مولانا محمد ادریس کاندھلوی سے گفتگو ۱۹۵۳ء کی تحریک ختم نبوت کے دوران مختلف مکاتب فکر کے علماء کراچی میں اکٹھے ہوئے۔ ایک مجلس میں مولانا ظفر احمد انصاری، مفتی محمد شفیع، مولانا محمد یوسف بنوری، مولانا محمد ادریس کاندھلوی، سید ابو الاعلیٰ مودودی اور حضرت قبلہ کاظمی شاہ صاحب جمع ہوئے۔ اثنایٔ گفتگو میں حضرت قبلہ کاظمی شاہ صاحب نے مولانا محمد ادریس کاندھلوی سے فرمایا، آپ نے اپنی کتاب ’’الکلام‘‘ میں مرزا غلام احمد قادیانی کا رد کرتے ہوئے لکھا ہے کہ نبی کے لئے ضروری ہے کہ اس کا حسب نسب اپنے زمانہ کے تمام احساب و انساب سے افضل ہو حالانکہ یہ بات بے دلیل ہے۔ مولانا محمد ادریس کاندھلوی نے کہا، میں نے حدیث شریف کا ترجمہ کیا ہے۔ بخاری شریف میں ہے، ’’کذالک تبعث الانبیاء فی احساب قومہم‘‘ (انبیاء علیہم السلام اپنی قوم کے بہترین نسب سے مبعوث کئے جاتے ہیں)۔
حضرت علامہ کاظمی صاحب نے فرمایا، حدیث کا ترجمہ تو یہ ہے کہ جس قوم کی طرف نبی مبعوث ہو، اس کا نسب اس قوم میں افضل ہوتا ہے۔ آپ نے لکھا ہے، نبی کا نسب اپنے زمانہ میں سب سے افضل ہوتا ہے۔ کہنے لگے، اگر میں نے یہ لکھ دیا تو کیا خرابی لازم آئی۔ حضرت نے فرمایا، خرابی یہ ہے کہ ترمذی شریف میں حدیث ہے کہ حضور ﷺ نے فرمایا، اللہ تعالیٰ نے اولادِ ابراہیم میں اسماعیل کو فضیلت دی اور اولادِ اسماعیل میں کنانہ کو فضیلت دی اور کنانہ میں قریش کو اور قریش میں بنو ہاشم کو اور بنو ہاشم میں مجھے فضیلت دی۔ اس حدیث سے ظاہر ہوا کہ حضرت ابراہیم کے دو فرزندوں اسحٰق اور اسماعیل علیہم السلام میں حضرت اسماعیل کا نسب حضرت اسحٰق سے افضل تھا اور جس زمانہ میں نسل اسحٰق سے بنی اسرائیل کے انبیاء مبعوث ہوئے، اس وقت حضرت اسماعیل کی اولاد بھی موجود تھی اور ان کا نسب بنی اسرائیل کے انبیاء سے افضل تھا۔ اب اگر نبی کے لئے ضروری ہو کہ اس کا نسب اپنے زمانہ کے تمام انساب سے افضل ہو تو لازم آئے گا کہ بنی اسرائیل کے انبیاء انبیاء نہ رہیں۔ کیونکہ ان کا نسب اپنے زمانہ کے نسب اسماعیل سے افضل نہ تھا اور انبیاء بنی اسرائیل کی نبوت کے انکار سے بڑھ کر اور کون سی خرابی ہو گی۔ جب حضرت نے یہ ایراد قائم فرمایا تو مولانا ادریس کاندھلوی سے کوئی جواب نہ بن پڑا اور مجلس وہیں برخاست ہو گئی۔ نیز اگلے ایڈیشن میں انہوں نے اس سے رجوع بھی کر لیا۔
قاضی نجد سے گفتگو حضرت علامہ کاظمی صاحب حرم رسول میں حاضر تھے۔ پرسوز گزارشات اور التجائیں کر رہے تھے۔ چہرہ حضور ﷺ کی طرف اور پیٹھ کعبہ کی جانب تھی۔ نجدی پہرہ داروں نے منع کیا اور کہا کہ کعبہ کی طرف پیٹھ نہ کرو۔ بلکہ کعبہ کی طرف منہ کر کے حضور ﷺ کی طرف پیٹھ کر لو۔ آپ نے ان کے انکار کی طرف ذرا التفات نہ کیا۔ دوسرے دن آپ کو قاضی کے سامنے پیش کیا گیا۔ قاضی صاحب نے پوچھا، کیا آپ قبر رسول کو کعبہ سے افضل سمجھتے ہیں؟ آپ نے فرمایا کہ تم کعبہ کی بات کرتے ہو، میں تو اس جگہ کو عرش سے بھی افضل جانتا ہوں۔ اس نے پوچھا، کوئی دلیل؟ آپ نے فرمایا، دیکھو، ازروئے قرآن حضرت عیسیٰ علیہ السلام اللہ تعالیٰ کے شکر گزار بندے ہیں اور اللہ تعالیٰ فرماتا ہے، ’’لَئِنْ شَکَرْتُمْ لَاَزِیْدَنَّکُمْ‘‘ وہاں بھی شکر گزار رہے۔ اب چاہئے تھا کہ اللہ تعالیٰ انہیں اور بلندی پر لے جاتا۔ یہاں تک کہ عرش پر لے جاتا لیکن اللہ تعالیٰ انہیں حضور ﷺ کے پہلو میں لائے گا۔ معلوم ہوا کہ جو عظمت اور بلندی جوارِ مصطفی میں ہے، وہ عرش کو بھی حاصل نہیں ہے۔ حضرت کاظمی صاحب نے جب یہ دلیل قائم کی تو نجدی قاضی دم بخود رہ گیا۔
فوائد حدیث جامعہ اسلامیہ (بہاولپور) میں ایک مرتبہ حدیث پڑھاتے ہوئے آپ نے فرمایا کہ ایک تابعی نے رسول اللہ ﷺ سے روایت کی۔ اس پر ایک طالب علم نے سوال کیا کہ تابعی تو وہ ہوتا ہے، جس نے رسول اکرم ﷺ کو نہ دیکھا ہو بلکہ آپ کے صحابی کو دیکھا ہو۔ تو تابعی حضور سے کیسے روایت کر سکتا ہے۔ آپ نے فرمایا، ایک صحابی نے حضور ﷺ سے حدیث سنی، بعد میں وہ العیاذ باللہ مرتد ہو گیا اور ’’مَنْ یَّکْفُرْ بِالْاِیْمَانِ فَقَدْ حَبِطَ عَمَلُہٗ‘‘ مرتد ہونے کے بعد اس کے تمام اعمال اکارت ہوئے۔ شرفِ صحابیت بھی جاتا رہا۔ حضور کے وصال کے بعد وہ پھر ایمان لے آیا اور اس نے صحابہ کو دیکھا، اب وہ تابعی ہوا۔ اس کے بعد اگر وہ حضور سے سنی ہوئی کسی روایت کو بیان کرے تو وہ حضور سے تابعی کی روایت ہو گی، صحابی کی نہیں۔
آپ سے سوال کیا گیا کہ بخاری شریف میں ہے کہ حضور ﷺ نے عبد اللہ بن ابی کی نمازِ جنازہ پڑھائی حالانکہ اللہ تعالیٰ نے اس کے حق میں استغفار سے منع فرمایا ہے
’’اِنْ تَسْتَغْفِرْلَہُمْ سَبْعِیْنَ مَرَّۃً فَلَنْ یَّغْفِرَ اللّٰہُ لَہُمْ‘‘ (پ۱۰۔ س توبہ۔ آیت ۷۹)
نیز جب آپ کے استغفار کے باوجود اس کی مغفرت نہ ہوئی تو آپ کی شان محبوبی اور استجابت دعا پر حرف آیا۔ علامہ کاظمی صاحب نے جواب میں فرمایا، حضور نے عبد اللہ بن ابی کے لئے دعا کب مانگی۔ نمازِ جنازہ میں آپ نے فرمایا، ’’اَللّٰہُمَّ اغْفِرْ لِحَیِّنَا وَ مَیِّتِنَا‘‘ اے اللہ! بخش دے ہمارے زندوں کو اور ہمارے مردوں کو۔ اور وہ ہمارا کب تھا؟ جو کہتے ہیں ہمارا ہے انہیں مبارک ہو۔ رہا یہ سوال کہ کیا کوئی شخص اب بھی کسی مرتد کا جنازہ اس تاویل سے پڑھ سکتا ہے؟ اس کا جواب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے فرما دیا، ’’وَلَا تُصَلِّ عَلٰی اَحَدٍ مِّنْہُمْ مَّاتَ اَبَدًا‘‘ (س توبہ۔ آیت ۸۳) ان میں سے کسی کی نمازِ جنازہ نہ پڑھیں۔ حضور نے اس کی نمازِ جنازہ اس آیت کے نزول سے پہلے پڑھی تھی۔ لہٰذا حضور کا عمل جائز تھا اور اب جو پڑھائے گا، اس کا فعل ناجائز ہو گا۔ باقی یہ سوال کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا، اگر آپ اس کے لئے ستر مرتبہ بھی استغفار کریں تو میں نہیں بخشوں گا۔ اس کا جواب یہ ہے کہ حضور ﷺ کی وسیع القلبی، حلم اور رحمت کا تو یہی تقاضا تھا کہ آپ اپنے بد ترین دشمنوں کے لئے بھی استغفار چاہیں لیکن اللہ تعالیٰ نے یہ ظاہر فرما دیا کہ میں سب کو معاف کر سکتا ہوں مگر محبوب کے گستاخوں کو معاف کرنا، یہ تو قانونِ محبت کے خلاف ہے۔ جس طرح صلح حدیبیہ کے موقع پر حضور ﷺ نے حضرت علی سے فرمایا، میرا نام (محمد رسول اللہ) کاٹ کر محمد بن عبد اللہ لکھ دو۔ لیکن حضرت علی نے یہ نام نہیں کاٹا اور فرمایا، ’’لَا اَمْحُوْکَ اَبَدًا‘‘ اور ان کا یہ نام نہ کاٹنا اور آپ کی بات کا نہ ماننا اور ’’لَا اَمْحُوْکَ اَبَدًا‘‘ کہنا آپ کی محبت کی وجہ سے تھا۔ اسی طرح آپ کے استغفار کے باوجود اللہ تعالیٰ کا عبد اللہ بن ابی منافق کو نہ بخشنا اور ’’لَنْ یَّغْفِرَ اللّٰہُ لَہُمْ‘‘ فرمانا آپ کی محبت کی جہت سے تھا۔
ایک مرتبہ حضرت علامہ کاظمی صاحب سے کسی نے پوچھا کہ جنگ بدر کے قیدیوں کے بارے میں حضرت عمر کی یہ رائے تھی کہ انہیں قتل کر دیا جائے اور حضرت ابو بکر صدیق اور بعض دوسرے صحابہ کی رائے یہ تھی کہ انہیں فدیہ لے کر چھوڑ دیا جائے۔ حضور ﷺ نے حضرت ابو بکر کی رائے کو پسند کر لیا تھا او ربعد میں قرآن حضرت عمر کی رائے کے مطابق نازل ہوا۔ چنانچہ ارشاد ہوا
’’تُرِیْدُوْنَ عَرَضَ الدُّنْیَا وَاللّٰہُ یُرِیْدُ الْاٰخِرَۃَ‘‘ (س: الانفال) ’’تم مال دنیا کا ارادہ کرتے ہو اور اللہ آخرت کا ارادہ کرتا ہے۔‘‘
اس سے لازم آیا کہ حضرت عمر کی رائے حضور کے مقابلہ میں صحیح ہو۔ علامہ کاظمی صاحب نے جواب میں فرمایا، یہ وعید ان لوگوں کی طرف متوجہ ہے جو نئے نئے اسلام میں آئے تھے اور جنہوں نے مال دنیوی کی طمع میں فدیہ کی رائے دی تھی اور حضرت ابو بکر صدیق نے ان کے اسلام قبول کر لینے کی توقع سے، انہیں چھوڑنے کی رائے دی تھی تاکہ ان کی آخرت سنور جائے۔ اسی وجہ سے حضور ﷺ نے اس رائے کو پسند کیا اور اسی بات کو پسند فرما کر اللہ تعالیٰ نے فرمایا ’’وَاللّٰہُ یُرِیْدُ الْاٰخِرَۃَ‘‘ اللہ تعالیٰ آخرت کا ارادہ کرتا ہے اور اس طرح اللہ تعالیٰ نے حضرت ابو بکر کی رائے کو اپنی رائے قرار دیا۔ خلاصہ یہ ہے کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی رائے ان لوگوں کے مقابل بہتر تھی، جنہوں نے مال دنیا کی طمع میں فدیہ کی رائے دی تھی اور جس رائے کو حضور ﷺ نے پسند فرما لیا تھا یعنی حضرت ابو بکر کی رائے، وہ مطلقاً بہتر تھی۔ اعلیٰ حضرت فاضل بریلوی نے اپنے رسالہ شمول الاسلام میں لکھا ہے کہ امام رازی نے ’’اَلَّذِیْ یَرَاکَ حِیْنَ تَقُوْمُ وَتَقَلُّبَکَ فِی السَّاجِدِیْنَ‘‘ کے تحت حضور کے والدین کریمین کے عدم ایمان کو بیان کیا ہے۔ جب ہم نے تفسیر کبیر میں اس آیت کی تفسیر دیکھی تو یہ مسئلہ نہ ملا بلکہ اس کے برعکس یہ لکھا ہوا تھا کہ یہ شیعہ حضرات کا عقیدہ ہے۔ جب حضرت علامہ کاظمی صاحب سے پوچھا تو آپ نے فرمایا امام رازی نے اسرار التنزیل میں اس آیت کے تحت یہ تفسیر کی ہے اور اس کا ذکر امام جلال الدین سیوطی نے اپنے رسالہ التعظیم والمنتہ میں کیا ہے۔ اور ہم اس مسئلہ کو ظنی طور پر مانتے ہیں اور شیعہ حضرات اس کو اصول سے مانتے ہیں۔ امام رازی نے تفسیر کبیر میں اس مسئلہ کے اعتقادی ہونے کا انکار کیا ہے اور اسرار التنزیل میں اس کے ظنی ہونے کا اثبات کیا ہے۔
تصانیف امتناع کذب کے موضوع پر زمانہ طالب علمی میں آپ نے ایک رسالہ لکھا جس کا نام ’’تسبیح الرحمن عن الکذب والنقصان‘‘ ہے۔ قوالی سننے کے جواز پر ’’مزیلۃ النزاع عن مسئلۃ السماع‘‘ تحریر فرمایا۔ یہ رسالہ عرصے سے نایاب ہے۔ حضور ﷺ کے حاضر و ناظر ہونے کے موضوع پر دو حصوں میں تسکین الخواطر تحریر فرمائی۔ یہ کتاب دلکش ٹائیٹل اور دیدہ زیب طباعت کے ساتھ علیحدہ بھی طبع ہو چکی ہے۔ حضور ﷺ کی حیات مبارکہ کے اثبات میں ایک رسالہ ’’حیات النبی‘‘ تصنیف فرمایا۔ یہ بھی متعدد بار چھپ چکا ہے۔ امام سیوطی کے رسالہ ’’انباء الاذکیا‘‘ کا ترجمہ فرمایا۔ حضور ﷺ کے سفر معراج پر ’’معراج النبی‘‘ کے نام سے ایک رسالہ لکھا جو مقبول خاص و عام ہے۔ میلاد کے موضوع پر ’’میلاد النبی‘‘ علم غیب کے اثبات پر ’’تقریر منیر‘‘ حدیث پر ’’حجیت حدیث‘‘ رد عیسائیت میں ’’اسلام اور عیسائیت‘‘ مولانا مودودی کے بارے میں ’’مکالمہ کاظمی و مودودی‘‘ قربانی پر ’’تحقیق قربانی‘‘ حضور ﷺ کے سائے کی عبارات پر تنقید و تبصرہ ’’مسئلہ ظل النبی ﷺ پر تحقیقی نظر اور دلائل نفی و اثبات کا جائزہ‘‘ کے نام سے کیا۔ ’’الحق المبین‘‘ کے نام سے مسلک حق اہلسنّت اور مسلک دیوبند کی وضاحت کے لئے آسان انداز میں رسالہ تحریر فرمایا۔
تفضیل جبرئیل کے موضوع پر ’’التحریر‘‘ تصنیف فرمائی اور اس کی شرح ’’التقریر‘‘ کے نام سے لکھی۔ ’’اسلام اور سوشلزم‘‘ اور ’’طلباء کا اسلامی کردار‘‘ وغیرہ کتابچے لکھے۔ یہ تمام کتابیں بارہا طبع ہو کر قارئین سے خراجِ تحسین حاصل کر چکی ہیں۔ مولانا محمد قاسم نانوتوی کی بعض عبارات کے رد میں ’’التبشیر برد التحذیر‘‘ تصنیف فرمائی اور قوالی کے جواز میں ایک اور رسالہ تصنیف کیا۔ یہ ہنوز طبع نہیں ہوا۔
تلامذہ علامہ کے تلامذہ کا سلسلہ بے حد وسیع ہے۔ اس مضمون میں سب کے اسماء کا اندراج تو نہیں ہو سکتا۔ بعض ازاں یہ ہیں۔ حضرت مفتی سید شجاعت علی قادری، مولانا خورشید احمد، مولانا محمد حسین حقانی ایم۔ پی۔ اے سندھ، حضرت مولانا منظور احمد فیضی، حضرت مولانا عبد المجید اویسی، حضرت مفتی غلام سرور قادری، حضرت مولانا عبد القادر خانیوال، حضرت پیر محمد پشاور، حضرت مولانا مشتاق احمد نظامی ملتان، حضرت مولانا غلام مصطفی رضوی، حضرت مولانا محمد مقصود احمد صاحب لاہور، حضرت مولانا عبد الحکیم صاحب شجاع آباد، حضرت مولانا حسن الدین ہاشمی حال مقیم امریکہ، حضرت مولانا محمد شفیع اوکاڑوی، کراچی حضرت مولانا سید سعادت علی قادری، حضرت مولانا غلام فرید ہزاروی، حضرت مولانا خدا بخش اظہر، غلام رسول سعیدی اور حضرت مولانا پروفیسر حافظ اللہ یار صاحب فریدی، جنہوں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ حضرت کے ساتھ گزارا
اس زمانہ میں جب علم و عمل میں بیگانگی ہے اور واعظوں کے لئے بھی عمل کرنا دشوار ہے۔ نفس حاوی ہوتا جا رہا ہے۔ مطلب پرستی اور خود غرضی کا دور دورہ ہے۔ جب بے علمی کی دھند کثیف اور گمراہی کے اندھیرے گھمبیر ہوتے جا رہے ہیں۔ ایسے میں حضرت کا وجود پیروی سنت کی مشعل بن کر سیرت کا نور پھیلا رہا ہے۔
حضرت کی پوری زندگی دین و ملت کی خدمت سے عبارت ہے۔ آپ کو دیکھ کر اسلام کی یاد تازہ ہوتی ہے۔ شریعت پر استقامت اور متابعت سنت کا ذوق ابھرتا ہے۔ آپ کے پاس بیٹھنے سے سینہ میں عشق رسول کی بجلیاں کوندنے لگتی ہیں اور آپ کی گفتگو سن کر دل خوفِ خدا سے پگھل جاتا ہے۔