اعتماد اسی وقت ہے جب کہ وہ اس تصحیح و تحسین میں منفرد ہوں۔ اگر کوئی دوسرا محدث ان کے ساتھ موافقت کرے تو ان کی تصحیح و تحسین معتبر اور لائق اعتماد ہو گی۔

شروح ترمذی جامع ترمذی کی بکثرت شروح اور تعلیقات ہیں اس کے مختصرات بھی ہیں اور اس پر مستخرجات بھی،اس کی شروح میں سب سے زیادہ مشہور شرح ’’عارضۃ الاحوذی‘‘ ہے جس کے مصنف قاضی ابو بکر بن عربی مالکی متوفی ۵۴۶ ھ ہیں۔

امام سیوطی نے قوت المغتذی میں کہا کہ عارضۃ الاحوذی کے سوا جامع ترمذی کی کوئی کامل شرح ہمارے علم میں نہیں۔ ترمذی کی دوسری شرح ’’المنقح الشذی‘‘ ہے جو دس جلدوں میں ہونے کے باوجود مکمل نہیں لیکن اس میں علوم حدیث کا بیش بہا خزانہ پایا جاتا ہے۔ اس کے مصنف محمد بن محمد بن محمد المعروف بابن سید الناس ہیں۔ ترمذی کی تیسری شرح حافظ زین الدین عراقی کی ہے جو شرح ابن سید الناس کا تکملہ ہے۔ چوتھی شرح حافظ ابن ملقن کی ہے۔ حافظ ابن ملقن ائمہ محدثین میں عظیم و جلیل امام ہیں جنہوں نے بکثرت شروح اور علوم حدیث میں کتابیں تالیف فرمائیں۔ آپ کی وفات ۸۰۴ ھ میں ہوئی۔ پانچویں شرح حافظ ابن رجب بغدادی حنبلی کی ہے۔ حافظ ابن حجر عسقلانی نے ’’الدرر الکامنہ‘‘ میں کہا کہ ابن رجب آٹھویں صدی کے جلیل القدر علماء محدثین میں سے تھے ان کی ولادت ۷۰۶ ھ میں ہوئی اور آپ کی وفات ۷۹۵ ھ میں ہوئی۔ آپ دمشق میں فوت ہوئے اور امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کی قبر مبارک کے نزدیک دفن کئے گئے۔ چھٹی شرح حافظ ابن حجر عسقلانی کی ہے جس کا ذکر انہوں نے فتح الباری میں کیا ہے۔ حافظ ابن حجر عسقلانی عظیم وجلیل محدث ہوئے ہیں جن کی تصنیفات علوم حدیث میں بے شمار ہیں۔ آپ کی ولادت ۷۷۳ ھ میں ہوئی اور وفات ۸۵۲ ھ میں، ساتویں شرح ’’العرف الشذی‘‘ ہے جس کے مصنف حافظ عمر بن ارسلان بلقینی متوفی ۸۰۵ ھ ہیں۔

یہ شرح بھی مکمل نہ ہو سکی۔ آٹھویں شرح ’’قوت المغتذی‘‘ ہے اس کے مصنف حافظ جلال الدین عبد الرحمن سیوطی ہیں جنہیں ہر علم میں کمال حاصل تھا۔ خصوصاً علم حدیث میں آپ ید طولیٰ رکھتے تھے۔ امام سیوطی رحمۃ اللہ علیہ نے دیگر علوم کی طرح علوم حدیث میں بھی بے شمار کتابیں لکھیں۔ آپ کی ولادت ۸۴۹ ھ میں اور وفات ۹۱۱ ھ میں ہوئی۔

شروح ترمذی میں علامہ محمد طاہر صاحب ’’مجمع البحار‘‘ متوفی ۹۸۶ ھ کی شرح بھی قابل ذکر ہے۔ اسی طرح ترمذی کی شرح ابو الطیب السندی اور شرح سراج احمد سرہندی اور شرح ابو الحسین عبد الہادی السندی المدنی متوفی ۱۱۳۹ ھ بھی قابل ذکر ہیں۔ شرح سراج احمد سرہندی فارسی میں ہے جو عارضۃ الاحوذی اور شرح ابی الطیب اور قوت المغتذی للسیوطی کے ساتھ ہندوستان میں طبع ہوئی اور شرح ابی الحسن بن ابی الہادی جامع ترمذی کے ساتھ مصر میں طبع کی گئی۔

ترجمہ امام ابو عیسیٰ ترمذی امام ابن اثیر نے جامع الاصول جلد اول ص ۱۹۰ میں کہا کہ امام ترمذی ابو عیسیٰ محمد بن عیسیٰ سورہ بن موسیٰ بن ضحاک السلمی الضریر البوغی الترمذی مشہور حافظ حدیث اور جامع کے مصنف ہیں۔ کتاب علل الکبیر اور شمائل کے مصنف بھی امام ترمذی ہیں۔ آپ علمائے حفاظ اعلام میں سے ہیں۔ آپ کی ولادت ۲۰۹ ھ میں ہوئی۔ انتہیٰ

حافظ ابن حجر نے ’’تہذیب التہذیب‘‘ میں کہا کہ امام ترمذی ائمہ محدثین میں عظیم و جلیل امام ہیں آپ نے علم حدیث حاصل کرنے کے لئے دور دراز شہروں کا سفر کیا اور بے شمار لوگوں سے حدیث سنی۔ آپ کے مشائخ خراسانی، عراقی اور حجازی ہر مرکز علم کے شیوخ ہیں جن کا ذکر اس کتاب میں کیا گیا ہے۔ امام ترمذی سے ابو حامد احمد بن عبد اللہ بن داؤد المروزی التاجر اور ابو سعید الہیثم بن کلیب الشاشی اور ابو العباس محمد بن احمد بن محبوب المروزی اور احمد بن یوسف النسفی اور ابو الحارث اسد بن حمدویہ اور داؤد بن نثر بن سہیل البزدوی اور عبد بن محمد بن محمود النسفی اور محمود بن نمیر اور ان کے بیٹے محمد بن محمود اور محمد بن مکی ابن نوح اور ابو جعفر محمد بن سفیان بن نضر اور محمد بن منذر بن سعید الہروی اور ان کے علاوہ دوسرے لوگوں نے روایت حدیث کی۔ انتہیٰ

امام ترمذی سے امام بخاری نے بھی دو حدیثیں سماع کیں۔ ایک عبد اللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما کی حدیث جو آیۂ کریمہ ’’مَا قَطَعْتُمْ مِّنْ لِّیْنَۃٍ اَوْ تَرَکْتُمُوْہَا قَائِمَۃً عَلٰی اُصُوْلِہَا‘‘ کی تفسیر میں ’’قال اللینۃ النخلۃ‘‘ الحدیث ہے۔ امام ترمذی نے سورئہ حشر کی تفسیر میں اس حدیث کے اخراج کے بعد کہا ’’سمع منی محمد بن اسمٰعیل ہٰذا الحدیث‘‘ انتہٰی۔

دوسری ابو سعید خدری رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی حدیث ’’یا علی لا یحل لاحد ان یجنب فی ہٰذا المسجد غیری وغیرک‘‘ انتہٰی۔ امام ترمذی رحمۃ اللہ علیہ نے مناقب علی کرم اللہ وجہہ میں اس حدیث کا اخراج کر کے فرمایا ’’قد سمع محمد بن اسمٰعیل منی ہٰذا الحدیث واستغربہ‘‘ انتہیٰ

امام ذہبی نے کہا کہ ابن حبان نے کتاب الثقات میں فرمایا کہ امام ابو عیسیٰ ترمذی حدیث کے جامع، مصنف، حافظ اور ذاکر ہیں۔ ابو سعید ادریسی نے کہا ’’امام ابو عیسیٰ حفظ میں ضرب المثل تھے۔‘‘ اور حاکم نے کہا کہ میں نے عمر بن علک سے سنا وہ کہتے تھے ’’امام بخاری دنیا سے تشریف لے گئے اور انہوں نے خراسان میں ابو عیسیٰ جیسا عالم اور حافظ و متقی و زاہد اپنے بعد نہ چھوڑا۔ امام ترمذی خدا کے خوف سے اس قدر روتے تھے کہ نابینا ہو گئے اور کئی سال انہوں نے دنیا میں نابینا ہونے کی حالت میں گزارے۔ کسی محدث نے امام ترمذی کا امتحان لینے کے لئے امام ترمذی کے سامنے ایسی چالیس حدیثیں پڑھیں جو اس محدث کے غرائب میں سے تھیں۔ امام ترمذی نے انہیں سن کر اسی طرح وہ حدیثیں سنا دیں۔ اس محدث نے کہا کہ اے ابو عیسیٰ ترمذی میں نے تجھ جیسا حافظ نہیں دیکھا۔ حافظ ابن حجر نے تہذیب التہذیب میں کہا کہ ابو سعید ادریسی فرمایا کرتے تھے کہ امام ترمذی ائمہ حدیث میں سے ہیں کہ علوم حدیث میں ان کی اقتدا کی جاتی ہے۔

امام ترمذی رحمۃ اللہ علیہ کی قوت حافظہ بے نظیر تھی آپ کے حفظ کے عجیب و غریب واقعات تذکرۃ الحفاظ، تہذیب الحدیث وغیرہ میں بکثرت مذکور ہیں جنہیں بخوفِ طوالت ہم نے نقل نہیں کیا۔

تصانیف ترمذی سب سے زیادہ نافع کتاب ان کی ’’جامع‘‘ ہے اس کے علاوہ ’’علل الکبیر‘‘ بھی ان کی ایسی تصنیف ہے جو تعریف سے مستغنی ہے۔ تصانیف ترمذی میں شمائل النبی ﷺ اپنے باب میں بہترین کتاب ہے جس کے الفاظ بھی بے شمار برکتوں کے حامل ہیں۔ شیخ عبد الحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ نے اس کے بارے میں فرمایا ’’وخواند آں برائے مجرب اکابر است‘‘ تفسیر میں بھی امام ترمذی کی ایک بلند پایہ کتاب ہے اور تاریخ اور زہد میں اور الاسماء والکنی میں جیسا کہ تدریب الراوی میںجلال الدین سیوطی نے فرمایا۔

امام ترمذی کی وفات ابن خلکان نے کہا کہ سمعانی کا قول ہے امام ترمذی کی وفات بمقام قریہ بوغ ۲۷۹ ھ میں ہوئی شہر ترمذ کے مضافات میں ترمذ سے ۶ فرسخ کے فاصلہ پر ایک قریہ واقع ہے جس کا نام بوغ ہے اور ترمذ نہر بلخ کے کنارے پر ایک پرانا شہر ہے نہر بلخ کو نہر جیحوں بھی کہا جاتا ہے۔

ابن حزم اور ترمذی امام ترمذی کے حفظ و اتقان اور ان کے تفقہ پر اعلام امت کا اتفاق ہے اور ان کا ثقہ ہونا متفق علیہ ہے لیکن ابن حزم پر تعجب ہے کہ انہوں نے امام ترمذی کو مجہول کہا۔ محققین اہل علم نے ان پر رد کیا جیسا کہ امام ذہبی نے ’’میزان الاعتدال‘‘ میں امام ترمذی کا حال بیان کرتے ہوئے فرمایا ’’محمد بن عیسٰی بن سورۃ الحافظ العالم ابو عیسٰی الترمذی صاحب الجامع ثقۃ مجمع علیہ ولا التفات الٰی قول ابی محمد بن حزم فیہ فی الفرائض من کتب الاتصال انہ مجہول فانہ ما عرف ولا دری بوجود الجامع والعلل التی لہٗ۔ انتہٰی

اسی طرح ’’سیر النبلاء‘‘ میں بھی امام ذہبی نے ابن حزم کے قول مذکور کی تردید فرمائی ہے اور امام ابن حجر عسقلانی نے ’‘تہذیب التہذیب‘‘ میں امام احمد بن حنبل کا قول نقل کر کے ابن حزم کا رد فرمایا۔

امام ترمذی کا نابینا ہونا امام ترمذی رحمۃ اللہ علیہ کے نابینا ہونے میں اختلاف نہیں اس میں اختلاف ہے کہ وہ نابینا پیدا ہوئے تھے یا بعد میں نابینا ہو گئے۔ حق یہ ہے کہ وہ آخر عمر میں نابینا ہو گئے۔ جیسا کہ حافظ ابن حجر نے ’’تہذیب التہذیب‘‘ میں فرمایا اور شاہ عبد العزیز محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ نے ’’بستان المحدثین‘‘ میں امام ترمذی کا ترجمہ کرتے ہوئے کہا ’’بخوفِ الٰہی بسیار گریہ و زاری کر دو نابینا شد‘‘

ایک غلطی کا ازالہ شاہ عبد العزیز محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ نے بستان المحدثین میں فرمایا کہ حکیم ترمذی صاحب ’’نوادر الاصول‘‘ امام ابو عیسیٰ ترمذی صاحب الجامع کے غیر ہیں۔ اکثر جہلاء غلطی سے یہ گمان کر لیتے ہیں کہ حکیم ترمذی ہی ابو عیسیٰ ترمذی ہیں الخ۔ کتب اسماء الرجال و تراجم ائمہ حفاظ سے ثابت ہے کہ تین ائمۂ حدیث ترمذی کے نام سے مشہور ہیں ایک ابو عیسیٰ ترمذی صاحب الجامع، دوسرے ابو الحسن احمد بن الحسن جو ’’الترمذی الکبیر‘‘ کے نام سے مشہور ہیں۔ علامہ ذہبی نے تذکرۃ الحفاظ میں کہا ’’الترمذی الکبیر ہو الحافظ العالم ابو الحسن احمد بن الحسن الترمذی‘‘

حافظ ابن حجر نے تہذیب التہذیب میں حاکم کا قول نقل کیا کہ ترمذی کبیر ۲۴۱ ھ میں وارد نیشا پور ہوئے اور تیسرے حکیم ترمذی ابو عبد اللہ محمد بن علی بن الحسن بن بشیر الزاہد الحافظ المؤذن صاحب التصانیف ہیں وہو مشہور بالحکیم الترمذی امام ذہبی نے تذکرۃ الحفاظ میں حکیم ترمذی کے ترجمہ میں کہا کہ علمائے نیشا پور نے ان سے روایت حدیث کی۔ وہ ۲۸۵ ھ میں نیشا پور تشریف لائے۔

امام ترمذی کی کنیت امام ترمذی کے ترجمہ میں ہم بتا چکے ہیں کہ ان کا نام محمد اور ان کی کنیت ابو عیسیٰ ہے۔ بعض علماء نے ابو عیسیٰ کنیت رکھنے کو مکروہ قرار دیا۔ ان کی دلیل مصنف ابن ابی شیبہ کی وہ حدیث ہے جسے انہوں نے ’’باب الرجل ان یکتنی بابی عیسٰی‘‘ میں روایت کیا۔ زید بن اسلم اپنے باپ سے روایت کرتے ہیں کہ عمر بن خطاب رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنے بیٹے کو مارا جس نے اپنی کنیت ابو عیسیٰ رکھی تھی۔ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا ’’ان عیسٰی لیس لہٗ اب‘‘

نیز اسی باب میں امام ابن شیبہ نے ایک مرفوع حدیث بھی روایت کی۔ موسیٰ بن علی اپنے باپ سے روایت کرتے ہیں کہ ایک شخص نے اپنی کنیت ابو عیسیٰ رکھ لی تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ’’ان عیسٰی لیس لہٗ اب‘‘

امام ترمذی کی طرف سے بعض لوگوں نے ان دونوں حدیثوں کے جواب میں کہا ہے کہ پہلی حدیث مرسل ہے اور دوسری موقوف اور مرفوع۔ لہٰذا یہ کہا جائے گا کہ اس میں اس کنیت رکھنے سے نہی وارد نہیں ہوتی بلکہ ایک امر واقع کا بیان ہے کہ عیسیٰ علیہ السلام کا کوئی باپ نہیں اور حضور ﷺ کا یہ قول مزاح پر محمول ہے اور ابو عیسیٰ کے ساتھ کنیت رکھنے کے جواب پر وہ ابو داؤد کی اس حدیث سے استدلال کرتے ہیں کہ مغیرہ بن شعبہ نے اپنی کنیت ابو عیسیٰ رکھی۔ جب حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ان سے کہا، کیا تمہیں یہ بات کافی نہ تھی کہ تم اپنی کنیت ابو عبد اللہ رکھ لیتے۔ انہوں نے فرمایا کہ میری یہ کنیت رسول اللہ ﷺ نے رکھی ہے۔ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا کہ رسول اللہ ﷺ کی شان یہ ہے کہ ’’قد غفر لہ ما تقدم من ذنبہ وما تاخر‘‘

ہم تو حضور ﷺ جیسے نہیں اور حافظ ابن حجر نے اصابہ میں کہا کہ بغوی نے زید بن اسلم کے طریق سے روایت کی کہ مغیرہ بن شعبہ نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے دروازے پر آ کر اذن طلب کرتے ہوئے اپنے آپ کو ابو عیسیٰ کہا۔ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا، ابو عیسیٰ کون ہے؟ انہوں نے اپنا پورا نام لیا اور کہا کہ مغیرہ بن شعبہ۔ حضرت عمر نے کہا، عیسیٰ علیہ السلام کا کوئی باپ ہے؟ اس وقت بعض صحابہ نے شہادت دی کہ رسول اللہ ﷺ انہیں ابو عیسیٰ فرمایا کرتے تھے۔ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کہا کہ نبی ﷺ ’’غفر لہ‘‘ ہیں۔ ہماری یہ شان نہیں۔ ہمیں کیا معلوم کہ ہمارے ساتھ کیا سلوک کیا جائے گا۔ یہ کہہ کر ان کی کنیت ابو عبد اللہ رکھ دی۔ انتہیٰ

حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے رسول اللہ ﷺ کی حدیث ’’تکنی بابی عیسٰی‘‘ کی تاویل کی اور کہا کہ حضور ﷺ نے ابو عیسیٰ کے ساتھ مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی کنیت نہیں رکھی بلکہ بعض اوقات انہیں ابو عیسیٰ کہہ کر بلایا ہے۔ حضور ﷺ اگر کوئی ایسا کام بھی کر لیں جو بظاہر مکروہ یا خلافِ اولیٰ ہو تو حضور ﷺ کے حق میں وہ کام مسلوب الکراہۃ ہے اور ’’لِیَغْفِرَلَکَ اللّٰہُ مَا تَقَدَّمَ مِنْ ذَنْبِکَ وَمَا تَاَخَّرَ‘‘ کے یہی معنی ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ امام ترمذی کے نزدیک حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا اجتہاد درست نہ ہو لیکن اس میں شک نہیں کہ حدیث مرفوع اور موقوف دونوں کی روشنی میں ’’تکنی بابی عیسٰی‘‘ سے احتراز اولیٰ معلوم ہوتا ہے لیکن تعجب ہے کہ امام ترمذی کو جن کا نام محمد ہے اپنی کنیت زیادہ محبوب تھی بلکہ نام کی بجائے ابو عیسیٰ کنیت ہی کو اختیار کر لیا تھا۔ اس لئے کہ انہوں نے پوری جامع ترمذی میں کسی ایک جگہ بھی اپنے نام سے اپنے آپ کو ذکر نہیں کیا بلکہ ہر جگہ ابو عیسیٰ ہی سے اپنی ذات کو تعبیر کیا ہے۔ فلیتأمل۔

مذہب امام ترمذی اکثر علماء نے امام ترمذی رحمۃ اللہ علیہ کو شافعی المذہب کہا اور بعض نے انہیں حنبلی قرار دیا۔ جس کی تصریح کتب طبقاتِ شافعیہ وغیرہ میں موجود ہے لیکن حق یہ ہے کہ وہ شافعی تھے اور جس نے انہیں مجتہد کہا اس کی مراد یہ نہیں کہ وہ شافعی المذہب نہ تھے کیونکہ امام ترمذی میں ملکہ اجتہاد و استنباط کا پایاجانا اور چند مسائل سے مسلک شافعیہ سے مختلف ہونا شافعی نہ ہونے کو مستلزم نہیں۔

اس مسئلہ میں شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ کے کلام کا خلاصہ بھی یہی ہے جیسا کہ مقدمہ تحفۃ الاحوذی میں بحوالہ ’’الانصاف‘‘ حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا یہ قول ہے ’’واذا خالف احیانا لم یبال بالمخالفۃ ولم یخرج عن طریقہ الافی مسائل و ذٰلک لا یقدح فی دخولہ فی مذہب الشافعی۔‘‘ (مقدمہ تحفۃ الاحوذی ص ۱۷۵)

خلاصہ یہ کہ ان کا فی الجملہ مجتہد ہونا ہرگز اس بات کی دلیل نہیں کہ مذہب شافعی میں داخل نہ تھے۔